Tuesday, 2 November 2021

شدت و انتشار پسند کون ؟

 شدت و انتشار  پسند کون ؟

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

محترم قارئینِ کرام : دنیا بھر میں مسلمان مغربی شدت پسندی کا شکار ہیں ، مسلم ممالک میں انفرادی جذبات کا خیال رکھنے کا درس دینے والے مغرب کو ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کی کوئی پروا نہیں ، تسلسل سے گستاخیاں اور ظلم مسلم معاشرے کو شدت پسندی کی طرف دھکیلنے کا بڑا سبب ہے ، نیوزی لینڈ واقعے میں ملوث فرد کے مذہب کو دہشتگردی سے نہیں جوڑا گیا ، لیکن ایک مسلمان کے ردِ عمل سے اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش کی جاتی ہے ، ناروے میں قرآن مجید جلا کر اور فرانس میں حکومتی سطح پر گستاخانہ خاکے شاٸع کر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے والے کو کھلی چھوٹ اور ردِ عمل دینے والوں کو گرفتار کرنا ۔ شدت پسند مغربی دنیا اور مغرب کے غلام حکمرانوں کے دہرے معیار کی بدترین مثال ہے ۔ اسلام اور مسلمانوں کا شدت پسندی سے نہ کبھی تعلق تھا اور نہ رہی رہا ہے مسلمانوں نے جہاں پر بھی خود پر ہوئے ظلم کے خلاف آواز بلند کی اسے مغرب نے دہشتگردی قرار دے کر دنیا میں پروپیگنڈہ کیا اور مسلمانوں کے دفاع و تحفظ کو انتہا پسندی سے مشہور کر کے مغربی عوام کو مسلمانوں سے بدظن کیاگیا آج صورتحال یہ ہے کہ مغرب میں مسلمانوں کےلیے خطرات بڑھ رہے ہیں کبھی برقع کیخلاف مہم تو کبھی مساجد میں گھس کر نمازیوں کو شہید کیا جا رہا ہے ۔ مگر فواد ڈبو جیسے مغرب کے غلاموں کو یہ نظر نہیں آتا ۔


بعض ریاستیں سیکولر ازم کے لبادہ میں زمین پر شیاطین کے ایجنڈے کو ہوا دینے کےلیے کمربستہ رہتی ہیں ۔ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے ۔منافقت ،ظلم وجبر کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی بھاشا بولنے والے مذہبی انتہاپسندی کی سرپرستی کررہے ہیں ۔ ناروے ریاست نے گزشتہ دو عشروں سے اسلام مخالفین کو کھلی آزادی دے رکھی ہے کہ وہ جوچاہے کریں ۔ گزشتہ ہفتے قرآن حکیم کو جلانے اور نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے گستاخانہ خاکے بنانے کی ناپاک جسارت کا اقدام مغربی ریاستوں کی سرپرستی میں ہوا ۔


متعدد سوالات فقیر چشتی کے ذہن میں گردش کر رہے ہیں ۔ ایک سوارب سے زیادہ مسلمان کیوں اسلامی تہذیب ، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ناموس اور قرآنِ حکیم کی حفاظت نہیں کر پا رہے ؟ قرآن ہی کو کیوں جلایا جاتا ہے ؟ مغربی لوگ کیوں اسلام کے خلاف توہین آمیز حرکات کر رہے ہیں ؟ اسلام مخالف قوتوں کا ایجنڈا واضح ہو چکا ہے ۔ مسلم ممالک کی صفوں میں دراڑیں دیکھی جاسکتی ہیں ۔ اسرائیل فلسطینیوں کو بے دخل اور یہودیوں کی آبادی کاری کےلیے کوشاں ہے ، عرب ممالک درپردہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا ارادہ کرچکے ۔ اور پاکستان میں اسراٸیلی اسلحہ سے غلامانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو شہید کیا جا رہا ہے ۔ اسلامو فوبیا اور اسلام مخالف نفرت انگیز تقاریر مغربی بیمار ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں ۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے ۔


قرآن مجید جس عہد اور جس سماج میں نازل ہوا اس کا سب سے تکلیف دہ پہلو لاقانونیت اورمذہبی انتہاپسندی، قتل وغارت اورنسب میں لعن طعن تھا انصاف کا کوئی واضح نظام موجودنہیں تھا کہ جزیرۃ العرب میںباضابطہ کسی حکومت کا وجود نہیں تھا، قبائلی طرز کی حکومتیں قائم تھیں ، وہاں عدل وانصاف کا قائم ہونا ممکن ہی نہیں تھا ایسے ماحول میں اللہ کی آخری کتاب قرآن مجید کے نزول کا آغاز ہوا،اس کتاب میں جو سب سے پہلی آیت نازل ہوئی اس میں علم اور قلم کی اہمیت کو بتایا گیا اور یہ بھی بتایا گیا کہ تمام انسان ایک باپ کی اولاد ہیں یعنی آپس میں بھائی بھائی ہیںاس میں انسانی وحدت کی طرف اشارہ تھا علم انسان کو قانون کا پابند بناتا ہے اور انسانی مساوات کے تصور سے عدل کا جذبہ ابھر تا ہے اور تکریم انسانیت کی فکر پروان چڑھتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے محبوب کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو مبعوث فرما کر جہالت کی بستیوں میں علم کی شمع روشن فرمائی ،مشرکین مکہ نے اس خوشبوکو ختم کرنے کی بے سود کوشش کی جسے اللہ تعالیٰ نے ناکام بنادیا پھر وہ زمانہ آیا جس کی شہادت رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمائی تھی کہ ایک خاتون تنہا اونٹنی پر سوار ہوکر صنعاء یمن سے شام تک کا سفر کرے گی ۔


اسلا م نے اپنے پیرکارو ں کےلیے قاعدہ مقرر کردیا ہے کہ ایک شخص کی غلطی کا بوجھ اور اس کی ذمہ داری دوسرے پر نہیں ڈالی جاسکتی ، قرآن نے ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے،وہ اسباب جو دہشت گردی اورانتہاپسندی کا باعث بنتے ہیں ایسے اسباب پر دستور وضع کیا تاکہ انتہا پسندی اورنفرت معاشرے میں پروان نہ چڑھ سکے جیسے اللہ نے کسی دوسرے مذہب پر تنقید کرنے سے منع کیا کیونکہ اس سے مذہبی منافرت پروان چڑھنے کے اسباب موجود تھے سورہ الانعام میں اللہ تعالیٰ نے کسی دوسرے مذہب کے بارے منفی بات کہنے سے منع کردیا منع اس لیے کیا گیا کہ کوئی گروہ دوسروں کے مذہبی مقتدا اور پیشواؤں کو برا بھلا کہے گا تو وہ اس کے پیشوا کو برا بھلا کہے گا جو نفرت کا باعث بنے گا،یعنی اسلام تو کسی دوسرے مذہب کے خلاف بری بات کرنے سے بھی منع کرتا ہے تو اسلام کا پیروکار قاتل کیسے ہو سکتا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد پاک ہے وہ شخص جو کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کی سزا جہنم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا ۔ اس پر اللہ کا غضب اور لعنت ہے اور اللہ نے اُس کےلیے سخت عذاب مہیا کر رکھا ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایاتمہارے خون، اموال اور عزتیں ایک دوسرے پر حرام ہیں ۔


اسلام اور راہ اعتدال


انسان کا مادی جسم عناصر اربعہ یعنی آگ، پانی، ہوا اور مٹی سے تشکیل پایا ہے، یہ چاروں عناصر جسم میں ایک خاص تناسب کے ساتھ ہمہ قت موجود رہیں تو جسمانی صحت درست رہتی ہے، جونہی ان میں بے اعتدالی پیدا ہوجائے یعنی کسی چیز میں کمی یا زیادتی ہوجائے تو جسم کی سلطنت پر بیماری کا حملہ ہوجاتا ہے، انسانی صحت خراب ہوجاتی ہے۔ حکماء و معالجین اور میڈیکل سائنس جاننے والے ڈاکٹرز بڑی حکمت و دانائی کے ساتھ غذا، دوا اور کبھی دونوں یا پھر صرف پرہیز سے اس چیز کی کمی یا بیشی کو اعتدال پر لاکر علاج کرتے ہیں ۔ اس طریقہ علاج سے انسان کا جسم پھر سے تندرست و توانا ہونا شروع ہوجاتا ہے، بلاتشبیہ و بلامثال ایسا ہی اعتدال انسان کی علمی، عملی، نظری، فکری، روحانی اور باطنی دنیا کو درست رکھنے کے لئے بھی ضروری ہے۔ علم غیر نافع ہی ایسا علم ہے جو انسان کو تند خو، شدت پسند، ہٹ دھرم، اکھڑ مزاج اور ضدی بنادیتا ہے، علم کو غیر ضرر رساں اور نفع بخش بنانے کے لئے اخلاق حسنہ، حلم، تحمل، بردباری، برداشت، عفو و درگزر، ملنساری اور رواداری جیسی روحانی ادویات استعمال کرواکر انسان کو اخلاقی بیماریوں سے بچانے کی کوشش کی جاتی ہے، بعض اوقات صوفیائے کرام کے ہاں ریاضت و مجاہدہ کی بھٹی سے بار بار گزار کر انسان کو صالح معاشرے کے لئے مفید بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ معتدل معاشرہ قائم کرنے کےلیے ان پاک باز ہستیوں کی محنت کے خاطر خواہ نتائج دیکھنے کو ملتے ہیں ۔


اعتدال کی ضرورت و اہمیت


وسعت نظر یقینا وسعت مطالعہ سے پیدا ہوتی ہے۔ عصر حاضر میں اعتدال کی ضرورت و اہمیت میں خاصہ اضافہ ہوگیا کیونکہ بعض تنگ نظر اور ایک ہی مسلک یا نقطہ نظر کو شوق سے پڑھنے والے افراد فریق مخالف کے نقطہ نظر کو سننا پسند کرتے ہیں اور نہ اس کی مجلس میں بیٹھتے ہیں، فتویٰ کی زبان سے اپنی رائے سے اختلاف کرنے والے ہر مخالف شخص کو کافرو مشرک اور منافق جیسے سخت کلمات کہنے سے بھی باز نہیں آتے، اسی بے اعتدالی کی وجہ سے بعض اوقات وہ اپنی فکر میں اس حد تک متشدد ہوجاتے ہیں کہ خود کو ہی صحیح اور حق بجانب خیال کرتے ہیں، خود کو جنتی اور فریق مخالف کوجہنمی، جاہل اور قابل گردن زدنی تصور کرتے ہیں۔ بالآخر یہی سوچ انتہا پسندانہ نظریات کو جنم دیتی ہے، جو ایک اچھے، پرامن اور مثالی معاشرے کی علامت نہیں ہے۔ اگر اس غلط تصور کی تردید نہ کی جائے تو مجلس و محافل قتل گاہ اور میدان جنگ کا منظر پیش کریں گی۔ اللہ تعالیٰ اپنی کرم نوازی سے ہر دور میں ایسے کئی لوگ پیدا کرتا ہے جن کی مخلصانہ کوششوں سے انتہا پسندی کے زور کو مکمل ختم تو نہیں مگر کم ضرور کیا جا سکتا ہے ۔ اس شدید ترین ضرورت کے پیش نظر زیر مطالعہ مختصر مگر تحقیقی مضمون میں اعتدال کے متعلق اسلامی تعلیمات کا ایک مختصر سا جائزہ پیش کیا جارہا ہے ۔ اس کے لغوی اور اصطلاحی معانی بیان کرنے کے بعد قرآن و سنت اسلامی تعلیمات کے بے مثال ورثہ سے اور سلف صالحین کے تذکار جمیلہ سے کچھ مثالیں پیش کی جائیں گی، جس سے نہ صرف شدت پسندی کے طوفان کو روکنے میں مدد ملے گی بلکہ یقینا ہٹ دھرمی پر مبنی سوچ کو تبدیل کرنے کا فائدہ بھی حاصل ہوگا ۔


لغوی و اصطلاحی معانی


اعتدال عدل (ع دل) سے مشتق ہے، جو باب افتعال کا مصدر ہے، جس کے معانی لغت عرب میں انصاف، پیمانہ یا سیدھا معاملہ امر معتدل یعنی دو حالتوں میں سے متوسط حال اختیار کرنا۔(المنجد دارالاشاعت اردو بازار کراچی، تاريخ اشاعت جولائی 1975ء)

وَالْاِعْتِدَالُ تَوَسُّطُ حَالٍ بَيْنَ حَالَيْنِ فِيْ کَمٍ اَوْ کَيْفٍ وَکُلُّ مَا تَنَاسَبَ فَقَدْ اِعْتَدَلَ ۔ (ترتيب القاموس المحيط، ج الثالث، ص172، الظاهر احمد الزاوی دارالفکر،چشتی)

کسی چیز کی کمیت اور کیفیت کی دونوں حالتوں میں سے درمیانی حالت کو اختیار کرنا اور ہر چیز کا تناسب قائم کرنا اعتدال کہلاتا ہے ۔


کلمہ عدل قرآن میں


1۔ قرآن مجید میں عدل کا کلمہ تقریباً 28 دفعہ مصدر، ماضی، مضارع اور امر کے صیغوں میں استعمال ہوا ہے۔ عدل کے معانی کی وضاحت کے لئے درج ذیل سطور میں مشتے از خروارے چند قرآنی آیات پیش کی جارہی ہیں۔

الف۔ سورہ النساء میں نکاح مسنون کی تعداد چار تک بیان کی گئی ہے، تمام بیویوں کے حقوق مساویانہ ادا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے عدل کی شرط لگائی ہے :

فَاِنْ خِفْتُمْ اَلاَّ تَعْدِلُوْا فَوَاحِدَةً

(النساء، 4 : 3)

"پھر اگر تمہیں یہ خطرہ ہو کہ تم (ان میں) انصاف نہ کرسکو گے تو (صرف) ایک سے نکاح کرو"۔

ب۔ لین دین اور تجارت کے معاملات کو شفاف رکھنے اور جھگڑے سے بچنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے تحریری دستاویز تیار کرنے کا حکم دیا تو اس وقت بھی لکھنے اور لکھانے والوں کو عدل کی ہی تعلیم ارشاد فرمائی ہے :

ج. وَلْيَکْتُبْ بَّيْنَکُمْ کَاتِبٌم بِالْعَدْلِ.

(البقرة، 2 : 282)

"اور تمہارے درمیان کسی کاتب کو عدل کے ساتھ دستاویز لکھنی چاہئے"۔

اس کے علاوہ قرآن پاک میں قسط کا کلمہ بھی عدل کے معانی میں استعمال ہوا ہے۔

د. فَاِنْ فَآئَ تْ فَاَصْلِحُوْا بَيْنَهُمَا بِالْعَدْلِ وَاَقْسِطُوْاط اِنَّ اﷲَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِيْنَ.

"پھر اگر وہ اللہ کے (حکم کی طرف) رجوع کرلے تو ان میں عدل کے ساتھ صلح کرادو اور انصاف سے کام لو، بے شک اللہ انصاف سے کام کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے"۔ (سورہ الحجرات ، 49 : 9)


کلمہ اعتدال احادیث مبارکہ میں


قرآن مجید کی طرح اعتدال کا کلمہ احادیث مبارکہ میں بھی سیدھا ہونا اور ٹھیک ہونے کے معانی میں استعمال ہوا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے درج ذیل حدیث مبارکہ میں نماز باجماعت کے وقت صفوں کے ٹھیک اور معتدل ہونے کی اہمیت کو یوں بیان فرمایا ہے :

1. فَاِنَّ اِعْتِدَالَ الصَّفُوْفِ مِنْ تَمَامِ الصَّلاةِ ۔  (الموطا ، رواية يحيیٰ الليثی (1/104) کتاب الجمعة باب ماجاء فی الانصات يوم الجمعة والامام يخطب، 234،چشتی)

"بے شک صفوں کا اعتدال (سیدھا ہونا) نماز کے مکمل ہونے کی نشانی ہے"۔


فقہائے کرام کا طرز اعتدال


علم کے جس شعبہ میں دین اسلام کی روشنی میں روزمرہ کے سیاسی، معاشی، عائلی اور معاشرتی مسائل کی وضاحت کی جاتی ہے اور پیش آنے والے نت نئے مسائل کا حل معلوم کیا جاتا ہے اس کو علم فقہ کہتے ہیں اور ان کی تشریح کرنے والوں کو فقہائے کرام کہا جاتا ہے۔ ان فقہائے اسلامی کی وسعت ظرفی کا یہ عالم ہے کہ ان کے درمیان حلال و حرام تک کا اصولی اور علمی اختلاف موجود ہے۔ یعنی ایک فقیہ ایک چیز کو دلیل کی بنا پر حلال کہتا ہے، دوسرا اسی چیز کو دلیل کی بناء پر ہی حرام قرار دیتا ہے، کتب فقہ میں ہر صفحہ پر اس اختلاف کی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ اسی اختلاف کی بناء پر فقہ مالکی، فقہ حنفی، فقہ شافعی، فقہ حنبلی اور فقہ جعفری وجود میں آئی ہیں۔ یہ ذہن انسانی کے تنوع کی دلیل بھی ہے، اس علمی تنوع کو خوشی سے قبول کرنا قلبی وسعت کی نشانی ہے لیکن قابل غور اور لائق توجہ امر یہ ہے کہ اس علمی و فقہی اختلاف کے باوجود ان کے مابین کوئی تنازع اور تصادم نہیں ہے، ان کے مابین جملہ علمی آداب کا پاس کیا جاتا ہے اور بے حد احترام آدمیت کا خیال رکھا جاتا ہے۔ وہ ایک دوسرے کو دلیل شرعی کی بنا پر رائے کے اختلاف کی وجہ سے کافر قرار نہیں دیتے بلکہ وہ اپنی دلیل اور نکتہ نظر کو از حد درست اور صحیح خیال کرنے کے باوجود اس میں غلطی ہونے کا امکان موجود سمجھتے ہیں، صحیح دلیل شرعی معلوم ہوجانے کے بعد ہٹ دھرمی کی راہ اختیار نہیں کرتے بلکہ شرح صدر کے ساتھ اپنی رائے سے رجوع بھی کرلیتے ہیں۔ یہ ان فقہائے کرام کے معتدل مزاج، وسیع النظر اور صاحب بصیرت ہونے کی دلیل ہے۔ فقہ شافعی کے بانی امام محمد بن ادریس الشافعی (م204ھ) اکثر و بیشتر کہا کرتے تھے کہ :

رَاْيِی صَوَابٌ يَحْتَمِلُ الْخَطَاءُ، وَرَائْ غَيْرِيْ خَطَاءٌ يَحْتَمِلُ الصَّوَابُ ۔ (تاريخ المذاهب الاسلاميه، محمد ابوزهره، دارالفکر للطباعة والنشر، 1/18)

"میری رائے درست لیکن غلطی کا احتمال رکھتی ہے جب کہ میرے غیر کی رائے غلط لیکن درستگی کا احتمال رکھتی ہے" ۔


اعتدال پسندی کی اعلیٰ مثال


یہ فقہائے کرام قلبی طور پر اس قدر اعتدال پسند اور رواداری کے اخلاقی اصول پر عمل کرنے والے تھے کہ علم فقہ کے بانی ہونے کا عجب و غرور اور نخوت و تکبر ان کے نزدیک تک نہ پھٹکتا تھا، ان کی ردائے باطن کو میلا تک نہیں ہونے دیتا تھا۔ امام محمد ادریس الشافعی (م 204ھ) جب اپنے دادا استاد امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت (م150) کے مزار پرانوار پر شہر بغداد کے محلہ اعظمیہ میں حاضری اور دعا کے لئے گئے تو آپ نے وہاں اپنی فقہ کے مطابق نماز میں رفع یدین نہیں کیا۔ جب ان کے تلامذہ نے بعد میں ان سے نماز میں رفع یدین نہ کرنے کی وجہ دریافت کی تو آپ نے فرمایا : مجھے اپنے دادا استاد کے پاس اپنی فقہ کے مطابق رفع یدین کرتے ہوئے شرم آتی ہے ۔ (مناقب امام اعظم ابوحنيفة، مصنف مولانا عبدالرزاق بهترالوی ص41 ناشر مکتبه لاثانيه لاهور،چشتی)

یہ امام شافعی کی اعتدال پسندی اور وسعت ظرفی کی اعلیٰ مثال ہے۔ وہ عملی طور یہ سمجھتے ہیں، اس کے باوجود کہ میں رفع یدین کرنے کے نکتہ نظر میں حق بجانب ہوں لیکن میرے اس اصولی اجتہاد میں معمولی سی خطا کا امکان موجود ہے۔ وہ امام اعظم سے دلیل کی بنیاد پر اختلاف رائے کو انا کا مسئلہ نہیں بناتے بلکہ عملی طور پر اگر اپنی رائے کے خلاف بھی دوسرے کو کبھی ترجیح دینے کا موقع آجائے تو اس پر عمل کرتے ہوئے شرم محسوس نہیں کرتے ہیں۔ اس سے ان کے ایک مستقل فقہی نکتہ نظر الشافعی کے بانی ہونے اور ان کے فقہی مقام و مرتبے میں کوئی کمی واقع نہیں ہوتی ۔


اعتدال کا سبب


اگر معمولی سا غور کرلیا جائے تو یہ عقدہ بڑی آسانی سے سمجھ آجاتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فقہی اور فروعی مسائل میں اجتہادی رائے کو خطاء کے باوجود بھی ایک صواب کا مستحق قرار دیا ہے جبکہ صحیح اور صائب رائے کو دو اجروں کا مستحق قرار دیا ہے۔ اس سے یہ راز منکشف ہوتا ہے کہ دین میں سوچ و بچار اور نیک نیتی سے کوشش کسی سطح پر بھی کی جائے وہ عنداللہ (اللہ کے نزدیک) اجرو ثواب کی مستحق ہوتی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے :

اِذَا اِجْتَهَدَ الحَاکِمُ فَاَصابَ فَلَه اَجْرَانِ وَاِنْ اَخْطَاءَ فَلَه اَجْرٌ وَّاحِدٌ ۔ (صحيح مسلم کتاب الاقضية، باب بيان الاجر الحاکم اذا اجتهد فاصاب او اخطاء، حديث نمبر1716،چشتی)

"جب حاکم اجتہاد کرے اور اس میں درست نتیجے کو پہنچے تو اس کے لئے دو اجر ہیں اور اگر غلطی کرجائے تو اس کے لئے ایک اجر ہے"۔

اس حدیث پاک کو اگر غور سے پڑھا جائے تو اس کا بہت بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ جن مسائل میں قرآن و سنت کی کوئی رائے صاف معلوم نہ ہورہی ہو تو ان دو بڑے مآخذ شرعیہ کی روشنی میں مجتہدین مقاصد شرعیہ کو سامنے رکھتے ہوئے کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، اس طرح ان کا وقت خدمت خلق میں بسر ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے اجرو ثواب بھی نصیب ہوتا ہے اور طبیعت میں اعتدال قائم رہتا ہے، یہ فقہائے کرام اپنی رائے قائم کرتے ہوئے یہ بھی سوچتے ہیں کہ جس طرح میں نے اس امر شرعی میں کوشش کی ہے، اسی طرح دوسرے فقیہ نے بھی اجتہاد کیا ہے، جس کے نتیجے میں اس نے بھی ایک رائے قائم کی ہے۔ یقینا نظر و فکر کے اس انداز سے ہٹ دھرمی کا خاتمہ ہوگا، نظر و فکر میں وسعت پیدا ہوگی، برداشت کی صفت آئے گی اور مسائل شرعیہ میں غوروخوض اور اجتہاد کی نئی راہیں بھی کھل جائیں گی ۔


بے اعتدالی زیادتی ہے


قرآن مجید میں کئی مقامات پر اللہ تعالیٰ کے دشمنوں سے قتال اور جنگ کرنے کا حکم دیا گیا جو جہاد کی ایک اعلیٰ قسم ہے، اللہ کریم نے قتال جیسے غیظ و غضب کے ماحول میں بھی اخلاقی اقدار کے ملحوظ خاطر رکھنے کا یعنی دشمن پر زیادتی کرنے سے منع فرمایا کیونکہ یہ اعتدال کے خلاف ہے اور اللہ تعالیٰ اعتدال سے ہٹ جانے والوں اور زیادتی کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا ہے۔ ارشاد خداوندی ہے :

وَقَاتِلُوْا فِيْ سَبِيْلِ اﷲِ الَّذِيْنَ يُقَاتِلُوْنَکُمْ وَلَا تَعْتَدُوْاط اِنَّ اﷲَ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِيْنَ.

"اور اﷲ کی راہ میں ان سے (دفاعاً) جنگ کرو جو تم پر جنگ مسلط کرتے ہیں (ہاں) مگر حد سے نہ بڑھو، بے شک اﷲ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں فرماتا"۔ (سورہ البقرة : 190)


تبلیغ دین اور اعتدال


اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کو دین دعوت بنایا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی امت شرق و غرب کے تمام بے دینوں اور غیر مسلموں کو اس الہامی دین کو قبول کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ دعوت قبول کرنے والوں میں ہر انسان یعنی یہودی، نصرانی، ہندو، سکھ، مجوسی اور دہریے جیسے لوگ بھی شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس دین کو پہنچانے کا جو طریقہ اختیارکرنے کا حکم دیا۔ قرآن مجید کی درج ذیل آیت میں حکمت اور دانائی یعنی اعتدال کو قائم رکھنے کا اولین حکم فرمایا، اچھی نصیحت اور دلائل کا تذکرہ بعد میں فرمایا :

اُدْعُ اِلٰی سَبِيْلِ رَبِّکَ بِالْحِکْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ وَجَادِلْهُمْ بِالَّتِيْ هِيَ اَحْسَنُ۔(سورہ النحل : 125)

"آپ اپنے رب کی راہ کی طرف دعوت دیجئے حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ اور ان سے بحث بھی اچھے دلائل کے ساتھ کرو"۔


اعتدال اور صوفیائے کرام


تاریخ اسلام میں انسانیت کے جس گروہ میں سب سے زیادہ اعتدال پایا جاتا ہے وہ صوفیائے کرام ہیں کیونکہ وہ مجاہدہ نفس کے ذریعے طبیعت کے شرپسندانہ عناصر کو ختم کرنے کی کامیاب کوشش کرتے ہیں۔ علم نافع کی کوشش جاری رکھتے ہیں، اپنے سمیت سب کو علم غیر نافع کے نقصانات و حجابات سے بچنے کی ترغیب دیتے ہیں، طبیعتوں میں اعتدال پیدا کرنے کے لئے عبادت و ریاضت میں کثرت، احترام آدمیت کے درس کے ساتھ کم خوری کو عادت ثانیہ بناتے ہیں، علمی و فقہی اختلافات کو لفظی نزاع تصور کرکے بات کو طول دینے سے احتراز کرتے ہیں، وصلِ الہٰی کے لئے ہٹ دھرمی اور تصادم و تخاصم کو حجاب سمجھتے ہیں، خواہ وہ علمی ہی کیوں نہ ہو کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ تمام فقہی مسالک اور ان کا مت مسلمہ میں معمول جاری رہنا اور امت مسلمہ کا ایک متعدد حصے کا ان کی فقہ کو قبول کرنا ہی ان کے حسن نیت اور مقبول سعی کی علامت ہے ۔


عدم اعتدال کے نقصانات و نتائج


بے اعتدالی نے عصر حاضر میں فرقہ واریت کا جو طوفان بدتمیزی بپا کیا ہے، اس نے باہمی نفرتوں کو جنم دیا ہے، باہمی محبتوں کا جنازہ نکال دیا ہے، یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہر شخص اپنے مسلکی مخالف پر سنگ باری کرنا اپنا فرض منصبی سمجھ رہا ہے، خواہ وہ لفظوں سے ہو یا پتھروں سے، ڈنڈے سے ہویا گولی سے۔ تاریخ اسلام کی ورق گردانی کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ سقوط بغداد اور زوال امت مسلمہ کی دیگر وجوہات میں سے ایک وجہ شیعہ سنی فسادات بھی تھے، اس سے معلوم ہوا انتشار و افتراق اقوام کو ریت کی دیوار کی طرح گرادیتا ہے، جو قوم منفی سوچ اور خود پسندی کی دلدل میں پھنس جائے، وہ ہمچو مادیگرے نیست کی لاعلاج مرض میں مبتلا ہوجاتی ہے، جس کے بڑے بھیانک نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ قومی معیشت زوال پذیر ہوجاتی ہے، اخلاقی اقدار معاشرے سے عنقا ہوجاتی ہیں، مجموعی حیثیت سے قوم انحطاط کا شکار ہوجاتی ہے، ہر شعبہ زندگی اس سے متاثر ہوتا ہے، قوم کا قیمتی سرمایہ یعنی وقت ضائع ہوتا ہے پھر قوم کو جانی و مالی نقصان سے کوئی بچا نہیں سکتا، معاشرتی امن و امان تباہ ہوجاتا ہے۔ ہر طرف جنگل کا قانون نظر آتا ہے، اصولوں کی کوئی پاسداری نہیں ہوتی۔ عدم اعتدالی کے نقصانات کا اگر دیانت داری سے تجزیہ کیا جائے تو ہر گلی اور محلہ جنگ کا نقشہ پیش کرے گا، ہر طرف سے الامان والحفیظ کی صدائیں بلند ہوں گی۔

بے اعتدالی سے حفاظت کیسے؟

بے اعتدالی کے نقصانات سے محفوظ رہنے کے لئے درج ذیل سطور میں چند قابل عمل تجاویز پیش کی جارہی ہیں، جن پر پُرخلوص طریقے سے عمل کرنے سے ہم بہت بڑے خطرات سے بچ سکتے ہیں۔

ہر سطح پر تعلیم کو عام کیا جائے۔

انسانی شعور کو بیدار کیا جائے۔

اپنے اندر حوصلہ اور برداشت کی اخلاقی صفات پیدا کی جائیں۔

صرف مسلکی بنیاد پر کافرو مشرک کہنے کی مذمت کی جائے۔

ہر دوسرے شخص میں اچھی صفات تلاش کی جائیں۔

فرقہ ورایت پیدا کرنے والے لٹریچر پر پابندی لگائی جائے۔

تبلیغی و اصلاحی پروگراموں کے لئے اندرونی سپیکر استعمال کئے جائیں۔

جملہ مشاہیر اسلام پر طعن و تشنیع کی زبان بند کی جائے۔

حکومت وقت در پردہ یا کھلم کھلا کسی مسلک کی سپورٹ نہ کرے۔

وعظ و بیان کے لئے مشترکہ اخلاقی عنوانات کو تجویز کیا جائے۔

تمام مسالک اصلاح معاشرہ کے لئے مثبت کردار ادا کریں۔

اپنی ذات سے ہر اچھے کام کا آغاز کردیا جائے۔

خلاصہ

خلاصہ کلام یہ ہے کہ قرآن مجید نے اعتدال کو نہ صرف پسند کیا ہے بلکہ کافروں کے باطل خداؤں یعنی بتوں کو گالیاں دینے سے بھی منع کیا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ راہ اعتدال سے ہٹ کر اور ضد میں آکر مسلمانوں کے سچے واحد خدا کو ہی برا بھلا نہ کہنا شروع کردیں۔

وَلاَ تَسُبُّوا الَّذِيْنَ يَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اﷲِ فَيَسُبُّوا اﷲََ عَدْوًم ا بِغَيْرِ عِلْمٍ.

(الانعام، 6 : 108)

"اور اللہ کے سوا جن کی یہ پرستش کرتے ہیں تم انہیں برا بھلا نہ کہو (ایسا نہ ہو کہ) وہ بھی اللہ کو زیادتی کرتے ہوئے جہالت سے برا بھلا کہنے لگیں"۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے علم و عمل اور عبادت و ریاضت کے ہر شعبے میں ہمیشہ اعتدال کی راہ اختیار کی ہے۔ صحابہ کرام علیہم الرضوان نے بھی نبی اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اعمال و افعال اور اقوال و گفتار سے اعتدال کو نہ صرف پسند کیا بلکہ عمل کرکے دائمی سرخروئی حاصل کی ہے۔ فقہائے کرام نے دلیل کی بنیاد پر باہمی اختلاف کے باوجود اعتدال کی اخلاقی صفت کو کبھی نظر انداز نہیں کیا، بلکہ ہر ممکن اس پر عمل کیا ہے ۔ صالحین و عابدین نے بھی علمی و عملی اور معاشی و معاشرتی زندگی میں، میانہ روی، اخلاقی اقدار، رواداری، برداشت اور اعتدال کے راستے پر عمل کیا ہے جو ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ جملہ شعبہ ہائے زندگی میں ہر شخص کے لئے اس پر عمل کرنے میں ہی عافیت اور سلامتی ہے، قوم و ملک سے لے کر خاندان کے ہر فرد کے نظم وضبط تک ہر چیز کو سلیقے سے چلانے اور برقرار رکھنے کے لئے یہ لازمی امر ہے۔ تجارتی اور معاشرتی معاملات کو خوبصورتی سے نپٹانے کے لئے اعتدال ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے۔ ہر جگہ پر اس کی افادیت سے سر مو انکار و انحراف کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ الغرض نظم کائنات کو صحیح رکھنے کا واحد ذریعہ اعتدال ہے ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...