Wednesday, 29 April 2015
معراج روحانی ھوا یا جسمانی لاجواب تحقیق ضرور پڑھیئے
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
پیشکش : ۔ ڈاکٹر فیض احمد چشتی لاھور پاکستان
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
معراج عروج سے مشتق ہے اور عروج چڑھنے اور بلند ہونے کو کہتے ہیں اور ظاہر ہے کہ بلندی دو قسم ہے۔
(۱) جسمانی بلندی (۲) روحانی بلندی
اگر دونوں میں سے ایک حاصل ہو جائے تو وہ بھی کمالات میں داخل ہے لیکن لطف تو یہ کہ جسمانی اور روحانی دونوں ترقیاں حاصل ہوجائیں جیسا کہ معراج کی شب حضور علیہ السلام کے حصے میں آئی۔ پھر جس پیغمبر کو جہاں ہی جمال جہاں آراء کے جلوے کی زیارت ہوئی اور ترقی درجات ہوئی اس کے لئے وہاں معراج بن گیا۔
خ۔۔۔اگر کسی کو آگ میں قرب نصیب ہوا تو اس کے لئے معراج وہاں ٹھہرا۔
خ۔۔۔اگر کسی کو پانی میں جلوہ نصیب ہوا تو اس کے لئے معراج وہاں ٹھہرا ۔
خ۔۔۔اگر کسی کو جوالسماء ترقی نصیب ہوئی تو اس کے لئے وہاں
خ۔۔۔اگر کسی کے لئے کنویں کے اندر پیغامات کا سلسلہ شروع ہوا تو اس کے لئے وہاں خ۔۔۔اگرکسی کو چھری کے نیچے دیدار نصیب ہوا تو اس کے لئے وہاں
بہرحال جسکو معراج نصیب ہوا فر ش پرہوا اور سرور کائنات کو نصیب ہوا تو عرش پر ہوا۔
قرب موسی ؑ اور ہے قرب محمدؐ اور ہے
طور سینا اور ہے عرش معلٰے اور ہے
گل کو کیا ہے مشابہت اس رخ لالہ رنگ سے
اس کی بہار اور ہے اس کی بہار اور ہے
اور یہ قسمت کی بات ہے ایک تو وہ ہیں کہ مانگتے ہیں اور ملتانہیں اور دوسرے وہ ہیں کہ بن مانگے دردولت پر جبرائیل امین براق لے کر حاضر ہوجاتے ہیں
زشرح سینہ اش جامی الم نشرح لک برخواں
زمعراجش چہ مے پرسی کہ سبحان الذی اسرٰی
معراج اور اسرٰی ایک ھے یا متعدد ؟
ا س اختلاف کو حل کرنے کے لئے حافظ ابن کثیرؒ کی تحقیق ملاحظہ فرمائیے!
واذا احصل الوقوف علی مجموع ہذہ الاحادیث صحیحا و حسنہاوضعیفہا فحصل مضمون مااتفقت علیہ من مستری رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم من مکۃ الی بیت المقدس وانہ مرۃ واحدۃ وان اختلفت عبارات الرواۃ فی اداۂ اوراد بعضم فیہ اونقص منہ فان الخطاء جائز علی عد الانبیاء علیہم السلام من جعل من الناس کل روایۃ خالفت الاخری مرۃ علی حدۃ فاثبت اسراء ا ت متعددۃ فقدا بعدو اغرب وہرب الی مہرب ولم یتحصل علی مطلب
جب احادیث صحیح حسن ضعیف کے مجموعے پر واقفیت حاصل ہوچکی تو یہ مضمون بھی متفق علیہ طور پر معلوم ہوگیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو مکہ مکرمہ سے بیت المقدس تک سیر نصیب ہوئی ہے اور ہوئی بھی ایک مرتبہ ہے اگر چہ راویوں کی عبارتیں ادائے مفہوم میں مختلف ہوں یا بعض زیادہ اور بعض ناقص ہوں کیونکہ خطاء تو بغیر انبیاء کے جائز ہے اور جن حضرات نے اختلاف روایات کی وجہ سے معراج متعدد ثابت کیئے ہیں انہوں نے راہ حق سے بعیدبات کی ہے اور ایک نرالی بات کی ہے اور انہوں نے بھاگنے کی ایسی کوشش کی ہے کہ ان کو کچھ مطلب حاصل نہیں ہوسکتا (تفسیر ابن کثیر جلد ۳ صفحہ ۲۴)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
معراج روحانی ہوا یا جسمانی ؟
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
اہل سنت کے مسلک کے مطابق حضور علیہ السلام کو معراج جسمانی ہوا اور جیتے جاگتے ہوا۔ اوراسی پر جمہور کا اتفا ق ہے۔
علامہ ابن کثیر کی تحقیق :۔
والحق انہ علیہ السلام اسری بہ یقظۃ لا منا ما ۔
(تفسیر ابن کثیر جلد ۳ صفحہ ۳)
حق یہ ہے کہ حضور علیہ السلام کو معراج جیتے جاگتے بیداری میں ہوا۔
استاذ الشریعۃ الاسلامیہ احمد مصطفی المراغی کی تحقیق :۔
(۱)۔۔۔اکثر العلماء علی ان الاسرا کان بالروح والبدن یقظۃ لا مناما
اکثر علماء اس پر متفق ہیں کہ حضور علیہ السلام کو معراج جسمانی حاصل ہو ا۔(تفسیر المراغی جلد ۱۵۔صفحہ ۶)
(۲)۔۔۔والخلاصۃ ان الذی علیہ المعول عند جمہرۃ المسلمین انہ اسری بہ علیہ السلام یقظۃ لامناما
خلاصہ یہ کہ جمہور مسلمین کا معتمد علیہ قول یہی ہے کہ حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج بیداری میں ہوا۔
علامہ فخرالدین رازیؒ کی تحقیق:۔
فالاکثرون من طوائف المسلمین اتفقواعلی انہ اسری بجسد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
مسلمانوں کی اکثر جماعتیں اس پر متفق ہیں کہ حضور علیہ السلام کے جسم اطہر کو ہی معراج نصیب ہوا (تفسیر کبیر جلد ۶ صفحہ ۳۶۴)
صاحب المثل الکامل حضرت علامہ محمد احمد مصری کی تحقیق :۔
ولا شک عند من لہ ذوق سلیم ان ہذہ الایات الکریمۃ تدل علی ان النبی صلی اللہ علیہ وسلم اسری بہ الی بیت المقدس وانہ عرج بہ الی السموت العلی بجسمہ وروحہ
بلاشبہ جس کو ذوق سلیم ہے اس کے نزدیک یہ آیات اس امرپر دلالت کرتی ہیں کہ حضور علیہ السلام بیت المقدس تک اور وہاں سے آسمانوں تک جسم اور روح دونوں سے معراج حاصل ہوا
(المثل الکامل مصری صفحہ ۱۴۹)
معراج جسمانی کے دلائل !
پہلی دلیل :۔
آیت معراج کا سبحان الذی سے شروع ہونا بتاتا ہے کہ واقعہ عجیب سا ہے ورنہ نیند میں ایسا واقعہ پیش آجانا غیر نبی کے لئے بھی مستبعد نہیں۔ حضرت امام ابوحنیفہ ؒ کے متعلق لکھا ہے کہ نیند میں ان کو ایک کم سو دفعہ خدا تعالیٰ کے انوار ساطعہ کی زیار ت ہوئی ۔
ذکر العلامۃ الحافظ النجم الغیظی فان الامام اباحنیفۃ قال رأیت رب العزۃ فی المنام تسعا وتسعین مرۃ فقلت فی نفسی ان رأیتہ تمام الماءۃ لسالتہ بم ینجو الخلائق من یوم القیامۃ قال فرأیت سبحانہ وتعالیٰ فقلت یا رب عزجارک وجل ثناء ک وتقدست اسماء ک لم ینجو عبادک یوم القیمۃ من عذابک فقال سبحانہ من قال بعد الغداۃ والعشی سبحان الابدی الابد سبحان الواحد الاحد سبحان الواحد الاحد سبحان الفردالصمد سبحان رافع اسماعمد سبحان من بسط الارض علی ماحمد سبحان من خلق الخلق فاحصا ہم عدد سبحان من قسم الرزق ولم ینس احد سبحان الذی لم یتحذ صاحبۃ ولا ولدا سبحان الذی لم یلد ولم یولد ولم یکن لہ کفوا احد نجامن عذ ابی
(مقدمہ نورالایضاح صفحہ۷۲)
پس اگرحضورﷺ کے اس واقعہ کوخواب پرمحمول کر دیا جائے تو امام ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضورﷺ کی ذات گرامی کے درمیان کوئی فرق نہیں رہتا ۔
دوسری دلیل :۔
عبد کا اطلاق جسم اور روح دونوں پر کیا جاتا ہے صرف روح پر عبد کا اطلاق لغت عرب میں موجود نہیں ہے ۔
دلائل ملاحظہ فرمایئے :۔
(۱)۔۔۔اَرَاَیْتَ الَّذِیْ یَنْہٰیz عَبْدًااِذَاصَلّٰیz
کیا دیکھا ہے آپ نے اس کو جو روکتا ہے بندے کو جبکہ نماز ادا کرتا ہے
(۲)۔۔۔وَّاَنَّہٗ لَمَّاقَامَ عَبْدُاللّٰہِ
اور بے شک شان یہ ہے کہ جب کھڑا ہوا اللہ کا بندہ
تیسری دلیل :۔
اوقات قلیل اور مقامات بعید تک سیر کرنا جب قرآن میں مذکورہے اور مستبعد نہیں تو حضور علیہ السلام کے لئے کب مستبعد ہوسکتا ہے؟
حضرت سلیمان علیہ السلام کے تخت کے متعلق قرآن مجید میں وارد ہے۔
غُدُوُّہَاشَہْرٌوَّرَوَاحُہَاشَہْرٌ
یعنی ہوا سلیمان علیہ السلام کے تخت کو صبح کے وقت بھی ایک مہینے کی مسافت کے برابر اڑا کر لے جاتی اور شام کو بھی اسی طرح سلیمان علیہ السلام نے بنفس نفیس یا ان کے متبعین میں سے کسی جن نے آنکھ جھپکنے کی دیر میں بلقیس کے تخت کو سلیمان علیہ السلام کے محل میں لاکر رکھ دیا
وَقَالَ الَّذِیْ عِنْدَہٗ عِلْمٌ مِّنَ الْکِتٰبِ اَنَااٰتِیْکَ بِہٖ قَبْلَ اَنْ یَّرْتَدَّاِلَیْکَ طَرْفُکَ
بہر حال ان واقعات صادقہ سے انکار کرنا کفر ہے پس اگر یہ ممکن الوجود ہیں تو واقعہ معراج میں بھی شبہ نہیں کیا جاسکتا۔
چوتھی دلیل :۔
براق پر سواری جسم سے ہوسکتی ہے صرف روح سے نہیں ہوسکتی براق پر سوار ہونا اور مقامات متعددہ تک پہنچنا بتاتا ہے کہ حضور علیہ السلام کو معراج جسم اور روح دونوں سے ہوا۔
پانچویں دلیل :۔
اس آیت میں اسرٰی کے لفظ کی تصریح سے دو باتیں معلوم ہوتی ہیں۔
(۱)۔۔۔یہ واقعہ رات کو پیش آیا ۔
(۲)۔۔۔معراج بھی روح مع الجسد ہوا کیونکہ قرآن پاک میں متعدد مقامات پر اس لفظ کو دہرایا گیا ہے اور جہاں بھی اس لفظ کا ذکر کیا گیا ہے وہاں روح مع الجسد مراد لیا گیا ہے۔
پہلی شہادت :۔
سیدنا لوط علیہ السلام کے پاس خداتعالیٰ کی طرف سے انسانی شکل میں چند فرشتے آتے ہیں اور آکر عرض کرتے ہیں
قَالُوْایٰلُوْطُ اِنَّارُسُلُ رَبِّکَ لَنْ یَّصِلُوْآاِلَیْکَ فَاَسْرِبِاَہْلِکَ بِقِطْعٍ مِّنَ الَّیْلِ (ہودپ۱۲)
فرشتوں نے کہا اے لوط ہم تیرے رب کے بھیجے ہوئے ہیں وہ ہرگز آپ تک نہ پہنچ سکیں گے آپ رات کے کسی حصے میں اپنے اہل کو لے کر تشریف لے جائیے
دوسری شہادت :۔
وَلَقَدْاَوْحَیْنَااِلٰی مُوسٰی اَنْ اَسْرِبِعِبَادِیْ (طہ)
بلاشبہ ہم نے موسی ؑ کو اطلاع دی کہ میرے بندوں کو لیکر رات کے وقت تشریف لے جائیے
تیسری شہادت :۔
وَلَقَدْاَوْحَیْنَااِلٰی مُوسٰی اَنْ اَسْرِبِعِبَادِیْ اِنَّکُمْ مُّتَّبَعُوْنَ (شعراء)
ہم نے موسیٰ علیہ السلام کی طرف خبر بھیجی کہ آپ میرے بندوں کو لے کر رات کے کسی حصے میں تشریف لے جائیے آپ کے پیچھے قوم آرہی ہے ۔
ان آیات میں لفظ اسرا کا اطلاق روح مع الجسم پر کیاگیا ہے بہر حال لفظ اسرا سے بھی ہم نے جسمانی معراج کو ثابت کردیا اورلفظ عبدسے بھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
معراج کس سنہ اور کس تاریخ میں ہوا ؟
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
صحیح یہ ہے کہ معراج کا واقعہ ہجرت سے ایک سال قبل پیش آیا (قصص القرآن جلد ۴ صفحہ ۳۳۹ ابن عبدالبر ، امام نووی اور امام عبدالغنی مقدسی اوران کے علاوہ اکثر محققین کا یہ خیال ہے کہ ستائیس رجب کو یہ واقعہ پیش آیا ۔
معراج النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم
معراج النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
سفرِ معراج۔ ۔ ۔ نقوشِ کفِ پائے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چاندنی
معجزۂ معراج تاریخِ ارتقائے نسلِ انسانی کا وہ سنگِ میل ہے جسے قصر ایمان کا بنیادی پتھر بنائے بغیر تاریخِ بندگی مکمل نہیں ہوتی اور روح کی تشنگی کا مداوا نہیں ہوتا۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تاریخِ انسانی کا ایک ایسا حیرت انگیز، انوکھا اور نادر الوقوع واقعہ ہے جس کی تفصیلات پر عقلِ ناقص آج بھی حیران و ششدر ہے۔ اسے کچھ سجھائی نہیں دیتا کہ سفرِ معراج کیونکہ طے ہوا؟ عقل حیرت کی تصویر بن جاتی ہے، مادی فلسفہ کی خوگر، اربعہ عناصر کی بے دام باندی عقلِ ناقص یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ انسانِ کامل حدودِ سماوِی کو عبور کر کے آسمان کی بلندیاں طے کرتا ہوا لامکاں کی وسعتوں تک کیسے پرواز کر سکتا ہے اور وہ کچھ دیکھ لیتا ہے جسے دیکھنے کی عام انسانی نظر میں تاب نہیں۔ اس لئے حدود و قیود کے پابند لوگ اس بے مثال سفرِ معراج کے عروج و ارتقاء پر انگشت بدنداں ہیں اور اسے مِن و عن اور مستند انداز سے مذکورہ تفصیلات کے ساتھ بھی ماننے کے لئے تیار نہیں ہوتے اور ایسے ایسے شبہات وارد کرتے ہیں اور تشکیک کا ایسا غبار اُڑاتے ہیں کہ دلائل سے غیر مسلح ذہن اور عام آدمی ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا اور دیوارِ ایمان متزلزل سی ہونے لگتی ہے۔
نبئ آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزات میں معجزۂ معراج خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ تاریخِ انبیاء کی ورق گردانی کی جائے تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ اپنے برگزیدہ رسولوں اور نبیوں کو اللہ رب العزت نے اپنے خصوصی معجزات سے نوازا۔ ہر نبی کو اپنے عہد، اپنے زمانے اور اپنے علاقے کے حوالے سے معجزات سے نوازا تاکہ ان کی حقانیت ہر فردِ بشر پر آشکار ہو اور وہ ایمان کی دولت سے سرفراز کیا جائے۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی امت چونکہ جادو میں کمال رکھتی تھی، ہزاروں جادوگر دربارِ شاہی سے وابستہ ہوتے، اس لئے خالقِ کائنات نے بھی اپنے نبی کو جادو کے ان کمالات کا توڑ کرنے کے لئے معجزات عطا کئے۔ اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے دور میں طب کا بڑا چرچا تھا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام مردوں کو بھی زندہ کر دینے کی قدرت سے فیض یاب تھے۔ کوڑھیوں کو تندرست کر دیتے کہ اس زمانے میں طب کا دور دورہ تھا اور انسانی نفسیات کو یہی بات زیادہ Apeal کرتی ہے۔ ہر نبی اپنے وقت کے ہر کمال سے آگے ہوتا ہے۔ امت جس کمال پر فائز ہوتی ہے نبی اس کمال پر بھی حاوی ہوتا ہے۔
اب نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تشریف لانا تھا۔ بابِ نبوت و رسالت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ بند ہو رہا تھا۔ ختمِ نبوت کا تاج سرِ اقدس پر سجایا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم المرسلین قرار پائے چنانچہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایسے معجزات سے نوازا گیا جن کا مقابلہ تمام زمانوں کی قومیں مل کر بھی نہ کر سکتی تھیں۔ اللہ رب العزت کو معلوم تھا کہ امتِ محمدی چاند پر قدم رکھے گی اور ستاروں پر کمندیں ڈالے گی لہٰذا اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکان و لامکاں کی وسعتوں میں سے نکال کر اپنے قرب کی حقیقت عطا فرمائی جس کا گمان بھی عقل انسانی میں نہیں آ سکتا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے باقی تمام معجزات اور دیگر انبیاء و رسل کے تمام معجزات ایک طرف اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معجزۂ معراج ایک طرف، تمام معجزات مل کر بھی معجزۂ معراج کی ہمہ گیریت اور عالمگیریت کو نہیں پہنچ سکتے۔ یہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دائمی معجزہ ہے جس کی عظمت میں وقت کا سفر طے ہونے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جائے گا اور نئے نئے کائناتی انکشافات سامنے آ کر معجزۂ معراج کی حقانیت کی گواہی دیتے رہیں گے۔ اِرتقاء کے سفر میں اٹھنے والا ہر قدم سفرِ معراج میں نقوشِ کفِ پا کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں مکہ سے اٹھا اور براق پر سوار ہو کر بیت المقدس پہنچا، وہاں سے آسمانوں اور پھر وہاں سے عرشِ معلی تک گیا حتیٰ کہ مکان و لامکاں کی وسعتیں طے کرتا ہوا مقامِ قاب و قوسین پر پہنچا اور پھر حسنِ مطلق کا بے نقاب جلوہ کیا۔ انبیائے کرام سے ملاقاتیں کیں، جب لوٹا تو گھر کے دروازے کی کنڈی ہل رہی تھی اور غسل و وضو کا پانی حرکت میں تھا۔ ابولہب اور ابوجہل کی عقل آڑے آ گئی۔ غبارِتشکیک نے حقائق کو چھپا لیا جبکہ ابوبکر رضی اللہ عنہ عشق کی بازی جیت گئے اور صدیق کے لقب سے ملقّب ہوئے۔ انسان کا سفرِ ارتقاء نقوشِ کفِ پائے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تلاش کا نام ہے۔
سفرِ معراج عالمِ بیداری میں طے ہوا
آج کے سائنسی دور کے اِرتقاء اور کائناتی انکشافات کے اس دور میں بھی اگر کوئی شخص یہ دعویٰ کرے کہ میں نے خواب میں زمینوں اور آسمانوں کی سیر کی اور جب میں واپس آیا تو میرا بستر گرم تھا تو اسے مِن و عن تسلیم کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ خواب کی بات ہے اور خواب میں ایسا ہونا ممکن ہے۔ اگر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی یہ دعویٰ خواب کے حوالے سے کرتے تو ابولہب کو اس کی حقانیت سے انکار ہوتا اور نہ ابوجہل کو۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ دعویٰ عالمِ بیداری میں کیا گیا کہ آسمانوں اور زمینوں کی سیر میں نے عالمِ بیداری میں کی، اس لئے عقلِ عیار اسے تسلیم کرنے پر تیار نہ ہوئی۔ اب چونکہ جاگتے ہوئے یہ سب کچھ ہونا انسانی فہم و اِدراک سے بالاتر تھا لہٰذا اس معجزہ کو اہلِ ایمان کے لئے ان کے ایمانوں کی آزمائش قرار دیا گیا۔ چنانچہ قرآنِ مجید میں ارشاد ہوتا ہے:
وَمَا جَعَلْنَا الرُّؤيَا الَّتِي أَرَيْنَاكَ إِلاَّ فِتْنَةً لِّلنَّاسِ.
(بنی اسرائيل، 17 : 60)
اور ہم نے تو (شبِ معراج کے) اس نظارہ کو جو ہم نے آپ کو دکھایا لوگوں کے لئے صرف ایک آزمائش بنایا ہے (ایمان والے مان گئے اور ظاہر بین اُلجھ گئے۔)
بعض لوگ یہ سمجھتے کہ رویا چونکہ عام طور پر خواب کے معنیٰ میں استعمال کیا جاتا ہے لہٰذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سفرِ معراج خواب میں عطا ہوا۔ درحقیقت یہ مفہوم غلط ہے۔ عربی زبان میں رؤیاء رات کے وقت کھلی آنکھوں سے دیکھنے کو بھی کہتے ہیں اور دورِ جاہلیت کے کئی عرب شعراء کا کلام بھی اس بات کی گواہی دیتا ہے۔ یہاں رویاء سے مراد مطلق مشاہدہ ہے۔ اس امر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے قرآن نے کہا :
لِنُرِيَهُ مِنْ آيَاتِنَا.
(بنی اسرائيل، 17 : 1)
تاکہ ہم اس (بندۂ کامل) کو اپنی نشانیاں دکھائیں۔
چونکہ یہ چیز کسی بھی شخص کے لئے عملاً ناممکن تھی لہٰذا اللہ رب العزت نے اسے اپنی قدرتوں کی طرف منسوب کیا اور فرمایا :
سُبْحَانَ الَّذِي أَسْرَى بِعَبْدِهِ لَيْلاً.
(بنی اسرائيل، 17 : 1)
(کہ ہر نقص، عیب اور ناممکن کے لفظ سے) پاک ہے وہ قادرِ مطلق جو لے گیا اپنے بندے کو رات کے وقت سیر کرانے۔
کفار و مشرکینِ مکہ کا ردِّ عمل ہی ظاہر کرتا ہے کہ معجزۂ معراج کوئی معمولی واقعہ تھا اور نہ یہ کوئی خواب ہی بیان ہو رہا تھا۔ اگر یہ خواب ہوتا تو کفار و مشرکین کا ایسا منکرانہ ردِّ شعمل سامنے آتا اور نہ قرآن میں اس کا ذکر اس اہتمام سے ہوتا۔ الشفاء بتعریف حقوقِ المصطفیٰ میں قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی تحقیق کے مطابق ان صحابہ رضی اللہ عنہ و ائمہ کرام رحمۃ اللہ علیہ کو جسمانی معراج پر ایمان رکھنے والا کہا ہے :
و ذهب معظم السلف و المسلمين إلی أنه إسراء بالجسد و فی اليقظة و هذا هو الحق وهو قول إبن عباس و جابر و أنس و حذيفة و عمر و أبی هريرة و مالک بن صعصعة و أبی حبة البدری و ابن مسعود و الضحاک و سعيد بن جبير و قتاده و ابن المسيب و ابن شهاب و ابن زيد و الحسن و إبراهيم و مسروق و مجاهد و عکرمة و ابن جريج و هو دليل قول عائشة وهو قول الطبری و ابن حنبل و جماعة عظيمة من المسلمين وهو قول أکثر المتأخرين من الفقهاء و المحدثين و المتکلمين و المفسرين.
(الشفاء، 1 : 188)
اسلاف اور مسلمانوں کی اکثریت اسراء کو جسم کے ساتھ بیداری میں ہونے پر ایمان رکھتی ہے اور یہی سچا قول ہے۔ اس قول میں ابن عباس رضی اللہ عنہ، جابر رضی اللہ عنہ، انس رضی اللہ عنہ، حذیفہ رضی اللہ عنہ، عمر رضی اللہ عنہ، ابوہریرہ رضی اللہ عنہ، مالک بن صعصعہ رضی اللہ عنہ، ابوحبہ البدری رضی اللہ عنہ، ابن مسعود رضی اللہ عنہ، ضحاک رضی اللہ عنہ، سعید بن جبیر رضی اللہ عنہ، قتادہ ابن المسیب رضی اللہ عنہ، ابن شہاب رضی اللہ عنہ، ابن زید رضی اللہ عنہ، حسن رضی اللہ عنہ، ابراہیم رضی اللہ عنہ، مسروق، مجاہد رضی اللہ عنہ، عکرمہ رضی اللہ عنہ، ابن جریح رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ شریک ہیں اور یہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ کے قول پر دلیل ہے اور یہ قول طبری رحمۃ اللہ علیہ ، ابن حنبل رحمۃ اللہ علیہ کے علاوہ مسلمانوں کی غالب اکثریت کا بھی ہے اور متاخرین فقھاء محدثین اور متکلمین و مفسرین کا بھی یہی قول ہے۔
انسان ظاہر و باطن کا پیکرِ دلنشیں ہے۔ داخل سے خارج تک اور خارج سے داخل تک کا سفر اَن گِنَت مراحل کا امین ہوتا ہے۔ باطن ایک شفاف آئینہ ہے جس میں ظاہر کی دنیا کا ہر عکس جلوہ گر ہوتا ہے۔ اس طرح ظاہر بھی من کی دنیا کا عکاس ہے۔ باطن کے پانچ لطائف ہوتے ہیں۔ قلب، روح، سرّ، خفی اور اخفی۔ سفرِ معراج عالمِ بیداری میں طے ہوا۔ اس کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ یہ معراج یک جہتی نہ تھی بلکہ تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عطا ہونے والی معراج تمام لطائف کی بھی معراج تھی۔ وہ ایسے کہ ہر لطیفے کا مقام اپنی جگہ سے اٹھ کر اوپر کے مقام پر چلا گیا یعنی جسمِ اطہر جو نفس کا مظہر تھا جب مقامِ قاب قوسین پر پہنچا تو وہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جسمِ اطہر تھا لیکن جسم کے مقام سے اٹھ مرتبۂ قلب پر پہنچ گیا تھا۔ یہ بات اگر سمجھ میں آ جائے تو یہ خود بخود واضح ہو جاتا ہے کہ شبِ معراج حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ پاک کا دیدار سر کی آنکھوں سے کیسے کیا۔ اصل بات یوں ہے کہ اس سلسلے میں دو روایات ملتی ہیں :
1۔ اُمُ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنھا سے مروی ہے کہ جس شخص نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت اللہ جل شانہ کو سر کی آنکھوں سے دیکھنے کا دعویٰ کیا، اس نے کفر کیا۔ اسکو امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس روایت کے ساتھ بیان کیا ہے۔
عن مسروق، قال : سالت عائشة رضی الله عنه عن هذه الآية التي فيها الروية فقالت : انا اعلم هذه الامة بهذه، وانا سالت رسول الله صلي الله عليه وآله وسلم عن ذالک قال : رأيت جبرئيل ثم قالت : من زعم ان محمداً رای ربه فقد اعظم الکذب علی الله.
مسروق بیان کرتے ہیں کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ سے آیت رؤیت کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا میں اس کے بارے میں اس امت سے بہتر جانتی ہوں۔ میں نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اس کے بارے میں پوچھا۔ آپ نے فرمایا میں نے جبرئیل کو دیکھا ہے۔ پھر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا جس نے یہ دعویٰ کیا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے رب کو دیکھا ہے تو اس نے اللہ تعالیٰ پر بہت بڑا جھوٹ باندھا ہے۔
1. صحيح لمسلم، کتاب الايمان، رقم : 287
2. صحيح البخاری، کتاب بدأ الخلق، رقم : 3062
3. جامع الترمذی، کتاب التفسير، رقم : 3068، 3278
4. مسند احمد بن حنبل، 6 : 49، 50
5. مسند ابی يعلی، 8 : 304، رقم : 4900
امام طبرانی رحمۃ اللہ علیہ المعجم الکبیر والاوسط میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کا قول نقل کرتے ہیں :
عن ابن عباس رضي الله عنه قال : راي محمد صلي الله عليه وآله وسلم ربه عزوجل مرتين مرة ببصره و مرة بفواده.
1. المعجم الکبير، 12 : 71، رقم : 12564
2. المعجم الاوسط، 6 : 356، رقم : 5757
3. المواهب اللدنيه، 2 : 37
4. نشر الطيب، 55
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے رب کو دو مرتبہ دیکھا ایک مرتبہ سرکی آنکھوں سے اور دوسری مرتبہ دل کی آنکھوں سے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے موقف کی تائید اور اسکی تفصیل باب رؤیت باری تعالی میں بیان کی جائے گی۔
حقیقتِ حال یہ ہے کہ دونوں باتیں ایسی ہیں کہ انہیں مان لیا جائے کیونکہ سر کی آنکھیں جب تک مرتبۂ جسم پر رہیں، اللہ تعالیٰ کے حسن اور اس کے نورِ ذات کو نہیں دیکھا جا سکتا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب دیکھا تو سر کی آنکھیں مرتبۂ قلب پر فائز ہو چکی تھیں اور جسم رتبے میں دل سے بدل چکا تھا یعنی کھلی ہوئی تو سر کی آنکھیں تھیں مگر ان کا دیکھنا ایسا تھا کہ دل دیکھ رہا ہو۔ اس لئے قرآن مجید نے کہا :
مَا كَذَبَ الْفُؤَادُ مَا رَأَىO
(النجم، 53 : 11)
دل نے جھوٹ نہ کہا جو دیکھا۔
یہ دل وہی تو دیکھ رہا تھا جو آنکھیں دیکھ رہی تھیں۔ اسی طرح قلبِ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معراج حاصل ہوئی تو وہ مرتبۂ روح پر پہنچ گیا یعنی دل تو پہلے ہی اللہ رب العزت کی محویت میں غرق تھا جب وہ روح کے مرتبے تک پہنچا تو فنا ہو گیا۔ پھر روح کو سرّ کا درجہ ملا تو وہ فنائے تام کے درجے تک پہنچی۔ پھر سر ّخفی اور اَخفیٰ کے مرتبے تک پہنچا تو کبھی ’’دَنٰی‘‘ کے ذریعے مولا کو دیکھا تو کبھی ’’فَتَدَلّٰی‘‘ کے ذریعے قرب کی انتہائیں نصیب ہوئیں، آخرکار مشاہدہ اپنے کمال کو پہنچ گیا، جسے قرآن مجید میں یوں بیان کیا گیا ہے :
وَلَقَدْ رَآهُ نَزْلَةً أُخْرَىO
(النجم، 53 : 13)
اور (اب) انہوں نے وہ جلوہ دوسری بار دیکھا۔
سفرِ معراج میں تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہر لطیفے کو قربِ الٰہی نصیب ہوا اور وہ دیدارِ الٰہی کی لذتِ دوام سے ہمکنار ہوا۔ جب سب مراحل طے پا گئے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس حال میں کرۂ ارضی کی طرف لوٹے کہ ہر ہر لطیفے میں مولا کے قرب اور اس کے دیدار کی لذتیں سما چکی تھیں۔
سفرِمعراج اپنے تین مراحل میں
1۔ پہلا مرحلہ
سفرِ معراج کا پہلا مرحلہ مسجدُ الحرام سے مسجدِ اقصیٰ تک کا ہے۔ یہ زمینی سفر ہے۔ یہ چونکہ انسانی دنیا کا حصہ ہے اور ذہنِ انسانی میں اس کی تفہیم نسبتاً آسانی سے ممکن ہے اس لئے اسے تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، حتیٰ کہ سفر کے اَحوال، واقعات اور اس کی حقانیت پر دلائل بھی بیان کئے گئے ہیں۔
2۔ دُوسرا مرحلہ
سفرِ معراج کا دوسرا مرحلہ مسجدِ اقصیٰ سے لے کر سدرۃ ُالمنتہیٰ تک ہے۔ یہ کرۂ ارضی سے کہکشاؤں کے اس پار واقع نورانی دنیا تک سفر ہے۔ یہ چونکہ مخلوق کی حدود کے اندر تھا لہٰذا اسے بھی بیان کیا مگر تفصیل سے بیان نہیں کیا کیونکہ یہ پوری طرح ذہنِ انسانی میں آنے والا نہ تھا۔
3۔ تیسرا مرحلہ
سفرِ معراج کا تیسرا مرحلہ سدرۃ ُالمنتہیٰ سے آگے قاب قوسین اور اس سے بھی آگے تک کا ہے۔ چونکہ یہ سفر محبت اور عظمت کا سفر تھا اور یہ ملاقات محب اور محبوب کی خاص ملاقات تھی لہٰذا اس رودادِ محبت کو راز میں رکھا گیا۔ سورۃ ُالنجم میں فقط اتنا فرمایا کہ وہاں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جو راز اور پیار کی باتیں کرنا چاہیں وہ کر لیں۔ (اب کسی کو اس سے کیا غرض کہ کیا باتیں کیں) جبکہ اس مقام پر فرمایا : إِنَّهُ هُوَ السَّمِيعُ البَصِيرُ۔ اب غور طلب بات یہ ہے کہ یہ نہیں بتایا کہ دیکھنے اور سننے والا کون ہے؟ اس سے مراد اللہ تبارک و تعالیٰ کی ذات بابرکات بھی ہو سکتی ہے اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بھی ( یہ معنی علامہ آلوسی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی تفسیر روح المعانی میں بیان کیا ہے) گویا اس کے دو معانی ہو گئے :
1۔ بے شک اس مقام پر فقط اللہ ہی تھا جو پیار بھرے انداز میں اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مکھڑا تکنے والا تھا اور جو اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میٹھی میٹھی زبان سے اس کی عرضداشت سننے والا تھا۔
2۔ بے شک اس مقام پر فقط حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی تھے جو اپنے رب تعالیٰ کے حسن بے نقاب کے جلوے میں مشغول تھے اور اللہ تبارک و تعالیٰ کے ارشادات اور پیار بھری باتیں سننے والے تھے۔
یہ وہ مقام تھا جہاں سفرِ محبت و عظمت اپنے مقصود کو پانے والا تھا جس کا مخلوق سے کوئی تعلق ہی نہیں تھا لہٰذا ان کے بتانے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ کبھی وہ سننے والا اور یہ سنانے والا تھا اور کبھی یہ دیکھنے والا اور وہ دیکھا جانے والا تھا۔
یہ معنیٰ امام صاوی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی لیا ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ اس کی حکمت یہ ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اپنی زبانِ حکمت سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف بیان کرنا چاہتے ہیں تاکہ واضح ہو کہ آپ کا مقام کتنا بلند ہے۔ نیز آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتوں کا حال معلوم ہو سکے۔
عارف الراعی فرماتے ہیں :
و إن قابلتْ لفظة لَنْ تَرَانِيْ
بما کَذَبَ الْفُؤَادُ فهمّت معنی
فموسٰی خرّ مغشياً عليه
و أحمد لم يکن ليزيغ ذهناً
ترجمہ :۔ ’’اگر تو لَن تَرَانِي اور مَا كَذَبَ الْفُؤَادُ مَا رَأَى کا آپس میں مقابلہ کرے تو تیری سمجھ میں آ جائے گا کہ حقیقت کیا ہے۔ موسیٰ بے ہوش گئے جبکہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چشمِ اقدس بھی دنگ نہ ہوئی‘‘ ۔
(الصاوی علی الجلالين، 4 : 137)
دو کمانوں کا اِستعارہ
محبت اپنی زبان خود تخلیق کرتی ہے۔ اظہارِ محبت کسی لفظ کا بھی مرہونِ منّت نہیں ہوتا۔ چشمِ بے تاب سارا حال کہہ دیتی ہے۔ محبت کے تقاضوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ تعلق اتنا گہرا ہو کہ دو کا ذکر کرنا ہو تو اس طرح کیا جائے جیسے ایک ہی کا ذکر ہے حتیٰ کہ غیریت کا تصور تک مٹ جائے۔ مثلاً قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے : ثُمَّ دَنٰی فَتَدَلّٰی، اب اس آیت میں دو افعال ہیں مگر کسی ایک کے فاعل کا بھی ذکر نہیں کیا گیا۔ اب اس میں مختلف صورتیں ممکن ہیں :
دونوں کا فاعل اللہ ہو : اگر دونوں کا فاعل اللہ ہو تو مفہوم یہ ہو گا ’’پھر اللہ قریب ہوا، پھر اللہ مزید قریب ہوا‘‘ ۔
دونوں کا فاعل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بنایا جائے : اس صورت میں معنیٰ یہ ہو گا ’’پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قریب ہوئے، پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مزید قریب ہوئے‘‘۔
دَنٰی کا فاعل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اور تَدَلّٰی کا فاعل اللہ رب العزت کو بنایا جائے :
یہ معنی زیادہ قرین قیاس ہے۔ ظاہر ہے کہ پہلا قرب تو آنے والا خود ہی چاہتا ہے مگر مخلوق کو محدود ہونے کے سبب سے کسی نہ کسی حد پر رک ہی جانا تھا۔ سو باقی رہنے والے فاصلے کو مٹانے کے لئے اور قرب کی حدوں کو توڑ دینے کے لئے اللہ آگے بڑھا کہ جو غیر محدود ہے۔
اس کی تائید امام شعرانی رحمۃ اللہ علیہ کی بیان کردہ اس حدیث سے بھی ہوتی ہے کہ جب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے پہنچے تو ربِ کائنات نے ارشاد فرمایا :
قف يا محمد! إن ربک يصلی.
(اليواقيت و الجواهر، 2 : 35)
ٹھہر جاؤ اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! بیشک تمہارا رب قریب ہوتا ہے۔
صَلّٰی، یُصَلِّيْ کا معنی قریب ہونا صاحبِ ’’الصَّلٰوۃ و البُشر‘‘ نے بھی لیا ہے۔
اب رہی بات یہ کہ اللہ کس قدر قریب ہوا تو اس کا جواب اس آیت کریمہ سے بخوبی ملتا ہے۔ فرمایا :
فَكَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ أَوْ أَدْنَىO
(النجم، 53 : 9)
پھر دو کمانوں کا فاصلہ رہ گیا یا اس سے بھی کم رہ گیا (جس کی کوئی حد معلوم نہیں)۔
ایک لطیف نکتے کی وضاحت
دوئی کے مٹانے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ توحید و رسالت کا تعلق ایسا ہے کہ دو کو مانا جائے مگر دونوں میں ایسی دُوئی جو غیریت کا مفہوم رکھتی ہو اُسے تسلیم نہ کیا جائے۔ گویا جس طرح دو ہونے کا انکار کرنا کفر ہے اس کی طرح دُوئی کو بدرجۂ غیریت ماننا بھی کفر ہے۔
تمثیل کا ثقافتی پس منظر
جزیرہ نمائے عرب میں ظہورِ اسلام کے وقت اگرچہ کوئی مرکزی حکومت نہ تھی۔ سیاسی اور جغرافیائی وحدت کا تصور عملاً مفقود تھا، تاہم قبائلی رسم و رواج کی پابندی کی جاتی۔ عربوں کا ایک اپنا مزاج تھا جس نے ان کی ثقافتی اِکائی کو بڑی حد تک زمانے کی دستبرد سے محفوظ رکھا۔
عربوں کا ایک طریقہ تھا کہ جب دو قبیلے آپس میں ملتے اور معاہدہ کر کے یک جان دو قالب ہونا چاہتے تو فریقین اپنی کمانوں کو آپس میں بدلتے اور پھر ملا کر تیر پھینکتے تو یہ تصور کیا جاتا کہ ایک کا پھینکا ہوا تیر دوسرے کا ہے اور دوسرے کا پھینکا ہوا تیر پہلے کا ہے۔ ایک فریق کی دوستی دوسرے فریق کی دوستی ہے اور ایک کی دشمنی دوسرے کی دشمنی ہے۔ گویا قاب قوسین کی مثال دے کر اللہ رب العزت یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں جس نے اللہ سے تعلق جوڑنے کا ارادہ رکھا اسے چاہئے کہ اس کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دامنِ رحمت سے لپٹ جائے اور جس کسی نے اس کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے (معاذاللہ) بغض رکھا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں (نعوذ باللہ) تنقیص کی جسارت کی، اللہ نے اس کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا۔
معراج بلاشبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زندہ معجزہ ہے۔ یہ معجزہ براہِ راست اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت، رفعت اور حقیقت کسی بھی فردِ بشر کی سمجھ بوجھ، عقل و خرد اور فہم و فراست کی پرواز سے بلند اور بہت ہی بلند ہے حتیٰ کہ کسی کے لئے اس کا تصور بھی ممکن نہیں۔
مراحلِ سفرِ معراج
حقیقتِ معراج کے چند گوشے بیان کرنے کے بعد اب ہم مختلف احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں واقعہ معراج کی جملہ تفصیلات بیان کرتے ہیں۔
مرحلۂ اُولیٰ۔ ۔ ۔ بیت ُاللہ سے بیت ُالمقدس تک
سفرِ معراج، سفرِ محبت بھی ہے اور سفرِ عظمت بھی۔ بیت ُاللہ سے بیت المقدس اس سفرِ مقدس کا پہلا مرحلہ تھا۔ یہ واقعہ متعدد صحابہ کرام رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اور متعدد طرق، اسناد اور تفصیلات کے ساتھ منقول ہے۔ نیز تابعین نے بھی اسے صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔
حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حطیمِ کعبہ میں آرام فرما رہے تھے کہ حضرت جبرئیل امین علیہ السلام نے آ کر تاجدارِ کون و مکاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جگایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نیند سے بیدار ہوئے، اِدھر اُدھر دیکھا اور پھر لیٹ گئے۔ جبرئیل امین علیہ السلام نے دوبارہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بیدار کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پھر اِدھر اُدھر دیکھا اور لیٹ گئے۔ پھر جبرئیل امین علیہ السلام نے تیسری مرتبہ درِ اقدس پر آواز دی۔ اس مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اٹھے تو جبرئیل علیہ السلام نے عرض کی : یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! اللہ رب العزت نے آپ کو اپنی ملاقات کے لئے بلایا ہے۔ اس وقت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سینۂ اقدس حلق سے لے کر ناف تک چاک کیا گیا اور قلبِ اطہر کو نکالا گیا۔ اللہ رب العزت نے ملاءِ اعلیٰ سے ایک طشت کے اندر اپنے خصوصی اَنوار و تجلیاتِ حکمت بھیجے تھے۔ ان اَنوار و تجلیات سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قلبِ اقدس کو دھویا گیا تاکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قلبِ اطہر سفرِ معراج شروع کرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کے ذاتی انوار و تجلیات کے فیض کو کماحقہ اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت پیدا کر لے۔ پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ایک سواری پیش کی گئی جو قد کے اعتبار سے گوش دراز سے اونچی اور خچر سے نیچی تھی۔ اس کا رنگ چمکدار اور سفید تھا۔ اس کا نام ’’براق‘‘ تھا۔
عن مالک بن صعصعة، قال : قال رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم ’’بينا أنا في الحجر. . . و فی رواية فی الحطيم. . . بين النائم و اليقظان، إذ أتانی آت، فشقّ ما بين هذه إلی هذه، فاستخرج قلبی، فغسله ثم أعيده، ثم أتيت بدابة دون البغل فوق الحمار أبيض، يقال له ’’البُرَّاق، ، فحملت عليه، ، .
(روح المعانی، 15 : 5)
حضرت مالک بن صعصعہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں حجر۔ ۔ ۔ دوسری روایت میں حطیم کا ذکر ہے۔ ۔ ۔ میں نیند اور بیداری کی درمیانی کیفیت میں تھا جب میرے پاس آنے والا (فرشتہ) آیا۔ اس نے (میرا سینہ) یہاں سے یہاں تک چیرا۔ پھر میرے دل کو نکال کر غسل دیا۔ پھر دوبارہ اندر رکھ دیا۔ پھر ایک سواری لائی گئی جو خچر سے چھوٹی اور گوش دراز سے بڑی تھی۔ اس کا رنگ سفید تھا۔ اسے ’’براق‘‘ کہا جاتا ہے پس مجھے اس پر سوار کرایا گیا۔
جب تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو براق پر سوار کیا گیا تو وہ فخر و اِنبساط سے ناچنے لگی کہ آج اسے سیاحِ لامکاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سواری ہونے کا لازوال اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ براق اس سعادتِ عظمیٰ پر وجد میں آ گیا۔ اس پر جبرئیلِ امین علیہ السلام نے اس سواری سے فرمایا :
’’رک جا! اللہ کی عزت کی قسم تجھ پر جو سوار بیٹھا ہے آج تک تجھ پر ایسا سوار نہیں بیٹھا‘‘۔
حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو براق پر سوار کرا کے انہیں بیت المقدس کی طرف لے جایا گیا۔ براق کی رفتار کا یہ عالم تھا کہ جہاں سوار کی نظر پڑتی تھی وہاں اس کا قدم پڑتا تھا۔
حضرت موسیٰ علیہ السلام کا اپنی قبرِ انور میں نماز ادا کرنا
سفرِمعراج کے پہلے مرحلے پر سفر جاری تھا کہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا گزر حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قبرِ انور کے قریب سے ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیکھا کہ وہ اپنی قبرِ انور میں کھڑے صلوٰۃ پڑھ رہے تھے۔
انبیاء صف بہ صف آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے استقبال کیلئے کھڑے تھے۔
جب یہ مقدس قافلہ بیت المقدس پہنچا تو بابِ محمد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے استقبال کے لئے کھلا تھا۔ جبرئیل امین علیہ السلام نے اپنی انگلی سے دروازے کے قریب موجود ایک پتھر میں سوراخ کیا اور براق کو اس سے باندھ دیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیت المقدس میں داخل ہوئے تو تمام انبیائے کرام علیھم السلام آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم، اِکرام اور اِحترام میں منتظر تھے۔ انہیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امامت میں نماز پڑھنے کا شرف حاصل ہوا۔
مرحلۂ ثانیہ۔ ۔ ۔ بیت المقدس سے سدرۃ المنتہیٰ تک
انبیاء حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اقتداء میں نماز ادا کر کے ادب و احترامِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مشرف ہو چکے تو آسمانی سفر کا آغاز ہوا، اس لئے کہ ہر زمینی عظمت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدموں کا بوسہ لے چکی تھی۔ پہلے آسمان پر پہنچ کر آسمان کے دروازے پر دستک دی گئی۔ بوّاب پہلے سے منتظر تھا۔ آواز آئی : کون ہے؟۔ ۔ ۔ جبرئیل امین نے جواب دیا : میں جبرئیل ہوں۔ ۔ ۔ ۔ آواز آئی : آپ کے ساتھ کون ہے؟۔ ۔ ۔ جواب دیا : یہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ آج کی رات انہیں آسمانوں پر پذیرائی بخشی جائے گی۔ آسمان کا دروازہ کھل گیا اور پوچھنے والے نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ بیکس پناہ میں سلام عرض کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مرحبا یا سیدی یا مرشدی مرحبا
فانطلق بی، حتی أتی السماء الدنيا فاستفتح، قيل : من هذا؟ قال : جبرئيل، و من معک؟ قال : محمد، قيل : قد أرسل إليه؟ قال : نعم، قيل : مرحبا به فنعم المجيئ جاء.
(تفسير البغوی، 3 : 93)
پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آسمانوں کی طرف بڑھے اور جب آسمانِ دنیا پر آئے تو دروازہ کھٹکھٹایا۔ آواز آئی : کون؟ جبرئیل امین نے کہا : جبرئیل۔ پھر کہا گیا : آپ کے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا : محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔ پھر پوچھا گیا : کیا انہیں بلایا گیا ہے؟ جبرئیل نے کہا : ہاں۔ آواز آئی : خوش آمدید، کتنا اچھا آنے والا آیا ہے۔
تاجدارِ کائنات حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ملاقات حضرت آدم علیہ السلام سے ہوئی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ آپ کے جلیل القدر فرزند ہیں۔ ختم المرسلین ہیں۔ یہی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ یہی کل انبیاء کے سرتاج ہیں۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دادا جان کہہ کر آدم علیہ السلام کی بارگاہ میں سلام ارشاد فرمایا۔ حضرت آدم علیہ السلام نے سلام کا جواب بھی عرض کیا اور اپنے عظیم فرزند کو دعاؤں سے بھی نوازا۔ اس کے بعد مہمانِ عرش حضور پُرنور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دوسرے آسمان کی طرف اٹھایا گیا۔ پہلے آسمان کی طرح بوّاب نے دوسرے آسمان کا بھی دروازہ کھولا۔ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیدنا عیسیٰ علیہ السلام اور یحییٰ علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ اس یادگار ملاقات اور آسمان کے ملکوتی مشاہدات کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تیسرے آسمان کی طرف اٹھایا گیا۔ تیسرے آسمان پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ملاقات سیدنا یوسف علیہ السلام سے کرائی گئی۔ تیسرے آسمان کے مشاہداتِ نورانی کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چوتھے آسمان پر پہنچایا گیا۔ چوتھے آسمان پر تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ملاقات حضرت ہارون علیہ السلام سے کرائی گئی۔ اسی طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سفرِ معراج طے کرتے ہوئے چھٹے آسمان پر پہنچے اور سیدنا موسیٰ علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی چشمانِ مقدس اشکبار ہو گئیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت و رفعت کو دیکھ کر رشک کے آنسو چھلک پڑے۔ آپ کی زبانِ اقدس سے بے اختیار نکلا کہ خدائے بزرگ و برتر کے یہ وہ برگزیدہ رسول ہیں جن کی امت کو میری امت پر شرف عطا کیا گیا۔ میری امت پر جسے بزرگی عطا ہوئی یہ وہی رسولِ برحق ہیں جن کی امت کو میری امت کے مقابلے میں کثرت کے ساتھ جنت میں داخل کیا گیا۔ مہمانِ ذی حشم حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ملاقات ساتویں آسمان پر حضرت ابراہیم علیہ السلام سے ہوئی۔
دیدارِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے ملائکہ کے ہجوم در ہجوم
مشاہداتِ آسمانی کے نورانی جلوؤں کے بعد تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سدرۃ المنتہیٰ کے مقام تک لے جایا گیا۔ یہ وہ مقامِ عظیم ہے جہاں آ کر ملائکہ، حتیٰ کہ انبیاء و رُسل کی بھی پرواز ختم ہو جاتی ہے۔ جہاں مقرب فرشتوں کے بھی پرجلتے ہیں۔ گویا ملاقات کا سارا نظام اور عالمِ امکان کی ساری بلندیاں سدرۃ ُالمنتہیٰ پر ختم ہو جاتی ہیں۔ سدرۃ ُالمنتہیٰ کا مقامِ اولیٰ عالمِ مکان کی آخری حد اور لامکاں کا ابتدائی کنارہ ہے۔ اس مقام پر تفسیر نیشاپوری اور تفسیر دُرِ منثور میں ایک حدیث نقل کی گئی ہے۔ فرشتے اللہ رب العزت کی بارگاہِ اقدس میں دعا مانگتے تھے کہ اے کائنات کے مالک! جس محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر تو نے یہ کائنات تخلیق فرمائی جس پر تو اپنی زبانِ قدرت سے ہمہ وقت درود پڑھتا ہے اور ہم بھی تیرے حکم کی تعمیل میں اس ہستی پر درود و سلام کا نذرانہ بھیجتے ہیں آج وہی مہمانِ ذی وقار تشریف لا رہے ہیں۔ اے باری تعالیٰ! ہمیں اپنے اس رسولِ محتشم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بے نقاب جلوہ عطا فرما۔ اللہ پاک نے ان مقرب ملائکہ کی دعا کو شرفِ قبولیت بخشا اور فرمایا کہ تم ساری کائناتِ آسمانی سے سمٹ کر اس درخت ’’سدرۃ ُالمنتہیٰ‘‘ پر بیٹھ جاؤ۔ فرشتے ہجوم در ہجوم اُمڈ پڑے۔ فرشتوں کی اتنی کثرت ہوئی کہ وہ درخت ان کے نور کے سائے میں آ گیا :
إستأذنتِ الملائکةُ الربَّ تبارک و تعالٰی أن ينظروا إلی النبی صلی الله عليه وآله وسلم، فأذن لهم، فغشيت الملائکةُ السِّدرةَ لينظروا إلٰی النبی صلی الله عليه وآله وسلم.
(الدر المنثور، 6 : 116)
فرشتوں نے اللہ تعالیٰ سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کی خواہش کا اظہار کیا تو انہیں اجازت دے دی گئی۔ پس فرشتوں نے سدرہ (بیری کے درخت) کو اپنی کثرت سے چھپا لیا تاکہ نبئ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کر سکیں۔
قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے۔
إِذْ يَغْشَى السِّدْرَةَ مَا يَغْشَىO
(النجم، 53 : 16)
جب سائے میں لے کر چھپا لیا سدرہ کو جس نے کہ چھپا لیا (ملائکہ کی کثرت نے)o
سدرۃ ُالمنتہیٰ کے مقامِ عظیم پر قدسیانِ فلک کو مہمانِ ذی وقار کے دیدارِ فرحت آثار کا لازوال شرف حاصل ہوا۔
رخِ مصطفیٰ ہے وہ آئینہ کہ اب ایسا دوسرا آئینہ
نہ ہماری بزمِ خیال میں نہ دکانِ آئینہ ساز میں
جب مہمانِ عرش آگے بڑھنے لگے تو جبرئیلِ امین رک گئے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جبرئیل چلو! تو عرض کیا :
لو دنوتُ أنملةً لاحترقتُ.
(اليواقيت و الجواهر، 3 : 34)
اگر میں ایک چیونٹی برابر بھی آگے بڑھا تو (تجلیاتِ الٰہی کے پرتو سے) جل جاؤں گا۔
سِدرہ سے آگے یکتا و تنہا
اس مقام پر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جنت کی سیر کرائی گئی۔ حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جنت کے احوال کا مشاہدہ فرمایا اور وہاں کی نعمتوں کی زیارت فرمائی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب سفرِ معراج کی اگلی منزل کی طرف روانہ ہوئے تو جبرئیل اور براق ساتھ نہ تھے۔ آپ یکتا و تنہا ہی اپنے خالقِ کائنات کے اِذن سے روانہ ہوئے۔ اللہ رب العزت نے اپنے مہمانِ عرش کی سواری کے لئے ایک سبز رنگ کا ملکوتی اور نورانی تخت بھیج دیا۔ اس تخت کا نام ’’زخرف‘‘ تھا۔ حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عرشِ معلی تک پہنچایا گیا۔ جب سدرۃ ُ المنتہیٰ کی منزل گزر چکی، جب فرشتوں کا استقبال پیچھے رہ گیا تو آگے ایک نور تھا اور دیکھنے والے کو اس نور کے سوا کچھ نظر نہ آتا تھا۔ جب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس نور میں غائب کر دیا گیا تو دیکھنے والی آنکھ آپ کو دیکھنے سے قاصر تھی۔ اب کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ نور کیا ہے؟ کیسا ہے؟ کہاں سے ہے؟ کہاں تک ہے؟ کہاں جانے والا ہے؟ اس حصارِ نور میں داخل ہونے کے بعد مہمانِ ذی حشم حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عرشِ معلی کی سیر کی۔ اس کے بعد مہمانِ مکرم کو بڑی عزت، وقار اور تمکنت کے ساتھ آگے لے جایا گیا۔
مرحلۂ ثالثہ۔ ۔ ۔ سدرۃ ُالمنتہیٰ سے وصالِ اِلٰہی تک
سدرۃ ُ المنتہیٰ سے وصالِ اِلٰہی تک سفرِ معراج کا نقطۂ عروج ہے۔ یہاں سے سفر کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ آگے ایک عالم نور تھا۔ اَنوار و تجلیاتِ الٰہی پُرفِشاں تھے۔ اللہ رب العزت کی ذاتی اور صفاتی تجلیات سے بھرپور عالمِ لامکاں کے جلوے ہر سو جلوہ ریز تھے۔ مہمانِ عرش حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تن تنہا ان جلوؤں میں داخل کر دیا گیا۔ سب سے پہلے اللہ پاک کے اسماء کے پردے ایک ایک کر کے گزرتے رہے اور ہر اسم مبارک کے رنگ سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو گزارا گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عالمِ بیداری میں تھے لہٰذا اس عجیب سی کیفیت کو دیکھ کر بتقاضائے بشریت کچھ معمولی سی وحشت بھی محسوس فرمانے لگے جیسا کہ انسان اکثر لمحاتِ تنہائی میں محسوس کرتا ہے۔ جونہی حضور پُرنور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قلبِ اقدس پر یہ کیفیت وارد ہوئی اللہ رب العزت کی طرف سے آواز آئی:
قف يا محمد صلی الله عليه وآله وسلم ! إن ربک يصلی.
(اليواقيت و الجواهر، 2 : 35)
پیارے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رک جاؤ! بے شک تمہارا رب (استقبال کے لئے) قریب آ رہا ہے۔
سفرِ وصال
معجزۂ معراج میں یہاں تک کا سفر، سفرِ محبت و عظمت تھا۔ اب یہاں سے آگے سفرِ وصال شروع ہوتا ہے۔ سفرِ معراج کے اس مرحلہ پر مہمانِ عرش حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مقامِ ’’قاب قوسین‘‘ پر پہنچ گئے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
ثُمَّ دَنَا فَتَدَلَّىO فَكَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ أَوْ أَدْنَىO
(النجم، 53 : 8، 9)
پھر (اس محبوبِ حقیقی سے) آپ قریب ہوئے اور آگے بڑھےo پھر (یہاں تک بڑھے کہ) صرف دو کمانوں کے برابر یا اس سے بھی کم فاصلہ رہ گیا۔
یہاں توجہ طلب بات یہ ہے کہ دو قوسوں پر بات ختم نہیں کی بلکہ قُرب اور بُعد کے تمام جھگڑے ختم کرنے کے لئے تمام حدوں کو توڑ دیا، تمام فاصلے مٹا دیئے، تمام فاصلے یکسر ختم کر دیئے، سوائے ایک فرق کے کہ وہ خدا تھا۔ ۔ ۔ خدائے لاشریک اور یہ اس کے محبوب بندے اور رسول تھے۔ وہ خالق تھا اور یہ مخلوق۔
چنانچہ ارشاد ہوتا ہے :
فَأَوْحَى إِلَى عَبْدِهِ مَا أَوْحَىO
(النجم، 53 : 10)
پس وحی کی اپنے بندے کی طرف جو کہ اس نے وحی کیo
یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ محب اور محبوب کے درمیان تنہائی کی ملاقات میں جو باتیں ہوئیں ان کا بیان بھی نہیں فرمایا لہٰذا محب اور محبوب میں کیا کیا باتیں ہوئیں، اس کلام کی حقیقتوں کی کسی کو کچھ خبر نہیں۔ حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فقط اتنا بیان فرمایا کہ جب ملاقات ہوئی تو خالقِ کائنات نے فرمایا :
اَلسَّلَامُ عَلَيْکَ أَيها النَّبِیُّ وَ رَحْمَةُ اﷲِ وَ بَرَکَاتُه.
(معارج النبوة، 3 : 149)
اے نبی! تمہارے اوپر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمت ہو اور اس کی برکتیں ہوں۔
حضور پُر نور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رحمت کے اس پیغام کے جواب میں عرض کیا :
اَلسَّلَامُ عَلَيْنَا وَ عَلٰی عِبَادِ اﷲِ الصَّالِحِيْنَ.
(معارج النبوة، 3 : 149)
سلام ہم پر اور اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں پر۔
اور پھر واپسی پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اُمت کے لئے پچاس نمازوں کا تحفہ عطا کیا گیا جسے لے کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کی ذاتی و صفاتی تجلیات اور تمام فیوض و برکات سمیت واپس کرۂ ارضی کی طرف پلٹے۔
سفرِ معراج سے کرۂ ارض کی طرف واپسی
سفرِ معراج محبت و عظمت کا سفر تھا۔ اس سفر سے اہلِ ارض کی طرف واپسی بھی محبت اور عظمت کی مظہر تھی۔ بعض کتبِ تفاسیر میں اس امر کی تصریح کی گئی ہے کہ واپسی پر بھی حضور پُر نور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمتِ اقدس میں برّاق پیش کیا گیا۔ اس کے ذریعہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم واپس مکہ مکرمہ تشریف لائے۔ جیسے جاتے ہوئے ہر آسمان پر ایک برگزیدہ نبی اور ملائکہ کے ساتھ ملاقات کا مفصل ذکر ہے ایسے ہی واپسی پر تفصیلی ملاقاتوں کا ذکر موجود نہیں لہٰذا واپسی کی تفصیلات اور جزئیات اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہی معلوم ہیں۔
صحیح بخاری، صحیح مسلم اور دیگر کتبِ حدیث میں معجزۂ معراج کا تفصیل سے ذکر ملتا ہے۔ واپسی کے دوران چھٹے آسمان پر جب سیدنا موسیٰ علیہ السلام سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ملاقات ہوئی تو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے دریافت کیا کہ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! اللہ رب العزت کی بارگاہ سے اپنی امت کے لئے کیا تحفہ لائے ہیں۔ اس پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے اللہ نے میری امت کے لئے پچاس نمازیں یومیہ عطا کی ہیں۔ موسیٰ علیہ السلام نے عرض کیا کہ میں نے اپنی امت پر بہت محنت و مشقت کی تھی جس سے حاصل ہونے والے تجربے کے نتیجے میں یہ عرض کرنا چاہوں گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم واپس تشریف لے جائیے اور اللہ کی بارگاہ میں نمازوں میں تخفیف کی درخواست کیجئے۔ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! آپ کی امت پچاس نمازوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکے گی۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس مشورے پر عمل کیا اور وہاں سے پلٹے اور ربِ کائنات کے دربارِگہر بار میں حاضر ہوئے اور امت کے لئے پچاس نمازوں میں کمی کی اِستدعا کی۔ اس طرح حضرت انس رضی اللہ عنہ کی روایت کردہ حدیثِ مبارکہ کے مطابق اس مرتبہ پانچ نمازیں کم ہوئیں۔ پھر موسیٰ علیہ السلام کے پاس آئے تو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے عرض کیا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! یہ بوجھ بھی زیادہ ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پھر بارگاہِ ایزدی میں ملتجی ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے مزید پانچ نمازوں کی کمی فرما دی۔ یہ سلسلہ چلتا رہا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نو بار اللہ رب العزت کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور صرف پانچ نمازیں باقی رہ گئیں۔ صحیح بخاری میں مروی حدیثِ مبارکہ کے مطابق چار مرتبہ دس دس نمازوں کی اور پانچویں مرتبہ پانچ نمازوں کی کمی ہوئی۔ غرض جب پانچ نمازیں رہ گئیں تو موسیٰ علیہ السلام نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پھر گزارش کی کہ آپ کی امت یہ پانچ نمازیں بھی پوری طرح ادا نہیں کر سکے گی لہٰذا ایک بار پھر بارگاہِ خداوندی میں التماس گزاریں۔ اس پر تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اب کی بار مجھے جاتے ہوئے شرم آتی ہے۔ (حدیث کے اَلفاظ اشارہ کر رہے ہیں کہ اللہ کی طرف سے اپنے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بات ٹالنے کا تصور ہی نہیں یعنی اگر ایک مرتبہ پھر حاضری ہو جاتی تو مزید کمی بھی ہو سکتی تھی مگر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود ہی حاضر نہ ہوئے) پھر جب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہاں سے چلے تو اوپر سے آواز آئی کہ اے محبوب! نمازیں تو میں نے پانچ کر دی ہیں لیکن ان پانچ نمازوں کے ادا کرنے پر ثواب تیری امت کو پچاس نمازوں کے برابر ہی ہو گا۔
خود ساختہ عقائد کی مَن مانی تاویلات
روشنی کے سفر کی اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہو گی کہ حروفِ حق کے اجلے پن پر گروہی اور مسلکی مفادات کی سیاہی اس حد تک مل دی جائے کہ خورشیدِ جہاں تاب کی کرنوں پر جہالت کے اندھیرے مسلط ہو جائیں اور صبحِ نو کے اُجالے پس منظر میں چلے جائیں۔ دین کو مختلف خانوں میں بانٹ کر ہم نے خود ساختہ عقائد کی مَن مانی تاویلات کا ’’ کارنامہ‘‘ تو سرانجام دے لیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اتحادِ امت کو پارا پارا کرکے عالمِ کفر کے مقابلے میں دین کی قوتوں کو سرِ تسلیم خم کرنے پر مجبور بھی کر دیا ہے۔ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ اکثر دینی معاملات کو مناظرانہ اور مجادلانہ نزاع کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔ اعتقادی اور مسلکی اختلافات اتنے شدید ہو چکے ہیں کہ تنقید، اختلاف اور نزاع کے سوا دین کے کسی مسئلہ کو دیکھنا اور سمجھنا گوارا ہی نہیں کیا جاتا اور پھر اس سے بڑھ کر بدقسمتی اور کیا ہو گی کہ اکثر اختلافات کا مرکز و محور (نعوذ باللہ من ذالک) حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس کوبنا لیا گیا ہے۔
انگریز نے نوآبادیاتی دور کی سب سے کاری ضرب کے طور پر برصغیر میں مسلمانوں کی متاعِ حیات چھیننے کی جو سازش کی تھی اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کو مباحث کا موضوع بنا کر عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آگ کو سینے میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کرنے کا جو فتنہ برپا کیا تھا وہ آج امربیل کی طرح ایمان کی شاخوں پر براجمان ہے۔ نت نئے فتنوں کے ساتھ کبھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اختیارات و تصرفات موضوعِ مناظرہ ہیں تو کبھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیتِ مبارکہ یا علمِ مبارک، کبھی آپ کی روحانیت اور اس کے فیض کا کائنات میں ہمہ وقت جاری و ساری رہنا موضوع بحث ہے تو کبھی بشریت اور نورانیت۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات کے باب میں جب بھی کوئی آیت، حدیث یا کوئی واقعہ ہمارے سامنے آتا ہے تو اسی زاویئے سے اس امر کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اپنے خود ساختہ موقف کی تائید میں الٹی سیدھی تاویلیں گھڑی جاتی ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ اپنے مذمومہ تصورات کو مسلک اور عقیدے کا نام دے کر ذہنوں میں جما لیا جاتا ہے اور پھر جو کوئی آیت یا حدیث سامنے آتی ہے اسے خاص مسلکی تعصبات سے رنگے شیشوں والی عینک سے دیکھتے ہیں۔ اب جو شخص سرخ شیشے والی عینک لگا کر سفید شئے کو دیکھے گا تو ظاہر ہے کہ اسے سفید چیز سرخ ہی نظر آئے گی۔ ان جھگڑوں کو ختم کرنے کی صرف ایک ہی صورت ہے کہ اپنی ان آنکھوں پر ایک ہی رنگ کی عینک لگا لی جائے اور وہ رنگ صرف قرآن و سنت کا رنگ ہو۔ اگر ایسا ہو جائے تو اختلافات نہ ہونے کے برابر رہ جائیں گے۔
بار بار لوٹ کر جانا نبوت کا کمال تھا
اسلام اور پیغمبرِاسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف عہدِ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں یہود و نصاریٰ کی طرف سے فتنہ و شر کی آگ بھڑکائی گئی تھی۔ آج اکیسویں صدی عیسوی کے آغاز پر بھی اس کی شدت میں کمی نہیں آ سکی۔ کیا ہم ان اسلام دشمن طاقتوں کا آلۂ کار بن کر اسلام کے نادان دوستوں کا کردار نہیں ادا کر رہے! واقعۂ معراج میں بھی بہت سے معاملات کو اسی طرح لیا گیا ہے۔ اپنا مخصوص نقطۂ نظر حق ثابت کرنے کے لئے خدا جانے کیا کیا تاویلات پیش کی گئی ہیں۔ بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی واقعہ کا اصل مدعا کچھ اور ہوتا ہے جبکہ دین کا پرچار کرنے والے اپنے مطلب کی بات نکال کر اصل روح کو مسخ کر دیتے ہیں۔ جیسا کہ پہلے بیان کیا جا چکا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو امتِ محمدیہ کے لئے پچاس نمازیں عطا کیں۔ پھر تقریباً 9 مرتبہ آنے جانے سے صرف پانچ رہ گئیں، پہلے پچاس کیوں دیں؟ اور راستے میں موسیٰ علیہ السلام کو کھڑا کر کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بار بار کیوں بلوایا؟ اور آخر میں پانچ نمازیں کیوں رہ گئیں؟ اس کی حکمت تو نمازیں دینے والا جانتا ہے یا پھر نمازیں لینے والا؟ اللہ اور رسول نے اس کی وجہ بیان نہیں فرمائی۔ بہتر ہے اس پر خاموشی اختیار کی جائے لیکن ہم وجہ تلاش کرنے پر ادھار کھائے بیٹھے ہیں۔ اپنے اپنے مطلب کے دلائل ثابت کرنے کے لئے استدلال کے انبار لگا رہے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بار بار لوٹ کر جانا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت کا کمال تھا اور ہے لیکن افسوسناک بلکہ شرمناک بات یہ ہے کہ اس میں بھی تنقیص کا پہلو نکالا گیا اور یہاں تک کہنے کی جسارت کی گئی کہ اگر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو علم ہوتا کہ بالآخر پانچ نمازیں ہی رہ جانی ہیں تو شروع سے ہی پانچ لے آتے، پچاس کیوں لیں؟ اور 9 چکر کیوں لگائے؟ یہ ایک متعصبانہ رنگ کی عینک ہے۔ جب اس رنگ کی عینک سے اس حدیث پاک کو دیکھا جائے تو یہی کچھ نظر آتا ہے۔ کاش! اس واقعہ سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کمال ہی کے رخ کو دیکھا جاتا۔ چونکہ یہ سوال اپنی جگہ ہرگز ہرگز علمی نہیں لہٰذا اس کا سادہ سا جواب یوں ہے کہ چلو بفرضِ محال حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تو علم نہ تھا، اللہ کو تو معلوم تھا لہٰذا خود ہی پہلی دفعہ پانچ دے دیتا۔ گویا ہوش و خرد سے خالی سوال کرنے والے اور علمِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اعتراض کی جسارت کرنے والے نے فقط شانِ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی میں تنقیص کا پہلو تلاش کرنے کی جسارت نہ کی بلکہ شانِ الوہیت پر بھی اعتراض کے دروازے کھول دیئے۔ (یاد رہے کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تعلق ایسا ہے کہ جو اعتراض رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کیا جائے گا وہی اعتراض کسی نہ کسی صورت میں اللہ پر بھی وارد ہو جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب اللہ تبارک و تعالیٰ کے ادب سے جدا نہیں) اصل بات یہ ہے کہ پہلے پچاس نمازیں دیں تو وہ بھی اللہ رب العزت کا امر تھا پھر کم ہوئیں، حتیٰ کہ پانچ تک آ گئیں تو یہ بھی اللہ رب العزت کا امر تھا۔ رہا بار بار کا آنا جانا۔ ۔ ۔ تو یقینی بات ہے کہ اس میں اللہ رب العزت کی طرف کوئی حکمت ہو گی۔
اپنائیت اور محبت کے پیمانے
حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے باربار آنے جانے کو اگر محبت اور اپنائیت کے پیمانے پر رکھا جائے تو اور ہی حکمتیں ذہن میں آتی ہیں۔ ان حکمتوں سے محبتِ رسول کی خوشبو کے جھونکے آتے ہیں۔ عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ جلتے دکھائی دیتے ہیں۔ عرفاء نے اس کی بہت سی حکمتیں بیان کی ہیں۔
قرآنِ مجید میں ہے کہ حضرت یوسف علیہ السلام کے بھائی جب مصر گئے تو حضرت یوسف علیہ السلام نے حضرت بنیامین علیہ السلام کو پہچان لیا۔ بھائی کی محبت غالب آئی تو انہوں نے چاہا کہ بنیامین کو کسی طرح روک لیا جائے اور دوسرے بھائیوں پر ظاہر بھی نہ ہو کہ میں وہی یوسف ہوں جسے وہ خود کنویں میں پھینک آئے تھے۔ چنانچہ انہوں نے بنیامین کے سامان میں اپنی کوئی چیز چھپا دی اور جب وہ سب روانہ ہونے لگے تو فرمایا کہ ہمارا کچھ سامان کھو گیا ہے، جس کے پاس سے برآمد ہو گا اسے ہم گرفتار کر لیں گے۔ ذرا ان مسافروں کی تلاشی تو لو۔ جب بنیامین کے تھیلے سے سامان نکلا تو فرمانے لگے ہم اسے نہیں جانے دیں گے۔ چونکہ یوسف علیہ السلام کو اپنے بھائی سے بچھڑے ہوئے کئی سال ہو گئے تھے لہٰذا ان کی محبت کا تقاضا تھا کہ بھائی کو کسی طرح روک لیا جائے۔ بلاتشبیہہ و بلامثال کچھ ایسا ہی معاملہ ادھر بھی ہے کہ کسی ایسے بہانے کی ضرورت تھی جس کے پیشِ نظر محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بار بار پلٹ کر بارگاہِ الوہیت میں حاضری دیتا رہے اور محب کی نگاہیں اس کے چہرے کو بار بار تکتی رہیں۔ سو جب دیکھا کہ میرے محبوب کو اپنی امت سے شدید محبت ہے تو امت کے بوجھ کو بہانا بنایا اور نمازیں از خود زیادہ دے کر حضرت موسیٰ علیہ السلام کو راستے میں کھڑا کر دیا۔
اہلِ محبت نے اس کی تعبیر ایک اور طرح سے بھی کی ہے یعنی اس بار بار آنے جانے کا مقصد حضرت موسیٰ علیہ السلام کی ایک دعا ہے جو انہوں نے طور پر مانگی تھی۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے بارگاہ رب العزت میں عرض کیا تھا۔
رَبِّ أَرِنِي.
(الاعراف، 7 : 143)
مولا! مجھے اپنے جلوۂ حسن عطا کر۔
بارگاہِ صمدیت سے جواب ملا تھا :
لَن تَرَانِي.
(الاعراف، 7 : 143)
(اے موسیٰ!) تو مجھے ہرگز نہیں دیکھ سکتا۔
بعض عرفاء نے بیان کیا ہے کہ عشق و محبت میں مچل کر موسیٰ علیہ السلام نے بار بار سوال کیا تھا۔ کسی نے کہا پانچ مرتبہ سوال کیا تھا، کسی کے مطابق 9 مرتبہ بارگاہِ خداوندی میں التماس گزاری تھی اور قاعدہ ہے کہ نبی کی درخواست رد نہیں کی جاتی۔ ہاں ایسا ممکن ہے کہ کسی حکمت کے تحت اسے موخر کر دیا جائے یا کسی اور وقت کیلئے محفوظ کر لیا جائے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی دعا معراج کی شب تک موخر کر دی گئی تھی اور آج اس کی قبولیت کا وقت تھا لہٰذا انہیں چھٹے آسمان پر کھڑا کر دیا گیا اور حکم فرمایا گیا کہ آج میرا محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میری تجلیات کا مظہرِ اتم بن کر آ رہا ہے۔ تو اس کو دیکھتا جا اور اس آئینے میں میرے حسن کے پرتو سے اپنی آنکھوں کو ٹھنڈک دیتا جا۔ لہٰذا میں اسے پچاس نمازیں دے کر بھیجتا ہوں، تو کمی کے بہانے لوٹاتے جانا، ہر بار محبوب مجھے مل کر آئے گا تو اسے دیکھتے جانا، اس طرح محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے اندر میرا جلوہ کرتے جانا۔
صدیوں کا سفر چشمِ زدن میں
صدیوں پر محیط سفرِ معراج چشمِ زدن میں طے ہو گیا۔ براق پر مکہ معظمہ میں واپسی ہوئی، صحنِ حرم میں تشریف لائے، پھر تہجد کے وقت اٹھے۔
حدیث پاک میں آتا ہے :
فاستيقضتُ و أنا بالمسجد الحرام.
(الشفاء، 1 : 246)
(ملاء اعلیٰ اور ملکوتی مشاہدہ سے وارِد شدہ اِستغراق کی کیفیت سے) واپس پلٹا تو مسجدِحرام میں تھا۔
صدیق رضی اللہ عنہ کے لئے ہے خدا کا رسول بس
معجزۂ معراج کے ظہور سے ایوانِ کفر و شرک کا لرز اٹھنا ایک فطری امر تھا۔ چنانچہ ہر طرف شور مچ گیا۔ فتنہ و شر کے طوفان اٹھ کھڑے ہوئے۔ اسلام اور پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کردار کشی کا اس سے ’’زرّیں موقعہ‘‘ کفار و مشرکین کے ہاتھ کہاں سے آتا! دعویٰ معراج کو بنیاد بنا کر مخالفینِ اسلام نے ایک منظم سازش کا منصوبہ بنایا۔ یہ لوگ ہر وقت اس تلاش میں رہتے تھے کہ کسی طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کسی دعوے کو معاذاللہ جھوٹا ثابت کر سکیں۔ سو ابوجہل اور دیگر بدبختوں نے معراج کے واقعہ کو اپنے لئے بہت بڑی دلیل سمجھا اور وادئ مکہ میں شور برپا کر دیا۔ ہر طرف اپنے نمائندے بھیجے۔ شہرِ مکہ کے گلی کوچوں میں ایک غلغلہ پیدا ہو گیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ کیا دعویٰ کر دیا! ابوجہل بھاگا بھاگا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کے پاس گیا کہ آج میں پوچھتا ہوں کہ تو اس نبی کے دعوے کی صداقت پر ایمان لاتا ہے۔ اب بتا تو کیا کہتا ہے کہ آج تیرے دوست نے ایک ایسا دعویٰ کیا ہے کہ تو کبھی اسے تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہو گا۔ جب صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے ابوجہل کی زبانی دعوئ معراج سنا تو مسکرا کر ارشاد فرمایا کہ میں تو محض حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبانِ اقدس سے سن کر خالقِ کائنات کو مان چکا ہوں۔ یہ سب باتیں تو اس سے بہت ہی کم درجہ کی ہیں۔ حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ سے تصدیق کئے بغیر سفرِ معراج کی تصدیق کر دی۔ اس صبح آپ ’’صدیقِ اکبر‘‘ کے لقب سے سرفراز ہوئے یعنی ’’سب سے بڑا تصدیق کرنے والا‘‘۔ (تفسیر ابن کثیر، 3 : 10۔ 11)
علمِ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آزمائش کی جسارت
کفار و مشرکین ابوجہل کی قیادت میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ بیکس پناہ میں حاضر ہوئے اور سفرِ معراج خصوصاً بیت المقدس کے بارے میں الٹے سیدھے سوالات کرنے لگے۔ مقصد یہ تھا کہ اللہ کے نبی کی کسی بات کو معاذاللہ جھوٹ ثابت کیا جائے اور پھر اس مفروضے کو بنیاد بنا کر اسلام اور پیغمبرِاسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف زبردست منفی پروپیگنڈہ مہم کا آغاز کیا جائے۔ چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ بیت المقدس کے در و دیوار، چھتوں، دروازوں اور کھڑکیوں کی کیفیات بیان کریں۔ یہ سوال انہوں نے اس بنا پر کیا تھا کیونکہ وہ اپنے طور پر یہ فرض کئے بیٹھے تھے کہ اس سے قبل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کبھی بیت المقدس نہیں گئے۔ وہ ان سوالات کے جوابات کیسے دے سکیں گے! اب ظاہر ہے کہ جب کوئی شخص کسی عمارت کی سیر کرتا ہے تو وہ اسکے شہتیر اور کھڑکیاں وغیرہ تو نہیں گنا کرتا، لہٰذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر لمحہ بھر تو اِنقباض کی کیفیت طاری ہوئی۔ اس پر اللہ رب العزت نے بیت المقدس کا ہر عکس حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش فرما دیا۔ چنانچہ بیت المقدس کے بارے میں جو بات مشرکینِ مکہ پوچھتے جاتے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دیکھ دیکھ کر بتاتے جاتے کہ در و دیوار بیت المقدس میں کیا کچھ نصب ہے۔
عن جابر بن عبداﷲ، قال سمعتُ رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم يقول : لما کذّبنی قريش قمتُ فی الحجر فجلّی اﷲ لی بيت المقدس، فطفقت أخبرهم عن آياته و أنا أنظر إليه.
1. صحيح البخاری، 2 : 684، کتاب التفسير، رقم : 4433
2. جامع الترمذی، 2 : 141، کتاب تفسير القرآن، رقم : 3133
3. صحيح لمسلم، 1 : 96، کتاب الايمان، رقم : 276
4. مسند احمد بن حنبل، 3 : 377
5. مسند ابی عوانة، 1 : 125، 131
6. شرح المواهب للزقانی، 6 : 127
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جب قریش نے میری (معراج کی) تکذیب کی اس وقت میں حجرِ اسود کے پاس تھا۔ پس اللہ تعالیٰ نے بیت المقدس میری نظروں میں عیاں کر دیا اور میں اسے دیکھ دیکھ کر اس کی تمام نشانیاں قریش کو بتانے لگا۔
قافلے والوں کے اُونٹ کی گمشدگی
مخبرِ صادق حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیتِ المقدس کے بارے میں کفار و مشرکینِ مکہ کے ہر سوال کا درست جواب دے رہے تھے۔ جب انہیں اپنی اس سازش میں ناکامی کی صورت دکھائی دینے لگی تو کہنے لگے کہ ہمارے بعض قافلے اس راہ پر گئے ہیں۔ کچھ ان کے بارے میں بتلائیے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جواب میں ارشاد فرمایا کہ میں نے تمہارا پہلا قافلہ ’’روحا‘‘ کے مقام پر دیکھا تھا۔ اس قافلے کی قیادت فلاں قبیلے کا فلاں شخص کر رہا تھا۔ پھر ایسا ہوا کہ اس قافلے کا ایک اونٹ گم ہو گیا۔ وہ لوگ وہاں رک کر اپنے اونٹ کی تلاش میں گئے ہوئے تھے۔ جب میں وہاں پہنچا تو مجھے پیاس لگی۔ میں نے دیکھا کہ ان کے ایک اونٹ کے پالان کے ایک پیالے میں پانی پڑا ہے۔ میں نے اُتر کر اس پانی کو پی لیا۔ جب میں روانہ ہونے لگا تو مذکورہ شخص اونٹ کو تلاش کر کے واپس پہنچا تو میں نے جاتے ہوئے اسے سلام کیا تو قافلے والوں میں سے بعض نے کہا یہ تو محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آواز ہے۔ جب قافلے والے واپس آئیں تو ان سے دریافت کر لینا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ خواب میں پیا ہوا پانی اس لائق نہیں ہوتا کہ پوچھا جائے کہ پیالے میں پانی تھا یا نہیں تھا اور پھر یہ کہ آوازِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سفر حالتِ خواب میں نہیں عالمِ بیداری میں تھا۔
تاجدارِ کون و مکاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جب میں مقام ’’ذِی فجا‘‘ پر پہنچا تو وہاں مجھے دوسرا قافلہ ملا۔ اس قافلے میں ایک اونٹ پر فلاں فلاں نامی دو دوست سوار تھے۔ جب میرا برّاق ان کے قریب سے گزرا تو وہ اونٹ بدک کر بھاگا اور وہ دونوں اس سے گر پڑے۔ چنانچہ اس حادثے میں ایک کا ہاتھ ٹوٹ گیا۔ جب قافلے والے آئیں تو ان سے تمام اَحوال پوچھ لینا۔
حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں نے ’’تِلوین‘‘ کے مقام پر ایک تیسرا قافلہ دیکھا۔ کفار و مشرکین نے اس قافلے کے بارے میں کوئی علامت پوچھی تو تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اس کے آگے بھورے رنگ کا ایک اونٹ ہے جس پر دو بوریاں لدی ہوئی ہیں۔ ایک سیاہ دھاری دار اور دوسری سفید دھاری دار، جب وہ قافلہ واپس آئے تو خود اپنی آنکھوں سے دیکھ لینا۔
کفار مکہ نے سوچا کہ تینوں دلیلیں قوی ہیں۔ لہٰذا جاتے ہوئے کہنے لگے کہ اتنا اور بتا دیجئے کہ وہ قافلے اندازاً کب تک مکہ پہنچ جائیں گے۔ اس پر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ پہلا قافلہ کل سورج طلوع ہونے سے پہلے مکہ پہنچ جائے گا۔ دوسرا قافلہ اس وقت مکہ پہنچے گا جب سورج عین نصف النہار پر ہو گا جبکہ تیسرے قافلے کی آمدکا وقت سورج غروب ہونے سے ذرا پہلے ہے۔ (المواھب اللدنیہ، 2 : 40)
ابھی جملہ بھی مکمل نہ ہونے پایا تھا
قافلوں کی آمد کے وقت کا سن کر کافروں کا ایک گروہ مکہ معظمہ کی سب سے اونچی پہاڑی پر جا کر بیٹھ گیا اور سورج کے طلوع ہونے کا انتظار کرنے لگا۔ دوسری طرف مسلمان بھی اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات کو حرف بحرف سچ ثابت ہوتا دیکھنے کے لئے گردِ کارواں کی تلاش میں تھے۔ عشاق قافلے کی طرف جبکہ کفار افق پر سورج کی تلاش میں تھے۔ جب سورج طلوع ہونے کا وقت قریب آیا تو ایک کافر بآواز بلند بولا : خدا کی قسم! سورج طلوع ہو گیا۔ ابھی یہ جملہ مکمل نہ ہوپایا تھا کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہ پکار اٹھے وہ دیکھئے قافلہ بھی پہنچ گیا۔ یہ دیکھ کر کفار کہنے لگے کہ ہم کچھ نہیں مانتے یہ تو جادو ہے۔ ایسا ہی معاملہ دوسرے قافلے کے ساتھ بھی ہوا جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد کے مطابق نصف النھار پر پہنچا۔
خورشیدِ فلک! یہیں رُک جا
تیسرے قافلے کو راستے میں کوئی حاجت پیش آ گئی لہٰذا اسے تاخیر ہو گئی۔ سورج غروب ہونے کے قریب تھالیکن قافلے کی آمد کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے تھے۔ اس پر کفار و مشرکین چہ مگوئیاں کرنے لگے۔ غیرتِ حق جوش میں آئی، سورج کو حکم ہوا کہ یہیں رک جا۔ جب تک وہ قافلہ نہ پہنچے تجھے غروب ہونے کی اجازت نہیں۔ چنانچہ سورج افق کے کناروں پر رکا رہا، وقت گزرتا رہا حتیٰ کہ قافلہ نمودار ہو گیا۔ اس پر کفار سے جب کوئی بن نہ پڑا تو کہنے لگے : ہم نہیں مانتے یہ تو کھلا جادو ہے۔
(الشفاء، 1 : 284) (حجة الله علی العالمين : 298)
ایک یہودی عالم کی تصدیق
سفرِمعراج کی قدم قدم پر اغیار کے حوالے سے تصدیق بھی ہو رہی تھی اور توثیق بھی، لیکن جن دلوں پر کفر کے تالے پڑے تھے انہیں سورج کی روشنی کیا نظر آتی! وہ معجزاتِ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جادو کا لیبل لگا کر اپنے کفر کو تسکین دے لیتے۔ آج صدیاں گزر جانے کے بعد جب سائنسی ارتقاء اپنی معراج کو چھو رہا ہے، کائنات کی بیکراں وسعتیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقوشِ کفِ پا کی تصدیق کر رہی ہیں۔
کتبِ حدیث اور کتبِ تفسیر میں ایک یہودی عالم کا واقعہ بھی درج ہے۔ خاص طور پر امام ابنِ کثیر رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی تفسیر اور امام ابو نعیم اصفہانی رحمۃ اللہ علیہ نے دلائل النبوۃ میں بیان کیا ہے کہ محمد بن کعب الکربی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے صحابی دحیہ کلبی رضی اللہ عنہ کو قیصرِ روم کی طرف اسلام کا پیغام دے کر بھیجا۔ آپ نے اس عیسائی بادشاہ کو دعوتِ اسلام پہنچائی اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل اور مناقب بیان کئے تو اس نے کہا کہ میں عرب کے کچھ تاجروں سے چند سوالات کرنا چاہتا ہوں۔ ان سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حالات بیان کرنے کو کہا گیا۔ ابوسفیان رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا کہ کسی طرح بادشاہ کی نظروں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا درجہ گر جائے اور وہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ماننے سے انکار کر دے لیکن محتاط بھی رہا کہ کسی جھوٹ پر پکڑا نہ جاؤں۔ ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اے قیصرِ روم! میں تمہیں اس نبی کی ایک ایسی بات بتاتا ہوں جسے سن کر تجھے (معاذاللہ) اس کے جھوٹے ہونے کا یقین آ جائے گا۔ یہ کہہ کر واقعۂ معراج بیان کیا۔ جب وہ اس مقام پر پہنچا کہ اس نبی نے کہا کہ میں برّاق پر سوار ہو کر بیت المقدس پہنچا جہاں بابِ محمد میرے لئے کھلا تھا۔ وہاں پتھر سے برّاق کو باندھا گیا تھا تو قیصرِروم کے دربار میں موجود دنیائے عیسائیت کے سب سے بڑے پادری نے کہا کہ ہاں اس رات کا مجھے علم ہے۔ قیصرِ روم نے کہا تجھے اس رات کی کیا خبر ہے؟ تو اس نے جواب دیا کہ میرا معمول تھا کہ میں ہر رات مسجدِاَقصیٰ کے دروازے اپنے ہاتھوں سے بند کر کے اور تالے لگا کر سویا کرتا تھا۔ اس رات جب میں اس دروازے پر پہنچا تو وہ بند نہ ہوا۔ میں نے اپنے کئی ساتھیوں کو بلایا جنہوں نے مل کر زور لگایا مگر پھر بھی دروازہ بندہ نہ ہوا حتیٰ کہ مستریوں کی سب کوششیں بھی بے کار گئیں لہٰذا فیصلہ یہ ہوا کہ اب تو اسے کھلا چھوڑ کر سو جائیں۔ صبح اٹھ کر اسے بند کر دیں گے۔ پادری کہتا ہے کہ خدا کی قسم! اس رات میں دروازہ کھلا چھوڑ کر سو گیا لیکن ساری رات سوچتا رہا کہ یہ کیا ماجرا ہے؟ جب علی الصبح میں نے دروازہ بند کرنا چاہا تو وہی دروازہ جو رات کو بند نہ ہوا تھا اس وقت آرام سے بند ہو گیا۔ میں بھی حیران ہو رہا تھا کہ میری نظر دروازے کے باہر پتھر پر پڑی تو اس پر سواری کے باندھنے کا نشان تھا۔ اس پتھر کے بارے میں تاجدارِ کائنات حضور رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا :
لما انتهينا إلی بيت المقدس قال جبرئيل بإصبعه، فخرق به الحجر و شدّ بها البُرّاق.
جب ہم بیت المقدس پہنچے تو جبرئیل نے اپنی انگلی سے اشارہ کیا تو اس پتھر میں سوراخ ہو گیا۔ پھر جبرئیل نے اس کے ساتھ براق باندھا۔
1. جامع الترمذی، 2 : 141، کتاب التفسير، رقم : 3132
2. المستدرک للحاکم، 2 : 360، رقم : 3370
3. مشکوة المصابيح، 3 : 306، رقم : 5921
وہ یہودی عالم کہتا ہے کہ میں نے اس کیفیت کو دیکھا تو مجھے پرانی الہامی کتابوں میں پڑھا ہوا یہ واقعہ یاد آ گیا جو ہم انبیاء کی زبانی سنتے آئے ہیں کہ جب نبئ آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا زمانہ آئے گا تو انہیں سفرِمعراج پر بلایا جائے گا اور وہ اس رات بیت المقدس آ کر انبیاء کی امامت کرائیں گے اور اس پتھر پر ان کی سواری باندھی جائے گی۔ میں سمجھ گیا کہ آج نبئ آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معراج کی رات ہے اور ابوسفیان رضی اللہ عنہ اپنے بیان میں سچا ہے۔
ابوسفیان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب میں نے یہ سنا تو میرے قدموں کے نیچے سے زمین نکل گئی کہ یہ تو ایسی حقیقت ہے کہ عالمِ عیسائیت کا بڑا پادری بھی اپنی مخالفت کے باوجود جسے تسلیم کرنے پر مجبور ہے۔ امام ابو نعیم اصفہانی رحمۃ اللہ علیہ تو یہاں تک بیان کرتے ہیں کہ وہ پتھر ان کے زمانے تک موجود رہا۔ وہ کہتے ہیں کہ خدا کی قسم! لوگ آج بھی سواری باندھے جانے والی جگہ پر ہاتھ لگا کر برکتیں حاصل کرتے ہیں۔
(دلائل النبوة : 288)
ادھر سے کون گزرا تھا کہ اب تک
دیارِ کہکشاں میں روشنی ہے
: مراحل معراج کی تحقیق
حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ دہلوی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس مقدس مرحلہ وار سفر کے باب میں اپنی کتاب ’’فوائد الفوائد‘‘ میں تین اصطلاحات استعمال فرمائی ہیں جو درج ذیل ہیں۔
اسراء : مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک کا سفر
معراج : بیت المقدس سے مرحلہ وار ساتوں آسمانوں اور سدرۃ المنتہی تک کا سفر
اعراج : سدرۃ المنتہی سے مقام قاب قوسین تک عروج
(فوائدالفوائد، 4 : 350)
سفر معراج کے ان تینوں مراحل کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تینوں شانوں کی انتہائی قرب و مناسبت کا پتہ چلتا ہے جسے اچھی طرح ذہن نشین کر لینے کے بعد حقیقت و فلسفہ معراج کی تفہیم ممکن ہے اور اس سلسلے میں پیدا کئے گئے اشکالات خودبخود رفع ہو جاتے ہیں۔
اگرچہ یہ تینوں شانیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کا جزولاینفک ہونے کے ناطے سے پہلو بہ پہلو موجود ہیں لیکن ان میں سے ہر ہر شان کا اظہار اپنے اپنے مقام و مرحلے پر ہوا۔ بحیثیت مجموعی معراج مصطفوی بشریت، نورانیت اور مظہریت و حقیقت کے تمام کمالات کی بدرجہ اتم جامع ہے۔ درآنحالیکہ کوئی شان دوسری شان سے متناقض نہیں ہے اور ان تمام کمالات کی انتہاء کو پہنچنے کے باوجود حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقام عبدیت و معبودیت کا امتیاز بہرحال قائم رہا۔ انوار و تجلیات کی بارش میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مقام بندگی پر ہی رونق افروز رہے۔
پیکر مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جامع صفات و کمالات
جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تینوں شانوں بشریت، نورانیت اور حقیقت کو الگ الگ معراج نصیب ہوئی۔ اس پر ذہن میں ایک سوال آ سکتا ہے۔ کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک شان کو دوسری سے ممیز کیسے کیا جا سکتا ہے یعنی جب بشریت محمدی معراج سے مستفیض ہو رہی تھی تو دوسری شانیں کہاں تھیں اور اسی طرح جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ملکیت و حقیقت کو معراج کرائی جا رہی تھی تو بشریت کہاں تھی؟
اس سوال کے جواب میں روز مرہ زندگی میں انسان کے فطری احوال کا حوالہ دینا بے محل نہ ہو گا۔
مثال : جب کوئی آدمی بات کر رہا ہوتا ہے تو اس سے تکلم بالفعل کی حالت ظاہر ہو رہی ہوتی ہے حالانکہ اس میں تکلم کے ساتھ ساتھ خموشی اور سکوت کی حالت بھی بالقوۃ موجود ہوتی ہے۔
مثال : جب ایک باپ غصے کی حالت میں اپنے بچے کو اس کی خطا پر سزا دے رہا ہوتا ہے، اسے زد و کوب کر رہا ہوتا ہے تو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس میں پیار و محبت اور شفقت کا مادہ موجود نہیں ہے بلکہ اس وقت غصہ کی حالت غالب اور پیار و محبت کی صفت مغلوب ہوتی ہے۔
روز مرہ کے ان دو واقعات کو مثال (Analogy) کے طور پر پیش کر کے یہ کہا جا سکتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بشریت کی معراج کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بشری کمالات غالب تھے جبکہ آپ کی ملکیت اور حقیقت کی شانیں ابھی مغلوب تھیں۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نورانیت کو معراج نصیب ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روحانی اوصاف و کمالات غالب اور بشریت و حقیقت کی شانیں مغلوب تھیں۔ اسی طرح جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقت و مظہریت کو معراج سے سرفراز کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان حقیقت و محمدیت کا غلبہ تھا اور باقی دو شانیں مغلوب تھیں جبکہ تینوں شانیں اپنی اپنی جگہ موجودہ تھیں۔ کبھی ایک کا غلبہ ہو جاتا اور کبھی ایک کا۔
حاصل کلام یہ کہ معراج کے توسط سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات و صفات کے ہر پہلو اور ہر شان کی تکمیل بدرجہ اتم کر دی گئی اور آپ اوصاف وکمالات ایزدی کا مظہر اتم بن کر منصہ شہود پر جلوہ گر ہوئے لیکن ان کا کماحقہ ادراک عقل انسانی کی گرفت سے باہر ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس مقام پر جلوہ گر ہوئے جس مقام عظمت کا تصور بھی تمام نورانی اور خاکی مخلوقات کے لئے ممکن نہیں۔ بقول غالب
غالب ثنائے خواجہ بہ یزداں گزاشتیم
آں ذات پاک مرتبہ دان محمد است
آیات ربانی کا مشاہدہ اور دیدار حق
معراج کی شب کوئی چیز براہ غیب میں نہ رہی۔ جب دیدار خداوندی کی سعادت نصیب ہو گئی، محب اور محبوب کے درمیان دو کمانوں سے بھی کم فاصلہ رہ گیا اور دوئی کا ہر تصور مٹ گیا تو وہ کونسی چیز تھی جو اس کے بعد بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نظروں سے اوجھل رہی۔
معراج میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قیامت تک ہونے والے تمام واقعات کا علم عطا کر دیا گیا۔ جنت و دوزخ اور عالم اخروی کے حقائق کا مشاہدہ کروایا گیا۔ کتب حدیث میں ان کی تفصیلات شرح وبسط سے بیان کی گئی ہیں۔ ان مشاہدات کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدوم میمنت لزوم عرش معلی پر پہنچے اور پھر سدرۃ المنتہی سے آگے بڑھنے کا مرحلہ آیا۔ جبرئیل علیہ السلام اس مقام پر رک گئے اور بڑے ادب سے عرض کیا کہ اس سے آگے مجھے بڑھنے کی مجال نہیں۔ اگر میں سوئی کی نوک کے برابر بھی آگے قدم رکھوں گا تو انوار الٰہی کی تجلیات سے جل کر راکھ ہو جاؤں گا۔ آپ تنہا آگے تشریف لے جائیے۔ شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ جبرئیل امین کے اس جواب کو اپنے شعر میں یوں بیان فرماتے ہیں۔
اگر یکسر موئے برتر پرم
فروغ تجلے بسوزد پرم
تمنائے جبرئیل امین
آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جبرئیل علیہ السلام سے پوچھا۔
هل من حاجت ربک
(السيرة الحلبيه، 2 : 120)
کیا تیرے دل میں کوئی حاجت اور آرزو ہے جسے میں آپ کے رب تک پہنچا دوں۔
جبرئیل علیہ السلام نے عرض کیا کہ میرے دل میں فقط ایک آرزو ہے جو آپ میرے رب تک پہنچا دیجئے۔ وہ یہ کہ قیامت کے دن جب آپ کی گنہگار امت پل صراط سے گزرنے لگے اور گزرتے وقت اس کے قدم لڑکھڑانے لگیں تو باری تعالیٰ مجھے اس امر کی اجازت دیدیں کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے لئے پل صراط پر اپنے پر بچھا دوں تاکہ وہ سلامتی سے گزر سکے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں آپ کی یہ خواہش آپ کے رب تک پہنچا دوں گا اور وہ اسے ضرور پورے فرمائے گا۔
ایک سوال : یہاں ایک سوال ابھرتا ہے کہ جبرئیل امین نے اس خواہش کا اظہار کیوں کیا؟
جواب : جبرئیل علیہ السلام کو اس بات کا بخوبی علم تھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خوش کرنے کا طریقہ آپ کی امت کو خوش کرنے کے سوا اور کوئی نہیں۔ اس سے اس بات کا علم بھی ہوتا ہے کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا اپنی امت کی فلاح، بہتری اور خوشی میں مضمر ہے۔ سفر لا مکاں کے لئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں رفرف پیش کیا گیا جو کہ سبز رنگ کا ایک تخت تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس پر سوار ہو کر اپنے رب کے قرب کی منزلیں طے کرنے لگے۔ سفر کا تیسرا مرحلہ آپ نے مظہریت و حقیقت کی طاقت سے سر کر لیا جبکہ بشریت و نورانیت دونوں اوصاف یہاں مغلوب تھے۔

معراج النبی ﷺ کی حکمتیں‘ مقاصد‘ فلسفہ
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
’’ سبحن الذی اسری بعبدہ لیلا من المسجد الحرام الی المسجد الاقصا الذی برکنا حولہ لنریہ من ایتنا انہ ھو السمیع البصیرo‘‘
پاکی ہے اسے جو اپنے بندے کو راتوں رات لے گیا مسجد حرم سے مسجد اقصیٰ تک جس کے ماحول میں ہم نے برکت رکھی کہ ہم اسے اپنی عظیم نشانیاں دکھائیں بیشک وہ سنتا دیکھتا ہے۔
ہماری تقریر کاموضوع بنیادی طور پر دو اجزاء پر مشتمل ہے۔
1۔ معرج النبی ﷺ 2۔ معراج شریف کی حکمتیں اور مقاصد
چنانچہ پہلے حصہ میں قرآن پاک اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں معراج پر مختصر گفتگو ہو ایک نہایت اختصار کے ساتھ معجزہ کی حقیقت بیان کی جائیگی کیونکہ معراج بھی آپ ﷺ کا ایک نہایت اہم معجزہ ہے اور پھر حکمتوں پر گفتگو کے تین حصے ہونگے سب سے پہلے حمکت اور مقصد کی لغوی اور اصلاحی تعریفات اور پھر سفر معراج النبی ﷺ کی پہلے عمومی حکمتوں پر گفتگو ہو گی اور پھر بالخصوص حضورﷺ کی معراج کرانے کی حکمت‘ مقاصد اور غرض وغایت کو بیان کرنے کی سعادت حاصل کی جائے گی۔
معراج شریف:
نبی کریم ﷺ کا ایک جلیل القدر معجزہ اور اﷲ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اس سے حضور ﷺ کا وہ کمال قرب ظاہر ہوتا ہے جو مخولق الہیٰ میں آپ کے سوا کسی کو میسر نہیں‘ نبوت کے بارہویں سال سید عالم ﷺ معراج سے نواز لے گئے۔ مہینہ میں اختلاف ہے مگر اشہر یہ ہے کہ ستائیسویں رجب کو معراج ہوئی۔ مکہ مکرمہ سے حضور پر نور کا بیت المقدس تک شب کے چھوٹے سی حصہ میں تشریف لے جانا نص قرآنی سے ثابت ہے اس کا منکر کافر ہے اور آسمانوں کی سیر اور منزل قریب میں پہنچا احادیث صحیحہ معتمدہ مشہورہ سے ثابت ہے جو حد تواتر کے قریب پہنچ گئی ہیں اس کا منکر گمراہ ہے ۔ معراج شریف بحالت بیداری جسم و روح دونوں کے ساتھ واقع ہوئی ہے۔ یہی جمہور اہل اسلام کا عقیدہ ہے اور اصحاب رسول ﷺ کی کثیر جماعت اور حضور اکرم ﷺ کے اجلہ صحابہ اس کے متعقد ہیں ۔ بالخصوص آیات و احادیث سے بھی یہی مستفاد ہوتا ہے تیرہ دماغان فلسفہ کے اوہام فاسد محض باطل ہیں قدرت الہیٰ کے متعقد کے سامنے وہ تمام شبہات بے حقیقت ہیں۔(۱)
اسراء اور معراج کا فرق:
حضرت غزالی زمان سید احمد سعید کاظمی قدس سرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’ اگرچہ عام استعمالات میں حضور ﷺ کے تمام مبارک سیر و عراج یعنی مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں او رلامکان تک تشریف لے جانے کو معراج کہا جاتا ہے لیکن محد ثین و مفسرین کی اصطلاح میں حضور ﷺ کا مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک تشریف لے جانا اسراء کہلاتا ہے کیونکہ قرآن مجید میں اﷲ تعالیٰ نے اس کو لفظ اسراء سے تعبیر فرمایا ہے اور مسجد اقصیٰ سے آسمانوں کی طرف حضور ﷺ کا عروج فرمانا معراج کہلاتا ہے اس کیلئے معراج اور عروج کے الفاظ احادیث صحیحہ میں وارد ہوئے ہیں۔ نیز آپ لکھتے ہیں۔
اسرائ‘ معراج اور اعراج:
حضرت خواجہ نظام الدین دہلوی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ فارسی فرماتے ہیں جس کا اردو خلاصہ یہ ہے۔
’’کہ(مسجد حرام سے) بیت المقدس تک اسراء ہے ) اور وہاں سے آسمانوں تک معراج ہے اور آسمانوں سے مقام قرب قوسین تک اعراج ہے۔(۲)
معزز حضرات ! معراج شریف کا واقعہ حضور ختم المرسلین ﷺ کے معجزات میں سے ایک اہم معجزہ ہے جو رفعت آدمیت اور عظمت انسانیت کا آئینہ دار اور سائنسی علوم کا منبع ہے علامہ اقبال علیہ الرحمتہ نے معراج النبی کے اسی فلسفہ اور حکمت کو اپنے اس شعر میں بیان کیا ہے کہ۔
سبق ملا ہے یہ معراج مصطفیٰ سے مجھے
کہ عالم بشریت کی زد میں ہے گردون
معاصر عرب اسکالر اور شاعر محمد لسعود الذیتی اپنے قصیدہ معراجیہ میں لکھتے ہیں۔
یا سیدی یا رسول اﷲ معذرۃ
ان جادل الناس فی مسراک حیانا
بعد مامنع الصاروخ مانعہ
یطیر صاحبہ فی الجو شیطانا
وشید العلم من غزو الفضاء علی
امکان معجزۃ الاسراء برھانا
یسوغ للفعل انکار وقد مسجدت
دنیاہ فی حرم التسلیم ایمانا(۳)
اور اس مجلہ میں دکتور محمد عبدالرب مقبل النظاری اپنے قصیدہ میں معراجیہ میں یوں رطب اللسان ہیں ایک شعر ملا حظہ ہو!
من لم یجد عزۃ فی ذکر مولد کم
وذکر مسراک ھلا عدفی الخشب
( الضیاء ایضاً)
حضرات گرامی قدر ! مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس مقام پر حقیقت معجزہ پر مختصر گفتگو ہو جائے۔
میرے استاد محترم حضرت علامہ سید شجاعت علی قادری ( سابق جسٹس وفاقی شرعی عدالت) رحمتہ اﷲتعالیٰ لکھتے ہیں: ’’ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات ستودہ صفات کی مختلف حیثیات ہیں اور ہر حیثیت پر مسلم وغیر مسلم علماء نے گفتگو کی ہے اور اس پر لکھا ہے آپ کے معجزات مستقل موضوع ہیں۔اس موضوع پر متقدمین علماء اسلام نے بہت کچھ لکھا ہے اور رسول ﷺ کی حیات طیبہ کے عنوانات میں سے اسے اہم ترین عنوان قرار دیا ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بے یقینی کی فروانی کی اس دور میں بعض مسلمان اہل قلم اس عنوان سے عام طور پر یا تو بے جہتی برت رہے ہیں یا من مانی تاویلات سے اس کا حلیہ بگاڑنے میں مصروف ہیں۔ ان لوگوں کا ذکر اس وقت بے کار ہے جو سرے سے معجزات کے منکر ہیں البتہ اتنا بتا دینا ضروری ہے کہ ان کا معجزات کی آخر وجہ کیا ہے اور لوگ معجزات کو ان کے حقیقی مفہوم سے کیوں بدلتے ہیں؟
انکار معجزہ کی وجوہ:
میرے خیال میں معجزات سے کترانے‘انکار کرنے اور ان کے حقائق میں تبدیلی کی وجوہ چار ہیں۔
۱۔ پہلی وجہ تو وہی ہے جو ابو جہل و ابو لہب کے پیش نظر تھی۔
۲۔ سائنس اور انسانی تحقیقات پر ضرورت سے زائد اعتماد۔
۳۔ مادہ پرستی یعنی یہ سمجھنا کہ اس دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ مادہ کی تحریک ہی سے ہے۔
۴۔ غیر مسلموں سے مرعوبیت۔
مئوخر الذکر وجہ سب سے زیادہ اہل علم کو لے ڈوبی ہے‘ اس مرض میں وہ حضرات بھی مبتلا ہیں جو نیک نیتی سے اسلام کے بہی خواہ تھے۔ان لوگوں نے کہاں تک ہو سکا معجزات کی حقیقتوں کو مسخ کرکے ان کو دنیا میں واقع ہونے والے ’’ خلقات طبیعہ ‘‘ پر محمول کیا یا اتفاقات قرار دیا۔ کبھی احادیث کو موضوع ( من گھڑت) قراردیا اور جب غصہ ٹھنڈا ہوا تو یہ کہ بجائے غیر مسلموں کے متاثر ہونے کے‘مسلمانوں کے بچے اسلامی عقائد سے دور ہوتے چلے گئے اور اسلاف ان کی نگاہوں میں مشکوک ٹھہرے۔ میرے خیال اور مشاہدے میں جو کچھ فائدہ اس قسم کے لوگوں کو حاصل ہوا وہ اس سے کچھ زائد نہ تھا کہ ’’ انہیں فراخ دل‘ روشن دماغ ترقی پسند‘ روا دار وغیرہ خطابات و القابات سے نواز دیا گیا‘ اور بس!
معجزہ کیا ہے؟
عقائد اسلام پر عربی زبان میں ابو شکور سالمی (آپ داتا گنج علی ہجویری رحمتہ اﷲ تعالیٰ علیہ کے ساتھی اور ہم عصر ہیں) رحمہ اﷲتعالیٰ کی ایک مستند کتاب ’’ تمہید ‘‘ ہ اس میں معجزہ کی تشریح درجج ذیل طریق پر کی گئی ہے ’’ وحد المعجزہ ان یظھر عقیب سوال والدعویٰ امر خارق للعادۃ من غیر استحالۃ بحمیع الوجوہ و یعجز الناس عن اتیان مثلہ بعد الجھد والاحتیال اذاکان لھم خذاقۃ وزرانۃ فی مثل ذلک ‘‘
(تمہید ابو شکور سالمی)
معجزہ کی تعریف یہ ہے کہ سوال اور دعویٰ کرنے کے بعد ( رسول کے ہاتھ پر ) کوئی ایسی خارق عادت ( معمول شکن ) چیز ظاہر ہو جو حیثیت سے محال نہ ہو اور لوگ باوجود کوشش اور تدبیر کے اس قسم کے معاملات میں پوری فہم و بصیرت رکھتے ہوئے بھی اس کے مقابلہ سے عاجز ہو جائیں’’ معجزہ کی اس تعریف سے درج ذیل امور واضع ہوئے‘‘
۱۔ معجزہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ دعوائے نبوت کے بعد صادر ہو کیونکہ اگر دعوائے نبوت سے قبل کوئی خارق عادت چیز ہو جس کا تعلق نبی کی ذات سے ہو وہ معجزہ نہیں ہے اس اصطلاح میں ’’ ارہاص‘‘ کہا جاتا ہے۔
۲۔ معجزہ ہمیشہ خلاف عادت ہوتا ہے کیونکہ اس کے بغیر معجزے کا تصور نہیں ہوتا مثلاً کوئی مدعی نبوت اپنے دعوے کے ثبوت میں یہ کہے کہ میں کل سورج کو حکم دوں گا تو وہ مشرق سے نکلے گا اب آفتاب کا مشرق سے طلوع ہونا معجزہ نہیں کہلائے گا۔
۳۔ وہ امور جو بطور معجزہ صادر ہوئے ان میں سے کوئی بھی ’’محال عقلی ‘‘ نہ تھا ہاں محال عادی تھے یا مستبعد عقلی تھے۔
۴۔ لوگ باوجود اس قسم کے کاموں میں مہارت رکھنے کے اور پوری سعی و کوشش کے اس کے مقابلے میں عاجز ہو جائیں کیونکہ اگر دوسرے بھی کام کر دکھائیں تو معجزہ نبی کی صداقت کی دلیل کیونکر بنے گا؟
نوٹ : یہ بھی یاد رہے کہ (i) معجزے کا مقابلہ ممکن نہیں۔
(ii) جھوٹے نبی سے کبھی معجزہ صادر نہ ہو گا۔
(iii)معجزہ تمام مذاہب میں حقیقت مسلمہ ہے ۔ ( مجلہ ترجمان اہل سنت کراچی)
معراج النبی کی حکمتیں‘ فلسفہ اور مقاصد بیان کرنے سے پہلے حکمت کے لغوی اور اصطلاحی معنی بیان کردینا ضروری ہیں۔
الحکمۃ:
انصاف‘ حلم اور بردباری‘ فلسفہ حق کے موافق کلام کا م کی درستی
حکیم :
دانا‘ عالم‘ فلاسفر ( المنجد‘ ص‘ ۲۲۹)
حاشیہ صاوی علی الجلالین میں آیت کریمہ ’’ولقد آتینا لقمان الحکمۃ‘‘ ( ۱۲/۳۱) کے تحت لکھا ہے۔ حکمت علم اور عمل کے مجموعہ کا نام ہے کسی شخص کوحکیم اس وقت کہا جائے گا جب وہ علم اور عمل دونوں کا جامع ہو۔ ایک قول یہ ہے کہ حکمت سے مراد معرفت اور امانت ہے اور ایک قول ہے کہ حکمت سے مراد دل( ذہن و دماغ) کانور ہے جس سے اشیاء کا اسی طرح ادراک کیا جاتا ہے جس طرح آنکھوں سے۔( صاوی‘ جلد: ۵‘ ص: ۱۵۹۸ )
ابوالقاسم الحسین بن محمد المعروف امام راغب اصفہانی المتوفی ۲۰۵ء المفردات فی غریب القرآن میں لکھتے ہیں:
’’ علم اور عقل سے حق کو پانا حکمت ہے بھلائی کے کام کرنا‘ ابن عباس رضی اﷲ عنہ سے منقول ہے حکمت سے مراد قرآن مجید کے ناسخ و منسوخ محکم اور متشابہہ آیات کا علم بھی ہے۔
امام سدی نے بیان کیاہے کہ حکمت سے مراد نبوت ہے اور ایک قول یہ ہے کہ حقائق القرآن کے فہم کو حکمت کہتے ہیں‘‘
أقران الموارد فی فصح العربیہ والشوارد میں سعید الخواری اللبنانی لکھتے ہیں:
حکمت مندرجہ ذیل معانی کیلئے آتا ہے۔ حکمت‘ عدل‘ علم‘ حلم‘ نبوت اور یہ بھی قول ہے کہ اس سے مراد وہ ملکہ مہارت ہے جو انسان کو نادانی کے کاموں سے روکے اور باز رکھے اور ایک قول ہے کہ ہر وہ کلام جو حق کے موافق ہے حکمت ہے اور بعض نے کہا ہر چیز کو اس کے مقام پر رکھنا حکمت ہے۔ تاکہ کوئی راغب تحسین کی طرح یہ شکوہ کرتے نہ پایا جائے کہ
ہر شئے جگہ سے بے جگہ محسوس ہوتی ہے
جوجس جگہ ہے اس کا منصب وہ نہیں ہوتا
جمہور مفسرین نے کہا ’’حکمت یہ ہے کہ انسان کا احکام شرعیہ کی معرفت ہو ‘‘ محدثین نے کہا وہ نور جس سے الہام اور وسوسہ میں فرق ہو وہ حکمت ہے… سرعت کے ساتھ صحیح جواب دینا حکمت ہے۔ بصبرت کے ساتھ اﷲ تعالیٰ کی معرفت ہو‘ نفس کی اصلاح کا علم ہو… اور استاذی المکترم حضرت علامہ غلام رسول سعیدی لازالت شموس فیوصہ بازغتہ فرماتے ہیں ’’قرآن مجید میں حکمت کا اطلاق حسب ذیل معانی پر کیا گیا ہے۔
٭ نصیحت پر…جیسے ارشاد خداوندی ہے:
’’حکمتہ بالغۃ فماتغن النذر‘‘ (۴)
یہ جامع نصیحت ہے پس عذاب سے ڈرانے والی آیات نے (ان کو) کوئی فائدہ نہیں
٭ سنت پر… جیسے ارشاد خداوندی ہے۔
’’ ویعلکم الکتاب و الحکمۃ‘‘ (۵)
وہ تم کو قرآن اور سنت کی تعلیم دیتے ہیں۔
٭ عقل و فہم… جیسے ارشاد خداوندی ہے۔
’’ ولقد آتینا لقمٰن الحکمۃ ‘‘(۶)
اور ہم نے لقمان کو عقل اور فہم عطا کی ۔
٭ نبوت پر… جیسے ارشاد خداوندی ہے۔
’’ واٰ تینا الحکمۃ و فصل الخطاب‘‘ (۷)
اور ہم نے داؤد علیہ السلام کو نبوت عطا کی تھی اور مقدمات کے فیصلہ کی صلاحیت۔
حکمت کا اطلاق دلائل پر‘ عام فہم مثالوں پر‘ ثواب کی بشارت دینے اور عذاب سے ڈرانے پر بھی کیا گیا ہے جیسا کہ اس آیت میں ہے ’’ ادع الی سبیل ربک بالحکمۃ والموعظۃ الحسنہ ‘‘ (۸)
دلائل دے کر مثالوں سے سمجھا کر اور ثواب کی بشارت دے کر اﷲ کے راستہ کی دعوت دیجئے۔ علوم قرآن اور تفقہ فی الدین پر… ’’ یئوتی الحکمتہ من یشآء و من یئوت الحکمتہ فقداونی خیراً کثیراً ‘‘(۹) اﷲ تعالیٰ جس کو چاہتا ہے حکمت عطا فرماتا ہے اور جس کو حکمت عطا کی گئی اس کو خیر کثیر عطا کی گئی۔
ذہانت فقہ‘ علم‘ سکون اور اطمینان‘ غور و فکر اور بصیرت ان سب پر حکمت کا اطلاق کیا جاتا ہے… اور حماقت‘ طیش‘ عجلت‘ خواہش کی پیروی‘ غفلت‘ جہالت اور غباوت یہ سب حکمت کی ضدیں ہیں۔(۱۰)
حضرت عبداﷲ بن مسعود رضی اﷲ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا:
’’ سب سے بڑی حکمت اﷲ تعالیٰ کا خوف ہے ‘‘ (۱۱)
فلسفہ اور حکمت کی کتابوں میں فلسفہ اور حکمت کی تعریف یوں کی گئی ہے:
’’متوسط انسانوں ( یعنی حکماء و فلاسفر نہ کہ انبیاء کرام) کی طاقت بھر موجودات واقعیہ کے احوال کا علم و حکمت اور فلسفہ ہے۔ ( فیض الحکمتہ الجمحمع الاسلامی محمد آباد اعظم گڑھ یوپی ہند)
حکمت کی تعریف:
ھو علم باحوال الموجودات اعیانا کانت امعقولات علی ماھی علیہ فی نفس الامر بقدر الطاقۃ البشریہ
موجودات نفس الامریہ ( خواہ موجودات خارجیہ ہو یا ذہنیہ ) کے احوال واقعیہ کو طاقت انسانی کے مطابق ماننا۔ ( مقدمہ تعلیم الحکمتہ ‘ حضرت علامہ عبدالستار سعیدی)
حکمت اور ضرورت میں فرق:
حضرت غزالی زمان رحمہ اﷲتعالیٰ علیہ لکھتے ہیں بعض امور حکمت پر مبنی ہوتے ہیں لوگ انہیں ضرورت پر محمول کرکے غلطی میںپڑ جاتے ہیں مثلاً شب معراج بطریق اور اس کے تمام اعمال وغیرہ کی انتہائی کوششوں کے باوجود مسجد اقصیٰ کا دروازہ بند نہ ہو سکا۔ اب اگر کوئی سمجھ لے کہ دروازہ کھلا رہنے کی ضرورت تھی اگر بند ہو جاتا تو حضور ﷺ مسجد میں کیسے داخل ہوتے؟ تو یہ اس کا یہ سمجھنا قطعاً غلط ہوگا۔ اس لئے کہ اس وقت رسولﷺ کے ساتھ جبرائیل علیہ السلام تھے اور ظاہر ہے کہ ان کیلئے پہاڑوں کا اٹھا لینا کوئی مسئلہ نہیں تھا ایک بند دروازہ کاکھول لینا کیا مشکل ہو سکتا ہے ؟ معلوم ہو کہ دروازہ کا کھلا رہنا ضرورت کی وجہ سے نہیں تھا۔ بلکہ اس حکمت کی بنا پر تھا کہ حضور ﷺ کے مسجد اقصیٰ تشریف لے جانے پر ایک عظمت والا نشان قائم ہو جائے۔ اسی طرح سفر معراج میں اکثر امور کے متعلق حضورَﷺ کا جبرائیل علیہ السلام سے دریافت فرمانا اور ان کابتانا ضرورت کی بناء پر نہیں تھا بلکہ حکمت عملی کی بناء پر تھا کہ وہ سوال و جواب مذکور ہو۔ اور امت کو بھی ان امور کا علم ہوجائے۔ نیز یہ کہ اجنبی مقامات پر جانے والوں کیلئے یہ سوال و جواب کی سنت قائم ہوجائے۔ اور اس کے طرق و آداب متعین اور مشروع ہو جائیں۔(۱۲)
احکام کا دارومدار حکمت پر نہیں علت پر ہوتا ہے
شاہ ولی اﷲ محدث دہلوی لکھتے ہیں:
لا یصلح لو جود المصلۃ ولکن لوجود علۃ مضبوطۃ ادیر علیہا الحکم
(ولی اﷲ‘ حجتہ البلاغہ‘ باب فرق بین المصالح‘ الشرائع)
مصلحت (حکمت) کی بنیاد پر قیاس مناسب نہیں ہے بلکہ منضط علت ہی پر قیاس ہوگا اور وہی حکم کا مدار بنے گا۔
لیکن اگر حکمت میں یہ دشواریاں نہ ہوں تو اس کو علت بنانا درست ہے
ولود وجدت الحکمۃ ظاہرۃ منضبطتہ جازت ربط الحکم بہاکالعدم المانع بل یجب
(بحرالعلوم عبدالعلی فواتح الرحموت شرح مسلم الثبوت باب القیاس)
اگر حکمت ظاہر ہو (کہ حکم کے تمام افراد میں پائی جاسکے) اور منضبط ہو کہ نظم برقرار رہے تو حکم کا ربط حکمت کے ساتھ جائز بلکہ واجب ہی کیونکہ ایسی صورت میں کوئی مانع نہیں ہوتا۔
حنابلہ (رحمہم اﷲ تعالیٰ) کے نزدیک بلا شرط و قید حکمت کو علت قرار دینے کی اجازت ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ جب یہ بات تسلیم ہے کہ کوئی حکم حکمت سے خالی نہیں ہوتا بلکہ ہر حکم کی بنیاد حکمت (مصلحت) ہی ہوتی ہے (جس سے علت نکالی جاتی ہے) تو حکمت (مصلحت) کو علت قرار دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے خواہ منضبط ہو یا نہ ہو‘ تمام افراد میں پائی جانے یا نہ پائی جائے جیسا کہ ابن تیمیہ اور ابن قیم کے قیاس میں بکثرت اس کی مثالیں موجود ہیں (القیاس فی الشرع الاسلامی)
نوٹ: حکمت اور علت میں فرق کو سمھجنے کیلئے چند مثالیں ملاحظہ ہوں
(۱) حق شفعہ ثابت کرنے کی علت جائیداد میں شرکت ہے اور حکمت پڑوسی کی تکلیف دور کرنا جو اجنبی کے آنے سے متوقع ہے۔ شفعہ دراصل اسی تکلیف کو دور کرنے کے لئے مقرر کیا گیا لیکن ظاہر ہے ہمیشہ یہ تکلیف نہیں ہوتی بلکہ کبھی تو دوسرے شخص کے آنے سے زیادہ سہولت ہوتی ہے اگر اس کو حکم کا مدار قرار دیا جائے تو ظاہر ہے کہ رفع حرج ہر جگہ نہ پایا جاسکے گا اس لئے شرکت کو علت بنایا گیا جو ہر جگہ پائی جاتی ہے۔
(۲) نماز قصر (چار رکعت کے بجائے دو رکعت) اور افطار صوم کی علت سفر ہے اور حکمت‘ مشقت و تکلیف کو دور کرنا ہے مگر یہ مشقت و تکلیف بہت سے ان لوگوں کو بھی اٹھانی پڑتی ہے جو گھر رہ کر کام کرتے ہیں مثلا لوہار‘ بڑھئی اور مزدور وغیرہ اگر حکمت کو علت بنایا جائے تو ان لوگوں کو بھی سفر جیسی سہولت ملنی چاہئے لیکن سفر کو علت بنانے میں یہ دشواری نہیں پیش آتی کیونکہ یہ لوگ مسافر نہیں ہیں۔
(۳) ایک حکمت جان کی حفاظت ہے جس کی خاطر بہت سے احکام مقرر کئے گئے ہیں اگر اس کو ہر جگہ علت بنالیا جائے تو جہاد کی اجازت نہ ہونی چاہئے کیونکہ اس میں جان کا اتلاف ہوتا ہے۔ ہر شخص کو یہ فلسفہ کون سمجھائے گا کہ جہاد میں بھی جان کی حفاظت ہے کہ ایک ادنیٰ زندگی دے کر اس سے بہتر زندگی حاصل ہوتی ہے یا چند اشخاص کی جان کے تلاف سے پوری ملت کو زندگی حاصل ہوتی ہے (۱۳)
ہمارے نام نہاد دانشوروں کے ہاں احکام شرع کے متعلق
ایک غلطی یہ کی جاتی ہے کہ احکام کی بناء پر مصلحتوں اور حکمتوں پر سمجھ لی جاتی ہے اور ان مصلحتوں سے مراد خود تراشیدہ مصلحتیں ہیں یعنی جو اپنی فہم اور سمجھ میں آئیں بلکہ جن کو زبردستی اپنے دماغ میں جگہ دی گئی‘ کسی کی تقلید بیجا سے اس نفسانی سے اس پر مضامین لکھے جاتے ہیں اور لیکچر دیئے جاتے ہیں اور اس کو دین کی بڑی خیرخواہی سمجھا جاتا ہے اور اس کا ثبوت قرآن و حدیث سے اور آثار سلف سے دیا جاتا ہے مثلا قرآن پاک میں جا بجا آیا ہے۔ واﷲ علیم حکیم‘ وکان اﷲ علیما حکیم
اور یہ ’’فعل الحکیم لایخلو عن الحکمۃ‘‘ مشہور جملہ ہے یعنی حکیم کا فعل مصلحت سے خالی نہیں ہتا تو خدا تعالیٰ کا کوئی فعل اور کوئی حکم مصلحت سے خالی نہیں ہوسکتا۔ یہ ایسی بات ہے کہ عوام و خواص اور عالم و جاہل‘ بے دین اور دیندار بلکہ مسلم اور غیر مسلم سب کے نزدیک مسلم ہے۔ سوائے دہریوں کے کوئی ایک آدمی بھی ایسا نہیں نکلے گا جو اس کا مقرر نہ ہوا اور حدیثوں میں بھی یہ مضمون اس کثرت سے موجود ہے کہ بیان کا محتاج نہیں۔ ایک حدیث میں حضور اکرمﷺ فرماتے ہیںکہ میں تمہارے لئے مثل باپ کے ہوں۔ ظاہر ہے کہ باپ اولاد کو کبھی ایسا حکم نہیں دے سکتا جو اس کے لئے مفید نہ ہو اور اس مضمون پر دلائل عقلیہ تو اس قدر قائم کئے جاتے ہیں کہ ان کا بیان بہت طول چاہتا ہے۔ خلاصہ ان کا یہ ہے کہ خدا تعالیٰ رحیم و کریم ہے۔ بندوں کو تنگ کرنے اور تکلیف دینے سے اس کو کیا حاصل ہوسکتا ہے۔ اس نے کچھ احکام نازل ضرور فرمائے ہیں مگر ان سے صرف یہ غرض ہے کہ بندے سست نہ ہوجائیں‘ کاہلی بری عادت ہے۔ کاہل آدمی کسی قسم کی ترقی نہیں کرسکتا اس کو دور کرنے کے لئے کچھ مشاغل تجویز فرمائے ہیں۔ جب ان کی عادت رہے گی تو چستی و چالاکی پیدا ہوگی اور ہر قسم کی نگرانی کی عادت ہوگی مثلا نماز کہ اس کی بدولت صفائی رہتی ہے۔ سویرے اٹھنے کے وقت کی پابندی کی عادت پڑتی ہے اور مثلا زکوٰۃ اس سے سالانہ آمد و خرچ کی نگرانی ہوتی ہے۔
اور مثلا روزہ سے حفظ صحت اور تنقیہ بدن ہوتا ہے اور حج سے سفر ہائے دوردراز کی عادت پڑتی ہے۔ ان سب کا نتیجہ یہ ہے کہ آدمی ہر قسم کی ترقی کرسکتا ہے۔ ان مضامین پر آج کل کے مسلمان لیڈر بڑی بڑی تقریریں اور تحریریں کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم نے حقیقت اسلام کو سمجھ لی ہے اور ہم بڑے پکے مسلمان ہیں۔ عوام ان تقریروں اور تحریروں سے بڑے متاثر ہوتے ہیں حتی کہ بعض دفعہ پرانے طریق کے علماء اسلام پر ان کو ترجیح دیتے ہیں ظاہرا یہ تقریریں اور تحریریں بہت خوش کن ہوتی ہیں مگر نظر حقیقت سے دیکھئے تو ان میں دھوکہ ثابت ہوگا۔ وہ یہ کہ ان مصالح کو احکام کے لئے علل غائبہ سمجھا‘ علت غائی اور چیز ہے اور مصلحت (اور حکمت) اور چیز ہے (علماء سلف نے ان فوائد کو امر زائد کے درجہ میں رکھا ہے جس کو مصلحت کہتے ہیں نہ کہ غایت کے درجہ میں) سلف نے باوجود تبحر اور عبور کے جو کچھ مصالح احکام شرعیہ کے بیان کئے ہیں ان میں یہ دعویٰ نہیں کیا کہ یہ مصلح علت غائی ہیں احکام کی بلکہ ان کو ایک امر زائد اور حکمت منفعت کے درجہ میں رکھا ہے اور اس پر بھی ہر جگہ احتیاطا کہتے ہیں واﷲ اعلم اور ہمارے بھائی ان مصالح کو علت غائی سمجھ کر وجودا و عدما احکام کو ان پر مبنی سمجھتے ہیں۔ ببین تفاوت رہ از کجاست تابکجا؟
احکام الٰہی کی علل غائیہ تلاش کرنے کی بجائے بے چوں چرا ان احکام الٰہیہ کی تعمیل حکم شارع سمجھ کر کرنی چاہئے ورنہ بسا اوقات اس سے یہ جرات پیدا ہوگی کہ مفید اور غیر مفید تر قسمیں قانون میں شروع ہوجائیں گی اور ہزاروں فتنے کھڑے ہوجائیں گے اور نظم و نسق باقی نہ رہے گا ہم اس کی چند مثالیں اختصار کے ساتھ دیتے ہیں جس سے توضیح ہوجائے گی۔
مثلا: لیڈر پروفیسر ٹائپ لوگ نماز کے فوائد بیان کرتے ہیں کہ اس سے تہذیب ہوتی ہے کوئی کہتا ہے کہ نماز سے مقصود ورزش ہے۔ کوئی کہتا ہے غرض باہمی میل جول ہے اگر ان تینوں نتائج کو منفعت و حکمت اور مصلحت کے درجہ میں رکھا جائے تو کچھ حرج نہیں مگر ماڈرن خطیب (لیڈر) صاحبان نے ان کو مبنی اور غرض اصل قرار دیا ہے تو کوئی کہہ سکتا ہے (بلکہ کہا ہے اور کہتے ہیں جیسے نیچری پرویزی فرقہ ہے) کہ ایک شخص تعلیم یافتہ ہے اور ورزش کا بھی ایک کافی حد تک عادی ہے اور ملنسار بھی ہے تو اس کو نماز کی ضرورت نہ رہنی چاہئے یا کسی مخالف نے اس سے اچھی ورزش پیش کردی تو اس کے سامنے نماز کوئی چیز نہ رہے گی اور اب تعلیم کا زمانہ ہے ہر شخص تہذیب کا مدعی ہے تو نماز کی کیا ضرورت رہی اور زمانہ نے صنعت و حرفت میں وہ ترقی کی ہے کہ گھر گھر ٹیلی فون لگا ہوا ہے (بلکہ اب تو بچے بچے کے ہاتھ موبائل پکڑا ہوا ہے کہ گھر کے اندر بیٹھے ہوئے احباب سے اور جس سے چاہو‘ بات چیت کرتے رہو‘ پھرپانچ وقت کام چھوڑ کر یا نیند خراب کرکے مسجد میں جانے کی کیا ضرورت ہے)
حل: اس کا صحیح جواب یہ ہے کہ ان مصالح پر نماز کی بناء نہیں ہے یہ مصالح امر زائد ہیں۔ اسی طرح زکوٰۃ کی بناء ہمدردی قومی کو بتایا جاتا ہے اور آج کل تمام قوم کے لئے سب سے زیادہ ضروری اور مفید چیز تعلیم کو کہاجاتا ہے تو جبکہ کسی کالج میں چندہ دیا جاتا ہے تو یہ ضرورت پوری ہوگئی پھر زکوٰۃ باقاعدہ نکالنے کی کیا ضرورت ہے۔
اسی طرح روزہ کی بناء تنقیہ بند پر رکھی جاتی ہے اور آج کل معاشرے میں کھیل اور ورزش عادت شبانہ روز میں داخل ہے۔ ٹینس‘ کرکٹ‘ فٹبال‘ پولو وغیرہ سے بخوبی تنقیہ بدن کا ہوتا رہتا ہے۔پھر سال بھر میں ایک مہینہ میں تنقیہ کی کیا ضرورت رہی بلکہ روزانہ مواد مجمعہ کاتنقیہ ہوجانا سہل تر اور نافع تر ہوگا۔
حل: اس کا جواب یہی ہے کہ تنقیہ بدن پر روزہ کی بناء نہیں یہ امر زائد ہے۔ اس طرح ممنوعات شرعیہ میں گفتگو ہوسکتی ہے۔ غرضیکہ اصل مدعا یہ ہے کہ ایسے مصالح (حکمتوں اور فلسفوں) کو غیر اقوام کے سامنے بیان کرکے احکام اسلام کو ثابت کرنا باقاعدہ چال ہے اور ہزاروںمصیبتوں کو خریدنا ہے۔ صحیح اور باقاعدہ چال یہ ہے کہ کہا جاوے کہ یہ سب احکام خداوندی ہیں اور ادلہ شرعیہ سے ثابت ہیں لہذا واجًب التعمیل ہیں بلفظ دیگر مذہبی احکام ہیں۔ ان کے خلاف کرنے سے ترک مذہب لازم آتا ہے اور جبکہ ہم مذہب کو مانتے ہیں تو ان کا ماننا بھی ضروری ہے۔
یہ الگ بات ہے کہ مذہب اسلام کو کیوں مانا اس کے لئے احکام کے منافع جاننا ضروری نہیں بلکہ اصول اسلام کا ثابت بالدلیل ہونا ضروری ہے اور وہ اپنے موقع پر ثابت ہے عقائد کی کتابیں اس سے بھری ہوئی ہیں اور علماء اسلام کے لئے ہر وقت تیار ہیں یہ جواب بالکل مسکت اور بے غبار اور بالکل حق ہے اور یہ بھی غور کرنے کی بات ہے کہ ہر فن میں اصول کا ثابت کرنا اور دلیل سے منوانا ضروری ہوتا ہے۔ ہر ہر فرع کے لئے دلیل کی ضرورت نہیں ہوتی۔ مثلا علاج کے لئے طبیب کے انتخاب کے وقت ضرورت ہے کہ کسی کافی دلیل سے اطمینان کرلیا جائے کہ فلاں طبیب اس کام کے لئے مناسب ہے اس کے بعد فروع علاج میں دخل دینا اور ہر ہر نسخہ میں طبیب سے الجھنا اور دلیل مانگنا حماقت ہے (علی ہذا القیاس)
(حل اشباہات المفیدہ‘ مولانا اشرف علی تھانوی‘ فی دفع اشتباہات اسجدیدۃ‘ محمد عبدالمصطفی خلیفہ مجاز للتھانوی اداہر تالیفات اشرفیہ لاہور‘ طباعت۱۹۸۸ئ/۱۳۹۷ھ)
یہ بات ذہن نشین رہے کہ مذکورہ بالا بحث کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ قرآن و سنت پر ایمان لانے کے بعد قتل کا کوئی کام باقی ہی نہیں رہتا… قرآن و سنت نے بہت سی باتیں خود بیان کرنے کے بجائے فقہاء کرام کے اجتہاد و استنباط پر چھوڑ دی ہیں چنانچہ جو لوگ اس کے اہل ہوں‘ ان کے لئے قرآن و سنت اور اصول شریعت کی روشنی میں عقل وقیاس کو استعمال کرکے احکام کے استنباط کا میدان موجود ہے جس میں ہر زمانے کے فقہاء کرام اپنی اجتہادی کاوش فرماتے ہیں لیکن قرآن وسنت کی صراحتوں کوچھوڑ کر یا اصول شرعیہ کو پامال کرکے محض عقل کی بنیاد پر ایسے لوگوں کا جو اس کے اہل نہیں‘ محض عقل کی بنیاد پر قرآن و سنت میں توڑ مروڑ کی کوشش سونا تولنے کے ترازو اور کانٹے میں پہاڑ کو تولنے والی بات ہے۔
جیسا کہ فلسفہ تاریخ کے مشہور امام علامہ ابن خلدون رحمتہ اﷲ علیہ نے اس بارے میں بڑی عمدہ بات کہی ہے‘ وہ لکھتے ہیں:
لہذا تم اپنے علم اور معلومات کو اس حصر کردینے میں خطاوار سمجھو جو کچھ ہم جانتے ہیں ۔ تم موجودات ان میں منحصر ہیں اور شارع علیہ السلام کے بتائے ہوئے اعتقادات اور اعمال کی اتباع کرو کیونکہ وہ تم سے زیادہ تمہاری سعادت و خوش بختی کے لئے حریص ہیں اور وہ اس چیز کو جو تمہیں نفع دے گی تم سے بہت زیادہ جانتے ہیں کیونکہ ان کا علم تمہارے علم سے بلند اور ایسے ذرائع سے حاصل ہونے والا ہے جو تمہاری عقل کے دائرہ سے بہت زیادہ وسیع ہے اور یہ بات عقل اور اس کی معلومات ک یلئے کوئی عیب لگانے والی نہیں بلکہ عقل دراصل ایک صحیح میزان ہے جس کے احکام یقینی اور جھوٹ سے پاک ہیں لیکن یہ میزان اتنی بڑی نہیں ہے کہ تم اس سے توحید اور آخرت کے امور‘ نبوت و صفات الٰہیہ یا کسی اور ایسی چیز کا وزن کرنا شروع کردو جو عقل کی دسترس اور رسائی سے بالاتر ہو۔ اس کی مثال یوں سمجھیں کہ ایک شخص سونا تولنے کیلئے ترازو دیکھے اور پھر اس ترازو اور کانٹے سے پہاڑوں کو تولنے کی طمع اور خواہش کرے گا تو ظاہر ہی کہ اس سے پہاڑ تو تلنے سے رہے‘ لیکن کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ترازو کے احکام و نتائج درست نہیں ہرگز نہیں بلکہ یہ کہا جائے کہ یہ میزان کی ایک حد ہوتی ہے جس سے آگے وہ کام دینا چھوڑ دیتی ہے اسی طرح میزان عقل بھی ایک حد سے موقوف ہوجاتی ہے اور اس سے آگے کام سے رک جاتی ہے۔
مولانا شبیر احمد عثمانی لکھتے ہیں:
یہ منشاء ہرگز نہیں کہ فکر واستدلال ایک محض عبث اور لغو چیز ہے یا اس سے تعرض کرنا کوئی شرعی گناہ ہے لیکن ہاں! کسی فرد بشر کے واسطے ہم یہ جائز نہیں رکھتے کہ وہ اپنے عقل شخصی اور فکر ناقص کو اصل ٹھہرا کر انبیاء علیہم السلام کے پاک و صاف‘ صحیح و صادق‘ بلند و برتر تعلیمات کوزبردستی ان پر منطبق کرنے کی کوشش کرے جس پر اکثر اوقات اس کا ضمیر بھی خود اندر سے نفرین کررہا ہو۔ اس کے برخلاف نہایت ضروری ہے کہ انسان خدا اور اس کے رسولوں کے ارشادات کو اصل قرار دے کر اپنی عقلی معلومات کو ان کے تابع بنادے اور جو کچھ فرمائے اس کواپنے امراض روحانی کے حق میں اکسیر شفا تصور کرکے سمعا و طاعۃ کہتا ہوا بلا حجت و تکرا رسر اور آنکھوں پر رکھے (۱۴)
Tuesday, 28 April 2015
بزرگوں کی قدم بوسی احادیث مبارکہ و دیگر دلائل کی روشنی میں

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
پیشکش : ۔ ڈاکٹر فیض احمد چشتی خلیفہ مجاز پاکپتن شریف
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
زارع بن عامر - جو وفدِ عبد القیس کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تھے سے مروی ہے۔
لَمَّا قَدِمْنَاالْمَدِيْنَةَ فَجَعَلْنَا نَتَبَادَرُ مِنْ رَوَاحِلِنَا، فَنُقَبِّلُ يَدَ رَسُولِ اﷲِصلی الله عليه وآله وسلم وَرِجْلَهُ.
''جب ہم مدینہ منورہ حاضر ہوئے تو اپنی سواریوں سے کود کر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دستِ اقدس اور پاؤں مبارک کو چومنے لگے۔ ''
اس حدیث کو صحاح ستہ میں سے سنن ابی داود (کتاب الادب، باب قبلۃ الجسد، 4: 357، رقم: 5225) میں روایت کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسے امام بیہقی نے السنن الکبری (7: 102) میں اور امام طبرانی نے اپنی دو کتب المعجم الکبیر (5 : 275، رقم : 5313) اور المعجم الاوسط (1 : 133، رقم : 418) میں روایت کیا ہے۔
2۔ امام بخاری نے ''الادب المفرد'' میں باب تقبيل الرِّجل قائم کیا ہے یعنی ''پاؤں کو بوسہ دینے کا بیان۔ '' اس باب کے اندر صفحہ نمبر 339 پر حدیث نمبر 975 کے تحت انہوں نے مذکورہ بالا حدیث کو حضرت وازع بن عامر رضی اللہ عنہ سے ان الفاظ میں روایت کیا ہے، وہ فرماتے ہیں:
قَدِمْنَا, فَقِيْلَ: ذَاکَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم. فَأَخَذْنَا بِيَدَيْهِ وَرِجْلَيْهِ نُقَبِّلُهَا.
''ہم مدینہ حاضر ہوئے تو (ہمیں) کہا گیا: وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ پس ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک ہاتھوں اور قدموں سے لپٹ گئے اور اُنہیں بوسہ دینے لگے۔ ''
یہ الفاظ خاص مفہوم کے حامل ہیں۔ راوی کہتے ہیں کہ ہم نے صرف ہاتھ مبارک پکڑنے پر ہی اکتفا نہ کیا بلکہ ہاتھوں کے علاوہ پاؤں مبارک کو بھی بوسہ دینے کا عمل جاری رکھا درآں حالیکہ ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاتھ اور پاؤں مبارک پکڑ رکھے تھے۔
3۔ امام ترمذی نے اس مضمون پر ایک حدیث حضرت صفوان بن عسّال رضی اللہ عنہ سے بیان کی ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ قومِ یہود کے بعض افراد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور سوال کرنے کے بعد اعلانیہ گواہی دی کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے سچے رسول ہیں:
فَقَبَّلُوْا يَدَيْهِ وَرِجْلَيْهِ. وَقَالُوا: نَشْهَدُ أَنَّکَ نَبِيٌّ.
''انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاتھ اور پاؤں مبارک کو بوسہ دیا، اور کہا: ہم گواہی دیتے ہیں کہ بے شک آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبی ہیں۔''
اس حدیث مبارکہ کو امام نسائی نے السنن (کتاب تحریم الدم، 7 : 111، رقم : 4078) میں اور امام ابن ماجہ نے السنن (کتاب الادب، باب الرجل یقبّل ید الرجل، 2: 1221، رقم: 3705) میں روایت کیا ہے۔ امام ترمذی نے اس حدیث کو الجامع میں دو جگہ روایت کیا ہے: پہلی بار ابواب الاستئذان والآداب میں باب فی قبلۃ الید والرجل (5: 77، رقم: 2733) میں اور دوسری بار ابواب التفسیر کے باب ومن سورۃ بنی اسرائیل (5: 305، رقم: 3144) میں۔ امام احمد بن حنبل نے المسند (4: 239، 240) میں، امام حاکم نے المستدرک (1: 52، رقم: 20) میں، امام طیالسی نے المسند (ص: 160، رقم: 1164) میں اور امام مقدسی نے الاحادیث المختارہ (8: 29، رقم: 18) میں روایت کیا ہے۔
اتنے اجل محدثین کے اس حدیث کو روایت کرنے اور اس سے استشہاد کرنے کے باوجود بھی کوئی متعصب کہہ سکتا ہے کہ یہ ایک یہودی کا فعل تھا، ہم اسے کس طرح لازمی شہادت کا درجہ دے سکتے ہیں۔ اس سوچ پر سوائے افسوس کے کیا کہا جا سکتا ہے کہ معترض کو یہودی کا عمل تو نظر آگیا مگر جس کے ساتھ کیا جا رہا ہے وہ بابرکت ہستی نظر نہیں آئی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہود کو تقبیل سے منع نہیں فرمایا تو یہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنتِ تقریری ہوا۔
4۔ علامہ ابن تیمیہ کے جلیل القدر شاگرد حافظ ابن کثیر سورۃ المائدہ کی آیت نمبر 101 کی تفسیر میں ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ایک بار حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کسی بات پر خفا ہو کر جلال میں آگئے تو:
فَقَامَ إِلَيْهِ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ رضي الله عنه فَقَبَّلَ رِجْلَهُ وَقَالَ: يَا رَسُوْلَ اﷲِ، رَضِيْنَا بِاﷲِ رَبًّا وَبِکَ نَبِيًّا وَبِالإِْسْلَامِ دِيْنًا وَبِالْقُرْآنِ إِمَامًا فَاعْفُ عَنَّا عَفَا اﷲُ عَنْکَ فَلَمْ يَزَلْ بِهِ حَتَّی رَضِيَ.
''حضرت عمر رضی اللہ عنہ کھڑے ہوئے اور انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدم مبارک چوم کر عرض کیا: یا رسول اﷲ! ہم اﷲ تعالیٰ کے رب ہونے، آپ کے نبی ہونے اور اسلام کے دین ہونے اور قرآن کے امام و راہنما ہونے پر راضی ہیں، ہمیں معاف فرما دیجئے۔ اﷲ تعالیٰ آپ سے مزید راضی ہو گا۔ پس حضرت عمر رضی اللہ عنہ مسلسل عرض کرتے رہے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم راضی ہو گئے۔''
اس روایت کو دیگر مفسرین نے بھی متعلقہ آیت کی تفسیر میں بیان کیا ہے۔
اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ جیسے اجل صحابی کا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدم مبارک چومنا اور خود تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انہیں منع نہ فرمانا کیا (معاذ اللہ) عقیدہ توحید کی خلاف ورزی تھا۔
5۔ امام مقری (م 381ھ) اپنی کتاب تقبیل الید (ص: 64، رقم: 5) میں حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے ایک واقعہ نقل کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ایک مرتبہ ایک اعرابی بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حاضر ہوا اور اس نے آکر عرض کیا: میں نے اسلام قبول کر لیا ہے لیکن میں کچھ مزید چاہتا ہوں تاکہ میرے یقین میں اضافہ ہوجائے۔ پھر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اجازت دی تو اعرابی کے بلاوے پر ایک درخت اس کے پاس آیا اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپ پر سلام ہو۔ اس کے بعد طویل روایت ہے اور آخر میں اعرابی نے تمام نشانیاں دیکھنے کے بعد عرض کیا:
يا رسول الله! أئذن لي أن أقبل رأسك ورجلك.
"اے اللہ کے رسول! مجھے اجازت دیجیے کہ میں آپ کاسر اقدس اور قدم مبارک چوم لوں۔"
اس کے بعد روایت میں ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس اعرابی کو اجازت مرحمت فرمائی۔ اور پھر اس اعرابی نے سجدہ کرنے کی اجازت مانگی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اجازت نہ دی۔ امام مقری کی روایت کردہ اس حدیث کو حافظ ابن حجر عسقلانی نے فتح الباری (11: 57) میں نقل کیا ہے۔ نیز علامہ مبارک پوری نے بھی تحفۃ الاحوذی (7: 437) میں اس روایت کو نقل کیا ہے۔
یہ روایت بڑی وضاحت کے ساتھ بیان کر رہی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قدم چومنے کی اجازت تو دی لیکن سجدہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اگر قدم چومنا اور سجدہ کرنا برابر ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کبھی ان کے مابین فرق نہ فرماتے اور دونوں سے منع فرما دیتے۔
یہاں تک آقائے نام دار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاؤں مبارک چومے جانے پر چند احادیث کا حوالہ دیا گیا، جس سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ قدم بوسی ہرگز کوئی شرکیہ عمل نہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود اپنی ذات اقدس کے لیے بھی کبھی اس کی اجازت نہ دیتے۔
کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اُنہیں اِس عمل سے نہ روکنا اور سکوت فرمانا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے اس کی اجازت نہ تھی؟ کیا صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کا یہ عمل سنتِ تقریری نہ قرار پایا؟ اگر پاؤں چومنا نعوذ باﷲ سجدہ ہے تو کیا صحابہ کرام رضی اللہ عنھم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سجدہ کر رہے تھے؟ کیا (معاذ اﷲ) حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم - جو توحید کا پیغام عام کرنے اور شرک کے خاتمے کے لیے مبعوث ہوئے - خود شرک کے عمل کی اجازت دے رہے تھے؟
کاش! قدم بوسی پر اعتراض کرنے والے پہلے کچھ مطالعہ ہی کر لیتے۔
کسی کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوسکتا ہے کہ قدم بوسی صرف حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے مخصوص ہے۔ لہٰذا ذیل میں ہم اِس اَمر کا جائزہ لیتے ہیں کہ غیر انبیاء صالحین اور مشائخ عظام اور اکابر اسلام کی دست بوسی و قدم بوسی کی کیا حقیقت ہے؟
یہ ایک حقیقت ہے کہ علماے کرام اور مشائخ عظام کی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آ پ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی خدمت کی نسبت سے تعظیم و احترام بجا لانا منشاء اِسلام ہے۔ اِن کی تعظیم کو شرک کہنا باطل اور ان سے بغض رکھنا نفاق کی علامت ہے۔ کتب سیر و احادیث کا مطالعہ کرنے والا ہر شخص یہ بات جانتا ہے کہ اکابرین کی قدم بوسی ہمیشہ اہل محبت و ادب کا معمول رہی ہے۔ اِس سلسلے میں چند نظائر پیش خدمت ہیں:
1۔ حضرت صہیب رضی اللہ عنہ، حضرت عباس رضی اللہ عنہ کے غلام تھے، وہ بیان کرتے ہیں:
رَأَيْتُ عَلِيًّا يُقَبِّلُ يَدَ الْعَبَّاسِ وَرِجْلَيْهِ وَيَقُوْلُ: يَا عَمِّ ارْضَ عَنِّي.
''میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو حضرت عباس رضی اللہ عنہ کے ہاتھ اور پاؤں چومتے دیکھا اور آپ ساتھ ساتھ کہتے جاتے تھے: اے چچا! مجھ سے راضی ہوجائیں۔''
اسے امام بخاری نے الادب المفرد (ص: 339، رقم: 976) میں، امام ذہبی نے سیر اعلام النبلاء (2: 94) میں، امام مزی نے تہذیب الکمال (13: 240، رقم: 2905) میں اور امام مقری نے تقبیل الید (ص: 76، رقم: 15) میں روایت کیا ہے۔
2۔ آسمان علم کے روشن ستارے اور ہر مسلک و مکتبہ فکر کے متفقہ محدث امام بخاری نے بھی اپنی کتاب الادب المفرد میں ہاتھ چومنے پر ایک پورا باب (نمبر 444) قائم کیا ہے۔ امام بخاری نے باب تقبيل اليد میں ''ہاتھ چومنے'' کے حوالے سے تین احادیث بیان کی ہیں۔ صاف ظاہر ہے کہ اس سے مراد یہی ہے کہ صحابہ کرام، حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دست مبارکہ کو چوما کرتے تھے؛ اور جس طرح صحابہ کرام رضی اللہ عنھم، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاتھ چومتے تو اسی طرح تابعین، صحابہ کرام کے ہاتھ چومتے۔ ان احادیث کو ذکر کر کے امام بخاری آدابِ زندگی بتارہے ہیں کہ بزرگوں کی سنت یہ تھی کہ شیوخ اور اکابر کا ہاتھ چوما کرتے تھے۔ یہاں تک کہ امام بخاری نے دین میں اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس کا الگ باب قائم کیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ امام بخاری اِس باب کے فوری بعد پاؤں چومنے کا باب - بَابُ تَقْبِيْلِ الرِّجْل - لائے ہیں۔
ظاہر ہے کہ امام بخاری نے کتاب الادب میں ان ابواب کو ترتیب دے کر یہ واضح کیا ہے کہ ان کے نزدیک ہاتھ چومنا اور قدم چومنا آداب میں سے ہے۔ اگر وہ اس عمل کو شرک یا سجدہ سمجھتے تو کبھی بھی آداب زندگی کے بیان پر مشتمل اپنی کتاب میں یہ ابواب قائم نہ کرتے اور نہ ہی ایسی احادیث لاتے۔
3۔ اسی طرح امام بخاری کے بعد امت مسلمہ کے نزدیک ثقہ ترین محدث امام مسلم کے شہر نیشاپور میں جب امام بخاری تشریف لائے اور امام مسلم ان کے پاس حاضر ہوئے تو اَئمہ کے اَحوال پر مبنی تمام کتب میں درج ہے کہ امام مسلم نے امام بخاری کا ماتھا چوما اور پھر ان سے اجازت مانگی کہ:
دعني حتی أقبّل رجليک، يا أستاذ الأستاذين وسيد المحدّثين وطبيب الحديث في علله.
''اے استاذوں کے استاذ، سید المحدّثین اور عللِ حدیث کے طبیب! آپ مجھے اجازت دیں تو میں آپ کے پاؤں کا بوسہ لے لوں۔''
اِمام بخاری اور امام مسلم کا یہ واقعہ ابن نقطہ نے 'التقیید لمعرفۃ رواۃ السنن والمسانید (1: 33)'میں، امام ذہبی نے 'سیر اعلام النبلاء (12: 432، 436)' میں، امام نووی نے 'تہذیب الاسماء واللغات (1: 88)' میں، حافظ ابن حجر عسقلانی نے مقدمۃ فتح الباری (ص: 488)' میں اور برصغیر کے نام ور غیر مقلد نواب صدیق حسن قنوجی نے 'الحطۃ فی ذکر الصحاح الستۃ (ص: 339)' میں روایت کیا ہے۔
4۔ علامہ شروانی شافعی 'حواشی (4: 84)' میں لکھتے ہیں:
قد تقرّر أنه يسنّ تقبيل يد الصالح بل ورجله.
''یہ بات پایہ تحقیق کو پہنچ چکی ہے کہ صالح شخص کے ہاتھ اور پاؤں چومنا مسنون عمل ہے ۔

Monday, 27 April 2015
تقوی کے معنی اور مفہوم
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
تقویٰ کیا ہے؟تقویٰ انسانی زندگی کی وہ صفت ہے جو تمام انبیاء کی تعلیم کا نچوڑ رہی۔اس کے لغوی معنی تو کسی شے سے دور رہنے،اس سے بچنے یااسے چھوڑنے ہی کے ہوتے ہیں۔لیکن شریعت اسلام میں تقویٰ نہایت وسیع معنی رکھتا ہے۔
مختصرطور پر تقویٰ کی تعریف کے سلسلہ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ یہ دل کی اس حالت کا نام ہے جس کی موجودگی میں انسان ہر اس فعل سے بچنے کی کوشش کرتا ہے جو اللہ پاک کو ناپسند ہو۔
’’انماالاعمال بالنیات‘‘ کے تحت جس طرح نیت ہر عمل کی جان ہوتی ہے اسی طرح تقویٰ میں بھی اسے بڑا دخل ہے۔اگر ارتکاب گناہ اور خدا کی نافرمانی سے صرف اس لیے بچا جائے کہ خدا ناراض ہو گایا رحمت الٰہی سے محرومی ہو گی تو تقویٰ کی حقیقت حاصل ہوتی ہے ورنہ اگرخیال رسوائی یابدنامی کاڈر ہو یا کوئی عمل دکھلاوے کے لیے کیا جائے تو تقویٰ نہیں ہوگا۔
قرآن وحدیث میں لفظ’’تقویٰ‘‘مختلف صورتوں میں بیشمارمقامات پر استعمال کیا گیا ہے۔ مختلف استعمالات کے پیش نظراس کی تعریف یوں کی جا سکتی ہے۔ ’’تقویٰ رذائل سے بچنے اور فضائل سے آراستہ ہونے کا نام ہے۔‘‘
نصرآبادی فرمایا کرتے تھے کہ تقویٰ یہ ہے کہ انسان اللہ کے سوا ہر چیز سے بچے- طلق ابن خبیب کا قول ہے کہ ’’اللہ کے عذاب سے ڈر کر اس کے نور کے مطابق اطاعت خداوندی یعنی اس کے احکا م پر عمل کرنے کا نام تقویٰ ہے۔‘‘ (رسالہ تشریہ)
جمشید نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ’’ زندگی اطاعت مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلم میں گزارناتقویٰ ہے۔‘‘
’’حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے حضرت کعب الاحبار رضی اللہ عنہ سے تقویٰ کی تعریف پوچھی تو حضرت کعب رضی اللہ عنہ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے سوال کیا:’’کیا آپ کبھی خاردار راستے پر چلے ہیں؟‘‘آپ نے جواب دیا: ’’ہاں‘‘: پھر پوچھا کہ’’آپ نے کیاطریقہ استعمال کیا؟‘‘ حضرت عمر رضی اللہ عنہ فر مانے لگے:’’میں کانٹوں سے بچ بچ کر اور کپڑوں کو سمیٹ کر چلا۔‘‘حضرت کعب رضی اللہ عنہ بولے :’’یہی تقویٰ ہے۔‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کی مثال خا ر دار راستے کی ہے۔مومن کا کام یہ ہے کہ اس میں سے گزرتے ہوئے دامن سمیٹ کرچلے۔اس کی کامیابی اسی میں ہے کہ ہر کام میں دیکھے کہ اس میں خدا کی خوشنودی مضمر ہے یا نہیں۔
ابو عبد اللہ رودباری فرمایا کرتے تھے کہ تقویٰ یہ ہے کہ ان تمام چیزوں سے اجتناب کیا جائے جواللہ سے دور رکھنے والی ہوں۔’’ حضرت واسطی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے کہ’’اپنے تقویٰ سے بچنے کا نام تقویٰ ہے۔‘‘
متقی آدمی کے لئے ضروری ہے کہ وہ ریا سے بچے اس لئے کہ یہ اعمال کو اس طرح کھاتی ہے جس طرح دیمک لکڑی کو کھاجاتی ہے۔کہتے ہیں کہ حضرت ذوالنون مصری علیہ الرحمہ کے علاقہ میں ایک بار قحط پڑ گیا۔لوگ آپ کے پاس دعا کروانے کے لئے آئے۔آپ فرمانے لگے: ’’بارش اس لئے نہیں ہوتی کہ گناہ گار زیادہ ہو گئے ہیں اورسب سے بڑا گناہ گار میں ہوں۔اگر مجھے شہر سے نکال دیا جائے تو باران رحمت برسنے لگ جائے گا۔ اللہ ان لوگوں پر رحمتیں برسائے، عظیم ہوتے ہوئے بھی ان کے ہاں دعویٰ نہیں تھااوراسی کانام تقویٰ ہے۔ ‘‘
فر وتنی است دلیل رسید گان کمال
کہ چوں سوار بمنزل رسد پیادہ شود
یعنی اہل کمال کی نشانی عاجزی اور انکساری ہوتی ہے۔آپ نے دیکھانہیں کہ سوار جب منزل مقصود پر پہنچتاہے تو پیادہ ہو جاتا ہے۔
تقویٰ کے مدارج
پہلا درجہ:عذاب آخرت سے ڈر کر اپنے آپ کو شرک سے بچانا تقویٰ ہے۔(انوار التنزیل جلد اول ص 16)
اللہ تعالیٰ کو اس کی ذات،صفات اور افعال میں یکتا جاننا تقویٰ کا پہلا زینہ ہے۔مومن کے عرفانی مدارج کا کمال یہ ہوتا ہے کہ اس کی رگ وجان میں توحید رچی بسی ہوتی ہے۔وہ اللہ ہی کومعبود سمجھتا ہے اوراسی ذات کو مقصود تصور کرتا ہے۔ گو یہ سب کو تسلیم ہے کہ معبود وہی ہے ،مگر کم ہیں جو سمجھتے ہیں کہ مقصود وہی ہے۔متقی شرک کو ظلم عظیم سمجھتا ہے۔اس کی دعوت و تبلیغ کا محوراثبات توحید اور تردید شرک ہوتا ہے،لیکن یاد رہے کہ توہین انبیاء اورگستاخ اولیاء توحید نہیں بلکہ جرم عظیم ہے، جس طرح خدا کی ذات و صفات میں کسی کو شریک ٹھہرانا کفر ہے، اسی طرح انبیاء ومرسلین کو اپنی طرح سمجھنا یا اپنے آپ کو ان کے مثل جاننا صریح کفر ہے۔اللہ پاک ہر قسم کے شرک سے بچائے۔آمین یا رب العالمین۔
عقا ئد کا ٹھیک ہونا تقویٰ کی جان ہے۔سورہ بقرہ میں متقی کی تعریف میں اس کے اعمال کے ساتھ ساتھ راسخ عقائد ہی کا ذکر کیا گیا ہے۔ ’’وہ لوگ جو غیب پر ایمان رکھتے ہیں۔نماز قائم کرتے ہیںاور ہمارے دیے ہوئے سے خرچ کرتے ہیں جو آپ پر اور آپ سے پہلے نازل ہونے والی وحی پر ایمان لاتے ہیں اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔”(القرآن)
دوسرا درجہ:’’ ہر وہ فعل جس میں گناہ کا اندیشہ ہو یہاں تک کہ صغیرہ گناہوں سے بچنا بھی تقویٰ کہلاتا ہے۔‘‘(انوارالتنزیل جلد اول ص16)
تقویٰ کے اس مرتبہ کی طرف قرآن حکیم نے اس طرح اشا رہ فرمایا ہے: ’’کاش بستیوں والے ایمان لاتے اور تقویٰ اختیار کرتے۔‘‘(الاعراف۔96)
متقی کے لئے ان حدود کا لحاظ رکھنا ضروری ہوتا ہے جو کائنات کے خالق نے متعین کی ہیں۔یہ سب کچھ اسی صورت میں ممکن ہوتا ہے جب خوف الٰہی دل میں پوری طرح جاگزیں ہو اور انسان ہر وقت یہ سوچے کہ یہ دنیا اندھیرنگری نہیں،بلکہ امتحان گاہ ہے اورایک نہ ایک دن اسے اپنے اعمال کے بارے میں جواب دہ ہونا ہے۔
تیسرا درجہ :علامہ ناصر الدین ابو سعید عبداللہ بن بیضاوی لکھتے ہیں: ’’ہروقت اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم رکھنا اور اس سے غافل کر دینے والی اشیاء سے لا تعلق ہونا تقویٰ ہے اور تقویٰ کی حالت حقیقی اور مطلوب ومقصود ہے‘‘ (انوار التنزیل ص16 جلد اول)
یہاں تعلق سے مراد ہر وقت خدا کو یاد کرنا ہے۔ہر فعل میںاس کی رضا دیکھنا ہے۔بعض صوفیاء کے پاس انفاس کا معمول بھی تقویٰ کے اس مفہوم میں آسکتا ہے۔ انسان کو ہر وقت اس کو شش میں لگے رہنا چاہیے کہ کوئی چیز راہ ِدین سے غفلت کا سبب نہ بنے۔شیطانی طاقتیں اس پر غالب نہ آئیں۔نفس امارہ اسے اپنے دامن میں نہ لے لے اور یہ سب کچھ عمل پیہم اور جہدِمسلسل سے ہی حاصل ہو سکتا ہے۔ فکر اورجذ بہ صا د ق اس سلسلہ میں ممّد اور معاون ثابت ہوتے ہیں۔
تقویٰ کی اہمیت
متقیا نہ زندگی انسان کو نمونے کا انسان بنا دیتی ہے۔مسلمان صرف اجتماعی زندگی میں ہی ایک ضابطے کا پابند نہیں بلکہ وہ انفرادی زند گی میں بھی ایک دستور اور قانون کے مطابق تعمیر اور تطہیر حیات کی منازل طے کرتا ہے۔اس کا اٹھنا بیٹھنا، چلنا پھرنا اور قول وفعل رضائے الٰہی کے حصول کے لئے ہوتے ہیں۔ تقویٰ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگا یا جا سکتا ہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک با ر پو چھا گیا : ’’آل نبی کون لوگ ہیں؟‘‘ توآپ نے ارشاد فرمایا: ’’متقی۔‘‘ علاوہ ازیں اسلام کا سارا نظام عبادت یہی مقصد رکھتا ہے کہ لوگ ’’متقی‘‘ یعنی صاحب کردار بن جائیں۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اکثر اوقات ’’تقویٰ‘‘ کے لئے دعا فرماتے۔حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ ارشاد فرماتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے:’’اے اللہ ! میں تجھ سے ہدایت، تقویٰ اور عفت وغِنا کا سوال کرتا ہوں۔‘‘
تقویٰ کے اثرات
اسلامی کردار یعنی تقویٰ کے اختیار کرنے سے ایک مسلمان کی زندگی پر بیشمار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔دینی اور دنیاوی زندگی میں اس کی بدولت انسانی ضمیر کو سکون و چین میسر ہوتا ہے۔ قرآن کی روشنی میں تقویٰ کے اثرات پر ہم ایک طائرانہ نظر ڈالتے ہیں۔
تقویٰ اور فلاح حقیقی
انسان جب تک نظامِ وحی سے رہنمائی حاصل نہیں کرتا نقصان اور خسارے میں رہتا ہے۔ہدایت کے لیے وجدان اور عقل اس کے لیے نا کافی ثابت ہوتے ہیں۔اگر وہ اپنے خالق اور ہادی کی طرف رجوع نہ کرے تو وہ اکثر فیصلے غلط کرتا ہے۔اس کی دماغی اور ذہنی قوتیں زندگی کی پر پیچ راہوں میں اس کی ساتھی نہیں بنتیں۔وہ یہاں پہنچ کربے بس ہو جاتا ہے۔اس کی نگا ہیں کسی ہادی کو تلاش کرتی ہیں۔اگر اس بے چارگی کے عالم میںوہ فطرت کی آواز سن کر اپنے خالق و مالک کے ’’نظام ہدایت‘‘ جو مختلف ادوار میں انبیاء کی وساطت سے انسانیت کی رہنمائی کرتا رہا کو پہچان لے تو فطرت اسے فلاح کا پیغام دیتی ہے۔
وہ لوگ جن کے سینے ایمان سے خالی ہیں اور ان کے اعمال قرآن و سنت کے برعکس ہیں بے شک وہ انسان تو ہیں لیکن ’’نظام وحی‘‘سے عدم تمسّک کی بنائی پر نقصان و خسران ان کا مقدر ہے۔
’’بے شک انسان خسارے میں ہے‘‘( العصر۔2)
نقصان کے مقابلہ میں قرآن ’’فلاح‘‘ کی اصطلاح استعمال کرتا ہے اور ’’فلاح‘‘ کی شرائط میں تقویٰ کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ سورہ ’’البقرہ‘‘ میں متقی کی 6 صفات بیان کرنے کے بعد رب ذوالجلال ارشاد فرماتاہے:’’یہی لوگ اپنے رب کی طرف سے ہدایت پر ہیں اور یہی لوگ کا میاب و کامران بھی ہیں۔‘‘(البقرہ۔5 )
تقویٰ اور امتیاز
تقویٰ کے اجتماعی اثرات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ معاشرہ جو’’من حیث الجماعت‘‘ (پوری جماعت کی حیثیت سے )اپنے آپ کو کتاب و سنت کے مطابق بنا لیتا ہے۔اقوام عالم میں اس کی شان نرالی اور امتیازی بن جاتی ہے۔ارشاد رب العزت ہے: ’’اے اہل ایمان!اگر تم اللہ سے ڈرو گے تو وہ تمہارے لئے امتیاز قائم کردے گا۔‘‘ ( الانفال: 29 )
’’امتیاز‘‘کی مختلف نو عیتیں ہو سکتی ہیں۔یعنی اس سے ایک معنی تو یہ بھی لیا جا سکتا ہے کہ تم میں اچھی اور بری چیز میں امتیاز کرنے کی قوت پیدا فرما دے گایعنی بصیرت عطا کر دے گا اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اقوام میں تمھیں امتیازی شان عطا کر دے۔
تقویٰ اورکشادگیِ رزق
روٹی،کپڑے اور مکان کامسئلہ ہر دور میں بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔قرآن نے معاشی آسودگی بھی اپنی حدوں میں قائم رہنے ہی میں قرار دی۔ارشادِ رب العزت ہے:’’متقی کے لیے اللہ تنگی سے نکلنے کے لئے سامان مہیا کرتا ہے اور اسے وہاں سے روزی دیتا ہے کہ اس کا وہم و گمان بھی نہیں ہوتا ہے۔‘‘( اطلاق : 3-2)
اسلامی نظام کا مکمل مطا لعہ کرنے سے اچھی طرح اس نتیجہ پر پہنچا جا سکتا ہے کہ اسلام کیسے ’’معاشی خوشحالی‘‘ دیتا ہے۔
اس کے برعکس ’’اعراض عن القرآن‘‘ سے اقوام و ملل کی معاش و معیشت تنگ کر کے رکھ دی جاتی ہے۔قرآن نے معاشی تنگی کی وجہ ہی اس نظام سے بغاوت کو قرار دیا ہے۔
’’جس نے ہماری یاد سے غفلت برتی بے شک معیشت تنگ ہو جائے گی اور ہم اسے قیامت کے دن اندھا اٹھائیں گے۔‘‘ (طہٰ : 124
Subscribe to:
Posts (Atom)
معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی
معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...
-
شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے اعضاء تناسلیہ کا بوسہ لینا اور مرد کو اپنا آلۂ مردمی اپنی بیوی کے منہ میں ڈالنا اور ہمبستری سے قبل شوہر اور...
-
درس قرآن موضوع آیت : قُلۡ ہَلۡ یَسۡتَوِی الَّذِیۡنَ یَعۡلَمُوۡنَ وَ الَّذِیۡنَ لَا یَعۡلَمُوۡنَ قُلْ هَلْ یَسْتَوِی الَّذِیْنَ یَ...
-
حق بدست حیدر کرار مگر معاویہ بھی ہمارے سردار محترم قارئین : اعلیٰ حضرت امام اہلسنّت امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ فرما...