Wednesday, 9 August 2023

کلمہ طیبہ لا الہ الا اللہ کا معنیٰ و مفہوم حصّہ دوم

کلمہ طیبہ لا الہ الا اللہ کا معنیٰ و مفہوم حصّہ دوم
اللہ تعالیٰ نے ابتدائے آفرینش سے جتنے انبیاء و رسل علیہم السّلام مبعوث فرمائے ہیں ان سب نے اپنی قوموں اور مخاطبوں کو توحید کی دعوت دی اور شرک سے روکا ۔ وہ لوگوں کو اللہ وحدہ لا شریک کی عبادت کی طرف بلاتے تھے اور اللہ کے علاوہ پوجی جانے والی چیزوں اور ہستیوں کا برملا انکار کرتے تھے ۔

کلمۂ طیبہ ’’ لاإلٰہ إلا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ‘‘ کی حقیقت یہی ہے ۔ سچے دل سے اس کلمے کو پڑھ کر کوئی بھی انسان اللہ کے دین میں داخل ہو جاتا ہے ۔

’’لاإلٰہ إلا اللہ‘‘ کلمۂ توحید ہے ۔ دینِ اسلام میں اس کلمے کا مقام بے حد بلند اور عظیم ہے ۔ اس کا زبانی اقرار اور تکلم ہر مسلمان کا پہلا فرض ہے ۔ اس لیے جو شخص بھی اسلام قبول کرنا چاہتا ہے اسے اس کلمے کی صداقت وحقانیت تسلیم کرنا ہوگی اور زبان سے اسے بولنا ہوگا ۔

کلمۂ طیبہ اور علامہ محمد اقبال علیہ الرحمہ

خودی کا سر نہاں ، لا الہ الا اللہ
خودی ہے تیغ فساں ، لا الہ الا اللہ
مطلب : انسان کی "خودی" ، یعنی مضبوط شخصیت ، کا راز ان الفاظ میں چھپا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے ۔ خودی تو ایک کھنڈی تلوار ہے جس کی دھار کو لا الہ الا اللہ "اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے" کا نعرہ تیز کرتا ہے ۔

یہ دور اپنے براہیم کی تلاش میں ہے
صنم کدہ ہے جہاں ، گماں لا الہ الا اللہ
مطلب : اس زمانے کو ایک ابراہیم جیسے مرد مومن کی تلاش ہے جو انسانی دماغ کے بنائے ہوئے تمام بتوں کو توڑ ڈالے ۔ "اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے" کا نعرہ ان تمام بتوں کا خاتمہ کر ڈالنے کی طاقت رکھتا ہے ۔

کیا ہے تو نے متاعِ غرور کا سودا
فریبِ سود زیاں ، لا الہ الا اللہ

مطلب : تو نے دنیاوی مال و دولت کےلیے سودا کیا ہے ۔ یہ ایک ایسا قدم ہے جو غرور سے بھرا ہے ۔ لا الہ الا اللہ کے نعرے کے علاوہ سب کچھ دھوکہ ہے ۔

یہ مال و دولت دنیا ، یہ رشتہ و پیوند
بتانِ وہم گماں ، لا الہ الا اللہ

مطلب : دنیاوی مال و دولت اور دنیاوی دوستیاں اور رشتے ، سب ایک خواب ہیں ، ایک طرح کے وہم و گماں کے بت ہیں ، نعرہ "لا الہ الا اللہ" کے علاوہ سب کچھ کھوکھلا لگتا ہے ۔

خرد ہوئی ہے زمان و مکاں کی زنّاری
نہ ہے زماں نہ مکاں ، لا الہ الا اللہ

مطلب : انسانی دماغ نے زماں و مکاں کا پاک دھاگہ کافرانہ انداز سے اوڑھا ہوا ہے ، وقت، زمانہ اور جگہ اور اشیاء ، سب دھوکہ ہیں ۔ اصل ہے تو نعرہء "لا الہ الا اللہ" ۔

یہ نغمہ فصلِ گل و لالہ کا نہیں پابند
بہار ہو کہ خزاں ، لا الہ الا اللہ

مطلب : یہ سریلا نغمہ ، یعنی "لا الہ الا اللہ" کسی خاص زمانے یا موسم کےلیے ہی نہیں ہے چاہے کوئی بھی زمانہ ہو نعرہ "لا الہ الا اللہ" تا قیامت گونجے گا ۔

اگرچہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں
مجھے ہے حکم ازاں ، لا الہ الا اللہ

مطلب : کئی کافرانہ خیالات ابھی تک ہماری زندگی میں کا فرما ہیں ۔ مگر مجھے اللہ کا حکم ہے کہ میں ہمت و مردانگی سے "لا الہ الا اللہ" اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے کا نعرہ بلند کروں ۔

جو شخص بھی یہ کلمہ پورے ایقان واذعان کے ساتھ اور باری تعالیٰ کی رضاجوئی کی نیت سے زبانی کہے تو یہ کلمہ آخرت میں جہنم کی آگ سے اس کے بچاٶ کا سبب بنے گا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے : اللہ تعالیٰ نے نارِ جہنم پر ہر ایسے شخص کو حرام کیا ہے جو رضائے الٰہی کی خاطر ’’لاإلٰہ إلا اللہ‘‘ کہے ۔ (فإن اللّٰہ حرّم علی النار من قال لا إلٰہ إلا اللّٰہ یبتغی بذالک وجہ اللّٰہ) ۔ (صحیح بخاری :۴۱۵)

جو شخص بھی اس کلمے پر پختہ ایمان رکھتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوجائے وہ انشاء اللہ جنت میں ضرور داخل ہوگا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے : جو یہ جانتے ہوئے مرے کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں ہے ، وہ جنت میں جائے گا ۔ من مات وہو یعلم أن لاإلٰہ إلا اللّٰہ دخل الجنۃ ۔ (مسند احمد : ۴۶۴،چشتی)

اسی لیے علمائے دین فرماتے ہیں کہ اس کلمے کی معرفت وادراک سب سے بڑھ کر ضروری اور لازمی امرہے ۔

کلمہ طیبہ

لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ ۔
ترجمہ :  اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اللہ کے رسول ہیں ۔

کلمہ شہادت

اَشْہَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ ۔
ترجمہ : میں سچے دل سے گواہی دیتا ہوں کہ اللہ رب العزت کے بغیر کوئی معبود برحق نہیں اور میں سچے دل سے گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اللہ تعالیٰ کے عبدِ مقدس اور رسول ہیں ۔

سوال : ’’اَشْہَدُ‘‘ کا لفظ ضروری ہے کہ نہیں ؟ اگر ضروری ہے تو کلمہ طیبہ میں کیوں نہیں اور اگر ضروری نہیں تو کلمہ شہادت کا کیوں ہے ؟
جواب : شہادت میں شاہد (گواہ) اور شہادت (گواہی) اور مشہود لہ (جس کےلیے گواہی دی گئی) کا ہونا ضروری ہے کیونکہ شہادت ان کے بغیر متصور نہیں ۔ شاہد اور شہید گواہی دینے والے کو کہتے ہیں اور جس امر کی گواہی دی گئی، اسے شہادت کہتے ہیں ۔ ’’لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ‘‘ میں مشہود لہ کا بیان ہے اور ’’اَشْہَدُ‘‘ میں شاہد اور شہادت کا بیان ہے ۔ مشہود لہ پہلے ہو گا اور شہادت بعد کو ہو گی ۔ جیسے میں کسی کے حق میں جا کر گواہی دوں تو میں گواہ ٹھہروں گا اور میرے بیانات ، شہادت اور جس کے حق میں گواہی دی گئی ، وہ مشہود لہ ہو گا ۔ وہ پہلے ہو گا تو میں اس کے لئے گواہی دوں گا ۔ اگر وہ پہلے نہ ہو گا تو گواہی کس کی دوں گا ۔ مشہود لہ ملزوم ہے اور شہادت اسے لازم ہے اور جملہ ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ میں مشہود لہ کا بیان ہے اور ’’اَشْہَدُ‘‘ میں شاہد اور شہادت کا۔ ’’الشـہادۃ والشہود‘‘ دونوں مصدر ہیں بمعنی ’’الحضور مع المشاہدۃ اما بالبصرا و بالبصیرۃ‘‘ شہود فقط حضور کو نہیں کہتے بلکہ شہود وہ ہے جہاں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کیساتھ مشاہدہ بھی ہو۔ مثلاً ایک آدمی نیند میں تھا اس کو اٹھا کے یہاں لے آئے اور اسے نیند کی حالت میں واپس بھی لے گئے تو اس کو شہود نہیں کہیں گے۔ کیونکہ یہاں مشاہدہ نہیں ہے ۔ (چشتی)

سوال : آپ کہیں گے کہ یہ معنی ’’اَشْہَدُ‘‘ میں متحقق نہیں۔ کیونکہ باری تعالیٰ کا بصر اور بصیرت سے مشاہدہ نہیں کیا جاتا ۔
جواب : یہاں ملزوم بول کر لازم مراد لیا گیا ہے یعنی مشاہدہ بالبصر کو یقینی علم لازم ہے۔ جیسے میں نے یہاں آ کر تمہیں مشاہدہ کیا۔ تو تمہارا علم مجھے یقینی ہو گیا تو معنی یہ ہو گا کہ میں علم یقینی سے کہتا ہوں کہ ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ مگر فقط علم یقینی کافی نہیں۔ جب تک اس علم یقینی کو ’’اَشْہَدُ‘‘ سے تعبیر نہ کیا جائے۔ کیونکہ علم یقینی کبھی مجاز میں مستعمل ہوتا ہے مگر ’’اَشْہَدُ‘‘ مجاز کے شبہ سے پاک ہے۔ لفظ ’’محمد‘‘ پر بحث کے لئے جی چاہتا ہے مگر اس کے لئے کافی وقت چاہیے۔ اب سرِ دست عبد کے معنی میں کچھ بحث کرنا چاہتا ہوں ۔

عبد کی قسمیں

عبد تین قسم پر ہے (۱) عبد مملوک (۲) عبد آبق (۳) عبد ماذون

(۱) عبدِ مملوک : عبد مملوک جسے عبد رقیق کہتے ہیں یعنی جس کو مولا کی طرف سے کوئی اختیار نہ ہو اور وہ ہر جہت میں مولا کے ملک میں ہو ۔
(۲) عبدِ آبق : عبد آبق وہ ہے جو باغی ہو کر مولا سے بھاگ گیا ہو، اگرچہ وہ اپنے گمان میں بھی بھاگا ہوا ہو ۔
(۳) عبدِ ماذون : وہ ہے کہ جس کی استعداد کو دیکھ کر مولا ہر جائز اور ممکن امر میں اختیار دے دے۔ اب اس عبد ماذون کا قول و فعل، مولا کا قول و فعل ٹھہرتا ہے۔ ہم عوام عبد مملوک ہیں اور کفار عبد آبق۔ جب عبد آبق کی نسبت اللہ کی طرف ہو تو اپنے خیال میں آبق ہو گا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ملک اور قبضہ سے نکلنے کا تصور بھی نہیں ہے۔ بلکہ وہ اپنے گمان میں بھاگے ہوئے ہیں اور نبی پاک صاحب لولاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم عبد ماذون ہیں کیونکہ آپ کا ہر قول و فعل ’’من حیث النـبوۃ‘‘ اللہ تعالیٰ کا قول و فعل ٹھہرے گا۔ چنانچہ ’’وَمَا رَمَیْتَ اِذْ رَمَیْتَ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ رَمٰی اور اِنَّ الَّذِیْنَ یُبَایِعُوْنَکَ اِنَّمَا یُبَایِعُوْنَ اللّٰہَ اور وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوٰی‘‘ پر اعتراض حقیقتاً خدا تعالیٰ پر اعتراض ہو گا۔ ہمارے اس بیان کی طرف ’’اِلَّا مَنْ اَذِنَ لَہُ الرَّحْمٰنُ‘‘ کا اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ جس کو اذن دے، وہ اللہ کی بارگاہ میں عرض کر سکتے ہیں ۔ (چشتی)

شبہ : آپ کہیں گے کہ یہ تو شفاعت کا بیان ہے ۔
شبہ کا ازالہ : تو میں جواباً عرض کروں گا کہ آیت ’’اِنَّا اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ‘‘ کو ذرا غور سے پڑھیں کہ کوثر سے کیا مراد ہے۔ تفسیر ابن جریر میں ہے کہ امام مجاہد رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا، ’’اِنَّا اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ۔ الخیر الکثیر الخیر کلہ، خیر الدنیا والاخرۃ‘‘ اور کسی نے کہا کہ کوثر سے مراد تو حوضِ کوثر ہے۔ تو آپ نے جواب دیا، ’’ہو ایضا من الخیر الکثیر‘‘ وہ بھی تو خیر کثیر میں شامل ہے اور یہ حضرت مجاہد رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کے خاص شاگردوں میں سے ہیں بلکہ ان کا قول اگر آپ کے اور شاگردوں کے مقابل آئے تو محدثین ان کے قول کو ترجیح دیتے ہیں ۔

شبہ : آپ کہیں گے کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : قُلْ لَّا اَمْلِکُ لِنَفْسِیْ نَفْعًا وَّلَا ضَرًّا ۔ (پ: ۹، س: الاعراف، آیت: ۱۸۸)
ترجمہ : ’’آپ فرما دیجئے، میں خود اپنے نفع اور نقصان کا بھی مالک نہیں ہوں ۔‘‘
شبہ کا ازالہ : ذرا اس آیت مبارکہ کو آگے بھی پڑھیں کیونکہ تمام قرآن پر ہمارا ایمان ہے۔ فقط آدھی آیت پر ایمان معتبر نہیں، اس کے ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے فرمایا، ’’اِلَّا مَا شَائَ اللّٰہ‘‘ الا سے قبل جس کی نفی ہوتی ہے۔ اسی کا ’’الا‘‘ کے بعد اثبات بھی ہوتا ہے۔ جیسے کلمہ طیبہ ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ‘‘ میں ہے۔ تو اب آیت کا معنی یہ ہو گا کہ میرا نفع و نقصان کا مالک ہونا، اللہ تعالیٰ کی مشیت اور اذن سے ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مشیت اور اذن کے بغیر میں مالک نہیں ہوں۔

شبہ : آپ کہیں گے کہ قرآن پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے : قُلْ لَّا اَقُوْلُ لَکُمْ عِنْدِیْ خَزَائِنُ اللّٰہِ وَلَا اَعْلَمُ الْغَیْبَ ۔ (س انعام آیت ۵۰)
شبہ کا ازالہ : آپ نے کبھی یہ بھی سوچا کہ ’’لَکُمْ‘‘ کا مخاطب کون ہیں؟ ’’لَکُمْ‘‘ کے مخاطب کفار اور منافقین ہیں، مومنین نہیں ہیں۔ یعنی اے محبوب! آپ کفار سے کہہ دیں کہ میرے پاس خزائن نہیں ہیں کیونکہ کفار اس بات کے اہل نہیں ہیں کہ انہیں اسرار کی بات بتائی جائے۔ اگر یہ تخاطب مومنین کےلیے ہوتا تو آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس کے برعکس کیونکر فرمایا، صحیح بخاری میں ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا، ’’اعطیت مفاتیح خزائن الارض‘‘ کیا آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کو قرآن کے خلاف فرمایا؟ جب کفار سامنے آئے ’’لَا اَقُوْلُ لَکُمْ عِنْدِیْ خَزَائِنُ اللّٰہِ‘‘ اور جب مومن سامنے آئے تو فرمایا، ’’اعطیت مفاتیح خزائن الارض‘‘ معلوم ہوا، اس آیت کے مخاطب کفار اور منافقین ہیں اور جملہ ’’وَلَا اَعْلَمُ الْغَیْبَ‘‘ کا عطف عِنْدِیْ خَزَائِنُ اللّٰہِ پر ہے اور ’’لَکُمْ‘‘ ساتھ لگے گا۔ تو معنیٰ یہ ہو گا کہ ’’اے کفار! میں تجھے نہیں کہتا کہ غیب جانتا ہوں‘‘ اور مومنین کو فرمایا، صحیح بخاری میں ہے یعنی میں تمام چیزیں اسی مقام پر ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہوں، کوئی چیز مخفی نہیں رہی۔ اور ’’لا‘‘ زائد ہے۔ تاکید کے لئے لایا گیا ہے۔ کیونکہ جب پہلے ’’لَا اَقُوْلُ‘‘ لایا گیا تو اب ’’اَعْلَمُ الْغَیْبَ‘‘ کہنا چاہئے تھا۔ عبارت یوں ہوتی ’’لَا اَقُوْلُ لَکُمْ اَعْلَمُ الْغَیْبَ‘‘ اب عبارت ہے کہ ’’لَا اَقُوْلُ لَکُمْ لَا اَعْلَمُ الْغَیْبَ‘‘ تو یہ معنی نہیں بنتا۔ اس لئے ابن جریر نے کہا کہ یہ لفظ ’’لا‘‘ تاکید کے لئے زائد ہے اور ’’وَلَا اَقُوْلُ لَکُمْ اِنِّیْ مَلَکٌ‘‘ کا عطف اسی جملہ پر ہے اور اس کا معنی ابن جریر نے یوں کیا کہ میں، تجھے یہ نہیں کہتا کہ میں فقط ’’ملک‘‘ ہوں بلکہ ’’ملک‘‘ سے کئی درجہ آگے چلا گیا ہوں، جیسے معراج کی رات والی سیر اس امر پر شاہد ہے۔

شبہ : ’’اعطیت مفاتیح خزائن الارض‘‘ سے معلوم ہوتا ہے کہ آقا علیہ الصلوٰۃ السلام فقط زمین کے خزائن کی چابیاں دئیے گئے ہیں۔ آسمان کے خزائن کے مالک نہیں ہیں۔
شبہ کا ازالہ : مسند امام احمد میں آیا ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب معراج پر تشریف لے جا رہے تھے تو حضرت جبریل علیہ السلام حاضر بارگاہ ہوئے اور سبز کپڑا میں موتیوں کی لڑی پیش کی اور عرض کیا کہ زمین کے خزائن کی چابیاں تو آپ زمین پر دئیے گئے اور آسمان کے خزآئن کی چابیاں یہ لے لو۔ پتہ چلا کہ تمام خزائن کی چابیاں آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دیے گئے ہیں۔

عبد کا مفہوم : عبد کا معنی ہے پامال ہونا، اس لیے عربی میں اس راستہ کو، کہ جس پر لوگ چلیں اور وہ پامال ہو چکا ہو، معبد کہتے ہیں۔ معبد کو عبد اس لئے بھی کہتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو نہ پائے بلکہ اپنے آپ کو معدوم پائے اور یہ کمال عبدیت ہے جو خواص کو حاصل ہے۔ خاص کر نبی پاک صاحب لولاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو، جو عبد خاص ہیں، وہ کسی نبی کو بھی حاصل نہیں ۔ آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب اللہ کی بارگاہ میں جائیں تو عبدیت و فنائیت ہے کہ اس سے فیض لینا ہوتا ہے اور جب کائنات کو فیض دیں تو یہ رسالت ہے۔ لینا پہلے ہوتا ہے اور دینا بعد کو۔ اسی لئے کلمہ شہادت میں عبدیت کا بیان پہلے اور رسالت کا بعد میں ۔ آج لوگوں نے عبدیت کے مقام کو نہیں سمجھا۔ الٹا لفظ عبد کو دیکھ کر دھوکہ میں آ گئے اور اپنی مثل سمجھنے لگ گئے حالانکہ عبدیت ایک کرامت ہے۔ جب بندہ کو کمال عبدیت حاصل ہوتی ہے تو پھر بولنا اس کا، اس کا بولنا نہیں ہوتا اور سننا اس کا، اس کا سننا نہیں ہوتا۔ دیکھنا اس کا، اس کا دیکھنا نہیں ہوتا۔ بس وہ ذاتِ حق میں فنا ہوتا ہے اور اسی ہی کے حسن کے جلوے اس سے ظاہر ہو رہے ہوتے ہیں۔

باذن اللّٰہ اور من دون اللّٰہ کی وضاحت

یہاں ایک بات ضروری ہے، وہ یہ کہ جہاں ’’اذن‘‘ ہو، وہاں ’’من دون اللّٰہ‘‘ کا تصور بھی نہیں ہو سکتا۔ ’’من دون اللّٰہ‘‘ تو کوئی پتا بھی نہیں ہلا سکتا۔ کوئی مکھی کا پر بھی نہیں بنا سکتا۔ مچھر کا پر بھی نہیں ہلا سکتا اور ’’باذن اللّٰہ‘‘ ہو تو مردے بھی زندہ ہو جاتے ہیں۔ چنانچہ قرآن نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں واضح طور پر فرمایا، ’’وَاُبْرِیُٔ الْاَکْمَہَ وَ الْاَبْرَصَ وَاُحْیِ الْمَوْتٰی بِاِذْنِ اللّٰہِ‘‘ ہم ’’من دون اللّٰہ‘‘ کو مانتے ہیں، تم ’’باذن اللّٰہ‘‘ کو تو مانو، قرآن نے ’’من دون اللّٰہ‘‘ کی نفی کی اور ’’باذن اللّٰہ‘‘ کا اثبات فرمایا، ہمارا دونوں قسموں کی آیات پر ایمان ہے۔ کیونکہ ہم جمیع آیاتِ قرآنی کو مانتے ہیں۔ فقط ’’من دون اللّٰہ‘‘ والی آیات پڑھ کر ’’باذن اللّٰہ‘‘ کی نفی کر دینا، عظیم جہالت اور وادیٔ ضلالت میں جانا ہے۔ اللہ جل مجدہٗ کے اذن سے اللہ والے سب کچھ کر سکتے ہیں مگر حقیقت میں ان کا کرنا، ان کا کرنا نہیں، خود ذاتِ حق کا فعل ہے جیسے ملائکہ کا فعل، اللہ جل مجدہٗ کا فعل قرار پاتا ہے، اسی طرح انبیاء علیہم السلام کے افعال بھی اللہ رب العزت کے افعال قرار پاتے ہیں۔

شبہ : جب ہر چیز آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دامن میں ہے اور وہ آقا کے ملک میں ہے تو وہ خدا کے ملک سے نکل گئی۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ کسی چیز کا مالک نہ رہا۔
شبہ کا ازالہ : پہلے بتاؤ کہ جو چیزیں تمہارے قبضہ و ملک میں ہیں، کیا یہ خدا کے ملک سے نکل گئی ہیں یا نہیں؟ اگر نہیں اور یقینا نہیں ’’لِلّٰہِ مَافِی السَّمٰوٰۃِ وَالْاَرْضِ‘‘ تو حیرت ہے کہ تمہارے ملک میں آ کر اللہ تعالیٰ کے ملک سے یہ چیزیں نہیں نکلیں تو نبی پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ملک میں آ کر، خدا کے ملک سے کیوں کر نکل جائیں گی ؟ ۔ (مقالاتِ کاظمی جلد اوّل) ۔ اللہ عزوجل ہمیں ہر قسم کے فتنوں سے بچاۓ آمین ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری پر کفر کے فتوے تحقیق

ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری پر کفر کے فتوے تحقیق محترم قارئین کرام : علامہ اقبال اور قائداعظم کے خلاف فتوی دینے کے سلسلے میں تج...