Monday, 14 May 2018

حدیث حوضِ کوثر ‏‏‏‏فأقول يا رب اصحابی کے متعلق مغالطوں کا جواب

حدیث حوضِ کوثر ‏‏‏‏فأقول يا رب اصحابی کے متعلق مغالطوں کا جواب

محترم قارئینِ کرام : حدیث پر شیعہ روافض کی طرف سے پھیلائے گئے من گھڑت جھوٹ کا جواب مختلف فورم پر ہم کئی بار دے چکے ہیں مگر مجھے گزشتہ چند دنوں سے حیرت ہوئی کہ سنیوں کے لبادے میں ، آستانوں کی نسبتوں کے لبادے چھپے رافضیوں کی طرف سے بعینہ وہی اعتراضات میری مختلف پوسٹس کے کمنٹس میں دیکھے فقیر ڈاکٹر فیض احمد چشتی نے اس طرف توجہ نہ کی کیونکہ ہم پہلے سے جواب دے چکے تھے مگر سنیوں کے لبادے میں چھپے ان رافضیوں کی طرف سے غلط فہمیاں پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے احباب نے بار بار حکم کیا کہ ڈاکٹر صاحب حدیث حوض کے متعلق پھیلائی گئی غلط فہمیوں کا جواب لکھیں سو مختصر وقت میں یہ مختصر سا مگر مدلّل جواب پیش خدمت ہے اللہ تعالیٰ ہمیں حق بیان کرنے کی توفیق عطاء فرمائے آمین ۔

شیعہ روافض اکثر اور اب سنیوں کے لبادے میں چھپے رافضی شیعہ ایک حدیث نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم پیش کر کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے متعلق شبہ پیدا کرتے ہیں جو حوض کوثر کے متعلق ہے اور حدیث اس طرح ہے ۔

حدثنا سليمان بن حرب،‏‏‏‏ حدثنا شعبة،‏‏‏‏ عن المغيرة بن النعمان،‏‏‏‏ شيخ من النخع عن سعيد بن جبير،‏‏‏‏ عن ابن عباس ـ رضى الله عنهما ـ قال خطب النبي صلى الله عليه وسلم فقال ‏"‏ إنكم محشورون إلى الله حفاة عراة غرلا ‏ {‏ كما بدأنا أول خلق نعيده وعدا علينا إنا كنا فاعلين‏}‏ ثم إن أول من يكسى يوم القيامة إبراهيم،‏‏‏‏ ألا إنه يجاء برجال من أمتي،‏‏‏‏ فيؤخذ بهم ذات الشمال،‏‏‏‏فأقول يا رب أصحابي فيقال لا تدري ما أحدثوا بعدك فأقول كما قال العبد الصالح ‏ {‏وكنت عليهم شهيدا ما دمت‏}‏ إلى قوله ‏{‏ شهيد‏}‏ فيقال إن هؤلاء لم يزالوا مرتدين على أعقابهم منذ فارقتهم ‏۔ (صحیح بخاری حدیث نمبر 4740)‏
ترجمہ : ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، ان سے مغیرہ بن نعمان نے جو نخعی قبیلہ کا ایک بوڑھا تھا ، ان سے سعید بن جبیر نے بیان کیا اور ان سے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن خطبہ سنایا۔ فرمایا تم قیامت کے دن اللہ کے سامنے ننگے پاؤں ننگے بدن بے ختنہ حشر کئے جاؤ گے جیسا کہ ارشا د باری ہے کما بدانا اول خلق نعیدہ وعدا علینا انا کنا فاعلین پھر سب سے پہلے قیامت کے دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کو کپڑے پہنائے جائیں گے۔ سن لو! میری امت کے کچھ لوگ لائے جائیں گے فرشتے ان کو پکڑ کر بائیں طرف والے دوزخیوں میں لے جائیں گے۔ میں عرض کروں گا پر وردگار ! یہ تو میرے ساتھ والے (اصحاب) ہیں ۔ ارشاد ہو گا تم نہیں جانتے انہوں نے تمہاری وفات کے بعد کیا کیا کر توت کیے ہیں ۔ اس وقت میں وہی کہوں گا جو اللہ کے نیک بندے حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ میں جب تک ان لوگوں میں رہا ان کا حال دیکھتا رہا آخر آیت تک۔ ارشاد ہو گا یہ لوگ اپنی ایڑیوں کے بل اسلام سے پھر گئے جب تو ان سے جدا ہوا ۔

یہی روایت صحیح مسلم میں بھی موجود ہے : قال وقالت أسما بنت أبي بکر قال رسول الله صلی الله عليه وسلم إني علی الحوض حتی أنظر من يرد علي منکم وسيؤخذ أناس دوني فأقول يا رب مني ومن أمتي فيقال أما شعرت ما عملوا بعدک والله ما برحوا بعدک يرجعون علی أعقابهم قال فکان ابن أبي مليکة يقول اللهم إنا نعوذ بک أن نرجع علی أعقابنا أو أن نفتن عن ديننا (صحیح مسلم حدیث نمبر 5972)
ترجمہ : حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا میں حوض (کوثر) پر ہوں گا یہاں تک کہ جو تم میں سے میرے پاس آئے گا میں اسے دے رہا ہوں گا اور کچھ لوگوں کو میرے قریب ہونے سے پہلے ہی پکڑ لیا جائے گا تو میں اللہ عزوجل کی بارگاہ میں عرض کروں گا اے میرے پروردگار !یہ لوگ تو میرے(فرمانبدار) اور میرے امتی ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جواب میں کہا جائے گا کہ کیا آپ نہیں جانتے کہ انہوں نے آپ کے بعد کیا کیا کام (بدعات) کئے اللہ کی قسم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد یہ لوگ فورا ایڑیوں کے بل پھر گئے۔ راوی کہتے ہیں کہ ابن ابی ملیکہ یہ دعا پڑھا کرتے تھے اے اللہ ہم اس بات سے پناہ مانگتے ہیں کہ ہم ایڑیوں کے بل پھر جائیں اور اس بات سے بھی کہ ہم اپنے دین سے کسی آزمائش میں مبتلا کر دیئے جائیں ۔

ان روایات سے شیعہ روافض اور سنیوں کے لبادے میں چھپے رافضی یہ مراد لیتے ہیں کہ کچھ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کی وفات کے بعد دین سے پھر جائیں گے ۔ ان کا اصل مقصد تمام صحابہ پر طعن کرنا ہوتا ہے کیونکہ ان کا عقیدہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کی وفات کے بعد تین کے سواء سب صحابہ رضی اللہ عنہم معاذ اللہ دین سے پھر گئے ۔

ان احادیث کا صحیح مفہوم

(1) ان روایات میں صحابہ سے مراد منافقین ہیں جو عہد نبوت میں اسلام کا اظہار کرتے تھے، اور ان کے متعلق اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : اِذَا جَاۗءَكَ الْمُنٰفِقُوْنَ قَالُوْا نَشْهَدُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُ اللّٰهِ ۘ وَاللّٰهُ يَعْلَمُ اِنَّكَ لَرَسُوْلُهٗ ۭ وَاللّٰهُ يَشْهَدُ اِنَّ الْمُنٰفِقِيْنَ لَكٰذِبُوْنَ ۔ (سورۃ المنافقون۔ آیت 1)
ترجمہ :آپ کے پاس جب منافق آتے ہیں تو کہتے ہیں ہم اس بات کے گواہ ہیں کہ بیشک آپ اللہ کے رسول ہیں اور اللہ جانتا ہے کہ یقیناً آپ اللہ کے رسول ہیں اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ منافق قطعًا جھوٹے ہیں .

یہ لوگ ان منافقین میں سے تھے جن کے نفاق کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نہیں جانتے تھے، انہی کے متعلق ارشاد باری تعالیٰ ہے : وَمِمَّنْ حَوْلَكُمْ مِّنَ الْاَعْرَابِ مُنٰفِقُوْنَ ړ وَمِنْ اَھْلِ الْمَدِيْنَةِ ڀ مَرَدُوْا عَلَي النِّفَاقِ ۣ لَا تَعْلَمُھُمْ ۭ نَحْنُ نَعْلَمُھُمْ ۭ سَنُعَذِّبُھُمْ مَّرَّتَيْنِ ثُمَّ يُرَدُّوْنَ اِلٰى عَذَابٍ عَظِيْمٍ(سورۃ التوبہ۔ آیت 101)۔
ترجمہ : اور کچھ تمہارے گردو پیش والوں میں اور کچھ مدینے والوں میں ایسے منافق ہیں کہ نفاق پر اڑے ہوئے ہیں، آپ ان کو نہیں جانتے ان کو ہم جانتے ہیں ہم ان کو دوہری سزا دیں گے پھر وہ بڑے بھاری عذاب کی طرف بھیجے جائیں گے ۔

سو جو لوگ حوض کوثر سے ہٹا دئیے جائیں گے ان منافقین میں سے تھے جنہیں صحابہ سمجھتے تھے لیکن وہ صحابہ نہ تھے ۔

(2) ان سے مراد وہ لوگ ہیں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کی وفات کے بعد مرتد ہو گئے تھے اور (سب لوگ جانتے ہیں کہ) اکثر عرب مرتد ہو گئے تھے ، حتیٰ کے سوائے اہل مکہ ، اہل مدینہ ، اہل طائف ، اور ایک قول کے مطابق اہل بحرین کے اور کوئی اسلام پر قائم نہ رہا ، سب کے سب ایڑیوں پر پھر گئے ، یہی وہ لوگ ہیں جن کے متعلق حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم فرمائیں گے "اصحابی " میرے ساتھی تو آپ کو بتایا جائے گا کہ آپ انہیں نہیں جانتے کہ ان لوگوں نے آپ کے بعد کیا کارنامہ سرانجام دیا تھا کیونکہ لوگ آپ کے بعد پئے در پئے ایڑیوں کے بل پھرتے رہے ۔

(3) اس سے مراد وہ لوگ ہیں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کے ساتھ تو تھےلیکن انہوں نے آپ کی پیروی نہیں کی، لہذا یہ لوگ اصطلاحا صحابی کی تعریف میں داخل نہیں : اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ جب عبداللہ بن ابی سلول نے کہا کہ : فقال عبد الله بن أبى أوقد فعلوا،‏‏‏‏ والله لئن رجعنا إلى المدينة ليخرجن الأعز منها الأذل‏.‏ فقال عمر بن الخطاب رضى الله عنه دعني يا رسول الله أضرب عنق هذا المنافق‏.‏ قال النبي صلى الله عليه وسلم ‏‏ دعه لا يتحدث الناس أن محمدا يقتل أصحابه (صحیح بخاری۔ حدیث نمبر 4907)
ترجمہ : عبداللہ بن ابی نے کہا اچھا اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے ، اللہ کی قسم مدینہ واپس ہو کر عزت والے ذلیلوں کو باہر نکال دیں گے ۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم اجازت ہو تو اس منافق کی گردن اڑا دوں ۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے فرمایا کہ نہیں ورنہ لوگ یوں کہیں گے محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اپنے ساتھیوں کو قتل کرانے لگے ہیں ۔

نوٹ کریں اس حدیث میں عبداللہ بن ابی سلول اور دوسرے منافقین کے لئے بھی لفظ اصحاب استعمال ہوا ہے ۔ یہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ حدیث حوض سے مراد صحابہ نہیں بلکہ منافقین ہیں ۔

اس حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے عبداللہ بن ابی کو عرفا اپنے صحابہ میں شامل کیا ۔ یہ عرفی یا لفظی اعتبار سے تھا نہ کہ اصطلاحی اور شرعی اعتبار سے کیونکہ عبداللہ بن ابی سلول رئیس المنافقین تھا اور ان لوگوں میں تھا جنہوں نے اپنا نفاق ظاہر کر دیا تھا اور اللہ نے اسے رسوا کر دیا تھا ۔

(4) بعض اوقات کلمہ اصحابی سے مراد وہ تمام لوگ لئے جاتے ہیں جو قبول اسلام کے حوال سے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کے ساتھی یعنی امتی بنے لیکن اگرچہ انہوں نے آپ کو نہ دیکھا ہو، اور ہماری توجیہ پر صحیح مسلم کی حدیث میں " امت کے لوگ" ۔ (صحیح مسلم حدیث نمبر 5972) کے الفاظ والی روایت دلالت کرتی ہے۔

باقی رہا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کا یہ فرمان کہ میں انہیں پہچانتا ہوں گا ، سو آپ واضح کر چکے ہیں کہ میں اس امت کو پہچان لوں گا ، چناچہ جب آپ سے پوچھا گیا کہ آپ انہیں کیسے پہچانیں گے حالانکہ آپ نے انہیں دیکھا نہیں ہو گا ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّمنے فرمایا : میں انہیں وضو کے نشانات سے پہچان لوں گا ۔ (صحیح مسلم حدیث نمبر 582)

تو اس سے یہ مراد ہوا کہ اس حدیث میں جو الفاظ امتی یا لوگ ملتے ہیں اس سے مراد بعد میں آنے والے لوگ ہوں گےجنہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم وضو کے نشان سے پہچانیں گے ۔

لہٰذا روافض کا اس حدیث سے ارتداد صحابہ پر استدلال کرنا باطل ہے کیونکہ اس سے مراد تین قسم کے لوگ ہیں :

(1) مدینے کے منافق جیسے عبداللہ بن سباء جن کو عرفا صحابہ کہا گیا لیکن وہ اصطلاحا صحابہ میں شامل نہیں ہیں ۔

(2) وہ قبائل جو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کی وفات کے دین سے پھر گئے مثلا کچھ قبائل مسیلمہ کذاب کے ساتھ مل گئے تھے ۔

(3) نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم کے امت میں بعد میں آنے والے لوگ ۔

اب آخر میں یہ بات قابل غور ہے کہ ان روایات سے ارتداد صحابہ پر استدلال صرف اور صرف روافض ہی کرتے ہیں یا سنیوں کے لبادے میں چھپے رادفضی آج کل کر رہے ہیں ، لیکن دیگر باطل فرقے جیسے خارجی ، ناصبی اور معتزلی اس حدیث سے استدلال نہیں کرتے ۔ اگر اسی حدیث کو پیش کرتے ہوئے کوئی ناصبی حضرت علی ، حضرت حسن ، حضرت حسین ، اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم پر طعن کرے تو شیعہ روافض اور سنیوں کے لبادے میں چھپے رافضیوں کے پاس وہ کونسی دلیل ہے جو ان چاروں کو اس حدیث سے مستثنیٰ کرتی ہے ؟

اہل سنت و جماعت ان مقدس ہستیوں رضی اللہ عنہم کے ارتداد کے قائل نہیں بلکہ انہیں بعد از انبیاءعلیہم السّلام بہترین افراد میں مانتے ہیں اور اللہ کی پنا ہ اہل سنت و جماعت ایسا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صحیح احادیث میں ان حضرات رضی اللہ عنہم کے جنتی ہونے کی بشارت موجود ہےجیسے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو عشرہ مبشرہ میں شامل کیا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے ۔ (سنن ابوداؤد حدیث نمبر 4649)

اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم سے یہ بھی ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلّم نے فرمایا: حسن اور حسین رضی اللہ عنہما جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں ۔ (ابن ماجہ حدیث نمبر 118)

اب ہمارا روافض شیعہ اور سنیوں کے لبادے میں چھپے رافضیوں سے سوال ہے کہ اگر تم کہو کہ ابو بکر، عمر، اور ابو عبیدہ اور باقی صحابہ رضی اللہ عنہم ان لوگوں میں سے ہیں جنہیں حوض سے دور ہٹا دیا جائے گا تو پھر ناصبیوں جیسے لوگوں کو یہ بات کہنے سے کون روکے گا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں حوض سے روکا جائے گا ؟

اگر روافض شیعہ اور سنیوں کے لبادے میں چھپے رافضی ان مردود ناصبیوں کو یہ جواب دیں گے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے فضائل ثابت ہیں تو وہ مردود نواصب جواب دیں گے کہ حضرت ابو بکر اور عمر فاروق رضی اللہ عنہم کے فضائل ثابت ہیں ۔ تو کیا کروگے ذرا سوچو ؟ ۔(طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...