Sunday, 22 July 2018

مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم خاتم النبین ہیں

مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم خاتم النبین ہیں

اللہ تعالیٰ نے دین کو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم پر مکمل فر مادیا اور آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی ذات اقدس پر سلسلہ نبوت کو ختم فر ما دیا اب آپ کے بعد کوئی نبی پیدا نہ ہوگا ،شارحین حدیث تحریر کرتے ہیں کہ:ہر نبی کی شریعت ان کے بعد آنے والے نبی کی شریعت سے منسوخ ہوتی رہی اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم آخر الانبیاء ہیں اور قیامت تک کے نبی ہیں اس لئے آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی شریعت کبھی منسوخ نہ ہوگی اور قیامت تک باقی رہے گی ،اس سے لازمی طور پر یہ ثابت ہوتاہے کہ آپ تمام انبیاء سے افضل ہیں اور خاتم النبیین ہونا آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی عظمتوں میں سے ایک بڑی عظمت ہے اسی لئے اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کی اس شان کو مقام حمد میں بیان کرتے ہوئے ارشاد فر مایا:ماکان محمد ابا احد من رجالکم ولکن رسول اللہ و خاتم النبیین ، محمد (صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم) تمہارے مردوں میں سے کسی کے باب نہیں ہاں اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں ۔ (سورہ احزاب،آیت:۴۰)

نبی کریم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے بھی اپنی اس شان عظیم کو مختلف مواقع پر مختلف لب ولہجے میں بیان فر مایا،ان میں سے کچھ روایات کا یہاں تذکرہ کیا جاتا ہے۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے ارشاد فر مایا:میری مثال اور مجھ سے پہلے انبیاء کی مثال اس شخص کی طرح ہے جس نے ایک بڑا ہی خوبصورت مکان بنایا مگر اس کے کونوں میں سے ایک کونے میں ایک اینٹ کی جگہ باقی رہ گئی ،لوگ اس کے ارد گرد گھوم رہے تھے اور خوش ہورہے تھے اور کہہ رہے تھے یہ ایک اینٹ کیوں نہ رکھی گئی تاکہ تعمیر مکمل ہوجاتی : آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے فر مایا میں وہی اینٹ ہوں اور میں خاتم النبیین ہوں ۔اور دوسری روایت میں ہے کہ : آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے فرمایا :میں اسی اینٹ کی جگہ آیا ہوں اور میں نے انبیاء کی آمد کو ختم کردیا ۔ (صحیح مسلم ،کتاب الفضائل ،باب ذکر کونہ ﷺ خاتم النبین، حدیث:۲۲۸۶، بخاری، حدیث: ۳۵۳۵،چشتی)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ : رسول اکرم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے ارشاد فر مایا:بنی اسرائیل کے انبیاء ان کا سیاسی نظام بھی چلاتے تھے جب ایک نبی دنیا سے تشریف لے جاتے تو دوسرے نبی ان کے بعد آجاتے اور میرے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا ۔ (مسلم، کتاب الامارۃ ،ص:۱۲۶،بخاری،ج:۱؍ص:۴۹۱)

حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ :حضور سید العالمین صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے فر مایا:میرے بہت سے نام ہیں ،میں محمد ہوں ،میں احمد ہوں،میں ماحی ہوں جن کے ذریعے اللہ تعالی کفر کو مٹاتا ہے،میں حاشر ہوں کہ لوگوں کا حشر میرے قدموں پر ہوگا ،میں عاقب ہوں اور عاقب وہ ہوتا ہے جن کے بعد کوئی نبی نہ ہو ۔ (مسلم،کتاب الفضائل )

حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:حضور جان نور صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے فر مایا:میں جملہ صف انبیاء میں آخری نبی ہوں اور تم جملہ امتوں میں آخری امت ہو ۔ (ابن ماجہ ،فتنتہ الدجال)

حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ : غزوہ تبوک کے موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے علی بن ابی طالب کواپنے پیچھے چھوڑ دیا(یعنی مدینہ منورہ میں رہنے کا حکم دیا)تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے عرض کیا :یا رسول اللہ !آپ مجھے عورتوں اور بچوں میں چھوڑ رہے ہیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے فر مایا:کیا تم اس بات سے راضی نہیں ہوکہ تم میرے لئے ایسے ہی ہو جیسے موسیٰ علیہ السلام کے لئے ہارون علیہ السلام تھے،البتہ میرے بعد کوئی نبی نہ ہوگا ۔(مسلم،ج:۲؍ص:۲۷۸،چشتی)

ان تمام روایتوں سے یہ بات روز روشن کی طرح ظاہر ہوجاتی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم آخری نبی ہیں اور آپ کے بعد کوئی دوسرا نبی نہ ہوگا،اور یہ آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی بڑی فضیلتوں میں سے ہے ،جیسا کہ ہم نے اوپر بیان کیا ۔ مگر کچھ لوگ آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کے آخری نبی ہونے کو کوئی فضیلت نہیں سمجھتے جبکہ خود آپ صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے اس کو اپنی فضیلتوں میں سے شمار کیا ۔

چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :حضور شافع یوم النشور صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے ارشاد فر مایا : مجھے دوسرے انبیاء کرام پر چھ چیزوں کے ذریعے فضیلت وبرتری دی گئی ۔پہلی چیز تو یہ کہ مجھے کلمات جامعہ کی صفت عطا کی گئی ،دوسری چیز یہ کہ رعب و دبدبہ کے ذریعے میر ی مدد کی گئی ،تیسری چیز یہ کہ اموال غنیمت میرے لئے حلال کئے گئے ،چوتھی چیز یہ کہ تمام روئے زمین میرے لئے مسجد بنائی گئی ،پانچویں چیز یہ کہ مجھے تمام جہانوں کے لئے رسول بنایا گیا اور چھٹی چیز یہ کہ میری ذات پر نبیوں کی آمد کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ۔ (مسلم،کتاب المساجد و مواضع الصلاۃ،حدیث:۵۲۳)

رہی بات حضرت عیسی علیہ السلام کے نازل ہونے کی تو وہ حضور صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم سے پہلے کے نبی ہیں بعد کے نہیں، البتہ آپ آقائے کریم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی خبر صادق کے مطابق ضرور تشریف لائیں گے اور حضور صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی شریعت کے مطابق تمام کام انجام دیں گے ۔ اور رہی بات مرزا غلام احمد قادیانی اور اس کے علاوہ دیگر جھوٹے مدعیان نبوت کی تو اس سے بھی صادق ومصدوق صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے اپنی امت کو پہلے ہی آگاہ کردیا ۔

چنانچہ حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:حضور پر نور صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم نے ارشاد فر مایا:میری امت میں تیس جھوٹے نبوت کے دعویدار پیدا ہوں گے ان میں سے ہر ایک دعویٰ کرے گا کہ وہ اللہ کا نبی ہے ،حالانکہ میں آخری نبی ہوں اور میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے ۔ (مشکوۃ ،کتاب الفتن،ص:۴۱۵)

اس حدیث کی روشنی میں مرزا غلام احمد قادیانی جیسے لوگوں کو دیکھ کر ہمیں اپنے نبی صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی صداقت کا عین الیقین حاصل ہوجا تا ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں فتنوں سے بچاے آمین ۔ (طالب دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...