Monday, 11 October 2021

قبر کی زندگی اور حیات النبی ﷺ حصہ دوم

 قبر کی زندگی اور حیات النبی ﷺ حصہ دوم

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

محترم قارئینِ کرام : عن ابن شماشۃ المھری قال: حضرنا عمرو بن العاص وھو فی سیاقۃ الموت (فساق الحدیث الی ان قال)اذا دفنتمونی فشنوا علی التراب شنا ثم اقیموا حول قبری قدر ما تنحر جزور ویقسم لحمھا حتی استانس بکم وانظر ماذا ارجع بہ رسل ربی ۔

تر جمہ : حضرت ابن شماشہ مہری سے روایت ہے کہ : حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے وقت نزاع اپنے صاحبزادے سے کہا : جب مجھے دفن کرچکو ، تو مجھ پر آہستہ آہستہ مٹی ڈالنا پھر میری قبر کے پاس اتنی دیر ٹہرے رہنا جتنی دیر میں ایک اونٹ ذبح کر کے اس کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے ، تاکہ میں تم سے انس حاصل کروں اور جان لو کہ میں اپنے رب کے فر شتوں کو کیا جواب دیتا ہوں ۔ (مسلم کتاب الایمان باب کون الاسلام مایھدم ماقبلہ وکذا الھجرۃ والحج،حدیث: ۱۲۱)


ان عقبۃ بن عامر رضی اللہ عنہ قال:ما ابالی فی القبور قضیت حاجتیی او فی السوق والناس ینظرون ۔ (مصنف ابن ابی شیبۃ،جلد:۳؍ ص:۳۳۹،حدیث:۱۱۹۰۳)

تر جمہ : حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ:انہوں نے کہا:میں برابر جانتاہوں کہ میں قبرستان میں قضائے حاجت کے لئے بیٹھوں یا بازار میں کہ لوگ دیکھتے رہے ۔ (یعنی مردے بھی دیکھتے ہیں جیسے زندہ دیکھتا ہے)۔(مصنف ابن ابی شیبۃ،جلد:۳؍ ص:۳۳۹،حدیث:۱۱۹۰۳،چشتی)


عن عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ قال:أذی المومن فی موتہ کاذاہ فی حیاتہ۔(مصنف ابن ابی شیبۃ،جلد:۳؍ص:۳۶۷،حدیث: ۱۲۱۱۵،چشتی) ۔ تر جمہ : حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ:انہوں نے ارشاد فر مایا : مون کو مرنے کے بعد تکلیف دینا ایسے ہی جیسے اس کی زندگی میں تکلیف دینا ۔


عن ابی ایوب : ان النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم سمع صوتا حین غربت الشمس فقال:ھذہ اصوات الیھودتعذب فی قبورھا ۔ (مصنف ابن ابی شیبۃ،جلد:۳؍ص:۳۷۵،حدیث: ۱۲۱۶۰) ۔ ترجمہ : حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے سورج کے ڈوبنے کے وقت ایک آواز سنی تو فر مایا:یہ یہودیوں کی آواز ہے جنہیں ان کی قبروں میں عذاب دیا جارہا ہے ۔


عن عبد اللہ بن عمروبن العاص عن النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم قال : ان الدنیا جنۃ الکافر وسجن المومن وانما مثل المومن حین تخرج نفسہ کمثل رجل کان فی سجن فاخرج منہ فجعل ینقلب فی الارض ویتفسح فیھا۔و لفظ ابی بکر ھکذا:الدنیا سجن المومن و جنۃ الکافر فاذا مات المومن یخلی سر بہ یسرح حیث یشائ ۔

تر جمہ : حضرت عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ: حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے فرمایا:بے شک دنیا کافر کی جنت ہے اور مسلمانوں کا قید خانہ،اور ایمان والوں کی جب جان نکلتی ہے تو اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے کوئی قید خانہ میں تھا اور اب اسے نکال دیا گیا کہ زمین میں گشت کرتا اور با فر اغت چلتا پھرتا ہے۔اور ابو بکر بن ابی شیبہ کی روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ:دنیا مسلمانوں کا قید خانہ ہے اور کافروں کی جنت ،جب مسلمان مرتا ہے تو اس کی راہ کھول دی جاتی ہے کہ جہاں چاہے سیر کرے ۔ (کتاب الزھد لابن المبارک،ص:۲۱۱، حدیث :۵۹۷، دارالکتب العلمیہ بیروت،مصنف ابن ابی شیبۃ،کتاب الزھد،جلد:۱۳، ص:۳۵۵،حدیث:۳۵۸۶۷،چشتی)


عن ابی سعید الخدری رضی اللہ عنہ ان النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم قال: ان المیت یعرف من غسلہ ویحملہ ومن یکفنہ ومن ید لیہ فی حفرتہ۔(مسند احمد بن حنبل،مسند ابی سعید الخدری رضی اللہ عنہ،جلد:۳؍ ص: ۳،حدیث:۱۱۰۱۰،چشتی)

ترجمہ : حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے ارشاد فر مایا : بے شک مردہ اسے پہچانتا ہے جو اس کو غسل دے اور جو اٹھائے اور جو کفن پہنائے اور جو قبر میں اتارے ۔


عن ام المومنین عائشۃ رضی اللہ عنھا قالت:کنت ادخل بیتی الذی فیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم وانی واضع ثوبی واقول انما ھو زوجی و ابی ،فلما دفن عمر ،فواللہ ما دخلتہ الا و انا مشدودۃ علی ثیابی حیاء من عمر ۔ (مشکوۃ المصابیح،باب زیارۃ القبور،ص:۱۵۴،چشتی)

تر جمہ : ام المومنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ :وہ فر ماتی ہیں :میں اس مکان جنت آستاں میں جہاں حضور سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کا مزار پُر انوار ہے یوں ہی بے لحاظ ستر و حجاب چلی جاتی ،اور جی میں کہتی وہاں کون ہے،یہی میرے شوہر یا میرے والد پھر جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ دفن ہوئے تو قسم بخدا ،میں عمر سے حیاء کرتے ہوئے کبھی بغیر سراپا بدن چھپائے نہ گئی ۔ (امام حاکم نے بھی اس حدیث کو روایت کیا اور کہا کہ یہ حدیث امام بخاری اور امام مسلم کی شرط کے مطابق صحیح ہے)


عن أبی الدرداء قال قال رسول اللہ -صلی اللہ علیہ وسلم:۔ ۔ ۔ إن اللہ حرم علی الأرض أن تأکل أجساد الأنبیاء . فنبی اللہ حی یرزق.

ترجمہ: حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ بیشک اللہ تعالی نے زمین پر حرام کردیا کہ وہ انبیاء کرام علیھم السلام کے اجسام کو متغیر کردے تو اللہ کے نبی حیات ہیں ،رزق پاتے ہیں۔(سنن ابن ماجہ، باب ذکر وفاتہ ودفنہ ،صلی اللہ علیہ وسلم،حدیث نمبر1706)


لہٰذا اللہ کے نبی زندہ رہتے ہیں اور رزق پاتے ہیں ، یہ حدیث پاک کلمات کے مختصر سے فرق کے ساتھ سنن ابو داؤد شریف ،سنن نسائی،مستدرک علی الصحیحین ، مسند امام احمد،مصنف ابن ابی شیبہ،سنن کبری للنسائی،معجم کبیر طبرانی،معجم اوسط طبرانی،بیہقی شب الایمان،صحیح ابن حبان، صحیح ابن خزیمۃ،سنن صغری للبیھقی،جامع الأحادیث،الجامع الکبیر للسیوطی،سنن دارمی،کنز العمال، جامع الأحادیث اور الجامع الکبیر للسیوطی میں موجودہے۔(سنن ابو داؤد شریف ج 1 کتاب الصلوٰۃ فضل یوم الجمعۃ ولیلۃ الجمعۃ ص 150-۔سنن نسائی، باب إکثار الصلاۃ علی النبی -صلی اللہ علیہ وسلم- یوم الجمعۃ،حدیث نمبر: 1385-۔سنن ابن ماجہ، باب فی فضل الجمعۃ، حدیث نمبر1138-۔مستدرک علی الصحیحین ، کتاب الجمعۃ، حدیث نمبر980-۔مسند امام احمد، حدیث أوس بن أبی أوس الثقفی، حدیث نمبر16592-۔مصنف ابن ابی شیبہ،ج2،ص389-۔سنن کبری للنسائی، حدیث نمبر16592-۔معجم کبیر طبرانی، حدیث نمبر588-۔معجم اوسط طبرانی، حدیث نمبر4936-۔بیہقی شب الایمان، حدیث نمبر2894-۔صحیح ابن حبان، باب الأدعیۃ، حدیث نمبر912-۔صحیح ابن خزیمۃ، جماع أبواب فضل الجمعۃ، حدیث نمبر1638-۔سنن صغری للبیہقی، باب فضل الجمعۃ، حدیث نمبر607-۔جامع الأحادیث، حدیث نمبر8441-۔الجامع الکبیر للسیوطی، حدیث نمبر1790-۔سنن دارمی، حدیث نمبر1624-۔کنز العمال، حدیث نمبر2202،چشتی)

سنن ابو داؤد شریف میں مذکورہ حدیث پاک کے الفاظ یہ ہیں :عن اوس بن اوس قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان من افضل ایامکم یوم الجمعۃ فیہ خلق آدم، و فیہ النفخۃ و فیہ الصعقۃ، فاکثروا علی من الصلاۃ فیہ ، فان صلاتکم معروضۃ علی قالوا: یا رسول اللہ و کیف تعرض صلا تنا علیک و قد ارمت؟ فقال : ان اللہ عز و جل حرم علی الارض اجساد الانبیاء ۔

ترجمہ: سیدنا اوس بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تمہارے دنوں میں زیادہ فضیلت والا دن جمعہ ہے اسی دن حضرت آدم علیہ السلام پیدا ہوئے اسی دن وصال فرمائے اسی دن صور پھونکا جائے گا اور اسی دن لوگوں پر بے ہوشی طاری ہوگی۔


لہٰذا تم اس دن مجھ پر کثرت سے درود شریف پڑھا کرو کیونکہ تمہارا درود میری بارگاہ میں پیش کیا جاتا ہے،راوی کہتے ہیں صحابہ کرام علیھم الرضوان نے عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم !آپ کی بارگاہ میں ہمارا درود کس طرح پیش کیا جائے گا جبکہ وصال فرماکر آپ پر ایک عرصہ بیت گیاہوگا؟ تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے زمین پر حرام کردیاہے کہ انبیاء کرام کے اجسام کو متغیرکرے۔ (سنن ابو داؤد شریف ج 1 کتاب الصلوٰۃ فضل یوم الجمعۃ ولیلۃ الجمعۃ ص 150،چشتی)


صحیح مسلم شریف میں حدیث پاک ہے:عن سلیمان التیمی سمعت انسا یقول قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مررت علی موسی و ہو یصلی فی قبرہ و زاد فی حدیث عیسی مررت لیلۃ اسری بی ۔

ترجمہ: سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : میں موسیٰ علیہ السلام کے پاس سے گزرا جبکہ وہ اپنے مزار میں نماز ادا کررہے تھے۔(مسلم شریف، 165، فضائل موسی)


نیزمسند ابو یعلی میں حدیث پاک ہے :عن انس بن مالک قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم الانبیاء احیاء فی قبورہم یصلون۔

ترجمہ: سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: انبیاء کرام علیھم الصلوٰۃ والسلام زندہ ہیں، اپنے مزارات میں نماز ادا کرتے ہیں۔ (مسند ابو یعلی ،حدیث 3331 مسند انس رضی اللہ عنہ)


امام ہیثمی رحمۃ اللہ علیہ نے مجمع الزوائد و منبع الفوائد میں اس حدیث پاک کو ذکر کرنے کے بعد لکھا ہے:و رجال ابی یعلی ثقات۔

ترجمہ: مسند ابو یعلی کی حدیث شریف کے تمام رواۃ ثقہ اور قابل اعتماد ہیں۔(مجمع الزوائد‘ باب ذکر الانبیائ‘ ج 8 ص 210)


61ھ میں جب یزیدی لشکر نے مدینہ طیبہ پر حملہ کیا تو مسجدنبوی شریف میں تین دن اذان واقامت نہیں کہی گئی ، ان دنوں حضرت سعیدبن مسیب رضی اللہ عنہ روضۂ اطہرسے اذان اور اقامت کی آواز سنتے تھے ، جیساکہ سنن الدارمی میں روایت ہے :


عن سعید بن عبد العزیز قال : لما کان أیام الحرۃ لم یؤذن فی مسجد النبی -صلی اللہ علیہ وسلم- ثلاثا ولم یقم ، ولم یبرح سعید بن المسیب المسجد ، وکان لا یعرف وقت الصلاۃ إلا بہمہمۃ یسمعہا من قبر النبی -صلی اللہ علیہ وسلم۔

ترجمہ : حضرت سعیدبن عبدالعزیز رضی اللہ عنہ سے روایت ہے اُنہوں نے فرمایا:جب واقعۂ حرہ رونماہوا تو حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مسجد شریف میں تین دن اذان واقامت نہیں کہی گئی ، حضرت سعیدبن مسیب رضی اللہ عنہ مسجدہی میں رہے ، وہ بیان کرتے ہیں کہ روضۂ اطہرسے اذان واقامت کی آواز آیاکرتی جس کی وجہ سے وہ نماز کا وقت معلوم کرتے تھے ۔ (سنن الدارمی ، کتاب المقدمہ ، باب مااکرم اللہ تعالی نبیہ بعد موتہ،حدیث نمبر:94،چشتی)


حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان وصال اقدس کے بعد وہی ہے جو وصال اقدس سے پہلے تھی،امام قسطلانی رحمۃ اللہ علیہ نے مواہب لدنیہ میں رقم فرمایا :اذ لا فرق بین موتہ وحیاتہ فی مشاھدتہ لامتہ ومعرفتہ احوالھم ونیاتھم وعزائمھم وخواطرھم ،وذلک عندہ جلی لا خفاء بہ۔

ترجمہ: امت کا مشاہدہ فرمانے کے لئے اور ان کے حالات ،نیتیں،ارادے اور دلی کیفیات کو جاننے کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اور وصال مبارک میں کوئی فرق نہیں۔اور یہ ساری چیزیں آپ پر بالکل عیاں ہیں جس میں کسی قسم کی پوشیدگی نہیں۔(المواھب اللدنیۃ مع شرح الزرقانی،الفصل الثانی فی زیارۃ قبرہ الشریف ومسجدہ المنیف،ج12،ص195،چشتی)

اسی وجہ سے حضرت امام مالک رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے خلیفہ ابو جعفرمنصورکو یہی فرمایا تھا کہ جب بارگاہ اقدس میں حاضرہوں تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی جانب ہی رخ کرکے دعا کریں،سبل الہدی والرشاد میں روایت ہے : ولما ناظر أبو جعفر المنصور عبد اللہ بن محمد بن عباس ثانی خلفاء بنی العباس مالکا فی مسجدہ علیہ الصلاۃ والسلام قال لہ مالک: یا أمیر المؤمنین لا ترفع صوتک فی ہذا المسجد، فإن اللہ تعالی أدب قوما فقال: (لا ترفعوا أصواتکم فوق صوت النبی) وإن حرمتہ میتا کحرمتہ حیا، فاستکان لہا أبو جعفر، وقال لمالک: یا أبا عبید اللہ أأستقبل القبلۃ وادعوا أم استقبل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ؟ فقال لہ: لم تصرف وجہک عنہ وہو وسیلتک ووسیلۃ أبیک آدم إلی اللہ تعالی یوم القیامۃ بل استقبلہ واستشفع بہ فیشفعک اللہ، فإنہ تقبل بہ شفاعتک لنفسک قال اللہ تعالی: (ولو أنہم إذ ظلموا أنفسہم)

ترجمہ :اور جب بنی عباس کے دوسرے خلیفہ ابو جعفر منصور عبد اللہ بن محمد بن عباس نے امام مالک رحمۃ اللہ تعالی علیہ سے مسجد نبوی علی صاحبہ الصلوٰۃ والسلام میں مناظرہ کیا تو امام مالک رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے ان سے فرمایا:اے امیر المؤمنین!اپنی آواز کو اس مسجد میں بلند نہ کرو!کیونکہ اللہ تعالی نے ایک بہترقوم کو ادب سکھاتے ہوئے (قرآن کریم میں )فرمایا:"اپنی آوازوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آواز پر بلند نہ کرو!"بیشک آپ کی ظاہری حیات طیبہ میں جس طرح آپ کاادب واحترام لازم تھا آپ کے وصال مبارک کے بعد بھی اسی طرح ادب واحترام ملحوظ رکھا جائے! تو خلیفہ ابو جعفر باادب ہوگئے اور امام مالک سے دریافت کرنے لگے:اے ابو عبید اللہ!بوقت حاضری ‘میں قبلہ کی جانب رخ کروں اور دعا کروں یا ‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی جانب رخ کروں؟تو آپ نے فرمایا:آپ اپنے چہر ہ کو حضور کی بارگاہ سے کیسے پھیر سکتے ہو؟جبکہ آپ کی ذات گرامی ہی قیامت کے دن اللہ تعالی کے دربار میں آپ کے لئے اور آپ کے والد حضرت آدم علیہ السلام کے لئے وسیلہ ہے۔ہر حال میں آپ حضور کی جانب ہی رخ کریں!اور آپ سے شفاعت طلب کریں!اللہ تعالی تمہارے حق میں سفارش قبول کرے گا،کیونکہ یہی وہ ذات بابرکت ہے جس کے طفیل تمہارے حق میں تمہارا معروضہ قبول کیا جائے گا،اللہ تعالی کا ارشاد ہے: (ولو أنہم إذ ظلموا أنفسہم۔۔۔۔)(سبل الہدی والرشاد،جماع أبواب بعض ما یجب علی الانام من حقوقہ علیہ الصلاۃ والسلام جلد 11 صفحہ 423،چشتی)


ان روایتوں سے واضح ہوتاہے کہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم باحیات ہیں ، نماز ادافرماتے ہیں ۔ مذکورہ احادیث شریفہ حیات کے متعلق واضح دلیل ہیں ، حیات کے متعلق واضح کلمات وارد ہونے کے باوجود اس کی تاویل کرنا ، اس کا کوئی اور مطلب بیان کرنا حدیث پاک کا مفہوم تبدیل کرنے کے مترادف ہے اور بلاکسی دلیل ظاہر حدیث سے انحراف ہے ۔


حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مذکورہ بالاحدیث پاک میں ’’حیات ‘‘کی ایک علامت ذکر فرمائی کہ انبیاء کرام علیھم الصلوٰۃ والسلام نماز ادافرماتے ہیں۔


صحیح ابن حبان کی طویل روایت کا ایک حصہ ملاحظہ ہو:فلما دخل صلی اللہ علیہ وسلم بیت المقدس و اسری بہ اسری بموسی حتی راہ فی السماء السادسۃ و جری بینہ و بینہ من الکلام ما تقدم ذکرنا لہ ۔

ترجمہ : جب حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بیت المقدس میں داخل ہوئے پھر آپ آسمانوں پر تشریف لائے تو حضرت موسیٰ علیہ السلام بھی آسمانوں پر تشریف لائے یہاں تک کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو چھٹے آسمان پر دیکھا اور حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے درمیان اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کے درمیان گفتگو ہوئی (صاحب کتاب کہتے ہیں) جس کا ہم نے پہلے ذکر کیا۔ (صحیح ابن حبان فصل اول حدیث نمبر:50) ۔ (مزید حصہ سوم میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...