Saturday, 22 July 2023

سیرت و تعلیماتِ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کبھی تو بیان کر اے واعظ حصّہ اوّل

سیرت و تعلیماتِ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کبھی تو بیان کر اے واعظ حصّہ اوّل

محترم قارئینِ کرام : حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدان کربلا میں جس طرح اس اذان اور لعابِ نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نوش کرنے اور نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہونے کی لاج رکھی اور اس موقع پر راہ عزیمت اختیار کرتے ہوئے جس جرأت و ہمت کا مظاہرہ کیا ، جس انداز میں اسلامی نظام خلافت کے احیاء کی خاطر قربانی دینے اور جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے کی مثال قائم کی اور شدید مصائب برداشت کیے ، اس کی نظیر انسانی تاریخ میں نظر نہیں آتی ۔ میدان کربلا میں آپ کی ، آپ کے اہل خانہ کی اور آپ کے جملہ اعوان و انصار کی اسی غیر معمولی ثابت قدمی ، جوان مردی ، وفا شعاری ، شدائد و مصائب اور انتہائی مظلومیت کی شہادت نے مورخین ، تذکرہ نگاروں اور سوانح نگاروں کی زیادہ تر توجہ کو آپ کی مظلومانہ شہادت اور کربلا میں پیش آنے والے افسوس ناک بلکہ الم ناک واقعات اور مصائب کی طرف مبذول کیے رکھا ۔ اسی پسِ منظر میں زبانِ نبوت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے بیان ہونے والی آپ رضی اللہ عنہ کی فضیلت و منقبت ، شفقت و محبت نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم وہبی کمالات پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی مگر آپ رضی اللہ عنہ کی زندگی کے اخلاقی امور ، معاشرتی پہلو اور دیگر معاملات کو بہت کم اجاگر کیا گیا بلکہ اس سے غفلت برتی گٸی اور برتی جا رہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کبار مؤرخین مثلاً صاحب اسدالغابہ فی معرفۃ الصحابہ ، صاحب الاستعیاب فی معرفۃ الاصحاب ، صاحب الاصابہ فی تمییز الصحابہ اور ابن کثیر وغیرہ کے ہاں بھی حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی زندگی کے علمی ، اخلاقی و معاشرتی پہلو پر بہت کم مواد ملتا ہے اور آپ رضی اللہ عنہ کی زندگی کا یہ گوشہ تشنہ سا لگتا ہے ۔ مشہور مورخ شاہ معین الدین احمد ندوی نے اس کمی کا شکوہ یوں کیا ہے : تمام ارباب سیر آپ رضی اللہ عنہ کے کمالاتِ علمی کے معترف ہیں ۔ علامہ ابن عبدالبر ، امام نووی ، علامہ ابن اثیر اور دیگر ارباب سیّر اس بات پر متفق ہیں کہ امام حسین رضی اللہ عنہ بڑے فاضل تھے لیکن افسوس اس اجمالی سند کے علاوہ واقعات کی صورت میں ان کمالات کو کسی سیرت نگار نے قلم بند نہیں کیا ۔ (سیرالصحابہ معارف اعظم گڑھ طبع دوم 1951ء جلد 6 صفحہ 243)

بالکل یہی حال ان کی اخلاقی عظمت و پاکیزگی اور حسنِ اخلاق کا ہے ۔ سیرت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یہ پہلو جس تفصیل و تشریح کا متقاضی تھا وہ عام تذکروں میں نہیں پائی جاتی جبکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ شہادت کے وقت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عمر تقریباً چھپن سال کی ہوچکی تھی۔ چھپن سال کا یہ عرصہ آپ نے خیرالقرون میں اسلامی بلکہ انسانی تاریخ کے سب سے بہترین معاشرے میں گزارا۔ پھر آپ رضی اللہ عنہ کی ابتدائی تعلیم و تربیت بھی صاحبِ خلق عظیم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خود فرمائی ۔ امام حسین رضی اللہ عنہ نے جس عظیم ماں کی گود میں پرورش پائی اس کی پاک دامنی اور طہارت پر قرآن و حدیث گواہ ہیں ، نانا جان علیہ التحیۃ والسلام کے وصال کے بعد امام حسین رضی اللہ عنہ کی تعلیم و تربیت اس باپ نے فرمائی جو علم و عمل کا مجمع البحرین تھے اور جس کے علمی و عملی کمالات اور فضائل و محاسن پر قرآن و حدیث کے علاوہ تاریخِ اسلام کی گواہی ثبت ہے ۔ حضرت امام حسین بن حضرت مولا علی رضی اللہ عنہما کی تعلیم و تربیت کے درج بالا خدائی انتظامات اور خود قرآن و سنت پر عبور حاصل ہونے کے بعد کیسے ممکن تھا کہ آپ ایک عظیم اور اسلامی تعلیمات کے مطابق معاشرتی اخلاق و آداب کی حامل شخصیت کا درجہ نہ پاتے ۔ چنانچہ آپ کی اخلاقی و علمی عظمت و رفعت کے حوالے سے بعض ایمان افروز چیزیں ، شروح حدیث ، تذکرہ ، تاریخ اور سوانح وغیرہ کی کتابوں میں جستہ جستہ مل جاتی ہیں ۔ اس لیے آئندہ سطور میں فقیر چشتی آپ کے عمومی فضائل و مناقب ، ذوق عبادت ، علمی فضائل و کمال ، سوانح حیات ، الم ناک شہادت اور واقعات کربلا (جن پر بہت کچھ لکھا جاچکا ہے اور لکھا جارہا ہے) کی بجائے آپ رضی اللہ عنہ کی اخلاقی و علمی عظمت کی چند ایمان افروز جھلکیاں پیش کرنے کی کوشش کرے گا ان شاء اللہ :

حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنی عملی اور معاشرتی زندگی میں جن مکارمِ اخلاق یا جس بلند اخلاقی اور حسنِ اخلاق کا مظاہرہ کیا اس میں جہاں ان کی خاندانی شرافت و نجابت ، حسب و نسب ، پاکیزہ گھریلو ماحول ، خانوادہ نبوت کی تعلیم و تربیت ، صحبتِ صحابہ رضی اللہ عنہم اور مدینہ منورہ کے عمومی پاکیزہ ماحول کا عمل دخل تھا وہاں ان کی اخلاقی پاکیزگی میں خصوصی دعاءِ نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بھی کار فرما تھی :عَنْ عُمَرَ بْنِ أَبِي سَلْمَۃَ رَبِیْبِ النَّبِيِّ صلی الله علیه وآله وسلم قَالَ: لَمَّا نَزَلَتْ ہَذِہِ الْآیَۃُ عَلَی النَّبِيِّ صلی الله علیه وآله وسلم {إِنَّمَا یُرِیْدُ اللهُ لِیُذْھِبَ عَنْکُمُ الرِّجْسَ أَھْلَ الْبَیْتِ وَیُطَھِّرَکُمْ تَطْھِیْرًا} ]الأحزاب، 33:33[ فِي بَیْتِ أُمِّ سَلَمَۃَ فَدَعَا فَاطِمَةَ، وَحَسَنًا، وَحُسَیْنًا، فَجَلَّلَهُمْ بِکِسَاءٍ، وَعَلِيٌّ خَلْفَ ظَهْرِهِ فَجَلَّلَهُ بِکِسَاءٍ، ثُمَّ قَالَ: اللَّهُمَّ، هَؤُلَاءِ أَهْلُ بَیْتِي، فَأَذْهِبْ عَنْهُمُ الرِّجْسَ وَطَہِّرْهُمْ تَطْهِیْرًا ۔
ترجمہ : حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پروردہ حضرت عمر بن ابی سلمہص فرماتے ہیں کہ جب اُم المؤمنین اُم سلمہ رضی الله عنہا کے گھر نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر یہ آیت ’’اہلِ بیت! تم سے ہر قسم کے گناہ کا مَیل (اور شک و نقص کی گرد تک) دُور کر دے اور تمہیں (کامل) طہارت سے نواز کر بالکل پاک صاف کر دے ۔ نازل ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے سیدہ فاطمہ اور حسنین کریمین سلام الله علیہم کو بلایا اور انہیں ایک کملی میں ڈھانپ لیا ۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پیچھے تھے ، آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے انہیں بھی کملی میں ڈھانپ لیا ، پھر فرمایا : اے الله ! یہ میرے اہل بیت ہیں ، پس ان سے ہر قسم کی آلودگی دور فرما اور انہیں خوب پاک و صاف کر دے ۔ (أخرجہ الترمذی فی السنن، کتاب: تفسیر القرآن عن رسول الله صلی الله علیه وآله وسلم، باب:ومن سورة الأحزاب،5/351، الرقم: 3205،چشتی)

مذکورہ بالا روایت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اہلِ بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے جس ’’الرجس‘‘ (پلیدی) دور کیے جانے کی بطور خاص دعا فرمائی تو اس لفظ کے معنیٰ پر ایک نظر ڈال لینا بے جانہ ہوگا تاکہ اس کی وسعت کا کچھ اندازہ ہوجائے ۔ الفاظ قرآن مجید کے لغوی معانی کے لیے مستند ترین ماخذ ’’المفردات فی غریب القرآن‘‘ میں علامہ راغب اصفہانی علیہ الرحمہ نے اس کا معنی بیان کرتے ہوئے لکھا ہے : الرجس الشئی القذر۔۔۔ والرجس یکون علی اربعة اوجه اما من حیث الطبع واما من جهة العقل واما من جهة الشرع واما من کل ذالک کالمیتة ۔
ترجمہ : رجس گندی، پلید، میلی اور قابل نفرت چیز کو کہتے ہیں ۔۔۔ اب کسی چیز کا گندہ یا پلید ہونا چار وجہ سے ہو سکتا ہے یا تو طبعی اعتبار سے وہ چیز گندی ہوگی یا عقل کی جہت سے یا شرعی اعتبار سے یا اس کا گندا ہونا ان ساری وجوہ کی بنیاد پر ہوگا جیسے مردار کا گند اور قابل نفرت ہونا ۔ (المفردات فی غریب القرآن صفحہ 187)

جبکہ مشہور شارح حدیث علامہ نووی علیہ الرحمہ نے لفظ ’’الرجس‘‘ کا معنی یہ بتایا ہے کہ : الرجس قیل ھو الشک وقیل العذاب وقیل الاثم قال الازهری الرجس اسم لکل مستقذر من عمل ۔
ترجمہ : رجس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ شک ہے اس کا معنی عذاب اور گناہ بھی کیا گیا ہے اور علامہ ازہری کہتے ہیں کہ رجس کا اطلاق ہر گندے اور ناپاک عمل پر ہوتا ہے ۔ (شرح صحیح مسلم مع الصحیح کتاب و باب مذکور جلد 2 صفحہ 283)

امام ملا علی قاری علیہ الرحمہ  نے ’’الرجس‘‘ کا معنی الاثم وکل ما مستقذر مرواہ بتایا ہے ۔ (مرقاة المفاتیح شرح مشکوۃ المصابیح، باب مناقب اهل بیت النبی صلی الله علیه وآله وسلم جلد 11 صفحہ 370)

یعنی ہر ظاہری و باطنی گناہ اور ہر وہ عمل جو انسانی مروت کے خلاف ہو ۔

اس دعائے نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا فیض تھا کہ حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اخلاقی و علمی عظمت کے اعتبار سے اسی بلند درجہ پر فائز تھے جو آپ کے شایان شان تھا ۔ چنانچہ نامور تذکرہ نگار ابن الاثیر علیہ الرحمہ نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے عمومی اخلاق و عادات اور خصائل کی طرف اجمالی طور پر یوں اشارہ کیا ہے : وکان الحسین رضی الله عنه فاضلا کثیر الصوم والصلوة والحج والصدقة و افعال الخیر جمیعا ۔
ترجمہ : حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ بڑی فضیلت کے مالک ، کثرت سے روزہ، نماز، حج ادا کرنے والے ، صدقہ دینے والے اور تمام افعال خیر سر انجام دینے والے تھے ۔ (اسدالغابہ جلد 2 صفحہ 23،چشتی)

حسنینِ کریمین رضی اللہ عنہما کاعلم و فضل

حضرت امام حَسن اور امام حُسین رضی اللہ عنہما نے چونکہ مَدِیْنَۃُ الْعِلْم نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور بابِ مَدِیْنَۃُ الْعِلْم امیرُالمؤمنین حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کی زیرِ نگرانی پَرْوَرِش پائی ، تو اِن دونو ں مُعَظَّم ْہستیوں کے  فیضانِ تَرْبِیَت کی برکت سے  دونوں شہزادے بھی عِلم و فَضْل میں مُمتاز و نُمایاں مَقام رکھتے ہیں ۔ آئیے دونوں کے عِلمی مقام و مرتبے کے بارے میں پڑھتے ہیں ۔ حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ عُمر بھر احادیثِ مُبارکہ سیکھنے اور اِن کی اِشاعت و تَرْوِیْج میں کُوشاں رہے ۔ آپ رضی اللہ عنہ نے براہِ راست نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے احادیث سنیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے عِلاوہ اپنے والد حضرتِ علی ، بھائی امامِ حُسین اور دیگر اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم سے احادیث روایت کیں ۔ اور آپ رضی اللہ عنہ اپنی اور اپنے بھائی کی اَوْلاد کو حُصُولِ تَعلیم کے بارے میں بڑی تاکید کرتے ، ایک بار  اِرشاد فرمایا : علم حاصل کرو ! آج تو تم قوم میں سب سے چھوٹے ہو ۔ لیکن کل تم اِن کے بڑے بنو گے ۔ اور تم میں سے جس میں یاد رکھنے کی طاقت نہ ہو تو اُسے چاہیے کہ وہ لکھ لیا کرے ۔ (تاریخ دمشق جلد ۱۳ صفحہ ۲۵۹،چشتی)

آپ رضی اللہ عنہ کے عِلْم و فَضْل کا اندازہ آپ رضی اللہ عنہ کے اِن جوابات سے لگایا جا سکتا ہےجو آپ رضی اللہ عنہ سے حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ نے پوچھے ۔ آئیے اِن حَضْرات کی عِلْم و حِکمت سے بھر پور گفتگو سے  چند پھول پیشِ خدمت ہیں : ⬇

حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ نے اِسْتِفْسَار فرمایا : میرے بیٹے بتاؤ ! راست رَوِی (یعنی سچائی ودِیانَتْداری) کیا ہے ؟

عرض کی : راست رَوِی بھلائی کے ذریعے بُرائی کو دُور کرنے کا نام ہے ۔

پھر اِسْتِفْسَارفرمایا : عزّت و بلندیِٔ مرتبہ کس چیز میں ہے ؟

عرض کی : رِشتہ داروں اور قبیلہ والوں کے ساتھ بھلائی و تَعَاوُن کرنے میں ۔

اِسْتِفْسَار کیا : شَفْقَت و مہربانی کس میں ہے ؟

عرض کی : قَنَاعت اِخْتِیار کرنے اور کسی کو حقیر وذلیل نہ جاننے میں ۔

اِسْتِفْسَار کیا : مَلامت کیا ہے ؟

عرض کی : خود کو محفوظ رکھنا اور دوسرے کو ذلیل و رُسوا کرنا ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : سَخَاوت کیا ہے ؟

عرض کی : تنگدستی اور خوش حالی میں خرچ کرنا ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : بُزْدِلِی کیا ہے ؟

عرض کی : دوست پر جُرأت مندی کا مُظَاہَرہ کرنا اور دشمن سے بھاگنا ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : حِلم (بُردباری) کیا ہے ؟

عرض کی : غُصّہ پی جانا اور نَفس کو قابو میں رکھنا ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : فَقْر کیا ہے ؟

عرض کیا : نفس کا ہر چیز کے مُعاملے میں حَرِیص ہونا ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : ذِلَّت کس چیز میں ہے ؟

عرض کی : سچائی کا سامنا کرتے وقت گھبرا جانے میں ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : بُزُرگی کیا ہے ؟

عرض کی : نقصان کرنے والے کو کچھ عَطا کرنا اور قُصُور وار کو مُعاف کر دینا ۔

اِسْتِفْسَار فرمایا : محرومی کیا ہے ؟

عرض کی : حصّہ ملنے پر انکار کر دینا ۔ (المعجم الکبیر حدیث نمبر ۲۶۸۸ جلد ۳ صفحہ ۶۸،چشتی)

حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کا علم

اوپر ہم نےحضرت سیدنا امام حَسن رضی اللہ عنہ کے فرامینِ  مبارکہ سے علم و حِکمت کے  بہت سے پھول چننے کی سعادت حاصل کی ، آپ  رضی اللہ عنہ کے چھوٹے بھائی حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ بھی میدانِ علم میں یگانۂ روزگار (بے مثل) تھے ۔ آپ رضی اللہ عنہ نے بھی مَدِیْنَۃُ الْعِلْم نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور بابِ مَدِیْنَۃُ الْعِلْم امیرُالمؤمنین حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ سےعلمِ دین کا بیش بہا خزانہ پایا ۔ آپ رضی اللہ عنہ کی علم سے بھر پور گُفتگو ایسی دلکش ہوا کرتی تھی کہ لوگوں کی یہ خواہش ہوتی آپ رضی اللہ عنہ خاموش نہ بیٹھیں بلکہ عِلم و حِکمت کے مہکتے پھول لُٹاتے ہی رہیں ۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے جدِکریم ، مومنوں کےلیے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے اور اپنے والدِ محترم ، والدۂِ مُحترمہ اور امیرُالمؤمنین حضرت سیدنا عمرِ فاروق رضی اللہ عنہم سے احادیث سنیں اور رِوَایت کیں ۔ اور آپ رضی اللہ عنہ سے رِوَایت کرنے میں آپ رضی اللہ عنہ کے بھائی اما م حسن ، آپ کے شہزادے امام زینُ العابدین ، آپ کی صاحِبْزادیاں ، پوتے امام باقر رضی اللہ عنہم سمیت دیگر عُلماء و مُحَدِّثِیْن علیہم الرحمہ شامل ہیں ۔ (الاصابہ جلد ۲ صفحہ ۶۸،چشتی)

آپ رضی اللہ عنہ کا مُستقل علمی حلقہ مسجدِ نَبوی میں لگا ہوتا جس میں آپ رضی اللہ عنہ لوگوں کو فِقْہِی مسائل سے آگاہ فرماتے تھے ۔ آپ رضی اللہ عنہ کے اس عِلمی حلقے کی شُہرت اتنی تھی کہ ایک بار حضرت امیر مُعاویہ رضی اللہ عنہ سے کسی نے امام حُسین رضی اللہ عنہ کے مُتعلِّق پوچھا ، تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : مسجدِ نَبَوِی شریف میں چلے جاؤ اور جس حلقے میں لوگ یوں مُؤدَّب بیٹھے ہوں گویا اُن کے سروں پر پرندے ہوں تو جان لینا کہ یہی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی مَجْلس ہے ۔ (تاریخ دمشق جلد ۱۴ صفحہ ۱۸۱)

بڑے بھائی کا ادب و احترام

اسلامی اخلاق و آداب کی رو سے چھوٹے بھائیوں پر اپنے بڑے بھائی کا ادب و احترام اسی طرح لازم ہے جس طرح والد محترم کا احترام لازم ہوتا ہے ۔ چھوٹے بھائیوں کے سامنے بڑے بھائی کا مرتبہ و مقام شرعی نقطہ نظر سے والد کے برابر ہے چنانچہ اس چیز کی وضاحت اور تعلیم امت کی خاطر معلم اخلاق اور صاحب خلق عظیم رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت سعید بن العاص سے مروی ایک حدیث میں فرمایا : حق کبیر الاخوة علی صغیرهم حق الوالد علی ولده ۔
ترجمہ : تمام بھائیوں میں بڑے بھائی کا حق چھوٹے بھائیوں پر اُس حق کے برابر ہے جو والد کو اپنی اولاد پر حاصل ہے ۔ (مشکوۃ المصابیح کتاب الآداب باب البر والصلة صفحہ 421،چشتی)

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے نانا جان صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اس فرمان پر عمل کرتے ہوئے کس طرح اپنے بڑے بھائی حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کا دل کی گہرائیوں سے احترام کیا ، اس کا نمونہ ملاحظہ ہو : ⬇

بڑا بھائی چھوٹے بھائی کے سامنے بنفسِ نفیس موجود ہو تو حیاء کا تقاضا ہوتا ہے کہ چھوٹا بڑے کا احترام کرے جبکہ سامنے موجود نہ ہونے کی صوت میں عموماً اس چیز کو ملحوظ نہیں رکھا جاتا مگر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے بڑے بھائی جان حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کے ادب و احترام کو غائبانہ طور پر بھی ملحوظ رکھا ۔ چنانچہ مشہور مورخ ابن قتیبہ نے یہ ایمان افروز اور سبق آموز واقعہ لکھا ہے کہ ایک آدمی نے حضرت امام حسن بن حضرت مولا علی رضی اللہ عنہما کے پاس آکر سوال کیا (بھیک مانگی) تو حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ نے اس سے فرمایا : دیکھو بھیک مانگنا جائز نہیں سوائے بہت زیادہ مقروض یا محتاج بنادینے والے فقر یا بہت زیادہ تاوان کی شکل میں ، تو اس آدمی نے عرض کیا : میں اسی قسم کا ایک مسئلہ درپیش ہونے کی صورت میں آپ کے پاس آیا ہوں ۔ اس پر آپ نے اسے سو دینار دینے کا حکم فرمایا ۔ پھر وہ آدمی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے پاس آیا اور آپ سے بھی سوال کیا ۔ آپ نے بھی بھیک کے معاملے میں اس سے وہی بات فرمائی جو حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ نے فرمائی تھی ۔ اس نے وہی جواب دیا جو وہ حضرت حسن رضی اللہ عنہ کو دے چکا تھا تو آپ نے پوچھا : انہوں نے تجھے کتنی رقم دی ؟ اس نے بتایا سو دینار ۔ اس پر آپ رضی اللہ عنہ نے ایک دینار کم کرتے ہوئے (ننانوے) دینار اسے دے دیے اور اس بات کو پسند نہ فرمایا کہ بڑے بھائی کے ساتھ اس معاملے میں برابری کریں ۔ پھر اس آدمی نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس آکر سوال کیا ۔ انہوں نے بغیر کچھ پوچھے اسے سات دینار دے دیے ۔ اس پر اُس نے کہا : میں حضرت امام حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما کے پاس گیا تھا اور ان سے پیش آنے والا سارا مذکورہ واقعہ بیان کیا تو حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہما نے فرمایا : ویحک وانی تجعلنی مثلھما انهما غراء العلم غرا المال ۔
ترجمہ : تیرے اوپر تعجب ہے تو مجھے اُن کی مثل کیسے بنا رہا ہے ۔ بے شک وہ دونوں بھائی علم اور مال کا دریا ہیں ۔ (ابن منظور مختصر تاریخ دمشق لابن عساکر جلد 7 صفحہ 126،چشتی)

کسی بھلائی کے عمل اور کار خیر میں باہمی مسابقت اور ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرنا شریعت میں ایک پسندیدہ اور مطلوب امر ہے مگر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو اپنے بڑے بھائی امام حسن رضی اللہ عنہ کے احترام میں یہ بات بھی پسند نہ تھی ۔ چنانچہ مشور صحابی حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یہ فرمان ہے کہ : لا یحل المسلم ان یهجر اخاه فوق ثلث لیال والسابق السابق الی الجنة ۔
ترجمہ : کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ تین راتوں سے زیادہ اپنے بھائی سے ملاقات اور بات چیت چھوڑے رکھے اور اس معاملے (گفتگو اور ملاقات) میں پہل کرنے والا جنت میں پہلے جانے والا ہوگا) ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ مجھے یہ بات پہنچی کہ حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہما دونوں بھائیوں کے درمیان باہمی کوئی جھگڑا اور بات چیت بند ہے تو میں نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے کہا : لوگ آپ دونوں بھائیوں کو اپنا مقتدا سمجھتے ہیں اور تم آپس میں قطعی تعلقی کر کے بیٹھے ہو لہٰذا آپ اٹھیے اور اپنے بھائی کے پاس جاکر ان سے بات چیت کیجئے کیونکہ آپ ان سے عمر میں چھوٹے ہیں ۔ اس پر انہوں نے فرمایا کہ اگر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے یہ حدیث نہ سنی ہوتی کہ السابق السابق الی الجنۃ (بول چال میں سبقت کرنے والا جنت میں بھی سبقت لینے والا ہوگا) تو میں ضرور ان کی خدمت میں حاضر ہوتا مگر میں یہ بات پسند نہیں کرتا کہ میں ان سے پہلے جنت میں داخل ہوں ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے یہ مخلصانہ جذبات سن کر میں حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کے پاس گیا اور انہیں مذکورہ بات چیت سے آگاہ کیا تو انہوں نے فرمایا : صدق اخی (میرے بھائی نے سچ کہا) اس کے بعد کھڑے ہوگئے اور اپنے بھائی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے پاس آکر ان سے گفتگو کی اور یوں دونوں بھائیوں کے درمیان صلح ہو گئی ۔ (ذخائر العقبی فی مناقب ذوی القربی باب ذکر ماجاء مختصاً بالحسن علیہ السلام)

کسی بھی قسم کی مذہبی ، نسلی ، علاقائی اور لسانی تمیز و تفریق کے بغیر تمام خلقِ خدا اور انسانیت کی خدمت ، ان کی حاجات و ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے کام آنے کا اسلام کی اخلاقی تعلیمات کی رو سے کیا مرتبہ ہے ؟ اسلام نے اس سلسلے میں اپنے ماننے والوں کو کتنی تاکید کی ہے ؟ پھر اس حوالے سے خود پیغمبرِ اسلام کی رحمۃ للعالمین اور روف رحیم ذات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ سمیت دیگر اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم کا طرزِ عمل کیا تھا  ؟ (جن کی تفصیل ایک الگ مستقل مضمون کی متقاضی ہے) یہ سب چیزیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے سامنے تھیں ۔ علاوہ ازیں فیاضی و سخاوت اور ایثار جیسی خوبیاں آپ کو ورثے میں ملی تھیں ۔ اس لیے کمال فیاضی اور ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے خلقِ خدا کی حاجات کو پورا کرنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا عام معمول تھا ۔

حافظ ابن عساکر نے ابو ہشام القناد البصری کی زبانی یہ چشم دید گواہی نقل کی ہے کہ میں (ابو ہشام) حضرت حسین بن علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہما کے پاس بصرہ سے سامان (متاع) فروخت کےلیے لایا کرتا تھا ۔ آپ اس میں جھگڑ کر مجھ سے قیمت کم کراتے پھر میرے وہاں سے اٹھنے سے پہلے پہلے اس سامان کا زیادہ تر حصہ لوگوں کو عنایت فرمایا کرتے ۔ میں نے عرض کیا اے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بیٹے ! میں آپ کے پاس بصرہ سے سامان لاتا ہوں آپ باقاعدہ اصرار کر کے اور جھگڑا کر کے اس میں قیمت کم کراتے ہیں اور پھر میرے اٹھنے سے پہلے پہلے اس کا زیادہ تر حصہ لوگوں میں تقسیم بھی کر دیتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے ؟ آپ نے فرمایا : میرے والد گرامی نے مجھے یہ مرفوع حدیث سنائی تھی کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : المخبون لا محمود ولا ماجور ۔
ترجمہ : جو آدمی سودے یا لین دین میں دھوکا کھا جائے وہ قابلِ ستائش ہے نہ قابل اجر ۔ (ابن منظور مختصر تاریخ دمشق لابن عساکر جلد 7 صفحہ 115،چشتی)

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے اس انتہائی عمدہ وصف اور انتہائی خوبی کی چند ایمان افروز اور سبق آموز جھلکیاں ملاحظہ ہوں : ⬇

ایک مرتبہ ایک سائل مدینہ منورہ کی گلیوں میں گھومتے ہوئے آپ کے دروازے پر پہنچا ۔ دستک دی اور اپنی حاجت کا درج ذیل اشعار کی صورت میں یوں اظہار کیا : ⬇

لم یخب الیوم من رجاک ومن
حرک من خلف بابک الحلقه

وانت جود وانت معدنة
ابوک ما کان قاتل الفسقه

ترجمہ : آج آدمی نامراد واپس نہیں جائے گا جو آپ کے پاس امید لے کر آیا ہے اور جس نے آپ کے دروازے کا حلقہ کھٹکھٹایا ہے آپ سراپا بخشش اور جود و کرم کی کان ہیں ۔ آپ کا باپ وہ عظیم شخص تھا جس نے فاسقوں سے جنگ فرمائی تھی ۔

حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اس وقت نمازمیں مصروف تھے دروازے کی دستک اور سائل کی حاجت انہوں نے نماز میں سن لی ۔ نماز میں تخفیف کی اور باہر تشریف لائے ۔ دیکھا کہ سائل کے چہرہ پر واقعی فقر و فاقہ کے آثار ہیں ۔ آپ نے واپس آکر اپنے غلام کو بلایا اور فرمایا کہ ہمارے نفقہ میں سے تمہارے پاس کچھ ہے ؟ اس نے کہا کہ دو سو درہم ہیں ۔ جن کے متعلق آپ کی ہدایت ہے کہ انہیں آپ کے اہلِ خانہ پر خرچ کر دوں ۔ آپ نے فرمایا : وہ سب درہم لاؤ کیونکہ ان سے زیادہ حق دار آدمی آگیا ہے ۔ پھر ان دراہم کو پکڑ کر باہر نکلے اور انہیں اس اعرابی (سائل) کو دیتے ہوئے فی البدیہہ یہ اشعار کہے : ⬇

خذھا فانی الیک معتذر
واعلم بانی علیک ذوشفقہ

لو کان فی سیرنا عصاتمہ اذا
کانت سمانا علیک مند فقہ

لکن ریب المنون ذونکد
والکف منا قلیلۃ النفقہ

(ابن منظور مختصر تاریخ دمشق لابن عساکر)

خلقِ خدا کی حاجت براری سے متعلق حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا ایک اور ایمان افروز اور انتہائی ایثار و ہمدردی پر مبنی واقعہ نامور صوفی حضور داتا گنج بخش علی ہجویری علیہ الرحمہ نے کشف المحجوب میں یوں نقل کیا ہے کہ ایک دن ایک آدمی آپ کے پاس آیا اور عرض کیا : اے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے فرزند ! میں ایک درویش اور بال بچے دار آدمی ہوں ۔ اس لیے آج رات آپ سے کھانے اور مدد کا طلب گار ہوں ۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اس سے فرمایا : تم بیٹھ جاؤ ، ہمارا وظیفہ (شام سے) آرہا ہے ۔ چنانچہ کچھ دیر کے بعد حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی جانب سے پانچ تھیلیاں آپ رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچ گئیں ۔ ہر تھیلی میں ایک ہزار دینار (سونے کی اشرفی) موجود تھا ۔ لانے والے اہلکاروں نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے کہا کہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ آپ سے معذرت کررہے تھے اور فرماتے تھے کہ ان دیناروں کو خرچ فرمائیے بعد میں مزید بھیج دیے جائیں گے ۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے مذکورہ درویش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے فرمایا کہ یہ تمام تھیلیاں اسے دے دی جائیں پھر اس درویش سے معذرت بھی چاہی کہ میں نے تجھے اتنی دیر تک بٹھائے رکھا ۔ اگر مجھے اندازہ ہوتا کہ یہ رقم اتنی تھوڑی ہوگی تو تجھے انتظار نہ کراتے ۔ اس لیے ہمیں معذور سمجھو کہ ہم اہلِ آزمائش میں سے ہیں اور دنیا کی ہر راحت سے باز آگئے ہیں اور اپنی دنیا کی تمام مرادیں ہم نے گم کردی ہیں اور اپنی زندگی دوسروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وقف کردی ہیں ۔

حدیث نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پیش نظر سواری پر مالک کے آگے بیٹھنے سے گریز : حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی خاندانی عظمت و شرافت اور ذاتی فضائل و مناقب کے پیشِ نظر حضرت ابوبکر و عمر اور حضرت عثمان غنی جیسے کبار صحابہ رضی اللہ عنہم ان کی تعظیم و تکریم فرماتے اور ان کا حد درجہ احترام فرماتے تھے ۔ (البدایه والنهایه)

مگر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا اپنا طرز عمل اور سوچ یہ تھی کہ اس تعظیم میں کہیں اسلامی اخلاق و آداب کے خلاف کوئی کام واقع نہ ہو جائے ۔ اس عظیم سوچ اور بلند اخلاقی پر مبنی ایک سبق آموز واقعہ ملاحظہ ہو جیسے مشہور محدث علامہ نور الدین ہیثمی علیہ الرحمہ نے امام محمد باقر بن علی بن حسین رضی اللہ عنہ کی زبانی یوں نقل کیا ہے کہ : ایک مرتبہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ مدینہ منورہ سے باہر مقام حرہ کے قریب واقع اپنی زمین کی طرف جانے کےلیے نکلے تو راستے میں مشہور صحابی حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ نے انہیں پالیا وہ اپنی سواری (خچر) پر سوار تھے ۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو پیدل چلتے دیکھ کر سواری سے اتر پڑے اور سواری کو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے قریب کرتے ہوئے عرض کیا : اے عبداللہ ! آپ اس پر سوار ہوجائیے ۔ مگر آپ نے سواری پر بیٹھنے کو ناپسند فرمایا ۔ حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کے اصرار کے باوجود جب آپ سوار نہ ہوئے تو انہوں نے قسم اٹھا لی کہ آپ کو ہر قیمت پر سوار ہونا ہو گا ۔ اب سوار ہونے کے بغیر کوئی چارہ کار نہ تھا ، تاہم فرمایا : تم نے قسم اٹھا کر مجھے تکلیف میں ڈال دیا ۔ اب یوں کیجئے کہ آپ سواری کے آگے بیٹھیں میں آپ کے پیچھے بیٹھوں گا ۔ کیونکہ میں نے اپنی جان (سیدہ فاطمۃ الزہرا بنت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم و رضی اللہ عنہا ) کو یہ حدیث نقل کرتے سنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : الرجل احق بصدرد ابته وصدر فراشه والصلوة فی منزله الا ما یجمع الناس علیه ۔
ترجمہ : آدمی اپنے چوپائے (سواری) کے اگلے حصے پر بیٹھنے کا زیادہ حق دار ہوتا ہے ۔ اسی طرح بستر کے اگلے حصے پر بیٹھنے کا زیادہ حق دار صاحبِ فراش ہے جبکہ گھر میں باجماعت نماز پڑھنے کی صورت میں صاحب خانہ امامت کرانے کا زیادہ حق دار ہے ۔
اس پر حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ نے کہا : رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی صاحبزادی نے بالکل سچ فرمایا ہے میں نے اپنے باپ بشیر کو بھی اسی طرح کہتے سنا ہے جیسا کہ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے یہ بھی فرمایا ہے کہ الا من اذن مگر وہ آدمی جس کو مالک اجازت دے ۔ یہ سن کر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سواری پر سوار ہو گئے ۔ (مجمع الزوائد و منبع الفوائد کتاب الادب باب صاحب الدابۃ احق بصدرہا)

درج بالا قسم کی اخلاقی عظمت کا ایک اور ایمان افروز واقعہ علامہ محب الدین الطبری نے یوں نقل کیا ہے : حضرت امام علی بن موسیٰ سے مروی ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ایک دفعہ قضائے حاجت کے لیے باہر نکلے ، غلام ساتھ تھا ۔ راستے میں گرا ہوا کھانے کا ایک لقمہ پایا تو اسے اٹھا کر غلام کو پکڑایا اور فرمایا : واپسی پر مجھے یاد دلانا ۔ مگر غلام نے وہ لقمہ کھا لیا ۔ قضائے حاجت سے فارغ ہو کر آئے تو غلام سے اس لقمہ کے بارے میں پوچھا ۔ اس نے عرض کیا : میرے مولا ! میں نے وہ لقمہ کھا لیا ہے ۔ فرمایا جا تو اللہ کی رضا کےلیے آزاد ہے ۔ پھر فرمایا : سمعت جدی رسول الله صلی الله علیه وآله وسلم یقول من وجد لقمة ملقاة فمسح او غسل ثم اکلها اعتقه الله من النار ۔
ترجمہ : میں نے اپنے جد امجد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو یہ بات فرماتے سنا ہے کہ جس آدمی نے کوئی گرا پڑا لقمہ پایا پھر اسے صاف کر کے یا دھوکر کھا لیا تو اللہ تعالیٰ اسے جہنم کی آگ سے آزاد فرمادے گا ۔
تو اس فرمانِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے مطابق جس آدمی کو اللہ تعالیٰ جہنم کی آگ سے آزاد فرمادے تو میں کیونکر اسے غلام بنا سکتا ہوں ۔ (ذخائر العقبی فی مناقب ذوی القربی اذکار تتضمن فضائل واخبار اتختص بالحسین علیہ السلام)

اسلامی اخلاق و آداب اور اوصاف میں تواضع و انکساری کو جو اہمیت حاصل ہے نیز اسلامی تعلیمات میں اس کی جتنی تاکید آئی اور اس سلسلے میں خود پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے جو مثالی نمونہ چھوڑا ہے ، یہ سب چیزیں سیدنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے مخفی نہیں تھیں ، اس لیے خاندانی معاشرتی، سماجی اور مذہبی و روحانی اعتبار سے انتہائی بلند مرتبہ و مقام حاصل ہونے کے باوجود آپ رضی اللہ عنہ کے اندر کمال درجے کی تواضع و انکساری پائی جاتی تھی ۔ چنانچہ نامور مورخ و محدث حافظ ابن عساکر علیہالرحمہ نے اس کی ایک سبق آموز مثال یوں درج کی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا گزر چند مساکین کے پاس سے ہوا جو (مسجدِ نبوی کے ساتھ) صفہ میں کھانا کھا رہے تھے۔ انہوں نے آپ کو دیکھ کر عرض کیا آئیے کھانا تناول فرمائیے ۔ آپ بیٹھ گئے اور فرمایا : ان الله لایحب المتکبرین ۔ ’’بے شک اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا‘‘ ۔ ان مساکین کے ساتھ کھانا تناول فرمایا ، پھر ان سے فرمایا : میں نے تمہاری دعوت قبول کی ، اب تم لوگ میری دعوت قبول کرو ۔ سب نے کہا : نعم : ہاں ٹھیک ہے ۔ چنانچہ آپ انہیں اپنے دولت کدہ پر لے گئے اور اپنی اہلیہ محترمہ حضرت رباب رضی اللہ عنہا سے فرمایا کہ جو کچھ کھانے کو تمہارے پاس موجود ہے وہ لے آؤ ۔ (ابن منظور مختصر تاریخ دمشق لابن عساکر جلد 7 صفحہ 129،چشتی)

انسانی فطرت ہے کہ انسان مشکل اور آزمائش کے وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں سے مدد اور تعاون کا خواہاں ہوتا ہے۔ مگر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ایسے موقعہ پر بھی کسی کو آزمائش اور مشکل میں ڈالنا پسند نہیں فرمایا، اس بلند سوچ کی ایک جھلک ذیل میں ملاحظہ ہو : حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے عاشوراء کی رات اپنے تمام اصحاب کو جمع کیا پھر (اس مشکل ترین اور آزمائش کی گھڑی میں بھی) اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کی اور فرمایا : میں یہی محسوس کررہا ہوں کہ یہ لوگ (یزیدی فوج) بہر صورت کل تمہارے ساتھ جنگ کریں گے ۔ اس صورتِ حال میں تم سب کو (بخوشی) اجازت دیتا ہوں ۔ تم سب میری طرف سے آزاد ہو اور اب رات کے اندھیرے نے تمہیں ڈھانپ لیا ہے ۔ پس جس آدمی کے پاس ہمت ہو وہ میرے اہل بیت رضی اللہ عنہم میں سے کسی آدمی کو ساتھ ملا لے اور تم سب رات کے اندھیرے میں یہاں سے نکل جاؤ ۔ ان لوگوں (یزیدی فوج) کو تو صرف میری تلاش ہے، کل جب یہ مجھے دیکھیں گے تو تمہاری تلاش بھول جائیں گے اس مخلصانہ پیش کش پر آپ کے اہل بیت رضی اللہ عنہم نے کہا : لا ابقانا الله بعدک والله لانفار قک وقال اصحابه کذالک ۔ ’’اللہ تعالیٰ آپ کے بعد ہمیں زندہ نہ رکھے ۔ قسم بخدا ہم آپ کو اکیلا چھوڑ کر نہیں جائیں گے اور آپ کے دوسرے ساتھیوں نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا ۔ (سیراعلام النببلاء جلد 3 صفحہ 301) ۔ (مزید حصّہ دوم میں ان شاء اللہ)۔(طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...