Wednesday, 13 June 2018

آرٹیفشل جیولیری پہننے کا شرعی حکم

آرٹیفشل جیولیری پہننے کا شرعی حکم

ہماری ایک محترمہ بہن نے سوال بھیجا کہ آرٹیفشل جیولیری پہننے کا شرعی حکم کیا ہے اور اسے پہن کر نماز پڑھنا کیسا ہے سو اس کا مختصر جواب حاضر خدمت ہے

محترم قارئین : فی زمانہ عرف وتعامل کی وجہ ’’آرٹیفشل جیولری‘‘کاپہنناعورتوں کے لئے جائز ہے اورمردوں کے لئے سوائے چاندی کی ایک نگ والی انگوٹھی جوایک مثقال سے کم ہوکے علاوہ ہرقسم کی دھات کازیورناجائزوحرام ہے۔امام اہل سنت امام احمدرضاخان علیہ رحمۃ الرحمن نے جس حدیث پاک میں عموم علت کا عتبار کرتے ہوئے مردوں اورعورتوں کیلئے ممانعت بیان کی اس میں’’عرف وتعامل ‘‘کی بناء پرتخصیص کریں گے جس سے عورتوں کاجوازاورمردوں کاعدم جوازباقی رہے گاکیونکہ عرف وتعامل ایسے قواعدشرعیہ ہیں جن کے ساتھ نص میں تخصیص کر ناجائز ہے : قال النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم لرجل علیہ خاتم من شبہ مالی اجدمنک ریح الاصنام فطرحہ ثم جاء وعلیہ خاتم من حدیدفقال مالی اری علیک حلیۃ اہل النارفطرحہ فقال یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم من ای شیء اتخذہ ؟ قال :من ورق ولاتتمہ مثقالاً‘‘یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے اس مردکوجس نے پیتل کی انگوٹھی پہن رکھی تھی ‘فرمایا :’’کیابات ہے کہ میں تم سے بتوں کی بو پا تاہوں ؟ اس نے وہ انگوٹھی اتاردی ، پھرآیاتولوہے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی ۔حضورصلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا:’’کیابات ہے کہ میں تم پرجہنمیوں کا زیور دیکھ رہاہوں تواس نے وہ بھی اتاردی اورعرض کیا ، یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم میں کس چیزکی انگوٹھی بناؤں؟توحضورصلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے ارشاد فرمایا : ’’چاندی کی انگوٹھی بناؤاورایک مثقال (ساڑھے چارماشے)پورانہ کرنا‘‘۔(مشکوٰۃ، ص:۳۹۱،مطبوعہ رحمانیہ کتب خانہ لاہور پاکستان،چشتی)

اس حدیث سے امام اہل سنت امام احمدرضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ نے مردوعورت دونوں کی حرمت ثابت کی ہے۔جیساکہ آپ فرماتے ہیں : ’’چاندی سونے کے سوا،لوہے،پیتل،رانگ کازیورعورتوں کوبھی مباح نہیں،چہ جائیکہ مردوں کے لئے ‘‘۔ (فتاویٰ رضویہ،ج۲۲،ص:۱۵۳ رضافاؤنڈیشن ،لاہور)

علامہ شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ’’یعنی لوہے ،پیتل ،تانبے اورقلعی کی انگوٹھی مردوں اورعورتوں کوپہننامکروہ ہے ۔ (شامی،ج:۹،ص:۵۱۸فصل فی اللبس)

لیکن چونکہ آرٹیفشل جیولری پرعرف وتعامل ہوچکا ہے کہ ہرعام وخاص ، امیر و غریب ، عوام و علمائے کرام کی عورتیں استعمال کرتی ہیں، لہٰذا عرف و تعامل کا اعتبارکرکے نص کی تخصیص مردوں کے ساتھ کریں گے اورعورتوں کیلئے حکم جواز ہوگا ۔

علامہ شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :’’ان العرف معتبران کان عاماً فان العرف العام یصلح مخصصاً کمامرعن التحریرویترک بہ القیاس ‘‘یعنی بے شک عرف معتبرہوتاہے اگرعام ہوکیونکہ عام تخصیص (فی النص)کی صلاحیت رکھتاہے ،جیسا کہ تحریر کے حوالے سے گزرا اور اس کی وجہ سے قیاس کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔(رسائل ابن عابدین،جز۲،ص:۱۱۶،چشتی)
دوسری جگہ کچھ وضاحت کے ساتھ فرماتے ہیں:’’قال فی الذخیرۃ فی الفصل الثامن من الاجارات فی مسئلۃ مالودفع الی حائک غزلاًینسجہ بالثلث ومشائخ بلخ کنصیربن یحیٰ ومحمدبن سلمۃ وغیرہماکانوایجیزون ہٰذہ الاجارۃفی الثیاب لتعامل اہل بلدہم فی الثیاب والتعامل حجۃ یترک بہ القیاس ویخص بہ الاثروتجویزہٰذہ الاجارۃ فی الثیاب للتعامل بمعنیٰ تخصیص النص الذی وردفی قفیزالطحان لان النص وردفی قفیزالطحان لافی الحائک نظیرہ فیکون وارداًفیہ دلالۃ فمتیٰ ترکناالعمل بدلالۃ ہذہ النص فی الحائک وعملنابالنص فی قفیزالطحان کان تخصیصاًلاترکاًاصلاًوتخصیص النص بالتعامل جائزًا الاتری اناجوزناالاستصناع للتعامل والاستصناع بیع مالیس عندہ الانسان لاترک للنص اصلاً لاناعملنابالنص فی غیرالاستصناع ‘‘یعنی ذخیرہ میں کتاب الاجارہ کی آٹھویں فصل میں جہاں پہ یہ مسئلہ بیان ہواہے کہ کسی کو کاتنے کیلئے سوت دیااوراس کی اجرت اسی کپڑے کی تہائی مقررکی،بلخ کے مشائخ مثل نصیربن یحییٰ اورمحمدبن سلمہ وغیرہمانے کپڑے کے اس اجارے کوجائزقراردیاہے کیونکہ ان کے علاقے میں اس کاتعامل ہے اورتعامل ایک ایسی حجت ہے جس کی وجہ سے قیاس کوبھی چھوڑدیاجاتاہے اورروایت میں تخصیص کردی جاتی ہے اورکپڑوں کی بنائی میں تعامل کی وجہ سے اس اجارہ کوجائزقرار دینے کامطلب اس حدیث میں تخصیص کرناہے جوقفیزطحان کے بارے میں واردہوئی کیونکہ وہ نص قفیزطحان کے بارے میں واردہوئی تھی نہ کہ حائک کے بارے میں (حائک )اس کی نظیرہے اس لئے وہ دلالۃً اس کے بارے میں بھی ہوگی پھرجب ہم نے کپڑابننے والے کے بارے میں اس حدیث پرعمل نہیں کیا اورآٹاپیسنے والے کے پیمانے (قفیزطحان)کے بارے میں اس حدیث پرعمل کیاتویہ حدیث کی تخصیص ہوئی حدیث کوچھوڑنانہ ہوااورتعامل کی وجہ سے حدیث کی تخصیص کرناجائز ہے کیاتونے نہ دیکھاکہ ہم نے استصناع کوجائزقراردیاحالانکہ اس میں ایسی چیزکوبیچاجاتاہے جوبائع کے پاس نہیں ہوتی اورایسی بیع کرنے کی حدیث میں ممانعت آئی ہے اوراستصناع کوتعامل کی وجہ سے جائزقراردینااس حدیث میں تخصیص کرناہے جواس چیزکی بیع کی ممانعت کے بارے میں واردہوئی تھی جوانسان کے پاس موجودنہ ہوتواس سے حدیث کو چھوڑنا نہیں ہے کیونکہ ہم اس حدیث پراستصناع کے علاوہ دوسری چیزوں میں عمل کرتے ہیں‘‘۔ (شرح عقودرسم المفتی ،ص:۴۰،چشتی)

امام اہل سنت امام احمدرضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ’’علماء کرام جس کوعرف فرماتے ہیں وہ قیاس پر قاضی ہے اورنص اس سے متروک نہ ہوگا مخصوص ہوسکتاہ ے وہ یہی عرف حادث شائع ہے کہ بلادکثیرہ میں بکثرت رائج ہو‘‘۔ (فتاویٰ رضویہ ،ج:۱۹،ص:۶۰۶،رضافاؤنڈیشن لاہور)

اس کے علاوہ علمائے کرام نے ان کے جوازکی صراحت بھی کردی ہے ’’عالمگیری ‘‘میں ہے:’’لابأس للنساء بتعلیق الخرزفی شعورہن من صفراء اونحاس اوشبہ اوحدیدونحوہماللزینۃ ولسوارمنہا‘‘یعنی،’’ عورت کازینت کی وجہ سے ،پیتل ،تانبے یالوہے وغیرہ کی چٹیابناکربالوں میں لٹکانایاان کے کنگن بناکرپہننااس میں کوئی حرج نہیں ہے ‘‘۔ (عالمگیری،ج:۵،ص:۴۳۹مکتبہ قدیمی کتب خانہ کراچی) ۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ فی زمانہ عورتوں کے لئے آرٹیفیشل زیورات پہننا جائز اور اسے پہن کر نماز جائز ہے اس میں کوئی خرابی نہیں ہے۔(طالب دعا ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...