Friday, 18 August 2023

ماہِ صفر المظفر کی حقیقت تاریخی واقعات اور جاہلانہ تصورات

ماہِ صفر المظفر کی حقیقت تاریخی واقعات اور جاہلانہ تصورات

محترم قارئینِ کرام : اسلامی سال کے دوسرے مہینے کا نام ’’صفر المظفر‘‘ ہے ۔ یہ صفر بالکسر سے ماخوذ ہے ، جس کا معنی خالی ہے ۔ حرمت والے چار مہینوں میں جنگ کرنا اہلِ عرب کے نزدیک حرام تھا ، اس لیے ذوالقعدہ ، ذوالحجہ اور محرم الحرام میں باشندگانِ عرب گھروں میں بیٹھتے یا سفر حج اختیار کرتے ، اور جب ماہِ صفر شروع ہوتا تو رُکے ہوئے تنازعات ’’از سرِنو جدال و قتال ‘‘ میں مصروف عمل ہوجاتے ، پھر گھروں کو خالی چھوڑتے اور میدانِ جنگ کا رخ کرتے اس لیے اس ماہ کو صفر کہتے ہیں ۔

عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم لَا عَدْوٰی وَلَا ھَامَۃَ وَلَا نَوْءَ وَلَا صَفَرَ ۔
ترجمہ : حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا کہ نہ متعدی بیماری ہے اور نہ ہامہ اور نہ منزل قمر اور نہ صفر ۔ (مسلم شریف جلد دوم صفحہ ۲۳۱، جامع صغیر جلد دوم صفحہ ۸۸۵،چشتی)

عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم لَا عَدْوٰی وَلَا طِیَرۃَ وَ اُحِبُّ الْفَالَ الصَّالِحَ ۔
ترجمہ : حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا ، بیماری کا لگنا اور بدشگونی کوئی چیز نہیں فالِ بد کچھ نہیں البتہ نیک فال مجھے پسند ہے ۔ (مسلم شریف جلد دوم صفحہ ۲۳۱)

حضرت قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کیا ، وَیُعْجِبْنِیُ الْفَأْلُ الْکَلِّمَۃُ الْحَسَنَۃَ و الْکَلِمَۃُ الطَّیِّبَۃُ ۔
ترجمہ : نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے ’’فال‘‘ سے متعلق فرمایا ، اور مجھے اچھا شگون (فال) پسند ہے یعنی نیک کلمہ ، اچھا کلمہ ۔ (صحیح مسلم مطبوعہ اصح المطابع، جلد دوم، صفحہ ۲۳۱)

کوئی مہینہ منحوس نہیں ہوتا

عَنْ عَبْدِ اللہِ بْنِ عُمَرَ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم قَالَ الشُّوْمُ فِیْ الدَّارِ وَالْمَرْ أَۃِ وَالْفَرَسِ ۔
ترجمہ : حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا ، نحوست تین چیزوں میں ہوتی ہے ، گھر ، عورت اور گھوڑے میں ۔ ( مسلم جلد دوم صفحہ ۲۳۲)

عَنْ اِبْنِ عُمَرَ عَنِ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ وسلم قَالَ اِنْ یَّکُنْ مِّنَ الشُّوْمِ شَیْءٌ حَقٌّ فَفِی الْفَرَسِ وَالْمَرْأَۃِ وَ الدَّارِ ۔
ترجمہ : حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا ، اگر بدشگونی کسی چیز میں ہو تو گھوڑے ، عورت اور گھر میں ہوگی ۔ (مسلم جلد دوم صفحہ ۲۳۲،چشتی)

عَنْ جَابِرِ عَنْ رَّسُوْلِ اللہِ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم قَالَ اِنْ کَانَ فِیْ شَیْئٍ فَفِیْ الرُّبْعِ وَالْخَادِمِ وَ الفَرَوسِ ۔
ترجمہ : حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا ، اگر کچھ نحوست ہو تو زمین اور غلام اور گھوڑے میں ہوگی ۔ (مسلم جلد دوم صفحہ ۲۳۲)

امام نووی رحمۃ اللہ علیہ نے فرماتے ہیں کہ : ان احادیثِ مبارکہ کی شرح میں امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ کبھی گھر کو اللہ تعالیٰ ہلاکت کا سبب بنا دیتا ہے یا اسی طرح کسی عورت یا گھوڑے یا غلام کو اور مطلب یہ ہے کہ کبھی نحوست ان چیزوں سے ہو جاتی ہے ۔ اور امام خطابی رحمۃ اللہ علیہ و دیگر بہت سے علما نے کہا کہ یہ بطور استثناء کے ہے یعنی شگون لینا منع ہے مگر جب کوئی گھر میں رہنا پسند نہ کرے یا عورت سے صحبت کو مکروہ جانے یا گھوڑے یا خادم کو بُرا سمجھے تو ان کو نکال ڈالے بیع اور طلاق سے ۔ (شرح صحیح مسلم النووی)

گھوڑے سے مراد ’’سواری‘‘ (کار /بس وغیرہ) ہے اور غلام سے مراد نوکر چاکر ہیں ۔

نُحوست کے وہمی تصورات کے شکار لوگ ماہِ صفر کو مصیبتوں اور آفتوں کے اُترنے کا مہینہ سمجھتے ہیں خصوصاً اس کی ابتدائی تیرہ تاریخیں جنہیں ’’تیرہ تیزی‘‘ کہا جاتا ہے بہت منحوس تصوُّر کی جاتی ہیں ۔ وہمی لوگوں کا یہ ذہن بنا ہوتا ہے کہ صفر کے مہینے میں نیا کاروبار شروع نہیں کرنا چاہیے نقصان کا خطرہ ہے ، سفر کرنے سے بچنا چاہیے ایکسیڈنٹ کا اندیشہ ہے ، شادیاں نہ کریں ، بچیوں کی رخصتی نہ کریں گھر برباد ہونے کا امکان ہے ، ایسے لوگ بڑا کاروباری لین دین نہیں کرتے ، گھر سے باہر آمد و رفت میں کمی کر دیتے ہیں ، اس گمان کے ساتھ کہ آفات نازل ہو رہی ہیں اپنے گھر کے ایک ایک برتن کو اور سامان کو خوب جھاڑتے ہیں ، اسی طرح اگر کسی کے گھر میں اس ماہ میں میت ہو جائے تو اسے منحوس سمجھتے ہیں اور اگر اس گھرانے میں اپنے لڑکے یا لڑکی کی نسبت طے ہوئی ہو تو اس کو توڑ دیتے ہیں ۔ تیرہ تیزی کے عنوان سے سفید چنے (کابلی چنے) کی نیاز بھی دی جاتی ہے ۔ نیاز فاتحہ کرنا مُسْتَحَب و باعثِ ثواب ہے اور ہر طرح کے رزقِ حلال پر ہر ماہ کی ہر تاریخ کو دی جا سکتی ہے لیکن یہ سمجھنا کہ اگر تیرہ تیزی کی فاتحہ نہ دی اور سفید چنے پکا کر تقسیم نہ کیے تو گھر کے کمانے والے افراد کا روزگار متاثر ہو گا ، یہ بے بنیاد خیالات ہیں ۔

عربوں میں ماہِ صفر کو منحوس سمجھا جاتا تھا

دورِ جاہلیت (یعنی اسلام سے پہلے) میں بھی ماہِ صفر کے بارے میں لوگ اسی قسم کے وہمی خیالات رکھا کرتے تھے کہ اس مہینے میں مصیبتیں اور آفتیں بہت ہوتی ہیں ، چنانچہ وہ لوگ ماہِ صفر کے آنے کو منحوس خیال کیا کرتے تھے ۔ (عمدۃ القاری ،۷/۱۱۰)

عرب لوگ حُرمت کی وجہ سے چار ماہ رجب ، ذُوالقعدۃ ، ذُوالحجہ اور مُحرَّم میں جنگ و جَدَل اور لُوٹ مار سے باز رہتے اور انتظار کرتے کہ یہ پابندیاں خَتْم ہوں تو وہ نکلیں اور لوٹ مار کریں لہٰذا صفر شروع ہوتے ہی وہ لوٹ مار، رہزنی اورجنگ و جدل کے ارادے سے جب گھروں سے نکلتے تو ان کے گھر خالی رہ جاتے ، اسی وجہ سے کہا جاتا ہے : صَفَر الْمَکَان (مکان خالی ہو گیا) ۔ جب عربوں نے دیکھا کہ اس مہینے میں لوگ قتل ہوتے ہیں اور گھر برباد یا خالی ہو جاتے ہیں تو انہوں نے اس سے یہ شگون لیا کہ یہ مہینہ ہمارے لیے منحوس ہے اور گھروں کی بربادی اور ویرانی کی اصل وجہ پر غور نہیں کیا ، نہ اپنے عمل کی خرابی کا احساس کیا اور نہ ہی لڑائی جھگڑے اور جنگ و جدال سے خود کو باز رکھا بلکہ اس مہینے کو ہی منحوس ٹھہرا د یا ۔

صفر کچھ نہیں

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جاہلیت کے عقائد باطلہ کی تردید فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا : لَا عَدْوَی وَلَا طِيَرَۃَ وَلَا هَامَةَ وَلَا صَفَرَ ۔
ترجمہ : کوئی بیماری متعدّی نہیں ہوتی‘بدشگونی جائز نہیں‘ الّو اور صفر کے مہینہ میں کوئی نحوست نہیں ۔ (صحیح البخاری ،کتاب الطب، باب الجذام ، حدیث نمبر:5707)(زجاجۃ المصابیح ،باب الفال والطیرۃ جلد نمبر 3 صفحہ نمبر 446،چشتی)

عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم لَا عَدْوٰی وَلَا ھَامَۃَ وَلَا نَوْءَ وَلَا صَفَرَ ۔
ترجمہ : حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا کہ نہ متعدی بیماری ہے اور نہ ہامہ اور نہ منزل قمر اور نہ صفر ۔ (مسلم شریف جلد دوم صفحہ ۲۳۱، جامع صغیر جلد دوم صفحہ)

حضرت شیخ عبد الحق محدث ِدہلوی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں : عوام اسے (یعنی صفر کے مہینے کو) بلاؤں ، حادثوں اور آفتوں کے نازل ہونے کا وَقْت قرار دیتے ہیں ، یہ عقیدہ باطِل ہے اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے ۔ (اشعۃ اللمعات فارسی جلد ۳ صفحہ ۶۶۴)

صَدرُ الشَّریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : ماہِ صفر کو لوگ منحوس جانتے ہیں اس میں شادی بیاہ نہیں کرتے لڑکیوں کو رخصت نہیں کرتے اور بھی اس قسم کے کام کرنے سے پرہیز کرتے ہیں اور سفر کرنے سے گریز کرتے ہیں ، خصوصاً ماہِ صفر کی ابتدائی تیرہ تاریخیں بہت زیادہ نحس (یعنی نُحوست والی) مانی جاتی ہیں اور ان کو تیرہ تیزی کہتے ہیں یہ سب جہالت کی باتیں ہیں ۔ حدیث میں فرمایا کہ ’’صفر کوئی چیز نہیں‘‘ یعنی لوگوں کا اسے منحوس سمجھنا غَلَط ہے ۔ اسی طرح ذیقعدہ کے مہینہ کو بھی بہت لوگ بُرا جانتے ہیں اور اس کو خالی کا مہینہ کہتے ہیں یہ بھی غَلَط ہے اور ہر ماہ میں 3 ، 13، 23 ، 8 ، 18 ، 28 (تاریخیوں) کو منحوس جانتے ہیں یہ بھی لَغْو (یعنی بے کار) بات ہے ۔ (بہارِ شریعت جلد ۳ صفحہ ۶۵۹)

کوئی دن منحوس نہیں ہوتا

علامہ سید محمد امین بن عمر بن عبد العزیز شامی رحمۃ اللہ علیہ السّامی لکھتے ہیں : علامہ حامد آفندی رحمۃ اللہ علیہ سے سوال کیا گیا کیا بعض دن منحوس یا مبارک ہوتے ہیں جو سفر اور دیگر کام کی صلاحیت نہیں رکھتے ؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ جو شخص یہ سوال کرے کہ کیا بعض دن منحوس ہوتے ہیں اس کے جواب سے اِعراض کیا جائے اور اس کے فعل کو جہالت کہا جائے اور اس کی مذمت بیان کی جائے ، ایسا سمجھنا یہود کا طریقہ ہے ، مسلمانوں کا شیوہ نہیں ہے جو اللہ تعالی پر توکُّل کرتے ہیں ۔ (تنقیح الفتاوی الحامدیہ جلد ۲ صفحہ ۳۶۷،چشتی)

محترم قارئینِ کرام : کوئی وَقْت بَرَکت والا اور عظمت و فضیلت والا تو ہو سکتا ہے جیسے ماہِ رمضان ، ربیع الاول ، جمعۃ المبارک وغیرہ مگر کوئی مہینہ یا دن منحوس نہیں ہو سکتا ۔ مراٰۃُ المناجیح میں ہے : اسلام میں کوئی دن یا کوئی ساعت منحوس نہیں ہاں بعض دن بابرکت ہیں ۔ (مراٰۃ المناجیح جلد ۵ صفحہ ۴۸۴)

تفسیر رُوح البیان میں ہے : صفر وغیرہ کسی مہینے یا مخصوص وَقْت کو منحوس سمجھنا دُرُست نہیں ، تمام اوقات اللہ عزوجل کے بنائے ہوئے ہیں اور ان میں انسانوں کے اعمال واقع ہوتے ہیں ۔ جس وَقْت میں بندۂ مومن اللہ عزوجل کی اطاعت و بندگی میں مشغول ہو وہ وَقْت مبارک ہے اور جس وَقْت میں اللہ عزوجل کی نافرمانی کرے وہ وَقْت اس کےلیے منحوس ہے ۔ درحقیقت اصل نُحوست تو گناہوں میں ہے ۔ (تفسیر روح البیان جلد ۳ صفحہ ۴۲۸)

ماہِ صفر بھی دیگر مہینوں کی طرح ایک مہینہ ہے جس طرح دوسرے مہینوں میں رب عزوجل کے فضل و کرم کی بارشیں ہوتی ہیں اس میں بھی ہو سکتی ہیں ، اسے تو صَفَرُ الْمُظَفَّر کہا جاتا ہے یعنی کامیابی کا مہینہ ، یہ کیونکر منحوس ہو سکتا ہے ؟ اب اگر کوئی شخص اس مہینہ میں احکامِ شرع کا پابند رہا ، نیکیاں کرتا اور گناہوں سے بچتا رہا تو یہ مہینہ یقیناً اس کےلیے مبارک ہے اور اگر کسی بَدکردار نے یہ مہینہ بھی گناہوں میں گزارا ، جائز نا جائز اور حرام حلال کا خیال نہ رکھا تو اس کی بربادی کےلیے گناہوں کی نُحوست ہی کافی ہے ۔ اب ماہِ صفر ہو یا کسی بھی مہینے کا سیکنڈ ، منٹ یا گھنٹہ ! اگر اُسے کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو یہ اس کی شامتِ اعمال کا نتیجہ ہے ۔

صفر المظفر کا آخری بدھ منانا

صَدرُ الشَّریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں : ماہ صفر کا آخر چہار شنبہ (بُدھ) ہندوستان میں بہت منایا جاتا ہے ، لوگ اپنے کاروبار بند کر دیتے ہیں ، سیر و تفریح و شکار کو جاتے ہیں ، پُوریاں پکتی ہیں اور نہاتے دھوتے خوشیاں مناتے ہیں اور کہتے یہ ہیں کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اس روز غسلِ صحت فرمایا تھا اور بیرونِ مدینہ طیبہ سیر کےلیے تشریف لے گئے تھے ۔ یہ سب باتیں بے اصل ہیں بلکہ ان دنوں میں نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا مرض شدت کے ساتھ تھا ، وہ باتیں خلافِ واقع ہیں ۔ اور بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ اس روز بلائیں آتی ہیں اور طرح طرح کی باتیں بیان کی جاتی ہیں سب بے ثبوت ہیں ۔ (بہار شریعت ،۳/۶۵۹)

چہار شنبہ منحوس نہیں بلکہ نور کی پیدائش کا دن : یہ حقیقت ہے کہ ایک دن دوسرے دن پر فضیلت و برتری رکھتا ہے ، ایک وقت دوسرے وقت کی بہ نسبت زیادہ برکت و رحمت والا ہوتا ہے ، لیکن فی نفسہ کسی وقت یا دن میں نحوست کا تصور غیر اسلامی نظریہ ہے ، جہاں تک چہارشنبہ کی بات ہے توصحیح حدیث پاک میں اس کی فضیلت آئی ہے ، صحیح مسلم اور مسند امام احمد وغیرہ میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے تفصیلی روایت مذکور ہے : عَنْ أَبِی هُرَيْرَةَ قَالَ أَخَذَ رَسُولُ اللَّهِ صلی الله عليه وسلم بِيَدِی فَقَالَ : خَلَقَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ التُّرْبَةَ يَوْمَ السَّبْتِ ۔ وَخَلَقَ النُّورَ يَوْمَ الأَرْبِعَاءِ ۔
ترجمہ : سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے میرا ہاتھ پکڑ کر ارشاد فرمایا : اللہ تعالیٰ نے ہفتہ کے دن مٹی کو پیدا فرمایا ۔ اور نور کو چہارشنبہ کے دن پیدا فرمایا ۔ (صحیح مسلم کتاب صفۃ المنافقین واحکامہم، باب صفۃ القیامۃ والجنۃ والنار جلد 2 صفحہ 371حدیث نمبر:7231)(مسند امام احمد، مسند أبی ہریرۃ ، حدیث نمبر:8563)(السنن الکبری للبیھقی جلد 9 صفحہ 3 )(السنن الکبری للنسائی حدیث نمبر :11010،چشتی)(المعجم الاوسط للطبرانی باب الباء من اسمہ بکر حدیث نمبر : 3360)

مذکورہ حدیث پاک سے معلوم ہوا کہ چہارشنبہ وہ مبارک و مقدس دن ہے جس میں نور کی پیدائش ہوئی لہٰذا یہ تصور غیر درست ہے کہ اس میں کوئی بڑا اور اہم کام نہیں کرنا چاہیے ۔ بلکہ اس دن کوئی بھی خوشی والا جائز کام انجام دینا ان شاء اللہ تعالی بابرکت ہی ہوگا ۔

امام سخاوی علیہ الرحمہ نے مقاصد حسنہ میں لکھا ہے : ذکر برهان الإسلام فی کتابه ( تعليم المتعلم ) عن شيخه المرغينانی صاحب الهداية فی فقه الحنفية انه کان يوقف بداية السبق علي يوم الاربعاء وکان يروی فی ذلک بحفظه ويقول قال رسول الله صلی الله عليه وسلم : ( ما من شیء بدء به يوم الاربعاء إلا وقد تم) ۔
ترجمہ : برہان الاسلام نے اپنی کتاب " تعلیم المتعلم " میں ذکر کیا ، وہ اپنے استاذ گرامی صاحب ہدایہ علامہ مرغیناٸی رحمۃ اللہ علیہ کا طریقہ بیان کرتے ہیں کہ آپ چہارشنبہ کے دن سبق کے آغاز کا اہتمام کیا کرتے اور اس سلسلہ میں یہ حدیث پاک روایت فرمایا کرتے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشادفرمایا : چہار شنبہ کے دن جس چیز کابھی آغاز کیا جائے وہ پایۂ تکمیل کو پہنچتی ہے ۔ (المقاصد الحسنۃ حرف المیم)

حضرت علامہ سید عبداللہ شاہ صاحب نقشبندی مجددی قادری محدث دکن رحمۃ اللہ علیہ زجاجۃ المصابیح کے حاشیہ میں فرماتے ہیں : قوله ولا صفر قال ابوداؤد في سننه قال بقية : سألت محمد بن راشد عنه قال کانوا يتشاء مون بدخول صفر . فقال النبی صلي الله عليه وسلم : لا صفر . وقال القاضى هو ان يکون نفيا لما يتوهم ان شهر صفر تکثر فيه الدواهی والفتن ۔
ترجمہ : امام ابوداود رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی سنن میں بیان کیا کہ محدث بقیہ نے اس حدیث شریف کے بارے میں اپنے استاذ محمد بن راشد سے دریافت کیا تو انہوں نے فرمایا : جاہلیت میں لوگ ماہِ صفر کی آمد کو منحوس سمجھتے تھے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس حقیقت کو واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ماہ صفر منحوس نہیں ہے ۔ علامہ قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا : اس حدیث شریف سے اس وہم کی نفی ہو جاتی ہے جو ماہِ صفر سے متعلق کیا جاتا ہے کہ اس میں آفات و بلیات بکثرت نازل ہوا کرتی ہیں ۔ (حاشیۃ زجاجۃ المصابیح جلد 3 کتاب الطب والرقی باب الفال والطیرۃ صفحہ 447)

مذکورۂ بالا احادیثِ مبارکہ اور دلائل کی روشنی میں واضح ہو جاتا ہے کہ صفر کے مہینہ کو منحوس سمجھنا غیر اسلامی ہے ، اس مہینہ میں شادی بیاہ سے گریز کرنا اور خوشی و مسرت کی تقاریب کے انعقاد کو نا مناسب سمجھنا یہ سب بے جا امور ہیں اور جاہلیت کے باطل توہمات کی پیداوار ہیں ؛ جن کی دینِ اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ، ماہِ صفر کی تاریخی حیثیت بھی اگر دیکھی جائے تو ایک روایت کے مطابق نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت خاتون جنت رضی اللہ عنہا کا نکاح حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے اسی ماہ مبارک میں کروایا تھا ‘ گو کہ معروف روایت ماہِ شوال کی ہے ، ماہ صفر میں نکاح کے متعلق روایت ہے : قال جعفر بن محمد تزوج علی فاطمة رضی الله عنهما فی شهر صفر فی السنة الثانية وبنی بها فی شهر ذی القعدة علی رأس اثنين وعشرين شهرا من الهجرة ۔
ترجمہ : حضرت جعفر بن محمد رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں کہ حضرت علی کرم اللہ وجھہ الکریم نے حضرت فاطمۃ الزہرا ء رضی اللہ عنہا سے دو ہجری صفر کے مہینہ میں عقد فرمایا اور آپ کی رخصتی ہجرت کے بعد بائیس مہینے کے اوائل ذوالقعدہ کے مہینہ میں ہوئی ۔ (سبل الہدی والرشاد جلد 12 صفحہ 469)

بعض لوگ ماہِ صفر میں کسی اہم کام کےلیے سفر کرنا بھی مناسب نہیں سمجھتے ‘ جبکہ نبی کریم کرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ہجرت کے موقع پر مکہ مکرمہ سے مدینہ طیبہ کی جانب سفر کا آغاز ایک روایت کے مطابق ماہِ صفر کے آخر میں فرمایا تھا ۔ (شرح الزرقانی علی المواھب جلد 2 صفحہ 102)

ماہِ صفر کامیابی والا مہینہ

ہجرت کا یہ سفر مقدس دینِ اسلام کی غیر معمولی ترقی اور مسلمانوں کی خوشحالی ‘ فتح و نصرت کاباعث ثابت ہوا ۔ رحمة للعالمین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یہی وہ سفر تھا جو اپنے اندر فتح مکہ کی عظمتوں کو لیے ہوئے تھا ‘ گویا ماہِ صفر میں ہجرت کرنا اتمامِ شریعت کا ذریعہ اور فروغِ اسلام کا وسیلہ قرار پایا ، یہ مہینہ بلاؤں کے نازل ہونے کا نہیں بلکہ مصائب و مشکلات کے دفع ہونے کا سبب بنا ۔ اسی وجہ سے ہمارے عرف میں ماہِ صفر کو "صفرالمظفر" کہتے ہیں ‘ جس کے معنٰی " ظفریابی ‘ فتح و نصرت والے" کے ہیں ۔

مسلمانو ں کو ایسی بد شگونی سے قطعی طور پر پرہیز کرنا چاہیے ، اور اسی طرح تیرہ تیزی کے نام سے انڈے اور تیل وغیرہ سرہانے رکھنا بھی لغو کام ہے ، ان امور سے بھی احتیاط ضروری ہے ۔ قطع نظر اس کے رضائے الٰہی کی خاطر فقراء و مساکین پر صدقہ و خیرات کرنا دیگر مہینوں کی طرح اس ماہ میں بھی جائز و مُستحسن ہے ۔

معاشرہ میں یہ تصور بھی عام ہے کہ ماہِ صفر کے آخری چہار شنبہ کو سیر و سیاحت کا اہتمام کیا جائے ، اس دن تفریح کےلیے روانہ ہوں اور گھانس ‘ سبزہ وغیرہ پر چہل قدمی ہو ۔ اگر یہ چہل قدمی اس تصور کی ساتھ کی جائے کہ بلا اور وبا سے حفاظت ہو جاتی ہے اور مصائب دفع ہو جاتے ہیں تو اس کا اسلامی کتب سے کوئی ثبوت نہیں ملتا ، اگر کوئی اسی پر اصرار کرے تو عرض کیا جائے گا : اگر تم یہ سمجھتے ہو کہ آخری چہار شنبہ کو بلائیں زیادہ نازل ہوتی ہیں ‘ تو ایسی صورت میں سیر و تفریح نہیں بلکہ عبادت و ریاضت کی جانی چاہیے ، نیکی و بھلائی کی فکر کرنی چاہیے اور صدقہ و خیرات کرنا چاہیے ، کیونکہ اس سے غضبِ الٰہی دور ہو جاتا ہے اور رضاۓ الہی کے آثار نمودار ہوتے ہیں ، جیسا کہ جامع ترمذی شریف میں حدیث پاک ہے : عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِکٍ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم إِنَّ الصَّدَقَةَ لَتُطْفِئیُ غَضَبَ الرَّبِّ وَتَدْفَعُ مِيتَةَ السُّوءِ ۔
ترجمہ : حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ‘ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : یقیناً صدقہ اور نیکی پروردگار کے غضب کی آگ کو ٹھنڈا کرتی ہے اور بری موت کو دفع کرتی ہے ۔ (جامع الترمذی باب فضل الصدقۃ حدیث نمبر :666،چشتی)(شعب الایمان للبیہقی الصدقۃ تطفیٔ غضب الرب حدیث نمبر : 3202)

صفر کے مہینہ میں یہ دعاء پڑھیں

جب بھی کوئی شخص مصیبت سے دوچار ہو تو اسے اپنے عمل کا جائزہ لینا چاہیے ، اپنے اعمال میں جہاں کوتاہی واقع ہوئی ہے اس کی اصلاح کرنی چاہیے ، جہاں لغزش ہوئی ہے اسے سدھارنا چاہیے ، توبہ کرکے اللہ تعالیٰ سے رجوع ہونا چاہیے کیونکہ اپنے برے اعمال ہی تمام تر نحوستوں کا باعث ہوتے ہیں ۔ نیک و صالح بندہ کو بھی زندگی میں مختلف قسم کے مصائب و آلام سے گزرنا پڑتا ہے اور یہ اللہ تعالی کی طرف سے اس کےلیے امتحان ہوتا ہے ، جو لوگ مصائب و آلام کا صبر و استقامت کے ذریعہ مقابلہ کرتے ہیں وہ اس امتحان میں کامیاب ہیں ، جن کے قدم آفات و بلیات کی وجہ سے نہیں لڑکھڑا تے اللہ کی نصرت و حمایت ان کے ساتھ ہے ۔ زجاجۃ المصابیح میں سنن ابوداؤد شریف کے حوالہ سے حدیث پاک منقول ہے : عَنْ عُرْوَةَ بْنِ عَامِرٍ قَالَ ذُکِرَتِ الطِّيَرَةُ عِنْدَ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم فَقَالَ أَحْسَنُهَا الْفَأْلُ وَلاَ تَرُدُّ مُسْلِمًا فَإِذَا رَأَی أَحَدُکُمْ مَا يَکْرَهُ فَلْيَقُلِ اللَّهُمَّ لاَ يَأْتِی بِالْحَسَنَاتِ إِلاَّ أَنْتَ وَلاَ يَدْفَعُ السَّيِّئَاتِ إِلاَّ أَنْتَ وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ إِلاًّبِاللّٰه ۔
ترجمہ : سیدنا عروه بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا : نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمتِ اقدس میں بدشگونی کا ذکر کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : اچھا شگون ، فالِ نیک ہے اور بد شگونی کسی مسلمان کے کام میں رکاوٹ نہیں بنتی ، پس جب تم میں سے کوئی ایسی چیز دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ یہ دعاء پڑھے : اللَّهُمَّ لاَ يَأْتِی بِالْحَسَنَاتِ إِلاَّ أَنْتَ وَلاَ يَدْفَعُ السَّيِّئَاتِ إِلاَّ أَنْتَ وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ إِلاًّبِاللّٰه ۔
ترجمہ : اے اللہ ہر قسم کی بھلائیوں کو لانے والا تو ہی ہے اور تمام قسم کی برائیوں کو دفع کرنے والا بھی توہی ہے ، نہ برائی سے بچنے کی کوئی طاقت ہے اورنہ نیکی کرنے کی کوئی قوت ہے ، مگر اللہ ہی کی مدد سے ۔ (زجاجۃ المصابیح جلد 3 صفحہ 445)(سنن ابی داود باب فی الطیرۃ حدیث نمبر : 3921)

استغفار ‘ تمام پریشانیوں کا حل

اگر ہم مسلمان اپنے دل میں خدا کا خوف بٹھائے رکھیں ، اس کے فضل و کرم کے امیدوار بنے رہیں اور اپنے حال زار پر ندامت کے آنسو بہائیں تو ضرور ہماری زندگی میں برکت رکھ دی جائے گی اور ہمارے درمیان سے رنج و غم ، درد و الم دور کر دیا جائے گا اور حزن و ملال ختم کر دیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں امام رازی علیہ الرحمہ کی تفسیر کبیر کے حوالہ سے ایک نصیحت آموز واقعہ بیان کیا جاتا ہے جو ہمارے لیے نہایت ہی قیمتی اور نفع بخش ہے : وعن الحسن : ان رجلا شکا اليه الجدب ، فقال ، استغفرالله ، وشکااليه آخرالفقر، وآخرقلة النسل،وآخر قلة ريع ارضه ، فامرهم کلهم بالاستغفار ، فقال له بعض القوم : اتاک رجال يشکون اليک انواعا من الحاجة ، فامرتهم کلهم بالاستغفار؟ فتلا له الاية : فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّکُمْ إِنَّهُ کَانَ غَفَّارًا يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْکُمْ مِدْرَارًا وَيُمْدِدْکُمْ بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَلْ لَکُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَلْ لَکُمْ أَنْهَارًا ۔
ترجمہ : حضرت امام حسن بصری رضی اللہ عنہ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہو کر قحط سالی سے متعلق فریاد کی تو آپ نے اسے استغفار کرنے کا حکم دیا ، کسی دوسرے شخص نے اپنا فقر و فاقہ اور تنگدستی کا حال بیان کیا ، اسی طرح کسی اور شخص نے اولاد نہ ہونے پر اپنی پریشانی ظاہر کی اور کسی نے اپنے باغ و بہار میں پھل و پھول اور تازگی سے متعلق آپ کی خدمت میں معروضہ کیا اور سبہوں کو امام حسن بصری رضی اللہ عنہ نے استغفار کی تلقین کی ، خدائے تعالی سے معافی طلب کرنے اور بخشش کی دعا مانگنے کا حکم دیا ، لوگوں کو اس پر تعجب ہوا ، عرض کرنے لگے : آپ کی خدمت میں لوگ الگ الگ معروضے لے کر حاضر ہوئے اور تمام افراد کو آپ نے اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرنے کی تلقین فرمائی ، تو آپ نے جواب ارشاد فرماتے ہوئے یہ آیت مبارکہ تلاوت فرمائی : ترجمہ : تو میں نے کہا : تم اپنے پروردگار سے بخشش طلب کرو ! بیشک وہ خوب مغفرت فرمانے والا ہے ، وہ تم پر موسلادھار بارش کا نزول فرمائے گا اور مال و دولت اور اولاد کے ذریعہ تمہاری مدد فرمائے گا اور تمہارے لیے باغات بنادے گا اور تمہارے لیے نہریں جاری فرمادے گا ۔ (تفسیر کبیر سورۃ النوح ۔10/11/12)

ذکر الہی سے معمور ہر لمحہ سعادت مند

حضرت امام حسن بصری رضی اللہ عنہ نے تمام لوگوں کی پریشانیوں کا حل استغفار الٰہی قرار دیا اور امت کو بارگاہ الہی کی طرف رجوع ہونے کی تعلیم فرمائی ۔ آج ہمیں اسی فکر کو اپنانے کی ضرورت ہے کہ ہمارے لیل و نہار ذکر الہی میں گذرتے رہیں ، ہم شریعت کی پابندی کریں اور قرآن کریم و حدیث شریف پر عمل پیرا رہیں ، اپنے اعمال کا محاسبہ کرتے رہیں ، وقت کی قدر کریں ، اپنے لمحات کو غفلت میں نہ گذاریں ، کیونکہ نحوست ہماری زندگی میں اسی وقت آ سکتی ہے جب ہم اللہ عزوجل اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی یاد اور ان کی اطاعت و پیروی سے غافل رہیں ۔ سورۂ توبہ کی آیت نمبر 37 کے تحت تفسیر روح البیان میں مذکور ہے : فکل زمان اشتغل فيه المؤمن بطاعة الله فهو زمان مبارک وکل زمان اشتغل فيه بمعصية الله فهو مشؤم عليه فالشؤم فی الحقيقة هو المعصية ۔
ترجمہ : ہر وہ لمحہ جس میں بندۂ مومن اطاعت الٰہی میں مصروف رہا ہے ، وہ اس کے حق میں برکت والا اور سعادت مندی کا باعث ہے اور ہر وہ لمحہ جس میں وہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں مشغول رہا ہے ؛ وہ اس کے حق میں بے برکت ہے ، دراصل نحوست وبے برکتی گناہ کے ارتکاب میں ہے ۔ یقیناً جس وقت کو ہم نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں گزارا وہ وقت ہمارے لیے برکت والا ہے ، جس لمحہ کو ہم نے سنتوں پر عمل کرنے میں بسر کیا وہ لمحہ ہمارے لیے سعادت والا ہے ، جس گھڑی کو ہم نے اسلامی احکام پر عمل کرتے ہوئے بیتایا وہ گھڑی ہمارے لیے باعث رحمت ہے ۔ اللہ تعالی ہمارے قلوب میں حسنِ عقیدہ کو جاگزیں فرمائے ، عملِ صالح کی دولت نصیب فرمائے ‘ اور تعلیماتِ کتاب و سنت پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔

ماہِ صفر میں ہونے والے اہم واقعات

محترم قارئینِ کرام : صفرالمظفر کے مہینے میں کئی اہم واقعات پیش آئے ، جن کی وجہ سے اس مہینے کو تاریخ اسلام میں ایک امتیازی حیثیت حاصل ہے ۔ ان میں سے چند واقعات مندرجہ ذیل ہیں : ⬇

صفرالمظفر کے مہینے  میں ہجرت کے دوسرے سال امیرُ المؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ اور خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا کی شادی خانہ آبادی ہوئی ۔ (الکامل فی التاریخ، ۲/۱۲)

صفرالمظفر کے مہینے میں  مسلمانوں  کوفتحِ خیبر نصیب ہوئی۔(البدایۃ والنہایۃ،۳/ ۳۹۲)٭ صفرالمظفر کے مہینے میں سیف اللہ حضرت خالد بن ولید،حضرتِ عمروْ بن عاص اور حضرت  عثمان بن طلحہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُم نے  بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوکراسلام قبول کیا ۔ (الکامل فی التاریخ، ۲/۱۰۹)

صفرالمظفر کے مہینے میں مدائن (جس میں  کسریٰ کا محل تھا )کی فتح ہوئی ۔ (الکامل فی التاریخ، ۲/۳۵۷،چشتی)

صفرالمظفر کے مہینے میں امیرُالمؤ منین حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کے دورِ خلافت میں ۱۶ھ میں حضرت سعد بن اَبی وقاص رَضِیَ اللہُ عَنْہُ نے ایوانِ (محل) کِسرٰی میں جمعہ کی نماز ادا کی اور یہ پہلا جمعہ تھا جو عراق کی مملکت میں پڑھا گیا ۔

صفرالمظفر کے مہینے میں سن ۱۱ہجری میں ہی جھوٹی نبوت کے دعویدار اَسْوَد عَنْسی کَذَّاب سے مسلمانوں نے نجات پائی ۔ (فیضانِ صدیق اکبر صفحہ ۳۹۱)

وہ بزرگان دین جن کا وصال یا عرس صفر المظفر میں ہے

صحابیِ رسول ، شہزادۂ صدیقِ اکبر،  پروردۂ مولیٰ علی حضرت سیّدنا محمد بن ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ، ذوالحلیفہ (نزد مدینہ شریف) میں ذوالقعدہ 10 ہجری کو پیدا ہوئے اور صَفَرُالْمُظَفَّر 38ھ کو مصر میں شہید کئے گئے۔ آپ مجاہد، عبادت گزار اور علم وفضل کے مالک تھے، کئی سال مصر کے گورنر رہے ۔ (سنن نسائی، ص 438، حدیث: 2661، اسد الغابۃ، ج5،ص105، المنتظم،ج5،ص156)

امُّ المؤمنین حضرت سیّدتُنا میمونہ بنتِ حارث ہلالیہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کا سلسلہ نسب 18ویں پشت میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے مل جاتا ہے آپ کا نکاح نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے 7ھ کو مکّۂ مکرمہ میں ہوا اور مکّۂ مکرمہ سے 6 میل کے فاصلے پر سَرِف (موجودہ نواریہ) کے مقام پر آپ کا وصال ہوا۔(زرقانی علی المواہب،ج4،ص423-سبل الہدی،ج11،ص144-207تا209-سیرت سیدالانبیا، ص408،چشتی)

ذُوالشَّہادَتَین حضرت سیّدُنا خُزَیمہ بن ثابت اَوسی انصاری  رضی اللہ عنہ  قبلِ ہجرت اسلام لاکر اَلسَّابِقُونَ الاَوَّلُون میں شامل ہوئے ، بَدر سمیت تمام غزوات میں شرکت فرمائی ، نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے راضی ہوکر ان کی گواہی کو دو مَردوں کے برابر فرما دیا۔ ان سے کئی احادیث مروی ہیں ، یومِ فتحِ مکّہ انہیں لشکرِ اسلام کا صاحبِ عَلم(جھنڈے والا) ہونے کا شرف حاصل ہوا ، آپ کی شہادت جنگِ صِفِّین صفر37ھ میں ہوئی۔ (الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب ، 2 / 30 ، تاریخ طبری ، 8 / 765)

حارِسُ النبی حضرت ابوعبداللہ محمد بن مَسلَمَہ اَوسی انصاری  رضی اللہ عنہ  اعلانِ نبوت سے 22سال قبل پیداہوئے اورصفر46ھ کو مدینۂ منوّرہ میں وفات پائی۔ آپ جلیلُ القدر صحابی ، بہادر اور قدیمُ الاسلام تھے۔ تَبُوک کے  علاوہ تمام غزوات میں شریک ہوئے ، اس موقع پر مدینے کے حاکم بنائے گئے۔ آپ نے دشمنِ رسول کعب بن اشرف کا کام تمام کیا۔ آپ سے کئی احادیث مروی ہیں ، دورِ خلافت راشدہ میں کئی عہدوں پر فائز رہے ۔ (الاصابۃ فی تمییزالصحابۃ ، 6 / 28 ، المواھب اللدنیہ ، 1 / 431،چشتی)

سیّدُ التّابعین حضرت اویس قَرَنی  رحمۃ اللہ علیہ  اہلِ یمن سے ہیں۔ زمانۂ رسالت میں اسلام قبول کیا مگر بوڑھی والدہ کی خدمت کی وجہ سے دیدارِ نبی کی سعادت نہ پاسکے۔ 2فرامینِ مصطفےٰ ( صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) : (1) تم میں سے جو اویس کو پائے تو اُس سے دعائے بخشش کرائے (2) بے شک اویس خَیرُالتّابِعِین ہے ۔ حضرت عمر فاروق  رضی اللہ عنہ  نے ان سے ملاقات فرمائی ، آپ عشق ِرسول ، گوشہ نشینی اور زہد و تقویٰ میں مشہور تھے۔ جنگِ صِفِّین صفر37ھ میں شہید ہوئے ، آپ کا مزار رَقَّہ (دمشق ، شام) میں ہے ۔ (مسلم ، ص1055 ، حدیث : 6492 ، مستدرک للحاکم ، 4 / 496 ، حدیث : 5771 ، طبقات ابن سعد ، 6 / 204 تا 207)

حضرت شیخ صلاحُ الدّین دَرْوَیش سہروردی دہلوی  رحمۃ اللہ علیہ  کی پیدائش 648ھجری اور وفات 749ھجری میں دہلی میں ہوئی ۔ آپ کا عرس 22 صفر کو دہلی میں ہوتا ہے ، آپ شیخ صدرُالدّین عارف ملتانی  رحمۃ اللہ علیہ  کے مرید و خلیفہ ، حضرت خواجہ نصیرُالدّین محمود چَراغ دہلوی  رحمۃ اللہ علیہ  کے ہمسائے ، صاحبِ کرامت ، دردِ اُمّت رکھنے والے اور نِڈر تھے ۔ (اخبار الاخیار مترجم صفحہ 149)

حضرت خواجہ سیّد یحییٰ کبیر غرغشی  سہروردی  رحمۃ اللہ علیہ  کی ولادت 707ھ میں  شہر علی (نزد کوہ سلیمان) بلوچستان میں ہوئی۔ یہیں 2صفر  834ھ کو وصال فرمایا۔ مزار جائے پیدائش میں ہے۔ آپ علمِ ظاہری و باطنی کے جامع ، مرید و خلیفہ جَہانیاں جَہاں گَشت ، باکرامت ولی اور مرجعِ عُلَما و عوام شخصیت کے مالک تھے ۔ (انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام ، 5 / 154،چشتی) 

مفسرِقراٰن حضرت علّامہ خواجہ یعقوب چَرخی رحمۃ اللہ علیہ  کی ولادت 762ھ میں چرخ نزد غَزنی افغانستان میں ہوئی   اور وصال 5صفر851ھ میں فرمایا ، مزار موضع لنین کال خور (دوشنبہ) تاجکستان میں ہے ، آپ جید عالمِ دین ، خلیفہ بانیِ سلسلہ نقشبندیہ خواجہ بہاؤالدّین اور صاحب تصانیف ہیں ، تفسیرِ چرخی اور شرح اَسْماءُ الحُسنٰی آپ کی مطبوع کُتب ہیں ۔ (تاریخ مشائخ نقشبند ، صفحہ 225 تا 234)(خواجہ عبیداللہ احرار صفحہ 89)

جلیلُ القدر شیخِ طریقت حضرت شیخ محمود راجن فاروقی رحمۃ اللہ علیہ  احمد آباد (گجرات ہند) کے ایک عظیم صوفی خاندان میں پیدا ہوئے۔ کئی سلاسل سے خلافت حاصل ہوئی ، آپ جامع عُلوم و فنون اور کثیرُ الفیض تھے ، 22صفر 900ھ میں وصال فرمایا۔ مزار درگاہ شیخ سراجُ الدّین پیرانِ پٹن نہر والا محلہ مبارکپورہ گجرات میں ہے ۔ (مشائخ احمدآباد صفحہ 226)

شیخُ المشائخ حضرت شاہ غلام علی دہلوی مجددی نقشبندی  رحمۃ اللہ علیہ  کی ولادت 1156ھ میں پٹیالہ (ضلع گورداسپور مشرقی پنجاب) ہند میں ہوئی۔ 22صفر 1240ھ میں وصال فرمایا ، آپ کا مزار دہلی ہند میں ہے۔ آپ عالمِ دین ، عظیم شیخِ طریقت ، تیرھویں صدی کے مجدد ، صاحبِ کرامت ولی اللہ اور 12 سے زائد کُتب کے مصنف تھے ۔ (جہانِ امام ربانی جلد 4 صفحہ 588 تا 602)

امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ 25 صفر المظفر ان کا یومِ وصال ہے ، اس دن یا پورے ماہِ صفر المظفر میں اہلِ عقیدت ومحبت آپ کا عرس مناتے ہیں ۔

قبلۂ عالم ، تاجدارِگولڑہ حضرت پیر سیّد مہر علی شاہ گیلانی  رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1275ھ میں گولڑہ شریف (اسلام آباد ، پنجاب) پاکستان میں ہوئی اور29 صفر 1356ھ کو وصال فرمایا ، آپ کا مزار گولڑہ شریف میں زیارت گاہِ خاص و عام ہے۔ آپ جید عالمِ دین ، مرجعِ علما ، شیخِ طریقت ، کئی کتب کے مصنف ، مجاہدِ اسلام ، صاحبِ دیوان شاعر اور عظیم و مؤثر شخصیت کے مالک  تھے ۔ (مہرِ منیر صفحہ 61 ، 335)(فیضانِ پیر مہر علی شاہ صفحہ 4 ، 32،چشتی) 

زینتِ خاندانِ اہلِ بیت حضرت امام زَیداَلشَّہِید  رحمۃ اللہ علیہ  کی ولادت 79ھجری میں ہوئی اور (ایک قول کے مطابق)  2 صفر 122ھجری کو کوفہ میں شہید کیے گئے ، یہیں مزار ہے۔ آپ امام زَینُ العابدین کے بیٹے ، امام باقِر کے بھائی ، عالمِ کبیر ، فقیۂ اسلام ، بہادر و شجاع ، خطیبِ زمانہ اور کئی کُتب مثلاً تفسیرِ غریبُ القرآن اور مَجمُوع فِی الفِقہ وغیرہ کے مصنف تھے ۔ (تاریخ طبری جلد 4 صفہ 314)(اعلام للزرکلی جلد 3 صفحہ 59)(تاریخِ اسلام للذھبی جلد 8 صفحہ 105 تا 108)

صوفیِ کامل حضرت شیخ احمد مَجد شِیبانی  رحمۃ اللہ علیہ  کی پیدائش نارنول (ضلع مہندر گڑھ ، ریاست ہریانہ) ہند کے ایک علمی گھرانے میں ہوئی  اور وصال ناگور میں 25صفر927ھ کو ہوا ، تدفین روضہ سلطانُ التّارکین شیخ حمیدُالدّین صوفی  رحمۃ اللہ علیہ  میں کی گئی۔ آپ جید عالمِ دین ، عربی فارسی میں ماہر ، عاشقِ اہلِ بیت ، صاحبِ کرامت اور جذبہ نَہْیٌ عَنِ الْمُنْکَر سے سرشار تھے۔ آپ نے اپنی زندگی کا ایک حصہ اجمیر شریف میں گزارا ۔ (اخبار الاخیار فارسی صفحہ 184 تا 186)

مستفتیِ اعلیٰ حضرت مولانا میر غلام مصطفیٰ جہانگیری دیوی  رحمۃ اللہ علیہ  (تحصیل گوجر خان ضلع راولپنڈی) میں اندازاً 1305ھ کو  پیدا ہوئے ، آپ اسکول ہیڈماسٹر ، علمِ دین سے مالا مال ، کثرتِ مطالعہ کے خُوگر ، تبلیغِ دین کے شائق اور ہردلعزیز شخصیت کے مالک تھے ، آپ کا وصال 26صفر 1370ھ کو ہوا ، مزار موضع دیوی میں ہے۔ آپ نے بذریعۂ  مکتوب اعلیٰ حضرت امام احمد رضا  رحمۃ اللہ علیہ  سے علمی استفادہ فرمایا ۔ (معارف رضا ، سالنامہ 2007ء ، صفحہ 233،چشتی)

شارحِ بخاری ، فقیہِ اعظم ہند حضرت مفتی محمد شریفُ الحق امجدی  رحمۃ اللہ علیہ  کی ولادت 1339ھ قصبہ گھوسی ضلع مؤ (یوپی ہند) میں ہوئی اوریہیں 6 صفرالمظفر 1421ھ کو وصال فرمایا۔ آپ مفتیِ اسلام ، شیخِ طریقت ، استاذُالعلماء ، شرح بخاری (9جلدیں) سمیت 20کُتب کے مصنف اور اکابرینِ اہلِ سنّت سے ہیں۔ آپ نے ہند کے دس مدارس میں 35سال تدریس کی ، 11سال بریلی شریف اور 24سال الجامعۃُ الاشرفیہ کے مفتی رہے ، پچاسی ہزار فتاویٰ لکھے یا لکھوائے ۔ (فتاویٰ شارح بخاری جلد 1 صفحہ 72 تا 110)

مشہور ولیِ کامل، شیخ الاسلام حضرت بہاء الدین زکریا قریشی ملتانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی پیدائش 566ھ میں کروڑ لعل عیسن (ضلع لیہ، جنوبی پنجاب) پاکستان میں ہوئی۔ آپ مادرزاد ولی، حافظ القراٰن، عالمِ دین، شیخِ طریقت اور امام سلسلۂ سہروردیہ فی الہند ہیں۔ آپ نے 7 صَفَرُالْمُظَفَّر 661ھ کو مدینۃُالاولیا ملتان (جنوبی پنجاب) پاکستان میں وصال فرمایا، آپ کا مزار مرجعِ خاص و عام ہے ۔ (فیضانِ بہاء الدین زکریا ملتانی، ص3تا63)

سجادہ نشین  درگاہِ محمدیہ کالپی شریف حضرت علّامہ پیر سیّد احمد شاہ ترمذی کالپویرحمۃ اللہ تعالٰی علیہ، ولیِ کامل، عالمِ باعمل، صاحبِ تصانیف اور سلسلۂ عالیہ قادریہ عطاریہ کے اکتیسویں  شیخِ طریقت ہیں ، گیارہویں صدی ہجری کی ابتدا میں پیدا ہوئے اور 19 صَفَرُالْمُظَفَّر 1084ھ میں وصال فرمایا، مزار مبارک کالپی شریف (ضلع جالون، یوپی) ہند میں ہے۔(تاریخ مشائخ قادریہ،ج 2،ص114،چشتی)

زینتِ خاندانِ غوثِ اعظم حضرت سیّدنا شیخ سیّد حسن بغدادی علیہ رحمۃ اللہ الہادِی کی ولادت ابتدائے آٹھویں سن ہجری بغداد (عراق) میں ہوئی، آپ عالمِ دین، سلسلۂ عالیہ قادریہ عطاریہ کے تیئیسویں شیخِ طریقت اور آستانۂ غوثیہ کے سجادہ نشین تھے ۔ وصال26 صَفَرُالْمُظَفَّر 781ھ کو فرمایا اور تدفین بغداد شریف میں ہوئی ۔ (تاریخ مشائخِ قادریہ رضویہ برکاتیہ، ص201)

تاجدارِ سلسلۂ نقشبندیہ مجددیہ حضرت مجددِ الفِ ثانی شیخ احمد فاروقی سر ہندی حنفی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت 971ھ کو سرہند شریف (ضلع فتح گڑھ، صوبہ مشرقی پنجاب) ہند میں ہوئی اور 28 صَفَرُالْمُظَفَّر 1034ھ کو یہیں وصال فرمایا، روضۂ مبارک مرجعِ انوار ہے۔ آپ عالمِ باعمل، مصنفِ کُتُب اور عالمگیر شہرت کے حامل شیخِ طریقت ہیں۔ ”مکتوباتِ امام ربانی‘‘ آپ کی کُتُب سے ہے۔(تذکرۂ مجددالف ثانی،ص2تا39)

استاذِ اعلیٰ حضرت ، شیخُ الاسلام حضرت سیّد ابوالعباس احمد بن زینی دحلان جیلانی مکی شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی امام الحرمین ، مفتیِ شافعیہ، شیخ الحدیث، استاذُ العلما اور کئی کتب کے مصنف تھے، آپ کا گھر ”بیتِ دحلان“ علم و دین اور معرفت کا مرکز تھا۔ ”السیرۃ النبویۃ و الاثار النبویۃ“ آپ کی چالیس کتب میں سے ایک ہے۔ آپ کی ولادت1232ھ کو مکّہ شریف میں ہوئی اور وفات 4 صَفَرُالْمُظَفَّر 1304ھ کو مدینۂ منوّرہ میں فرمائی۔ جَنّۃُ البَقِیع میں دفن کئے گئے۔( نفحۃ الرحمن فی بعض الشیخ السیداحمدبن السیدزینی دحلان ص، 15تا51،چشتی)

شہزادۂ استاذِ زمن، استاذُ العلما حضرتِ مولانا محمد حسنین رضا خان رضوی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت 1310 ھ کو بریلی شریف (یوپی) ہند میں ہوئی۔ آپ اعلیٰ حضرت  علیہ رحمۃ ربِّ العزّت کے بھتیجے ، داماد ، شاگرد و خلیفہ، جامع معقول و منقول، کئی کُتُب کے مصنف، مدرسِ دار العلوم منظرِ اسلام، صاحبِ دیوان شاعر، بانیِ حسنی پریس و ماہنامہ الرضا و جماعت انصار الاسلام تھے ۔ وصال5 صَفَرُالْمُظَفَّر 1401ھ میں فرمایا اور مزار بریلی شریف میں ہے ۔ (تجلیات تاج الشریعہ، ص95، صدر العلما محدث بریلوی نمبر، ص77تا81)

مُفسرِ اعظم حضرتِ مولانا محمد ابراہیم رضا خان رضوی جیلانی میاں رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت1325 ھ کو بریلی شریف (یوپی) ہند میں ہوئی۔ آپ عالمِ دین، مصنف، مہتمم دار العلوم منظرِ اسلام اور   شیخ الحدیث تھے۔11 صَفَرُالْمُظَفَّر 1385ھ کو وصال فرمایا، آپ کا مزار مبارک بریلی شریف (یوپی) ہند میں روضۂ اعلیٰ حضرت کے دائیں جانب مرجعِ خلائق ہے۔(تجلیات تاج الشریعہ،ص93،مفتی اعظم اور ان کے خلفاء، ص110)

شَیخُ الخُطَباء و الاَئِمّہ، امام الحرم حضرت سیّدنا شیخ عبدُاللہ ابو الخیر مِرداد مکّی حنفی قادری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت 1285ھ کو مکّہ شریف میں ہوئی اور شہادت طائف میں (غالباً یکم صفر) 1343ھ کو ہوئی۔ آپ جید عالمِ دین، حنفی فقیہ، مؤرخ، مصنف، مدرس اور مکّہ شریف کی مؤثر شخصیت تھے۔ علمائے مکّہ کے حالات و کرامات پر مشتمل ضخیم کتاب ”نشر النور والزھر“ آپ کی یادگار ہے۔ (مختصر نشر النور والزھر، ص 31، اما م احمد رضا محدث بریلوی اور علماء مکّۂ مکرمہ، ص21،89،چشتی)

مدرسِ حرم، عالمِ باعمل حضرت سیّدنا شیخ سیّد ابوبکر بن سالم البار مکّی علوی شافعی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت1301 ھ کو مکّۂ مکرمہ کے ایک علمی گھرانے میں ہوئی اور 2 صَفَرُالْمُظَفَّر 1384ھ کو وصال فرمایا، جنّت المعلیٰ میں مدفون ہوئے۔ آپ قاضیِ شہر، فقیۂ شافعی، استاذُ العلما، مصنف اور شیخِ طریقت تھے۔(الدلیل المشیِر، ص 21، سالنامہ معارف رضا 1999ء، ص200)

مدرسِ حرم، قاضیِ مکّۂ مکرمہ حضرت سیّدنا شیخ احمد بن عبدُاللہ  ناضرین  شافعی مکّی قادری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت 1299ھ میں مکّۂ مکرمہ میں ہوئی اور 13 صَفَرُالْمُظَفَّر 1370 ھ کو وصال فرمایا، جنّۃُ المعلٰیمیں دفن کئے گئے۔ آپ بہترین مدرس، علومِ قدیم و جدید کے جامع، صاحبِ تقویٰ و ورع، فقہ شافعی کے فقیہ اور باعمل عالمِ دین تھے۔(الدلیل المشیر، ص 46 تا51)

عالمِ باعمل حضرت علّامہ محمود جان خان قادری جام جودھ پوری پشاوری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت 1255ھ کو پشاور پاکستان میں ہوئی اور 3 صَفَرُالْمُظَفَّر 1370ھ کو وصال فرمایا، مزار مبارک جام جودھ پور (ضلع جام نگر،گجرات) ہند میں ہے۔ آپ عالمِ دین، خطیبِ اہلِ سنّت، شاعرِ اسلام اور جام جودھ پور کی ہر دلعزیز شخصیت تھے۔ منظوم حیاتِ اعلیٰ حضرت ”ذکرِ رضا“ آپ کی یادگار ہے۔(شخصیات اسلام، ص 136تا138)

استاذُ العلما، حضرت مولانا سیّد احمد عالَم قادری رجہتی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت موضع بچروکھی نزد رجہت (ضلع نوادہ، بہار) ہند میں ہوئی اور 12 صَفَرُالْمُظَفَّر 1377ھ کو  وصال فرمایا، بسرام پور، تھانہ امام گنج (ضلع گیا، بہار) ہند میں آسودۂ خاک ہیں ۔ آپ جید عالِم، مدرس اور قادرُ الکلام واعظ تھے۔(ماہنامہ اعلیٰ حضرت،اپریل 2002ء صد سالہ منظرِ اسلام نمبر قسط:2، ص167،چشتی)

شیخ الواعظین، حضرت مولانا مفتی ابوعبدالقادر محمد عبداللہ کوٹلوی نقشبندی قادری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت کوٹلی لوہاراں غربی (سیالکوٹ) پاکستان میں 1281ھ کو ہوئی اور یہیں 13 صَفَرُالْمُظَفَّر 1342ھ کو وصال فرمایا، عبداللہ شاہ قبرستان میں تدفین ہوئی، آپ عالمِ باعمل، واعظِ خوش بیان، صاحبِ دیوان شاعر اور مصنّف تھے، شعری مجموعہ ”انواع احمدی“ مطبوع ہے۔(اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی اور علمائے کوٹلی لوہاراں، ص13،تذکرہ اکابرِ اہلِ سنّت، ص83)

حافظُ المسائل حضرت علّامہ محمد عبدالکریم نقشبندی رضوی چتوڑی محدث بھیروگڑھی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ، جیدعالمِ دین، واعظ، مدرس، مصنف،  شیخِ طریقت اور فعال عالمِ دین تھے۔ پیدائش چتوڑگڑھ میواڑ (راجستھان) ہند میں ہوئی اور وصال 15 صَفَرُالْمُظَفَّر (غالباً 1342ھ) کو بھیروگڑھ (ضلع اجین، ایم پی) ہند میں ہوا۔ (تجلیات خلفائے اعلیٰ حضرت، ص490تا500، ماہنامہ معارفِ رضا دسمبر2014ء، ص20)

ابو حنیفہ صغیر، امین الفتویٰ حضرت سیّدنا شیخ سیّد ابو الحسین محمد بن عبدالرحمن مرزوقی مکی حنفی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت 1284 ھ کو مکّۂ مکرمہ میں ہوئی۔ آپ حافظُ القراٰن، فقیہ حنفی، عہدِعثمانی میں مکّہ شریف کے قاضی، تراویح کے امام اور عہدِ ہاشمی میں وزارتِ تعلیم کے بڑے عہدے پر فائز رہے۔ 25 صَفَرُالْمُظَفَّر 1365ھ کو وصال فرمایا اور جنّۃُ المعلٰی مکّۂ مکرمہ میں تدفین ہوئی۔ (تذکرہ خلفائے اعلیٰ حضرت، ص80تا83-حسام الحرمین عربی، ص79،چشتی)

تلمیذِ اعلیٰ حضرت، امام السالکین حضرت علّامہ سیّد ابوالفیض قلندر علی گیلانی سہروردی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی پیدائش 1312ھ میں کوٹلی لوہاراں شرقی (ضلع ضیا کوٹ، سیالکوٹ) پاکستان میں ہوئی۔ آپ جیّد عالمِ دین، فاضلِ دارُالعلوم منظرِ اسلام بریلی، بہترین خطیب، صاحبِ تصنیف اور صاحبِ کرامت شیخِ طریقت تھے۔ 27 صَفَرُالْمُظَفَّر 1377ھ کو وصال فرمایا، مزارمبارک ہنجروال (ملتان روڈ) مرکزالاولیاءلاہور میں ہے۔(تذکرہ مشائخ سہروردیہ قلندریہ ص234تا289، تذکرہ علمائے اہلسنت وجماعت لاہور، ص302)

استاذُ العلما، حضرت مولانا رحم الٰہی منگلوری مظفر نگری قادری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت منگلور (ضلع مظفر نگر، یو پی) ہند میں ہوئی۔ آپ ماہرِ معقولات عالم، صدر مدرس اور مجازِ طریقت تھے۔ آپ نے بحالتِ سفر آخر (غالباً28) صَفَرُالْمُظَفَّر 1363ھ کو وصال فرمایا۔ (تذکرہ خلفائے اعلی حضرت صفحہ 138) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...