Wednesday, 30 September 2015

اﷲ پاک اور رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مدح خواں بن گئے

اﷲ پاک اور رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مدح خواں بن گئے
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
حضرت ابو الحسن مولی بنی نوفل سے روایت ہے کہ جب یہ آیت (طسم الشعراء) نازل ہوئی حضرت عبد اللہ بن رواحہ اور حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہما حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت اقدس میں اس حال میں حاضر ہوئے کہ وہ زار و قطار رو رہے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم یہ آیت تلاوت فرما رہے تھے: ’’اور شاعروں کی پیروی بہکے ہوئے لوگ ہی کرتے ہیں۔‘‘ یہاں تک کہ جب آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم آیت کے اس حصہ: ’’سوائے ان (شعراء) کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے۔‘‘ تک پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا: تم ان میں سے ہو جن کے لئے اﷲ تعالیٰ نے فرمایا: ’’اور اﷲ کو کثرت سے یاد کرتے رہے (یعنی اﷲ اور رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مدح خواں بن گئے)۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے (آیت کا اگلا حصہ تلاوت) فرمایا: ’’اور اپنے اوپر ظلم ہونے کے بعد (ظالموں سے بزبانِ شعر) انتقام لیا (اور اپنے کلام کے ذریعہ اسلام اور مظلوموں کا نہ صرف دفاع کیا بلکہ ان کا جوش بھی بڑھایا تو یہ شاعری مذموم نہیں)۔‘‘ اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ان سے فرمایا: اس آیت سے مراد بھی تم لوگ ہی ہو۔‘‘ اس حدیث کو امام حاکم نے روایت کیا ہے۔

’’ایک اور روایت میں حضرت سدَّی سے مروی ہے کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے فرمان: ’’سوائے اُن (شعراء) کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے۔‘‘ کے بارے میں فرمایا: یہ آیت حضرت عبد اللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ اور شعرائے انصار کی شان میں اتری ہے۔‘‘
اس حدیث کو امام ابن ابی حاتم نے روایت کیا ہے، جیسا کہ امام سیوطی نے فرمایا۔

’’اور ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت مجاہد علیہ الرحمہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان مبارک {اور اپنے اوپر ظلم ہونے کے بعد (ظالموں سے بزبانِ شعر) انتقام لیا (اور اپنے کلام کے ذریعہ اسلام اور مظلوموں کا نہ صرف دفاع کیا بلکہ ان کا حوصلہ بھی بڑھایا تو یہ شاعری مذموم نہیں)} اس سے مراد حضرت عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ اور اُن کے اصحاب ہیں۔‘‘اِسے امام طبری نے روایت کیا ہے۔

أخرجه الحاکم في المستدرک، 3/ 556، الرقم: 6064، والطبري في جامع البيان، 19/ 130، والسيوطي في الدر المنثور، 6/ 334. 336.

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...