فضائل و مناقب حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ حصّہ پنجم
کاتبِ وحی حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ
ارشادِ باری تعالیٰ ہے : بِاَيۡدِىۡ سَفَرَةٍ ۔ كِرَامٍۢ بَرَرَةٍؕ ۔ (سورة عبس : ١٥ ، ١٦)
ترجمہ : ان کے ہاتھوں سے لکھے ہوئے جو عزت والے نیک ہیں ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اپنی زبان مبارک سے نطق فرماتے حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ اس کو تحریر فرماتے اور نص قرآنی سے ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا نطق وحی الٰہی ہے اسی وجہ سے ان کو کاتب وحی کہا جاتا ہے تو معلوم ہوا کہ حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ کاتب عادل تھے کیونکہ غیر عادل رسول الله صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا کاتب نہیں ہو سکتا قرآن پاک میں ہے : وَلۡيَكۡتُب بَّيۡنَكُمۡ كَاتِبٌۢ بِالۡعَدۡلِ ۔ ( سورة البقرة : ٢٨٢ ) ۔ چاہیے کہ تمہارے درمیان کوئی لکھنے والا ٹھیک ٹھاک لکھے ۔ اور حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ اس آیۃ کا مصداق ہیں اور چونکہ کاتب پر اعتماد ہوتا ہے لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ پر اعتماد تھا ۔ آج کل حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ کی ذاتِ اقدس کو لے کر جاہل قسم کے لوگوں نے طوفان بدتمیزی برپا کیا ہوا ہے اور کئی طرح کے اعتراضات اور سوالات کرتے ہیں اسی سلسلے میں ایک سوال اٹھایا گیا ہے کہ قرآن کی وہ کون سی آیت ہے جس کی کتابت حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ نے کی تھی ؟ عرض ہے کہ رجال و سیر کی کتابوں میں رسول الله صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے کاتبوں کے نام ملتے ہیں ، مگر سب کے بارے میں یہ صراحت نہیں ملتی کہ کس نے کیا لکھا سب کے نام ملتے ہیں مگر کس نے کونسی آیت کی کتابت کی اس کی صراحت نہیں ملتی ، اب ذرا ان ہستیوں کے نام ملاحظہ فرمائیں جن کے نام کتابتِ وحی کے فرائض انجام دینے میں لکھے گئے ہیں : 1_ حضرت ابو بکر صدیق 2_ حضرت فاروق اعظم 3_ حضرت عثمان غنی 4_ مولا علی شیر خدا 5_ طلحہ بن عبید الله بن عثمان 6_ زبیر بن العوام بن خویلد 7_ سعد بن ابی وقاص مالک 8_ عامر بن فہیرہ 9_ ثابت بن قیس بن شماس 10_ خالد بن سعید بن العاص بن امیہ 11_ ابان بن سعید بن العاص امیہ 12_ حنظلہ بن الربیع 13_ ابو سفیان صخر بن حرب 14_ یزید بن ابو سفیان 15_ امیر معاویہ بن ابی سفیان 16_ زید بن ثابت 17_ شرحبیل بن حسنہ 18_ علاء حضرمی 19_ خالد بن ولید 20_ محمد بن مسلمہ انصاری 21_ عبد الله بن رواحہ انصاری 22_ مغیرہ بن شعبہ 23_ عمرو بن العاص بن وائل قرشی 24_ عبد الله بن عبد الله بن ابی بن سلول 25_ جہم بن سعد اسلمی 26_ جہیم بن الصلت 27_ ارقم بن ابی ارقم مخزومی 28_ عبد الله بن زید بن عبد ربہ انصاری خزرجی 29_ علاء بن اقبی 30_ ابو ایوب انصاری 31_ حذیفہ بن یمان 32_ بریدہ بن ابن الحصیب مازنی 33_ حصین بن نمیر بن فاتک 34_ عبد الله بن ابی سرح سعد 35_ ابو سلمہ بن عبد الاسد قرشی 36_ حویطب بن عبد العزی 37_ حاطب بن عمرو 38_ ابن خطل 39_ ابی بن کعب 40_ عبد الله بن ارقم قرشی 41_ معیقیب بن ابی فاطمہ رضی الله تعالی عنہم اجمعین ۔ (قرآن کیسے جمع ہوا صفحہ 38 تا 50 مکتبہ اعلی حضرت لاہور،چشتی)
ان اسماء گرامی کو لکھنے کے بعد معترض سے انہی کے طریقہ پر کہوں گا پوچھنا یہ تھا کہ ان میں سے ہر ایک ہستی نے قرآن کی کون کون سی آیت لکھی ہے مزید یہ کہ ان میں سے ہر ایک نے کتنی کتنی آیات مبارکہ کی کتابت فرمائی ؟ بیچارے کیا جواب دیں گے شائد اس نے کاتبانِ وحی کے اسماء گرامی ہی پہلی مرتبہ پڑھے ہوں ۔ جب جواب '' نہیں " میں ہے اور یقیناً نہیں میں ہے تو صرف حضرت امیر معاویہ رضی الله عنہ کے بارے میں اس طرح سوال کرنا بدبختی نہیں تو کیا ہے ؟ اسی شرف سے مشرف ہونے کی بنا پر جلیل المرتبت محدثین اور علماء ربانیین و اولیاء کاملین علیہم الرحمہ آپ کو کاتب وحی کہہ کر یاد کرتے رہے اور کرتے ہیں : نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نےحضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو جبرائیل علیہ السّلام سے مشورہ کے بعد کاتب وحی بنایا جبرائیل علیہ السّلام نے عرض کیا کیوں نہیں وہ امین ہیں ۔ (تاریخ ابن کثیر مترجم حصّہ ہفتم ، ہشتم صفحہ 158)
حضرت شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : حضرت امیر معاویہ رضی اللہ فتح مکہ سے پہلے اسلام لائے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے خطوط اور وحی الٰہی لکھا کرتے تھے ۔ (مدارج النبوت جلد دوم صفحہ نمبر 620 مترجم مطبوعہ شبیر برادرز اردو بازار لاہور،چشتی)
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم خود حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو وحی لکھواتے حروف بتاتے یہ ایسے ایسے لکھو ۔ (تفسیر دُرِّ منثور جلد اوّل صفحہ نمبر 45 مترجم اردو،چشتی)
امام قاضی عیاض مالکی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : حضرت عمر بن عبد العزیز رضی اللہ عنہ نے فرمایا حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ صحابی رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور کاتب وحی اور وحی الٰہی کے امین ہیں صحابہ رضی اللہ عنہم کو دوسروں پر قیاس مت کرو ۔ (کتاب الشفا مترجم اردو جلد نمبر 1 صفحہ نمبر61)
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم خود حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو وحی لکھواتے حروف بتاتے یہ ایسے ایسے لکھو ۔ (تفسیر دُرِّ منثور جلد اوّل صفحہ نمبر 45 مترجم اردو،چشتی)
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ اُمتِ مُسلمہ کے ماموں اور رب العالمین کی وحی کے کاتب ہیں دیگر کاتبان وحی کے ساتھ وحی لکھتے تھے ۔ (تاریخ ابن کثیر جلد نمبر ہفتم ، ہشتم صفحہ نمبر 33)
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کاتب وحی اور اُمتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے ماموں ہیں ۔ (تاریخ مدینہ دمشق الجزء التّاسع و الخمسون صفحہ 55)
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کاتب وحی تھے (معانی الاخبار صفحہ 394 شیعہ مصنف شیخ صدوق کا انتہائی گستاخانہ انداز میں مجبوراً اقرار) سنیوں کے لبادے میں چھپے رافضی منکر اب کیا کہتے ہیں ؟
جناب ڈاکٹر محمد طاہرُ القادری صاحب لکھتے ہیں : کتابتِ وحی کے لیے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کے علاوہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے بہت سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی مقرر فرمایا ہوا تھا، جو حسب ضرورت کتابتِ وحی کے فرائض انجام دیتے تھے، کاتبین وحی کی تعداد چالیس تک شمار کی گئی ہے۔ لیکن ان میں سے زیادہ مشہور یہ حضرات ہیں : حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ، حضرت عمر رضی اللہ عنہ، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ، حضرت علی رضی اللہ عنہ، حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ، حضرت عبد اللہ بن ابی سرح رضی اللہ عنہ، حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ، حضرت خالد بن سعید بن العاص رضی اللہ عنہ، حضرت ابان بن سعید بن العاص رضی اللہ عنہ، حضرت حنظلہ ابن الربیع رضی اللہ عنہ، حضرت معقیب بن ابی فاطمہ رضی اللہ عنہ، حضرت عبد اللہ بن ارقم الزہری رضی اللہ عنہ، حضرت شرجیل بن حسنہ رضی اللہ عنہ، حضرت عبد اللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ، حضرت عامر بن فہیرہ رضی اللہ عنہ، حضرت عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ، حضرت ثابت بن قیس بن شماس رضی اللہ عنہ، حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ، حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ، حضرت معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ، حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ ۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا معمول یہ تھا کہ جب قرآن کریم کا کوئی حصہ نازل ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کاتب وحی کو یہ ہدایت بھی فرما دیتے تھے کہ اسے فلاں سورۃ میں فلاں آیات کے بعد لکھا جائے ، چنانچہ اسے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ہدایت کے مطابق لکھ لیا جاتا تھا ، قرآنی آیات زیادہ تر پتھر کی سلوں، اور چمڑے کے پارچوں، کھجور کی شاخوں ، بانس کے ٹکڑوں ، درخت کے پتوں اور جانوروں کی ہڈیوں پر لکھی جاتی تھیں، البتہ کبھی کبھی کاغذ کے ٹکڑے بھی استعمال کیے گئے ہیں ۔ (عسقلانی، فتح الباری، 9 : 18،چشتی) ۔ (سیرۃُ الرّسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی شخصی و رِسالتی اہمیت صفحہ 59)
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کاتبِ وحی ، عظیم المرتب صحابی اور تمام اہلِ اسلام کے ماموں ہیں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی صاحب مفتی منہاج القرآن لکھتے ہیں : حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم المرتبت صحابی ہیں ، کاتب وحی ہیں ۔ ام المومنین ام حبیبہ رضی اللہ عنہ کے بھائی ہیں ۔ اس لحاظ سے تمام اہل اسلام کے قابل صد تکریم روحانی ماموں ہیں ۔ لہذا کوئی مسلمان ان کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کرسکتا اور جو گستاخی کرے وہ مسلمان نہیں ہوسکتا ۔ (ماہنامہ منہاج القرآن جنوری 2013 ء الفقہ آپ کے دینی مسائل،چشتی)
کاتب کےمعنی ہیں : لکھنے والا اور نبی علیہ السَّلام پر اللہ پاک کی طرف سے نازل ہونے والے کلام کو ”وحی“ کہتے ہیں ۔ ( عمدۃ القاری جلد 1 صفحہ 37)
جب نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم پر وحی نازل ہوتی (یعنی اترتی) تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اسے صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان کو لکھوا دیتے ۔ کئی صحابَۂ کرام علیہمُ الرِّضوان وحی لکھنے پر مامور تھے ، جن میں حضرت سیّدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ بھی شامل ہیں ، اسی وجہ سے آپ رضی اللہ عنہ کو کاتبِ وحی کہا جاتا ہے ۔ (سیرۃ الحلبیہ جلد 3 صفحہ 458،چشتی)(امتاع الاسماع جلد 9 صفحہ 329،334)
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو جبرائیل امین علیہ السّلام کے مشورے سے کاتبِ وحی بنایا جبرائیل امین علیہ السّلام نے عرض کیا معاویہ امانت دار ہے ، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کےلیے دعائیں فرمائیں اور فرما یا اے معاویہ میں تم سے ہوں اور تُم مجھ سے ہو تم میرے ساتھ جنّت میں ہوگے ۔ (سیرتِ حلبیہ مترجم اردو جلد نمبر 5 صفحہ 289 مطبوعہ دارالاشاعت اردو بازار کراچی)
حضرت سیدناعبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتےہیں کہ سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے عرض کیا : يا نبي الله ثلاث أعطنيهن ، قال نعم قال عندي أحسن العرب وأجمله، أم حبيبة بنت أبي سفيان، أزوجكها، قال: نعم قالومعاوية، تجعله كاتبا بين يديك، قال نعم قال وتؤمرني حتى أقاتل الكفار، كما كنت أقاتل المسلمين، قال نعم ۔
ترجمہ : اے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم آپ مجھے تین چیزیں عطا فرما دیجیے (یعنی تین چیزوں کے بارے میں میری درخواست قبول فرمالیجیے) نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جواباً ارشاد فرمایا : جی ہاں ۔ (ابوسفیان رضی اللہ عنہ) نےعرض کیا میری بیٹی ام حبیبہ رضی اللہ عنہا عرب کی سب سے زیادہ حسین وجمیل خاتون ہے میں اسے آپ کی زوجیت میں دیتاہوں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : جی ہاں ۔ (ابوسفیان رضی اللہ عنہ) نے عرض کیاکہ آپ معاویہ کو کاتب وحی بنالیں ۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : جی ہاں ۔ پھر (ابوسفیان رضی اللہ عنہ) نے عرض کیاکہ آپ مجھے کسی دستے کا امیر بھی مقرر کردیں تاکہ میں کفار سے لڑائی کروں جس طرح میں (قبول اسلام سے قبل) مسلمانوں سے لڑائی کرتا تھا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : جی ہاں ۔ (صحیح مسلم کتاب فضائل الصحابۃ باب من فضائل ابی سفیان برقم ۶۴۰۹)
اس صحیح حدیث سے ثابت ہواکہ امیرمعاویہ کو کاتب وحی اور خال المؤمنین ہونے کاشرف حاصل ہے ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے عرض کیا گیا کہ : ومعاوية، تجعله كاتبا بين يديك ؟ ۔
ترجمہ : کیا آپ معاویہ رضی اللہ عنہ کو اپنا کاتب مقرر فرمائیں گے ؟
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : جی ہاں ۔ (صحيح مسلم : 304/2، حدیث : 2501)
ایک روایت میں ہے : وكان يكتب الوحي ۔
ترجمہ : معاویہ رضی اللہ عنہ کاتب وحی تھے ۔ (دلائل النبوة للبيهقي : 243/6، وسنده صحيح)
تبع تابعی ، شیخ الاسلام ، معافی بن عمران رحمۃ اللہ علیہ (م : 186/185 ھ) فرماتے ہیں : معاوية ، صاحبه ، وصهره ، وكاتبه ، وأمينه علٰي وحي الله ۔
ترجمہ : سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے صحابی ، آپ کے سالے ، آپ کے کاتب اور اللہ کی وحی کے سلسلے میں آپ کے امین تھے ۔ (تاريخ بغداد للخطيب : 209/1،چشتی)(تاريخ ابن عساكر : 208/59، البداية والنهاية لابن كثير : 148/8، وسنده صحيح)
امام حافظ ابن عساکر رحمۃ اللہ علیہ (571-499 ھ) فرماتے ہیں : وأصح فى فضل معاوية حديث أبي جمرة عن ابن عباس، أنه كان كاتب النبى صلى الله عليه وسلم منذ أسلم ۔
ترجمہ : حضرت سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی فضیلت میں اصح حدیث ابوجمرہ کی سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے بیان کردہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ جب سے اسلام لائے ، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے کاتب تھے ۔ (البداية والنهاية لابن كثير : 128/8)
امام ابومنصور معمر بن احمد اصبہانی رحمۃ اللہ علیہ (م : 428 ھ) اہلسنت کا اجماعی عقیدہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : وأن معاوية بن أبي سفيان كاتب وحي الله وأمينه، ورديف رسول الله صلى الله عليه وسلم ، وخال المؤمنين رضي الله عنه .
ترجمہ : سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو وحی الٰہی کے کاتب و امین ہونے ، نبی کریم اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے ساتھ ایک سواری پر سوار ہونے اور مؤمنوں کے ماموں ہونے کا شرف حاصل ہے ۔ (الحجة فى بيان المحجة للإمام قوام السنة أبي القاسم إسماعيل بن محمد الأصبهاني : 248/1، وسنده صحيح)
امام ابن قدامہ مقدسی حنبلی رحمۃ اللہ علیہ (م : 620 ھ) مسلمانوں کا عقیدہ یوں بیان فرماتے ہیں : ومعاوية خال المؤمنين، وكاتب وحي الله ، وأحد خلفاء المسلمين ۔
ترجمہ : سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ مؤمنوں کے ماموں ، کاتب وحی الٰہی اور مسلمانوں کے ایک خلیفہ تھے ۔ (لمعة الاعتقاد، ص : 33)
شیعہ مذہب کی ان معتبر کتب میں امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو کاتب وحی تسلیم کیا گیا ہے ۔ (معاني الاخبار ص۳۴۶،طبع دارالمعرفہ)(معانی الاخبار اردو مترجم ج۲ص۳۹۳۔۳۹۴،طبع کراچی)(الإحتجاج للطبرسی ج۱ص۲۳۹،ط انتشارات الشریف الرضی)(شرح نهج البلاغة لابن ابي الحديد ج۱ص۲۳۸)
حافظ ابوبکر محمد بن حسین آجری بغدادی علیہ الرحمہ (متوفی 360ھ ) فرماتے ہیں : معاویۃ رحمہ اللہ کاتب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم علی وحی اللہ عزوجل وھو القرآن بامر اللہ عزوجل ، رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے کاتب سیدنا امیر معاویہ پر اللہ رحم فرمائے آپ اللہ کے حکم سے وحی الہی ؛ قرآن پاک لکھا کرتے تھے ، (الشریعہ کتابت فضائل معاویۃ ج 5 ص 2431)
حافظ الکبیر امام ابو بکر احمد بن حسین خراسانی بیہقی (متوفی 458ھ) فرماتے ہیں : و کان یکتب الوحی ، سیدنا امیر معاویہ کاتب وحی تھے ۔ (دلائل النبوۃ ج6ص243 )
امام شمس الائمہ ابوبکر محمد بن سرخسی حنفی (متوفی 483 ھ) فرماتے ہیں : و کان کاتب الوحی ۔ (المبسوط کتاب الاکراہ ج 24 ص 47)
امام قاضی ابو الحسین محمد بن محمد حنبلی(ابن ابی یعلی) (متوفی 526ھ) فرماتے ہیں : (معاویۃ) کاتب وحی رب العلمین ، حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ تمام جہانوں کے رب کی وحی کے کاتب تھے ۔ (الاعتقاد۔ الاعتقاد فی الصحابۃ ص43)
امام حافظ ابو قاسم اسماعیل بن محمد قرشی طلیحی (قوام السنۃ) (متوفی 535)
فرماتے ہیں : معاویۃ کاتب الوحی ۔ (الحجۃ فی بیان المحجۃ ج2 ص570 رقم 566)
علامہ ابو الحسن علی بن بسام الشنترینی اندلسی(متوفی 542ھ) فرماتے ہیں
معاویۃ بن ابی سفیان کاتب الوحی ۔ (الذخیرۃ فی محاسن اہل الجزیرۃ ج1ص110)
حافظ ابو عبداللہ حسین بن ابراھیم جوزقانی(متوفی 543ھ) فرماتے ہیں،(معاویۃ) کاتب الوحی ۔ (الاباطیل و المناکیر و الصحاح و المشاھیر باب فی فضائل معاویۃ ص116رقم 191)
علامہ ابو الفتوح محمد بن محمد طائی ہمذانی (متوفی 555ھ) فرماتے ہیں : معاویۃ کاتب وحی رسول رب العلمین و معدن الحلم والحکم ، سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ رسول رب العلمین کے کاتب وحی اور حلم و دانائی کے کان تھے ۔ (کتاب الاربعین فی ارشاد السائرین ص174 )
امام حافظ ابو القاسم علی بن حسن بن ہبۃ اللہ شافعی (ابن عساکر)(متوفی 571) فرماتے ہیں،(معاویۃ رضی اللہ تعالی عنہ) خال المؤمنین وکاتب وحی رب العلمین ۔ حضرت امیر معاویہ تمام مؤمنوں کے خالو ہیں اور تمام جہانوں کے رب کی وحی کے کاتب ہیں ۔ (تاریخ دمشق الکبیر ذکر من اسمہ معاویۃ ، معاویۃ بن ابی سفیان بن صخر ج59 ص55 رقم 7510،چشتی)
امام حافظ جمال الدین ابو الفرج عبد الرحمن بن علی الجوزی( متوفی 497ھ) نے کشف المشکل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے 12 کاتبوں کا تذکرہ کیا ہے جن میں حضرت سیدنامعاویہ رضی اللہ تعالی عنہ بھی ہیں۔(کشف المشکل ج2ص96)
ابو جعفر محمد بن علی بن محمد ابن طباطبا علوی(ابن الطقطقی) (متوفی 709ھ) نے لکھا ہے،و اسلم معاویۃ و کتب الوحی فی جملۃ من کتبہ بین یدی الرسول ۔ اور حضرت سیدنا امیر معاویہ اسلام لائے اور ان سب میں رہکر کتابت کی جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور کتابت کرتے تھے۔(الفخری فی الآداب السلطانیۃ من سیرۃ معاویۃ ص 109)
حافظ عماد الدین اسماعیل بن عمر بن کثیر قرشی شافعی (متوفی 774) لکھتے ہیں،ثم کان ممن یکتب الوحی بین یدی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ۔ پھر (سیدنا امیر معاویہ) ان میں سے ہیں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے وحی لکھتے تھے ۔ (جامع المسانید والسنن الھادی ج8 ص 31 رقم 1760)
حافظ ابراھیم بن موسی مالکی شاطبی(متوفی 790ھ) نے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے کتاب وحی میں سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کا ذکر فرمایا ۔ (الاعتصام ص239)
حافظ ابو الحسن نور الدین علی بن ابی بکر بن سلیمان ہیثمی (متوفی 807ھ) نے بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے کُتّابِ وحی کے باب میں سیدنا امیر معاویہ کا تذکرہ کیا ہے ۔ (مجمع الزوائد باب فی کُتّاب الوحی ج 1 ص 53 رقم 686)
علامہ تقی الدین ابو العباس احمد بن علی حسینی مقریزی(متوفی 845ھ) فرماتے ہیں ، و کان یکتب الوحی ۔ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کاتب وحی تھے ۔ (امتاع الاسماع اجابۃ اللہ دعوۃ الرسول ج12 ص 113،چشتی)
امام حافظ شہاب الدین احمد بن علی بن حجر عسقلانی شافعی (متوفی 852ھ) لکھتے ہیں،معاویۃ بن ابی سفیان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ الخلیفۃ صحابی اسلم قبل الفتح و کتب الوحی سیدنا امیر معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ تعالی عنہما خلیفہ ہیں صحابی ہیں آپ فتح مکہ سے پہلے اسلام لائے اور وحی کی کتابت فرمائی ۔ (تقریب التھذیب حرف المیم ص 470 رقم 6758)
امام حافظ بدرالدین ابو محمد محمود بن احمد عینی حنفی (متوفی 855) لکھتے ہیں،معاویۃ بن ابی سفیان صخر بن حرب الاموی کاتب الوحی ۔ (عمدۃ القاری شرح صحیح بخاری کتاب العلم باب من یرد اللہ بہ خیرا یفقہہ فی الدین ج 2ص73 رقم 71)
علامہ شہاب الدین ابو العباس احمد بن محمد قسطلانی مصری شافعی(متوفی 923) لکھتے ہیں،و ھو مشھور بکتابۃ الوحی ۔ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ مشہور کاتب وحی ہیں ۔ (المواھب اللدنیۃ الفصل السادس ج1 ص533،چشتی)
علامہ قسطلانی نے ارشاد الساری میں بھی لکھا ہے کہ : معاویۃ بن ابی سفیان بن صخر بن حرب کاتب الوحی لرسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ذا المناقب الجمعۃ ۔ (ارشاد الساری شرح صحیح بخاری کتاب العلم باب من یرد اللہ ج1ص170 رقم 71)
امام حافظ شہاب الدین ابو العباس احمد بن محمد(ابن حجر) ہیتمی مکی شافعی(متوفی 974ھ) لکھتے ہیں،معاویۃ بن ابی سفیان اخی ام حبیبۃ زوجۃ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کاتب الوحی ، حضرت سیدنا امیر معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ تعالی عنہ سیدہ ام حبیبہ زوجہ رسول رضی اللہ تعالی عنھا و صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے بھائی اور کاتب وحی ہیں ۔ (الصواعق المحرقہ ص 355)
علامہ عبد الملک بن حسین بن عبد الملک عاصمی مکی (متوفی 1111ھ) نے لکھا ہے : معاویۃ و کان یکتب الوحی ۔ (سمط النجوم العوالی ج3ص 55)
علامہ اسماعیل بن مصطفیٰ حقی حنفی (متوفی 1127ھ) لکھتے ہیں،معاویۃ رضی اللہ تعالی عنہ کاتب الوحی ۔ (تفسیر روح البیان جزء 1 تحت سورۃ بقرۃ ایت 90 ج 1 ص 180)
اعلیٰ حضرت امام اہل سنت امام احمد رضا خان قادری حنفی رحمۃ اللہ علیہ (متوفی 1340ھ) لکھتے ہیں : نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم پر قرآن عظیم کی عبارت کریمہ نازل ہوتی عبارت میں اعراب نہیں لگائے جاتے (تھے) حضور کے حکم سے صحابہ کرام مثل: امیر المؤمنین عثمان غنی و حضرت زید بن ثابت و ،،امیر معاویہ،، وغیرہم رضی اللہ تعالی عنہم اسے لکھتے؛ ان کی تحریر میں بھی اعراب نہ تھے یہ تابعین کے زمانے سے رائج ہوئے ، اللہ تعالی اعلم ۔ (العطایا النبویۃ فی الفتاوی الرضویۃ ج26 ص 492/493)
شارح بخاری علامہ سید محمود احمد رضی ر حمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : ایمان لانے کے بعد حضرت معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ خدمت نبوی سے جدا نہ ہوئے ہما وقت پاس رہتے اور وحی الہی کی کتابت کرتے ۔ (شان صحابہ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے دل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم وسلم کا احترام صفحہ نمبر 32) ۔ (مزید حصّہ ششم میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
No comments:
Post a Comment