Sunday, 14 January 2018

ہم کون سا ترجمہ قرآن پڑھیں بہت سے احباب کے سوالوں کا جواب

ہم کون سا ترجمہ قرآن پڑھیں بہت سے احباب کے سوالوں کا جواب

ہمارے فیس بک پیج پر بہت سے احباب کی طرف سے بار بار میسج کے زریعے سوال پوچھا جا رہا تھا کہ اس پر فتن دور میں ہم کون سا ترجمہ قرآن پڑھیں آپ سب احباب کی خدمت تراجم قرآن کا مختصر جائزہ پیش کیا جا رہا ہے جسے پڑھ کر یقیننا آپ بھی فقیر ڈاکٹر فیض احمد چشتی کی اس رائے سے متفق ہونگے کہ سب تراجم سے بہترین ترجمہ کنز الایمان پڑھیئے اور اپنے اور اپنی نسلوں کے ایمان و عقائد کی حفاظت کیجیئے ۔

کنزالایمان فی ترجمتہ القرآن : امام احمد رضا خان محدث بریلوی رحمتہ اللہ علیہ کا شہرہ آفاق اردو ترجمہ قرآن آپ نے 1911 میں قرآن مجید کا ترجمہ کیا جو اردو تراجم قرآن میں سب سے زیادہ پڑھا جانے والا اور مشہور ترجمہ ہے، یہاں تک کہ بہت سے دوسرے مسالک کے پبلشر بھی کنزالایمان کی مقبولیت دیکھ کر اس کو پبلش کرنے پر مجبور ہو گئے اور لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں کنزالایمان شایع کر چکے ہیں.
اب تک جتنے بھی قرآن پاک کے ترجمے کیے جاچکے ہیں فصاحت و بلاغت، مفاہیم و مطالب، عربی تفاسیر کے عین مطابق، صحابہ کرام علیہم الرضوان کی بیان کردہ تفسیر کا ترجمان یہ ترجمہ قرآن کنزالایمان ہے۔
اس ترجمہ کا ترجمہ ہندی، سندھی، انگریزی، ڈچ، گجراتی، پشتو اور بنگلہ وغیرہ زبانوں میں ہو چکا ہے ۔ اس پر سب سے زیادہ مقالات (Thessis) لکھے جا چکے ہیں ، ڈاکٹر مجید اللہ قادری نے کنزالایمان اور معروف تراجم قرآن کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ہے ۔

انگریزی تراجم
کنز الایمان کو اب تک پانچ شخصیات نے انگریزی میں ترجمہ کیا ہے ،۔
پروفیسر محمد حنیف اختر فاطمی (کویت یونیورسٹی ) ،
پروفیسر شاہ فریدالحق نے مکمل کیا۔ اور اسے بھارت اور پاکستان میں شائع کیا گیا ۔
ڈاکٹر مجیداللہ ، لاہور
عاقب فرید قادری نے 2002ء کے قریب شائع کیا .
ڈاکٹر سید جمال الدین اسلم ماہروی، ایٹہ بھارت ۔
سید آل رسول حسنین میاں نظمی ماہروی، ایٹہ، بھارت ۔
سندھی تراجم
مفتی محمد رحیم سکندری نے سندھی زبان میں ترجمہ کر دیا ہے .
مولانا عبدالوحید سرہندی
ہندی تراجم
کریول ترجمہ
مولانا منصور اور مولانا نجیب ( ماریشس) نے کریول زبان میں ترجمہ کیا۔ قرآن کا یہ ترجمہ سب سے پہلے شمیم اشرف ازہری جامع مسجد، ماریشس کے خطیب کی نگرانی میں 17 جنوری 1996ء کو شائع کیا گیا تھا. ان کے ساتھ اس اس کام میں دیگر علماء اور اہل علم نے مدد کی ۔
اس کے علاوہ کنزالایمان کا گجراتی ترجمہ بنگلہ ترجمہ پشتو ترجمہ ڈچ ترجمہ بھی ہو چکا ہے

کنزالایمان اور دیگر تراجم کا تقابل

مختلف تراجم اور امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کے ترجمۂ قرآن کا تقابلی جائزہ پیش خدمت ہے-----بلا تعصب آپ پڑھ کر خود فیصلہ کریں کہ کس کا ترجمہ اسلامی عقائد پر مبنی اور کس کا ترجمہ اسلامی عقائد کے منافی ہے۔

1:ویمکرون ویمکراﷲ واﷲ خیر المٰکرین
(سورۂ انفال آیت ۳۰ ، پارہ ۹)
ترجمہ: وہ بھی دائو کرتے تھے اور ﷲ بھی دائو کرتا تھا اور ﷲ کا داؤ سب سے بہتر ہے (محمود الحسن دیوبندی)
ترجمہ: اور وہ تو اپنی تدبیر کررہے تھے اور ﷲ میاں اپنی تدبیر کررہے تھے اور سب سے مستحکم تدبیر والا ﷲ ہے (اشرف علی تھانوی دیوبندی)
ترجمہ: اور حال یہ ہے کہ کافر دائو کررہے تھے اور ﷲ اپنا دائو کررہا تھا اور ﷲ سب دائو کرنے والوں سے بہتر داؤ کرنے والا ہے (ڈپٹی نذیر احمد)
ترجمہ: وہ اپنی چالیں چل رہے تھے اور ﷲ اپنی چال چل رہا تھا، ﷲ سب سے بہتر چال چلنے والا ہے (مودودی)
محترم قارئین! آپ نے ان موجودہ اردو تراجم کو ملاحظہ فرمایا۔ مترجمین نے ترجمہ کرتے وقت مکر، فریب اور چال کی نسبت ﷲ تعالیٰ کی طرف کی ہے جوکہ ﷲ تعالیٰ کی شان کے سراسر خلاف ہے۔ مکر، فریب اور چال یہ تو عیوب ہیں جبکہ ﷲ تعالیٰ ہر عیب سے پاک ہے۔ ان تراجم کو مدنظر رکھ کر ذرا سوچیں کہ اگر کوئی غیر مسلم ان تراجم کو دیکھے گا تو اس کا ذہن یہی کہے گا کہ کیا مسلمانوں کا رب مکر، فریب اور چال چلتا ہے (معاذ ﷲ)
اب آپ چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔
ترجمہ کنزالایمان: اور وہ اپنا سا مکر کرتے تھے اور ﷲ اپنی خفیہ تدبیر فرماتا تھا اور ﷲ کی خفیہ تدبیر سب سے بہتر ہے (امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)

2:ﷲ یستہزیٔ بہم ویمدہم فی طغیانہم یعمہون
(سورۂ بقرہ آیت ۱۵، پارہ ۱)
ترجمہ: ﷲ ٹھٹھا کرتا ہے ان سے اور کھینچتا ہے ان کو بیچ سرکشی ان کی کے بہکے ہیں (شاہ رفیع الدین دیوبندی)
ترجمہ: ﷲ ہنسی کرتا ہے ان کے ساتھ اور ان کو ڈھیل دیتا ہے کہ اپنی سرکشی میں بہکے پھریں (عاشق الٰہی میرٹھی دیوبندی)
ترجمہ: ﷲ ان سے مذاق کررہا ہے وہ ان کی رسی دراز کئے جاتا ہے اور یہ اپنی سرکشی میں اندھوں کی طرح بھٹکتے چلے جاتے ہیں (مودودی)
ترجمہ: ﷲ بھی ان سے مذاق کرتا ہے اور انہیں ان کی سرکشی اور بہکاوے میں اور بڑھا دیتا ہے (سعودی ترجمہ)
ترجمہ: جبکہ ﷲ مذاق کررہا ہے ان سے کہ مہلت دیئے جارہا ہے انہیں کہ وہ اپنی سرکشی میں اندھوں کی طرح بھٹک رہے ہیں (مولوی شبیر احمد، دوکلر والا)
ترجمہ: ﷲ ان سے مذاق کررہا ہے اور ان کو ان کی سرکشی میں ڈھیل دیئے جارہا ہے یہ بھٹکتے پھر رہے ہیں (امین احسن اصلاحی قرآن)
محترم قارئین! آپ نے ان موجودہ اردو تراجم کو ملاحظہ فرمایا۔ مترجمین نے ترجمہ کرتے وقت ٹھٹھا، ہنسی اور مذاق کی نسبت اﷲ تعالیٰ کی طرف کی ہے جوکہ ﷲ تعالیٰ کی شان کے سراسر خلاف ہے۔ ٹھٹھا، ہنسی اور مذاق یہ تو عیوب ہیں جبکہ ﷲ تعالیٰ ہر عیب سے پاک ہے ۔ ان تراجم کو مدنظر رکھ کر ذرا سوچیں کہ اگر کوئی غیر مسلم ان تراجم کو دیکھے گا تو اس کا ذہن یہی کہے گا کہ کیا مسلمانوں کا رب ٹھٹھا، ہنسی اور مذاق کرتا ہے (معاذ ﷲ) اب آپ چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔
ترجمہ کنزالایمان: ﷲ ان سے استہزاء فرماتا ہے (جیسا کہ اس کی شان کے لائق ہے) اور انہیں ڈھیل دیتا ہے کہ اپنی سرکشی میں بھٹکتے رہیں( امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)
امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کے ترجمہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ﷲ تعالیٰ استہزاء اور تمام نقائص و عیوب سے منزہ و پاک ہے یہاں جزاء استہزاء کوفرمایا گیا تاکہ خوب دلنشین ہوجائے کہ یہ سزا اس ناکردنی فعل کی ہے ایسے موقع پر جزا کو اسی فعل سے تعبیر کرنا آئینِ فصاحت ہے جیسے جزاء سئیہ سئیہ میں کمال حسن بیان یہ ہے کہ اس جملہ کو جملہ سابقہ پر معطوف بہ فرمایا گیا۔ کیونکہ وہاں استہزاء حقیقی معنی میں تھا۔

3: اذ قالوا لیوسف واخوہ احب الیٰ ابینا منا و نحن عصبۃ، ان ابانا لفی ضلٰل مبین
(سورۂ یوسف آیت ۸، پارہ ۱۲)
ترجمہ: دونوں ہمارے والد کو ہم سب سے زیادہ محبوب ہیں، حالانکہ ہم ایک پورا جتھا ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ ہمارے اباجان بالکل ہی بہک گئے ہیں (مودودی)
ترجمہ: (خیال کرو) جب انہوں نے کہا کہ یوسف اور اس کا بھائی ہمارے باپ کو ہم سے زیادہ پیارے ہیں حالانکہ ہم ایک پورا جتھا ہیں بے شک ہمارا باپ ایک کھلی ہوئی غلطی میں مبتلا ہے (امین احسن اصلاحی)
ترجمہ: جب وہ (آپس میں) کہنے لگے کہ یوسف اور اس کا بھائی (بن یامین) زیادہ پیارا ہے، ہمارے باپ کو ہم سے حالانکہ ہم قوت کے لوگ ہیں، بے شک ہمارا باپ صریح غلطی میں ہے (عاشق الٰہی میرٹھی دیوبندی)
ترجمہ: وہ وقت قابل ذکر ہے جبکہ ان کے بھائیوں نے گفتگو کی کہ یوسف اور ان کا بھائی ہمارے باپ کو ہم سے زیادہ پیارے ہیں حالانکہ ہم ایک جماعت کی جماعت ہیں۔ واقعی ہمارے باپ (اس مقدمہ میں) کھلی غلطی میں ہیں (اشرف علی تھانوی دیوبندی)
ترجمہ: جب انہوں نے کہا کہ یوسف اور اس کا بہ نسبت ہمارے باپ کو بہت زیادہ پیارے ہیں حالانکہ ہم (طاقتور) جماعت ہیں، کوئی شک نہیں کہ ہمارے ابا صریح غلطی میں ہیں (سعودی ترجمہ)
محترم قارئین کرام! آپ نے ان موجودہ اردو تراجم کو ملاحظہ فرمایا۔ مترجمین نے ترجمہ کرتے وقت ﷲ تعالیٰ کے معصوم نبی حضرت یعقوب علیہ السلام کو صریح غلطی پر لکھا جبکہ (معاذ ﷲ) مودودی صاحب نے تو بہکا ہوا لکھ دیا حالانکہ اسلامی عقائد میں یہ بات موجود ہے کہ نبی معصوم ہوتے ہیں گناہوں، خطائوں سے۔ ان تراجم کو مدنظر رکھ کر ذرا سوچیں کہ اگر کوئی غیر مسلم ان تراجم کو دیکھے گا یہ اعتراض ضرور کرے گا کہ اے مسلمانو! جب تمہارا اسلامی عقیدہ یہ ہے کہ انبیاء کرام علیہم السلام گناہوں اور خطائوں سے معصوم ہیں تو پھر ترجمہ قرآن میں ان کو صریح غلطی پر اور بہکا ہوا کیوں لکھا ہے۔
اب آپ چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔
ترجمہ کنزالایمان: جب بولے کہ ضرور یوسف اور اس کا بھائی ہمارے باپ کو ہم سے زیادہ پیارے ہیں اور ہم ایک جماعت ہیں، بے شک ہمارے باپ صراحتاً ان کی محبت میں ڈوبے ہوئے ہیں (امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)

4: ماکنت تدری ما الکتٰب ولاالایمان
(سورۂ شوری آیت ۵۲، پارہ۲۵)
ترجمہ: تمہیں کچھ پتہ نہ تھا کہ کتاب کیا ہوتی ہے اور ایمان کیا ہوتا ہے (مودودی)
ترجمہ: تم نہیں جانتے تھے کہ کتاب ﷲ کیا چیز ہے اور نہ یہ جانتے تھے کہ ایمان کس کو کہتے ہیں (ڈپٹی نذیر احمد)
ترجمہ: آپ کو نہ یہ خبر تھی کہ کتاب ﷲ کیا چیز ہے اور نہ یہ خبر تھی کہ ایمان کا انتہائی کمال کیا چیز ہے (اشرف علی تھانوی دیوبندی)
ترجمہ: نہ تم یہ جانتے تھے کہ کتاب کیا ہے اور نہ جانتے تھے کہ ایمان کیا ہے (امین احسن اصلاحی)

محترم قارئین : آپ نے موجودہ اردو تراجم کو ملاحظہ فرمایا۔ مترجمین نے سیّدعالم ﷺ کے بابت لکھا کہ آپ کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ایمان کس کو کہتے ہیں؟ او رکتاب کیا چیز ہے؟ حالانکہ حضور ﷺ جانتے تھے کہ کتاب کیا چیز ہے مگر کتب پڑھنا نہیں جانتے جوکہ رب تعالیٰ نے سکھائی مگر مترجمین نے یہاں خیانت سے کام لیا۔
دوسری بات یہ ہے کہ ﷲ تعالیٰ کا نبی ہو ،اور ایمان کو نہ جانتا ہو، یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ ہاں احکام شرع کی تفصیل نہ جانتے تھے جوکہ ﷲ تعالیٰ نے وحی کے ذریعہ بتائیں۔ معلوم ہوا کہ تمام مترجمین کی اصل روح کو مدنظر نہیں رکھا۔
اب آپ کے سامنے چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ پیش کرتا ہوں، ملاحظہ فرمائیں۔
ترجمہ کنزالایمان: اس سے پہلے نہ تم کتاب جانتے تھے نہ احکام شرع کی تفصیل (امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)

5:ان ربکم ﷲ الذی خلق السمٰوٰت والارض فی ستۃ ایام ثم استویٰ علی العرش (سورۂ اعراف آیت ۵۴، پارہ ۸)
ترجمہ: بے شک تمہارا پروردگار ﷲ ہے جس نے پیدا کئے آسمان اور زمین پر چھ دن میں پھر بیٹھا تخت پر (عاشق الٰہی میرٹھی)
ترجمہ: بے شک تمہارا رب ﷲ ہی ہے جس نے سب آسمانوں اور زمین کو چھ روز میں پیدا کیا پھر عرش پر قائم ہوا (اشرف علی تھانوی دیوبندی)
ترجمہ: بے شک تمہارا رب ﷲ ہی ہے جس نے سب آسمانوں اور زمین کو چھ روز میں پیدا کیا ہے پھر عرش پر قائم ہو ا(سعودی ترجمہ)
ترجمہ: بے شک تمہارا رب وہی ﷲ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں پیدا کیا پھر وہ عرش پر متمکن ہوا (امین احسن اصلاحی)
ترجمہ: بے شک تمہارا رب ﷲ ہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا کیا پھر تخت پر چڑھا (نواب وحید الزماں اہلحدیث)
محترم قارئین کرام! آپ نے موجودہ اردو تراجم کو ملاحظہ فرمایا۔ تمام مترجمین نے ذات باری تعالیٰ کے متعلق محتاط انداز نہیں اپنایا بلکہ بعض مترجمین نے تخت پر بیٹھا اور تخت پر چڑھا تک لکھ دیا جوکہ کھلی گمراہی ہے جبکہ ہمارا یہ بنیادی اسلامی عقیدہ ہے کہ ﷲ تعالیٰ جسم و جسمانیت اور مکان سے پاک ہے تو ایسے الفاظ کا استعمال کرنا کیا اسلامی عقائد کے منافی نہیں ہیں۔
اب آپ چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔
ترجمہ کنزالایمان: پھر عرش پر استویٰ فرمایا جیسا کہ اس کی شان کے لائق ہے (امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)

6:وﷲ المشرق والمغرب فاینما تولوا فثم وجہ اﷲ، ان اﷲ واسع علیم
(سورۂ بقرہ آیت ۱۱۵، پارہ ۱)
ترجمہ: مشرق اور مغرب سب ﷲ کے ہیں۔ جس طرف بھی تم رخ کروگے، اسی طرف ﷲ کا رخ ہے ﷲ بڑی وسعت والا ہے اور سب کچھ جاننے والا ہے (مودودی)
ترجمہ: اور ﷲ ہی کی مملوک ہیں (سب سمتیں) مشرق بھی اور مغرب بھی کیونکہ تم لوگ جس طرف منہ کرو ادھر (ہی) ﷲ تعالیٰ کا رخ ہے کیونکہ ﷲ تعالیٰ (تمام جہات کو) محیط ہیں، کامل العلم ہیں (اشرف علی تھانوی دیوبندی)
ترجمہ: اور مشرق اور مغرب کا مالک ﷲ ہی ہے۔ تم جدھر بھی منہ کرو اور ادھر ہی ﷲ کا منہ ہے ﷲ تعالیٰ کشادگی اور وسعت والا بڑے علم والا ہے (سعودی ترجمہ)
ترجمہ: اور ﷲ ہی کا ہے پورب اور پچھم سو جس طرف تم منہ کرو ادھر ہی ﷲ کا سامنا ہے، بے شک ﷲ بڑی گنجائش والا خبردار ہے (عاشق الٰہی میرٹھی)
ترجمہ: اور مشرق اور مغرب کا مالک ﷲ ہی ہے پس جدھر کو منہ کرو پس وہی ہے منہ ﷲ کا۔ ﷲ کا چہرہ ہے بے شک وہ وسعت والا اور سب کچھ جاننے والا ہے (نواب وحید الزماں اہلحدیث)
محترم قارئین کرام! آپ نے موجودہ اردو تراجم ملاحظہ فرمائیں۔ تمام مترجمین نے اﷲ تعالیٰ کا رخ، ﷲ کا منہ، ﷲ کا سامنا اور ﷲ تعالیٰ کا چہرہ اپنے ترجمے میں لکھ کر غیر محتاط انداز اپنایا ہے۔ رخ اور چہرے کی نسبت ﷲ تعالیٰ کی ذات کی طرف کی گئی ہے حالانکہ ﷲ تعالیٰ کی ذات سمتوں، جہتوں اور جسم و جسمانیت سے پاک ہے مگر مترجمین نے اس معاملے میں سخت غلطی کی ہے۔
اب آپ چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔
ترجمہ کنزالایمان: اور پورب و پچھم سب ﷲ ہی کا ہے تو تم جدھر منہ کرو ادھر وجہ ﷲ ہے (خدا کی رحمت تمہاری طرف متوجہ) ہے بے شک ﷲ وسعت والا علم والا ہے (امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)

7:ووجدک ضآلاً فہدیٰ (سورۂ والضحیٰ آیت ۷، پارہ۳۰ )
ترجمہ: اور پایا تجھ کو راہ بھولا پس راہ دکھائی (شاہ رفیع الدین)
ترجمہ: اور آپ کو بے خبر پایا سو رستہ بتایا (عبدالماجد دریا بادی دیوبندی)
ترجمہ: اور تم کو دیکھا کہ راہ حق کی تلاش میں بھٹکے بھٹکے پھر رہے ہو تو تم کو دین اسلام کا سیدھا راستہ دکھایا (ڈپٹی نذیر احمد)
ترجمہ: اور ﷲ تعالیٰ نے آپ کو شریعت سے بے خبر پایا سو آپ کو شریعت کا راستہ بتلادیا۔ (اشرف علی تھانوی دیوبندی)
ترجمہ: اور تمہیں ناواقف راہ پایا اور پھر ہدایت بخشی (مودودی)
ترجمہ: اور تجھے راہ بھولا پاکر ہدایت نہیں دی (سعودی ترجمہ)
ترجمہ: اور تجھے پایا بھٹکتا تو رستہ دکھا دیا (عاشق الٰہی میرٹھی)
محترم قارئین کرام! آپ نے تمام تراجم کا مطالعہ کیا۔ آپ مذکورہ میں لفظ ’’ضآلاً‘‘ استعمال ہوا ہے اس کے مشہور معنی گمراہی اور بھٹکنا ہے، چنانچہ تمام مترجمین نے مخاطب پر نوک قلم کے بجائے خنجر پیوست کردیا۔ یہ نہ دیکھا کہ ترجمہ میں کس کو راہ گم کردہ، بھٹکتا، بے خبر، راہ بھولا کہا جارہاہے۔ کیا ان جملوں میں رسول کریم ﷺ کی عصمت باقی رہتی ہے یا نہیں۔ اس کی کوئی پرواہ نہیں۔
کاش یہ مفسرین تفاسیر کا مطالعہ کرنے کے بعد ترجمہ کرتے یا کم از کم اس آیت کا سیاق و سباق (اول تا آخر) ہی بغور دیکھ لیتے۔ انداز خطاب باری تعالیٰ پر نظر ڈال لیتے۔ ایک طرف ’’ماودعک ربک وما قلیٰ وللاٰخرۃ خیر لک من الاولیٰ‘‘ تمہیں تمہارے رب نے نہ چھوڑا اور نہ مکروہ جانا اور بے شک پچھلی تمہارے لئے پہلی سے بہتر ہے الخ۔ اس کے بعد ہی تاجدار کائنات ﷺ کی گمراہی کا ذکر کیسے آگیا۔ آپ خودغور کریں۔ حضور کریم ﷺ اگر کسی لمحہ گمراہ ہوتے تو راہ پر کون ہوتا یا یوں کہئے کہ جو خود گمراہ رہا ہو، بھٹکتا پھرا ہو، راہ بھولا ہوا ہو، وہ ہادی کیسے ہوسکتا ہے؟ اور خود قرآن مجید میں نفی ضلالت کی صراحت موجود ہے۔
ماضل صاحبکم وما غوٰی (سورۂ نجم، آیت ۲، پارہ۲۷ )
آپ کے صاحب (نبی کریمﷺ) نہ گمراہ ہوئے اور نہ بے راہ چلے
جب ایک مقام پر رب کریم قرآن مجید میں گمراہی اور بے راہ روی کی نفی فرما رہا ہے تو دوسرے مقام پر خود ہی کیسے گمراہ ارشاد فرمائے گا ؟
اب آپ چودھویں صدی کے مجدد امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں جنہوں نے مقام مصطفی ﷺ کو ملحوظ رکھتے ہوئے کیا خوب ترجمہ فرمایا ہے۔
ترجمہ کنزالایمان: اور تمہیں اپنی محبت میں خود رفتہ پایا تو اپنی راہ دی (امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ)

مذکورہ بالا تمام تراجم کا مختصر مطالعہ کرنے کے بعد عوام خود فیصلہ کریں کہ تمام تراجم اور امام احمد رضا خان محدث بریلی علیہ الرحمہ کے ترجمہ قرآن بنام کنزالایمان میں امتیاز ہے۔ تمام مترجمین نے کہیں نہ کہیں اسلامی عقائد کے منافی ترجمے کئے ہیں جس کی وجہ اسلام کو سخت نقصان پہنچا ہے ۔

ان تراجم کو آپ کے سامنے پیش کرنے کا واحد مقصد یہ ہے کہ صرف زیب و زینت اور خوبصورت پیکنگ دیکھ کر قرآن مجید کا ترجمہ مارکیٹوں سے لینے والے حضرات صرف زیب و زینت پر نہ جائیں بلکہ تراجم کی درستگی کو مدنظر رکھ صرف کنزالایمان پڑھیں ۔ (طالب دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...