Tuesday 18 January 2022

سیرت و شانِ حضرت فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا حصّہ دوم

0 comments

 سیرت و شانِ حضرت فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا حصّہ دوم

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

حضرت خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کو کس قدر عبادت کا ذوق تھا کہ پوری رات اللہ کی عبادت میں گزار دیتی تھیں ، آپ رضی اللہ عنہا سے حقیقی اُلفت و محبت کا تقاضا ہے کہ ہم نہ صرف فرائض بلکہ سُنن و نوافل کی ادائیگی کو بھی اپنا معمول بنائیں ۔ (شان ِخاتون جنت ص76)


حضرت سیدتنا فاطمہ الزّہرا رضی اللہ عنہا کی جب رخصتی ہوئی اور آپ حضرت علی رضی اللہ عنہٗ کے گھر تشریف لے گئیں تو حضرت علی آپ سے محبت بھری گفتگو کرنے لگے ، یہاں تک کہ جب رات کا اندھیرا چھا گیا تو آپ رونے لگیں، حضرت علی نے کہا " اےتمام عورتوں کی سردار ! کیا آپ خوش نہیں کہ میں آپ کا شوہر ہوں اور آپ میری بیوی ہیں ؟ " کہنے لگیں" میں کیونکر راضی نہ ہوں گی"آپ تو میری رضا بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ہیں " میں تو اپنی حالت و معاملہ متعلق سوچ رہی ہوں کہ جب میری عمر پوری ہو جائے گی اور مجھے قبر میں داخل کر دیا جائے گا ، آج میرا عزت و فخر کے بستر میں داخل ہونا کل قبر میں داخل ہونے کی مانند ہے ، آج رات ہم اپنے ربّ کی بارگاہ میں کھڑے ہو کر عبادت کریں گے کہ وہی عبادت کا زیادہ حق رکھتا ہے ، اس کے بعد وہ دونوں کھڑے ہو کر عبادت کرنے لگے ۔ (حکایتیں اور نصیحتیں صفحہ 548،چشتی)


اس حدیث مبارک کے الفاظ "آپ تو میری رضا بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ہیں" بہت اہمیت کے حامل ہیں، اس پر اسلامی بہنوں کو غور کرنا چاہئے کہ ان کے دل میں اپنے "بچّوں کے ابو" کا کتنا احترام ہے اور وہ بچوں کے ابو کے کتنے حقوق ادا کرتی ہیں اور ان کی رِضا کےلیے کیا کوششیں کرتی ہیں ۔ (شانِ خاتون جنت صفحہ نمبر 89 ، 91)


امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی والدہ ماجدہ سیّدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کو مسلمان مردوں اور عورتوں کے حق میں بہت زیادہ دعائیں کرتے دیکھا، میں نے عرض کیا : اے مادرِ مہربان!کیا بات ہے کہ آپ اپنے لئے کوئی دعا نہیں مانگتیں"، فرمایا : اے فرزند"یعنی پہلے ہمسائے ہیں، پھر گھر ۔ (مدارج النبوہ مترجم، قسم پنجم باب اوّل جلد 4 صفحہ نمبر 435)


حضرت خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کی سیرت سے ہمیں یہ سبق ملا کہ آپ رضی اللہ عنہا ہمسایوں کےلیے زیادہ دعا فرمایا کرتیں اور فرماتیں" پہلے ہمسایہ ہے، پھر گھر "ایک ہم نادان ہیں کہ ہمسایوں کا ہمیں خیال تک نہیں، ہم اپنے گھر میں طرح طرح کے کھانے کھاتے ہیں، عمدہ عمدہ ملبوسات پہنتے ہیں اور ہم میں سے بعض کے ہمسایوں کو یہ چیزیں میسّر نہیں ہوتیں اور ہمیں ان کا خیال تک نہیں ہوتا اور اگر وہ کسی چیز کا سوال کریں تو ہم پھر بھی نہیں کرتے۔( شان خاتونِ جنت، ص101)


خواتینِ جنت کی سردار ، جگر گوشہ سرکار، حضرت سیّدۃ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کو حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم سے اور حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ رضی اللہ عنہا سے بہت محبت تھی اور محبت کی علامات میں سے ایک یہ ہے کہ جس سے محبت ہو اس کی ہر ادا پنانے کی کوشش کی جاتی ہے، چنانچہ حضرت سیدنا فاطمہ نے خود کو ہر اعتبار سے سنتِ رسول کے سانچے میں ڈھال رکھا تھا، عادات و اطوار، سیرت و کردار، نشست و برخاست، چلنے کے انداز، گفتگو اور صداقت و کلام میں آپ سیرتِ مصطفی کا عکس اور نمونہ تھیں۔(شان خاتونِ جنت، ص114)


حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا  ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی لاڈلی شہزادی اور امام حسن و حسین رضی اللہ عنہما کی والدہ محترمہ ہیں اور جنتی عورتوں کی سردار ہیں، ہم سب کو ان کی سیرت کا مطالعہ کرنا چاہئے ، ان کی سیرت کا مطالعہ کرنے سے ہمیں بہت کچھ درس حاصل ہوتا ہے ۔


خاتونِ جنت کو کس قدر عبادت کا ذوق تھا کہ پوری پوری رات اللہ کی عبادت میں گزار دیتی تھیں، ان کی کثرتِ عبادت سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ ہم بھی زیادہ سے زیادہ اپنے ربّ عزوجل کی عبادت کریں، آپ رضی اللہ عنہا تو خاتونِ جنت ہو کر بھی اس قدر عبادت کرتی تھیں اور ہمیں تو معلوم بھی نہیں، نجانے ہمارے ساتھ آخرت میں کیا معاملہ ہوگا، ہمیں بھی زیادہ سے زیادہ عبادت کرکے اپنے ربّ عزوجل کو خوش کرنا چاہئے کہ اگر ربّ عزوجل ہم سے ہمیشہ کے لئے راضی ہوگیا، تو ہماری دنیا و آخرت سنور جائے گی۔


حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا بہت زیادہ سخی تھیں، کسی سائل کو خالی نہ لوٹاتیں، حتٰی کہ اگر گھر میں کوئی چیز بظاہر موجود نہ ہو تی تو قرض لے کر سائل کی حاجت پوری کرتیں، اس سے ہمیں بھی سخاوت کا درس ملتا ہے کہ ہمیں بھی حاجت مندوں کی مدد کرنی چاہئے کہ جس چیز کی سامنے والے کو ضرورت ہو وہی دینی چاہئے، لیکن ہم تو ایسا کرتے ہیں کہ جس چیز کی ہمیں حاجت نہیں ہوتی وہ ہم دوسروں کو دے دیتے ہیں، یہ تو سخاوت ہی نہیں ہے کہ حضرت سیّدنا ابو سلمان عبدالرحمٰن بن احمد بن عطیہ علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں:"بہترین سخاوت وہ ہے جو حاجت کے مطابق و موافق ہو (کہ سامنے والے کو جس چیز کی حاجت ہو وہ دی جائے)۔( شعب الایمان، الرابع والسبعون من شعب الایمان باب فی الجود و السخا، ج 7، ص447، الرقم 10938،چشتی)


خاتونِ جنت اپنے تمام گھریلو کام اپنے ہاتھ سے کرتیں، حتٰی کہ اپنی مبارک کمر پر پانی لے کر آئیں، اس سے ہمیں بھی یہ درس ملتا ہے کہ ہمیں بھی اپنے گھر کے کام کاج خود کرنے چاہیئں کہ اس سے بھی اللہ عزوجل کا قرب حاصل ہوتا ہے ، سیرتِ ابودرداء کے صفحہ 62 پر ہے : حضرت سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے حضرت سیدنا سلمان رضی اللہ عنہ کی طرف ایک مکتوب روانہ فرمایا، جس میں یہ بھی تھا کہ اے میرے بھائی مجھے معلوم ہوا ہے کہ تو نے ایک خادم خریدا ہے، میں نے اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشاد فرماتے سنا ہے کہ "بندہ جب تک کسی خادم سے مدد نہیں لیتا، اللہ عزوجل کے قریب ہوتا رہتا ہے اور جب وہ کسی خادم سے خدمت لیتا ہے تو اس پر اس کا حساب لازم ہو جاتا ہے۔"


میری زوجہ نے مجھ سے ایک خادم رکھنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن حساب کے خوف سے میں نے اسے نا پسند جانا، حالانکہ میں ان دنوں مالدار تھا۔


اس سے ہمیں بھی یہ درس ملا کہ ہمیں بھی خود گھر کے کام کاج کرنے چاہئیں کہ اس سے بھائی بہنوں اور ماں باپ کی منظورِ نظر بن جائیں گی، شادی شدہ ہیں تو شوہر، نند اور ساس کے دلوں میں جگہ بن جائے گی اور گھر امن کا گہوارہ بن جائے گا۔


امام حسن مجتبی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی والدہ ماجدہ کو دیکھا کہ رات کو مسجدِ بیت کے محراب میں نماز پڑھتی رہتیں، یہاں تک کہ نمازِ فجر کا وقت ہو جاتا، میں نے آپ رضی اللہ عنہا کو مسلمان مردوں اور عورتوں کے لئے بہت زیادہ دعائیں کرتے سنا، آپ رضی اللہ عنہا اپنی ذات کے لئے کوئی دعا نہ کرتیں، میں نے عرض کی، پیاری امّی جان! کیا وجہ ہے کہ آپ اپنے لیے کوئی دعا نہیں کرتیں، فرمایا" پہلے پڑوس ہے پھر گھر ۔"


مولا مشکل کشا حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے موت کے وقت وصیت فرمائی تھی کہ جب دنیا سے رخصت ہوجاؤں تو رات میں دفن کرنا تاکہ کسی غیر مرد کی نظر میرے جنازے پر نہ پڑے۔


یہاں ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ بی بی فاطمہ کا اتنا بڑا مرتبہ ہونے کے باوجود، سرکارِ دو عالم کی شہزادی ہونے کے باوجود ، شیرِ خدا کی زوجہ ہونے کے باوجود، اور جنتی عورتوں کی سردار ہونے کے باوجود بھی آپ نے اپنی زندگی میں بھی اور وفات کے وقت بھی پردے کا ایسا اہتمام فرمایا کہ اپنے بعد آنے والی تمام عورتوں کے لئے مثال قائم کر دی۔


آپ رضی اللہ عنہا نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم جو کہ بااختیار ہیں، ان کی لاڈلی بیٹی ہونے کے باوجود اپنے گھر کا سارا کام خود کرتیں تھیں، کنویں سے پانی بھر کر پیٹھ پر مشک لاد کر لایا کرتیں، خود چکّی چلا کر آٹا بھی پیسا کرتیں اور یہ عورت کا فرض بھی ہے کہ شوہر کی گنجائش نہ ہونے پر گھریلو کام کاج خود کرلیا کریں۔(شان خاتون جنت، ص36)


آپ بہت باحیاء اور با پردہ تھیں اور پردہ کو پسند کرتی تھیں، یہاں تک کہ آپ یہ بھی پسند نہ فرماتیں کہ آپ کے جنازہ مبارکہ پر بھی کسی غیر مرد کی نظر نہ پڑے۔(شان خاتون جنت، ص322)


آپ رضی اللہ عنہا نے دنیا سے بے رغبتی اختیار کی ہوئی تھی اور اکثر فاقے کرتیں اور خوب صدقہ فرماتیں، ایک مرتبہ آپ رضی اللہ عنہا کو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے سونے کا ہار تحفہ دیا تو آپ نے اس کے بدلے غلام خریدا اور اس کو آزاد کر دیا۔(شان خاتون جنت، صفحہ 386)


آپ رضی اللہ عنہا پڑوسیوں پر نہایت ہی شفیق تھیں کہ آپ جب دعا فرماتیں تو پہلے پڑوسیوں کے لئے کرتیں اور فرماتیں کہ" پہلے پڑوس ہے، پھر گھر۔"(فیضان نماز، صفحہ 485)


آپ رضی اللہ عنہا کو بہت زیادہ تلاوت کا شوق تھا کہ آپ گھر کے کام کاج کرتے وقت بھی تلاوت فرماتی تھیں،یہاں تک کہ آپ کو ایک بار اپنے بچوں کو پنکھا جھلتے ہوئے تلاوت کرتے ہوئے سنا گیا۔


آپ کو اس قدرعبادت کا ذوق تھا کہ آپ رات بھر نماز میں مشغول رہتیں، یہاں تک کہ صبح طلوع ہو جاتی، کسی بیماری، تکلیف میں بھی نماز میں مشغول رہتیں۔(شان خاتون جنت، ص76)


اس دور حاضر میں جہاں مسلمان دن بدن پستی کا شکار ہو رہے ہیں وہیں مسلمانوں کی زبوں حالی کا ایک سبب بے پردہ عورت ہیں وہم پرستی ،  غم و شادی کے مواقع پر ہندوانہ اور جاہلانہ رسم و رواج وغیرہ جہاں یہ تمام خرافات بد قسمتی سے اسلامی معاشرہ میں عروج پذیر ہیں وہیں مسلمان خواتین میں حیا اور پردہ کا ذہن (concept) جاتا نظر آرہا ہے آج مسلمان خواتین نے اپنا آئیڈیل غیر مسلم اور آزادانہ خیال کی حامل خواتین کو بنا لیا ہے جبکہ ہماری پسندیدہ شخصیت وہ ہستی ہونی چاہئے تھیں جو دنیا میں رہ کر فکر آخرت کرنے والی ہوں اسلامی قوانین کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے والی اور عبادت کو دل و جان سے محبوب رکھنے والی اور با حیا ہوں ، ان تمام خصوصیات کو اگر ہم سیرت حضرت فاطمہ الزھراء رَضِیَ اللّٰہُ عَنْھا کے آئینہ میں دیکھیں تو صاف طور پر یہ نظر آئے گا کہ ایک مسلمان عورت کی زندگی کی حقیقی تصویر کیا ہونی چاہئے ۔


حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالی عنہا پردہ کی نہایت پابند تھیں اور حد درجہ حیا دار تھیں ایک بار سرور عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان سے پوچھا بیٹی عورت کی سب سے اچھی صفت کون سی ہے ؟ حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالی عنھا نے عرض کی عورت کی سب سے اعلی خوبی یہ ہے کہ نہ وہ کسی غیر مرد کو دیکھے اور نہ کوئی غیر مرد اس کو دیکھے۔(سیرت فاطمۃ الزہراء ، باب شرم و حیا صفحہ نمبر 110)


جس کا آنچل نہ دیکھا مہ و مہر نے

اس ردائے نزاہت پہ لاکھوں سلام


حضرت فاطمۃ الزہراء کی شرم و حیا کا اندازہ اس واقعہ سے لگائیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال ظاہری کے بعد خاتون جنت شہزادی کونین حضرت سیدتنا فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالی عنہا پر غم مصطفی کا اس قدر غلبہ ہواکہ آپ رضی اللہ تعالی عنہا کے لبوں پر مسکراہٹ ختم ہوگی اپنے وصال سے قبل ایک ہی بار مسکرائی دیکھی گئی ۔


اس کا واقعہ کچھ یوں ہے کہ شرم و حیاء کی پیکر حضرت سیدتنا خاتون جنت کو یہ تشویش تھی کہ عمر بھر تو غیر مردوں کی نظروں سے خود کو بچائے رکھا ہے اب کہیں بعد وفات میرے کفن پوش، لاش پر لوگوں کی نظر نہ پڑ جائے ۔ایک موقع پر حضرت سیدتنا اسماء بنت عمیس رضی اللہ تعالی عنہا نے کہا میں نے حبشہ میں دیکھا کہ جنازے پر درخت کی شاخیں باندھ کر ایک ڈولی جیسی صورت بنا کر اس پر پردہ ڈال دیتے ہیں پھر انہوں نے کھجور کی شاخیں منگوا کر انہیں جوڑ کر اس پر کپڑا تان کر سیدہ خاتون جنت کو دکھایا آپ بہت خوش ہوئی اور لبوں پر مسکراہٹ آ گئی ۔ (جذب القلوب مترجم ،ص 231)


سبحان اللہ سیدہ خاتون جنت رضی اللہ عنھا کے پردے اور حیا کی بھی کیا بات ہے کسی نے کتنا پیارا شعر کہا ہے ۔


چوزھرا باش از مخلوق رو پوش

کہ در آغوش شبیرے بہ بینی


(یعنی حضرت سیدتنا فاطمۃ الزہراء کی طرح پرہیزگار و پردہ دار بنو تاکہ اپنی گود میں حضرت سیدنا شبیر نامدار امام حسین جیسی اولاد دیکھو)


حضرت سیدتنا فاطمہ رضی اللہ عنھا بہت زیادہ پیکر شرم و حیا اور باپردہ تھیں ہمیں حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنھا کی مبارک سیرت سے جہاں دیگر درس حاصل ہوتے ہیں وہی ہمیں باپردہ اور باحیا رہنے کا درس حاصل ہوتا ہے کہ آپ کو دنیا تو دنیا لیکن دنیا سے وصال فرما جانے کے بعد بھی اگر کوئی فکر لاحق تھی تو اپنے پردے کی تھی ۔


حضرت بی بی فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا نہایت ہی عبادت گزار خاتون تھیں، جس کی وجہ سے آپ کا لقب عابدہ بنا، آپ کو نماز انتہائی محبوب تھی، آپ پوری پوری رات اللہ عزوجل کی عبادت میں گزار دیتیں۔


چنانچہ حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی علیہ رحمۃ اللہ مدارج النبوۃ میں نقل فرماتے ہیں:حضرت سیدنا اِمام حسن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں"میں نے اپنی والدہ ماجدہ حضرت سیّدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دیکھا کہ آپ (بسااوقات) گھر کی مسجد کے محراب میں رات بھر نماز میں مشغول رہتیں، یہاں تک کہ صبح ہو جاتی ۔"( شانِ خا تونِ جنت، ص 77)


قرآن پاک کی سورۃ الذٰریٰت  کی آیت نمبر 56 میں ہے : وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُونِ ۔

ترجمہ : اور میں نے جن اور آدمی اسی لیے بنائے کہ میری عبادت کریں ۔


مذکورہ آیت میں جنوں اور انسانوں کو پیدا کرنے کا مقصد بتایا گیا ہے کہ وہ اللہ کی عبادت کریں اور انہیں اللہ کی معرفت حاصل ہو ۔ لیکن آج کے زمانے کا انسان اس مقصد کو بھول کر دنیا طلب کرنے اور اس طلب میں مُنہمک ہے ، اپنے مقصدِ پیدائش کو سمجھنے اور اس کے مطابق زندگی بسر کرنے کے لئے سلف صالحین و صالحات کی سیرتیں مشعلِ راہ ہیں ۔ انہیں میں سے ایک سیرتِ طیبہ خاتونِ جنت حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کی سیرت ہے ، آپ رضی اللہ عنہا کی مبارک سیرت کے چند پہلو ملاحظہ فرمائیں ۔


آپ رضی اللہ عنہا کی طبیعتِ عالیہ ہمہ وقت عبادتِ الہی کی طرف متوجّہ رہتی تھی، اپنے گھریلو کام کاج کی انجام دہی کے ساتھ یادِ الٰہی میں مشغول رہتیں، تلاوتِ قرآن کا ورد بھی جاری رکھتیں، پوری پوری رات اللہ عزوجل عبادت میں گزار دیتی تھیں ، حضرت علامہ شیخ عبد الحق محدث دہلوی علیہ رحمۃ اللہ القوی مدارج النبوۃ میں نقل فرماتے ہیں : حضرت سیدتنا اِمام حسن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں"میں نے اپنی والدہ ماجدہ حضرت سیّدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دیکھا کہ آپ (بسااوقات) گھر کی مسجد کے محراب میں رات بھر نماز میں مشغول رہتیں، یہاں تک کہ صبح ہو جاتی۔"


اور صفحہ نمبر83 پر ہے:حضرت سیّدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں ایک مرتبہ حضور پر نور، شافع یوم النشور صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوا، میں نے دیکھا کہ حضراتِ حسنینِ کریمین رضی اللہ عنہما سو رہے تھے اور آپ رضی اللہ عنہا ان کو پنکھا جھل رہی تھیں اور زبان سے کلامِ الہی کی تلاوت جا ری تھی، یہ دیکھ کر مجھ پر ایک خاص رقت طاری ہوئی۔


سورۃ الدہر میں اِرشادِ ربّانی ہے کہ ، وَ یُطْعِمُوْنَ الطَّعَامَ عَلٰى حُبِّهٖ مِسْكِیْنًا وَّ یَتِیْمًا وَّ اَسِیْرًا ۔

ترجمہ : اور کھانا کھلاتے ہیں اس کی محبت پر مسکین اور یتیم اور اَسِیر(قیدی) کو ۔ (پ 29 سورہ الدھر : آیت 8)


حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، حضراتِ حسنینِ کریمین ایک بار بچپن میں بیمار ہوگئے تو حضرت سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہ بی بی فاطمہ اور حضرت سیّدتنا فضہ رضی اللہ عنہما نے ان کی صحت یابی کے لئے تین روزوں کی منت مانی، اللہ تعالی نے صحت دی، نذر کی وفا کا وقت آیا، سب صاحبوں نے روزے رکھے، خا تونِ جنت رضی اللہ عنہانے ایک ایک صاع (یعنی چار کلو میں 160 گرام کم) تینوں دن پکایا، لیکن جب افطار کا وقت آیا، روٹیاں سامنے رکھیں تو ایک دن مسکین، ایک دن یتیم اور ایک دن قیدی دروازے پر حاضر ہو گئے اور روٹیوں کا سوال کیا تو تینوں دن روٹیاں ان سائلوں کو دے دیں اور صرف پانی سے افطار کر کے اگلا روزہ رکھ لیا۔( خزائن العرفان، پ29 ، الدھر:8، ص1073)


خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کی سیرتِ طیبہ سے ہمیں سخاوت کا درس ملتا ہے، اللہ پاک نے آپ رضی اللہ عنہا کی سخاوت کو پسند کرتے ہوئے اس کا ذکر قرآن پاک میں فرمایا، فقط اللہ کی رضا کے لئے ضرورت مندوں کی حاجت روائی کرنا، دنیا و آخرت میں سرخروئی کا باعث ہے، بندوں پر کرم کرنے والے پر اللہ کا کرم ہوتا ہے ۔


حضرت سّٕدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا سے محبت کرنا ہمارے ایمان کی سلامتی کی ضامن ہے، فرمانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہے : فاطمہ میرا ٹکڑا ہے ، جس نے اسے ناراض کیا، اس نے مجھے ناراض کیا ۔ ( مشکوٰۃ المصابیح جلد 2 صفحہ 436  حدیث 6139،چشتی)


نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش کرنے والی چیز بی بی فاطمہ الزّہرا رضی اللہ عنہا سے محبت و عقیدت ہے۔


دُخترِ مصطفی، بانوئےمرتضی، ام الحسنین، بی بی فاطمۃالزہرا رضی اللہ عنہا شرم و حیا کی پیکر ، حق وصداقت کی علمبردار، فکرِ آخرت سے سرشار، عبادت، معاملات اور امورِ خانہ داری میں اپنی مثال آپ تھیں۔


آپ رضی اللہ عنہا باکمال عاشقہ رسول تھیں، آپ رضی اللہ عنہا نے خود کو ہر اعتبار سے سنتِ رسول کے ڈھانچے میں ڈھال رکھا تھا، عادات واطوار، سیرت و کردار، نشست و برخاست، چلنے کا انداز، گفتگو ، صداقت و کلام میں آپ رضی اللہ عنہا سیرتِ مصطفی کا عکس ونمونہ تھیں۔


حضرت سیّدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا نے خود کو غیر مردوں کی نظر وں سے بچائے رکھا تھا، ان کی حیا فضیلت کے بارے میں حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اِرشادِ معظم ہے:"جب قیامت کا دن ہو گا تو ایک منادی ندا کرے گا، اے اہلِ مجمع! اپنی نگاہیں جھکا لو تاکہ فاطمہ بنتِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم پُل صراط سے گزریں۔(جامع الصغیر مع فیض القدیر، جلد 1 صفحہ 549، حدیث 822)


کہاوت مشہور ہے:حیا حسن سے زیادہ پُرکشش ہے، ہمیں چاہئے کہ خاتونِ جنت کے راستے پر چلتے ہوئے فیشن کو چھوڑ کر پردے داری کی راہ اختیار کریں۔


حضرت سیدنا اِمام حسن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں"میں نے اپنی والدہ ماجدہ حضرت سیّدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دیکھا کہ آپ (بسااوقات) گھر کی مسجد کے محراب میں رات بھر نماز میں مشغول رہتیں، یہاں تک کہ صبح طلوع ہو جاتی ۔ (مدارج النبوہ جلد 2 صفحہ 623،چشتی)


حضراتِ حسنین کریمین سو رہے ہوتے، آپ رضی اللہ عنہا ان کو پنکھا جھل رہی ہوتی اور زبان سے تلاوتِ قرآن جاری ہوتی۔(سفینہ نوح حصہ دوم صفحہ 35)


ہمیں بھی چاہئے کہ گھریلو مصروفیت کے دوران ذکرُ اللہ سے غافل نہ ہو۔


حضرت سیّدنا فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا اُمورِ خانہ داری کے تمام کام (چکّی پیسنا، پانی کی مشک بھر کر لانا، جھاڑو وغیرہ دینا) خود کیا کرتی تھیں۔( سنن ابی داؤد، ص790: حدیث5023)


ہمیں بھی چاہیے کہ اپنے گھر کے کام کاج اپنے ہاتھ سے کرنے کو ترجیح دیں، حضرت بی بی فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا کی بہت سادہ زندگی تھی، آپ رضی اللہ عنہا نے فاقہ کشی کے دن بھی گزارے، آپ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے ہمیں حوصلہ ملتا ہےکہ مصیبت کے وقت ان مقدس ہستی کی فاقہ کشی کو یاد کریں، معاشی بدحالی ہو تو گھر والوں یا شوہر کو لعن طعن کرنے کے بجائے صبر سے کام لیں۔اللہ تبارک و تعالی بی بی فاطمۃالزہرا رضی اللہ عنہا کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے آمين ۔


حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی علیہ رحمۃ اللہ علیہ"مدارج النبوۃ" میں نقل فرماتے  ہیں : حضرت سیّدنا اِمام حسن رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں"میں نے اپنی والدہ ماجدہ حضرت سیّدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کو دیکھا کہ آپ (بسااوقات) گھر کی مسجد کے محراب میں رات بھر نماز میں مشغول رہتیں، یہاں تک کہ صبح طلوع ہو جاتی ۔"(مدارج النبوۃ مترجم قسم پنجم، درذ کر اولاد کرام، سیدہ فاطمۃ الزھراء، ج2 ، صفحہ نمبر 623،چشتی)


حضرت خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا کو کس قدر عبادت کا ذوق تھا کہ پوری پوری رات اللہ کی عبادت میں گزار دیتی تھیں، لہذا آپ رضی اللہ عنہا سے حقیقی الفت و محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم نہ صرف فرائض بلکہ سنن و نوافل کی ادائیگی کو بھی اپنا معمول بنائیں، نماز کو خوب شوق ومحبت سے پڑھیں۔


حضرت خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا خود سچی اور سچے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے شہزادی ہیں، سچ کی بہت برکات ہیں اور جھوٹ ایسی بُری چیز ہے جو تمام اَدیان میں حرام ہے اور ہرمذہب والے اس کی برائی کرتے ہیں، لہذا ہمیں چاہئے کہ سچ بولیں اور جھوٹ سے بچیں۔


اس کے علاوہ ہمیں آپ کی سیرت سے سخاوت، ایثار، گھر کے کام کاج کرنا، شوہر کی اطاعت کرنا، سادگی، حسنِ اخلاق، پڑوسیوں کے لئے دعائیں کرنا، باپردہ رہنا، خوفِ خدا، زہدو تقوی وغیرہ یہ سب درس سیکھنے کو ملتے ہیں، لہذا ہر اسلامی ماں بہن اور بیٹی کو چاہیے کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے درس حاصل کر کے اپنی زندگیوں کو سنتوں کو بجالاتے ہوئے گزاریں۔


حضرت سیّدنا علاؤ الدّین علی متقی ہندی  علیہ الرحمۃ اللہ الغنی خاتونِ جنت کی شان و عظمت میں حدیث پاک نقل کرتے ہیں کہ شاہِ ہر دوسرا، مکی مدنی آقا، والدِماجدِ زہرا صلی اللہ علیہ و سلم نے اِرشاد فرمایا:"میری بیٹی فاطمہ اِنسانی شکل میں حوروں کی طرح حیض و نفاس سے پاک ہے۔"


صادقہ، صالحہ، صائمہ، صابرہ،

صاف دل، نیک خُو، پارسا، شاکرہ،


عابدہ، زاہدہ، ساجدہ، ذاکرہ،

سیدہ، زہرا، طیبہ، طاہرہ،


جانِ احمد کی راحت پہ لاکھوں سلام


نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی صاحبزادی، خاتونِ جنت، حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا پر ہمارے دل و جان قربان، آپ رضی اللہ عنہا کو اُمّتِ مسلمہ کا بے حد دردتھا، پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی دُکھیاری اُمت کے لئے بعض اوقات ساری ساری رات دعائیں مانگتی رہتیں، اپنی سہولت و آسائش کے لئے ربِّ کائنات کی بارگاہ میں کبھی التجا نہ کرتیں، آپ رضی اللہ عنہا سارا دن گھر کا کام کاج کرتیں اور جب رات آتی تو عبادتِ الہی کے لئے کھڑی ہوجاتیں۔


امیرالمؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ سیّدنا فاطمہ رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں کہ سیدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کھانا پکانے کی حالت میں بھی قران پاک کی تلاوت جاری رکھتیں۔


اگر ہم اپنے معاشرے میں نظر دوڑائیں تو کئیں نادان مصروفیت کے دوران کانوں میں ہینڈ فری لگا کر بڑے انہما ک سے گانے سنتے ہوئے اپنے کاموں میں مگن رہتے ہیں، گویا گانے باجوں کے بغیر ان کے کام ہی نہیں ہوتے، اے کاش! ہمارا کوئی لمحہ فضول کاموں میں بسر نہ ہو اور ہر دم ہمارے لبوں پر ذکر و درود اور نعتِ رسول جاری رہے۔


حضرت سیّدتنا فاطمۃ الزہرا کی رخصتی کے بعد حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ اور خاتونِ جنت رضی اللہ عنہا دونوں نے اپنے بستر کو چھوڑ دیا اور اللہ پاک کی عبادت میں مصروف ہو گئے، رات قیام میں، تو دن روزے کی حالت میں بسر ہوتے رہے، حتی کہ تین دن اسی طرح گزر گئے، چوتھے روز جبرائیل امین آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان دونوں کے متعلق سارا واقعہ بیان کیا اور فرمایا کہ اللہ پاک تمہاری وجہ سے ملائکہ پر فخر فرما رہا ہے، تم دونوں روزِقیامت گناہ گاروں کی شفاعت کرو گے۔(الروض الفائق)


ہمیں بھی ان نیک ہستیوں کی سیرت پر چلتے ہوئے خوب خوب عبادت کرنی چاہئے، علاوہ رمضان المبارک کے فرض روزوں کے نفل روزوں کی بھی عادت بنانی چاہئے، سیدتنا خاتونِ جنت کے ذوقِ تلاوت اور آپ کے شوقِ عبادت میں باالخصوص ہمارے گھر کی اسلامی بہنوں کے لئے بھی ایک پیغام ہے کہ گھر کے کام کاج کے ساتھ ساتھ اللہ پاک کی عبادت کا ذوق و شوق ہونا چاہئے، نیکی کی دعوت عام کرنے کا جذبہ ہونا چاہئے۔


حضرت سیدہ خاتون جنت کی شان و عظمت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ آپ ہمیشہ سادگی اختیار فرماتیں، غریبوں کے ساتھ غمخواری اور ملنساری سے پیش آتی تھیں، آپ رضی اللہ عنہا نے اپنے دروازے پر آنے والے سائل کو خالی ہاتھ نہ لوٹایا۔


اے غلانانِ اہل بیت ! دیکھا آپ نے خاتونِ جنت حضرت سیدتنا فاطمہ رضی اللہ عنہا کا ایثارو سخاوت کا جذبہ ایسا زبردست تھا کہ خود فاقےسے رہتیں اور ایک نو مسلم کی حاجت روائی کے لئے قرض کی خاطر مبارک چادر گِروی رکھوا دی ۔ ایک طرف خاتونِ جنت کا پاکیزہ عمل اور دوسری طرف ہماری حالت کہ اگر ہمارے پاس کوئی حاجت مند آجائے تو اسے دیتے وقت ایسی باتیں سناتے ہیں کہ اس کی دل آزاری ہو یا اس کی ذلت و رسوائی ہو، ہمیں اس سے بچنا چاہئے۔


ایک اور نمایاں پہلو جس کی وجہ سے آپ رضی اللہ عنہا کی سیرت کو نمایاں مقام حاصل ہے اور وہ ہے پردہ ، حضرت سیدنا علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہانے موت کے وقت وصیت فرمائی کہ جب میں دنیا سے رخصت ہو جاؤں تو رات میں دفن کرنا تاکہ کسی غیر مرد کی نظر میرے جنازے پر نہ پڑے ۔ ( مدارج النبوۃ مترجم جلد 2) ۔ (مزید حصّہ سوم میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔