Tuesday, 8 December 2015

مسلک دیوبند سے تعلق رکھنے والے متعصب جاھل لوگوں کو دعوت حق حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکّی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی تعلیمات کی روشنی میں لوٹ آؤ حق کی طرف اب بھی وقت ہے تعصب چھوڑو حق کو قبول کر کے نجدیت سے نجات پا لو

مسلک دیوبند سے تعلق رکھنے والے متعصب جاھل لوگوں کو دعوت حق حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکّی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی تعلیمات کی روشنی میں لوٹ آؤ حق کی طرف اب بھی وقت ہے تعصب چھوڑو حق کو قبول کر کے نجدیت سے نجات پا لو
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
حاجی امداد الله مہاجر مکی کا شمار برصغیر پاک و ہند میں اہلسنت مسلمانوں، خاص طور پر دیوبندی مسلک کے اکابرین میں ہوتا ہے – دیوبندی مسلک کے بعض دیگر اکابرین اور علما کے تکفیری اور نیم وہابی نظریات کے برعکس حاجی امداد الله مکی اپنے نظریات اور افکار میں انتہائی اعتدال پسند اور محبت کرنے والے عالم دین تھے – حاجی صاحب مسلک کے اعتبار سے اہلسنت حنفی تھے اور مشرب کے لحاظ سے صوفی تھے – اگرچہ ان کے بعض شاگردوں نے سعودی اور وہابی زیر اثر آ کر دیوبندی مسلک کو وہابیت کی ہی ایک شاخ بنا دیا اور سنی صوفی واہلسنت و جماعت حنفی بریلوی مسلمانوں پر کفر کے فتوے جاری کرنا شروع کر دیے لیکن حاجی امداد الله مکی کا طریق یہ نہ تھا

حاجی صاحب کی پیدائش 1818ء اور وفات 1899ء میں ہوئی

آپ نانوتہ ضلع سہارن پور، تھانہ بھون (اتر پردیش ) بھارت میں‌ پیداہوئے ۔ سات برس کی عمر میں یتیم ہوگئے ۔ ذاتی شوق سے فارسی اور عربی کی تعلیم حاصل کی ۔ دہلی جا کر اس وقت کے فضلاء اجل سے تفسیر ، حدیث اور فقہ کا درس لیا۔ بعد ازاں حضرت میاں جی نور محمد جھنجھانوی (میانجو) کی توجہ خاص سے سلوک کی منازل طے کیں اور خرقہ خلافت حاصل کیا۔ 1844ء میں حج بیت اللہ سے مشرف ہوئے۔ وطن واپس آکر رُشد و ہدایت کا سلسلہ شروع کیا۔

آپ کے مریدین  میں عوام کے علاوہ رشید احمد گنگوہی  محمد یعقوب نانوتوی ،  اشرف علی تھانوی ، فیض الحسن سہارن پوری ، محمود الحسن اور حسین احمد مدنی جیسے دیوبندی اکابرین اور علماء دین بھی شامل تھے۔ 1859ء میں‌آپ ہندوستان سے ہجرت کرکے مکہ معظمہ چلے گئے اور بقیہ زندگی وہیں بسر کی۔ اس لیے مہاجر مکی کے لقب سے مشہور ہیں۔ وفات کے بعد جنت اللعلی میں دفن ہوئے

علم دین اور تصوف پر تقریباً دس کتب ، جہاد اکبر ، گلزار معرفت، مرقومات امدایہ ، مکتوبات امدادیہ ، درنامہ غضب ناک ، ضیاء القلوب، فیصلہ پفت مسئلہ تصنیف کیں ۔

اتباع سنت اور کرامات

اکابر دیوبند کے سلسلة الذہب میں اصل چیز اتباع سنت ہے،یہی وجہ ہے کہ اس مشرب کے تمام مشائخ شریعت کے سخت پابند اور متبع سنت تھے اور اس سلسلے کا ہر شیخ ولی الله تھا اور ہے۔ اکابرین دیوبند کرامات کو برحق جانتے ہیں کہ ان کا صدور اہل کمال سے ہوتا ہے ۔

کرامات
آپ کی ایک کرامت کئی تذکروں میں موجود ہے کہ تحریک آزادی 1857ء کے مجاہدوں کی گرفتاریاں ہو رہی تھیں ، حضرت کے بھی وارنٹ جاری ہو چکے تھے ، کسی نے ضلع انبالہ کے کلکٹر کو اطلاع دی کہ حاجی صاحب راؤ عبدالله رئیس پنجلاسہ ضلع انبالہ کے اصطبل میں مقیم ہیں ، کلکٹر بذات خود اصطبل پر آموجود ہوا اور رئیس صاحب سے کہنے لگا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ آپ کے پاس عمدہ گھوڑے ہیں ، ہم دیکھنا چاہتے ہیں ؟ چناں چہ اصطبل کھول دیا گیا ، معتقدین سخت گھبرائے ہوئے تھے ، انگریز کلکٹر جب اندر داخل ہوا۔ مصلیٰ بچھا ہوا تھا او روضو کا لوٹا بھی موجود تھا ، اس کے پانی سے زمین تر تھی، مگر حاجی صاحب غائب تھے ، جب وہ چلا گیا تو حاجی صاحب کو مصلے پر نماز پڑھتے پایا گیا۔

ایک اور کرامت

مولانا شاہ محمد حسین صاحب الہ آبادی فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ یہ ناچیز بقصد حرمین شریفین وطن سے چلا ، بمبئی میں سو رہا تھا کہ خواب میں دیکھا ، حضرت تشریف لائے اور فرماتے ہیں کہ اس مرتبہ تو ہم ہی ہندوستان میں آگئے، تم مکہ مکرمہ نہ جاؤ، میں نے عرض کیا کہ حضور اب تو یہاں آگئے اورجہاز کا کرایہ بھی کر لیا ہے او رکل جہاز روانہ ہو جائے گا ؟ فرمایا: نہیں، جانا مناسب نہیں ، میں عرض کرتا رہا۔ ارشاد ہوا کہ نہیں، اس سال نہ جاؤ ۔ آنکھیں کھلیں فی الجملہ تردد رہا، مگر اس دن جہاز روانہ ہوا، میں اس بھید سے واقف نہ تھا ،سوار ہو گیا او رجہاز روانہ ہوا، اسی دن ایسا طوفان آیا کہ جہاز نقصان کی وجہ سے واپس آگیا۔

ایک اور کرامت

حضرت مولانا شاہ محمد حسین صاحب فرماتے ہیں کہ باوجود پیرانہ سالی کے حضرت حاجی صاحب کے مجاہدہ کا حال یہ تھا کہ ایک سال رمضان شریف میں مجھے حاضری خدمت اقدس کا اتفاق ہوا ، دیکھا کہ تمام رات نماز پڑھنے اور قرآن سننے میں بسر ہوتی ہے ۔ حافظ عبدالله پنجابی ایک بزرگ تھے، تراویح میں ہر روز حرم شریف میں محض حضرت صاحب کے سنانے کو سات آٹھ پارے پڑھتے، اس میں قریب نصف شب گزر جاتی، اس کے بعد حضرت کبھی کبھی شیخ حسن عرب کا قرآن سننے جاتے ۔ نصف شب سے حافظ عبدالحمید صاحب باب الرحمة پر تہجد میں پانچ چھ پارے روز پڑھتے۔ ان کا قرآن سننے جاتے ، فجر تک برابر یہی کیفیت رہتی۔

قطب ارشاد

حضرت حاجی صاحب کے قطب ارشاد اور شیخ المشائخ ہونے میں کون ساشبہ ہے؟ اولیائے عصر آپ کی ولایت پر اجماع رکھتے ہیں اور علماء زمان آپ کے علو منزل کا اعتراف کرتے تھے۔

وفات

آخر13 جمادی الثانیہ1317ھ، مطابق1899ء کو چہار شنبہ (بدھ) کے دن فجر کی اذان کے وقت چوراسی سال کی عمر میں داعی اجل کو لبیک کہا، جنت المعلیٰ میں مولانا رحمت الله کیرانوی کے پہلو میں تدفین ہوئی۔ انا لله وانا الیہ راجعون․

….

دیوبندیوں کے امامِ ربانی رشید احمد گنگوہی اپنے پیر و مرشد حاجی امداد اللہ مہاجر مکی کے متعلق فرماتے ہیں:

” فخر مشائخ عظام مرجعِ خواص و عوام، منبعِ برکات قدسیہ مظہرِ فیوض مرضیہ معدن معارف الٰہیہ،مخزن حقائق، مجمع وقائق سراج ہمسراں،سرتاج اہل زماں، سلطان العارفین تارکین دنیا کے بادشاہ،غوث کاملین غیاث الطالبین جن کی کامل ستائش سے قلموں کی زبانیں قاصر ہیں ۔۔۔۔ پیر و مرشد اور میرے دین کے راہنمااور دنیا کے مقتداء ،میرے آقا، میرے مولا اور میرے مستند اور معتمد یعنی حضرت شیخ الحاج امداد اللہ صاحب تھانوی فاروقی ۔” [امداد السلوک: ص ۴۴]

دیوبندیوں کے امام الکبیرقاسم نانوتوی اپنے پیر و مرشد حاجی امداد اﷲ صاحب کے بارے میں فرماتے ہیں:

”مطلع انوار سبحانی،منبع اسرار صمدانی ،مورد افضال ذی الجلال والاکرام،مخدوم و مطاع خاص و عام، سر حلقہ مخلصان، سراپا اخلاص، سر لشکر صدیقان باختاص، رونق شریعت، زیب طریقت ، ذریعہ نجات، وسیلہ سعادات، دستاویز مغفرت نیاز مندان،بہانہ واگذاشت مستمدان، ہادی گمراہان، مقتدائے دین پناہان،زبدہ زمان،عمدہ دوران سیدنا و مرشدنامولٰنا الحاج امداد اللہ۔۔۔۔۔” [سوانح قاسمی،حصہ سوم:ص ۱۱۔۱۲]

دیوبندیوں کے حکیم الامت اشرف علی تھانوی صاحب ان کے بارے میں لکھتے ہیں:

”شیخ العلماء سید العرفاء حجۃ اللہ فی زمانہ و آیۃ اللہ فی اوانہ اعلیٰ حضرت مرشدنا و ہادینا الحاج الحافظ اللہ محمد امداد اللہ قدس اللہ [امداد المشتاق:ص۴]

تھانوی صاحب ایک اور جگہ فرماتے ہیں:
”حضرت حاجی صاحب کو وہ کمالات حق تعالیٰ نے دیے تھے کہ نظیر ملنا مشکل ہے۔”
[ قصص الاکابر:ص ۱۵۸]

حاجی امداد اللہ مہاجر مکی کے متعلق مشہور تبلیغی دیوبندی شیخ الحدیث محمد زکریا کاندھلوی لکھتے ہیں:

”عرب و عجم کو منور کرنے والا آفتاب دنیائے اسلام کونور معرفت سے سیراب کرنے والا سمندر۔۔۔” [امداد السلوک(مقدمہ): ص۴۱]

عاشق الٰہی میرٹھی دیوبندی اپنے اعلیٰ حضرت حاجی امداد اللہ

مہاجر مکی کے متعلق لکھتے ہیں:

”اعلٰحضرت کی راست گو زبان جو حقیقت میں فرمان رحمان کی ترجمان تھی۔”
[ تزکرۃ الرشید:ج۱ص۵۳]

یہ چند حوالہ جات صرف نمونے کے طور پر پیش کیئے گئے ہیں ورنہ علماء و اکابرین دیوبند کی کتابیں حاجی امداد اﷲ مہاجر مکی کی تعریف ومدح سے بھری پڑی ہیں

 آل دیوبند کے سربراہ حاجی امداد اللہ نے اپنے پیر نور محمد کے بارے میں کہا:

آسرا ہے دنیا میں از بس تمہاری ذات کا تم سوا اوروں سے ہرگز نہیں ہے التجا

بلکہ دن محشر کے بھی جس وقت قاضی ہو خدا آپ کا دامن پکڑ کے یہ کہوں گا برملا
اے شاہ نور محمد وقت ہے امداد کا (شمائم امدادیہ ، ص:83-84)

. اللہ کے آخری رسول محمد ﷺ کے بارے میں لکھا

یا رسول کبریا، فریاد ہے، یا محمد مصطفی فریا د ہے آپ کی امدا د ہو، میرا حال ابتر ہوا، فریاد ہے

سخت مشکل میں پھنسا ہوں آج کل اے میرے مشکل کشا فریاد ہے
(کلیات امدادیہ، ص:90-91)

. میری کشتی کنارے پر لگاؤ یا رسول اللہ (کلیات امدادیہ، ص:105)

. محمد زکریا تبلیغی دیوبندی نے رسول اللہ ﷺ کے بارے میں لکھا

”آپ نے ایک شخص کو مخاطب ہوکرفرمایا: ”جب تیرے باپ پر مصیبت نازل ہوئی تو اس کی فریاد کو پہنچا اور میں ہر اس شخص کی فریاد کو پہنچتا ہوں جو مجھ پر کثرت سے درود بھیجے۔ (تبلیغی نصاب، ص791)

جبکہ آپ ﷺ فرماتے ہیں: ”قُلْ إِنِّیْ لَا أَمْلِکُ لَکُمْ ضَرّاً وَلَا رَشَداً ” میں تمہارے نفع ونقصان کا اختیار نہیں رکھتا۔(سورۃ الجن، آیت نمبر21)

. آل دیوبند کے نزدیک پیر عبدالقادر جیلانی غوث الاعظم ہیں۔
(تعلیم الدین، اشرف علی تھانوی ، ص:18)

دیوبندی مولوی قاسم نانوتوی ، مولوی زوالفقار ، مولوی یعقوب ، مولوی اشرف علی تهانوی ، رشید احمد گنگوہی یہ سب کے سب حاجی امداد اللہ مہاجر مکی چشتی صابری کے مرید تهے اور حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمہ اللہ آلات موسیقی کے ساته سماع سنا کرتے تهے اور سوائے نقشبندی سلسلے میں شیخ مجدد الف ثانی رحمہ اللہ کے کسی بهی صوفی سلسلے میں آلات موسیقی کے ساته قوالی کا اہتمام منع نہیں ہے

حاجی امداد الله مہاجر مکی کی فکر اور بریلوی مکتبہ فکر میں بہت زیادہ فرق نہیں . یہ مولانا عبد الرشید گنگوہی نے البتہ شدت دکھائی یا بعد میں جب عبد الشکور لکھنوی جیسے متعصب لوگ مکتب دیوبند کی فکر پر غالب آ گئے

علامہ اشرف علی تھانوی صاحب نے ’’امداد المشتاق‘‘ کے نام سے ایک کتاب لکھی ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ کے ملفوظات کو جمع کیا اور ان فرمودات کی شرح کی۔

حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی، مولانا قاسم نانوتوی، مولانا رشید احمد گنگوہی، مولانا خلیل احمد انبیٹھوی اور اکابر علمائے دیوبند کے بھی شیخ ہیں اور یہ سب ان کے خلفاء، مریدین اور تلامذہ میں شمار ہوتے ہیں۔ گویا آپ کُل کے شیخ ہیں اسی لئے ان کو شیخ الکل اور شیخ العرب والعجم بھی کہتے ہیں، حضرت پیر مہر علی شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو بھی ان سے خلافت حاصل ہے گویا آپ مرجع ہیں۔

 تھانوی صاحب امداد المشتاق کے صفحہ 44 پر حضرت امداد اللہ مہاجر مکی کا قول بیان کرتے ہیں کہ حضور سیدنا غوث الاعظم کے کچھ مریدین کشتی میں سفر کر رہے تھے، آپ اس وقت کچھ اولیاء کے ہمراہ بغداد میں موجود تھے، کشتی، طوفان میں غرق ہونے لگی تو حضور غوث الاعظم رضی اللہ عنہ نے توجہ باطنی سے اس کشتی کو غرق ہونے سے بچا لیا۔ تھانوی صاحب لکھتے ہیں۔

’’ایک دن حضرت غوث الاعظم رضی اللہ عنہ سات اولیاء اللہ کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے، ناگاہ نظرِ بصیرت سے ملاحظہ فرمایا کہ ایک جہاز قریب غرق ہونے کے ہے، آپ نے ہمت و توجۂ باطنی سے اس کو غرق ہونے سے بچا لیا‘‘۔

لطف کی بات یہ ہے کہ یہ کتاب، مولانا اشرف علی تھانوی صاحب کی تالیف ہے اور وہ اپنے قلم سے حضور غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی کو ’’حضرت غوث الاعظم‘‘ لکھ رہے ہیں۔ کیا آج ان کے پیروکار حضور سیدنا غوث الاعظم کو غوث الاعظم کہنے کو تیار ہیں؟

اسی کتاب کے صفحہ 71 پر ایک سوال کا جواب دیتے ہیں کہ کسی نے کہا کہ یہ جو مشہور ہے کہ حضور سیدنا غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی مردوں کو کہتے ’’قُمْ بِاِذْنِیْ‘‘ ’’میرے حکم سے زندہ ہوجا‘‘، تو آپ کے حکم سے مردے زندہ ہوجاتے، کیا اس بات میں کوئی حقیقت ہے؟

اپنی کتاب میں تھانوی صاحب بحوالہ حضرت امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ اس کا جواب لکھتے ہیں اور پھر اس کو رد نہیں کرتے بلکہ فائدہ میں اس کی تائید کرتے ہیں۔

جواب لکھتے ہیں : ہاں یہ درست ہے اس لئے کہ حضور سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ قربِ نوافل کے درجے میں تھے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام ’’قُمْ بِاِذْنِ اللّٰه‘‘ (اللہ کے حکم سے زندہ ہوجا) کہہ کر مردہ زندہ کرتے اور آپ قربِ فرائض کے درجے میں تھے، آپ کا مرتبہ اونچا تھا۔ قربِ فرائض کے درجے میں قُمْ بِاِذْنِ اللّٰه کہے تومردے زندہ ہوتے ہیں اور قربِ نوافل کے درجے میں ولی قُمْ بِاِذْنِیْ کہے تو مردے زندہ ہوتے ہیں۔ لہذا اس عقیدے کو کفر اور شرک کہنا جہالت ہے۔

اسی طرح صفحہ 110 پر تھانوی صاحب لکھتے ہیں کہ حاجی امداد اللہ مہاجر مکی فرماتے ہیں کہ ’’میں جب مکہ گیا (ان کی قبر مبارک بھی مکہ معظمہ، جنت المعلی میں ہے) تو میرے پاس کھانے پینے کا کوئی سامان نہ تھا، فاقے آتے رہے، میں نے ایک دن کسی سے قرض مانگا، اس نے مجھے انکار کر دیا، پریشان تھا۔ (آپ چونکہ سلسلہ چشتیہ میں بیعت تھے) ایک دن مکہ معظمہ میں حضرت خواجہ معین الدین اجمیری چشتی کی زیارت ہوئی اور فرمایا کہ امداد اللہ اب کسی سے قرض نہ مانگنا، آج کے بعد آپ کا خزانہ بھرا رہے گا۔ اس کے بعد کبھی فاقہ نہ آیا، خزانہ بھرا رہتا ہے، لنگر بھی چلتا ہے اور تقسیم بھی کرتا ہوں‘‘۔

اسی طرح صفحہ 78 پر تھانوی صاحب، حاجی امداد اللہ مہاجر مکی کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ ’’حضور غوث الاعظم پر ہمیشہ ایک بادل سایہ کئے رکھتا تھا اور یہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزہ کی برکت تھی۔

تھانوی صاحب یہ سب کچھ لکھ کر فائدہ کے عنوان سے ہیڈنگ قائم کرکے اس کی تائید بھی کرتے ہیں۔

اسی طرح صفحہ 92 پر لکھتے ہیں کہ اولیاء اللہ کے ایام اور عرس کے موقع پر نذر و نیاز کا طریقہ قدیم زمانے سے جاری ہے (حیرت ہے) اس زمانے کے لوگ انکار کرنے لگ گئے ہیں۔

میلاد شریف کے حوالے سے حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ کا قول تھانوی صاحب لکھتے ہیں کہ میلاد شریف کا انعقاد میں بھی کرتا ہوں، شرکت بھی کرتا ہوں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد شریف میں سلام پر قیام بھی کرتا ہوں اور لذت بھی پاتا ہوں۔ کسی نے اس عمل کی دلیل پوچھی تو فرمایا : مولد شریف تمامی اہل حرمین شریفین کرتے ہیں۔ ہمارے لئے تو حرمین شریفین کا عمل ہی کافی ہے اور حجت ہے۔ (یہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے کے اہلِ حرمینِ شریفین کی بات کررہے ہیں)

یہ چند نمونے میں نے آپ کو مثا ل کے طور پر بیان کئے کہ ان مسالک و مکاتب فکر کے ائمہ کے اصل عقائد یہ تھے۔ افسوس آج ان ہی کے پیروکار اپنے ائمہ ہی کی عقائد کی تردید کرتے نظر آتے ہیں۔

تھانوی صاحب نے اپنے پیرومرشد حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی رحمۃ اللہ علیہ کے لئے عربی زبان میں استغاثہ لکھا ہے یعنی ان کو مدد کے لئے پکارا اور یہ تھانوی صاحب کی کتاب ’’ارواحِ ثلاثہ‘‘ میں درج ہے لکھتے ہیں :

يَا مُرْشَدِیْ يَا مَوْلَائِیْ يَا مَفْزَئِیْ
يَا مَلْجَیءِ فِی مَبْدَئِیْ وَمَعَادِیْ

اِرْحَمْ عَلَیَّ يَاغَيَاث فَلَيْسَ لِیْ
کَافِیْ سِوَا حُبُّکَ مِنْ ذالِیْ

يَاسَيِّدِی لِلّٰهِ شَيْئًا اِنَّه
اَنْتُمْ لِیْ مَجْدِیْ وَاِنِّیْ جَالِی

تھانوی صاحب اپنے مرشد کے بارے لکھ رہیں ہیں۔ ’’اے میرے مرشد حاجی امداد اللہ شيئا للّٰه‘‘ مگر جب ہم ’’يا شيخ عبدالقادر جيلانی شيئا للّٰه‘‘ کہیں تو تھانوی صاحب کے پیروکار اسے شرک قرار دیتے ہیں۔ یہی جملے تھانوی صاحب اپنے مرشد کے لئے لکھ رہے ہیں تو اس کو شرک قرار نہیں دیا جاتا۔ اگر یہ شرک ہے تو بشمول تھانوی صاحب سارے ہی مشرک ہیں، کوئی مسلمان نہیں بچتا اور اگر ’’يا حاجی امداد الله مهاجر مکی رحمة الله عليه شيئا للّٰه‘‘ کہنا جائز ہے تو دوسرے اکابر اولیاء کے لئے بھی جائز ہے۔

پھر تھانوی صاحب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں استغاثہ پیش کرتے ہوئے مزید لکھتے ہیں :

يَاشَفِيْعَ الْعِبَاد خُذْ بِيَدِیْ
اَنْتَ فِی الْاضْطِرَارِ مُعْتَمَدِیْ

’’اے لوگوں کی شفاعت کرنے والے میرے ہاتھ تھام لیجئے۔ مصائب و مشکلات میں آپ پر ہی میں اعتماد و بھروسہ کرتا ہوں‘‘۔

لَيْسَ لِیْ مَلْجَاءِ سِوَاکَ اَغِثْ
مَسَّنِیَ الضُّرُّ سَيِّدِیْ سَنَدِیْ

’’آپ کے سوا میرا کوئی ملجاء نہیں میری مدد کیجئے۔ میں تکلیف میں مبتلا ہوں میرے سردار میری مدد کو پہنچئے‘‘۔

غَشَّنِیَ الدَّهْر يَابن عَبْدِاللّٰه
قُمْ مُغِيْثًا فَاَنْتَ لِیْ مَدَدِیْ

’’یامحمد بن عبداللہ، میرے سرکار سارے زمانے نے مجھے گھیر لیا ہے میرے غوث بن جایئے، میری مدد کیجئے آپ ہی میری مدد ہیں، کوئی میرا نہیں جسے مدد کے لئے پکاروں‘‘۔

اتحادِ امت کا تیر بہدف نسخہ

سوچیں! اگر سعودی وہابیت اور تکفیریت سے متاثر شدہ دیوبندی علما اور عوام اپنے ہی مسلک و مکتب فکر کے سب سے عظیم عالم دین اور استاد الاساتذہ کے عقائد جن کا اوپر تذکرہ ہوا، ان پر اجماع کر لیں اور سارے اس پر عمل پیرا ہو جائیں تو کیا امت میں کوئی تکفیر، تشدد اور تفرقہ باقی رہے گا۔

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...