Friday, 31 May 2019

کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے کسی کی بکریاں چرائیں ؟

کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے کسی کی بکریاں چرائیں ؟

محترم قارئین کرام : اہل اسلام کا یہ عقیدہ ہے کہ ہر ایسا عمل جو مخلوق کے لیے باعثِ نفرت ہو ، جیسے کہ خیانت ، جہل وغیرہ ، اور ہر ایسا مرض جو سببِ نفرت ہو ، جیسے کہ جذام ، برص وغیرہ ، اور ہر ایسا ذلیل پیشہ جسے لوگ عیب و نقص سمجھتے ہوں ، جیسے کہ حجامت اور اجرت پر ذلیل پیشہ ، تو انبیائے کرام علیہم السّلام ان سب سے منزہ اور پاک ہیں ۔

عقائد کی بہت مشہور و معتبر شرح مسامرہ میں ہے : وشرط النبوۃ السلامۃ من دنائۃ الآباء ومن غمز الامھات ومن القسوۃ والسلامۃ من العیوب المنفرۃ کالبرص والجذام ومن قلۃ المروۃ کا لا کل علی الطریق ومن دناءۃ الصناعۃ کالحجامۃ لان النبوۃ اشرف مناصب الخلق مقتضیۃ غایت الا جلال اللائق بالمخلوق فیعتبر لھا ما ینا فی ذلک ۔
ترجمہ : نبوت کی شرط پستی نسب اور اتہام امہات اور سخت دلی سے سلامتی ہے اور باعثِ نفرت عیبوں ، جیسے برص و جذام سے اور قلت مروت جیسے راستے میں کھانا کھانے سے اور پیشہ کی ذلت وپستی جیسے حجامت سے پاک ہونا ہے ؛ اس لیے کہ نبوت مخلوق کے منصبوں کا بہتر شرف اور اس کے لیے عزت کا انتہائی طالب ہے ، تو نبوت کے لیے اس کے منافی امور کا نہ ہونا اعتبار کیا گیا ۔ (شرح مسامرہ صفحہ نمبر 93)

حضرت علامہ قاضی عیاض مالکی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : قد اختلف فی عصمتھم (ای الانبیاء) من المعاصی قبل النبوۃ فمنعھما قوم وجوزھا اخرون والصحیح تنزیھھم من کل عیب وعصمتھم من کل یوجب الریب ۔
ترجمہ : انبیائے کرام علیہم السّلا کے قبل نبوت معاصی سے پاک ہونے میں اختلاف ہوا تو اس کو ایک قوم نے منع کیا اور دوسروں نے جائز رکھا اور صحیح مذہب یہ ہے کہ انبیاے کرام ہر عیب سے پاک ہیں اور ہر اس چیز سے جو شک پیدا کرے ، معصوم ہیں ۔ (شرح شفا مصری، جلد2، صفحہ نمبر264،چشتی)

اور یہ ظاہر ہے کہ اجرت پر (کسی کی) بکریاں چرانا ایسا ذلیل پیشہ ہے جو باعثِ ننگ و عار اور سبب عیب و نقص ہے ؛ اسی بنا پر شارح مشکوٰۃ شریف ، حضرت علامہ ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ شفا شریف میں خاص اسی مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے لکھتے ہیں : والمحققون علی انہ علیہ الصلاۃ والسلام لم یرع لا حد بالا جرۃ وانمار عی غنم نفسہ وھم لم یکن عیبا فی قومہ .
ترجمہ : اور محققین فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ والہ وسلم نے اجرت پر کسی کی بکریاں نہیں چرائیں ۔ آپ نے تو صرف اپنی بکریاں چرائیں اور اپنی بکریاں چرانا آپ کی قوم میں عیب نہیں تھا ۔ (شرح شفا مصری، جلد2، صفحہ نمبر448)
اس عبارت نے ثابت ہوتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے اجرت پر کسی کی بکریاں نہیں چرائیں ۔

بخاری ، مسلم و ابن ماجہ وغیرہ کتب حدیث میں ایک روایت ہے جس سے بعض لوگوں کو اشتباہ ہو گیا ؛ بخاری شریف میں ان الفاظ کے ساتھ روایت ہے : کنت ارعاھا علی قراریط لا ھل مکہ ۔ ان کلمات میں نہ تو کہیں اجرت کی تصریح ہے اور نہ اجرت پر دلالت کرنے والا کوئی کلمہ ہے ؛ اس حدیث میں لفظ "قراریط" آیا ہے جسے بعض نے چاندی اور سونے کے سِکوں کے کسی جز کو سمجھ لیا ہے حالانکہ اس لفظ سے یہ معنی مراد لینا غلط ہے ۔ چنانچہ ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں کہ محمد ابن ناصر رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا : حضرت سوید نے قراریط کی تفسیر سونے چاندی کے ساتھ کر کے خطا کی ، اس لیے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے کبھی کسی کی بکریاں اجرت پر نہیں چرائیں ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم تو اپنی بکریاں چراتے تھے ، اور قراریط کی صحیح تفسیر وہ ہے جو حدیث و لغت وغیرہ کے امام حضرت ابراہیم اسحاق رحمۃ اللہ علیہ نے بیان فرمائی ، اور وہ یہ ہے کہ قراریط تو اسی مکہ میں ایک جگہ کا نام ہے ۔ (شرح شفا مصری، جلد2، صفحہ نمبر460،چشتی)

اس عبارت سے واضح ہو گیا کہ جب حدیث شریف کے لفظ قراریط سے سونے چاندی کے کوئی سکے مراد نہیں ہے بلکہ قراریط مکہ مکرمہ کے قریب ایک مقام کا نام ہے تو اب بخاری شریف کی اس حدیث کا ترجمہ یہ ہوا کہ میں تو اسی مکہ کے مقام قراریط میں (اپنی) بکریاں چراتا تھا ۔ اب بھی اگر کوئی اس حدیث کو دلیل بنا کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کو چرواہا ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ عدم محبت اور بغض کی نشانی ہے ۔

انبیائے کرام علیہم السّلام کے لیے کوئی ایسی بات کرنا بھی درست نہیں جس میں ادنیٰ توہین کا شائبہ بھی ہو اور سلف و خلف بھی اس کو ناجائز فرماتے ہیں ، چنانچہ عقائد کی کتاب شرحِ مواقف میں ہے کہ اجماع و نص سے یہ کہنا صحیح ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا خالق ہے اور یہ صحیح نہیں کہ اللہ تعالیٰ نجاستوں کا خالق ہے اور بندروں اور سوروں کا خالق ہے اگرچہ یہ اللہ تعالٰی کی ہی مخلوق ہیں ۔ (شرحِ موافق، صفحہ نمبر640،چشتی)

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کو اجرت پر بکریاں چرانے والا ثابت کرنے کی وہی کوشش کرے گا تو تحقیر شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا عادی ہو ؛ ایسے لوگوں کا حکم یہ ہے : وکذالک اقول حکم من غمصہ اوغیرہ برعایۃ الغنم ای یرعیھا بالاجرۃ اوالسھو والنسیان مع انھما ثابتان عنہ الا انہ انما یکفر لا حل التعبیر سبب التحقیر ۔ (شرح شفا، جلد2، صفحہ نمبر402)
ترجمہ : اسی طرح میں اس شخص کا حکم بیان کرتا ہوں جس نے حضور علیہ السلام کو عیب لگایا یا اجرت پر بکریاں چرانے کے ساتھ تحقیر کی یا سہو ونسیان کے ساتھ حقارت کی، تو وہ کافر ہے تحقیر و تعبیر کے سبب سے ۔ (فتاوی اجملیہ جلد نمبر1 صفحہ نمبر44 شبیر برادرز لاہور) ، ایک دوسرے مقام پر علامہ مفتی محمد اجمل قادری رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ : عرفی اعتبار سے وہ پیشہ وکسب ذلیل اور قابل عار ہوتا ہے جو دوسرے کے لیے کسی اجرت و نفع کے عوض کیا جائے اور جو کام اپنے لیے کیا جائے وہ اس کا پیشہ کہلاتا ہے نہ اسے اہل عرف ذلیل سمجھتے ہیں ۔ مثلاً کوئی شخص دوسرے کی بکریاں اجرت پر چرائے تو یہ پیشہ عیب و عار ہے اور جو شخص خود اپنی بکریاں چرائے وہ عیب نہیں ، چنانچہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے اپنی بکریاں چرائیں ۔ (فتاویٰ اجملیہ، جلد4، صفحہ نمبر57، شبیر برادرز لاہور)۔(طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...