Wednesday, 9 August 2017

وہ کمال حسن حضور ہے کہ گمان نقص جہاں نہیں

وہ کمال حسن حضور ہے کہ گمان نقص جہاں نہیں

حضورسرورکائنات، فخر موجودات ،خاتم پیغمبراں، نبی آخرالزماں، جناب محمد رسول اللہ ﷺ کو اللہ رب العزت نے جس طرح کمال سیرت میں سب سے منفرد ویکتا بنایا اسی طرح حسن صورت میں بھی آپ کو بے مثل بے مثال پیدا فرمایا۔آپ ظاہری و باطنی حسن و جمال کے اس مرتبہ کمال پر فائز ہیں جہاں سے ہر حسین کو آپ سے حسن کی خیرات مل رہی ہے۔ آپ کے حسن بے مثال کو دیکھ کر زبان کو عالم حیرت میں یہ کہنا پڑا : لم ار قبلہ ولا بعدہ مثلہ “ (مشکوة)آپ جیسا حسین و جمیل نہ آپ سے پہلے کوئی دیکھا گیا اور نہ آپ کے بعد ۔
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ انسان کی ظاہری صورت اس کی باطنی سیرت کا عکاس ہوتی ہے ،اس لیے کہ ایک انسان جب کسی اجنبی سے ملاقات کرتاہے تو نظر پہلے اس کی صورت پہ پڑتی ہے اس کے بعد اس کی سیرت کو جاننے کا شوق پیدا ہوتاہے ،اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آپ کو حسن لا زوال کا پیکر بنا کر مبعوث فرمایا ۔جن مقدس نگاہوں نے جمال مصطفیٰ کا نظارہ کیا انھوں نے آپ کے جمال بے مثال کی جو مصوری کی ہے اس کو پڑھ کر ہر صاحب ایمان کے دل میں آپ کی زیارت کی امنگیں پیدا ہونے لگتی ہیں۔ صحابیت جو ہر امتی کے لیے سب سے بڑاسرمایہ افتخار ہے، اس کا تعلق بھی آپ کے ظاہری جمال سے ہے،ایمان اگر رخ مصطفی کا مشاہدہ کر لے تو اس کے سر پرصحابیت کا تاج جگمگانے لگے اور اس کی ایک نیکی اوروں کی لاکھوں نیکیوں پر بھاری پڑ جائے۔
صحابہ کرام رضون اللہ علیہم اجمعین جنہوں نے حضور ﷺ کے جمال جہاں آرا کا مشاہدہ اپنی چشم سر سے کیا ہے ،انہوں نے آپ کے حلیہ مبارکہ کی مختلف تشبیہات اور استعارات کے ذریعہ بیان کرنے کی کوششیں کی ہیں ۔یہ سچ ہے کہ وہ تشبیہات ذات مصطفی کی کماحقہ تمثیل پیش کرنے سے قاصر ہیں مگر ان کو پڑھ کر بے چین دل کو سکون وقرار ضرور مل جاتا ہے، اس لیے آنے والی سطروں میں مختصر طور پر حضورﷺ کے حسن و جمال کی جھلک پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملاحظہ فرمائیں!
حدیث و سیرکی متعدد کتابوں میں یہ واقعہ مذکور ہے کہ حضرت حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا جب بچے کی تلاش میں مکہ مکرمہ پہنچیں اور حضور ﷺ کے گھر آئیں اس وقت آپ کی والدہ حضرت آمنہ رضی اللہ تعالی عنہا گھر میں موجودتھیں،حضرت حلیمہ نے ان سے بچے کے بارے میں دریافت کیا تووہ آپ کولے کر جناب محمد رسول اللہ ﷺ کے پاس آئیں ،اس وقت آپ ایک چادر میں لپٹے ہوئے محو خواب تھے ۔ آگے کا واقعہ وہ خود بیان فرماتی ہیں:
”میں نے محمد ﷺ کو ان کے حسن وجمال کی وجہ سے جگانا مناسب نہیں سمجھا، البتہ ان کے قریب گئی اور (پیار سے ) ان کے سینہ اطہر پر اپنا ہاتھ رکھا ،اتنے میں آپ بیدار ہو گئے اور مسکرا کر ہنس پڑے اور آنکھیں کھول کر میری طرف دیکھنے لگے۔میں دیکھا آپ کی مبارک آنکھوں سے ایک نور نکلا اور آسمان کی وسعتوں میں سما گیا۔( انوار محمدیہ)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
حضرت ابو طالب جنہوں نے حضرت عبد المطلب رضی اللہ عنہ کے بعد حضور ﷺ کفالت فرمائی وہ فرماتے ہیں :
”محمد (ﷺ) کا جسم اطہر نہایت ہی نرم و نازک اور اس طرح خوشبودار تھا جیسے کستوری میں ڈوبا ہوا ہو۔(حسن سراپائے رسول ﷺٰ)
حضرت انس رضی اللہ عنہ جو حضورﷺ کے خادم خاص تھے اور تقریبا دس سال تک آپ کی خدمت کا شرف حاصل کیا وہ فرماتے ہیں:
”میں نے کسی ایسے ریشم یا دیباج کو مس نہیں کیا جو نبی کریم ﷺ کی مبارک ہتھیلی سے زیادہ ملائم ہو“(بخاری شریف)
یعنی حضورﷺ کا نوری بدن ریشم اور دیباج جیسے نرم کپڑوں سے بھی زیادہ ملائم اور نازک تھا۔
ایک بار حضور اقدس ﷺ سرخ جامہ زیب تن کئے ہوئے بستر استراحت پر تشریف فرما تھے، آنکھیں محو خواب تھیں اور دل بیدار،اتنے میں حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ آ پہنچے ،چودھویں کی رات تھی، او پر چاند پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہاتھا اور سامنے رسول پاک ﷺ کا مبارک چہرہ اپنی نوری کرنیں بکھیر رہاتھا،حضرت جابر کبھی چمکتے چاند کو دیکھتے اور کبھی جمال مصطفی کا مشاہدہ فرماتے اور یہ جاننے کی کوشش کرتے کہ چاند زیادہ روشن ہے یا آقا ئے کریم ﷺ کارخ زیبا۔حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں ایک نظر آپ کی طرف دیکھتا اور دوسری نظر چاند کی طرف ۔یقین جانئے ! آپ ﷺ کا مجھے چاند سے زیادہ حسین لگ رہے تھے۔( نور سرمدی)
ایک چاند ہی کیا، حضورﷺ کا چہرہ انور ساری کائنات سے زیادہ حسین و جمیل تھا، اس لئے کہ کائنات کی ہر چیز کو آپ کے حسن کا صدقہ ملا ہے ۔آپ ﷺ خود ہی فرماتے ہیں :”اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے میرے نور کو پیدا فرمایااور اس نور سے ساری کائنات کو بنایا اور میں اللہ کا نور ہوں “۔ (انوار محمدیہ)
گویا کائنات کے ذرے ذرے میں حضور ﷺ کے نور کی تابانیاں بکھری ہوئی ہیں۔

یہ جو مہر میں ہے حرارتیں ،وہ ترا ظہور جلال ہے
یہ جو کہکشاں میں ہے روشنی ، وہ ترا غبار جمال ہے

حضرت یوسف علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ حسن و جمال عطا فرمایا تھا ۔آپ کے حسن زیباکے آگے مصر کے سارے زہرہ جبینوں نے اپنے جبین نیاز خم کر دئے تھے، حضرت زلیخا علیہا السلا م کی سہیلیوں نے آپ کے چہرہ مبارکہ کو دیکھ کر اپنی انگلیاں کاٹ لی تھیں مگر انھیں انگلیوں کے کٹنے کا احساس تک ہواتھا ۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو جب یہ واقعہ بتایا گیا تو آپ نے فرمایا:”حضرت زلیخا علیہا السلام کی سہیلیاں اگر رسول پاک ﷺکی موہنی صورت کی ایک جھلک دیکھ لیتیںتو اپنی انگلیوں کوکا ٹنے کے بجاے اپنے دلوں کو کاٹ لیتیں۔“ ( المدیح النبوی)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)
ہو سکتا ہے کسی کے دل میں خیال پیدا ہو کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا حضور ﷺ کی رفیقہ حیات تھیں شائد اسی لیے انھوں آپ کی ایسی تعریف فرمائی، اس لیے اس شبہہ کو دور کرنا ضروری ہے ۔
حضرت ام معبد جنہوں نے کبھی رسول اکرم ﷺ کو نہیں دیکھا تھا اور نہ آپ کے بارے میں پہلے سے کچھ جانتی تھیں ،جب انھوں نے مکہ شریف سے ہجرت کے وقت رسول کریم ﷺ جمال جہاں آرا کا مشاہدہ کیا تو اپنے شوہر کے سامنے آپ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ان الفاظ میں آپ کے وجود مسعود کا نقشہ کھینچا :
”میں نے ایک ایسا مرد دیکھا جس کا حسن نمایا تھا،جس کی ساخت بڑی خوب صورت اور چہرہ ملیح تھا، نہ رنگت کی زیادہ سفیدی اس کو معیوب بنا رہی تھی اور نہ گردن اور سر کا پتلا ہونا اس میں نقص پیدا کر رہا تھا۔بڑا حسین ،بہت خوبرو،آنکھیں سیاہ اور بڑی تھیں ،پلکیں لمبی تھیں ،اس کی آواز گونج دار تھی،سیاہ چشم، سرمگیں ،دونوں ابرو باریک ملے ہوئے ۔گردن چمکدارتھی،ریش مبارک گھنی تھی،جب وہ خاموش ہوتے تو پر وقار ہوتے، جب گفتگو فرماتے تو چہرہ پر نور اور بارونق ہوتا۔شیریں گفتار،گفتگوواضح ہوتی، نہ بے فائدہ ہوتی نہ بے ہودہ ،گفتگو گویا موتیوں کی لڑی ہے جس سے موتی جھڑ رہے ہوتے،دور سے دیکھنے پر سب سے زیادہ با رعب اور جمیل نظر آتے اور قریب سے سب سے شیریں اور حسین دکھائی دیتے۔۔۔( الحدیث) ( ضیاءالنبی)
ام معبد نے رسول پاک ﷺ کے حسن کا جو نقشہ کھینچا ہے اس کو تصور میں لائیے اور اپنے دل سے پوچھئیے کہ بھلا کائنات میں ان اوصاف اور خوبیوں کا حامل ذات مصطفٰی ﷺ کے علاوہ کوئی اور ہے؟ توآپ کا ایمان وہی کہے گا جو حضرت حسان رضی اللہ عنہ کے ایمان نے فرمایا تھا:
”یا رسول اللہ ﷺ! آپ جیسا حسین صورت میری آنکھوں نے آج تک نہیں دیکھا اور نہ ہی آپ سا جمال صورت بچہ کا ئنات کی کسی عورت نے جنا،اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہر (جسمانی و روحانی) عیب سے پاک وصاف بنا کر پیدا فرمایا ، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسا آپ چاہ رہے تھے اللہ نے آپ کو ویسا ہی بنایا۔“
امام محمد مہدی الفاسی نے شیخ ابو محمد عبد الجلیل القصری کا قول نقل کیا ہے وہ فرماتے ہیں : حضرت یوسف علیہ السلام اور دیگر حسینان عالم کا حسن و جمال حضور ﷺ کے حسن و جمال کے مقابلے میں محض ایک جز کی حیثیت رکھتا ہے کیوں کہ اللہ تعالی نے اپنے حبیب محمد مصطفیٰ ﷺ کے حسن کو ہیبت ووقار کے پردوں سے نہ چھپایا ہوتا اور کفار و مشرکین کو آپ ﷺ کے دیدار سے اندھا نہ کیا ہوتا تو کوئی شخص آپ کی طرف ان دنیاوی اور کمزور آنکھوں سے نہ دیکھ سکتا۔( حسن سراپائے رسول ﷺ) ۔ سچ تو یہ ہے کہ حضور ﷺ کے حسن کا کما حقہ کوئی بھی ادراک ہی نہیں کر سکتا اس لیے کہ ذات مصطفی ﷺ کاادراک انسان کی عقل ناقص کے بس کا کام نہیں ہے ۔

وہ کمال حسن حضور ہے کہ گمان نقص جہاں نہیں
یہی پھول خار سے دور ہے یہی شمع ہے کہ دھواں نہیں
امام احمدرضا خاں فاضل بریلوی علیہ الرحمہ ۔ (دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...