Sunday, 7 December 2014

درس قرآن موضوع : ۔ درود و سلام فضائل و برکات

درس قرآن موضوع : ۔ درود و سلام فضائل و برکات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىِٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّ١ؕ یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا۝

(الاحزاب، 33 : 56)
ترجمہ : بیشک اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اس غیب بتانے والے (نبی) پر اے ایمان والو ان پر درود اور خوب سلام بھیجو
سیدِ عالَم ﷺ پر درود و سلام بھیجنا واجب ہے۔
ہر ایک مجلس میں آپ ﷺ کا ذکر کرنے والے پر بھی اور سننے والے پر بھی ایک مرتبہ اور اس سے زیادہ مستحب ہے ، یہی قول معتمد ہے اور اس پر جمہور ہیں۔
اور نماز کے قعدۂ اخیرہ میں بعدِ تشہد درود شریف پڑھنا سنّت ہے۔
درود شریف آپ ﷺ کے تابع کر کے آپ ﷺ کے آل و اصحاب و دوسرے مومنین پر بھی درود بھیجا جا سکتا ہے یعنی درود شریف میں آپ کے نامِ اقدس کے بعد ان کو شامل کیا جا سکتا ہے ۔
درود شریف اللہ تعالٰی کی طرف سے نبی کریم ﷺ کی تکریم ہے عُلَماء نے اللّٰھم صل علٰی محمّد کے معنٰی یہ بیان کئے ہیں کہ یا ربّ محمّدِ مصطفٰے ﷺ کو عظمت عطا فرما ، دنیا میں ان کا دین بلند ان کی دعوت غالب فرما کر اور ان کی شریعت کو بقا عنایت کر کے اور آخرت میں ان کی شفاعت قبول فرما کر اور ان کا ثواب زیادہ کر کے اور اوّلین و آخِرین پر ان کی فضیلت کا اظہار فرما کر اور انبیاء ، مرسلین و ملائکہ اور تمام خَلق پر ان کی شان بلند کر کے ۔
حضور اقدس ﷺ کی یہ عظمت و خصوصیت آپ ﷺ کا نصیب ہے، جس کی کوئی اور مثال نہ پورے قرآن پاک میں ہے، اور نہ ہی تمام انبیاء علیھم السلام میں سے کسی نبی اور رسول کے بارے میں اس طرح کی کوئی آیت نازل ہوئی۔
یاد رہے ۔۔۔۔۔ جب اﷲ تعاليٰ حضور ﷺ پر درود بھیجتا ہے تو آقا ﷺ کو عزت ملتی ہے مگر جب فرشتے اور مخلوقات آپ ﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہیں تو اس سے درود بھیجنے والوں کو عزت ملتی ہے اور ان کی اپنی شان بلند ہوتی ہے۔


اسی طرح ۔۔۔۔۔۔ کوئی عمل اور عبادت ایسی نہیں جس کا قبول ہونا حتمی اور قطعی ہو جیسے نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ، صدقہ و خیرات، جہاد و دیگر اعمال صالحہ اور ہر عبادت ظنی القبول ہے چاہے مولا قبول کرے چاہے نہ کرے مگر درود و سلام ایسا عمل ہے جو قطعی القبول ہے۔ اِدھر درود پڑھنے والے نے درود پڑھا اور اُدھر اسی لمحے اسے شرفِ قبولیت بخشا جاتا ہے۔ فاسق وفاجر اور گنہگار کا نیک عمل تو رد ہوسکتا ہے مگر درود و سلام ہرگز رد نہیں ہوتا کیونکہ اس کا عامل اس کی اپنی ذات نہیں بلکہ خدا کی ذات ہوتی ہے۔ اسی لئے یہ قطعی القبول ہے۔ڈاکٹر فیض احمد چشتی

No comments:

Post a Comment

مالک بن نویرہ منکرِ زکواة و منکرِ ختمِ نبوت کا تعارف

مالک بن نویرہ منکرِ زکواة و منکرِ ختمِ نبوت کا تعارف محترم قارئینِ کرام ارشادِ باری تعالیٰ ہے : يٰۤـاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا مَنۡ يَّرۡ...