مشہور مگر من گھڑت واقعات ایک تحقیق
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
محترم قارئینِ کرام : بہت سے ، مصنفین نے کچھ واقعات بغیر تحقیق کیے لکھے ، خطیب حضرات نے بیان کیے اور عوام میں پھیلا دیے مگر بہت ہی کم لوگوں نے حق و سچ بیان کرنے کی کوشش کی فقیر عرصہ کچھ کچھ لکھتا رہا اس مضمون میں کچھ بکھرے ہوۓ حقاٸق ترتیب دے کر پیشِ خدمت ہیں فقیر کی حثیت ایک مرتب کی ہے اہلِ علم مزید جراتِ تحقیق فرماٸیں جزاکم اللہ خیرا آمین :
معراج شریف کے حوالے سے مشہور ہے کہ سیدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب شب معراج آسمان پر پہونچے تو نعلین شریف اتارنا چاہا آواز آئی آپ نعلین شریف پہن کر تشریف لائیں تاکہ آپ کے نعلین کی برکت سے عرش اعظم کو فضیلت حاصل ہو ۔
اعلحضرت علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ یہ من گھڑت اور بے اصل ہے ۔ (الملفوظ کامل و احکام شریعت حصہ دوم ص 9 فتاوی شارح بخاری اول ص306)
حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی زبان میں لکنت تھی جس کی وجہ سے آپ شین کو سین پڑھتے تھے بعض یہودیوں نے طعنہ دیا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مؤذن ایسا رکھا ہے جسے شین اور سین کی تمیز نہیں تو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو اذان دینے سے منع کردیا تو اس روز صبح نہیں ہورہی تھی پھر صحابی بارگاہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں حاضر ہو کر دن نہ ہونے کی شکایت کی تو جبریل علیہ السلام حاضر ہوے اور فرمایا جب تک حضرت بلال رضی اللہ عنہ اذان نہیں دیں گے صبح نہیں ہو گی الخ ۔
نائب حضور مفتی اعظم ہند حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ یہ واقعہ کسی بھی معتبر کتاب میں نہیں حضرت بلال رضی اللہ عنہ بہت فصیح تھے اور آپ کی آواز بہت پیاری تھی ۔ (فتاوی شارح بخاری)
مشہور ہے کہ ایک مرتبہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اپنے بیٹے یزید کو اپنے کاندھے پر بٹھائے جارہے تھے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دیکھ کر فرمایا کہ جنتی باپ کے کاندھے پر جہنمی بیٹا ہے ۔
یہ من گھڑت روایت اور سفید جھوٹ ہے کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سن 11ھ میں وصال فرما گئے تھے اور یزید 25ھ میں پیدا ہوا یعنی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے وصال شریف کے 14یا 15سال بعد یزید پیدا ہوا پھر یہ کیونکر ہو سکتا ہے ۔
حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے جب یہ سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا دانت شریف جنگ احد میں شہید ہوگیا تو آپ نے اپنے سارے دانت حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت میں شہید کر ڈالے پھر آپ کےلیے اللہ تعالٰی نے کیلا پید کیا ۔
یہ واقعہ سراسر من گھڑت اور وضع جہال ہے بعض تذکرہ کی کتابوں میں اگرچہ موجود ہے لیکن وہ بے دینوں کی ملاوٹ ہے فتاوی بریلی شریف میں ہے کہ ایسی روایت نظر سے نہ گزری اور نہ ہی ایسی روایت ہے ۔ (فتاوی بریلی شریف صفحہ 301،چشتی)
حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا کوئی دانت شریف مکمل شہید نہ ہوا تھا یعنی جڑسے نہ اکھڑا تھا ۔ شیخ محقق عبد الحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ سرکار صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کہ دانت ٹوٹنے کا ہرگز یہ معنی نہیں کہ جڑ سے اکھڑ گیا ہوگا اور وہاں رخنہ پیدا ہوگیا ہوگا بلکہ ایک ٹکڑا شریف جدا ہوا تھا ۔ (اشعتہ اللمعات شرح مشکوۃ ج4ص515)
وہ کونسا افضل کام ہے جو اللہ کو بہت پسند ہے مگر حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کبھی نہیں کیا ؟ پھر جواب دیا جاتا ہے کہ وہ اذان ہے جو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کبھی نہیں دی ۔
حقیقت یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دو بار سفر میں اذان دی ہے ۔ (در مختار و دیگر کتب)
عموماً لوگ نماز کے بعد مصلے کا ایک کونہ موڑ دیتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ کھلا رہنے پر شیطان نماز پڑھتا ہے اس لیے موڑ دینا چاہیے ۔
صرف مصلے کا ایک کونہ موڑنا بے اصل ہے اور یہ خیال سرے سے غلط ہے کہ شیطان نماز پڑھتا ہے ۔ (بہار شریعت و فتاوی رضویہ و تفہیم المسائل)
ستر 70 مردے ایک قبر
سوال : لوگوں میں یہ مشہور ہے کہ قیامت کے روز ایک قبرسے 70مردے اٹھیں گے ،اس کی دینی حیثیت کیاہے ؟
جواب : یہ صرف لوگوں کی بنائی ہوئی باتیں ہیں ،اس بات کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے، ۔۔۔۔ایک قبر سے تعیین کے ساتھ ستر مردے اٹھائے جانے کی روایت ثابت نہیں ہے ۔ (مفتی منیب الرحمٰن صاحب MAY 04, 2018 جنگ اخبار)
الدنیا مزرعۃ الآخرۃ (دنیا آخرت کی کھیتی ہے) یہ قول بطور حدیث لوگوں کے ہاں مشہور ہے جبکہ اجل آئمہ نے اسے موضوع (گھڑا ہوا) قرار دیا ہے ۔
حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ایک گلی میں سے گذرا کرتے تھے توایک عورت روزانہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر کوڑا پھینکتی تھی ، ایک دفعہ اُس نے کوڑا نہ پھینکا تو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اُس کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا تو معلوم ہوا کہ وہ عورت بخار میں ہے ، اُس کے گھر کا کام کیا اور وہ عورت ایمان لے آئی ۔
ایک عورت گھر کا سارا سامان اُٹھا کر جا رہی تھی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اُس کا سامان اُٹھا لیا اور پوچھا کہاں جا رہی ہو تو اُس عورت نے کہا کہ اس شہر میں ایک جادو گر آ گیا ہے اور وہ لوگوں کے ایمان بدل دیتا ہے ۔۔۔ تو اُس عورت نے نام پوچھا تو فرمایا وہی جادوگر ہوں جس کے خوف سے تو ہجرت کر رہی تھی، اس حُسن سلوک سے وہ عورت ایمان لے آئی ۔
تحقیق : کمپوٹر نمبر 16,279/19 تاریخ 23/1/2019 جامعہ نعیمیہ کے فتوی کےساتھ ساتھ دیوبندی اور اہلحدیث علماء نے بھی اسے منگھڑت واقعات قرار دیا ہے ۔ عوام اب بھی کہتی ہے مکہ میں وہ کھڑکی ہم نے خود دیکھی ہے جہاں سے بڑھیا کوڑا پھینکتی تھی ۔ اب عوام کا کیا کریں جن کو کھڑکی دکھا کر پاگل کیا گیا ہے ۔
ایک جھوٹی کہانی درسی کتابوں میں یہ بھی لکھی تھی کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے پاس ایک کیس پیش ہوا کہ اس بندے نے ہمارےباپ کو قتل کر دیا ہے ، اس لیے مطالبہ کیا گیا کہ ہمیں خون بہا چاہیے ۔ اس قاتل نے کہا کہ میں اپنے گھر جا کر بتا کر آنا چاہتا ہوں، مجھے تین دن دئے جائیں، پوچھا تیرا گواہ کون ہو گا جو گواہی دے تو واپس آ جائے گا، اس نے حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ کی طرف اشارہ کیااور آپ نے ذمہ داری لے بھی لی۔ تین دن تک نہ آیا اور حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے کہا گیا کہ اس کے بدلے میں آپ کو قتل کر دیا جائے گا۔ پھر وہ نمودار ہوا اور اس طرح لکھا گیا ۔۔ یہ بھی جھوٹ ہے۔
یہ بھی کوئی حدیث سرے سے نہیں ہے کہ ہر انسان کے تین باپ ہوتے ہیں، ایک اُستاد، دوسرا سُسر، تیسرا اُس کا حقیقی باپ، البتہ ہر بڑے کی عزت کرنی چاہئے۔
مسلم و بخاری لکھ کر بھی جھوٹ جھوٹ بولا جا رہا ہے جیسے ایک میسج ہے کہ ”آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : اگر جُھک جانے یعنی عاجزی اختیار کرنے سے تمہاری عزت گھٹ جائے تو قیامت کے دن مجھ سے لے لینا ۔ (مسلم حدیث:784)
ابھی حال میں مستند دیوبندی علماء نے جناب طارق جمیل دیوبندی پر جھوٹی روایات اور خاص طور پر حضرت یوسف علیہ السلام کا منہ کالا کرنے کا جھوٹا واقعہ سُنانے پر ان کو کافر کہا ہے اور توبہ کرنے کو کہا ہے۔
رمضان المبارک کے آخری جمعہ میں چار نفل پڑھنے کو ساری عمر کی نمازیں قضا ادا ہو گئیں ایسی بھی کوئی حدیث نہیں ہے ۔
واقعہ کربلا کے من گھڑت واقعات
محترم قارئینِ کرام : واقعہ کربلا کو بیان کرنے میں سب سے بڑی دشواری یہ تھی کہ قافلہ حضرت سیدنا امامِ حسین رضی اللہ عنہ کے بچ جانے والے افراد رضی اللہ عنہم میں سے کسی نے بھی اپنی پوری زندگی میں اس واقعہ کی تفصیلات کو بیان نہیں کیا تھا اگر ان افراد سے کچھ جزوی معلومات ملیں بھی تو وہ ایسی نہ تھیں جو سبائی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے معاون ثابت ہوتیں چنانچہ اس سانحہ کو غیر معمولی طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے لئے کذب وافتراء پر مبنی ایسے ایسے افسانے مشہور کیے گئے کہ اگر سبائی ذہنیت کو سامنے رکھتے ہوئے سر سری نگاہ سے بھی ان کا مطالعہ کیا جائے تو اس جھوٹ کا سارا پول کھل کر سامنے آجاتا ہے ۔
(1) ابراھیم و محمد ابنان مسلم بن عقیل رضی اللہ عنہم کی شھادت ۔
ابراھیم و محمد رضی اللہ عنہما کی کوفہ جاتے ہوئے راستے میں شھادت کا واقعہ بالکل من گھڑت ہے تاریخ کی کسی بھی معتبر کتاب میں یہ واقعہ مذکور نہیں ہے امام مسلم کے بچوں کا افسانہ سب سے پہلے اعثم الکوفی نے اپنی کتاب الفتوح میں لکھا مگر اس نے بھی صرف ان کے قیدی ہونے کو بیان کیا ہے البتہ ملاحسین کاشفی نے روضةالشھداء میں ان کی شھادت کا شوشہ چھوڑا یہی اولین ماخذ ہے جس میں ابراھیم و محمد کی شھادت کا بیان ہے جس افسانےکو خود معتبر شیعہ مصنفین نے بھی بے بنیاد قرار دے کر رد کر دیا ہے ۔
مرزا تقی شیعہ اپنی کتاب ناسخ التواریخ میں لکھتا ہے : مکشوف باد کہ شھادت محمد و ابراھیم پسرہائے مسلم کمتر درکتاب پیشینیاں دیدہ ام الا آنکہ عاصم (اعثم) کوفی می گوید کہ بعدازقتل حسین چوں اھل بیت را اسیر کردند پسرہائے مسلم صغیر درمیان اسرای بودند ابن زیاد ایشاں را بگرفت ومحبوس نمود نخستیں در بارہ شھادت ایشاں درکتاب روضةالشھداء مسطوراست ومن ایں قصہ را از روضةالشھداء منتخب می دارم و قصہ ایشاں معتبر نیست ۔ (ناسخ التواریخ ص110ج2)
ترجمہ : امام مسلم رضی اللہ عنہ کے صاحبزادگان کی شھادت کا واقعہ پہلی کتابوں میں نہیں ہے سب سے پہلے اعثم الکوفی نے اس واقعہ کو بیان کیا ہے مگر اس نے صاف لکھا ہے کہ امام مسلم رضی اللہ عنہ کے دونوں صاحبزادے محمد و ابراھیم کربلا میں بھی تھے لیکن دیگر اہل بیت رضی اللہ عنہم کے ساتھ ابن زیاد کے ہاتھوں گرفتار ہوئے شھادت کی بات سب سے پہلے ملا حسین کاشفی نے روضةالشھداء میں نقل فرمائی اور میں نے بھی اسی سے نقل کرکے یہ واقعہ لکھا ہے لیکن سچی بات یہ ہے کہ یہ نہایت غیر معتبر واقعہ ہے ۔ (مزید تفصیل کےلیے میزان الکتب صفحہ 707تا 710 پڑھیں)
(2) ذوالجناح کا قصہ بھی باطل ہے جب امام حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھ سفر کربلا میں خود گھوڑا ثابت نہیں ہے تو ذوالجناح کیسے ثابت ہوسکتا ہے ؟
مرزا تقی شیعہ لکھتا ہے : و ذوالجناح کہ نام داشتہ باشد درھیچ کتب احادیث،اخبار،وتواریخ معتبرہ ندیدہ ام وذوالجناح درحقیقت لقب شمر پسر لھیعہ است واسپ ھیچ کس را بدیں نام نشنیدہ ام ۔ (شیعہ کتاب ناسخ التواریخ)
ترجمہ : یہ جو لوگوں نے امام حسین رضی اللہ عنہ کا ذوالجناح نامی گھوڑا مشہور کر رکھا ہے مجھے تو یہ نام حدیث ، تاریخ ، اور اخباری کتب میں کہیں بھی نہیں ملا ہے حقیقت تو یہ ہے کہ شمر بن لہیعہ نامی شخص کا لقب ذوالجناح تھا ۔
جب حضرے امام حسین رضی اللہ عنہ مدینہ سے روانہ ہوئے تو گھوڑے کا کہیں بھی نام و نشان نہیں ہے بلکہ آپ اونٹنی پر سوار تھے اور ذوالجناح تو شمر نامی ایک شخص کا لقب تھا ۔ فاخذ محمدبن الحنفیة زمام ناقتہ ۔ یعنی امام حسین رضی اللہ عنہ کے بھائی حضرت محمد بن حنفیہ رضی اللہ عنہ نے اونٹنی کا مہار پکڑ کر آپ کو روکناچاہا ۔ (شیعہ کتاب ذبح عظیم صفحہ 165 بحوالہ مقتل ابومخنف)
کوفہ جاتے ہوئے راستے میں جب فرزدق نامی شاعر سے ملاقات ہوئی تو آپ اونٹنی پر ہی سوار تھے ۔ ثم حرک الحسین راحلتہ (ای ناقتہ) فقال السلام علیک ثم افترقا ۔ امام حسین نےکوفہ جاتے ہوئے راستے میں چند لمحے فرزدق سے ملاقات کی اور کوفیوں کاحال پوچھا اورپھراپنی اونٹنی کوحرکت دی اور السلام علیک کہہ کر چل دئے ۔ (تاریخ طبری ص218ج6)
امام حسین رضی اللہ عنہ جب کربلا پہنچ گئے تو بھی اونٹنی ہی پر سوار تھے ۔ فقال علیہ السلام ھذا کربلا موضع کرب وبلاء ھذا مناخ رکابنا ومحط رحالنا ومقتل رجالنا ۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے فرمایا یہ کربلا ہے جو دکھوں کی جگہ ہے یہ ہماری اونٹنیوں کے بیٹھنے کی جگہ ہے اور یہ ہمارے کجاوے رکھنے کی جگہ ہے اور یہ ہمارے مردوں کی شھادت گاہ ہے ۔ (کشف الغمہ صفحہ 347)
دوران جنگ امام حسین رضی اللہ عنہ نے جو خطبہ دیا دیا اس وقت بھی آپ اونٹنی پر سوار تھے ۔ ثم رکب الحسین راحلتہ وتقدم الی الناس ونادی بصوت عال یسمعہ کل الناس ۔ یعنی جب امام حسین رضی اللہ عنہ آخرمیں تنھا رہ گئے تو اونٹنی پر سوار ہوکر لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اوربلند آواز سے لوگوں کو خطبہ دیا جسے سب لوگ سن رھے تھے ۔ (الکامل،لابن اثیرالجذری،ص61ج4)
جب امام حسین رضی اللہ عنہ مدینہ سے چلے تو مسنات نامی اونٹنی پر سوار تھے ، راستے میں فرزدق سے ملے تو بھی اونٹنی پر سوارتھے اور کربلا پہنچے تو بھی اونٹنی پر سوار تھے اور آخر میں خطبہ دیا تو بھی اونٹنی پر سوارتھے تو پھر جانے بعد میں ذوالجناح نامی گھوڑا کہاں سے آگیا ؟
(3) کربلا میں اہل بیت رضی اللہ عنہم پیاسے تھے پانی پینے کے لئے بھی ترس رہے تھے حالانکہ حافظ ابن کثیر نے صاف لکھا ہے کہ کربلا میں اس قدر وافر پانی موجود تھا کہ امام حسین اور آپ کے رفقاء رضی اللہ عنہم نے دسویں محرم کو بعد ازنمازفجر اس پانی سے غسل فرمایا : فعدل الحسین الٰی خمیۃ قد نصبت فاغتسل فیھا وتطیب بمسک کثیر ودخل بعدہ بعض الامراء فعلوا کما فعل ۔ پس حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ خیمے کی طرف آئے جو نصب کیا گیا تھا پھر آپ رضی اللہ عنہ نے غسل فرمایا اور بہت سی مشک کی خوشبو لگائی اور ان کے بعد بہت سے امراء داخل ہوئے جنہوں نے آپ کی طرح کیا یعنی غسل کیا اور خوشبو لگائی ۔ (البدایة والنھایة،ص164ج8)
ملا باقر مجلسی شیعہ نے مجمع البحار میں اور اعثم الکوفی نے الفتوح میں دسویں محرم کی صبح تک وافر مقدار میں پانی کا ذکرکیا ہے :
ثم قال لا صحابہ قوموا فاشربوا من الماء یکن آخر زادکم و توضؤوا واغتسلوا و اغسلوا ثیابکم لتکون اکفانکم ثم صلیٰ بھم الفجر ۔ پھر امام رضی اللہ عنہ نے اپنے اصحاب سے فرمایا اٹھو ، پانی پیو ، شاید تمھارے لیے یہ دنیا میں پینے کی آخری چیز ہو اور وضو کرو ، نہاؤ اور اپنے لباس کو دھو لو تاکہ وہ تمہارے کفن بن سکیں ، اس کے بعدامام حسین نے اپنے اصحاب کے ہمراہ نماز فجر باجماعت پڑھی ۔ (بحارالانوار ، صفحہ 217 جلد 44)
اگر واقعہ کربلا کے بارے میں چند ایک ہی کُتب کا مطالعہ کر لیا جائے تو مختلف مصنفین کے بیان کردہ واقعات میں اس قدر تضاد اور تغائر نظر آتا ہے کہ قاری انگشت بدنداں ہوجاتا ہے دورِ حاضر کے مصنفین کی کتُب و رسائل سے قطع نظر تاریخ کی معتبر سمجھی جانے والی کُتب بھی اس واقعہ کے بارے مین اس قدر مختلف البیان ہیں کہ ایک کتاب کے بیان کا دوسری کتاب سے اختلاف تو رہا ایک طرف ان کتابوں کی اپنی روایتیں بھی اس واقعہ کے بارے میں اول تا آخر کسی بات پر متفق نظر نہیں آتیں ایک راوی میدان کربلا کو بے آب وگیارہ ریگستان ثابت کرتا نظر آتا ہے تو دوسرا اس کو بانس اور نرکل کا گھنا جنگل قرار دیتا ہے کبھی قاتلانِ امامِ حسین رضی اللہ عنہ کو شہداء کی لاشوں کا مثلہ اور انتہائی درجہ کی توہین ، حتی کہ شہداء کی لاشوں پر گھوڑے دوڑاے ہوئے پیش کیا جاتا ہے اور کبھی انہی قاتلوں کو اپنے جرم پر نادم و شرمندہ اور مصرف نوحہ و گریاں دکھایا جاتا ہے ان من گھڑت داستانوں کے ایک منظر میں تو خاندانِ امام حسین رضی اللہ عنہ کے بچوں کو کربلا کی جھلسائی ہوئی گرمی میں شدت پیاس سے تڑپتے نظر آتے ہیں کہ بندش آپ کی وجہ سے ان کو پینے کےلیے پانی کا ایک گھونٹ نہ ملتا تھا جبکہ دوسری طرف افراد اس پانی سے نہ صرف یہ کہ غسل کرتے ہیں بلکہ مشک کی خوشبو سے بدن کو معطر کرتے ہین آج حضرت علی اصغر رضی اللہ عنہ کی پیاس کا واسطہ دے دے کر منتیں اور مرادیں مانگنے والی اس قوم نے یہ بھی احساس نہ کیا کہ اس طرح حضرت سیدنا امامِ حسین رضی اللہ عنہ کی ذات کو بدنام کرنے کی کوشش نہیں کی گئی کی حضرت علی اصغر رضی اللہ عنہ تو پیاس سے تڑپتے رہے اور دوسری جانب پانی کا ایسا بے دریغ استعمال کہ نہ صرف ایک نہیں بلکہ کئی افراد نے پانی سے غسل کیا ؟ ملاحظہ کیجیے دونوں روایات اور ان میں تضاد پہلی روایت میں حضرت حر بن یزید رضی اللہ عنہ کا خطبہ نقل کیا گیا ہے جو اس نے میدان کربلا میں کوفیوں کے سامنے بیان کیا واضع رہے کہ حضرت حر بن یزید رضی اللہ عنہ وہ شخصیت ہیں جن کے بارے میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ وہ مخالف لشکر سے جدا ہو کر حضرت سیدنا امامِ حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھ شامل ہوگیا تھا واقعہ کربلا کے مشہور کرداروں میں سے ایک حر رضی اللہ عنہ بھی ہیں آئیے اب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ حضرت حر رضی اللہ عنہ کی طرف کیا بیان منسوب کیا گیا ہے :
یا اھل الکوفہ ادعوتم الحسین الیکم حتٰی اذا اتٰکم وحلتم بینہ وبین الماء الفرات الذی یشرب منہ الکلب والخنزیر وقد صرعنھم العطش ۔
ترجمہ : اے اہل کوفہ تم نے حسین رضی اللہ عنہ کو اپنے پاس بلایا یہاں تک کہ وہ تمہارے پاس آگئے تو تم ان کو اورماء فرات کے درمیان حائل ہوگئے جس پانی میں سے کُتے اور خنزیر بھی پیتے ہیں ۔ (البدایہ والنہایہ جلد ٨ صفحہ ١٦٦)
اس روایت سے جہاں یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ پر فرات کا پانی بند کر دیا گیا اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ پانی کی بندش کا یہ ظالمانہ اقدام کرنے والے کوفی تھے جنہوں نے پہلے تو حضرت سیدنا امامِ حسین رضی اللہ کو خطوط لکھ کر بلایا اور بعد میں اُن کو بے گناہ شہید کر دیا ؟ ۔ اب سوال پیدا ہوتا کہ کوفی کون تھے ؟ ۔ اور کس طرح حضرت سیدنا امامِ حسین رضی اللہ عنہ کو بلانے کے بعد ان کے قتل میں شریک ہوگئے ؟ ۔ یہ ایک مستقل بحث ہے مندرجہ بالا روایت سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کربلا کےمیدان میں خاندانِ امامِ حسین رضی اللہ عنہم پر پانی بند کر دیا گیا تھا اور ان کے پاس پیاس بجھانے کےلیے پانی موجود نہ تھا اس کے برعکس تصویر کے دوسرے رُخ میں ہمیں کیا دکھایا جاتا ہے مثلا ملاحظہ ہو :
فعدل الحسین الٰی خمیۃ قد نصیت فاغتسل فیھا وتطیب بمسک کثیر ودخل بعدہ بعض الامراء فعلوا کما فعل ۔
ترجمہ : پس امامِ حسین رضی اللہ عنہ خیمے کی طرف آئے جو نصب کیا گیا تھا پھر آپ رضی اللہ عنہ نے غسل فرمایا اور بہت سی مشک کی خوشبو لگائی اور ان کے بعد بہت سے امراء داخل ہوئے جنہوں نے آپ کی طرح کیا (یعنی غسل کیا اور خوشبو لگائی) ۔ (البدایہ والنہایہ جلد ٨ صفحہ ١٦٤،چشتی)
اگر واقعہ کربلا کے بارے میں گھڑے گئے دیگر افسانوں کو مدنظر رکھا جائے تو ان دونوں روایات میں سے کسی ایک کے بھی سچے ہونے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا لیکن اس دوسری روایت کی موجودگی میں پانی کی بندش اور قافلہ امامِ حسین رضی اللہ عنہ کی پیاس کے افسانے کم از کم مشکوک ضرور ہو جاتے ہیں یہ تو ایک چھوٹی سی مثال ہے ورنہ سانحہ کربلا کے ضمن میں کُتب تاریخ میں اس قسم کی متضاد روایات عام پائی جاتی ہیں ۔
(4) مشہور ہے کہ کربلا بے آب و گیاہ میدان تھا ، یہ غلط ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ کربلا میں نرکل اور بانس کا جنگل تھا یہ ریگستان نہ تھا ۔ یہ میدان دریائے فرات یا اس سے نکلنے والی نھر کا کنارہ تھا ۔ طبری کی روایت میں ہے کہ اصحاب امام حسین رضی اللہ عنہ کو تجربہ ہوا تھا کہ ذرا سا کھودنے پر پانی نکل آیا ۔ یہ بے پر کی اڑائی گئی کہ کربلا ریتلا علاقہ یے ۔
فقد بلغنی ان الحسین یشرب الماء ھو و اولادہ وقد حفروا الٓا بار و نصبوا الاعلام فانظر اذا ورد علیک کتابی ھذا فامنعھم من حفرالٓا بار مااستطعت و ضیق علیھم ولا تدعھم یشربوامن ماء الفرات قطرۃ واحدة ۔
ابن زیاد نے کہا کہ مجھے خبر ملی ھے کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کی اولاد و اصحاب رضی اللہ عنہم نےپانی پینے کیلئے کنویں کھود رکھے ہیں اور میدان میں مختلف جگہوں پر اپنے جھنڈے گاڑ رکھے ہیں خبردار جب تمھیں میرا یہ خط مل جائے تو انہیں مزید کھدائی سے روک دیں اور انہیں اتنا تنگ کیاجائے کہ وہ فرات کا ایک قطرہ بھی نہ پی سکیں ۔ (الفتوح صفحہ 91 جلد 5،چشتی)
(5) چھ ماہ کے حضرت علی اصغر رضی اللہ عنہ اور ان کے پیاس کا افسانوی قصہ بھی باطل ہے حقیقت تویہ ہے کہ جناب علی اصغر رضی اللہ عنہ شہداء کربلا میں شامل نہیں ہیں ، یار مبالغہ آرائی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے کربلا میں باقی تمام حسینی رضی اللہ عنہم تو تلواروں اور خنجروں کے ساتھ شہید ہوئے صرف حضرت علی اصغر رضی اللہ عنہ کو تیروں کے ساتھ شہید کیاگیا ؟ ۔ یہ سب افسانوی قصے ہیں عموما واعظین کہتے ہیں کہ شہزادہ علی اصغر رضی اللہ عنہ کو امام حسین رضی اللہ عنہ نے یزیدیوں کے سامنے لے جا کر پانی مانگا یہ پانی مانگنے کا بھی فرضی قصہ "خاک کربلا" جیسی کتب میں بغیر حوالے کے درج ہے بلا تحقیق اور غور و خوض کے عوام الناس میں بیان کیا جاتا ہے جب کہ یہ واقعہ امام حسین رضی اللہ عنہ کی شان عزیمت کے بالکل خلاف ہے اور ان کے شایان شاں قطعا نہیں ہے ۔
(6) کمسن حضرت بی بی صغری کو امام حسین رضی اللہ عنہما کا مدینہ میں چھوڑ کر کوفہ روانہ ہوۓ اور کمسن صغریٰ رضی اللہ عنہا کا گھوڑے کے پاؤں سے چمٹنا ، آنے جانے والوں کو اندوہناک پیغامات دینا یہ سب افسانے ہیں حالانکہ حضرت بی بی فاطمہ (یعنی صغری) رضی اللہ عنہا میدانِ کربلا میں امام حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھیں اور دیگر مستورات مطہرات رضی اللہ عنہن کے ساتھ قید ہوئیں ۔ الکامل میں ابن الاثیر لکھتے ہیں : ثم ادخل نساء الحسین والراس بین یدیہ فجعلت فاطمة وسکینة ابنتاالحسین تتطاولان لتنظرالی الراس ۔ جب امام حسین رضی اللہ عنہ کے خاندان کی عورتیں اندر لائی گئیں تو امام حسین کاسر مبارک ان کے سامنے رکھا گیا تو سیدہ فاطمہ (صغری) اور سیدہ سکینہ رضی اللہ عنہما آگے بڑھنے لگیں تاکہ سرمبارک کو دیکھ سکیں ۔ (الکامل لابن الاثیر،ص85ج4)
(7) کربلا کے میدان میں امام قاسم رضی اللہ عنہ کی شادی کا قصہ بھی باطل ہے یہ گھڑنتو طومار بھی ملا حسین کاشفی نے سب سے پہلے روضة الشھداء میں بیان کیا ہے اور خود شیعہ اکابر نے بھی اس واقعہ کو غلط قرار دے کر رد کردیاھے ۔
(8) کربلا کی بہت سی جھوٹی کہانیوں میں سے ایک اور مبالغہ آمیز کہانی یہ بیان کی جاتی ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے دشمن فوج کے ہزاروں بلکہ لاکھوں افراد کو اپنے ہاتھ سے قتل کیا اور یہی دعوی ان کے بعض رفقاء کے متعلق بھی کیا گیا ہے کہ ان میں سے بعض نے سینکڑوں دشمن قتل کیے اور کشتوں کے پشتے لگا دیے ۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کے متعلق تو بعض روایتوں میں یہ تعداد دو ہزار اور بعض شیعی روایات میں تین لاکھ تک بھی آئی ہے ۔ ان روایات کے مبالغے کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگر ہر آدمی کے ساتھ مقابلہ کرنے اور اسے پچھاڑ کر قتل کرنے کےلیے اگر ایک منٹ بھی درکار ہو تو دو ہزار افراد کو قتل کرنے کےلیے دو ہزار منٹ تو چاہیے ہوں گے ، یہ تقریبا تینتیس گھنٹے بنتے ہیں ۔ جبکہ ابو مخنف کی روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ سانحہ کربلا محض ایک آدھ پہر میں ہو کر ختم ہو گیا تھا ۔
خود شیعہ محققین میں سے شہر بن آشوب نے یزیدی مقتولین کی کل تعداد چارسو چھتیس بتائی ہے ۔ (المناقب،لابن شھرآشوب،ص99ج4)
ملا حسین واعظ کاشفی سنی نہیں ہے اور اس کی کتاب روضۃ الشھداء جھوٹے قصے کہانیوں پر مشتمل ہے ۔ امام مسلم بن عقیل کے بچوں کا واقعہ ، حضرت عبداللہ بن مبارک اور امام زین العابدین رضی اللہ عنہم کا قصہ وغیرہ سب جھوٹ ہے لیکن پھر بھی کچھ لوگ ان واقعات کو ہضم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ ساتھ ہی ساتھ اس قصے کو بھی ہضم کریں جسے فقیر یہاں نقل کر رہا ہے : ملا حسین واعظ کاشفی لکھتا ہے کہ : حضرت قاسم نے امام حسن کا وصیت نامہ امام حسین کو دیا ۔ امام حسین دیکھ کر رونے لگے پھر فرمایا کہ اے قاسم یہ تیرے لیے تیرے ابا جان کی وصیت ہے اور میں اسے پورا کرنا چاہتا ہوں ۔ امام حسین خیمے کے اندر گئے اور اپنے بھائیوں حضرت عباس اور حضرت عون کو بلا کر جناب قاسم کی والدہ سے فرمایا کہ وہ قاسم کو نئے کپڑے پہنائیں اور اپنی بہن حضرت زینب کو فرمایا کہ میرے بھائی حسن کے کپڑوں کا صندوق لاؤ ۔ صندوق پیش کیا گیا تو آپ نے اسے کھولا اور اس میں سے امام حسن کی زرہ نکالی اور اپنا ایک قیمتی لباس نکال کر امام قاسم کو پہنایا اور خوب صورت دستار نکال کر اپنے ہاتھ سے ان کے سر پر باندھی اور اپنی صاحب زادی کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا کہ اے قاسم ! یہ تیرے باپ کی امانت ہے جس نے تیرے لیے وصیت کی ہے ۔ امام حسین نے اپنی صاحب زادی کا نکاح حضرت قاسم سے کر دیا ۔ (رضی اللہ عنہم)
اس کتاب کا ترجمہ کرنے والے صائم چشتی صاحب نے اس روایت کے بارے میں لکھا ہے کہ اگر یہ نکاح ہوا تھا تو امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے بھائی کی وصیت پر عمل کیا ہوگا ورنہ ان حالات میں نکاح وغیرہ کا معاملہ انتہائی نامناسب اور غیر موزوں ہے ۔ (روضۃ الشھداء مترجم اردو ج2، ص297،چشتی)
اسی قصے کے بارے میں امام اہل سنت، اعلی حضرت رحمة اللہ علیہ سے سوال کیا گیا کہ حضرت قاسم رضی اللہ عنہ کی شادی کا میدان کربلا میں ہونا جس بنا پر مہندی نکالی جاتی ہے، اہل سنت کے نزدیک ثابت ہے یا نہیں ؟
امام اہل سنت رحمة اللہ علیہ نے فرمایا کہ نہ یہ شادی ثابت ہے نہ یہ مہندی سوا اختراع اختراعی کے کوئی چیز (یعنی یہ بنائی ہوئی باتیں ہیں) ۔ (فتاوی رضویہ، ج24، ص502)
شیخ الحدیث حضرت علامہ محمد علی نقشبندی رحمة اللہ عیہ لکھتے ہیں کہ : یہ تمام باتیں من گھڑت اور اہل بیت رضی اللہ عنہم پر بہتان عظیم ہے ۔ امام حسین کی دو صاحب زادیاں رضی اللہ عنہم تھیں اور واقعۂ کربلا سے پہلے دونوں کی شادی ہو چکی تھی ۔ (میزان الکتب، ص246)
ان واقعات کے علاوہ مستوراتِ مطہرات رضی اللہ عنہن کے بے پردہ ہونے کی ہولناک کہانیاں ، خیمے جلائے جانے کا ذکر ، امام حسین رضی اللہ عنہ کے زخموں کا ذکر ، شہداء کی تعداد کا بہتر (72) ہونا بھی غیر تحقیقی ہے عند التحقیق یہ تعداد ایک سو انتالیس تک ہے اور بعض نے زیادہ بھی بتائی ۔ نیز شہداء رضی اللہ عنہم کی لاشوں کا روندا جانا ، مثلہ کیا جانا وغیرھم یہ سب غیر معتبرکہانیاں ہیں ۔
نوٹ : امام حسین رضی اللہ عنہ کا ایک نام شبیر (بروزن زبیر بھی ہے) اور آپ کی ایک بیٹی کا نام سیدہ سکینہ (بروزن ثویبہ) ہے جن کے نام سے کربلا و دیگر مواقع پر بہت سی فرضی وغیر معتبر کہانیاں منسوب ہیں ۔ سیدنا علی الاصغر کا اصل نام عبداللہ بن حسین ہے رضی اللہ عنہم ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
No comments:
Post a Comment