Sunday, 18 February 2018

کس کس رنگ کا عمامہ سنت ہے

کس کس رنگ کا عمامہ سنت ہے

عمامہ کسی بھی رنگ کا ہو اس سے سنت ادا ہوجاتی ہے ۔ اسی وجہ سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے مختلف رنگ کے عمامے استعمال کرنا ثابت ہے ، جن مین سیاہ ، سفید ، پیلا ، سبزاور سرخ رنگ شامل ہیں ، ہاں سفید رنگ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم لباس میں پسند فرماتے تھے اور سفید رنگ کے کپڑے میں کفن دینے کی ترغیب دیتے تھے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے سفید رنگ کےعمامےاستعمال کرنا ثابت ہے ۔ اس لئے عمامے میں بھی سیاہ اور سفید رنگ کا استعمال پسندیدہ ہے اگرچہ باقی رنگوں کا استعمال بھی جائز ہے اور اس سے سنت عمامہ ادا ہوجاتی ہے ۔

عن سلیمان بن ابی عبداللّٰہ قال ادرکت المہاجرین الاولین یعتمون بعمائم کرابیس سود و بیض و حمر و خضر و صفر یضع احدھم العمامۃ علی راسہ ویضع القلنسوۃ فوقھا ثم یدیر العمامۃ ھکذا یعنی علی کورہ ، لایخرجھا من تحت ذقنہ ۔ (مصنف ابن ابی شیبہ جلد 8 صفحہ 241)۔(شرح مسلم ج 6 ص 363)۔
ترجمہ : سلیمان بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے مہاجرین اولین رضی اللہ عنہم کو دیکھا کہ وہ سیاہ ، سفید ، سرخ ، سبز اور زرد رنگ کا عمامہ پہنتے پایا ۔ ان میں کا ایک شخص عمامہ کو اپنے سر پر رکھتا،پھر عمامہ کو یوں گھماتا ، یعنی اس کے پیچ پر ، اسے اپنی ٹھوڑی کے نیچے سے نہ نکالتا ۔

اس حدیث پاک سے مہاجرین صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنھم کا سبز عمامہ ثابت ہوتا ہے صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنھم کے کسی کام کو دیکھ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا خاموشی اختیار فرمانا سنت تقریری کہلاتا ہے ۔

عن سمرة ان النبی صلی الله عليه وآله وسلم قال البسوا الثياب البيض فانها اطهر و اطيب و کفنوا فيها موتاکم. رواه احمد والترمذی والنسائی وابن ماجه .
ترجمہ : حضرت سمرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ سفید کپڑے پہنا کرو اس لیے کہ یہ زیادہ پاک اور صاف نظر آتے ہیں اور اپنے مردوں کو سفید رنگ کے کفن دو ۔

ھلال ابن عامر روایت کرے ہیں : قال رايت رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم بمنیٰ يخطب علی بغلة و عليه برد احمر و علی امامه يعبرعنه. رواه ابو داؤد .
ترجمہ : میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منی میں خطبہ دیتے ہوئے دیکھا اور آپ نے سرخ چادر اوڑھی ہوئی ہے اور حضرت علی آگے ہیں اور لوگوں کو آپ علیہ الصلوۃ والسلام کی بات سنا رہے ہیں ۔

حضرت ابو رمثہ الیتمی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں : قال اتيت النبی صلی الله عليه وآله وسلم وعليه ثوبان اخضران .
ترجمہ : میں حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے پاس حاضر ہوا تو میں نے دیکھا کہ دو سبز رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں ۔

عن عائشة رضی الله عنها قالت صنعت للنبی صلی الله عليه وآله وسلم بردة سوداء فلبسها فلما عرق فيها وجد ريح الصوف فقد فها. رواه ابوداؤد .
ترجمہ : حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں میں نے آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے لیے کالے رنگ کی چادر تیار کر لی، آپ نے اسے اپنے اوپر ڈال دیا جب پسینے کی وجہ سے اس میں اون کی بو آئی تو آپ نے اسے اتار دیا ۔

ابو عبداﷲ رضی اﷲ عنہ کی حدیث … اسناد مروی ہے : قال ادرکت المہاجرین الاولین یعتمون بعمائم گرابیس سسود وبیض و حمر وخضر وصفر الخ
یعنی اولین مہاجرین صحابہ کو ابو عبداﷲ فرماتے ہیں کہ سفید‘ سیاہ‘ سرخ‘ سبز اور زرد عمامے باندھے دیکھا (مصنف ابن ابی شیبہ ج 6‘ ص 48‘ طبع امدادیہ ملتان)

علامہ خازن بغدادی علیہ الرحمہ الہادی رقم طراز ہیں : قال ابن عباس رضی اﷲ عنہما کان سیما الملٰئکۃ یوم بدر عمائم بیضو یوم حنین عمائم خضر ۔
ترجمہ : بدر کے روز فرشتوں کے سفید اور حنین کے روز سبز عمامے تھے (خازن ج 1 ص 182‘ مطبوعہ کوئٹہ)

امام عبدالغنی نابلسی علیہ الرحمہ رقم طراز ہیں :ثم یہبط عیسٰی علیہ السلام الی الارض فہو متعمم بعمامۃ خضرآء
ترجمہ : عیسٰی علیہ السلام قرب قیامت میں سبز عمامہ میں نزول فرمائیں گے (حدیقہ ندیہ ج 2 ص 273)

شیخ احمد صاوی مالکی رقم طراز ہیں : روز حنین فرشتوں کی نشانی سرخ عمامے تھے (صاوی ج 2 ص 41‘ مطبوعہ مکتبہ غوثیہ کراچی)

نیز خود رحمت عالم صلی اﷲ علیہ وسلم سے مختلف رنگوں کا عمامہ باندھنا ثابت ہے جیسا کہ : مشکوٰۃ شریف باب الجمعہ میں مخطب وعلیہ عمامۃ سوداء ۔
ترجمہ : خطیب الانبیاء صلی الله عليه وآله وسلم خطبہ ارشاد فرما رہے تھے دراں حالیکہ کہ سر اقدس پر سیاہ عمامہ تھا (یاد رہے کہ کثرت کتب حدیث مع صحاح ستہ 22 کے لگ بھگ روایات میں سیاہ عمامہ ثابت ہے)

شیخ محقق عبدالحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ رقم طراز ہیں : دستار آنحضرت صلی الله عليه وآله وسلم اکثر سفید بود وگاہے سیاہ و احیانا سبز یعنی دستار آنحضرت اکثر سفید سیاہ و کبھی سبز ہوتی تھی ۔ (ضیاء القلوب فی لباس المحبوب ص 3)

علامہ احمد جیون ہندی علیہ الرحمہ رقم طراز ہیں : سرکار صلی الله عليه وآله وسلم کا عمامہ سرخ و سیاہ ہوتا تھا‘‘ (نورالانوار ص 179‘ مطبوعہ مکتبہ رحمانیہ لاہور)

حاجی امداد اﷲ مہاجر مکی علیہ الرحمہ رقم طراز ہیں : سرکار کے سفید کپڑوں اور سبز عمامہ کا تصور باندھو ۔ (کلیات امدادیہ)

مولانا شفیع اوکاڑوی علیہ الرحمہ رقم طراز ہیں : سرکار صلی الله عليه وآله وسلم نے حالت مرض میں زرد عمامہ بھی باندھا ہے ۔ (ذکر جمیل)

الغرض سفید‘ سیاہ‘ سبز‘ سرخ‘ زرد رنگ کے عمامے باندھنا سنت مصطفے‘ سنت ملائکہ اور سنت صحابہ سے ثابت ہے ، باقی رنگ بھی جائز ہیں اس لیے کہ منع نہیں کیا گیا۔ عمامہ شریف اکثر کالے رنگ اور سفید رنگ کے استعمال کرتے تھے ، نسواری رنگ بھی عمامہ شریف میں ثابت ہے ۔ (طالب دعا ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...