Wednesday 7 September 2016

حضورصلی اللہ علیہ و علیٰ آلہ و صحبہ وسلم کے بول وبراز کے استعمال ہونے پر ملحدین و مستشرقین کے اعتراضات کے جوابات

1 comments
ملحدین کی سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام کے خلاف کی گئی یلغار شاید اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اسلامی عقائد، قرآن، حدیث ، سیرت، تاریخ پر اعتراضات، مغالطے ، وساوس عام ہیں، جس سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہورہی ہے ۔
زیر بحث اعتراض بھی ملحدین و مستشرقین کی کم علمی اور مذہب اسلام و انبیاء کرام علیہم السلام سے حسد و بغض کا منہ بولتا ثبوت ہے ہے جس کا جواب آپ ملاحظہ فرمائیں گے

اس میں کوئی شک نہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ تمام مخلوق میں سے سے افضل ہیں اسی لئے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بول وبراز بھی عام انسان کی طرح ناپاک و نقصان دہ نہیں ان میں بھی شفا ہے اور جب حقائق کی روشنی میں واضع ہوتا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بول وبراز میں شفا اور پاک ہیں تو پھر ملحدین و مستشرقین کا اس پر اعتراض کرنا ہی فضول
اب ہم آپ کو احادیث کی روشنی میں حضور ﷺ کے بول وبراز پاک و طاہر اور شفاء یافتہ ہونے کے ثبوت پیش کریں گے

حضور ﷺ کے بول وبراز مبارک و جمیع فضلات شریفہ
کا طیب وطاہر اور پاک ہونا

ایک مرتبہ حضور ﷺ رات کو اُٹھے ایک برتن میں پیشاب فرمایا حضور ﷺ کی ایک خادمہ جن کا نام اُم ایمن یا برکہ ہے وہ فرماتی ہیں کہ مجھے پیاس لگی تو میں نے پانی سمجھ کر حضور ﷺ کا پیشاب مبارک پی لیا، صبح کو حضور ﷺ نے دریافت فرمایا تو میں نے عرض کیا کہ حضور وہ میں نے پی لیا، حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے فرمایا کہ تجھے کبھی پیٹ کی بیماری نہ ہوگی۔
(نسیم الریاض شرح شفاء قاضی عیاض، جلد۱، ص۴۴۸، ۴۴۹)
محدثین کرام ملا علی قاری، علامہ شہاب الدین خفاجی نے فرمایا کہ یہ حدیث بخاری ومسلم کی شرط پر صحیح ہے اور اسی لئے دارقطنی محدّث نے امام بخاری اور امام مسلم پر الزام عائد کیا کہ جب یہ حدیث بخاری ومسلم کی شرط کے موافق صحیح تھی تو انہوں نے اس کو اپنی صحیحین میں کیوں درج نہ کیا، اگرچہ یہ الزام صحیح نہیں اس لئے کہ شیخین نے کبھی اس بات کا التزام نہیں کیا کہ جو حدیث ہماری مقرر کی ہوئی شرط پر صحیح ہوگی ہم ضرور اس کو اپنی صحیحین میں لائیں گے، لیکن دارقطنی کے اس الزام سے یہ بات ضرور ثابت ہوگئی کہ یہ حدیث علی شرط الشیخین صحیح ہے۔
(دیکھئے نسیم الریاض، جلد۱، ص۴۴۸ اور شرح شفاء ملا علی قاری، جلد۱، صفحہ ۱۶۳)
اس حدیث سے اور اسی مضمون کی دیگر احادیثِ صحیحہ سے جلیل القدر ائمہ دین اور اعلام اُمت محدثین کرام اور فقہاء نے حضور ﷺ کے بول مبارک بلکہ جمیع فضلات شریفہ کی طہارت کا قول کیا جیسا کہ بالتفصیل عبارات نقل کی جائیں گی بلکہ بعض روایات حضرات محدثین وشارحین کرام نے اس مضمون میں وارد فرمائی ہیں کہ حضور ﷺ کا بول وبراز مبارک مشک وعنبرسے زیادہ خوشبودار تھا چنانچہ ملا علی قاری رحمۃ ﷲ تعالی علیہ شرح شفاء میں حسب ذیل روایت نقل فرماتے ہیں :
(۱) وروی ان رجلًا قال رایت النبی ﷺ أبعد فی المذھب فلما خرج نظرت فلم أر شیئاً ورایت فی ذلک الموضع ثلاثۃ الاحجار اللا تی استنجی بھن فأخذ تھن فاذا بھن یفوح منھن روائح المسک فکنت اذا جئت یوم الجمعۃ المسجد اخذ تھن فی کمی فتغلب رائحتھن روائح من تطیب وتعطر۔۱
(صحابہ کرام میں سے) ایک مرد سے روایت ہے کہ میں نے دیکھا حضور ﷺ ضرورت رفع فرمانے کے لئے بہت دُور تشریف لے گئے جب واپس تشریف لائے تو میں نے اس جگہ نظر کی کچھ نہ پایا البتہ تین ڈھیلے پڑے تھے جن سے حضور ﷺ نے استنجا فرمایاتھا میں نے انہیں اُٹھالیا، ان ڈھیلوں سے مشک کی خوشبوئیں مہک رہی تھیں، جمعہ کے دن جب مسجد میں آتا تو وہ ڈھیلے آستین میں ڈال کر لاتا ان کی خوشبو ایسی مہکتی کہ وہ تمام عطر اور خوشبو لگانے والوں کی خوشبو پرغالب آجاتی۔
(۲) علامہ ابن حجر عسقلانی شارح بخاری، فتح الباری شرح بخاری میں طہارت فضلات شریفہ کا مضمون یوں ارقام فرماتے ہیں:
وقد تکاثرت الادلۃ علی طہارۃ فضلاۃ وعد الائمۃ ذلک فی خصائصہ فلا یلتفت الی ماوقع فی کتب کثیر من الشافعیۃ مما یخالف ذلک فقد استقر الامر بین أئمتھم علی القول بالطہارۃ۔
(فتح الباری شرح صحیح بخاری، جلد۱، ص۲۱۸)
(باب الماء الذی یغسل بہ شعر الانسان۔ خلیل رانا)
بے شک بڑی کثرت سے دلیلیں قائم ہیں حضور ﷺ کے فضلات شریفہ کے طاہر ہونے پر اور ائمہ نے اس کو حضور ﷺ کے خصائص سے شمار کیا ہے لہٰذا اکثر شافعیہ کی کتابوں میں جو اس کے خلاف واقع ہوا ہے قطعاً قابل التفات نہیں اس لئے کہ ان کے ائمہ کے درمیان پختہ اور مضبو ط قول طہارت فضلات ہی کا ہے۔
(۳) اسی طرح علامہ بدرالدین عینی حنفی شارح بخاری عمدۃ القاری شرح صحیح بخاری میں حضور ﷺ کے فضلات شریفہ کی طہارۃ کا قول کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں
وقد وردت احادیث کثیرۃ ان جماعۃ شربوا دم النبی ﷺ منھم ابو طیبۃ الحجام وغلام من قریش حجم النبی علیہ الصلوٰۃ والسلام وعبد ﷲ ابن الزبیر شرب دم النبی ﷺ رواہ البزار والطبرانی والحاکم والبیہقی وابونعیم فی الحلیۃ ویروی عن علی رضی ﷲ تعالیٰ عنہ انہ شرب دم النبی علیہ الصلوٰۃ والسلام وروی ایضًا ان اُم ایمن شربت بول النبی ﷺ رواہ الحاکم والدارقطنی وابو نعیم واخرج الطبرانی فی الاوسط فی روایۃ سلمی امرأۃ ابی رافع انہا شربت بعض ماء غسل بہ رسول ﷲ علیہ الصلوٰۃ والسلام فقال لہا حرم ﷲ بدنک علی النار وقال بعضہم الحق ان حکم النبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کحکم جمیع المکلفین فی الاحکام التکلیفیۃ الافیما یخص بدلیل قلت یلزم من ھذا ان یکون الناس مساویًا للنبی علیہ الصلوۃ والسلام ولا یقول ذلک الاجاھل غبییٌ واین مرتبتہٗ من مراتب الناس والایلزم ان یکون دلیل الخصوص بالنقل دائمًا والعقل لہٗ مدخل فی تمیز النبی علیہ الصلوٰۃ والسلام من غیرہ فی مثل ھذا الاشیاء وانا اعتقد انہ لا یقاس علیہ غیرہ وان قالوا غیر ذلک فاذنی عنہ صما۔ انتہیٰ
(عمدۃ القاری شرح صحیح بخاری، جلد۱، ص۷۷۸)
بے شک بہت سی حدیثیں اس بارہ میں وارد ہوئیں کہ صحابہ کی ایک جماعت نے حضور ﷺ کا خون مبارک پیا ان میں حضرت ابو طیبہ حجام ہیں اور ایک قریشی لڑکا ہے جس نے حضور ﷺ کے پچھنے لگائے تھے اور حضرت عبداﷲ بن زبیر نے بھی حضور ﷺ کا خون اقدس پیا، روایت کیا ہے اسے بزار نے اور طبرانی نے اور حاکم نے اور بیہقی نے اور ابو نعیم نے حلیہ میں اور حضرت علی مرتضیٰ سے بھی مروی ہے انہوں نے بھی حضور ﷺ کا خون اقدس پیا،نیز مروی ہے کہ حضرت اُم ایمن نے حضور ﷺ کا پیشاب مبارک پیا اس حدیث کو حاکم نے دارقطنی نے اور ابو نعیم نے روایت کیا اور طبرانی نے اوسط میں ابو رافع کی عورت سلمیٰ کی روایت میں اخراج کیا کہ سلمیٰ نے حضور ﷺ کا غسل میں استعمال کیا ہوا پانی پیا تو حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا ﷲ تعالی نے اس پانی کی وجہ سے تجھ کو دوزخ پر حرام فرمادیا بعض کا قول ہے کہ حضور ﷺ احکام تکلیفیہ میں دیگر مکلفین کی طرح ہیں سوائے اس چیز کے جو دلیل سے خاص ہو، میں کہتا ہوں کہ اس قول سے تو لازم آتا ہے کہ (معاذ اﷲ) عام لوگ رسول ﷲ ﷺ کے مساوی ہوجائیں اور ایسی بات سوائے جاہل غبی کے اور کوئی نہیں کہہ سکتا، بھلا حضور ﷺ کے مرتبہ کو لوگوں کے مرتبہ سے کیا نسبت اور یہ کوئی ضروری نہیں کہ دلیل خصوص ہمیشہ نقل ہی سے ہو حقیقت یہ ہے کہ ان چیزوں میں حضور ﷺ کا اپنے غیروں سے ممتاز ہونا ایسی بات ہے جس میں عقل کو بھی دخل ہے اور میرا اعتقاد تو یہی ہے کہ حضور ﷺ پر غیر کا قیاس نہیں کیا جاسکتا، اور اگر کوئی شخص اس کے خلاف کچھ کہتا ہے تو میرے کان اس کے سننے سے بہرے ہیں۔
ملحدین و مستشرقین ذرا اس نورانی بیان کو پڑھیں اور اپنے پاگل پن کا علاج فرمائیں۔
(۴) اسی طرح امام قسطلانی شارح صحیح بخاری مواہب اللدنیہ شریف میں حضور ﷺ کے تمام فضلات شریفہ کی پاکی اور طہارت کا حسب ذیل عبارت میں نورانی بیان فرماتے ہیں:
وروی انہ کان یتبرک ببولہ ودمہ ﷺ۔
مروی ہے کہ حضور ﷺ کے پیشاب اور خون مبارک سے برکت حاصل کی جاتی تھی۔ (مواہب اللدنیہ، جلد۱، ص۲۸۴)
آگے چل کرفرماتے ہیں :
وفی کتاب الجوھر المکنون فی ذکر القبائل والبطون: أنہ لما شرب، ای عبد ﷲ ابن الزبیر، دمہ تضوع فمہ مسکًا، وبقیت رائحتہ موجودۃ فی فمہ الی أن صلب رضی ﷲ عنہ۔ (مواہب اللدنیہ، جلد۱، ص۲۸۴)
کتاب جوہر مکنون فی ذکر القبائل والبطون میں ہے کہ عبداﷲ بن زبیر رضی ﷲ تعالی عنہما نے جب حضور ﷺ کا خون مبارک پیا تو ان کے منہ سے مشک کی خوشبو مہکی اور وہ خوشبو ان کے منہ میں انہیں سولی دئیے جانے تک باقی رہی(رضی اﷲ عنہ)۔
آگے چل کر اسی حدیث کے تحت فرماتے ہیں:
قال النووی فی شرح المہذب واستدلال من قال بطہارتہما بالحدیثین المعروفین ان ابا طیبۃ الحجام حجمہ ﷺ وشرب دمہ ولم ینکر علیہ، وان امرأۃ شربت بولہ ﷺ فلم ینکر علیھا، وحدیث ابی طیبۃ ضعیف، وحدیث شرب البول صحیح رواہ الدارقطنی وقال ھو حدیث حسن صحیح وذلک کاف فی الاحتجاج لکل الفضلات قیاساً، ثم ان القاضی حسیناً قال الاصح القطع بطہارۃ الجمیع انتہٰی۔
(مواہب اللدنیہ، جلد۱، ص۲۸۵)
علامہ نووی نے شرح مہذب میں فرمایا اور استدلال کیا ان لوگوں نے جو حضور ﷺ کے حدیثین معروفین یعنی بول وبراز(پیشاب پاخانہ) کی پاکی اور طہارت کے قائل ہیں اس حدیث سے کہ حضرت ابو طیبہ حجام نے حضور ﷺ کے پچھنے لگائے اور حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام کا(پچھنوں سے نکلا ہوا) خون پی گئے، اور حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام نے ان پر انکار نہ فرمایا، نیز ایک عورت نے حضور ﷺ کا پیشاب مبارک پی لیا اور اس پر بھی حضور نے انکار نہ فرمایا، ابو طیبہ والی حدیث ضعیف ہے اور بول مبارک پینے کی حدیث صحیح ہے، اسے دارقطنی نے روایت کیا اور کہا یہ حدیث حسن صحیح ہے، اور یہ حدیثیں ایک کا دوسرے پر قیاس کرکے تمام فضلات شریفہ کی طہارۃ ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں، اس کے بعد علامہ نووی نے فرمایا کہ قاضی حسین کا قول اس مسئلہ میں یہ ہے کہ حضور ﷺ کے تمام فضلات شریفہ کو قطعاً طاہر مانا جائے۔
اسی طرح نسیم الریاض، جلد ۱، صفحہ ۴۴۸، زرقانی شرح مواہب، جلد۴، ص۲۳۱، مدارج النبوۃ،ص وغیرہ معتبر کتابوں میں حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام کے فضلات شریفہ کی طہارۃ منصوص ومرقوم ہے، علامہ شامی رحمۃ اﷲ علیہ نے بھی اس مسئلہ کو شامی میں ارقام فرمایا:
وصحح بعض ائمۃ الشافعیۃ طہارۃ بولہ ﷺ وسائر فضلاتہ وبہ قال ابوحنیفۃ کما نقلہ فی المواہب اللدنیۃ عن شرح البخاری للعینی وصرح بہ الببری فی شرح الاشباہ وقال الحافظ ابن الحجر تظافرت الادلۃ علی ذلک وعد الائمۃ ذلک من خصائصہ ﷺ ونقل بعضہم عن شرح مشکوٰۃ لملاعلی القاری انہ قال اختار کثیر من اصحابنا واطال فی تحقیقہ فی شرحہ علی الشمائل فی باب ماجاء فی تعطرہ علیہ الصلوٰۃ والسلام۔ انتہی
اور صحیح قرار دیا بعض ائمہ شافعیہ نے حضور ﷺ کے پیشاب مبارک اور باقی تمام فضلات شریفہ کی طہارت اور پاکیزگی کو اور یہی قول ہے امام ابوحنیفہ رضی ﷲ تعالی عنہ کا جیسا کہ مواہب میں عینی شرح بخاری سے نقل کیا ہے اور اس کی تصریح علامہ ببری نے شرح اشباہ میں فرمائی اور حافظ ابن حجر عسقلانی شارح بخاری نے کہا کہ حضور ﷺ کے بول مبارک اور تمام فضلات شریفہ کی پاکی اور طہارۃ پر قوی دلیلیں قائم ہیں اور ائمہ نے اسے حضور ﷺ کے خصائص کریمہ میں شمار کیا ہے اور بعض علماء نے ملا علی قاری کی شرح مشکوٰۃ سے نقل کیا، انہوں نے فرمایا کہ ہمارے اکثر اصحاب حنفیہ کا اس مسئلہ میں پسندیدہ قول یہی ہے کہ حضور ﷺ کے جمیع فضلات شریفہ طیب وطاہر اور پاک ہیں اور ملا علی قاری نے اپنی شرح علی الشمائل باب ما جاء فی تعطرہ ﷺ میں طہارت فضلات شریفہ کو ثابت کرنے کے لئے پوری تحقیق کے ساتھ طویل کلام فرمایا ہے۔ انتہی
طہارتِ فضلات شریفہ کے ثبوت میں جلیل القدر علماء محدثین کی اتنی بے شمار عبارتیں ہیں کہ اگر ان تمام کو جمع کیا جائے تو ایک ضخیم جلد تیار ہوجائے، بخوف طوالت ہم قدرِ ضرورت پر اکتفا کرتے ہیں اور ان تمام دلائل کے بعد اتمام حجت کے لئے دیوبندی وہابیوں کے صرف دو مقتدائوں کی دو مختصر عبارتیں نقل کرکے اس بحث کو آخری نتیجہ پر ختم کرتے ہیں۔
ملاحظہ کیجئے! مولوی محمد انور شاہ صاحب کشمیری نے فیض الباری میں ارقام فرمایا جس کا خلاصہ اُردو زبان میں حسب ذیل ہے:
امام بخاری نے باب استعمال فضل وضوء الناس، منعقد کرکے ماء مستعمل کی طہارت کا قول فرمایا، اس قول کے ثبوت میں حضور ﷺ کے ماء مستعمل کی طہارۃ سے استدلال کیا مگر یہ استدلال میرے نزدیک محلِ نظر ہے، اگرچہ فی نفسہٖ مسئلہ درست ہے، استدلال کے صحیح نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ علماء اُمت حضور ﷺ کے فضلات شریفہ کی طہارت کی طرف گئے ہیں، جب حضور ﷺ کے فضلات پاک ہیں تو وضو سے بچا ہوا پانی کیوں پاک نہ ہوگا؟ لہٰذا حضور علیہ الصلٰوۃ والسلام کے ماء مستعمل کے پا ک ہونے سے مطلقاً ہر ایک کے مستعمل پر حجت قائم نہیں ہوسکتی۔ الخ (فیض الباری، جلد اوّل، صفحہ ۲۸۹)
دیکھئے! مولوی انور شاہ صاحب کشمیری نے طہارت فضلات نبی اکرم ﷺ کو علماء اُمت کا مذہب بتایا۔
اس کے بعد نشرالطیب اُٹھا کر دیکھئے مولانا اشرف علی صاحب تھانوی کیا فرمارہے ہیں، وہ لکھتے ہیں:
اور مروی ہے کہ آپ جب بیت الخلاء میں جاتے تھے تو زمین پھٹ جاتی اور آپ کے بول وبراز کو نگل جاتی اور اس جگہ نہایت پاکیزہ خوشبو آتی، حضرت عائشہ نے اسی طرح روایت کیا ہے اور اسی لئے علماء آپ کے بول و براز کے طاہر ہونے کے قائل ہوئے ہیں، ابوبکر بن سابق مالکی اور ابو نصر نے ان کو نقل کیا ہے اور مالک بن سنان یوم اُحد میں آپ کا خون (زخم کا) چوس کر پی گئے، آپ نے فرمایا اس کو کبھی دوزخ کی آگ نہ لگے گی اور عبداﷲ بن زبیر نے آپ کا خون جو پچھنے لگانے سے نکلا تھا پی لیا تھا، اور آپ کی خادمہ برکہ اُم ایمن نے آپ کا بول پی لیا تھا سو ان کو ایسا معلوم ہوا جیسا شیریں نفیس پانی ہوتا ہے۔ (نشرالطیب، صفحہ ۱۶۲،۱۶۳)
مولوی اشرف علی تھانوی صاحب نے حدیثوں سے ثابت کیا ہے کہ جس جگہ حضور ﷺ نے بول وبراز فرمادیا وہاں نہایت پاکیزہ خوشبو آتی تھی اور آپ کے تھانوی صاحب ہی فرمارہے ہیں کہ اُم ایمن نے جب حضور ﷺ کا بول مبارک پیا تو انہیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے شیریں نفیس پانی ہوتا ہے۔
خدا لگتی کہئے! حضور ﷺ کے فضلات شریفہ کے یہ پاکیزہ اوصاف مادی کثافتیں ہیں یا نورانی لطافتیں

1 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔