Thursday, 10 May 2018

مسلہ تین طلاق اور غیر مقلد وہابیوں کا رد

مسلہ تین طلاق اور غیر مقلد وہابیوں کا رد

محترم قارئین : بہت سے احباب مسلہ تین طلاق کے بارے میں سوال کافی عرصہ سے کر رہے تھے کہ غیر مقلدین وہابی حضرات ایک سانس میں دی گئی تین طلاق کو ایک مانتے ہیں اور کہتے ہیں کہ طلاق نہیں ہوئی اس کے متعلق رہنمائی فرمائیں فقیر ڈاکٹر فیض احمد چشتی بہت عرصہ پہلے اس موضوع پر لکھا چکا ہے مگر احباب کے مسلسل اسرار پر اس مسلہ کو دوبارہ نئی ترتیب کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے اہل علم کہیں غلطی پائیں تو اس ناکارہ کو آگاہ ضرور فرمائیں تاکہ اصلاح کی جا سکے شکریہ ۔

اپنی بیوی کو طلاق دینے کا سنت طریقہ یہ ہے کہ ہر طہر میں( یعنی جب عورت مخصوص ایام سے فارغ ہوجائے ) تو اس وقت ایک طہر میں ایک طلاق دے جبکہ تین طلاق اکٹھے دینا سنت کے مخالف ہے ، لہذا شوہر گناہ کا مرتکب ہوا اور اس پراس کو توبہ کرنا واجب ہے ۔
اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ مذہب حنفی، شافعی، مالکی اور حنبلی چاروں ائمہ کے نزدیک ایک مجلس میں تین طلاق دینے سے تین طلاقیں ہی واقع ہوتی ہیں، چاہے ایک جملہ میں تین طلاق کا لفظ کہا مثلاً میں اپنی بیوی کو تین طلاق دیتا ہوں یا الگ الگ جملوں میں کہا مثلاً میں نے اپنی بیوی کو طلاق دی، طلاق دی، طلاق دی، یا ایک مجلس یا دن میں تین طلاق دی بہر صورت تمام طلاقیں واقع ہوجائیں گی۔
جیساکہ ناصر السنہ محی الدین العلامہ ابو زکریا یحی بن شرف النووی نے شرح النووی میں فرمایا : قال لامرأتہ انت طالق ثلاثاً فقال الشافعی ومالک وابو حنیفۃ واحمد وجماھیر العلماء من السلف والخلف یقع ثلاثاً‘‘۔
جس شخص نے اپنی بیوی کو کہا تجھے تین طلاقیں ہیں تو اس کے متعلق امام شافعی، امام مالک، امام اعظم ابو حنیفہ، امام احمد اور جمہور علماء سلف وخلف نے تین طلاق کے واقع ہونے کا فتوی صادر فرمایا۔[ شرح النووی علی المسلم، کتاب الطلاق، باب طلاق الثلاث: 1/478، مطبوعہ: قدیمی کتب خانہ،کراچی،چشتی)
محقق علی الاطلاق علامہ کمال الدین ابن ہمام نے فرمایا: ذھب جمھورالصحابۃ والتابعین ومن بعدھم من ائمۃ المسلمین الی ان یقع ثلاثاً‘‘۔
ترجمہ: جمہور صحابہ، تابعین اور ان کے بعد والے مسلمانوں کے ائمہ کرام کا مسلک ہے کہ ایک لفظ سے تین طلاقیں دینے سے تین طلاقیں واقع ہوں گی۔[فتح القدیر، کتاب الطلاق، باب طلاق السنۃ: 3/469، مطبوعہ: دارالفکر، بیروت، لبنان]۔
عمد ۃالقاری شرح صحیح بخاری میں ہے ’’ مذہب جماھیر العلماء من التابعین ومن بعد ھم منھم الاوزاعی والنخعی والثوری ابو حنیفہ واصحابہ ومالک واصحابہ والشافعی واصحابہ واحمد واصحابہ واسحاق وابو ثوروابو عبید وآخرون کثیرون علی ان من طلق امراتہ ثلاثا وقعن ولکنہ یاثم وقالوا من خالف فیہ فھو شاذمخالف لاھل السنۃ وانما تعلق بہ اھل البدع ‘‘
ترجمہ:’’ جمہور علماء کرام تابعین میں سے اور جو ان کے بعد والے ہیں ان میں امام اوزاعی اور علامہ نخعی اور علامہ ثوری اور امام ابو حنیفہ اور اس کے اصحاب اور امام مالک اور اس کے اصحاب اور امام شافعی اور اس کے اصحاب اور امام احمد اور ان کے اصحاب اور علامہ اسحاق اور علامہ ابو ثور اور علامہ ابو عبید اور بہت سے متاخرین کا مذہب یہ ہے کہ جس نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دیں تو واقع ہو جائیں گی لیکن اس سے گناہ گار ہو گا اور علماء نے فرمایا جو اس کے خلاف مذہب رکھتا ہو شاذاور اہل سنت کا مخالف ہے اور اس کا تعلق اہل بدعت سے ہے ‘‘۔[ عمدۃ القاری شرح صحیح بخاری، کتاب الطلاق، باب من اجاز طلاق الثلاث: 20/233، دار احیاء التراث العربی، بیروت،چشتی)
’’اذاقال لامرأتہ’’ انت طالق وطالق وطالق‘‘ ولم یعلقہ بالشرط، ان کانت مدخولۃ طلقت ثلثا‘‘
ترجمہ:’’جب مرد نے اپنی بیوی کو کہا ’’تجھے طلاق ہے اور طلاق ہے اورطلاق ہے‘‘ اور طلاق کو کسی شرط کے ساتھ معلق نہ کیا،اگر بیوی مدخولہ ہے تو اس پر تین طلاق واقع ہوگئیں ‘‘۔[ فتاوی ہندیہ، کتاب الطلاق، الباب الثانی، الفصل الاول: 1/355، مطبوعہ: دار الفکر، بیروت]۔
اسی طرح تقریباً چاروں مذاہب کی فقہی کتب میں یہ بات موجود ہے کہ تین طلاق بیک وقت دینے سے تین ہی ہوتی ہیں، مثلاً فقہ حنفی کی کتب میں رد المحتار، الدر المختار، تبیین الحقائق، النھر الفائق، بدائع الصنائع، فتح القدیر، الجوہرۃ النیرۃ، شرح الوقایۃ، الہدایۃ، البنایۃ، حاشیۃ الطحطاوی وغیرہم میں تین طلاق کو تین ہی شمار کیا اورنافذ کیا ہے ۔
تین طلاقیں تین ہونے پر قرآن پاک سے دلیل:
اللہ تعالی نے قرآن پاک میں اولاً دو طلاق کا ذکر کرکے فرمایا کہ اب بھی خاوندکو رجوع کرنے کا حق حاصل ہے ، اور تیسری طلاق کا ذکر کرنے کے بعد فرمایا کہ اب ان کے درمیان حرمت مغلظہ قائم ہوچکی ہے لہذا بغیر حلالہ شرعیہ کے واپسی ناممکن ہے ۔
سورہ البقرہ میں اللہ تعالی فرماتا ہے ’’الطَّلاَقُ مَرَّتَانِ فَإِمْسَاکٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِیْحٌ بِإِحْسَانٍ‘‘[البقرۃ :آیت ۲۲۹] ۔
ترجمہ کنز الایمان :’’یہ طلاق دو بارتک ہی ہے پھر بھلائی کے ساتھ روک لینا ہے یا نکوئی کے ساتھ چھوڑ دینا ہے‘‘۔ پھر اسکے بعد مزید فرمایا:
’’فَإِن طَلَّقَہَا فَلاَ تَحِلُّ لَہُ مِن بَعْدُ حَتَّیَ تَنکِحَ زَوْجاً غَیْرَہُ‘‘
ترجمہ کنز الایمان:’’ پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہو گی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے ۔ ‘‘۔[البقرۃ ،آیت:۲۳۰]۔
ان آیات مبارکہ میں اللہ تعالی نے مطلقاً تین طلاق کا حکم بیان فرمایا اور اسکو ایک مجلس یا متعدد مجلس کے ساتھ مقید نہیں کیا یعنی تین طلاقیں ایک مجلس میں دے یا ایک ایک سال کے وقفے سے دے بہرصورت تینوں طلاقیں واقع ہو جائیں گی۔
جیسا کہ غیر مقلد اہلحدیث کے امام ابن حزم ظاہری نے اپنی کتاب میں لکھا: فھذا یقع علی الثلاث مجموعۃ ومفرقۃ، ولا یجوز ان یخص بھذہ الآیۃ بعض ذلک دون بعض بغیر نص ۔ ترجمہ: یہ آیت دلالت کرتی ہے کہ تین طلاق اکٹھی دی جائیں یا الگ الگ بہر حال طلاقیں واقع ہو جائیں گی، اور اس آیت کو بغیر دلیل کے بعض صورتوں کے ساتھ خاص کرنا جائز نہیں ہے ۔[ المحلی بالآثار: 3/394، مطبوعہ: دار الفکر بیروت، لبنان]۔

تین طلاق تین ہونے پراحادیث سے دلائل

امام نسائی نے محمود بن لبید سے روایت کیا:عن محمود بن لبید قال اخبر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم عن رجل طلق امراتہ ثلث تطلیقات جمیعا فقام غضبان ثم قال ایلعب بکتاب اللہ عزوجل وانا بین اظہر کم حتی قام رجل فقال یا رسول اللہ الااقتلہ‘‘
ترجمہ:’’ حضرت محمود بن لبید رضی اللہ عنہ سے روایت کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو ایک شخص کے متعلق خبر دی گئی کہ اس نے اپنی بیوی کو بیک وقت تین طلاقیں دے دی ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم غضب ناک حالت میں کھڑے ہوگئے اور فرمایا ’میرے سامنے کتاب اللہ کو کھیل بنایا جارہا ہے ؟ حتی کہ ایک شخص نے کھڑے ہو کر عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ،میں اس کو قتل نہ کردوں‘‘۔[ سنن النسائی، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 3401): 6/142، مطبوعہ: مکتب المطبوعات الاسلامیۃ، حلب،چشتی)
اگرتین طلاقوں سے ایک ہی طلاق واقع ہوتی ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے اتنا سخت اظہار ناراضگی کیوں فرمایا؟ یہاں تک کہ ایک صحابی نے اس شخص کے اس جرم کی وجہ سے اسکو قتل کرنے کی اجازت طلب کی۔
امام المحدثین ابو عبد اللہ امام بخاری کے استادِ محترم عظیم محدث امام عبد الرزاق نے اپنی مصنف میں روایت کیا: عَنْ دَاوُدَ بْنِ عُبَادَۃَ بْنِ الصَّامِتِ قَالَ: طَلَّقَ جَدِّی امْرَاَۃً لَہُ اَلْفَ تَطْلِیقَۃٍ، فَانْطَلَقَ اَبِی اِلَی رَسُولِ اللَّہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ، فَذَکَرَ ذَلِکَ لَہُ، فَقَالَ النَّبِیُّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: اما اتَّقَی اللَّہَ جَدَُّک، اَمَّا ثَلَاثٌ فَلَہُ، وَاَمَّا تِسْعُ مِاءَۃٍ وَسَبْعَۃٌ وَتِسْعُونَ فَعُدْوَانٌ وَظُلْمٌ، اِنْ شَاءَ اللَّہُ تَعَالَی عَذَّبَہُ، وَاِنْ شَاءَ غَفَرَ لَہُ‘‘
ترجمہ: داود کہتے ہیں کہ میرے دادا نے اپنی بیوی کو تین طلاق دی تھیں تو میرے والد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور ان کی خدمت میں سارا معاملہ عرض کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا: کیا تیرا دادا اللہ سے نہیں ڈرتا؟ تین طلاق کا ان کو حق تھا ( وہ واقع ہوگئیں) اور نو سو ستانوے طلاق انکی طرف سے ظلم وزیادتی ہے ، اللہ تعالی کی مرضی چاہے تو اسے عذاب دے یاچاہے تو اسے بخش دے ۔[ مصنف عبد الرزاق، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 11339): 6/393، مطبوعہ: المکتب الاسلامی، بیروت،چشتی)
صحاح ستہ کی چھٹی کتاب سنن ابن ماجہ کی حدیث پاک ہے : عَنْ عَامِرٍ الشَّعْبِیِّ:’’قَالَ: قُلْتُ لِفَاطِمَۃَ بِنْتِ قَیْسٍ: حَدِّثِینِی عَنْ طَلَاقِکِ، قَالَتْ: طَلَّقَنِی زَوْجِی ثَلَاثًا، وَھُوَ خَارِجٌ اِلَی الْیَمَنِ، فاَجَازَ ذَلِکَ رَسُولُ اللَّہِ صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ‘‘۔
ترجمہ : حضرت عامر شعبی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: میں نے فاطمہ بنت قیس سے کہا کہ آپ مجھے اپنی طلاق کا واقعہ بیان کیجئے ، انہوں نے جواب دیا مجھے میرے شوہرنے یمن جاتے وقت تین طلاقیں دیں، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے یہ تینوں طلاقیں نافذ فرما دیں۔ [سنن ابن ماجہ ، کتاب الطلاق، باب من طلق ثلاثاً فی مجلس واحد، حدیث نمبر( 2024): 1/652، مطبوعہ:احیاء الکتب العربیۃ، بیروت،چشتی)
حدیث میں یہ بات ظاہر ہے کہ یہ تین طلاقیں ایک مجلس میں دی گئیں تھیں جبھی تو حضرت فاطمہ نے یہ بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے یہ طلاقیں نافذ فرمادیں۔ اگر الگ الگ مجلس میں تین طلاقیں واقع ہوتیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا ان طلاقوں کو نافذ کرنے کا کیا معنی ہے ؟ اسی لئے امام ابن ماجہ نے اس حدیث کیلئے جو باب باندھا وہ من طلق ثلاثاً فی مجلس واحد ہے یعنی جو ایک مجلس میں اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے ۔
امام المحدثین ابو عبد اللہ بخاری اپنی صحیح بخاری میں حضرت عویمر عجلانی کا واقعہ لعان ذکر کرنے کے بعد نقل فرماتے ہیں: فلما فرغا قال عویمر کذبت علیھا یارسول اللہ ان ا مسکتھا فطلقھا ثلاثاً‘‘
ترجمہ : جب دونوں میاں بیوی لعان سے فارغ ہو گئے تو حضرت عویمر نے کہا: یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اگر میں اسکو روکے رکھوں تو یہ میرا اسٍپر جھوٹ ہوگا۔ چنانچہ حضرت عویمر نے (اسی وقت ) تین طلاقیں دے دیں۔[ صحیح بخاری، کتاب الطلاق، باب اللعان، حدیث نمبر5308: 7/53، دار طوق النجاۃ، بیروت]۔
اسی واقعہ کے بارے میں سنن ابی داود میں یہ الفاظ منقول ہیں: فَطَلَّقَھَا ثَلَاثَ تَطْلِیقَاتٍ عِنْدَ رَسُولِ اللَّہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ، فَاَنْفَذَہُ رَسُولُ اللّہِ صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلّم‘‘
ترجمہ : حضرت عویمر عجلانی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے روبرو تین طلاقیں دیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے تینوں طلاقوں کو نافذ فرما دیا‘‘۔[ سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب اللعان، حدیث نمبر( 2250): 2/274، المکتبۃ العصریۃ، بیروت،چشتی)
امام دار الہجرت عظیم مجتہد ومحدث امام مالک نے حدیث کی عظیم الشان کتاب موطا امام مالک میں مفسر شہیر حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت کیا:’’اَنَّ رَجُلاً قَالَ لِعَبْدِ اللہِ بْنِ عَبَّاسٍ: اِنِّی طَلَّقْتُ امْرَاَتِی مِاءَۃَ تَطْلِیقَۃٍ، فَمَاذَا تَری عَلَیَّ؟ فَقَالَ لَہُ ابْنُ عَبَّاسٍ: طَلُقَتْ مِنْکَ لِثَلاَثٍ، وَسَبْعٌ وَتِسْعُونَ اتَّخَذْتَ آیَاتِ اللہِ ھُزُواً‘‘
ترجمہ : ایک شخص نے حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے کہا کہ میں نے اپنی بیوی کو سو طلاقیں دی ہیں تو آپ کیا فرماتے ہیں؟ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما نے فرمایا : تیری عورت کو تیری طرف سے تین طلاقیں واقع ہو گئیں اور باقی ستانوے کی وجہ سے تونے اللہ تعالی کی آیات کو مذاق بنا لیا۔[ مؤطا امام مالک، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 2021): 4/789، مطبوعہ: مؤسسہ زاید بن سلطان، ابو ظہبی،چشتی)
غیرمقلدین وہابیہ کے مکڑی کے جالے سے بھی کمزور دلائل کا جواب
غیر مقلدین نے جن روایتوں کو اپنے لئے حجت بنایا ہے ان میں سے ایک صحیح مسلم کی روایت ہے اور دوسری مسند احمد بن حنبل کی روایت ہے ۔
غیر مقلدین وہابیہ کی پہلی دلیل:
مسلم والی روایت یہ ہے : ’’عن طاؤس عن ابْنِ عَبَّاسٍ، قَالَ: کَانَ الطَّلَاقُ عَلَی عَھْدِ رَسُولِ اللہِ صَلَّی اللیُ عَلَیہِ وَسَلَّمَ، وَاَبِی بَکْرٍ، وَسَنَتَیْنِ مِنْ خِلَافَۃِ عُمَرَ، طَلَاقُ الثَّلَاثِ وَاحِدَۃً، فَقَالَ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ: اِنَّ النَّاسَ قَدِ اسْتَعْجَلُوا فِی اَمْرٍ قَدْ کَانَتْ لَھُمْ فِیہِ اَنَاۃٌ، فَلَوْ اَمْضَیْنَاہُ عَلَیْھِمْ، فَاَمْضَاہُ عَلَیْھِمْ‘‘
ترجمہ : طاؤس حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالی عنہ کے عہد اور حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کی خلافت کے ابتدائی دو سالوں میں تین طلاق کو ایک شمار کیا جاتاتھا تو حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا: جس کام میں لوگوں کیلئے مہلت تھی اس میں لوگوں نے جلدی کرنا شروع کردی ہے پس اگر ہم تین طلاق نافذ کردیں تو بہتر ہوگا پھر آپ نے تین طلاق کے نافذ ہونے کا حکم دے دیا۔[ صحیح مسلم، کتاب الطلاق، باب الطلاق الثلاث، حدیث نمبر( 1472): 3/1099، مطبوعہ: دار احیاء التراث، بیروت،چشتی)
غیر مقلدین کا مسلم کی حدیث سے استدلال کرنا سات وجوہ سے باطل ہے۔
(1) طاؤس کویہ روایت بیان کرنے میں مغالطہ اور وہم ہوا ہے ۔
امام ماردینی نے صاحب استذکار کے حوالے سے فرمایا: ان ھذہ الروایۃ وھم وغلط لم یعرج علیھا احد من العلماء‘‘
ترجمہ: یہ روایت وہم اور غلط ہے ، علماء میں سے کسی نے اسکو قبول نہیں کیا۔[ الجوہر النقی: 7/337، مطبوعہ: دار الفکر، بیروت، لبنان]۔
(2) سید المحدثین امام بخاری کے نزدیک یہ حدیث صحیح نہیں تھی جبھی آپ نے دانستہ طور پر اس حدیث کو اپنی صحیح میں نقل نہیں فرمایا۔
امام بیہقی نے فرمایا: وھذا الحدیث احد ما اختلف فیہ البخاری ومسلم فاخرجہ مسلم، وترکہ البخاری واظنہ انما ترکہ لمخالفتہ سائر الروایات عن ابن عباس‘‘
ترجمہ : یہ روایت ان میں سے ایک ہے جس میں امام بخاری اور امام مسلم کا باہم اختلاف ہے ، امام مسلم نے اس حدیث کو اپنی کتاب میں درج کیا لیکن امام بخاری(جو کہ امام مسلم کے استاد بھی ہیں اور انکی حیثیت امام مسلم سے بر تر ہے ) نے اس روایت کو اپنی صحیح میں درج نہ کیا کیونکہ یہ روایت تین طلاقوں کے بارے میں حضر ت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کی دیگر تمام روایات کے مخالف ہے ۔[ السنن الکبری، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 14974): 7/551، مطبوعہ: دار الکتب العلمیۃ، بیروت،چشتی)
(3) یہ روایت خود حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کے فتوی کے خلاف ہے ۔
ایسانہیں ہو سکتا کہ حضرت عبد اللہ ابن عباس ایک روایت نقل کریں اور فتوی اسکے خلاف دیں۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کا فتوی مؤطا امام مالک کے حوالے سے گزر چکا۔ کوئی صحابی جان بوجھ کر حدیث کی مخالفت ہرگز نہیں کرسکتا اسی لئے اہل سنت کے نزدیک تمام صحابہ عادل ہیں۔ اگر مسلم کی اس حدیث کو درست مانا جائے تو حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما کی عدالت پر حرف آتا ہے اور یہ بات اہل سنت کو ہرگز گوارانہیں۔ شیعوں کی طرح غیر مقلدین حضرات کے نزدیک شاید تمام صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم عادل نہیں ہیں اس لئے ان کے نزدیک صحابہ کرام حضور کی صریح حدیث کے برخلاف فتوے دے سکتے ہیں۔
(4) اس روایت میں خلیفہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ پر شدید تبراء ہے ۔
اس روایت میں یہ ذکر کیا گیا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور حضرت ابوبکر صدیق کے طریقے کو چھوڑ کر اپنی طرف سے حکم شریعت میں تبدیلی کردی۔شیعوں اور غیر مقلدین میں کیا فرق رہ گیا ؟ وہ بھی شیخین کریمین رضی اللہ تعالی عنہما پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے خلافت کے حق کو غصب کرکے حکم شریعت میں تبدیلی کردی۔ غیر مقلدین بھی اس حدیث سے استدلال کرکے حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ پر تبراء کے مرتکب ہوتے ہیں ۔
(5) اس روایت کو درست ماننے سے تمام صحابہ کی عدالت پر حرف آتا ہے ۔
اس روایت کو اگر درست مانا جائے تو اس سے یہ لازم آئیگا حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے بر خلاف ایک حکم شریعت میں اپنی طرف سے تبدیلی واقع کردی اور تمام صحابہ کرام نے اس فعل میں حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کا ساتھ دیا اور کسی ایک نے بھی صدائے احتجاج بلند نہیں کی تو جو افراد حکم شریعت کی مخالفت جان بوجھ کریں اور اسکی تائید وحمایت کریں تو ان کو عادل کیسے کہا جا سکتا ہے ۔لہذا فرض ہے کہ تمام صحابہ میں نقص ماننے کے بجائے ایسی روایت کو ہی باطل قرار دیا جائے ۔
(6) طاؤس کی روایت شاذ ہے ۔ یہ روایت شاذ بھی ہے ، جیسا کہ ابن حجر عسقلانی نے فتح الباری میں لکھا: معارضتہ بفتوی ابن عباس بوقوع الثلاث، فلا یظن بابن عباس انہ کان عندہ ھذاالحکم عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم ثم یفتی بخلافہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انہ مذھب شاذ‘‘
ترجمہ : طاؤس کی روایت حضرت ابن عباس کے تین طلاق کے وقوع والے فتوے کے خلاف ہے ، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے یہ متصور نہیں کہ وہ کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے ایک چیز روایت کریں اور فتوی اس کے خلاف دیں، اور یہ روایت شاذ بھی ہے ۔[ فتح الباری، کتاب الطلاق: 9/363، مطبوعہ : دارالمعرفہ، بیروت، لبنان،چشتی)
(7) طاؤس کو اس روایت میں غیر مدخولہ کی طلاق کے ساتھ مغالطہ لگا ہے ۔
تین طلاق کا ایک ہونا غیر مدخولہ عورت کا حکم ہے طاؤس نے یہ حکم مدخولہ عورت کا بھی سمجھ لیا۔ جیسا کہ ابن ابی شیبہ کی روایت اس پر دلالت کرتی ہے :’’ عَنْ لَیْثٍ، عَنْ طَاوُسٍ وَعَطَاءٍ، اَنھُمَا قَالَا: اِذَا طَلَّقَ الرَّجُلُ امْرَاَتَہُ ثَلَاثًا، قَبْلَ اَنْ یَدْخُلَ بِھَا فَھِیَ وَاحِدۃٌ‘‘
ترجمہ: لیث روایت کرتے ہیں کہ طاؤس اور عطاء کہتے تھے کہ جب مرد نے اپنی بیوی کو تین طلاق دی دخول کرنے سے قبل تو اسے ایک طلاق واقع ہوگی۔ [ مصنف ابن ابی شیبہ، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 17878): 4/69، مطبوعہ: م?تبۃ الرشد، ریاض،چشتی)
مسلم شریف کی حدیث کا صحیح معنی ومحمل : بالفرض اگر طاؤس کی روایت درست ہو تو اس کا صحیح محمل وہی ہو سکتا ہے جو کمال ابن ہمام نے فرمایا: فتاویلہ ان قول الرجل انت طالق انت طالق انت طالق اان واحدۃ فی الزمن الاول لقصد ہم التاکید فی ذلک الزمان، ثم صاروا یقصدون التجدید فالزمھم عمر رضی اللہ عنہ‘‘۔
ترجمہ : اس طاؤس کی روایت کی تاویل یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے زمانے میں انت طالق انت طالق انت طالق میں لوگ دوسرے اور تیسرے الفاظ طلاق سے( نئی طلاق کے بجائے پچھلی طلاق کی) تاکید مراد لیتے تھے ، پھر وہ دوسرے اور تیسرے الفاظ طلاق سے (تاکید کے بجائے ) نئی طلاق مراد لینے لگے تو حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے تین طلاق کے نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔ [ فتح القدیر، کتاب الطلاق، باب طلاق السنۃ: 3/471، مطبوعہ: دارالفکر، بیروت، لبنان،چشتی)
غیر مقلدین کا اس حدیث سے استدلال کرنا سوال چنا اور جواب جو کے قبیل سے ہے اس حدیث میں تو اس بات کا ذکر ہے کہ جب دوسری اور تیسری طلاق سے تاکید مراد لینے کا رواج ہو تو نئی طلاق واقع نہیں ہوگی اور جب دوسری اور تیسری طلاق سے نئی طلاق لینے کا رواج ہو تو ان الفاظوں سے بھی مزید طلاقیں واقع ہو جائیں گی۔ غور کیجئے کیا غیر مقلد مولوی سے پوچھے گئے سوال میں کہیں اس بات کی صراحت یا اشارہ موجود ہے کہ سائل نے دوسری یا تیسری مرتبہ طلاق کا لفظ تاکید کیلئے بولا ہو یا ہمارے عرف میں دوسری یا تیسری مرتبہ طلاق کا لفظ تاکید کیلئے کہا جاتا ہو؟ ہرگز نہیں! یہاں تو اس بات کی صراحت ہوتی ہے کہ سائل نے نئی طلاق کے قصد سے ہی دوسری اور تیسری مرتبہ طلاق کا لفظ کہا ہے اور رواج میں بھی دوسری اور تیسری مرتبہ طلاق کے الفاظ سے تاکید کے بجائے نئی طلاقیں مراد ہوتی ہیں ۔ اور ہر ایک تین مرتبہ کہے الفاظوں سے تین مرتبہ طلاق دینا ہی سمجھتا ہے ۔ ان تمام باتوں کے برخلاف تین طلاقوں کو ایک ماننا اور دلیل میں اس حدیث کو پیش کرنا اس کام کو بے وقوفی، جہالت، ہٹ دھرمی، گمراہی کے علاوہ کیا نام دیا جا سکتا ہے ؟
غیر مقلدین وہابیہ کی دوسری دلیل : نام نہادغیر مقلدین وہابی حضرات اپنے مؤقف کی تائید میں حدیث رکانہ بھی پیش کرتے ہیں اور اس دلیل کو اپنے زعم میں سب سے مضبوط سمجھتے ہیں۔ وہ روایت یہ ہے : عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: طَلَّقَ رُکَانَۃُ امْرَاَتَہُ ثَلَاثًا فِی مَجْلِسٍ وَاحِدٍ، فَحَزِنَ عَلَیْھَا حُزْنًا شَدِیدًا، فَسَاَلَہُ رَسُولُ اللَّہِ صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: کَیْفَ طَلَّقْتَھَا؟ قَالَ: طَلَّقْتُھَا ثَلَاثًا، قَالَ: فَقَالَ: فِی مَجْلِسٍ وَاحِدٍ؟ قَالَ: نَعَمْ، قَالَ: فَاِنَّمَا تِلْکَ وَاحِدَۃٌ فَاَرْجِعْھَا اِنْ شِْتَ‘‘ ۔ ترجمہ : رکانہ نے اپنی بیوی کو ایک مجلس میں تین طلاق دی تو وہ سخت پریشان ہوئے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے پوچھا کہ تو نے کیسے طلاق دی تھی ، کہا تین ، آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : ایک مجلس میں؟ اس نے کہا ہاں، تو آ پ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا: ایک طلاق ہوئی ہے پس اگر چاہے تو رجوع کرلے ۔[ مسند احمد، مسند ابن عباس، حدیث نمبر( 2387): 4/215، مطبوعہ: مؤسسۃ الرسالۃ، بیروت،چشتی)
غیر مقلدین حضرات کا حدیث رکانہ سے استدلال چھ وجوہ سے باطل ہے ۔
(1) یہ حدیث ضعیف ہے اور ضعیف حدیث قابل استدلال نہیں ہے ۔
اس حدیث کے متعلق امام ابن جوزی فرماتے ہیں: ھذا حدیث لا یصح، ابن اسحاق مجروح وداود اشد منہ ضعفاً، قال ابن حبان: فیجب مجانبۃ روایتہ والظاھر انہ من غلط الرواۃ‘‘
ترجمہ: یہ حدیث صحیح نہیں ہے ، ابن اسحاق مجروح ہے اور داود سخت ترین ضعیف ہے ، اور ابن حبان فرماتے ہیں: کہ ان کی روایات سے بچنا ضروری ہے ، اور ظاہر ہے کہ یہ روایت راویوں کی غلطی ہے ۔[ العلل المتناہیہ فی الاحادیث الواہیہ، کتاب النکاح، حدیث نمبر1059: 2/151، ادارۃ العلوم الاثریۃ، پاکستان،چشتی)
(2) یہ حدیث منکر ہے ۔
حدیث رکانہ ضعیف ہونے کے ساتھ منکربھی ہے جیساکہ کمال الدین ابن ہمام نے اس حدیث کو منکر قرار دیا ہے ۔ فتح القدیر میں فرماتے ہیں: حدیث رکانۃ فمنکر‘‘۔
ترجمہ: رکانہ کی حدیث منکرہے ۔[ فتح القدیر، کتاب الطلاق، باب طلاق السنۃ: 3/471، مطبوعہ: دارالفکر، بیروت، لبنان،چشتی)
(3)حدیث رکانہ معلل اور مضطرب ہے ۔
امام المحدثین امام بخاری نے اس حدیث کو مضطرب اور معلل قرار دیتے ہوئے اس حدیث کو اپنی صحیح بخاری میں نقل نہیں فرمایا،اگر یہ حدیث صحت کے درجے کو پہنچتی تو وہ لازماً اس کو درج فرماتے ، جیساکہ امام ابن حجرعسقلانی نے فرمایا: واعلہ البخاری بالاضطراب، وعن ابن عباس رواہ احمد والحاکم وھو معلول ایضاً‘‘
ترجمہ: امام بخاری نے حدیث رکانہ کو اضطراب کی وجہ سے معلل قرار دیا اور حضرت عبد اللہ ابن عباس سے روایت جسکو امام احمد اور امام حاکم نے روایت کیا وہ بھی معلول ہے ۔[ التلخیص الحبیر، کتاب الطلاق، حدیث نمبر( 1603): 3/458، مطبوعہ: دار الکتب العلمیۃ، بیروت،چشتی)
(4) حدیث رکانہ مسند احمدکے بجائے جو صحاح ستہ کی کتب حدیث میں درج ہے وہی صحیح ہے اور اسمیں تین طلاق کے بجائے ایک طلاق کا ذکر ہے ۔
غیر مقلدین وہابیہ مذکورہ حدیث رکانہ جو مسند احمد میں ضعیف سند سے روایت کی گئی ہے اس سے تو استدلال کرتے ہیں لیکن اس کے مقابل وہی حدیث رکانہ جو سند کے اعتبار سے صحیح ہے اور اسے صحاح ستہ کے تین عظیم محدثین یعنی امام ابو عیسی ترمذی نے جامع الترمذی میں حدیث نمبر (1177)، امام ابو داود نے سنن ابی داود میں (2206) اور امام ابن ماجہ نے سنن ابن ماجہ میں (2051 )نقل فرمایا اسکو ترک کردیتے ہیں۔ منکر اور ضعیف حدیث سے استدلال اپنے زعم فاسد کیلئے کیا جا رہا ہے اور صحیح حدیث کو ترک کیا جارہا، کیا دیانت اسی چیزکا نام ہے ؟ کیا اسی بوتے پر اپنا نام اہل حدیث رکھا ہے ؟
امام ابو داود نے فرمایا: قال ابو داود: وھذا اصح من حدیث ابن جریج ان رکانۃ طلق امراتہ ثلاثاً ۔ ترجمہ : امام ابو داود نے فرمایا: یہ حدیث ابن جریج کی حدیث سے زیادہ صحیح ہے کہ جس میں یہ ذکر ہے کہ رکانہ نے اپنی بیوی کو تین طلاق دی۔[سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2208): 2/263، مطبوعہ: المکتبۃ العصریۃ، بیروت،چشتی)
ایک طلاق والی صحیح حدیث مبارکہ کی امام ابو داود نے دو سندیں بیان کی (۱) نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ۔ (۲) یزید بن رکانہ، دونوں حدیثیں درج ذیل ہیں : حدثنا ابن السرح، وابراھیم بن خالد الکلبی ابو ثور، فی آخرین قالوا: حدثنا محمد بن ادریس الشافعی، حدثنی عمی محمد بن علی بن شافع، عن عبد اللہ بن علی بن السائب، عن نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانۃ: اَنَّ رکَانَۃَ بْنَ عَبْدِ یَزِیدَ طَلَّقَ امْرَاَتَہُ سُھَیْمَۃَ الْبَتَّۃَ، فَاَخْبَرَ النَّبِیَّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ بِذَلِکَ، وَقَالَ: وَاللّہِ مَا اَرَدْتُ اِلَّا وَاحِدَۃً، فَقَالَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: وَاللَّہِ مَا اَرَدْتَ اِلَّا وَاحِدَۃً؟، فَقَالَ رُکَانَۃُ: وَاللَّہِ مَا اَرَدْتُ اِلَّا وَاحِدۃً، فَرَدھَا اِلَیْہِ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ، فَطَلَّقَھَا الثَّانِیَۃَ فِی زَمَانِ عُمَرَ، وَالثَّالِثَۃَ فِی زَمَانِ عُثْمَانَ‘‘
ترجمہ: رکانہ بن عبد یزید نے اپنی بیوی سھیمہ کو طلاق البتہ دی، اور اس معاملے کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ میں پیش کیا اور کہا: اللہ کی قسم میں نے طلاق البتہ سے صرف ایک طلاق کا ارادہ کیا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : اللہ کی قسم تونے ایک طلاق کا ارادہ کیا تھا؟ رکانہ نے عرض کی: اللہ کی قسم میں نے ایک طلاق کا ارادہ کیا تھا، تورسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے ( اسکے ارادے کی تصدیق کرتے ہوئے ) انکا نکاح برقرار رکھا، رکانہ نے اپنی بیوی کو دوسری طلاق حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کے زمانے میں دی، اور تیسری طلاق حضرت عثمان رضی اللہ تعالی عنہ کے زمانے میں دی۔[ سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2206): 2/263، مطبوعہ: المکتبۃ العصریۃ، بیروت]۔
امام ابو داود نے اس کی دوسری سند اس طرح بیان کی: حدثنا سلیمان بن داود العتکی، حدثنا جریر بن حازم، عن الزبیر بن سعید، عن عبد اللہ بن علی بن یزید بن رکانۃ، عن ابیہ، عن جدہ: انہ طلق امراتہ البتۃ، فاتی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فقال: ما اردت، قال: واحدۃ، قال: آللہ؟، قال: آللہ، قال: ھو علی ما اردت‘‘۔
ترجمہ: عبد اللہ بن علی بن یزید بن رکانہ اپنے والد یزید بن رکانہ سے اور وہ انکے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں اپنی بیوی کو طلاق البتہ دی تو رسول اللہ کی خدمت میں حاضر ہوکر سارا معاملہ عرض کیا، رسول اللہ نے پوچھا تم نے اس لفظ سے کیا ارادہ کیا؟ عرض کیا ایک طلاق، رسول اللہ نے پوچھا کیا اللہ کے نام کا حلف اٹھا کر کہتے ہو؟ انہوں نے عرض کیا اللہ کی قسم، رسول اللہ نے فرمایا وہی طلاق واقع ہوئی جس کا تم نے ارادہ کیا(یعنی ایک طلاق)۔
(5) مذکورہ بالا البتہ والی حدیث بھی تین طلاق واقع ہونے پر دلالت کرتی ہے ۔
انت طالق البتہ میں لفظ ’’ البتہ‘‘کا معنی کاٹنا ہے اور اس جملے کا مطلب یہ ہے کہ تجھے ایسی طلاق جو تیرے میرے درمیان تعلق نکاح کو کاٹ دے ۔ اب تعلق نکاح کا کٹنا ایک طلاق بائن سے بھی ہوتا ہے اور تین طلاق مغلظہ سے بھی ، لہذا یہ لفظ ایک طلاق بائن کا بھی احتمال رکھتا ہے اور تین طلاق کا بھی احتمال رکھتا ہے ،اس زمانے میں" البتہ" کا لفظ عام طور پر تین طلاق کیلئے بولا جاتا تھا اسی لئے رسول اللہ نے حلف کے ذریعے حضرت رکانہ سے انکی نیت دریافت فرمائی اورجب انہوں نے حلفیہ یہ بیان دیا کہ میں نے اس لفظ سے ایک طلاق کی نیت کی تھی تو رسول اللہ نے ایک طلاق بائن کا حکم دے کر دوبارہ بذریعہ نکاح رجوع کا حکم ارشاد فرمایا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکی نیت پر حلف لینا اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اگر وہ صحابی تین طلاق مراد لیتے یا ایک طلاق مرادنہ لیتے تو حضور علیہ الصلاۃ والسلام تین طلاق کے واقع ہونے کا حکم صادر فرمادیتے ۔ اور اگر تین طلاقوں سے ایک ہی طلاق مراد ہوتی تو پھر آپ علیہ الصلاۃ والسلام کے قسم لینے کا کوئی فائدہ نہیں تھا، کہ آپ مطلقاًفرمادیتے ایک ہی طلاق ہوئی ہے تم تین کی نیت کرو یا نہ کرو۔ جیساکہ علامہ نووی نے شرح مسلم میں ارشاد فرمایا : فھذا دلیل علی انہ لو اراد الثلاث لوقعن والا فلم یکن لتحلیفہ معنی ۔ ترجمہ: یہ اس پر دلیل ہے کہ اگر وہ صحابی رسول تین طلاق مراد لیتے تو تین طلاق واقع ہو جاتیں وگرنہ قسم لینے کا کوئی فائدہ نہیں۔[ شرح النووی علی المسلم، کتاب الطلاق، باب طلاق الثلاث: 1/478، مطبوعہ: قدیمی کتب خانہ،کراچی)
(6) گھر والے دوسروں کے مقابلے میں اپنے گھر کے معاملات زیادہ بہتر جانتے ہیں۔
امام ابوداد ، امام ترمذی اور امام ابن ماجہ نے حدیثِ رکانہ کوانکے بیٹے یزید بن رکانہ کے حوالے سے اور امام ابوداود نے نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ سے روایت کیا جیساکہ ماقبل دونوں حدیثیں بیان کی جا چکیں ہیں، جبکہ امام احمد نے حدیثِ رکانہ کواپنی مسند میں ابن جریج کے حوالے سے روایت کیا،ہر باشعور پر یہ بات واضح ہے کہ جب یزید بن رکانہ اور نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ حضرت رکانہ کے گھرکے افراد میں سے ہیں تویقیناً کسی دوسرے کے مقابلے میں وہ زیادہ جانتے ہیں کہ ان کے بزرگوار حضرت رکانہ نے اپنی اہلیہ کو طلاق البتہ دی تھی یا تین طلاقیں دی تھیں۔ لہذا محدثین نے یزید بن رکانہ اور نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ کی روایت کو ابن جریج کی روایت پر ترجیح دی اور ابن جریج کی روایت کو مجروح اور ناقابل قبول قرار دیا۔
امام ابو داودنے ارشاد فرمایا: لانھم اھل بیتہ وھم اعلم بہ ۔ ترجمہ: یزید بن رکانہ حضرت رکانہ کے گھر کے افراد میں سے ہیں اور وہ اس معاملے کو زیادہ جانتے ہیں۔[ سنن ابی داود، کتاب الطلاق، باب فی البتہ، حدیث نمبر(2206): 2/263?264، مطبوعہ: المکتبۃ العصریۃ، بیروت]۔
غیر مقلدین وہابیہ کے اپنے گھر سے ان کے خلاف دلیل : غیر مقلدین کے امام ابن تیمیہ کے نزدیک بھی حنفی شخص کوتین طلاق کو ایک ماننے کا فتوی دیناباطل اور اجماع کے خلاف ہے ۔
نام نہاد غیر مقلدین وہابیہ کے امام ابن تیمیہ جو تین طلاقوں کو ایک ماننے کے قائل ہیں انکے بیان کردہ اصول کی روشنی میں حنفی شخص کا ایک ہی مجلس میں تین طلاقیں دینے سے تین طلاقیں ہی واقع ہوتی ہیں۔
شیخ ابن تیمیہ نے اپنے فتاوی میں یہ اصول بیان کیا ہے کہ جو شخص جس مذہب کی تقلید کرتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ اپنے معاملات میں اپنے مذہب ہی کی پیروی کرے ، محض اپنے مفادات اور خواہش نفس کی خاطر کسی دوسرے مذہب کی پیروی کرنا ناجائز وحرام اور پوری امت کے خلاف ہے ۔ جس طرح کہ آج کل لوگ بغیر سوچے سمجھے وقتی غصے اور جذبات کے تحت اپنی بیوی کو تین طلاق دے دیتے ہیں، پھر جب جذبات ٹھنڈے ہوتے ہیں تو پچھتاوا ہوتا ہے کہ یہ میں نے کیا کردیا۔جب کسی طرف سے کوئی راستہ نہیں ملتا تو اپنے مفاد کی خاطرفرقہ اہلحدیث کے پاس چلے جاتے ہیں حالانکہ طلاق دینے سے قبل وہ فقہ حنفی کے تقلید کررہے ہوتے ہیں اور تین طلاقوں کو تین ہی ماننے کا اعتقاد رکھتے ہیں۔فرقہ اہلحدیث کے مولوی صاحبان یہ جاننے کے باوجود کہ یہ شخص تین طلاقوں کو تین ہی ماننے کا اعتقاد رکھتا تھا اور اسی اعتقاد کی بنیاد پر اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے چکا ہے اور اب دنیا کی مشکلات اور نفس کے ہاتھوں مجبور ہو کر ہمارے پاس فتوی لینے آیا ہے ، یہ نام نہاد اہلحدیث مولوی اپنے امام ابن تیمیہ کی مخالفت کرتے ہوئے سائل کے اعتقاد کے برخلاف ایک طلاق کا گمراہیت اور ہوائے نفس پر مبنی فتوی جاری کردیتے ہیں۔
فتاوی ابن تیمیہ میں ہے :حیث قال فیمن نکح عند شھود فسقۃ ثم طلقھا ثلاثا فاراد التخلص من الحرمۃ بان النکاح کان فاسدا فی الاصل علی مذھب الشافعی رحمہ اللہ تعالی فلم یقع الطلاق مانصہ وھذا القول یخالف اجماع المسلمین فانھم متفقون علی ان من اعتقد حل الشی ء کان علیہ ان یعتقد ذلک سواء وافق غرضہ او خالف ومن اعتقد تحریمہ کا ن علیہ ان یعتقدذٰلک فی الحالین وھٰؤلاء المطلقون لایقولون بفساد النکاح بفسق الولی الاعند الطلاق الثلاث لا عند الاستمتاع والتوارث یکونون فی وقت یقلدون من یفسد ہ وفی وقت یقلدون من یصححہ بحسب الغرض والھوٰی ومثل ھذا لایجوز باتفاق الامۃ (ثم قال بعد ثلاثہ اسطر)ونظیر ھٰذا ان تعتقد الرجل ثبوت شفعۃ الجوار اذا کان طالباً لھا وعدم ثبوتھا اذا کان مشتریاً فان ھٰذا لایجوز بالاجماع وکذا من بنی علیٰ صحۃ ولایۃ الفاسق فی حا ل نکاحہ وبنی علی فساد ولایتہ حال طلاقہ لم یجز ذلک باجماع المسلمین ولو قال المستفتی المعین انالم اکن اعرف ذٰلک وانا الیوم التزم ذٰلک لم یکن من ذٰلک لہ لان ذٰلک یفتح باب التلاعب بالدین ویفتح الذریعۃ الی ان یکون التحلیل والتحریم بحسب الاھواء‘‘۔[فتاوٰی ابن تیمیہ ،ج:۲،ص:۲۴۰،چشتی)
ترجمہ : انہوں نے اس طرح کہا کہ اگرکسی نے فاسق گواہوں کی موجودگی میں نکاح کیا پھر اس کو تین طلاقیں دے دیں پس وہ چاہتا ہے اس حرمت سے خلاصی پائے کہ یہ نکاح امام شافعی علیہ الرحمہ کے مذہب کے مطابق فاسدہوا تھاپس اس کی وجہ سے طلاق واقع نہیں ہو تو اس کا یہ قول اجماع مسلمین کے خلاف ہے۔پس تمام امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ جو کسی چیز کے حلال ہونے کا اعتقاد رکھتا ہو تو اس پر لازم ہے کہ اسی پر ہی اعتقاد رکھے خواہ وہ اس کی خواہش کے موافق ہو یا مخالف اورجو کسی چیز کے حرام ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے تو اس پر بھی لازم ہے وہ دونوں حالتوں میں اسی کا اعتقاد رکھے ۔اور یہ طلاق دینے والے ولی کے فاسق ہونے کی وجہ سے نکاح کو فاسد نہیں کہتے مگر تین طلاق کے وقت اوریہ لوگ عورت سے نفع لیتے وقت اور وارثت میں حصہ دار ہوتے وقت نکاح کے فاسد ہونے کا دعوی نہیں کرتے اور یہ ایک وقت میں اس کے مقلد ہوئے جو ان کی غرض اور خواہش کے مطابق نکاح کو فاسد کہتا ہے اور دوسرے وقت میں اس کے مقلد ہوئے جو ان کی غرض اور خواہش کے مطابق اس نکاح کو درست کہتا ہے ۔اور اس کی مثل کے حرام ہونے پر پوری امت کا اتفاق ہے (پھر چند سطر کے بعد لکھا)اس کی مثال یہ ہے کہ ایک مرد یہ اعتقاد رکھتا ہے کہ پڑوسی پر شفعہ حق ثابت تب ہو گا جب بھی وہ اس کا مطالبہ کرے اور لیکن جب خود خریدار ہو دوسرے کے لئے اس طرح شفعہ کو ثابت نہ مانے پس یہ بالاجماع جائز نہیں اور اسی طرح ایک شخص نکاح کرتے وقت تو ولی کے فاسق ہونے کے باوجود نکاح کو صحیح مانے اور طلاق کے وقت اس نکاح کو فاسد مانے تو یہ بالاجماع تمام مسلمانوں کے نزدیک جائز نہیں ۔اور اگر سوال کرنے والا کہے مجھے اس بات کا علم نہیں تھا اور آج سے اس پر میرا اعتقاد ہے تو بھی اس کے لئے جواز کا حکم نہیں ہو گاکیونکہ اس طرح کرنے سے دین کے ساتھ مذاق کا دروازہ کھل جائے گا اور اپنی خواہشِ نفس کے مطابق حرام کو حلال اور حلال کو حرام کرنے کاذریعہ بن جائے گا‘‘۔[ مجموع الفتاوی، باب ارکان النکاح وشروطہ: 32/101، مطبوعہ: مجمع الملک فہد، المدینۃ المنورۃ، السعودیۃ،چشتی)
اس عبارت سے واضح ہوا کہ جس شخص نے تین طلاق دی اور وہ اسوقت حنفی تھا تو اس پرلازم ہے کہ وہ تین طلاق کے واقع ہونے کا اعتقاد رکھے اور اپنی خواہش کے مطابق تین طلاق کو ایک ثابت کرنے کیلئے غیر مقلد اہلحدیثوں کے پاس نہ جائے ، انکے اس فتوے کا اس شخص کو کوئی فائدہ نہیں ہوگاکیوں کہ شیخ ابن تیمیہ کے مطابق اس شخص کی عورت اس پر حرام ہی رہے گی اور اس پر ساری امت کا اتفاق اور اجماع ہے ۔ لہذا فرقہ اہل حدیث کے مولوی صاحبان اپنے امام کی اس عبارت کو بغور پڑھیں، اور اپنے امام کے اصول پر عمل کرتے ہوئے کسی حنفی کے پوچھے گئے تین طلاق کے سوال میں ایک طلاق کے واقع ہونے کا فتوی جاری کرکے اجماع کی مخالفت اور امت کے اتفاق کو توڑ نے کی راہ پر نہ چلیں۔
ان تمام دلائل کی روشنی میں عورت پر تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں اور اب حلالہ شرعیہ کے بغیر رجوع کی کوئی صورت نہیں ہے ۔
اللہ تعالی کاارشاد پاک ہے ’’فَإِن طَلَّقَہَا فَلاَ تَحِلُّ لَہُ مِن بَعْدُ حَتَّیَ تَنکِحَ زَوْجاً غَیْرَہُ فَإِن طَلَّقَہَا فَلاَ جُنَاحَ عَلَیْْہِمَا أَن یَتَرَاجَعَا إِن ظَنَّا أَن یُقِیْمَا حُدُودَ اللّہِ وَتِلْکَ حُدُودُ اللّہِ یُبَیِّنُہَا لِقَوْمٍ یَعْلَمُون‘‘
ترجمہ کنز الایمان:’’ پھر اگر تیسری طلاق اسے دی تو اب وہ عورت اسے حلال نہ ہو گی جب تک دوسرے خاوند کے پاس نہ رہے ۔پھروہ دوسرااسے طلاق دے دے تو ان دونوں پر گناہ نہیں کہ پھر آپس میں مل جائیں ،اگر سمجھتے ہوں کہ اللہ کی حدیں نباہیں گے اور یہ اللہ کی حدیں ہیں جنہیں بیان کرتا ہے دانش مندوں کے لئے ‘‘۔[البقرۃ ،آیت:۲۳۰،چشتی)
اس آیت کر یمہ کے تحت تفسیر روح المعانی میں علامہ آلوسی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں : فان طلقھا بعد الثنتین (فلاتحل لہ من بعد)ای من بعد التطلیق(حتی تنکح زوجاً غیرہ )ای تتزوج زوجاً غیرہ ،ویجامعھا فلا تکفی مجرد العقد ۔
ترجمہ :’’ پس اگر شوہر دو طلاقوں کے بعد تیسری طلاق دے دے تو وہ عورت اس کے لئے حلال نہیں ہو گی حتی کہ دوسرے مرد سے نکاح کر ے اور وہ دوسرا مرد اس سے جماع بھی کر ے محض نکاح کافی نہیں ‘‘۔[ تفسیر روح المعانی: 1/535، مطبوعہ: دار الکتب العلمیہ،چشتی)
اس آیت کی تفسیر خود حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے بھی فرمادی کہ جس طرح بخاری شریف :ج ،2،ص، 801،مطبوعہ قدیمی کتب خانہ کراچی اور صحیح مسلم شریف :1،ص463 ,مطبوعہ دار الحدیث اور مشکوٰۃ شریف باب مطلقہ ثلاثاً میں اور ترمذی شریف میں بھی ہے ۔
واللفظ لہ’’ عن عائشۃ قالت جائت امرأ ۃ رفاعۃ القرظی الی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم فقالت انی عند رفاعۃ و طلقنی فبت طلا قی فتزوجت عبد الرحمن بن الزبیر ومامعہ الا ھد بۃ الثوب فقال اترید ین ان ترجعی الی رفاعۃ ،لا حتی تذ وقی عسیلتہ ویذ وق عسیلتک ‘‘ ۔ ترجمہ :’’ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سے روایت ہے آپ فرماتی ہیں‘حضرت رفاعہ قرظی رضی اللہ عنہ کی عورت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ میں حاضر ہوئی اور عرض کی کہ میں حضرت رفاعہ کے پاس تھی آپ نے مجھے تین طلاقیں دے دیں پھر میں نے حضرت عبد الرحمن بن زبیر رضی اللہ عنہ سے نکاح کیااور ان کو میں نے کپڑے کے پھندنے کی طرح(نامرد) پایا ،تو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا کیا تو رفاعہ کی طرف واپس جانا چاہتی ہے؟ تو یہ جائز نہیں حتی کہ تو اس کاذائقہ چکھے اور وہ تیراذائقہ چکھے(یعنی جب تک جسمانی تعلق قائم نہیں ہوتا اس وقت تک واپس نہیں جا سکتی ) اس حدیث کے تحت امام ابو عیسی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں۔
حدیث عائشۃ حدیث حسن صحیح والعمل علی ھذا عند عامۃ اھل العلم من اصحاب النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم وغیر ھم ان الرجل اذا طلق امراتہ ثلاثا فتزوجت زوجا غیر ہ فطلقھا قبل ان یدخل بھا انھا لا تحل للزوج الاول اذا لم یکن جامع الزوج الاخر ‘‘
ترجمہ:’’ حضرت عائشہ کی حدیث صحیح حسن ہے اصحاب النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور ان کے علاوہ اہل علم کا اس پر عمل ہے کہ جب زوج نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں اس نے اس کے علاوہ زوج سے نکا ح کیا تو اس( دوسرے شوہر) نے جسمانی تعلق سے پہلے طلاق دے دی تو وہ عورت پہلے شوہر کے لیے حلال نہ ہوگی جب تک دوسرا شوہرجسمانی تعلق قائم نہ کرے ۔[تر مذی شریف باب النکاح :ج ،اول ،ص213،مطبوعہ ،قدیمی کتب خانہ ،کراچی ،چشتی)
مرقاۃ شرح مشکوٰۃ میں علامہ ملا علی قاری علیہ الرحمہ شرح السنہ کے حوالے سے فرماتے ہیں: وفی شرح السنۃ : العمل علی ھذا عند اھل العلم من الصحابۃ وغیرھم ،قالوا اذا طلق الرجل امرأتہ ثلاثاً فلا تحل لہ بعد ذلک حتی تنکح زوجاً غیرہ ویصیبھا الزوج الثانی ،فان فارقھا او مات عنھا قبل اصابتھا فلا تحل ۔
ترجمہ :’’ شرح السنہ میں ہے کہ اس (حلالہ )پر عمل صحابہ کرام اور دیگر علماء کا ہے۔انہوں نے فرمایا:جب شوہر اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دے تو وہ اس کے لئے حلال نہیں ہو گی حتی کہ دوسرے شوہر سے نکاح کر ے اور دوسرا شوہر اس سے جسمانی تعلق بھی قائم کر ے ،پس اگر نکاح کے بعد جسمانی تعلق قائم کر نے سے پہلے جدائی ہوگئی یا شوہر جسمانی تعلق قائم کر نے سے پہلے فوت ہو گیا تو وہ پہلے شوہر کے لئے حلال نہیں ہو گی ‘‘۔[مرقاۃ شرح مشکوٰۃ ،ج:۶،ص:۴۰۴،مکتبہ ، رشیدیہ کو ئٹہ ]۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ آپ کے دوست کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہو چکی ہیں اور وہ اپنے شوہر پر حرمت مغلظہ کے ساتھ حرام ہو چکی ہے اب ان کا بغیر حلالہ شرعی ایک ساتھ رہنا جائز نہیں عورت اپنی عدت گزار کر جہاں مرضی ہو دوسری جگہ شادی کرسکتی ہے ۔ (طالب دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

علمائے کرام کے احترام اور توہین کے شرعی احکام

علمائے کرام کے احترام اور توہین کے شرعی احکام محترم قارئینِ کرام : علماءِ کرام داعیانِ حق و صداقت ، ہادیانِ راہ ہدایت ، پاسبانِ مذہب و شریعت...