Tuesday, 23 June 2015

آقا ﷺ سے نابینا صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مدد طلب کرنا

مادر زاد نابیناؤں کو نعمتِ بصارت سے فیضیاب کرنا سیدنا عیسٰی علیہ السلام کا معجزہ ہونے کے ساتھ تاجدارِ انبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معجزہ بھی ہے۔ روایت ہے کہ ایک نابینا صحابی رضی اللہ عنہ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمتِ اَقدس میں بینائی کے حصول کے لئے اِستغاثہ کرنے آئے تو آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اُنہیں منع کرنے اور اِستغاثہ کی حُرمت یا خدشۂ شِرک کا اِظہار کرنے کی بجائے خود اُنہیں دُعا کی تلقین فرمائی۔ یہ دُعا اپنی ذات میں وسیلہ اور اِستغاثہ دونوں کی جامع ہے اور اُس نابینا صحابی رضی اللہ عنہ جیسے خلوص سے کی جانے کی صورت میں آج بھی دُکھی اِنسانیت کے لئے مجرّب اکسیر ہے۔ مذکورہ دُعا یہ ہے :
أَللّٰهُمَّ انِّيْ أَسْئَلُکَ وَ أَتَوَجَّهُ الَيْکَ بِنَبِيِّکَ مُحَمَّدٍ نَبِیِّ الرَّحْمَة، يَامُحَمَّدُ! انِّيْ قَدْ تَوَجَّهْتُ بِکَ الَی رَبِّيْ فِيْ حَاجَتِيْ هٰذِهِ فَتَقْضِيْ لِيْ، أَللّٰهُمَّ فَشَفِّعْه فِيَ.
(جامع الترمذی، اَبواب الدّعوات، 2 : 197)
(مسند اَحمد بن حنبل، 4 : 138)
(المستدرک، 1 : 313، 519، 526)
اے میرے اللہ! میں نبیء رحمت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے واسطے سے تجھ سے سوال کرتا اور تیری طرف متوجہ ہوتا ہوں۔ اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! میں اپنی اِس حاجت میں آپ کے واسطے سے اپنے ربّ کی طرف متوجہ ہوتا ہوں تاکہ یہ حاجت بر آئے۔ اے میرے اللہ! میرے معاملے میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سفارِش و شفاعت کو قبول کر لے۔
آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ حدیثِ مبارکہ میں مذکور دُعا کا اِبتدائی جملہ نبیء کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ ربّ العزت کی بارگاہ میں بطور وسیلہ پیش کر رہا ہے، جبکہ اِسی دُعا کا دوسرا جملہ جس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مخاطب کیا جا رہا ہے مقبولانِ بارگاہِ الٰہی سے اِستغاثہ کا نہ صرف جواز بلکہ حکم مہیا کر رہا ہے۔ اگر اللہ تعالی کے سِوا کسی مخلوق سے اِستغاثہ جائز اور درست نہ ہوتا تو نبیء کریم رؤفٌ رّحیم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اِس عمل کے کرنے کا حکم اِرشاد نہ فرماتے۔ کائنات کے سب سے بڑے موحّد نے جب خود اپنی ذات سے اِستغاثہ کا حکم اِرشاد فرمایا ہے تو ہم کون ہوتے ہیں کہ توحید کو خالص کرنے کے زعم میں اِسلام کے حقیقی عقائد و نظریات اور تعلیمات کا چہرہ مسخ کرتے ہوئے جمیع مسلمانانِ عالم کو کافر و مشرک قرار دینے لگیں۔

No comments:

Post a Comment

ماہِ رمضانُ المبارک کے فضائل و برکات

ماہِ رمضانُ المبارک کے فضائل و برکات محترم قارئینِ کرام ارشادِ باری تعالیٰ ہے : شَہۡرُ رَمَضَانَ الَّذِیۡۤ اُنۡزِلَ فِیۡہِ الْقُرْاٰنُ ہُدًی...