Friday, 5 August 2022

فضائل و مناقبِ اہلبیت رضی اللہ عنہم حصّہ دہم

فضائل و مناقبِ اہلبیت رضی اللہ عنہم حصّہ دہم
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
صحابہ و اہلبیت رضی اللہ عنہم کی آپس میں محبت و رشتہ داریاں : قرآنِ کریم میں اہلِ بیتِ اطہار رضی اللہ عنہم کی محبت کے بارے میں اللہ عزّوجلّ کا فرمان ہے : قُلْ لَّاۤ اَسْٸلُكُمْ عَلَیْهِ اَجْرًا اِلَّا الْمَوَدَّةَ فِی الْقُرْبٰىؕ ۔
تَرجَمہ : آپ فرماٸیں میں اس (یعنی تبلیغِ رسالت) پر تم سے کچھ اجرت نہیں مانگتا مگر قرابت کی محبّت ۔ (پارہ نمبر 25 سورہ الشوریٰ آیت نمبر 23)

بعض شر پسند و فتنہ پرور لوگ اہلبیت اطہار رضی اللہ عنہم کی شان اس طرح بیان کرتے ہیں کہ جیسے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ان کی مخاصمت اور لڑائی تھی یونہی اس کے بالعکس بعض شر پسند و فتنہ پرور لوگ شان صحابہ رضی اللہ عنہم اسی انداز میں بیان کرتے ہیں ۔ ہمارا دعویٰ یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلبیت اطہار رضی اللہ عنہم کے درمیان بیحد محبت و آپس میں قریبی رشتہ داریاں و تعلقات تھے ۔ اس کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کی فضلیت پر احادیثِ مبارکہ بیان فرماتے تھے ۔

جب ام المومنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی ﷲ عنہا سے پوچھا جاتا ہے کہ لوگوں میں سے رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو سب سے زیادہ پیارا کون تھا ؟ تو آپ فرماتی ہیں فاطمہ رضی ﷲ عنہا ۔ پھر پوچھا جاتا ہے کہ مردوں میں سے کون زیادہ محبوب تھا ؟ فرماتی ہیں ‘ اْن کے شوہر یعنی حضرت علی رضی ﷲ عنہ ۔ (جامع ترمذی)

اسی طرح جب حضرت سیدہ فاطمہ رضی ﷲ عنہا سے پوچھا جاتا ہے کہ لوگوں میں سے رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو سب سے زیادہ پیارا کون تھا ؟ تو آپ فرماتی ہیں ‘ عائشہ رضی ﷲ عنہا ۔ پھر پوچھا جاتا ہے کہ مردوں میں سے کون زیادہ محبوب تھا ؟ تو آپ فرماتی ہیں ‘ ان کے والد حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ ۔ (صحیح بخاری)

اگر خدانخواستہ ان کے درمیان کوئی مخاصمت یا رنجش ہوتی تو وہ ایسی احادیث بیان نہ کرتے ۔

حضرے سیدنا ابوبکر صدی و سیدنا علی رضی ﷲ عنہما کی باہم محبت

حضرت ابوبکر اور حضرت علی رضی ﷲ عنہما کے درمیان کس قدر محبت تھی ‘ اس کا اندازہ اس حدیث پاک سے کیجیے ۔ قیس بن ابی حازم رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دن حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ چہرے کی طرف دیکھ کر مسکرانے لگے ۔ حضرت علی رضی ﷲ عنہ نے پوچھا ‘ آپ کیوں مسکرا رہے ہیں ؟ سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ ’’ میں نے آقا و مولیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ پل صراط پر سے صرف وہی گزر کر جنت میں جائے گا جس کو علی وہاں سے گزرنے کا پروانہ دیں گے ۔ اس پر سیدنا علی رضی ﷲ عنہ ہنسنے لگے اور فرمایا ‘ اے ابوبکر ! آپ کو بشارت ہو ۔ میرے آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے یہ بھی فرمایا ہے کہ (اے علی!) پل صراط پر سے گزرنے کا پروانہ صرف اسی کو دینا جس کے دل میں ابوبکر کی محبت ہو ۔ (الریاض النضرۃ فی مناقب العشرۃ ج۲:۵۵ امطبوعہ مصر،چشتی)

حضرت سیدنا مولا علی رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ ایک دن مشرکین نے رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو اپنے نرغہ میں لے لیا ۔ وہ آپ کو گھسیٹ رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ تم وہی ہو جو کہتا ہے کہ ایک خدا ہے ۔ خدا کی قسم ! کسی کو ان مشرکین سے مقابلہ کی جرأت نہیں ہوئی سوائے ابوبکر رضی ﷲ عنہ کے ۔ وہ آگے بڑھے اور مشرکین کو مارمار کر اور دھکے دے دے کر ہٹاتے جاتے اور فرماتے جاتے ‘ تم پر افسوس ہے کہ تم ایسے شخض کو ایذا پہنچا رہے ہو جو کہتا ہے کہ ’’ میرا رب صرف ﷲ ہے ۔‘‘ یہ فرما کر حضرت مولا علی رضی ﷲ عنہ اتنا روئے کہ آپ کی داڑھی ترہو گئی ۔ پھر فرمایا ‘ اے لوگو ! یہ بتاؤ کہ آل فرعون کا مومن اچھا تھا یا ابوبکر رضی ﷲ عنہ اچھے تھے ؟ لوگ یہ سن کر خاموش رہے تو حضرت علی رضی ﷲ عنہ نے پھر فرمایا ‘ لوگو ! جواب کیوں نہیں دیتے ۔ خدا کی قسم ! ابوبکر صدیق رضی ﷲ عنہ کی زندگی کا ایک لمحہ آلِ فرعون کے مومن کی ہزار ساعتوں سے بہتر اور برتر ہے کیونکہ وہ لوگ اپنا ایمان ڈر کی وجہ سے چھپاتے تھے اور ابوبکر صدیق رضی ﷲ عنہ نے اپنے ایمان کا اظہار علی الاعلان کیا ۔ (تاریخ الخلفاء عربی صفحہ ۱۰۰)

حضرت مولا علی رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ کہ ایک مرتبہ میں حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ کے پاس سے گزرا اور وہ صرف ایک کپڑا اوڑھے بیٹھے تھے ۔ ان کی یہ حالت دیکھ کر بے ساختہ میری زبان سے نکلا ‘ کوئی صحیفہ والا ﷲ تعالٰی کو اتنا محبوب نہیں جتنا یہ کپڑا اوڑھنے والا ﷲ تعالٰی کو محبوب ہے ۔ (تاریخ الخلفاء: ابن عساکر)

حضرت انس رضی ﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اپنے صحابہ کے درمیان مسجد میں تشریف فرما تھے کہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ آئے اور سلام کر کے کھڑے ہوگئے ۔ حضور منتظر رہے کہ دیکھیں کون ان کےلیے جگہ بناتا ہے ۔ حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ آپ کی دائیں جانب بیٹھے ہوئے تھے ۔ آپ اپنی جگہ سے اْٹھ گئے اور فرمایا ‘ اے ابوالحسن ! یہاں تشریف لے آئیے ۔ حضرت علی رضی ﷲ عنہ ‘ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ کے درمیان بیٹھ گئے ۔ اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے چہرہ مبارک پر خوشی کے آثار ظاہر ہوئے اور آپ نے فرمایا ‘ ’’اہل فضل کی فضلیت کو صاحب فضل ہی جانتا ہے ۔‘‘ اسی طرح سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے چچا حضرت عباس رضی ﷲ عنہ کی بھی تعظیم کیا کرتے ۔ (الصواعق المحرقہ صفحہ ۲۶۹)

ایک روز حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ مسجد نبوی میں منبر پر تشریف فرما تھے کہ اس دوران امام حسن رضی ﷲ عنہ آگئے جو کہ اس وقت بہت کم عمر تھے ۔ امام حسن رضی ﷲ عنہ کہنے لگے ‘ میرے بابا جان کے منبر سے نیچے اتر آئیے ۔ سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ ’’ تم سچ کہتے ہو ۔ یہ تمہارے باباجان ہی کا منبر ہے ۔‘‘ یہ فرما کر آپ نے امام حسن رضی ﷲ عنہ کوگود میں اٹھا لیا اور اشکبار ہوگئے ۔ حضرت علی رضی ﷲ عنہ بھی وہاں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ‘ خدا کی قسم ! میں نے اس سے کچھ نہیں کہا تھا ۔ سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا : آپ سچ کہتے ہیں ‘ میں آپ کے متعلق غلط گمان نہیں کرتا ۔(تاریخ الخلفاء صفحہ ۱۴۷)(الصواعق المحرقہ صفحہ نمبر ۲۶۹،چشتی)

امام ابن عبدالبر رحمة ﷲ علیہ نے بیان کیا ہے کہ حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ اکثر حضرت علی رضی ﷲ عنہ کے چہرے کی طرف دیکھا کرتے ۔ حضرت عائشہ رضی ﷲ عنہا نے ان سے اس کا سبب دریافت کیا تو فرمایا ‘ میں نے آقا و مولٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ علی رضی ﷲ عنہ کے چہرے کی طرف دیکھنا عبادت ہے ۔ (الصواعق المحرقتہ: ۲۶۹،چشتی)

ایک روز سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ تشریف فرما تھے کہ سیدنا علی رضی ﷲ عنہ آگئے ۔ آپ نے انہیں دیکھ کر لوگوں سے فرمایا ‘ جو کوئی رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے قریبی لوگوں میں سے عظیم مرتبت‘ قرابت کے لحاظ سے قریب تر ‘ افضل اور عظیم تر حق کے حامل شخص کو دیکھ کر خوش ہونا چاہے وہ اس آنے والے کو دیکھ لے ۔ (الصواعق المحرقہ صفحہ ۲۷۰‘ دار قطنی)

سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ کے سب سے زیادہ بہادر ہونے سے متعلق سیدنا علی رضی ﷲ عنہ کا ارشاد پہلے تحریر ہو چکا ‘ اگر ان کے مابین کسی قسم کی رنجش ہوتی تو کیا یہ دونوں حضرات ایک دوسرے کی فضیلت بیان فرماتے ؟ یہ احادیث مبارکہ ان کی باہم محبت کی واضح مثالیں ہیں۔

سیدنا عمر و سیدنا علی رضی ﷲ عنہما کی باہم محبت

حضرت ابن عباس رضی ﷲ عنہما فرماتے ہیں کہ دورِفاروقی میں مدائن کی فتح کے بعد حضرت عمر رضی ﷲ عنہ نے مسجد نبوی میں مال غنیمت جمع کر کے تقسیم کرنا شروع کیا ۔ امام حسن رضی ﷲ عنہ تشریف لائے تو انہیں ایک ہزار درہم نذر کیے ۔ پھر امام حسین رضی اﷲ عنہ تشریف لائے تو انہیں بھی ایک ہزار درہم پیش کیے ۔ پھر آپ کے صاحبزادے عبد ﷲ رضی ﷲ عنہ آئے تو انہیں پانچ سو درہم دیے۔ انہوں نے عرض کی ‘ اے امیرالمٔومنین ! جب میں عہدِ رسالت میں جہاد کیا کرتا تھا اس وقت حسن و حسین بچے تھے ۔ جبکہ آپ نے انہیں ہزار ہزار اور مجھے سو درہم دیے ہیں ۔ حضرت عمر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ تم عمر کے بیٹے ہو جبکہ ان والد علی المرتضٰی ‘ والدہ فاطمۃ الزہرا ‘ نانا رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ‘ نانی خدیجہ الکبریٰ ‘ چچا جعفر طیار ‘ پھوپھی اْم ہانی‘ ماموں ابراہیم بن رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ‘ خالہ رقیہ و ام کلثوم و زینب رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بیٹیاں ہیں رضی ﷲ عنہن ۔ اگر تمہیں ایسی فضیلت ملتی تو تم ہزار درہم کا مطالبہ کرتے ۔ یہ سن کر حضرت عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ عنہما خاموش ہو گئے ۔ جب اس واقعہ کی خبر حضرت علی رضی ﷲ عنہ کوہوئی تو انہوں نے فرمایا ‘ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو یہ فرماتے سنا ہے کہ ’’ عمر اہل جنت کے چراغ ہیں ۔‘‘ حضرت علی رضی ﷲ عنہ کا یہ ارشاد حضرت عمر رضی ﷲ عنہ تک پہنچا تو آپ بعض صحابہ کے ہمراہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ کے گھر تشریف لائے اور دریافت کیا ‘ اے علی ! کیا آپ نے سنا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے مجھے اہل جنت کا چراغ فرمایا ہے ۔ حضرت علی رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ ہاں ! میں نے خود سنا ہے ۔ حضرت عمر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ اے علی! میری خواہش ہے کہ آپ یہ حدیث میرے لیے تحریر کربدیں ۔ سیدنا علی رضی ﷲ عنہ نے یہ حدیث لکھی : یہ وہ بات ہے جس کے ضامن علی بن ابی طالب ہیں عمر بن خطاب رضی ﷲ عنہ کےلیے کہ رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا ‘ اْن سے جبرائیل علیہ السلام نے ‘ اْن سے ﷲ تعالٰی نے کہ : ان عمر بن الخطاب سراج اھل الجنۃ ۔ ترجمہ : عمر بن خطاب اہل جنت کے چراغ ہیں ۔ سیدنا علی رضی ﷲ عنہ کی یہ تحریر حضرت عمررضی ﷲ عنہ نے لے لی اور وصیت فرمائی کہ جب میرا وصال ہو تو یہ تحریر میرے کفن میں رکھ دینا ۔ چنانچہ آپ کی شہادت کے بعد وہ تحریر آپ کے کفن میں رکھ دی گئی ۔ (ازالتہ الخفاء، الریاض النضرۃ ج ا:۲۸۲،چشتی)

اگر ان کے مابین کسی قسم کی مخاصمت ہوتی تو کیا دونوں حضرات رضی اللہ عنہما ایک دوسرے کی فضیلت بیان فرماتے ؟ یہ واقعہ ان کی باہم محبت کی بہت عمدہ دلیل ہے ۔

امام دارقطنی رحمة ﷲ علیہ نے روایت کیا ہے کہ حضرت عمر رضی ﷲ عنہ نے حضرت علی رضی ﷲ عنہ سے کوئی بات پوچھی جس کا انہوں نے جواب دیا ۔ اس پر حضرت عمر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا ‘ اے ابوالحسن ! میں اس بات سے ﷲ تعالٰی کی پناہ چاہتا ہوں کہ میں ایسے لوگوں میں رہوں جن میں آپ نہ ہوں ۔ (الصواعق المحرقہ صفحہ نمبر ۲۷۲)

اس واقعہ سے بھی اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ حضرت عمر رضی ﷲ عنہ کو حضرت علی رضی ﷲ عنہ سے کس قدر محبت تھی ۔

حضرت عمر رضی ﷲ عنہ امورِ سلطنت کے وقت کسی سے نہیں ملے تھے ۔ آپ کے صاحبزادے عبد ﷲ رضی ﷲ عنہ نے ملاقات کی اجازت طلب کی تو نہیں ملی ۔ اس دوران امام حسن رضی ﷲ عنہ بھی ملاقات کے لیے آگئے ۔ انہوں نے دیکھا کہ ابن عمر رضی ﷲ عنہما کو اجازت نہیں ملی تو مجھے بھی اجازت نہیں ملے گی ۔ یہ سوچ کر واپس جانے لگے ۔ کسی نے حضرت عمر رضی ﷲ عنہ کو اطلاع کر دی تو آپ نے فرمایا‘ انہیں میرے پاس لاؤ۔ جب وہ آئے تو فرمایا‘ آپ نے آنے کی خبر کیوں نہ کی ؟ امام حسن رضی ﷲ عنہ نے کہا‘ میں نے سوچا‘ بہت بیٹے کو اجازت نہیں ملی تو مجھے بھی نہیں ملے گی ۔ آپ نے فرمایا‘ وہ عمر کا بیٹا ہے اور آپ رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے بیٹے ہیں اس لیے آپ اجازت کے زیادہ حقدار ہیں ۔ عمر رضی ﷲ عنہ کو جو عزت ملی ہے وہ ﷲ کے بعد اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور اہلبیت رضی اللہ عنہم کے ذریعے ملی ہے ۔ ایک اور روایت میں ہے کہ آئندہ جب آپ آئیں تو اجازت لینے کی بھی ضرورت نہیں ۔ (الصواعق المحرقہ: ۲۷۲،چشتی)

ایک اور روایت ملاحظہ فرمائیں جس سے سیدنا عمر و علی رضی ﷲ عنہما میں محبت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے ۔ حضرت ابوبکر رضی ﷲ عنہ جب شدید علیل ہو گئے تو آپ نے کھڑکی سے سر مبارک باہر نکال کر صحابہ سے فرمایا‘ اے لوگو! میں نے ایک شخص کو تم پر خلیفہ مقرر کیا ہے کیا تم اس کام سے راضی ہو ؟ ۔ سب لوگوں نے متفق ہو کر کہا‘ اے خلیفہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم! ہم بالکل راضی ہیں ۔ اس پر سیدنا علی رضی ﷲ عنہ کھڑے ہو گئے اور کہا‘وہ شخص اگر عمر رضی ﷲ عنہ نہیں ہیں تو ہم راضی نہیں ہیں ۔ سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ نے فرمایا‘ بیشک وہ عمر ہی ہیں ۔ (تاریخ الخلفاء:۱۵۰‘ عساکر)

اسی طرح امام محمد باقر رضی ﷲ عنہ حضرت جابر انصاری رضی ﷲ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ جب وصال کے بعد حضرت عمر رضی ﷲ عنہ کو غسل دے کر کفن پہنایا گیا تو حضرت علی رضی ﷲ عنہ تشریف لائے اور فرمانے لگے‘ ان پر ﷲ تعالٰی کی رحمت ہو‘ میرے نزدیک تم میں سے کوئی شخص مجھے اس (حضرت عمررضی ﷲ عنہ) سے زیادہ محبوب نہیں کہ میں اس جیسا اعمال نامہ لےکر بارگاہِ الٰہی میں حاضر ہوں ۔ (شیعہ کتاب تلخیص الشافی:۲۱۹‘ مطبوعہ ایران)
اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ان حضرات میں کس قدر پیار و محبت تھی ۔ اور فاروقی تربیت ہی کا نتیجہ تھا کہ جب ایک حاسد شخص نے حضرت عبد ﷲ بن عمر رضی ﷲ عنہما سے حضرت علی رضی ﷲ عنہ کے متعلق سوال کیا تو آپ نے ان کی خوبیاں بیان کیں پھر پوچھا‘ یہ باتیں تجھے بری لگیں؟ اس نے کہا‘ ہاں ۔ آپ نے فرمایا‘ ﷲ تعالٰی تجھے ذلیل و خوار کرے۔ جا دفع ہو اور مجھے نقصان پہنچانے کی جو کوشش کر سکتا ہو کر لے ۔ (صحیح بخاری باب مناقب علی رضی اللہ عنہ)

حضرت عمر رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا‘ ’’قیامت کے دن میرے حسب و نسب کے سوا ہر سلسلۂ نسب منقطع ہو جائے گا’’۔ اسی بنا پر سیدنا عمر رضی ﷲ عنہ نے سیدنا علی رضی ﷲ عنہ سے ان کی صاحبزادی سیدہ اْم کلثوم رضی ﷲ عنہا کا رشتہ مانگ لیا۔ اور ان سے آپ کے ایک فرزند زید رضی ﷲ عنہ پیدا ہوئے ۔

حضرت علی رضی ﷲ عنہ کا یہ ارشاد بھی قابلِ غور ہے‘ آپ فرماتے ہیں کہ ’’ جب تم صالحین کا ذکر کرو تو حضرت عمر رضی ﷲ عنہ کو کبھی فراموش نہ کرو ۔‘‘ (تاریخ الخلفاء: ۱۹۵)

سیدنا علی اور عظمت شیخین رضی اللہ عنہم

سیدنا علی رضی ﷲ عنہ اور حضرات شیخین رضی ﷲ عنہا ایک دوسرے کی خوشی کو اپنی خوشی اور دوسرے کے غم کو اپنا غم سمجھتے تھے ۔ شعیہ عالم ملا باقر مجلسی نے جلا ء العیون صفحہ نمبر ۱۶۸ پر لکھا ہے کہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کا رشتہ مانگنے کے لیے حضرت ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہ نے قائل کیا ۔ اسی کتاب میں مرقوم ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے سیدہ فاطمہ رضی ﷲ عنہا کی شادی کےلیے ضروری سامان خریدنے کے لیے سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ کو ذمہ داری سونپی تھی ۔ اس سے معلوم ہوا کہ سیدنا ابوبکر رضی ﷲ عنہ کو رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے گھریلو معاملات میں بھی خاص قرب حاصل تھا ۔

حضرت ابن عباس رضی ﷲ عنہما سے روایت ہے کہ میں حضرت عمر رضی ﷲ عنہ کی شہادت کے بعد ان کے جسمِ اقدس کے پاس کھڑا تھا کہ ایک صاحب نے میرے پیچھے سے آکر میرے کندھے پر اپنی کہنی رکھی اور فرمایا‘ ﷲتعالٰی آپ پر رحم فرمائے! بے شک مجھے امید ہے کہ ﷲ تعالیٰ آپ کو آپ کے دونوں دوستوں (یعنی حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور ابوبکر صدیق رضی ﷲ عنہ) کا ساتھ عطا کرے گا کیونکہ میں نے بار ہا رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ ’میں تھا اور ابوبکر و عمر‘’میں نے یہ کہا اور ابوبکر و عمر نے‘’میں چلا اور ابوبکر و عمر‘’میں داخل ہوا اور ابوبکر و عمر‘’میں نکلا اور ابوبکر و عمر‘۔ (رضی ﷲ عنہما) میں نے پیچھے مڑ کے دیکھا تو وہ حضرت علی کرم ﷲ وجہہ تھے ۔ (صحیح  بخاری المناقب)(مسلم کتاب الفضائل الصحابہ،چشتی)

اس حدیث پاک سے معلوم ہوا کہ سیدنا علی کرم ﷲ وجہہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے خصوصی قرب ومحبت کے باعث سیدنا ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہما سے دلی محبت رکھتے تھے ۔

ایک شخص نے حضرت علی رضی ﷲ عنہ سے دریافت کیا‘ میں نے خطبہ میں آپ کو یہ فرماتے سنا ہے کہ’’ اے ﷲ! ہم کو ویسی ہی صلاحیت عطا فرما جیسی تو نے ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کو عطا فرمائی تھی‘‘۔ ازراہِ کرم آپ مجھے ان ہدایت یاب خلفائے راشدین کے نام بتا دیں ۔ یہ سن کر حضرت علی رضی ﷲ عنہ آبدیدہ ہو گئے اور فرمایا : وہ میرے دوست ابوبکر اور عمر رضی ﷲ عنہما تھے ۔ ان میں سے ہر ایک ہدایت کا امام اور شیخ الاسلام تھا ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے بعد وہ دونوں قریش کے مقتدیٰ تھے‘ جس شخص نے ان کی پیروی کی وہ ﷲ تعالٰی کی جماعت میں داخل ہو گیا ۔ (تاریخ الخلفاء صفحہ نمبر ۲۶۷،چشتی) ۔ یہی واقعہ شیعہ حضرات کی کتاب تلخیص الشافی جلد ۳ صفحہ ۳۱۸ پر امام جعفر صادق رضی ﷲ عنہ نے امام باقر رضی ﷲ عنہ سے روایت کیا ہے ۔

شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمہ ﷲ فرماتے ہیں‘ یہ بات صحیح روایات سے ثابت اور تواتر سے نقل ہوتی چلی آئی ہے کہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ اپنی خلافت کے زمانے میں اپنے رفقاء کے سامنے حضرت ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہما کی تعریف و توصیف کے ساتھ ساتھ ان کی افضلیت کو برملا اور علانیہ بیان کرتے رہے ہیں ۔ امام ذہبی رحمة ﷲ علیہ نے اسی (80) سے زیادہ حضرات سے صحیح سندوں کے ساتھ ثابت کیا ہے اور صحیح بخاری کے حوالے سے بھی بیان کیا ہے کہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ نے فرمایا‘ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے بعد سب لوگوں سے افضل ترین ابوبکر رضی ﷲ عنہ ہیں پھر عمر رضی ﷲ عنہ ۔ آپ کے صاحبزادے محمد بن حنفیہ رضی ﷲ عنہما نے کہا‘ پھر آپ ؟ تو آپ تو فرمایا‘ میں ایک عام مسلمان ہوں۔(تکمیل الایمان صفحہ نمبر ۱۶۶،چشتی)

سیدنا علی رضی ﷲ عنہ نے انہیں سیدنا ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہ سے افضل کہنے والوں کے لیے درّوں کی سزا تجویز فرمائی ہے‘ شعیہ حضرات کی اسماء الرجال کی معتبر کتاب رجال کشی کا حوالہ ملاحظہ فرمائیں ۔ سفیان ثوری‘ محمد بن سکندر رحہما اللہ علیہما سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت علی رضی ﷲ عنہ کو کوفہ کے منبر پربیٹھے ہوئے دیکھا کہ وہ فرمارہے تھے‘ اگر میرے پاس کوئی ایسا شخص آئے جو مجھے ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہما پر فضیلت دیتا ہوتو میں اس کو ضرور دْرّے لگائوں گا جو کہ بہتان لگانے والے کی سزا ہے ۔ (تکمیل الایمان: ۱۶۶)(سنن دارقطنی)(رجال کشی۳۳۸ مطبوعہ کربلا)

شیعوں کی اسی کتاب میں سیدنا علی رضی ﷲ عنہ کا فتویٰ موجود ہے کہ ’’حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی ﷲ عنہما کی محبت ایمان ہے اور ان کا بغض کفر ہے ۔‘‘ (رجال کشی صفحہ ۳۳۸)

امام احمد رضا خان قادری رحمة ﷲ علیہ فرماتے ہیں‘ محبت علی مرتضٰی رضی ﷲ عنہ کا یہی تقاضا ہے کہ محبوب کہ اطاعت کیجیے (یعنی سیدنا ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہما کو ساری امت سے افضل مانیے) اور خود کو غضب اور اسی کوڑوں کے استحقاق سے بچئے ۔ (اعتقادالاحباب صفحہ نمبر ۵۶،چشتی)

شیعہ حضرات یہ کہہ کر انکار کردیتے ہیں کہ ’’یہ ساری باتیں تقیہ کے طور پر کہی گئی تھیں (أَسْتَغْفِرُ اللّٰه) ۔ یعنی حضرت علی رضی ﷲ عنہ حضرات شیخین کی تعریف محض جان کے خوف اور دشمنوں کے ڈر سے کیا کرتے تھے ۔ اگر ایسا نہ کرتے تو ان کی جان کو خطرہ تھا مگر دلی طور پر حضرت علی رضی ﷲ عنہ حضرات شیخین کے خلاف تھے ۔ شعیوں کے اس بیان میں قطعاً کوئی صداقت نہیں ۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ حضرت علی رضی ﷲ عنہ جو شیرخدا تھے اور مرکز دائرہ حق تھے‘ اتنے بزدل‘ مغلوب اور عاجز ہو گئے تھے کہ وہ حق بیان کرنے سے قاصر رہے اور ساری زندگی خوف وعجز میں گزار دی‘ پھر اسدُﷲِ الغالب کا لقب کیا معنی رکھتا ہے ؟ ۔ (تکمیل الایمان صفحہ ۱۶۷)

سیدنا علی المرتضٰی حیدر کرار رضی ﷲ عنہ سے محبت کا دعویٰ کرنے والے آپ کے یہ ارشاد بھی دل کے کانوں سے سن لیں ۔ حضرت علی رضی ﷲ عنہ فرماتے ہیں‘ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے بعد تمام لوگوں میں ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہ سب سے بہتر ہیں۔ کسی مومن کے دل میں میری محبت اور ابوبکر و عمر رضی ﷲ عنہما کا بغض کبھی یکجا نہیں ہو سکتے ۔ (تاریخ الخلفاء: ۱۲۲‘ معجم الاوسط،چشتی)

صحابہ و اہلبیت رضی اللہ عنہم کی آپس میں محبت : بالخصوص چاروں خلفاء راشدین اور اہلبیت اس قدر مضبوط و مستحکم ، خاندانی و ایمانی رشتوں میں بندھے ہوئے تھے کہ اس تعلق کو کوئی بھی ایک دوسرے سے ختم نہیں کر سکا ۔ خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ اور خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے سسر ہیں ۔ کیونکہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے نکاح میں آئی تھیں ۔ خلیفہ سوم سیدنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اور خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے داماد ہیں ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی دو صاحبزادیاں حضرت ام کلثوم اور حضرت رقیہ رضی اللہ عنہما یکے بعد دیگرے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے نکاح میں آئیں اور خاتون جنت سیدہ حضرت فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا حضرت علی رضی اللہ عنہ کے نکاح میں آئیں ۔ سبحان اللہ !! کیا عالی شان تقسیم ہے کہ دو خلفاء حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے سسر اور دو خلفاء داماد ہیں ۔ جب امُ المومنین حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے نکاح میں آئیں تو ان کے والد حضرت ابو سفیان رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے سسر ہوئے ۔ اس طرح حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ (حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا کے بھائی اور حضرت ابو سفیان کے بیٹے) کے بہنوئی ہوئے ۔

حضرت ام کلثوم اور حضرت رقیہ رضی اللہ عنہما چونکہ حضرت فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی بہنیں تھیں لہٰذا حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہما کی خالہ ہوئیں اور سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ خالو جان ہوئے ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ، حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا اور حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا چونکہ حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہما کے نانا جان حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے نکاح میں آئیں تھیں تو یہ تینوں مقدس خواتین حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہما کی نانیاں ہوئیں ۔ سبحان اللہ !! غور کیجئے صحابہ کرام اور اہلبیت رضی اللہ عنہم اجمعین کو اللہ تعالٰی نے کتنی گہری وابستگی عطا فرمائی ہے ۔ حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا جو حضرت علی رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی ، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی بیٹی اور پیغمبر اسلام کی حقیقی نواسی ہیں ۔

امیر المومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی خواہش تھی کہ ان کی خاندانِ نبوت سے رشتہ داری قائم ہو جائے ، چنانچہ آپ نے اپنی اس خواہش کا اظہار حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کر دیا ۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے آپ کی اس درخواست کو قبول فرما لیا اور اپنی صاحبزادی حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نکاح امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے کر دیا۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے حضرت زید بن عمر رحمة اللہ علیہ ، حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا ہی کے شکم مبارک سے پیدا ہوئے ۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی عمر زیادہ تھی مگر اس کے باوجود حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنی کم عمر بیٹی کا ان سے نکاح کر دیا ۔ یہ واقعہ ان اسلام دشمن قوتوں کے لئے عبرت کا تعزیانہ ہے جو بظاہر اہلبیت رضی اللہ عنہم سے اپنی محبت کا ظاہری دم بھرتے ہیں اور جو حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شان اقدس میں گستاخی کرکے اپنی آخرت کو برباد کرتے ہیں ، اور نعوذ باللہ ان پر سب و شتم کر کے اپنے اعمال کو سیاہ اور داغدار کرتے ہیں ۔ کوئی ان ظالموں سے پوچھے اے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی گستاخی کرنے والو ! تمہارا حضرت علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں کیا خیال ہے۔ جنہوں نے بقول تمہارے ایک غاصب، ظالم اور مرتد سے اپنی کمسن صاحبزادی کا نکاح کر دیا ؟ ذرا سوچئے ! اگر حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نعوذ باللہ ظالم ہوتے تو کیا حضرت علی رضی اللہ عنہ اپنی بیٹی انہیں دیتے ؟ ہرگز نہیں ۔ (مزید حصّہ یازدہم میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...