Monday, 13 November 2017

رحمت عالم معلم اعظم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ و صحبہ وسلّم کا طریقہ تعلیم

رحمت عالم معلم اعظم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ و صحبہ وسلّم کا طریقہ تعلیم

ایک معلم کا یہ فر ض ہوتا ہے کہ وہ اپنے چشمہ علم سے ہر تشنہ لب کو اس کے ظرف اور استعداد کے مطابق ایسے عمدہ اسلوب اور دلکش انداز میں سیراب کرے جومتعلم کے لئے دلچسپی کا باعث ہونے کے ساتھ ساتھ اوقع فی النفس بھی ہو۔اس بابت اس ذات گرامی وقار ﷺکا اسوہ حسنہ جسے اللہ نے پوری دنیا کے لئے معلم بنا کر مبعوث فر مایا ہمارے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔اس لئے ذیل میں آپ ﷺکے طر یقہ تعلیم کے کچھ نکات باذوق افراد کے نذر ہیں ۔ گر قبول افتد زہے عز وشرف۔
مضامین کا انتخاب و ترتیب: ایک معلم کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے شاگردوں کے مناسب حال پہلے مضامین کا انتخاب کرے پھر اسے عمدہ ترتیب کے ساتھ تدریجا مدارج کمال تک پہونچائے۔چنانچہ آپ ﷺکی سیرت طیبہ کا مطالعہ کرنے والاہر قا ری بخوبی جانتا ہے کہ آپ ﷺ نے اپنے ابتدائی دور میں زیادہ تر عقائد کے موضوع پر توجہ دلائی اور جب صحابہ کرام عقائد میں پختہ ہوگئے تو انہیں عبادات و معاملات اور حسن اخلاق وغیرہ کی تعلیم حسب حال عطا فر مائی ۔یہاں تک کہ خود نہ تھے جو راہ پہ اوروں کے ہادی بن گئے۔اللہ اللہ کیا نظر تھی جس نے مردوں کو مسیحا کردیا۔
آپ ﷺکے اس حسن انتخاب اور تر تیب کا جب ہم تجزیہ کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ۔عقائد کی پختگی کے بغیر عبادات میں خشوع وخضوع اور دلجمعی ،معاملات میں صفائی اور اخلاق میں پاکیزگی ممکن ہی نہیں۔ اسی وجہ سے رسول اکرم ﷺ نے اس طرح اپنے مضامین کو ترتیب دیا تھا۔آپ ﷺ نے طب ،سائنس، نفسیات ،ارضیات،حیاتیات،نباتیات ،فلکیات اور اس کے علاوہ دیگر علوم وفنون کے حصول سے کبھی منع نہ فر مایا بلکہ ان سب کی ترغیب دلائی ۔مگر ان سب سے پہلے ایک انسان کو انسان ہونا سیکھنے کی طرف توجہ دلائی ۔کیونکہ آپ ﷺکو معلوم تھا کہ اگر انسانیت سے عاری شخص ایٹم بم ایجاد کرے گا تو وہ ظالموں پر بر سانے کے بجائے مظلوموں کے آشیانے پر گرانے سے دریغ نہ کرے گا۔اس لئے سائنسداں بنا نے سے پہلے انسانیت کے راز سے آشنا انسان بنا نا ضروری سمجھا اور اسی کے مطابق اپنے شاگردوں کو تعلیم دیا۔
قولی اور عملی طریقہ:حضور ﷺجس طرح اپنی من موہنی باتوں کے ذریعے تعلیم دیا کرتے تھے اسی طرح بسا اوقات عملی طر یقے سے بھی تعلیم دیا کرتے تھے۔چنانچہ روایت ہے کہ ایک صحابی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوکر نماز کے اوقات کے متعلق دریا فت فر مایا:تو آقائے کریم ﷺنے دودن نماز اس طر ح پڑھائی کہ پہلے دن ہر نماز کو اس کے اول وقت میں ادا فر مایااور دوسرے دن اس کے آخر وقت میں ۔پھر آپ نے دریافت کیا کہ:نماز کے اوقات کے بارے میں پوچھنے والا شخص کہا ں ہے ؟وہ حاضر ہوئے تو آپ ﷺنے فر مایا ان دونوں اوقات کے بیچ کا وقت تمہاری نماز کا وقت ہے۔
(بخاری،مسلم)

انداز تفہیم

رسول اکرم ﷺاپنی بات کو سمجھانے کے لئے متعدد طر یقے اپنا تے تھے ان میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں۔

صاف لب ولہجے میں بات کہنا اور حسب ضرورت کسی بات کو دہرانا: آقائے کریم ﷺجب بھی کوئی بات کرتے تو صاف اور واضح انداز میں کہتے اور کسی خاص بات کی اہمیت کے سبب یا محض سمجھانے کی غرض سے مکرر ارشاد فر ماتے۔چنانچہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:حضور ﷺجب گفتگو فر ماتے تو آہستہ آہستہ ،ہر لفظ الگ الگ کرکے تلفظ فر ماتے بسا اوقات ایک لفظ کو یا جملہ کو تین بار دہراتے تاکہ سننے والے اس کو پوری طرح سن بھی لیں اور اس کا مفہوم بھی سمجھ لیں۔ (ترمذی،حدیث:۳۶۳۹،۳۶۴۰)

حقائق کو مثالوں کے ذریعے ذہن نشین کرانا: معلم کائنات ﷺجب اپنے صحابہ کو وعظ ونصیحت فر ماتے تو بعض دفعہ مثالیں دیتے تاکہ ان کو حقیقت حال سے پوری آگاہی ہوجائے اور بات خوب ذہن نشیں ہوجائے۔ چنانچہ حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ: سردیوں کے موسم میں ایک روز حضور ﷺچل رہے تھے اور درختوں کے زرد پتے نیچے گر رہے تھے ۔حضور ﷺنے فر مایا:اے ابو ذر! میں نے عرض کیا:لبیک یا رسول اللہ ﷺ! حضور ﷺنے فر مایا:جب بندئہ مسلم محض اللہ کی رضا کے لئے نماز ادا کرتا ہے تو اس کے گناہ اس طرح جھڑ جاتے ہیں جس طرح اس درخت کے پتے جھڑ رہے ہیں ۔(بخاری)

نماز کے ذریعے گناہوں کے ختم ہونے کی ایک دوسری مثال بیان فر ماتے ہوئے آقائے کریم ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:بھلا بتائو کہ اگر کسی کے دروازے پر نہرہو اور اس میں وہ روزانہ پانچ مرتبہ نہاتا ہو تو کیا اس کے بدن پر کچھ میل باقی رہ جائے گا۔صحابہ کرام نے عرض کیا :اس کے جسم پر کچھ بھی میل باقی نہیں رہ جائے گا۔حضور اکرم ﷺنے ارشاد فر مایاکہ:یہی مثال پانچوں نمازوں کی ہے ۔اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے گناہوں کو معاف کر دیتا ہے۔(بخاری،حدیث:۵۲۸)

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:ہادی برحق ﷺنے رزق کے حاصل کرنے کے طریقے کے بارے میں مثال بیان فر مائی ۔فرمایا کہ:رزق ایسے ہے جس طرح ایک باغ ہو جس کے ارد گرد فصیل ہو ۔اس فصیل میں ایک جگہ دروازہ ہے اس دروازے کے سامنے کا علاقہ ہموار ہے اور دیوار کے ارد گرد کا راستہ بڑا پتھریلا اور دشوار گزار ہے ۔پس جو آدمی اس باغ کی طرف اس کے دروازے والے راستے سے آتا ہے تو باغیچہ میں داخل ہوتا ہے پھل کھاتا ہے اور ہر قسم کی رکاوٹوں سے محفوظ رہتا ہے ۔اور جو اس کی فصیل کی طرف سے داخل ہونا چا ہتا ہے وہاں دشوار گزار راستے ہیں ۔گرم ریتیلا علاقہ ہے جس میں پائوں دھنس جاتے ہیں وہ جب ان مشکل راستوں کو طے کرکے اس باغ تک پہونچتا ہے تو اسے وہی ملتا ہے جو اللہ تعالیٰ نے اس کے لئے مقدر کر رکھا ہوتا ہے۔(طبرانی)

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ:ایک دن حضور ﷺنے ایک کلی زمین میں گاڑی پھر اس کے ایک طرف ایک اور کلی گاڑی پھر دوسری طرف بہت دور تیسری کلی گاڑی ۔پوچھا تم سمجھتے ہو کہ یہ کیا ہے؟صحابہ نے عرض کیا:اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔حضور ﷺنے بیچ والی کلی کی طرف اشارہ کر کے فر مایا:یہ انسان ہے اور دائیں ہاتھ والی کلی جو نزدیک تھی ،فر مایا کہ:یہ اس کی موت ہے۔بائیں ہاتھ والی جو دور تھی،یہ اس کی امید ہے ۔پھر انسان اپنی امید کو پوری کرنے کے لئے دوڑ دھوپ کرتا رہتاہے راستہ میں موت کی کلی آجاتی ہے اور اس کے سارے پروگرام دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں۔(ضیاء النبی،جلد۵؍ص:۴۳۵)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اللہ ﷺمدینہ شریف کے بالائی علاقوں میں سے کسی علاقے سے آتے ہوئے بازار سے گزرے ۔آپ کے دونوں طرف لوگ تھے ۔آپ ایک چھوٹے کان والے مرے ہوئے بکری کے بچے کے پاس سے گزرے ،آپ ﷺنے اس کاکان پکڑ کر فر مایا:تم میں سے کوئی اس کو ایک درہم کے بدلے لینا پسند کرے گا ؟صحابہ نے کہا کہ ہم اس کو کسی چیز کے بدلے لینا پسند نہ کریں گے،ہم اس کا کیا کریں گے؟آپ ﷺنے فرمایا :کیا تم یہ چاہتے ہو کہ تم کو یہ مل جائے؟صحابہ نے کہا: بخدا اگر یہ زندہ ہوتا تب بھی اس میں عیب تھا کیونکہ اس کا ایک کان چھوٹا ہے اور اب تو یہ مر دہ ہے۔آپ ﷺنے فر مایا:جس طرح تمہارے نزدیک یہ ایکدم حقیر ہے ،اللہ تعالیٰ کے نزدیک دنیا اس بھی زیادہ حقیر ہے۔(مسلم،کتاب الزھد)

۳)ہاتھ کے اشارہ کے ذریعے سمجھانا: آپ ﷺکبھی کسی بات کو سمجھانے کے لئے اپنے ہاتھ کے ذریعے اشارہ بھی فر مایا کرتے تھے: چنانچہ یتیم بچوں کی پرورش کرنے والے کے درجے کو بیان کرتے ہوئے آپ ﷺ نے ارشاد فر مایا کہ:میں اور یتیم کی پرورش کرنے والا جنت میں اس طر ح سے داخل ہوں گا۔یہ بیان کرتے ہوئے آپ ﷺنے اپنی شہادت اور بیچ والی انگلی کو ملا کر دکھایا۔(ترمذی)

۴)خطوط اور نقشے وغیرہ کے ذریعے سمجھانا: آپ ﷺ نقشے وغیرہ بنا کر بھی اپنی باتیں صحابہ کے ذہن و دماغ میں جاگزیں فر ماتے تھے ۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺنے ایک مربع خط کھینچا ،پھر اس کے بیچ میں ایک خط کھینچا ،ایک اور خط کھینچا جو اس دائرے سے باہر نکلا ہوا تھا۔پھر اس بیچ والے خط کے دونوں طرف بہت سے چھوٹے چھوٹے خطوط کھینچے(جو دائرے کے اندر ہی تھا)پھر فر مایا: یہ انسان ہے اور یہ اس کی موت ہے جو اسے گھیرے ہوئی ہے ۔اور وہ خط جو اس سے باہر نکلی ہوئی ہے اس کی امید ہے(کہ انسان مرجاتا ہے اور اس کی امیدیں باقی رہ جاتی ہیں)اور یہ چھوٹے چھوٹے خطوط اس کے مشکلات ہیں۔پس انسان جب ایک مشکل سے نکل جاتا ہے تو دوسری میں پھنس جاتا ہے اور دوسری سے نکلتا ہے تو تیسری میں پھنس جاتاہے۔ (بخاری،حدیث:۶۴۷۱)

اس کے علاوہ آپ ﷺ بظاہر تعارض کی صورت میں اس کا دفع بھی بیان فر مادیتے تھے تاکہ کسی قسم کا کوئی خلجان ذہن میںنہ رہ جائے ۔ان سارے کاموں کے درمیان آپ ﷺ انتہائی نرمی اور شفقت کا مظاہرہ فر ماتے تھے جس کے سبب ہر ایک پر خوشگوار اثر پڑ تا تھا اور سیکھنے کے بعد اس پر عمل کرنے میں ایک لذت محسوس کرتاتھا۔

ایک کامیاب استاذ کے لئے ان طریقوں کو اپنانے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ وہ خود مختلف خوبیوں اور پاکیزہ سیرت وکردارکے حامل ہوں تاکہ ان کی شخصیت کا پرتو منعکس ہوکر طالب علموں کی زندگی میں انقلاب برپا کر سکے اور ساتھ ہی وہ اپنے شاگردوں کے ساتھ نرمی اور محبت کا رویہ اپنائے ،غلط حر کتوں کے صادر ہونے پر مار پیٹ ،گدھا،بیوقوف،گھامڑ،ناہنجار وغیرہ نازیبا کلمات کہنے کے بجائے نرمی اور محبت سے سمجھائے ۔ ان کے لایعنی اعتراضات پر مذاق اڑانا اور گہرے اعتراضات پر جھنجھلاہٹ کی کیفیت کا طاری کر لینا سیرت نبوی کے سراسر خلاف ہے۔چنانچہ آپ ﷺسے ایک شخص نے کہا کہ:مجھے زنا کی اجازت دی جائے۔ایسے لغو تر مطالبے پر بھی آپ ﷺ نے برا بھلا کہنے کے بجائے ایسے من موہنے انداز سے سمجھایا کہ وہ عفت وپارسائی کے پیکر بن گئے۔
نیز خود غرضی اور مال و دولت کے حصول کو مقصد اصلی بنانے کے بجائے اس کی خیر خواہی اور اچھے مستقبل کو اپنا مطمح نظر بنائیں۔آج استاذ وشاگرد کے درمیان احترام ومحبت کا جو فقدان نظر آتا ہے اس میں اس کا بہت بڑا رول ہے۔اللہ تعالی ہم سب کوسیرت مصطفی ﷺ اپنا نےکی تو فیق عطافر مائے۔طالب دعا ڈاکٹر فیض احمد چشتی۔

No comments:

Post a Comment

ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری پر کفر کے فتوے تحقیق

ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری پر کفر کے فتوے تحقیق محترم قارئین کرام : علامہ اقبال اور قائداعظم کے خلاف فتوی دینے کے سلسلے میں تج...