Tuesday, 22 March 2022

اِسْتِقْبالِ رَمَضَانُ المبارک

اِسْتِقْبالِ رَمَضَانُ المبارک
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
محترم قارئینِ کرام : استقبال کے معنی ہیں کسی آنے والے کو خوش آمدید کہنا ‘ اگر وہ محبوب ہے تو اس کےلیے دیدہ ودل فرشِ راہ کرنا ‘ عربی زبان میں اس کےلیے ”اَھْلاًوَّ سَھْلاً‘‘ اور ”مَرْحَبًا بِکُمْ‘‘ کے کلمات استعمال ہوتے ہیں ۔ ”رَحْب‘‘ کے معنی کشادگی کے ہیں اور کسی کو ”مَرْحَبًابِکُمْ‘‘ کہنے کا مطلب ہے : آپ کےلیے ہمارے دل میں بڑی کشادگی ہے ، کوئی انقباض نہیں ہے  ۔ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ رمضان المبارک سے اتنی زیادہ محبت فرماتے کہ اکثر اس کے پانے کی دُعا فرماتے تھے اور رمضان المبارک کا اہتمام ماہ شعبان میں ہی روزوں کی کثرت کے ساتھ ہو جاتا تھا ۔ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ بڑے شوق و محبت سے ماہ رمضان کا استقبال فرماتے ۔ قمری سال کے مہینوں میں ”رمضان‘‘ ہی ایسا عظیم المرتبت مہینہ ہے جس کی شان قرآنِ کریم میں بیان کی گئی ہے ۔ اور اس کی بابت ایک مفصَّل استقبالی خطبہ بھی نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے روایت ہے‘ جو درج ذیل ہے : ⬇

حضرت سلمان فارسی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ بیان کرتے ہیں : (ایک بار) رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے شعبان کے آخری دن ہمیں ایک خطبہ ارشاد فرمایا : آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : اے لوگو ! تم پر ایک عظیم مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے‘ (یہ) مبارک مہینہ ہے ، اس میں ایک رات (ایسی ہے جو) ہزار مہینوں سے بہتر ہے ، ﷲ تعالیٰ نے اس ماہ کے روزے رکھنا فرض قرار دیا ہے اور اس کی راتوں میں (نوافل کےلیے) قیام کو نفلی عبادت قرار دیا ہے ، سو جو (خوش نصیب) اس مہینے میں کوئی نفلی عبادت انجام دے گا ، تو اُسے دوسرے مہینوں کے (اسی نوع کے) فرض کے برابر اجر ملے گا اور جو اس مہینے میں کوئی فرض عبادت ادا کرے گا ، تو اسے (اسی نوع کے) غیرِ رمضان کے سترفرائض کے برابر اجر ملے گا ۔ یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا ثواب جنت ہے ، یہ دوسروں سے ہمدردی اور ان کے دکھوں کے مداوے کامہینہ ہے ، یہ ایسا (مبارک) مہینہ ہے کہ اس میں مومن کے رزق میں اضافہ کیا جاتا ہے ، جو شخص اس مہینے میں کسی روزے دار کا روزہ افطار کرائے گا ، تویہ اس کےلیے گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ بنے گا ، اس کے سبب اس کی گردن نارِ جہنّم سے آزاد ہوگی اور روزے دار کے اجر میں کسی کمی کے بغیر اسے اس کے برابر اجر ملے گا ۔ (حضرت سلمان فارسی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ بیان کرتے ہیں : ) ہم نے عرض کی : یا رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہم میں سے ہر ایک کو اتنی توفیق نہیں ہے کہ وہ روزے دارکو روزہ افطار کرائے ، توآپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : یہ اجر اسے بھی ملے گا ، جو دودھ کے ایک گھونٹ یا ایک کھجور یا پانی پلا کر ہی کسی روزے دارکو روزہ افطار کرائے اور جو شخص کسی روزے دار کو پیٹ بھر کر کھلائے‘ تواللہ تعالیٰ اسے (قیامت کے دن) میرے حوضِ (کوثر) سے ایسا جام پلائے گا کہ (پھر) وہ جنت میں داخل ہونے تک پیاسا نہیں ہوگا ۔ یہ ایسا (مبارک) مہینہ ہے کہ اس کا پہلا عشرہ (باعثِ نزولِ) رحمت ہے اور اس کا دوسرا عشرہ وسیلۂ مغفرت ہے اور اس کا آخری عشرہ نار (جہنم) سے آزادی کاسبب ہے ۔ جو شخص اس مہینے میں اپنے ماتحت (خدام اور ملازمین) کے کام میں تخفیف کرے‘ تواللہ تعالیٰ اسے بخش دے گااور اسے نار (جہنم) سے رہائی عطا فرمائے گا ۔ (شُعَبُ الایمان لِلبَیہقی : 3336)

نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ اس مبارک مہینے کو خوش آمدید کہہ کر اس کا استقبال فرماتے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے سوالیہ انداز میں تین بار دریافت کرتے : مَاذَا يَسْتَقْبِلُکُمْ وَتَسْتَقْبِلُوْنَ ؟ ’’کون تمہارا استقبال کر رہا ہے اور تم کس کا استقبال کر رہے ہو ؟‘‘
حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے عرض کیا : یا رسول ﷲ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کیا کوئی وحی اترنے والی ہے ؟ فرمایا : نہیں ۔ عرض کیا : کسی دشمن سے جنگ ہونے والی ہے ؟ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : نہیں ۔ عرض کیا : پھر کیا بات ہے ؟ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : اِنَّ ﷲَ يَغْفِرُ فِی أَوَّلِ لَيْلَةٍ مِنْ شَهْرِ رَمَضَانَ لِکُلِّ أَهْلِ الْقِبْلَةِ ۔ (الترغيب والترهيب، 2 : 64، رقم : 1502)
’’بے شک ﷲ تعالیٰ ماہ رمضان کی پہلی رات ہی تمام اہلِ قبلہ کو بخش دیتا ہے ۔‘‘

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جیسے ہی ماہ رجب کا چاند طلوع ہوتا نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ اللہ تعالیٰ کے حضور یہ دعا فرماتے : اَللَّهُمَّ بَارِکْ لَنَا فِي رَجَبٍ، وَشَعْبَانَ، وَبَارِکْ لَنَا فِی رَمَضَانَ ۔ (حلية الأولياء جلد 6 صفحہ 269،چشتی)
’’اے اللہ! ہمارے لیے رجب ، شعبان اور (بالخصوص) ماہ رمضان کو بابرکت بنا دے ۔‘‘

عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ رضي ﷲ عنهما قَالَ : قُلْتُ : يَا رَسُوْلَ ﷲِ ، لَمْ أَرَکَ تَصُوْمُ شَهْرًا مِنَ الشُّهُوْرِ مَا تَصُوْمُ مِنْ شَعْبَانَ ؟ قَالَ : ذَالِکَ شَهْرٌ يَغْفُلُ النَّاسُ عَنْهُ بَيْنَ رَجَبٍ وَرَمَضَانَ وَهُوَ شَهْرٌ تُرْفَعُ فِيْهِ الأَعْمَالُ إِلَی رَبِّ الْعَالَمِيْنَ فَأُحِبُّ أَنْ يُرْفَعَ عَمَلِي وَأَنَا صَائِمٌ ۔ (نسائي، السنن، کتاب الصيام، باب صوم النبي صلی الله عليه وآله وسلم بأبي هو وأمّي وذکر اختلاف الناقلين للخبر في ذلک، 4 : 201، رقم : 2357)(أحمد بن حنبل، المسند، 5 : 201، رقم : 21801،چشتی)
’’حضرت اُسامہ بن زید رضی ﷲ عنہما روایت کرتے ہیں کہ میں نے عرض کیا : یا رسول ﷲ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ جس قدر آپ شعبان میں روزے رکھتے ہیں اس قدر میں نے آپ کو کسی اور مہینے میں روزے رکھتے ہوئے نہیں دیکھا ؟ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : یہ ایک ایسا مہینہ ہے جو رجب اور رمضان کے درمیان میں (آتا) ہے اور لوگ اس سے غفلت برتتے ہیں حالانکہ اس مہینے میں (پورے سال کے) عمل اللہ تعالیٰ کی طرف اٹھائے جاتے ہیں لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ میرے عمل روزہ دار ہونے کی حالت میں اُٹھائے جائیں ۔‘‘

اُمّ المومنین حضرت اُمّ سلمہ رضی ﷲ عنہا بیان کرتی ہیں کہ انہوں نے نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو مسلسل دو ماہ تک روزے رکھتے نہیں دیکھا مگر نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ شعبان المعظم کے مبارک ماہ میں مسلسل روزے رکھتے کہ وہ رمضان المبارک کے روزہ سے مل جاتا ۔ (نسائي، السنن، کتاب الصيام، ذکر حديث أبی سلمه فی ذلک، 4 : 150، رقم : 2175،چشتی)

ماہِ شعبان ماہِ رمضان کےلیے مقدمہ کی مانند ہے لہٰذا اس میں وہی اعمال بجا لانے چاہییں جن کی کثرت رمضان المبارک میں کی جاتی ہے یعنی روزے اور تلاوتِ قرآن حکیم ۔ علامہ ابن رجب حنبلی رحمۃ اللہ علیہ ’لطائف المعارف (ص : 258)‘ میں لکھتے ہیں : ماہ شعبان میں روزوں اور تلاوتِ قرآن حکیم کی کثرت اِس لیے کی جاتی ہے تاکہ ماہ رمضان کی برکات حاصل کرنے کےلیے مکمل تیاری ہو جائے اور نفس ، رحمن کی اِطاعت پر خوش دلی اور خوب اطمینان سے راضی ہو جائے ۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے معمول سے اِس حکمت کی تائید بھی ہو جاتی ہے ۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ شعبان میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے معمول پر روشنی ڈالتے ہوئے فرماتے ہیں : کان المسلمون إِذَا دَخَلَ شَعْبَانُ أکبُّوا علی المصاحِفِ فقرؤوها، وأَخْرَجُوْا زَکَاةَ أموالهم تقوِيَةً للضَّعيفِ والمسکينِ علی صيامِ و رمضانَ ۔ (لطائف المعارف : 258)
’’شعبان کے شروع ہوتے ہی مسلمان قرآن کی طرف جھک پڑتے، اپنے اَموال کی زکوۃ نکالتے تاکہ غریب، مسکین لوگ روزے اور ماہ رمضان بہتر طور پر گزار سکیں ۔

حضرت عبدُاللہ بِن عُکَیْم جُہَنِی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے کہ جب رمضان المبارک کی آمد ہوتی توامیر المؤمنین حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ یکم رمضان المبارک کی شب نمازِ مغرب کے بعد لوگوں کو نصیحت آموز خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرماتے : اے لوگو بیٹھ جاؤ ! بے شک اس مہینے کے روزے تم پر فرض کیے گئے ہیں ، البتہ اس میں نوافل کی ادائیگی فرض نہیں ہے ، لہٰذا جو بھی نوافل ادا کرنے کی استطاعت رکھتا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ نوافل ادا کرے کیونکہ یہ وہی بہترین نوافل ہیں جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے اِرشاد فرمایا ہے اور جو نوافل کی ادائیگی کی اِستطاعت نہیں رکھتا اُسے چاہیے کہ اپنے بستر پر سو جائے ۔ تم میں سے ہر بندہ یہ کہتے ہوئے ڈرے کہ اگر فُلاں شخص روزہ رکھے گا تو میں روزہ رکھوں گا ، اور اگر فُلاں شخص نوافل ادا کرے گا تو میں بھی نوافل پڑھوں گا ۔ جوبھی روزہ رکھے یا  نوفل ادا کرے تو اللہ تعالیٰ کی رضا کےلیے کرے ۔ تم میں سے ہر شخص کو یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ جب تک وہ نماز کے انتظار میں ہوتا ہے درحقیقت نماز ہی میں ہوتا ہے ۔ آپ نے دو تین  مرتبہ یہ ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر میں فضول باتیں کرنے سے بچتے رہو ۔ پھر تین مرتبہ یہ ارشاد فرمایا : خبردار ! تم میں سے کوئی بھی ہرگز اس مبارک مہینے کو  فضول نہ گزارے ۔ جب تک چاند نہ دیکھ لو اس وقت تک روزہ نہ رکھو اگر چاند (Moon) مشکوک ہو جائے تو تیس (30) دن پورے کرو اور جب تک اندھیرا (یعنی سورج کے ڈوب جانے کا یقین)نہ ہو اس وقت تک افطار نہ کرو ۔ (مصنف عبدالرزاق، کتاب الصلوٰۃ،باب قیام رمضان، ۴/ ۲۰۴،حدیث:۷۷۷۸)

حضرت فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ ماہِ غُفران کی اہمیت و فضیلت سے کس قدر واقف  تھے اور اس مبارک مہینے سے کیسی والہانہ عقیدت و محبت کرتے تھے کہ جیسے ہی یہ مبارک مہینہ جلوہ گر ہوتا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہتی ، آپ آمدِ رمضان پر نہ صرف خود نیکیوں میں مشغول ہو جاتے بلکہ مسلمانوں میں عبادت کا ذوق و شوق بیدار کرنے کےلیےانہیں بھی اس مقدَّس مہینے میں اخلاص کےساتھ کثرت سے نفل عبادت کی ترغیب دلاتے اور آمدِ ماہِ رمضان کے پُرنور موقع پر چراغاں کے ذریعے مساجد کو روشن کرنا بھی آپ کے مبارک معمولات میں شامل تھا جیسا کہ حضرت ابواسحاق ہَمدانی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : امیر المؤمنین حضرت علی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ رَمضانُ المبارک کی پہلی رات (First Night) باہر نکلے تو دیکھا کہ مساجد پر قندیلیں چمک رہی ہیں اور لوگ کتابُ اللہ کی تلاوت کر رہے ہیں ۔ یہ دیکھ کر آپ نے ارشاد فرمایا : نَوَّرَاللہُ لِعُمَرَ فِيْ قَبْرِہٖ كَمَا نَوَّرَ مَسَاجِدَ اللہِ بِالْقُرْآنِ ۔ یعنی اللہ تعالیٰ امیر المؤمنین حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کی قبر کو ویسا ہی منوَّر کر دے جیسا آپ نے (رمضانُ المبارک میں) مساجد کو قرآن سے منوَّر کیا ۔ (الریاض النضرہ)

ہمیں چاہیے کہ ہم بھی اس مقدَّس مہینےکو عظیم الشّان طریقے سےخوش آمدیدکہنے کی تیَّاری شروع کر دیں ، اسےفضولیات اور غفلت میں گزارنے کے بجائے اخلاص کے ساتھ نیک اَعمال مثلاً فرائض و واجبات ، سنن و مستحبات ، نوافل ، ذکر و اذکار ، تلاوتِ قرآن ، زکوۃ و فطرات ، صدقہ و خیرات ، عشر و عطیات ، تہجد ، اشراق و چاشت ، غرباء و مساکین کی اِمداد ، شب بیداری ، توبہ و استغفار اور دعا و مناجات ، دُرُود و سلام کی کثرت ، حمد و نعت جیسی نیکیوں میں مشغول رہیں بلکہ ہر وہ نیک و جائز کام کرنے کی کوشش کریں کہ جس میں اللہ تعالیٰ اور اس کے مَحبوب صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی رِضا ہو۔ ہمارے کریم آقا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ بھی اس مبارک مہینے کی آمدہوتے  ہی عِبادتِ الٰہی میں بہت زیادہ مشغول ہو جایا کرتے تھے : اُمُّ الْمُؤمِنِین حضرت عائِشہ صِدّیقہ رَضِیَ اللہُ عَنْہَا فرماتی ہیں : جب ماہِ رَمَضان آتا تو نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عِبادت کےلیے کَمر بَستہ ہو جاتے اور سارا مہینہ اپنے بِستر مبارک پر تشریف نہ لاتے ۔ (تفسیر درمنثور،۱ / ۴۴۹) ۔ مزید فرماتی ہیں کہ جب ماہِ رَمَضان تشریف لاتا ، تو نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کارنگ مبارَک تبدیل (ہو کر پیلا یا لال) ہو جاتا ، آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نَماز کی کثرت فرماتے ، خوب گِڑ گڑا کر دُعا ئیں مانگتے اور اللہ تعالیٰ کا خوف آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر طاری رہتا ۔ (شُعَبُ الْایمان،۳  / ۳۱۰ ،حدیث: ۳۶۲۵)

ہر مسلمان کےلیے اللہ تعالے کی طرف سے رمضانُ المبارک کا مہینہ ایک گراں قدر تحفہ اور عظیم نعمت ہے ، زندگی کے نشیب و فراز سے گذارتے ہوئے اللہ عزوجل نے ہمیں رمضانُ المبارل کے دہانے تک پہنچایا ہے ، اس لیے ہمیں سب سے پہلے اس رب کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔ اور محض زبانی شکر کافی نہیں ہے ، بلکہ اپنے اعمال و کردار سے بھی اس کا اظہار کریں ۔ شکر نعمت میں پائداری اور زیادتی کے اسباب میں سے ہے ۔ شعبان کا مہینہ چونکہ طہارت کا مہینہ ہے ، اس لیے اہل ایمان کو اس ماہ فضیلت میں خاص اہتمام سے گناہوں سے توبہ کرلینی چاہیے تاکہ ان کے باطن کا خوب تزکیہ ہو تاکہ وہ ماہِ رمضان کا استقبال بہتر کیفیات کے ساتھ کرسکیں ۔    ان مبارک ایام میں اپنے لیے ، پوری امت مسلمہ کےلیے جملہ خیرات کی دعا کریں اور دیگر راہِ ہدایت سے بھٹکی انسانیت کےلیے بھی اللہ تعالیٰ سے ہدایت طلب کریں ۔در اصل یہی ان ایام کا وہ مبارک ثمرہ ہے جس کی لذت سے ہمیں محظوظ ہونا چاہیے ۔ اللہ تعالیٰ ٰسے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے عظیم الشان مہمان کی آمد سے پہلے پہلے عمدہ اخلاق اور عالی صفات سے مزین فرمادے کہ ہم خوب سیرت ہو کر اپنے اس محترم و قدس مہمان کا استقبال کریں جس کی آمد کے ہم منتظر ہیں اور زبان سے دعا گو ہیں کہ : اے اللہ تُو ہمارے ماہِ شعبان میں برکت عطافرما اور ہمیں صحت و عافیت سے ماہِ رمضان تک پہنچا آمین ۔

اہلِ اسلام سے گذارش ہے کہ الفیض فاٶنڈیشن پاکستان کے زیرِ انتظام دین کی نشر و اشاعت کرنے ، دینی تعلیم عام کرنے خصوصاً دور دراز دیہاتوں کے غریب بچوں کو مفت دینی و عصری تعلیم دینے ، ادارہ کےلیے جگہ کی خریداری و تعمیر ۔ دین کی نشر و اشاعت ، دینی کتب تفاسیر قرآن ، کتبِ احادیث عربی اردو کی شروحات ، دیگر اسلامی کتب ،  کی خریداری کے سلسلہ میں تعاون فرمائیں جزاکم اللہ خیراً کثیرا آمین ۔ ہمارے اکاؤنٹ نمبرز یہ ہیں : فیض احمد چشتی اکاؤنٹ نمبر : ⬇ 0001957900055503 حبیب بینک کیولری گراؤنڈ برانچ لاہور پاکستان ، موبی کیش اکاؤنٹ نمبرز یہ ہیں ۔ 03009576666 ،03215555970 ، جزاكم اللهُ‎ خیراً کثیرا آمین ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...