Thursday, 2 February 2023

امیرِ معاویہ ، مولا علی و اہلِ بیتِ اطہار رضی اللہ عنہم حصّہ اوّل

امیرِ معاویہ ، مولا علی و اہلِ بیتِ اطہار رضی اللہ عنہم حصّہ اوّل
محترم قارئینِ کرام : نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم  کا فرمان ہے : ہم اہلِ بیت کی محبت کو خود پر لازم کرلو ! جو اللہ پاک سے اس حال میں ملے کہ ہم سے محبت کرتا ہو تو وہ ہماری شفاعت كے صدقے جنّت میں چلا جائے گا ۔ (معجم اوسط ، 1 / 606 ، حدیث : 2230) ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ک دورِ ظاہری سے لے کر آج تک اُمّتِ مسلمہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے گھرانے سے بے پناہ محبت کرتی آئی ہے ، ان عُشّاق میں ایک نمایاں نام کاتبِ وحی ، ہَادی و مَہدی (یعنی ہدایت دینے والا اور ہدایت یافتہ) ، صاحبِ علم و حِلم (یعنی بُردبار) ، محبوبِ خدا و رسول ، رازدارِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ، صحابی ابنِ صحابی ، خالُ المؤمنین ، ماہرِ اُمورِ سیاست ، پہلے سلطانِ اسلام ، عرب کے کِسریٰ حضرت امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ کا بھی ہے ، کتبِ سیرت میں آپ کی اہلِ بیت سے محبت و تعظیم اور ان کی طرف رجوع لانےکے جابجا واقعات نظر آتے ہیں ۔ حیرت کی بات ہے بعض لوگ خود کو سنی ، اور محبِ مولا علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں مگر فرامین حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ نہیں مانتے یا جھٹلا دیتے ہیں آئیے ایک بار پھر فرامین حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ سے اپنے دلوں کو منور کرتے ہیں اور حضرات مولا علی المرتضیٰ و امیر معاویہ رضی ﷲ عنہما کا باہمی تعلق و محبت کے بارے میں جانتے ہیں ۔ دشمنان اسلام لوگوں کی پوری کوشش رہی ہے کہ حضرت علی اور معاویہ رضی اللہ عنہما کو معاذ اللہ ایک دوسرے کا دشمن ثابت کیا جائے ۔ کبھی وہ ان کی زبان سے ایک دوسرے پر لعنت کہلواتے ہیں ، کبھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہلواتے ہیں اور ان کے اسلام میں شک کرواتے ہیں ۔ درحقیقت یہ ان کے اپنے جذبات ہیں جنہیں وہ زبردستی حضرت علی یا حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما کی زبان سے کہلوانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسی تمام روایات کا اگر جائزہ لیا جائے تو ان کی سند میں کوئی نہ کوئی جھوٹا راوی جیسے ابو مخنف ، ہشام کلبی ، سیف بن عمر یا واقدی ضرور موجود ہو گا ۔ یہاں ہم چند روایات اور کچھ نکات پیش کر رہے ہیں ، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان حضرات کی ایک دوسرے کے بارے میں کیا رائے تھی ؟ ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صحابہ کرام اور اہلبیتِ اطہار رضی اللہ عنہم کی محبت و ادب پر قائم رکھے آمین ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم  نے حضرت امیرِ معاویہ  رضی اللہُ عنہ  سے فرمایا : اے معاویہ ! کیا تم علی سے محبت کرتے ہو ؟ حضرت امیرِ معاویہ  رضی اللہُ عنہ  نے عرض کی : اس ذات کی قسم جس کے سِوا کوئی معبود نہیں ، میں حضرت علی  رضی اللہُ عنہ  سے بے پناہ محبت کرتا ہوں ۔ (تاریخ ابن عساکر ، 59 / 139)(تفسیر در منثور جلد اول صفحہ 831 مترجم اردو مطبوعہ ضیا القرآن)

حضرت امیرِ معاویہ  رضی اللہُ عنہ خود بھی حضرت علی  رضی اللہُ عنہ  کے اوصاف و کمالات سناتے اور لوگوں کو بھی اس کا حکم دیتے ۔ حاضرینِ محفل سے مولا علی کے شایانِ شان اشعار سنانے کا کہتے اور اس کے بدلے خوب انعام و اکرام فرماتے ۔ ایک مرتبہ آپ  رضی اللہُ عنہ  کی بارگاہ میں حضرت مولا على رضی اللہ عنہ  کا تذکرہ ہوا تو آپ نےفرماىا : خدا کى قسم ! جب حضرت على  رضی اللہ عنہ  کلام فرماتے تو آپ کی آواز میں شیر کی سی گرج ہوتی ، جب ظاہر ہوتے تو چاند کى طرح روشن ہوتے اور جب نوازتے تو بارش کى طرح بے انتہا عطا فرماتے ، بعض حاضرىن نے درىافت کىا کہ آپ افضل ہىں یا حضرت على ؟ فرماىا : حضرت على  رضی اللہُ عنہ  کے قدم بھى آلِ ابوسفىان سے بہتر ہىں ۔ (الناھیۃ صفحہ 59)

بعض اوقات کوئی پیچیدہ مقدمہ درپیش ہوتا تو حضرت علی  رضی اللہُ عنہ  کی بارگاہ میں رجوع کیا کرتے ۔ (مؤطا امام مالك جلد 2 صفحہ 259 حدیث نمبر 1481)

جب آپ  رضی اللہُ عنہ  کو امیرُالمؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ  کی شہادت کی خبر ملی تو نہایت افسردہ ہوئے ، رونے لگے اور فرمایا : لوگوں نے کس قدر فضل ، فِقْہ اور علم کھو دیا ہے ۔ (البدایۃ و النہایۃ جلد 5 صفحہ 634،چشتی)

حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ  کی شہادت کے بعد آپ نے حضرت ضِرار  رضی اللہُ عنہ سے حضرت علی کے اوصاف و کمالات بیان کرنے کا ارشاد فرمایا ، جب حضرت ضِرار نے حضرت علی  رضی اللہ عنہ  کے اوصاف بیان کئے تو آپ کی آنکھیں بھر آئیں اور رِیش مبارک آنسوؤں سے تَر ہو گئی ، آپ آستین سے آنسو پونچھنے لگے ، حاضرین بھی اپنے اوپر قابو نہ رکھ سکے اور رونے لگے ۔ (حلیۃ الاولیاء جلد 1 صفحہ 126)

سالہا سال تک مملکتِ اسلامیہ کے حاکم رہنے اور بحسن و خوبی اپنے فرائضِ منصبی ادا کرنے کے باوجود بھی یادِ الٰہی اور امورِ آخرت سے غافل نہ رہے ، اور اپنی شخصیت کو بہتر سے بہترین بنانے کے سفر میں بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے گھرانے کی طرف رجوع کیا چنانچہ ایک مرتبہ اُمُّ المؤمنین حضرت سیّدتُنا عائشہ صِدّیقہ رضی اللہُ عنہا  کو مکتوب روانہ کیا کہ مجھے وہ باتیں لکھ دیں جن میں میرے لیے نصیحت ہو ۔ (جامع ترمذی جلد 4 صفحہ 186 حدیث نمبر 2422،چشتی)

حضرت امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ جب بھی حسنینِ کریمین رضی اللہ عنہما  میں سے کسی سے ملاقات کرتے تو مَرحَباً وَاَهلًا بِاِبْنِ رَسُوْلِ اللهِ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم یعنی “ خوش آمدید اے رسولُ اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بیٹے “ کہتے ہوئے ان کا استقبال کرتے اور ان حضرات کی بارگاہ میں نذرانے بھی پیش کرتے ۔ (الطبقات الکبیر لابن سعد جلد 6 صفحہ 409)(معجم الصحابۃللبغوی جلد 5 صفحہ 370)

جب امام حسن رضی اللہ عنہ  آپ کے پاس آتے تو آپ رضی اللہ عنہ انہیں اپنی جگہ بٹھاتے ، خود سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ، کسی نے پوچھا : آپ ایسا کیوں کرتے ہیں ؟ فرمایا کہ امام حسن ہم شکلِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم  ہیں ، اس مشابہت کا احترام کرتا ہوں  ۔ (مراٰۃ المناجیح جلد 8 صفحہ 461)

آپ  رضی اللہ عنہ  لوگوں کو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی علمی مجلس کی خوبیاں بیان کرتے چنانچہ ایک مرتبہ ایک قریشی شخص سے فرمایا : جب تم مسجدِ نبوی میں جاؤ گے تو وہاں ایک ایسی مجلس دیکھو گے جس میں لوگ ہمہ تَن گوش ہو کر یوں باادب بیٹھے ہوں گے کہ جیسے ان کے سَروں پر پرندے بیٹھے ہوں ، جان لینا یہی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی مجلس ہے ۔ نیز اس حلقے میں مذاق مسخری نام کی کوئی شے نہ ہو گی ۔ (تاریخ ابن عساکر جلد 14 صفحہ 179)

حضرت امام حُسین رضی اللہ عنہ  کو بیش قیمت نذرانے پیش کرنے کے باوجود آپ ان سے مَعْذِرَت کرتے اور کہتے : فی الحال آپ کی صحیح خدمت نہیں کر سکا آئندہ مزید نذرانہ پیش کروں گا ۔ (کشف المحجوب صفحہ 77)

حضرت امیر معاویہ  رضی اللہُ عنہ  کی وفات 60 ہجری میں ایک قول کے مطابق 22رجبُ المرجب کو ملکِ شام کے مشہور شہر “ دِمشق “ میں ہوئی ۔ آپ کی نمازِ جنازہ حضرت ضَحّاک بن قَیس رضی اللہ عنہ  نے پڑھائی جبکہ تدفین بابُ الصّغیر دِمشق شام میں ہوئی ۔ (الثقات لابن حبان جلد 1 صفحہ 232 ، 436)

حضرت معاویہ رضی ﷲ عنہ نے فرمایا میرا حضرت علی رضی ﷲ عنہ سے اختلاف صرف حضرت عثمان رضی ﷲ عنہ کے قصاص کے مسئلہ میں ہے اور اگر وہ خون عثمان رضی ﷲ عنہ کا قصاص لے لیں تو اہل شام میں ان کے ہاتھ پر بیعت کرنے والا سب سے پہلے میں ہوں گا ۔ (البدایہ و النہایہ ج 7‘ص 259)

حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ۔ میرے لشکر کے مقتول اور حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ کے لشکر کے مقتول دونوں جنتی ہیں ۔ (مجمع الزوائد ‘ ج 9‘ ص 258،چشتی)

حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ نے جنگ صفین سے واپسی پر فرمایا ۔ امارات معاویہ رضی ﷲعنہ کو بھی خزانہ سمجھو کیونکہ جس وقت وہ نہ ہوں گے تم سروں کو گردنوں سے اڑتا ہوا دیکھو گے ۔ ( شرح عقیدہ واسطیہ)

حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ کو جب شہادت حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ کو خبر ملی تو سخت افسردہ ہوگئے اور رونے لگے ۔ (البدایہ ج 8 ص 130)

حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ نے حضرت المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ کو صاحب فضل کہا ۔ (البدایہ‘ ج 8ص 131)

حضرت ابو امامہ رضی ﷲ عنہ سے سوال کیا گیا حضرت امیر معاویہ و عمر بن عبدالعزیز میں سے افضل کون ہے ؟ آپ نے فرمایا ہم اصحاب مسجد کے برابر کسی کو نہیں سمجھتے ‘ افضل ہونا تو کجا ہے ۔ (الروضہ الندیہ‘ شرح العقیدہ الواسطیہ ص 406)

حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ نے ایک قتل کے مسئلہ پر حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ سے رجوع کیا ۔ ( موطا امام مالک)

حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ نے روم کے بادشاہ کو جوابی خط لکھا تو اس میں یہ لکھا حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ میرے ساتھی ہیں اگر تو ان کی طرف غلط نظر اٹھائے گا تو تیری حکومت کو گاجر مولی کی طرح اکھاڑ دوں گا ۔ (تاج العروس ص 221)

حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ’’اے نصرانی کتے اگر حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ کا لشکر تیرے خلاف روانہ ہوا تو سب سے پہلے حضرت علی المرتضیٰ رضی ﷲ عنہ کے لشکر کا سپاہی بن کر تیری آنکھیں پھوڑ دینے والا معاویہ ہوگا ۔ (بحوالہ مکتوب امیر معاویہ البدایہ)

حضرت علی کے بھائی عقیل اس وقت حضرت معاویہ رضی اللہ عنہم کے قریبی ساتھی تھے اور دوسری طرف حضرت معاویہ کے بھائی زیاد بن ابی سفیان ، حضرت علی کے قریبی ساتھی تھے اور آپ نے انہیں ایران و خراسان کا گورنر مقرر کر رکھا تھا ۔ ایک بار عقیل ، معاویہ کے پاس بیٹھے تھے تو معاویہ نے جی کھول کر علی کی تعریف کی اور انہیں بہادری اور چستی میں شیر ، خوبصورتی میں موسم بہار ، جود و سخا میں دریائے فرات سے تشبیہ دی اور کہا : ’’اے ابو یزید (عقیل) ! میں علی بن ابی طالب کے بارے میں یہ کیسے نہ کہوں ۔ علی قریش کے سرداروں میں سے ایک ہیں اور وہ نیزہ ہیں جس پر قریش قائم ہیں ۔ علی میں بڑائی کی تمام علامات موجود ہیں ۔‘‘ عقیل نے یہ سن کر کہا : ’’امیر المومنین ! آپ نے فی الواقع صلہ رحمی کی ۔‘‘ ( ابن عساکر۔ 42/416،چشتی)

حضرت علی رضی اللہ عنہ نے جنگ صفین کے بعد جو خط شہروں میں بھیجا، اس میں فرمایا: ہمارے معاملہ کی ابتدا یوں ہوئی کہ ہم میں اور اہل شام میں مقابلہ ہوا۔ ظاہر ہے کہ ہمارا اور ان کا رب ایک ، ہمارا اور ان کا نبی ایک، ہماری اور ان کی اسلام کے متعلق دعوت ایک۔ اس معاملے میں نہ وہ ہم سے زیادہ تھے اور نہ ہم ان سے۔ صرف ایک معاملے میں ہم میں اختلاف ہوا اور وہ تھا خون عثمان کا جبکہ ہم اس سے بری تھے ۔ ( سید شریف رضی۔ نہج البلاغہ۔ خط نمبر 58)

ایک شخص نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے کوئی دینی سوال کیا ۔ آپ نے فرمایا : اس بارے میں علی بن ابی طالب سے پوچھ لیجیے ، وہ مجھ سے زیادہ بڑے عالم ہیں۔‘‘ اس نے کہا : ’’امیر المومنین! آپ کی رائے، میرے نزدیک علی کی رائے سے زیادہ پسندیدہ ہے۔‘‘ آپ نے فرمایا: ’’آپ نے تو بہت ہی بری بات کی اور آپ کی رائے بہت ہی قابل مذمت ہے۔ کیا آپ ان صاحب (علی) کی رائے کو ناپسند کر رہے ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علم سے عزت بخشی ہے ؟ آپ نے انہیں فرمایا تھا : علی ! آپ میرے لیے وہی حیثیت رکھتے ہیں جو کہ موسیٰ کے نزدیک ہارون (علیہما الصلوۃ والسلام) کی تھی ۔ فرق یہ ہے کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ۔ (ابن عساکر۔ 42/170)

خوارج نے حضرت علی ، معاویہ اور عمرو رضی اللہ عنہم کو ایک ہی رات میں شہید کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنے حملہ آور کو پکڑ لیا تو وہ کہنے لگا : “میرے پاس ایسی خبر ہے جسے سن کر آپ خوش ہو جائیں گے ۔ اگر میں آپ سے وہ بیان کر دوں تو آپ کو بہت نفع پہنچے گا ۔ ” آپ نے فرمایا : “بیان کرو ۔” کہنے لگا : “آج میرے بھائی نے علی کو قتل کر دیا ہو گا ۔” آپ نے فرمایا : “کاش ! تمہارا بھائی ان پر قابو نہ پا سکے ۔ ( طبری۔ 3/2-357)

جنگ صفین کے بعد حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا : “لوگو! آپ لوگ معاویہ رضی اللہ عنہ کی گورنری کو ناپسند مت کریں ۔ اگر آپ نے انہیں کھو دیا تو آپ دیکھو گے کہ سر اپنے شانوں سے اس طرح کٹ کٹ کر گریں گے جیسے حنظل کا پھل اپنے درخت سے ٹوٹ ٹوٹ کر گرتا ہے ۔ ( ابن ابی شیبہ المصنف 14/38850)
حَدَّثَنَا حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ ، عَنْ مُجَالِدٍ ، عَنِ الشَّعْبِيِّ ، عَنِ الْحَارِثِ ، قَالَ : لَمَّا رَجَعَ عَلِيٌّ مِنْ صِفِّينَ عَلِمَ أَنَّهُ لَا يَمْلِكُ أَبَدًا , فَتَكَلَّمَ بِأَشْيَاءَ كَانَ لَا يَتَكَلَّمُ بِهَا , وَحَدَّثَ بِأَحَادِيثَ كَانَ لَا يَتَحَدَّثُ بِهَا , فَقَالَ : فِيمَا يَقُولُ : " أَيُّهَا النَّاسُ , لَا تَكْرَهُوا إِمَارَةَ مُعَاوِيَةَ , وَاللَّهِ لَوْ قَدْ فَقَدْتُمُوهُ ! لَقَدْ رَأَيْتُمُ الرُّءُوسَ تَنْزُو مِنْ كَوَاهِلِهَا كَالْحَنْظَلِ ! " ۔(مصنف ابن أبي شيبة » كِتَابُ الْجَمَلِ » بَابُ مَا ذُكِرَ فِي صِفِّينَ ... رقم الحديث: 37151،چشتی)

یزید بن اصم کہتے ہیں کہ جب علی اور معاویہ رضی اللہ عنہما کے درمیان صلح ہو گئی تو علی اپنے مقتولین کی جانب نکلے اور فرمایا : ’’یہ لوگ جنت میں ہوں گے ۔‘‘ پھر معاویہ کے مقتولین کی طرف چلے اور فرمایا: ’’یہ لوگ بھی جنت میں ہوں گے۔ (روز قیامت) یہ معاملہ میرے اور معاویہ کے درمیان ہو گا۔ فیصلہ میرے حق میں دیا جائے گا اور معاویہ کو معاف کر دیا جائے گا ۔ مجھے میرے حبیب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طرح بتایا تھا ۔ ( ابن عساکر۔ 59/139)

ان واقعات کو پڑھنے کے بعد کوئی ذی شعور بے سند اور لا یعنی بات نہیں کر سکتا ایک اور بات امام حسن اور امام حسین رضی اللہ عنہما ہم سے زیادہ مولا علی رضی اللہ عنہ کے قریبی ہیں جب انہوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کر لی اور ان سے سالانہ وظائف بهی قبول کرتے رہے تو ہمیں امیر معاویہ رضی اللہ عنہ پر تنقید کا کوئی حق نہیں. کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے کسی کافر یا فاسق کے ہاتھ پر بیعت نہیں کر سکتے . اب امیر معاویہ رضی اللہ عنہ پر تنقید درپردہ سرداران نوجوانان جنت رضی اللہ عنہما پر تنقید ہے ۔

حضرت امیر معاویہ حضرت علی رضی اللہ عنہما کے مقابلہ میں جنگ آزما ہونے کے بعد بھی ان کے تمام فضائل کے معترف تھے اورانہوں نے بارہا اوربرملا ان کا اعتراف کیا ، جنگ صفین کی تیاریوں کے وقت جب ابو مسلم خولانی ان کو سمجھانے کے لئے گئے اور کہا معاویہ میں نے سنا ہے کہ تم علی سے جنگ کا ارادہ رکھتے ہو، تم کو سبقت اسلام کا شرف حاصل نہیں ہے ، پھر کس برتے پر اٹھو گے تو انہوں نے صاف صاف اعتراف کیا کہ مجھے اس کا دعویٰ نہیں ہے کہ میں فضل میں ان کے مثل ہوں ، میں تو صرف قاتلین عثمان رضی اللہ عنہ کو مانگتا ہوں ، اپنی وفات کے کچھ دنوں پہلے انہوں نے مجمع عام میں جو تقریر کی تھی، اس کے الفاظ یہ تھے کہ میرے بعد آنے والا مجھ سے بہتر نہیں ہوگا، جیسا کہ میں اپنے پیش رو سے بہتر نہیں ہوں ۔ (ابن الاثیر:۴/۲،مطبوعہ یورپ)

وہ نہ صرف حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ ؛ بلکہ خاندانی بنی ہاشم کے شرف و فضیلت کے معترف تھے ، ایک مرتبہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ بنی امیہ اشرف ہیں یا بنی ہاشم ، انہوں نے زمانہ جاہلیت کی پوری تاریخ دہرا کر دونوں کی فضیلت کا اعتراف کیا اورآخر میں کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ وسلّم کی بعثت کے بعد بنی ہاشم کی فضیلت کو کون پہنچ سکتا ہے ۔ (البدایہ والنہایہ:۸/۱۳۸)

حضرت مولاء علی مشکل کشاء رضی اللہ عنہ نے فرمایا : لوگو! معاویہ کی گورنری کو ناپسند نہ کرو۔ واللہ! اگر تم نے انہیں کھو دیا تو تم ضرور دیکھو گے کہ سر ، شانوں سے اس طرح کٹ کٹ کر گر رہے ہوں گے جیسا کہ حنظل کا پھل اپنے پودے سے گرتا ہے ۔ (ابن ابی شیبہ۔ المصنف۔ کتاب الجمل، باب صفین۔ جلد 14)( 38850۔ ابن ابی الحدید۔ شرح نہج البلاغۃ۔ 12/40)

حضرت مولاء علی مشکل کشاء رضی اللہ عنہ نے فرمایا : زید بن اصم کہتے ہیں کہ جب علی اور معاویہ کے درمیان صلح ہو گئی تو علی (رضی اللہ عنہ) اپنے مقتولین کی جانب نکلے اور فرمایا : ’’یہ لوگ جنت میں ہوں گے ۔‘‘ پھر معاویہ (رضی اللہ عنہ) کے مقتولین کی طرف چلے اور فرمایا : ’’یہ لوگ بھی جنت میں ہوں گے۔ (روز قیامت) یہ معاملہ میرے اور معاویہ کے درمیان ہو گا۔ فیصلہ میرے حق میں دیا جائے گا اور معاویہ (رضی اللہ عنہ) کو معاف کر دیا جائے گا۔ مجھے میرے حبیب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی طرح بتایا تھا ۔ ( ابن عساکر۔ 59/139،چشتی)

اہلِ تشیع کی مشہور کتاب نہج البلاغہ میں حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کا ایک مراسلہ (Circular) نقل کیا گیا ہے جو آپ نے جنگ صفین کے بارے میں شہروں میں بھیجا۔ اس میں لکھا ہے : حضرت علی علیہ السلام کا خط، جو آپ نے شہروں کی جانب لکھا، اس میں آپ نے اپنے اور اہل صفین کے درمیان ہونے والے واقعے کو بیان فرمایا : ہمارے معاملہ کی ابتدا یوں ہوئی کہ ہم اہل شام کے ساتھ ایک میدان میں اکٹھے ہوئے ۔ ظاہر ہے کہ ہمارا اور ان کا رب ایک ، ہمارا اور ان کا نبی ایک، ہماری اور ان کی اسلام کے متعلق دعوت ایک۔ اللہ پر ایمان اور اس کے رسول کی تصدیق کے معاملے میں نہ ہم ان سے بڑھ کر تھے اور نہ وہ ہم سے بڑھ کر ۔ صرف ایک معاملے میں ہم میں اختلاف ہوا اور وہ تھا خون عثمان کا جبکہ ہم اس سے بری تھے۔ ہم نے اس کا حل یہ پیش کیا کہ جو مقصد آج نہیں حاصل ہو سکتا ہے ، اس کا وقتی علاج یہ کیا جائے کہ آتش جنگ کو خاموش کر دیا جائے اور لوگوں کو جذبات کو پرسکون ہو لینے دیا جائے ۔ اس کے بعد جب حکومت کو استحکام حاصل ہو جائے گا اور حالات سازگار ہو جائیں گے تو ہم اتنے طاقتور ہو جائیں گے کہ حق (یعنی قصاص) کو اس کے مقام پر رکھ لیں ۔ لیکن انہوں نے کہا کہ اس کا علاج صرف جنگ ہی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جنگ نے اپنے پاؤں پھیلا دیے اور جم کر کھڑی ہو گئی۔ شعلے بھڑک اٹھے اور مستقل ہو گئے۔ سب نے دیکھا کہ جنگ نے دونوں فریقوں کو دانت سے کاٹنا شروع کر دیا ہے اور فریقین میں اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں تو وہ میری بات ماننے پر آمادہ ہو گئے اور میں نے بھی ان کی بات کو مان لیا اور تیزی سے بڑھ کر ان کے مطالبہ صلح کو قبول کر لیا ۔ یہاں تک کہ ان پر حجت واضح ہو گئی اور ہر طرح کا عذر ختم ہو گیا ۔ اب اس کے بعد کوئی اس حق پر قائم رہ گیا تو گویا اپنے آپ کو ہلاکت سے نکال لے گا ورنہ اسی گمراہی میں پڑا رہ گیا تو ایسا عہد شکن ہو گا جس کے دل پر اللہ نے مہر لگا دی ہے۔ گردش ایام اسی کے سر پر منڈلا رہی ہو گی ۔ (سید شریف رضی نہج البلاغہ خط نمبر 58،چشتی)
یہ تحریر وہ خط ہے جو نہج البلاغہ کے مولف شریف رضی کے مطابق مختلف شہروں میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے حکم سے بھیجا گیا تاکہ اس جنگ سے متعلق حضرت علی رضی اللہ عنہ کے نقطہ نظر کو واضح کیا جا سکے ۔ انڈر لائن الفاظ سے واضح ہے کہ آپ ، اہل شام کو عین مسلمان سمجھتے تھے اور ہر حال میں صلح چاہتے تھے ۔ اس سے ابو مخنف کی ان روایات کی بھی تردید ہو جاتی ہے جن کے مطابق حضرت علی جنگ جاری رکھنا چاہتے تھے اور اپنے ساتھیوں کے مجبور کر دینے پر وہ بادل نخواستہ جنگ بندی کے لیئے تیار ہوئے تھے ۔

فرمان مولا علی رضی اللہ عنہ معاویہ رضی اللہ عنہ ہمارے بھائی ہیں

حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ ہمارے بھائی ہیں ان سے خطاء اجتہادی ہوئی ہم سب ساتھ ہونگے ۔ (ازالۃُ الخفاء جلد 4 صفحہ 522)

اے خود کو حضرت علی رضی اللہ عنہ کا محب کہنے والو اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی شانِ اقدس میں گستاخی کرنے والو حضرت علی رضی اللہ عنہ انہیں اپنا بھائی فرما رہے ہیں کیسے بد بخت ہو تم جنہیں حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ اپنا بھائی کہیں تم انہیں کی شان میں گستاخیاں کرتے ہو ان سے بغض رکھتے ہو ارے نہیں نہیں بلکہ تم لوگ حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کو جھٹلاتے اور انہیں کی توہین کرتے ہو کچھ سوچو کیا تم لوگ حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ سے بڑے عالم و محقق ہو ؟ اللہ تعالیٰ تمہیں ہدایت اور عقل سلیم عطاء فرمائے آمین ۔ (مزید حصّہ دوم میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...