عالم کی توہین کب کفر ہے اور کب نہیں ؟
عالم کی توہین کی تین صورتیں اور ان کے بارے میں شرعی حکم بیان کرتے ہوئے
سیدی اعلیٰ حضرت ، امام اہلسنت ، مولانا شاہ امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :
(1) اگر عالمِ (دین) کو اس لئے بُرا کہتا ہے کہ وہ عالم ہے جب تو صریح کافر ہے
(2) اور بوجہِ علم اس کی تعظیم فرض جانتا ہے مگر اپنی کسی دُنْیَوی خُصومت (دشمنی) کے باعث برا کہتا ہے گالی دیتا (ہے اور) تحقیر کرتا ہے تو سخت فاجر ہے
(3) اور اگر بے سبب (بلا وجہ ) رنج (بغض) رکھتا ہے تو مَرِیْضُ الْقَلْب وَخَبِیْثُ الْبَاطِن (دل کا مریض اور ناپاک باطن والا ہے) اور اس (خواہ مخواہ بغض رکھنے والے ) کے کفر کا اندیشہ ہے۔ خلاصہ (کتاب) میں ہے : مَنْ اَبْغَضَ عَالِماً مِنْ غَیْرِ سَبَبٍ ظَاھِرٍخِیْفَ عَلَیْهِ الْکُفْر ۔
ترجمہ : جو بلا کسی ظاہری وجہ کے عالمِ دین سے بغض رکھے اس پر کفر کا خوف ہے ۔
( خلاصۃ الفتاویٰ، جلد 4، صفحہ 388، مطبوعہ مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ )( فتاویٰ رضویہ، جلد 21، صفحہ 129، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاھور )
یہاں پر بین الطرفین اھلسنت عوام کو عبرت حاصل کرنی چاہیئے کہ کوئی کسی سنی عالمِ دین پر اعتراضات و بکواسات کر رہا ہے تو کوئی کسی کے خلاف باتیں کر رہا ہے بہر کیف ان لوگوں کو سوچ لینا چاہیئے کہ
اگر علمِ دین کی توھین کہ نیت سے کچھ کہا تو کافر ہو جائے گا ۔
اگر علمِ دین کی توھین تو مقصود نہیں مگر تحریکی اختلاف کی بنا پر برا کہتا ہے گالی دیتا ہے تحقیر کرتا ہے تو بھی فاسق و فاجر ہے ۔
اگر بلا وجہ بُغض رکھتا ہے تو ایمان کی خیر منائے کہ فقھاء نے لکھا کہ صحیح العقیدہ عالمِ دین سے بغض رکھنے والے کا کفر پر خاتمے کا اندیشہ ہے ۔
سیدی اعلیٰ حضرت، علیہ الرحمہ عُلَمائے دین کی توہین کرنے سے متعلق مزید فرماتے ہیں کہ علماء کی توھی : سخت حرام، سخت گُناہ، اَشَدّ کبیرہ۔ عالمِ دین سُنّی صحیح العقیدہ کہ لوگوں کو حق کی طرف بلائے اور حق بات بتائے محمّد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا نائِب ہے۔ اس کی تحقیر(توہین) مَعَاذَ اللہ محمّد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین ہے اور محمّد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جناب میں گستاخی مُوجِبِ لعنتِ الٰہی و عذابِ الیم ہے ۔
( فتاویٰ رضویہ، جلد 23، صفحہ 649، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاھور )
اللہ ان لوگوں کو ہدایت دے جو علمائے کے بارے بکواسات کر رہے ہیں ..... غور سے پڑھیں کہ سیدی اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ نے فرمایا کہ صحیح العقیدہ سنی عالم رسول اللہ علیہ السلام کا نائب ہے اور اسکی توھین رسول اللہ علیہ السلام کی توہین و گستاخی ہے اور رسول اللہ کی توہین کرنے والا لعنتی ہے ۔
تو خدارا : باھم صحیح العقیدہ سنی علماء کے متعلق پوسٹس کرنے سے گریز کیجئے ۔ بالفرض آپ علمِ دین کی توہین کی نیت سے کچھ نہیں کہتے بلکہ تنظیمی و تحریکی اختلافات کی بنا پر تحقیقر کرتے ہیں تو بھی ناجائز وگناہ ہے ۔
صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ : عوام کو علماء سے بدظن کرنا بہت سخت گناہ ہے کہ جب بدظن ہونگے (تو) اُن (یعنی علما) سے بیزار ہونگے اور ہلاکت میں پڑیں گے ۔
( فتاویٰ امجدیہ، جلد 4، صفحہ 515، مطبوعہ مکتبہ رضویہ کراچی شریف )
اگر آپکی وجہ سے کوئی صحیح العقیدہ سنی عالم سے بدظن ہو گیا تو دنیا و آخرت میں ہلاکت ہی ہلاکت ہو گی ۔
اللہ تعالیٰ ہمارے ایمان کی حفاظت فرمائے اور ہمیں صدا بے ادبی سے محفوظ رکھے آمین ۔ (طالب دعا ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
No comments:
Post a Comment