Friday, 21 December 2018

نماز میں سورۂ فاتحہ کے بعد کم از کم تین آیتیں پڑھنا

نماز میں سورۂ فاتحہ کے بعد کم از کم تین آیتیں پڑھنا

فرائض کی پہلی دو رکعات اور وتر، سنن و نوافل کی تمام رکعات میں سورہ فاتحہ کے ساتھ کوئی چھوٹی سورہ یا اس کے برابر بڑی آیت ملانا واجب ہے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : فَاقْرَؤُوا مَا تَيَسَّرَ مِنَ الْقُرْآنِ .
ترجمہ : پس جتنا آسانی سے ہو سکے قرآن پڑھ لیا کرو ۔ (سورہ الْمُزَّمِّل، 73: 20)

احادیثِ مبارکہ میں بھی سورہ فاتحہ کے ساتھ سورت ملانے کا حکم دیا گیا ہے۔ حضرت ابو سعید خذری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ : أَمَرَنَا نَبِیُّنَا أَنْ نَقْرَأَ بِفَاتِحَةِ الْکِتَابِ وَمَا تَیَسَّرَ .
ترجمہ : نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم سورہ فاتحہ کے ساتھ جو قرآن کریم سے میسر آئے پڑھا کریں ۔ (أحمد بن حنبل، المسند، 3: 45، رقم: 11433، مصر: مؤسسة قرطبة)(أبي داود، السنن، 1: 216، رقم: 818، دار الفکر)

سورۃ ملانے کا یہ حکم فرائض کی صرف پہلی دو رکعات کے لیے ہے جیسا کہ حضرت عبداﷲ بن ابو قتادہ سے روایت ہے کہ ان کے والد ماجد نے فرمایا : کَانَ النَّبِيُّ صلی الله علیه وآله وسلم یَقْرَأُ فِي الرَّکْعَتَیْنِ الْأُولَیَیْنِ مِنْ صَلَاةِ الظُّهْرِ بِفَاتِحَةِ الْکِتَابِ وَسُورَتَیْنِ یُطَوِّلُ فِي الْأُولَی وَیُقَصِّرُ فِي الثَّانِیَةِ وَیُسْمِعُ الْآیَةَ أَحْیَانًا وَکَانَ یَقْرَأُ فِي الْعَصْرِ بِفَاتِحَةِ الْکِتَابِ وَسُورَتَیْنِ وَکَانَ یُطَوِّلُ فِي الْأُولَی وَکَانَ یُطَوِّلُ فِي الرَّکْعَةِ الْأُولَی مِنْ صَلَاةِ الصُّبْحِ وَیُقَصِّرُ فِي الثَّانِیَةِ.
ترجمہ : نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے بعد دو سورتیں پڑھتے۔ پہلی میں طویل قرأت کرتے اور دوسری میں مختصر رکھتے اور کسی آیت کو قصداً سنا بھی دیتے اور نماز عصر میں سورۂ فاتحہ اور دو سورتیں پڑھتے اور پہلی رکعت میں قرأت طویل فرماتے اور نماز فجر کی پہلی رکعت میں بھی قرأت فرماتے اور دوسری میں مختصر پڑھتے۔(بخاري، الصحیح، 1: 264، رقم: 724، بیروت، لبنان: دار ابن کثیر الیمامة)(مسلم، الصحیح، 1: 333، رقم: 451، بیروت، لبنان: دار احیاء التراث العربي،چشتی)

اور عبدالرحمان الجزیری لکھتے ہیں : ضم سورة إلی الفاتحة في جمیع رکعات النفل والوتر والأولیین من الفرض ویکفي في أداء الواجب أقصر سورة أو ما یماثلها کثلاث آیات قصار أو آیة طویلة والآیات القصار الثلاث.
ترجمہ : نفل اور وتر کی ہر (رکعت میں) اور فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے ساتھ کسی اور سورۃ کا پڑھنا (واجب ہے)۔ چھوٹی سے چھوٹی سورہ یا اس کے برابر قرآنِ مجید کی آیتیں جیسے تین چھوٹی آیتیں یا ایک بڑی آیت پڑھ لینے سے واجب ادا ہو جاتا ہے۔)عبدالرحمان الجزیری، الفقه علی مذاهب الأربعة،25۹: 1، بیروت، لبنان: دار احیاء التراث العربي)

اس لیے فرائض کی پہلی دو رکعات، سنن و نوافل اور وتر کی تمام رکعات میں سورہ فاتحہ کے بعد کوئی اور سورت ملانا بھول جائے تو اس پر سجدہ سہو لازم ہے۔ اگر کوئی جان بوجھ کر سورہ نہ ملائے تو نماز لوٹانا واجب ہے۔

احناف کے نزدیک فرائض کی تیسری اور چوتھی رکعت میں صرف سورۃ فاتحہ پڑھنا سنت ہے، سورت نہیں ملائی جاتی جبکہ اس کی ممانعت بھی نہیں ہے۔ اس لیے فرائض کی تیسری اور چوتھی رکعات میں سورہ فاتحہ کے ساتھ کوئی دوسری سورت ملانے سے سجدہ سہو لازم نہیں ہوتا۔
اگر قعدہ اخیرہ میں سلام پھیرنے سے پہلے نمازی بھول کر کھڑا ہو جائے تو سجدہ سہو کرنا ضروری ہے۔

حَدَّثَنَا قُتَیْبَۃُ بْنُ سَعِیدٍ، وَابْنُ السَّرْحِ، قَالَا: حَدَّثَنَا سُفْیَانُ، عَنِ الزُّہْرِیِّ، عَنْ مَحْمُودِ بْنِ الرَّبِیعِ، عَنْ عُبَادَۃَ بْنِ الصَّامِتِ، یَبْلُغُ بِہِ النَّبِیَّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ لَا صَلَاۃَ لِمَنْ لَمْ یَقْرَأْ بِفَاتِحَۃِ الْکِتَابِ فَصَاعِدًا، قَالَ سُفْیَانُ: لِمَنْ یُصَلِّی وَحْدَہُ ۔
ترجمہ : حضرت عبادہ بن صامت فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اس بات کی تبلیغ فرماتے کہ جو سورۃ فاتحہ یا اس سے زائد نہ پڑھے اس کی نماز مکمل نہیں ۔ حضرت امام سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا یعنی جو منفرد نماز پڑھ رہا ہو ۔ (سنن ابو داؤد، ج1، کتاب الصلوٰۃ، باب:مَنْ تَرَکَ الْقِرَاء ۃَ فِی صَلَاتِہِ بِفَاتِحَۃِ الْکِتَابِ، ص324-25، حدیث:813)

نوٹ : چونکہ قرآن مجید میں سب سے چھوٹی سورۃ ، اَلْکَوْثَرپارہ 30 میں ہے جو صرف تین آیتوں کی ہے ۔ لہٰذا امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے کم سے کم تین آیتوں کا پڑھنا واجب قرار دیا ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

مسئلہ رفع یدین مستند دلائل کی رشنی میں

مسئلہ رفع یدین مستند دلائل کی رشنی میں محترم قارئینِ کرام : علماء امت کا فیصلہ ہے کہ جن اختلافی مسائل میں ایک سے زائد صورتیں "سنّت&quo...