Tuesday, 1 January 2019

اعتراض : آپ امام ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی ہی تقلید کیوں کرتے ہیں ؟


اعتراض : آپ امام ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی ہی تقلید کیوں کرتے ہیں ؟

جواب : غیر مقلدوں کے سب سے بڑے عالم اور محقق نواب صدیق حسن خان صاحب اپنی مشہور کتاب ابجد العلوم میں لکھتے ہیں : مذاہب مشہور میں جن کو امتِ مسلمہ میں قبولیت کا شرف حاصل ہے ۔ اور جن کو اہل اسلام نے صحت کے ساتھ قبول کیا ہے ائمہ اربعہ امام ابوحنیفہ امام مالک امام شافعی امام احمد بن حنبل (علیہم الرّحمہ) کے مذاہب اربعہ ہیں ۔ پھر ا ن میں سب سے زیادہ صحیح زیادہ حق بہتر و برتر اور اولیٰ و اعلیٰ مذہب امام اعظم رضی اللہ عنہ کا مذہب ہے ۔ اس لیئے کہ امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ علم کی پختگی طبیعت کی عمدگی احکام کے استنباط میں رائے کی قوت کتاب و سنت کی معرفت کی کثرت اور علم احکام میں رائے کی صحت کے لحاظ سے سب ائمہ کرام علیہم الرّحمہ سے فائق و برتر ہیں ۔ (ابجد العلوم‘ جلد نمبر 2 صفحہ نمبر 402،چشتی)

یعنی غیر مقلدوں کے امام و مجدد نواب صدیق حسن خان صاحب کی نظر میں مذاہب اربعہ میں سب سے زیادہ صحیح سب سے اولیٰ و اعلیٰ اور سب سے بہتر و برترامام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کا مذہب ہے ۔

مشہور غیر مقلد عالم علامہ عبدالکافی القرشی اہلحدیث مسلک کے امام اور جماعت عاملین بالحدیث بنگال و آسام کے مسلمہ قائد و صدر جمیعت اہلحدیث مشرقی پاکستان کی رائے امام اعظم رضی اللہ عنہ اور ان کی فقہ کے انضباط واستحکا م اور اس کی جامعیت و کاملیت کے بارے میں پیش کی جاتی ہے ۔ علامہ موصوف کی رائے گرامی نہایت و قیع و جاندار ہے اور اس قابل ہے کہ اس کو آب زر سے لکھا جائے ۔ موصوف لکھتے ہیں : امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کا ملت پر احسان عظیم ہے کہ ان کی اسلامی فقہ کے ذریعہ وسیع و عظیم اسلامی سلطنتوں کے نظامِ حکومت کے اندر مضبوط و مستحکم نظامِ شریعت قائم ہوا ۔ بلاشبہ امام اعظم رضی اللہ عنہ امت محمدیہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے سب سے بڑے قانونی دماغ اور فقیہ اعظم ہیں اور کوئی ان کا ثانی نہیں ۔ امت ہمیشہ ان کی مرہون منت رہے گی ۔ اہلحدیث حضرات کو ماننا پڑ ے گا کہ امام ابوحنیفہ ؒ بلاشبہ تاریخ امت کے سب سے بڑے قانونی دماغ ہیں۔ وسیع و عظیم ریاستوں اور بین الاقوامی تمدن کی تنظیم اور اخلا قی و شرعی ہدایت و رہنمائی کے لئے قوانین اسلام کی آئینی تدوین (کوڈی فیکشن) ایک اہم اور بنیادی ضرورت ہے اور بغیر اس کے ریاست و تمدن کا نظام قائم کرنا اور چلانا محال ہے ۔ امام اعظم رضی اللہ عنہ نے بیشک اپنے زمانے کے مقتضیات تمدن کے لئے قرآن وسنن کو سامنے رکھ کر قرآنی طریقہ شوریٰ کے ذریعہ اسلامی قوانین اور فقہ کی تدوین فرمائی اور حقیقت میں یہ عظیم الشان کا م تھا - (الاعتصام صفحہ نمبر 85 جولائی 1960ء جلد نمبر 11 شمارہ 49،چشتی)

زباں جل جائے گر میں نے کچھ کہا ہو
تمہاری تیغ کے چھینٹے تمہارا نام لیتے ہیں

غیر مقلدوں کے امام و مجدد نواب صدیق حسن خان صاحب لکھتے ہیں کہ : خاص مذھب حنفی میں ہر مسئلہ مطابق مذھب اہلحدیث موجود ہے ۔۔۔۔ اسی لئے شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کی تمام مذاہب میں حدیث سے سب سے زیادہ موافق مذھب حنفی ہے ۔ (مآثر صدیقی حصّہ چہارم صفحہ نمبر 6)

دوست دشمن سب تیرے مجذوب قائل ہیں مگر
کوئی قائل ہے زباں سے کوئی قائل دل میں ہے

ان وجوہات کی بناء پر ہم امام اعظم رضی اللہ عنہ کی تقلید کرتے ہیں اللہ تعالیٰ جہالت اور اندھے تعصب سے بچائے آمین ۔ (دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...