Sunday, 8 October 2023

تمام مسلمانوں پر جہاد فرضِ عین ہو چکا ہے

تمام مسلمانوں پر جہاد فرضِ عین ہو چکا ہے
محترم قارئینِ کرام : اللہ تعالیٰ کا قرآن کریم میں ارشاد مبارک ہے : وَمَا لَکُمْ لَا تُقٰتِلُوۡنَ فِیۡ سَبِیۡلِ اللہِ وَالْمُسْتَضْعَفِیۡنَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَآءِ وَالْوِلْدٰنِ الَّذِیۡنَ یَقُوۡلُوۡنَ رَبَّنَاۤ اَخْرِجْنَا مِنْ ہٰذِہِ الْقَرْیَۃِ الظَّالِمِ اَہۡلُہَا ۚ وَاجْعَلۡ لَّنَا مِنۡ لَّدُنۡکَ وَلِیًّا ۚۙ وَّاجْعَلۡ لَّنَا مِنۡ لَّدُنۡکَ نَصِیۡرًا ۔ (سورۃ النساء آیت نمبر 75)
ترجمہ : اور تمہیں کیا ہوا کہ نہ لڑو اللہ کی راہ میں اور کمزور مردوں اور عورتوں اور بچوں کے واسطے جویہ دعا کر رہے ہیں کہ اے رب ہمارے ہمیں اس بستی سے نکال جس کے لوگ ظالم ہیں اور ہمیں اپنے پاس سے کوئی حمایتی دے دے اور ہمیں اپنے پاس سے کوئی مددگار دے دے ۔

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے جہاد کی مزید ترغیب دی اور جہاد کے خلاف حیلوں اور بہانوں کو زائل فرمایا ہے ‘ اللہ کی راہ میں اور اس کے دین کی سربلندی کے لیے جہاد سے تمہیں کیا چیز روکتی ہے ‘ جہاد کی وجہ سے شرک کے اندھیروں کی جگہ توحید کا نور پھیلتا ہے ‘ شر اور ظلم کے بجائے خیر اور عدل کا دور دورہ ہوتا ہے اور مکہ میں تمہارے جو مسلمان بھائی مرد ‘ عورتیں اور بچے کفار کے ظلم کا شکار ہیں ‘ کفار ان کو ہجرت کرنے نہیں دیتے اور اسلام قبول کرنے کی وجہ سے ان کو طرح طرح کی اذیتیں پہنچا رہے ہیں ‘ اور تم خود مکہ کی زندگی میں ان کے مظالم کا مشاہدہ اور تجربہ کرچکے ہو بلال ‘ صہیب اور عمار بن یاسر رضی اللہ عنہم پر کس کس طرح مشق ستم کی جاتی تھی ‘ سو کفار کے خلاف جہاد کر کے تم اپنے مسلمان بھائیوں کو کفار کی دست برد سے بچا سکتے ہو ۔

وَمَا لَکُمْ لَا تُقٰتِلُوۡنَ فِیۡ سَبِیۡلِ اللہِ : اور تمہیں کیا ہو گیا کہ تم اللہ کے راستے میں نہ لڑو ۔ ارشاد فرمایا گیا کہ جہاد فرض ہے اور اس کے ترک کا تمہارے پاس کوئی عذر نہیں تو تمہیں کیا ہوگیا کہ تم اللہ عَزَّوَجَلَّ کی راہ میں جہاد نہ کرو حالانکہ دوسری طرف مسلمان مرد وعورت اور بچے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اور اُن کا کوئی پُرسانِ حال نہیں اور وہ ربُّ العٰلَمین عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں دعائیں مانگ رہے ہیں کہ اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں اس بستی کے ظالموں سے نجات عطا فرما اور ہمیں اپنے پاس سے کوئی مددگار عطا فرما ۔ تو جب مسلمان مظلوم ہیں اور تم ان کو بچانے کی طاقت رکھتے ہو تو کیوں ان کی مدد کیلئے نہیں اٹھتے ۔ جیسا کہ موجودہ دور میں مقبوضہ کشمیر میں ہندو بنیے اور فلسطین میں یہودیوس کے مظالم سے تنگ آکر مسلمان بہنیں ، بیٹیاں ، بچے اور بزرگ دعائیں مانگ رہے ہیں اور اہلِ اسلام کو مدد کےلیے پکار رہے ہیں ۔

(1) جہاد فرض ہے ، بلاوجہ جہاد نہ کرنے والا ایسا ہی گنہگار ہوگا جیسے نماز چھوڑنے والا بلکہ کئی صورتوں میں اِس سے بھی بڑھ کر ہے۔ البتہ یہ خیا ل رہے کہ جہاد کی فرضیت کی کچھ شرائط ہیں جن میں ایک اہم شرط اِستِطاعت یعنی جنگ کی طاقت ہونا بھی ہے ۔ جہاد یہ نہیں ہے کہ طاقت ہو نہیں اور چند مسلمانوں کو لڑائی میں جھونک کر مروا دیا جائے۔ جہاد کبھی فرضِ عین ہوتا ہے اور کبھی فرضِ کِفایہ ۔

(2) آیت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مسلمانوں کو جہاد کی ترغیب دینے کےلیے مسلمانوں کی مَظلومِیَّت کا بیان کرنا بہت مفید ہے ۔ آیت میں جن کمزوروں کا تذکرہ ہے اس سے مراد مکہ مکرمہ کے مسلمان ہیں ۔ اس آیت میں مسلمانوں کو جہاد کی ترغیب دی گئی تاکہ وہ ان کمزور مسلمانوں کو کفار کے پنجۂ ظلم سے چھڑائیں جنہیں مکہ مکرمہ میں مشرکین نے قید کرلیا تھا اور طرح طرح کی ایذائیں دے رہے تھے اور اُن کی عورتوں اور بچوں تک پربے رحمانہ مظالم کرتے تھے اور وہ لوگ اُن کے ہاتھوں میں مجبور تھے اس حالت میں وہ اللہ تعالیٰ سے اپنی خلاصی اور مددِ الٰہی کی دعا ئیں کرتے تھے ۔ یہ دعا قبول ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ کو اُن کا ولی و ناصر کیا اور انہیں مشرکین کے ہاتھوں سے چھڑایا اور مکۂ مکرمہ فتح کرکے اُن کی زبردست مدد فرمائی ۔

(3) آیت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ غیرُاللہ کو ولی اور ناصر (یعنی مددگار) کہہ سکتے ہیں ۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے : یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا خُذُوۡا حِذْرَکُمْ فَانۡفِرُوۡا ثُبَاتٍ اَوِانۡفِرُوۡا جَمِیۡعًا ۔ (سورۃ النساء آیت نمبر 71)
ترجمہ : اے ایمان والو ہوشیاری سے کام لوپھر دشمن کی طرف تھوڑے تھوڑے ہوکر نکلو یا اکٹھے چلو ۔

خُذُوۡا حِذْرَکُمْ : ہوشیاری سے کام لو ۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ کا کروڑ ہا کروڑ احسان ہے کہ اس نے ہمیں زندگی کے کسی بھی شعبے میں اپنے احکام سے محروم نہیں رکھا بلکہ ہر جگہ ہماری رہنمائی فرمائی۔ ماں باپ، بیوی بچے، رشتے دار، پڑوسی، اپنے بیگانے سب کے متعلق واضح ہدایات عطا فرمائیں ۔ اسی سلسلے میں ہماری بھلائی کیلئے ہمیں ہوشیار رہنے کا حکم دیا اور فرمایا کہ دنیا کے دیگر معاملات کی طرح دشمنوں کے مقابلے میں بھی ہوشیاری اور سمجھداری سے کام لو، دُشمن کی گھات سے بچو اور اُسے اپنے اوپر موقع نہ دو اور اپنی حفاظت کا سامان لے رکھو پھر موقع محل کی مناسبت سے دشمن کی طرف تھوڑے تھوڑے ہوکر نکلو یا اکٹھے چلو ۔ یعنی جہاں جو مناسب ہو امیر کی اطاعت میں رہتے ہوئے اور تجربات و عقل کی روشنی میں مفید تدبیریں اختیار کرو ۔ یہ آیت ِ مبارکہ جنگی تیاریوں ، جنگی چالوں ، دشمنوں کی حربی طاقت کے اندازے لگانے، معلومات رکھنے، ان کے مقابلے میں بھرپور تیاری اور بہترین جنگی حکمت ِ عملی کے جملہ اصولوں میں رہنمائی کرتی ہے۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اسباب کا اختیار کرنا بھی نہایت اہم ہے ۔ بغیر اسباب لڑنا مرنے کے مُتَرادِف ہے، تَوَکُّل ترک ِ اَسباب کا نام نہیں بلکہ اسباب اختیار کرکے امیدیں اللہ عَزَّوَجَلَّ سے وابستہ کرنے کا نام ہے ۔

جنگی تیاریوں سے متعلق ہدایات : ⬇

جنگی تیاری کیلئے نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ اور صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم کی ہدایا ت ملاحظہ فرمائیں : ⬇

(1) حضرت عقبہ بن عامر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ، نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ( اس آیت) ’’ وَ اَعِدُّوۡا لَہُمۡ مَّا اسْتَطَعْتُمۡ مِّنۡ قُوَّۃٍ‘‘ اور ان کے لئے تیار رکھو جو قوت تم سے بن پڑ ے ۔ (کی تفسیر میں ) فرمایا ’’خبردار وہ قوت تیر اندازی ہے، خبردار وہ قوت تیر اندازی ہے، خبردار وہ قوت تیر اندازی ہے ۔ (مسلم، کتاب الامارۃ، باب فضل الرمی والحث علیہ۔۔۔ الخ، ص۱۰۶۱، الحدیث: ۱۶۷(۱۹۱۷))

(2) حضرت انس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ، نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ’’مشرکین سے ،اپنے مال، ہاتھ اور زبان سے جہاد کرو (یعنی دینِ حق کی اشاعت میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہو جاؤ) ۔ (نسائی، کتاب الجہاد، باب وجوب الجہاد، ص۵۰۳، الحدیث: ۳۰۹۳،چشتی)

(3) حضرت عقبہ بن عامر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: بے شک اللہ تعالیٰ ایک تیر کے بدلے تین افراد کو جنت میں داخل فرمائے گا (1) ثواب کی نیت سے تیر بنانے والے کو (2) تیر پھینکنے والے کو (3) تیر پکڑوانے والے کو ۔ اور تیر اندازی اور گھڑ سواری میں مقابلہ کیا کرو، تمہارا تیر اندازی میں مقابلہ کرنا شَہسواری میں مقابلہ کرنے سے زیادہ مجھے پسند ہے اور جو تیر اندازی سیکھنے کے بعد اس سے غفلت کرتے ہوئے چھوڑ دے تو اس نے ایک نعمت کو گنوا دیا ۔ (ابو داؤد، کتاب الجہاد، باب فی الرمی، ۳/۱۹، الحدیث: ۲۵۱۳)
(4) حضرت عمر بن خطاب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے اہلِ شام کو خط لکھا کہ اپنی اولاد کو تیراکی اور گھڑ سواری سکھاؤ ۔ (تفسیر در منثور، الانفال، تحت الآیۃ: ۶۰، ۴/۸۶)

حضرت انس بن نضر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا جذبۂ شہادت : ⬇

حضرت انس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں : میرے چچا حضرت انس بن نضر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ غزوۂ بدر میں نہ جا سکے ، انہوں نے نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ سے عرض کی : آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے مشرکین سے جو پہلی جنگ کی تھی میں اس میں حاضر نہ ہو سکا۔ اگراب اللہ تعالیٰ نے مجھے کسی غزوہ میں شرکت کاموقع دیا تو اللہ تعالیٰ دکھا دے گا جو میں کروں گا، پھر جب غزوۂ اُحد کا موقع آیا توکچھ لوگ بھاگنے لگے ، حضرت انس بن نضر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے عرض کی : اے میرے پروردگار عَزَّوَجَلَّ! ان بھاگنے والوں میں جومسلمان ہیں ، میں ان کی طرف سے معذرت خواہ ہوں اور جو مشرک ہیں ، میں اُن سے بری ہوں ۔ پھر آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ تلوار لے کر میدانِ جنگ کی طرف دیوانہ وار بڑھے۔ راستے میں حضرت سعد بن معاذ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے ملاقات ہوئی تو فرمایا ’’اے سعد ! رَضِیَ ا للہُ تَعَالٰی عَنْہُ، جنت ۔ اس پاک پرورد گار عَزَّوَجَلَّ کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! میں اُحد پہاڑ کے قریب جنت کی خوشبو محسوس کر رہا ہوں ۔ حضرت سعد رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ ُ فرماتے ہیں : جیسا کارنامہ انہوں نے سر انجام دیا ہم ایسا نہیں کر سکتے ۔ حضرت انس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں : ہم نے انہیں شہیدوں میں اس حال میں پایا کہ ان کے جسم مبارک پر تیروں ، تلواروں اور نیزوں کے اسّی (80) سے زائد زخم تھے ، اور آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے اعضاء جگہ جگہ سے کاٹ دیئے گئے تھے ، آپ رَضِیَ ا للہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو پہچاننابہت مشکل ہوچکاتھا ۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی ہمشیرہ نے آپ کواُنگلیوں کے نشانات سے پہچانا ۔ (بخاری، کتاب الجہاد والسیر، باب قول اللہ تعالی: من المؤمنین رجال صدقوا۔۔۔ الخ، ۲/۲۵۵، الحدیث: ۲۸۰۵،چشتی)(عیون الحکایات، الحکایۃ العاشرۃ، ص۲۷)

ارشادِ باری تعالیٰ ہے : اَلَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا یُقٰتِلُوۡنَ فِیۡ سَبِیۡلِ اللہِ ۚ وَالَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا یُقٰتِلُوۡنَ فِیۡ سَبِیۡلِ الطّٰغُوۡتِ فَقٰتِلُوۡۤا اَوْلِیَآءَ الشَّیۡطٰنِ ۚ اِنَّ کَیۡدَ الشَّیۡطٰنِ کَانَ ضَعِیۡفًا ۔ (سورۃ النساء آیت نمبر 76)
ترجمہ : ایمان والے اللہ کی راہ میں لڑتے ہیں اور کفار شیطان کی راہ میں لڑتے ہیں تو شیطان کے دوستوں سے لڑو بے شک شیطان کا داؤ کمزور ہے ۔

اس آیتِ مبارکہ کا شانِ نزول یوں ہے کہ مشرکین مکہ مکرمہ میں مسلمانوں کو بہت ایذائیں دیتے تھے ۔ ہجرت سے پہلے صحابۂ کرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُم کی ایک جماعت نے نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ کی خدمت میں عرض کیا کہ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ ہمیں کافروں سے لڑنے کی اجازت دیجئے ، انہوں نے ہمیں بہت ستایا ہے اور بہت ایذائیں دی ہیں ۔ نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ نے فرمایا کہ اُن کے ساتھ جنگ کرنے سے ابھی ہاتھ روک کر رکھو اور ابھی صرف نماز اور زکوٰۃ ادا کرو ۔ اسی کے متعلق فرمایا کہ کیا تم نے ان لوگوں کونہ دیکھا جن سے شروعِ اسلام میں مکہ مکرمہ میں کہا گیا کہ ابھی جہاد سے اپنے ہاتھ روکے رکھو اور ابھی صرف نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو ۔ (تفسیر خازن، النساء، تحت الآیۃ: ۷۷، ۱/۴۰۳)

لیکن پھر جب مدینہ منورہ میں ان پر جہاد فرض کیا گیا تو وہ اس وقت طبعی خوف کا شکار ہوگئے جو انسانی فطرت ہے اور حالت یہ تھی کہ ان میں ایک گروہ لوگوں سے ایسے ڈرنے لگا جیسے اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈرنا ہوتا ہے یا اس سے بھی کچھ زیادہ ہی خوفزدہ تھا اور کہنے لگے: اے ہمارے رب! عَزَّوَجَلَّ، تو نے ہم پر جہاد کیوں فرض کردیا ؟ اس کی حکمت کیا ہے ؟

یہ سوال حکمت دریافت کرنے کے لئے تھا، اعتراض کرنے کیلئے نہیں ۔ اسی لئے اُن کو اس سوال پر توبیخ وزجرنہ فرمایا گیا بلکہ تسلی بخش جواب عطا کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ اے حبیب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہ وَسَلَّمَ ، تم ان سے فرما دو کہ دنیا کا ساز و سامان تھوڑا ساہے، فنا ہونے والا ہے جبکہ پرہیز گاروں کے لئے آخرت تیار کی گئی ہے اور وہی ان کیلئے بہتر ہے ۔ لہٰذا جہاد میں خوشی سے شرکت کرو ۔

اس آیت میں یہ بتایا کہ جب مسلمانوں اور کافروں کے درمیان جنگ ہوتی ہے تو اس جنگ سے کافروں کی غرض کیا ہوتی ہے اور مسلمانوں کا ہدف کیا ہونا چاہیے ‘ کافر مادی مقاصد کے حصول کے لیے جنگ کرتے ہیں اور بت پرستی کا بول بالا کرنے کے لیے اور اپنے وطن اور اپنی قوم کی حمایت میں لڑتے ہیں ‘ ان کے پیش نظر زمین اور مادی دولت ہوتی ہے ‘ نام ونمود اور اپنی بڑائی کے لیے اور دنیا میں اپنی بالادستی قائم کرنے لیے لڑتے ہیں اور کمزور ملکوں کی زمین ‘ ان کی معدنی دولت اور ان کے ہتھیاروں کو لوٹنے کے لیے لڑتے ہیں ‘ اس کے برعکس مسلمانوں کے سامنے اخروی مقاصد ہوتے ہیں ‘ وہ اللہ کی بڑائی اور اس کے دین کی سربلندی کے لیے لڑتے ہیں ‘ وہ بت پرستی ‘ کفر ‘ شر اور ظلم کو مٹانے ‘ نظام اسلام کو قائم کرنے ‘ خیر کو پھیلانے اور عدل و انصاف کو نافذ کرنے کے لیے لڑتے ہیں ‘ ان کا مقصد زمین کو حاصل کرنا نہیں ہوتا بلکہ زمین پر اللہ کی حکومت قائم کرنا ہوتا ہے ‘ وہ اپنے استعمار اور آمریت قائم کرنے کے لیے اور دوسروں کی زمین اور دولت پر قبضہ کرنے اور لوگوں کو اپنا محکوم بنانے کے لیے نہیں لڑتے بلکہ انسانوں کو انسانوں کی بندگی سے آزاد کرا کر سب لوگوں کو خدائے واحد کے حضور سر بسجود کرانے کے لیے جہاد کرتے ہیں ۔ اپنے ملک کے دفاع اور کفار کے خلاف جہاد کے لیے اسلحہ کو حاصل کرنا توکل کیخلاف نہیں ہے ‘ کیونکہ توکل کا معنی ترک اسباب نہیں ہے بلکہ کسی مقصود کے حصول کے اسباب کو فراہم کرکے اور اس کے حصول کے لیے جدوجہد کرکے نتیجہ کو اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دینا توکل ہے ۔ اسی طرح آلات حرب کو حاصل کرنا بھی تقدیر کے خلاف نہیں ہے بلکہ جہاد کی تیاری کرنا بھی تقدیر سے ہے ۔ اس رکوع کی آیات میں بتایا گیا ہے کہ جہاد کیلیے پے درپے مجاہدوں کے دستے بھیجنا بھی جائز ہے اور یک بارگی مل کر حملہ کرنا بھی جائز ہے اور یہ کہ ہر دور میں کچھ لوگ اپنی بدنیتی یا بزدلی کی وجہ سے یا غداری اور منافقت کی وجہ سے جہاد سے منع کرنے والے بھی ہوتے ہیں ‘ لیکن مسلمان ان سے متاثر نہ ہوں بلکہ اخروی اجر وثواب کی وجہ سے جہاد کریں ‘ وہ جہاد میں غالب ہوں یا مغلوب ہر صورت میں ان کے لیے اجر ہے ‘ نیز یہ بتایا ہے کہ جہاد کا ایک داعیہ اور سب یہ ہے کہ جس خطہ زمین میں کافروں نے مسلمانوں کو غلام بنایا ہوا ہے یا انکے ملک پر قبضہ کر کے ان کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا ہوا ہے ‘ ان کو کافروں اور ظالموں سے آزاد کرانے کے لیے بھی جہاد کرنا چاہیے اور آخر میں یہ بتایا کہ کافروں کا جنگ میں کیا مطمح نظر ہوتا ہے اور مسلمانوں کا ہدف کیا ہونا چاہیے ۔

فلسطین اور کشمیر میں جہاد فرض ہو چکا ہے اور یہ جہاد جہادِ اسلامی ہے

محترم قارئینِ کرام : اللہ تبارک وتعالى نے جہاد کےلیے کچھ وجوہات مقرر فرمائی ہیں جن کی بناء پر کسی بھی علاقہ میں جہاد کیا جاتا ہے ۔

(1) مسلمانوں پر حملہ اور کافروں کوپیچھے دھکیلنے کے لیے ارشاد ہوا : اور ان سے لڑو یہاں تک کہ کوئی فتنہ نہ رہے اور ایک اللہ کی پوجا ہو پھر اگر وہ باز آئیں تو زیادتی نہیں مگر ظالموں پر ۔ (سورۃ البقرة : 193)

(2) اور اللہ کی راہ میں لڑو ان سے جو تم سے لڑتے ہیں اور حد سے نہ بڑھو اللہ پسند نہیں رکھتا حد سے بڑھنے والوں کو ۔ (سورۃ البقرة : 190)

(3) مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کے خاتمہ کےلیے ارشاد ہوا : بیشک جو ایمان لائے اور اللہ کے لیے گھر بار چھوڑے اور اللہ کی راہ میں اپنے مالوں اور جانوں سے لڑے اور وہ جنہوں نے جگہ دی اور مدد کی وہ ایک دوسرے کے وارث ہیں اور وہ جو ایمان لائے اور ہجرت نہ کی انہیں ان کا ترکہ کچھ نہیں پہنچتا جب تک ہجرت نہ کریں اور اگر وہ دین میں تم سے مدد چاہیں تو تم پر مدد دینا واجب ہے مگر ایسی قوم پر کہ تم میں ان میں معاہدہ ہے ، اور اللہ تمہارے کام دیکھ رہا ہے ۔ (سورہ الأنفال : 72)

(4) مسلم اراضی کفار سے چھڑانے کے لیے ارشاد ہوا : اور کافروں کو جہاں پاؤ مارو اور انہیں نکال دو جہاں سے انہوں نے تمہیں نکالا تھا اور ان کا فساد تو قتل سے بھی سخت ہے اور مسجد حرام کے پاس ان سے نہ لڑو جب تک وہ تم سے وہاں نہ لڑیں اور اگر تم سے لڑیں تو انہیں قتل کرو کافروں کی یہی سزا ہے ،

(192) پھر اگر وہ باز رہیں تو بیشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے ۔ (سورۃ البقرة : 191)

(5) کفار سے جزیہ وصول کرنے کے لیے ارشاد ہوا : لڑو ان سے جو ایمان نہیں لاتے اللہ پر اور قیامت پر اور حرام نہیں مانتے اس چیز کو جس کو حرام کیا اللہ اور اس کے رسول نے اور سچے دین کے تابع نہیں ہوتے یعنی وہ جو کتاب دیے گئے جب تک اپنے ہاتھ سے جزیہ نہ دیں ذلیل ہو کر ۔ (سورۃ التوبة : 29)

(6) مسلمان مقتولوں کا کافروں سے بدلہ لینے کےلیے ارشاد ہوا : اے ایمان والوں تم پر فرض ہے کہ جو ناحق مارے جائیں ان کے خون کا بدلہ لو آزاد کے بدلے آزاد اور غلام کے بدلے غلام اور عورت کے بدلے عورت تو جس کے لئے اس کے بھائی کی طرف سے کچھ معافی ہوئی۔ تو بھلائی سے تقاضا ہو اور اچھی طرح ادا، یہ تمہارے رب کی طرف سے تمہارا بوجھ پر ہلکا کرنا ہے اور تم پر رحمت تو اس کے بعد جو زیادتی کرے اس کے لئے دردناک عذاب ہے ۔ (سورۃ البقرة : 178)

(7) کفار کو عہد شکنی کے سزا دینے کےلیے ارشاد ہوا : اور اگر عہد کر کے اپنی قسمیں توڑیں اور تمہارے دین پر منہ آئیں تو کفر کے سرغنوں سے لڑو بیشک ان کی قسمیں کچھ نہیں اس امید پر کہ شاید وہ باز آئیں ۔ (سورۃ التوبہ التوبة : 12)

محترم قارئینِ کرام : شعائر اسلام کی توہین کی وجہ سے بھی جہاد کیا جاتا ہے ۔ اور کشمیر میں مذکورہ بالا وجوہات میں سے اکثر پائی جاتی ہیں کیونکہ وہ مسلمانوں کا علاقہ ہے جس پر ہندو قابض ہے ۔ دعوت الى اللہ کے راستے وہاں مسدود کیے جا رہے ہیں ۔ ہندو مشرک جب چاہیں مسلمانوں پر حملہ آور ہو تے اور انہیں ظلم وستم کا نشانہ بناتے اور عزتوں کو تار تار کرتے ہیں ۔ اور کشمیر کے حوالہ سے جو عہد انہوں نے کیا تھا اسے مسلسل توڑتے چلے آ رہے ہیں ۔ لہٰذا کشمیر میں ان تمام تر وجوہات کی بناء پر جہاد کرنا بالکل درست اور شرعی فریضہ ہے ۔ اور وہاں موجود کٹھ پتلی حکومت ، در اصل کفر ہی کی حکومت ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے اور موجودہ حالات میں کشمیر کےلیئے اہلِ اسلام پر جہاد فرض ہو چکا ہے ۔
محترم قارئینِ کرام : فلسطین اور کشمیر ایک اسلامی ریاست و علاقہ تھے اور ہیں اس پر کفر نے قبضہ کر لیا ہے ، لہٰذا بقدر ضرورت تمام عالم اسلام پر فرض ہو جاتا ہے کہ اس کی آزادی کے لئے اللہ کی راہ میں جہاد کریں ، کیونکہ اگر کسی بھی اسلامی ملک یا شہر پر کفار قبضہ کر لیں تو اس شہر کے باشندوں ، اور بقدر ضرورت تمام امت مسلمہ پر اس کا آزاد کروانا فرض عین ہو جاتا ہے ، اس مسئلہ میں سلف و خلف کسی کا اختلاف نہیں ۔ علامہ جصاص رحمہ اللہ نے اس پر اجماع امت نقل کیا ہے : تمام امت مسلمہ کا یہ واضح عقیدہ ہے کہ جب کسی مسلمان ملک کی سرحد پر دشمن کے حملہ کا خوف ہو اور وہاں کے مقامی باشندوں میں دشمن سے مقابلہ کی طاقت نہ ہو۔ اور اس طرح ان کے شہر، ان کی جانیں اور ان کی اولاد خطرہ میں پڑ جائیں تو پوری امت مسلمہ پر یہ فرض ہے کہ دشمن کے مقابلہ کے لئے سینہ سپر ہو جائیں، تا کہ دشمن کی دست درازی روک دی جائے، اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے کہ پوری امت اس پر متفق ہے۔ اس لیے کہ مسلمانوں میں سے کسی ایک کا بھی ایسا قول نہیں ہے کہ ایسی حالت میں مسلمانوں کے لئے جہاد چھوڑ کر بیٹھے رہنا جائز ہوتا ہو کہ دشمن مسلمانوں کا قتل عام کرتے رہیں اور ان کے اہل و عیال کو قید کر کے ان سے غلاموں کا برتاؤ کرتے رہیں ۔ (احکام القرآن/ ص ۱۱۴)

اگر دشمن (کفار) مسلمانوں کے کسی بارڈر پر حملہ کردیں تو : ⬇

صاحب رد المحتار لکھتے ہیں : اگر دشمن (کفار) مسلمانوں کے کسی بارڈر پر حملہ کردیں تو ہر اس شخص پر جو دشمن سے قریب ہو جہاد فرض عین ہوجائے گا ۔ البتہ جو لوگ ان سے پیچھے دشمن سے دوری پر واقع ہوں جب تک ان کی ضرورت نہ ہو تو ان پر فرض کفایہ ہوگا ۔ اور اگر ان کی ضرورت محسوس کی جانے لگے بایں طور کہ جو لوگ دشمن سے قریب ہوں وہ دشمن سے لڑنے پر قادر ہی نہ ہوں ، یا قادر تو ہوں لیکن سستی کرنے لگیں اور جہاد نہ کریں ، پس ایسی حالت میں ان لوگوں پر جو ان کے قریب ہوں جہاد اسی طرح فرض عین ہوجائے گا جیسے نماز و روزہ ۔ ان لوگوں کو جہاد چھوڑ دینے اور بیٹھے رہنے کی اجازت نہیں ہوگی ، اور پھر اسی ترتیب سے تمام دنیا کے مسلمانوں پر مشرق سے مغرب تک جہاد فرض عین ہوجائے گا ۔ (ردالمحتار، المعروف بالشامی/ جلد نمبر 3 صفحہ نمبر 238،چشتی)

کفار جب کسی شہر پر ہلہ بول دیں (جیسا کہ اس وقت فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں کفّار نے ہلہ بول دیا ہے) تو اس حالت میں جہاد فرض عین ہو جائے گا ۔

علامہ کاسانی رحمۃ اللہ علیہ ’’بدائع الصنائع‘‘ میں لکھتے ہیں : پس جب نفیر عام ہوجائے اس طرح کہ کفار کسی شہر پر ہلہ بول دیں تو اس حالت میں جہاد فرض عین ہوجائے گا، بشرط قدرت ہر ایک مسلمان پر فرض ہوگا اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی وجہ سے: ’’نکل پڑو اللہ کی راہ میں کفار سے لڑنے کے لئے ہلکے ہو یا بوجھل‘‘۔ (کہا گیا ہے کہ یہ آیت پاک نفیر عام کے لئے نازل ہوئی ہے) اور اللہ تعالیٰ کے اس قول کی وجہ سے : نہ چاہیے مدینہ والوں کو اور ان کے گرد و نواح گنواروں کو، کہ وہ پیچھے رہ جائیں رسول (صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم) کے ساتھ سے اور نہ یہ کہ اپنی جان کو نبی کی جان پر چاہیں (ترجیح دیں) پارہ نمبر ۱۰/ رکوع نمبر ۱۴۔ نیز اس لئے کہ نفیر عام سے پہلے ہر ایک پر وجوب ثابت تھا، بعض سے سقوط فرضیت دوسرے بعض کے عمل پیرا ہوجانے سے ہوا تھا۔ پس جب نفیر عام ہوجائے تو اس کا تحقق جب ہی ہوگا جب ہر ایک اٹھ کھڑا ہو لہذا اس حالت میں ہر ایک پر عین فرضیت باقی رہے گے، جیسے کہ نماز و روزہ، یہاں تک کہ غلام آقا کی اجازت کے بغیر، عورت شوہر کی اجازت کے بغیر میدان کار زار میں کود پڑیں گے، اسی طرح بچے والدین کی اجازت کے بغیر جہاد فی سبیل اللہ کے لئے نکل پڑیں گے ۔ (بدائع الصنائع/ ج ۷ / ص۹۸،چشتی)

لوگوں کو یہ خبر مل جائے کہ دشمن اسلامی شہر پر چڑھ آیا ہے تو جہاد فرض ہے

فقہ حنفی کی قدیم کتاب ’’فتاویٰ قاضی خان‘‘ میں ہے : جب تک نفیر عام نہ ہوجائے تب تک غلام اپنے آقا کی اجازت کے بغیر اور عورت اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر جہاد کے لیے نہ نکلے ۔ البتہ جب نفیر عام ہوجائے اور لوگوں کو یہ خبر مل جائے کہ دشمن اسلامی شہر پر چڑھ آیا ہے (تو بدوں اذن ہی جہاد کے لیے نکلنا ضروری ہے) نیز جب مسلمانوں کی جان یا اولاد یا مال خطرے میں پڑ جائیں تو آدمی کو بغیر والدین کی اجازت کے نکلنا درست ہے اور نابالغ بچے کے لیے نفیر عام کے وقت جہاد میں شریک ہونے میں کوئی حرج نہیں ہے، اگرچہ اس کے والدین منع ہی کریں اور اگر روم والے حملہ کردیں تو ہر اس شخص پر جو جہاد میں جاسکتا ہو اور اس کے پاس سواری اور سفر خرچ کا انتظام ہو۔ جہاد کے لیے نکلنا ضروری ہے اور کسی بَیِّن عذر کے علاوہ پیچھے رہنا جائز نہیں ۔ اگر ایک مسلمان عورت مشرق میں قید کردی گئی تو مغرب میں رہنے والے مسلمانوں پر فرض ہے کہ اس کو کفار کی قید سے چھڑائیں ۔ (الفتاویٰ الخانیۃ، الموضوع بہا مش فتاویٰ الہندیہ /ج ۵/ص ۵۵۹،چشتی)

اس سے معلوم ہوا اس وقت فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اہلِ اسلام پر جہاد فرض ہو چکا ہے مسلم علاقے پر کفر کا قبضہ اور عزتیں غیر محفوظ ہیں ۔

نفیرِ عام سے پہلے جہاد نفل ہے ، اور نفیر عام کے بعد فرض عین ہوجاتا ہے اس وقت مقبوضہ کشمیر میں جو حالات ہیں نفیر عام ہو چکا ہے اور مسلمانوں پر جہاد فرضِ عین ہو چکا ہے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اب جہاد کا یہ فریضہ ادا کر لازم ہو ہے ۔

فقہ حنفی کی مشہور مفتیٰ بہ کتاب ’’فتاویٰ عالمگیری‘‘ جو صدھا علماء کرام کی محنت شاقہ اور متفقہ رائے سے مرتب ہوئی تھی ، اس کی ’’کتاب السِّیَر‘‘ کے شروع ہی میں یہ بحث ہے : بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ نفیر عام سے پہلے جہاد نفل ہے ، اور نفیر عام کے بعد فرض عین ہوجاتا ہے ۔ مگر اکثر مشائخ کا قول کے مطابق جہاد ہر حال میں فرض ہے، صرف اتنی بات ہے کہ نفیر عام سے پہلے فرض کفایہ ہے اور نفیر عام کے بعد فرض عین ہوجاتا ہے ، یہی صحیح ہے ۔ نفیر عام کا یہ مطلب ہے کہ اہل شہر کو صرف یہ اطلاع پہنچ جائے کہ دشمن آپہنچا ہے ، جو تمہاری جان ، اولاد اور مال کا خواہاں ہے ۔ (کچھ آگے چل کر لکھا ہے) یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ نفیر عام کی خبر دینے والا ، عادل و فاسق دونوں اس مسئلہ میں برابر ہیں ، ان کی خبر بہر حال قبول کی جائے گی ۔ (فتاویٰ عالمگیری/ جلد۳/ ص۲۸)

اس کی روشنی میں معلوم ہوا اس وقت فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جو حالات ہیں نفیر عام ہو چکا ہے اور مسلمانوں پر جہاد فرضِ عین ہو چکا ہے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اب جہاد کا یہ فریضہ ادا کر لازم ہو ہے بصورتِ دیگر فرضِ عین کے منکر کہلائیں گے ۔ اور مسلمانوں کے قتلِ عام کے مجرم و گناہ گار کہلائیں گے اے اہلِ اسلام کب جاگو گے آخر کب ؟ ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

جاہل قصہ گو واعظین کا رد اور خطباء و مقررین کےلیے شرائط

جاہل قصہ گو واعظین کا رد اور خطباء و مقررین کےلیے شرائط محترم قارئینِ کرام : مقرر کےلیے چار شرائط ہیں ، ان میں ایک بھی نہ پائی جائے تو تقریر...