Monday, 26 September 2022

خطبات و مقالاتِ فیض میلادُ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم حصّہ نمبر 17

خطبات و مقالاتِ فیض میلادُ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم حصّہ نمبر 17
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
منکرینِ میلاد کا اعتراض : نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ظاہری حیات میں ربیع الاول کا مہینہ کم و بیش 63 مرتبہ آیا۔ کس حدیث سے یہ ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے اپنی ولادت کا دن منایا ؟  اس اعتراض کا جواب اور منکرینِ میلاد سے کچھ سوال : ⬇

جواب : سب سے پہلے میلاد کا لغوی معنی اور اصطلاحی معنی ملاحظہ فرمائیں : لفظ میلاد کی لغوی تحقیق : میلاد عربی زبان کا لفظ ہے۔ اس کا مادہ ’’ولد (و۔ل۔د)‘‘ ہے ۔ میلاد عام طور پر اس وقت ولادت کے معنوں میں مستعمل ہے ۔ میلاد اسم ظرف زمان ہے ۔ قرآن مجید میں مادہ ولد کل 93 مرتبہ آیا ہے اور کلمہ مولود 3 مرتبہ آیا ہے ۔ (المعجم المفہرس لالفاظ القرآن الکریم صفحہ 764 - 763)

احادیث نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم میں لفظ میلاد و مولد کا استعمال

احادیث نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم میں مادہ ولد (و۔ل۔د) بے شمار مرتبہ استعمال ہوا ہے۔ اس کی وضاحت المعجم المفہرس لالفاظ الحدیث النبوی میں موجود ہے ۔ (المعجم المفہرس لالفاظ الحدیث النبوی الجز السابع ص 320-308)

اردو میں لفظ میلاد : نور اللغات میں لفظ میلاد مولود۔ مولد کہ یہ معنی درج کیے گئے ہیں ۔
1 : میلاد ۔ پیدا ہونے کا زمانہ ، پیدائش کا وقت ۔
2 : وہ مجلس جس میں پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت باسعادت کا بیان کیا جائے ۔ وہ کتاب جس میں پیغمبر کی ولادت کا حال بیان کیا جاتا ہے ۔

میلاد کا اصطلاحی مفہوم : میلاد کے لغوی مفہوم میں اس بات کی وضاحت ہو چکی ہے کہ اردو زبان میں اب یہ لفظ ایک خاص مفہوم کی وضاحت و صراحت اور ایک مخصوص اصطلاح کے طورپر نظر آتا ہے۔ حسن مثنی ندوی لکھتے ہیں ’’ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت باسعادت کے تذکرے اور تذکیر کا نام محفل میلاد ہے ۔ اس تذکرے اور تذکیر کے ساتھ ہی اگر دلوں میں مسرت و خوشی کے جذبات کروٹ لیں ۔ یہ شعور بیدار ہوکہ کتنی بڑی نعمت سے ﷲ تعالیٰ نے ہمیں سرفراز کیا اور اس کا اظہار بھی ختم الرسل صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی محبت و اطاعت اور خداوند بزرگ و برتر کی حمدوشکر کی صورت میں ہو اور اجتماعی طور پر ہو تو یہ عید میلادُالنّبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ہے ۔ (سیارہ ڈائجسٹ لاہور رسول نمبر 1973ء جلد دوم صفحہ 445،چشتی)

قرآن مجید سے جشن ولادت منانے کے دلائل

ﷲ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے : ترجمہ ’’ اور اپنے رب کی نعمت کے خوب چرچے کرو ‘‘ (سورۂ وَٱلضُّحَىٰ :11)

معلوم ہوا کہ ﷲ تعالیٰ حکم دے رہا ہے کہ جو تمہیں میں نے نعمتیں دی ہیں ، ان کا خوب چرچا کرو ، ان پر خوشیاں مناؤ ۔ ہمارے پاس ﷲ تعالیٰ کی دی ہوئی بے شمار نعمتیں ہیں ۔ کان ، ہاتھ ، پاؤں ، جسم ، پانی ، ہوا ، مٹی وغیرہ اور اتنی زیادہ نعمتیں ہیں کہ ہم ساری زندگی ان کو گن نہیں سکتے ۔ خود ﷲ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے : ترجمہ ’’ اور اگر ﷲ کی نعمتیں گنو تو شمار نہ کرسکو گے ۔ (سورہ النحل:18)

معلوم ہوا کہ ﷲ تعالیٰ کی نعمتوں کی گنتی ہم سے نہیں ہو سکتی ۔ تو پھر ہم کن کن نعمتوں کا پرچار کریں ۔ عقل کہتی ہے کہ جب گنتی معلوم نہ ہوسکے تو سب سے بڑی چیز کو ہی سامنے رکھا جاتا ہے ۔ کیونکہ وہی نمایاں ہوتی ہے ۔ اسی طرح ہم سے بھی ﷲ پاک کی نعمتوں کی گنتی نہ ہو سکی تو یہ فیصلہ کیا کہ جو نعمت سب سے بڑی ہے اس کا پرچار کریں ۔ اسی پر خوشاں منائیں تاکہ ﷲ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل ہو سکے ۔ سب سے بڑی نعمت کون سی ہے ؟ آیئے قرآن مجید سے پوچھتے ہیں ترجمہ ’’ ﷲ کا بڑا احسان ہوا مومنوں پر کہ ان میں انہیں میں سے ایک رسول بھیجا ۔ جو ان پر اس کی آیتیں پڑھتا ہے ۔ (سورۂ آل عمران آیت 164)

ﷲ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتیں عطا فرمائیں مگر کسی نعمت پر بھی احسان نہ جتلایا ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ﷲ تعالیٰ نے کسی اور نعمت پر احسان کیوں نہیں جتلایا۔ صرف ایک نعمت پر ہی احسان کیوں جتلایا ؟ ثابت ہوا کہ ﷲ تعالیٰ کی عطا کردہ ان گنت نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت آخری نبی حضرت محمدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ہیں اور قرآن کے مطابق ہر مسلمان کو اپنے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد پر خوشیاں منانی چاہیں ۔

قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے : ترجمہ ’’ تم فرماؤ ﷲ عزوجل ہی کے فضل اور اسی کی رحمت ، اسی پر چاہیے کہ وہ خوشی کریں ۔ وہ ان کے سب دھن و دولت سے بہتر ہے ۔ (سورۃ یونس آیت 58)

لیجیے ! اس آیت میں تو ﷲ تعالیٰ صاف الفاظ میں جشن منانے کا حکم فرما رہا ہے ۔ کہ اس کے فضل اور رحمت کے حصول پر خوشی منائیں ۔ قرآن نے فیصلہ کر دیا کہ نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد کا جشن مناؤ کیونکہ ﷲ کے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے بڑھ کر کائنات میں کوئی رحمت نہیں ۔ خود ﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا : ترجمہ ’’ اور ہم نے تم کو نہ بھیجا مگر رحمت سارے جہاں کے لیے ۔ (سورہ الانبیاء :107)

مسلمان اگر رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد کی خوشی نہیں منائیں گے تو اور کون سی رحمت پر منائیں گے ۔ لازم ہے کہ مسلمان رحمت دوعالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد کا جشن منائیں ۔

احادیثِ مبارکہ سے جشن منانے کے دلائل

اپنی آمد کا جشن تو خود آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے منایا ہے ۔ تو ان کے غلام کیوں نہ منائیں ؟ چنانچہ حضرت سیدنا ابو قتادہ رضی ﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم میں عرض کی گئی کہ : یارسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم آپ پیر کا روزہ کیوں رکھتے ہیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جواب دیا ’’ اسی دن میں پیدا ہوا اور اسی دن مجھ پر وحی نازل ہوئی ۔ (صحیح مسلم شریف جلد 1 صفحہ 7)(مشکوٰۃ شریف صفحہ 179،چشتی)

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے غلامو ! خوش ہو جاؤ اور خوشی سے اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد کا جشن منایا کرو کیونکہ یہ جشن تو خود آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے منایا ہے ۔ اس کرہ ارض پر بسنے والے کسی بھی عالم دین (اگرچہ وہ صحیح عالم ہو) سے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے پیر کے روزے کے متعلق دریافت کیجیے ، اس کا جواب یہی ہوگا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے اپنی ولادت کی خوشی میں روزہ رکھا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اپنی آمد کی خوشی منائے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے غلام اپنے آقا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا جشن نہ منائیں ۔ یہ کیسی محبت ہے ؟ اسی لیے تو مسلمان ہر سال زمانے کی روایات کے مطابق جشن ولادت مناتے ہیں ۔ کوئی روزہ رکھ کر مناتا ہے تو کوئی قرآن کی تلاوت کر کے ، کوئی نعت پڑھ کر ، کوئی درود شریف پڑھ کر ، کوئی نیک اعمال کا ثواب اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ میں پہنچا کر تو کوئی شیرینی بانٹ کر ، دیگیں پکوا کر غریبوں اور تمام مسلمانوں کوکھلا کر اپنے آقا کی ولادت کا جشن مناتا ہے ۔ یعنی زمانے کی روایات کے مطابق اچھے سے اچھا عمل کرکے اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم  کی ولادت کا جشن منایا جاتا ہے ۔ پس جو شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو مانتا ہے تو وہ سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سمجھ کر اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت کاجشن منائے گا اور جو شخص نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو نہیں مانتا ، وہ اس عمل سے دور بھاگے گا ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم  کا چچا ابولہب جوکہ پکا کافر تھا جس کا فصیلاً ہم ذکر کر چکے ہیں مکمل دلاٸل کے ساتھ ۔ جب اسے اس کے بھائی حضرت عبدﷲ رضی ﷲ عنہ کے یہاں بیٹے کی ولادت کی خوشخبری ملی تو بھتیجے کی آمد کی خوشخبری لانے والی کنیز ’’ثویبہ‘‘ کو اس نے انگلی کا اشارہ کر کے آزاد کر دیا ۔ ابولہب کے مرنے کے بعد حضرت عباس رضی ﷲ عنہ نے اسے خواب میں دیکھا کہ وہ بڑے برے حال میں ہے تو اس سے پوچھا کیا گزری ؟ ابولہب نے جواب دیا ’’ مرنے کے بعد کوئی بہتری نہ مل سکی ہاں مجھے اس انگلی سے پانی ملتا ہے کیونکہ میں نے ثویبہ لونڈی کو آزاد کیا تھا ۔ (صحیح بخاری جلد 2 صفحہ 764،چشتی)

اسی روایت کے مطابق ہمارے اسلاف جوکہ اپنے دور کے مستند مفسر ، محدث اور محقق تھے علیہم الرحمہ ان کے خیالات پڑھیے اور سوچیے کہ اس سے بڑھ کر جشن ولادت منانے کے اور کیا دلائل ہوں گے ؟

(1) ابولہب وہ بدبخت انسان ہے جس کی مذمت میں قرآن کی ایک پوری سورۃ نازل ہوئی ہے لیکن محض اس وجہ سے کہ اس کی آزاد کردہ باندی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو دودھ پلایا تو اس کا فائدہ اس کے مرنے کے بعد بھی اس کو کچھ نہ کچھ ملتا رہا۔ سہیلی وغیرہ نے اس خواب کا اتنا حصہ اور بیان کیا ہے ۔ ابولہب نے حضرت عباس سے یہ بھی کہا کہ دوشنبہ پیر) کو میرے عذاب میں کچھ کمی کردی جاتی ہے ۔ علماء کرام نے فرمایا اس کی وجہ یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم  کی تشریف آوری کی بشارت سنانے پر ثویبہ کو جس وقت ابولہب نے آزاد کیا تھا اسی وقت اس کے عذاب میں کمی کی جاتی ہے ۔ (تذکرہ میلاد رسول صفحہ 18)

(2) شیخ محقق حضرت شاہ عبدالحق محدث دہلوی رحمة ﷲ علیہ کا فرمان مبارک : میلاد شریف کرنے والوں کےلیے اس میں سند ہے جوشب میلاد خوشیاں مناتے ہیں اور مال خرچ کرتے ہیں ۔ یعنی ابولہب کافر تھا اور قرآن پاک اس کی مذمت میں نازل ہوا ۔ جب اسے میلاد کی خوشی منانے اور اپنی لونڈی کے دودھ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کےلیے خرچ کرنے کی وجہ سے جزا دی گئی تو اس مسلمان کا کیا حال ہوگا جو محبت اور خوشی سے بھرپور ہے اور میلاد پاک میں مال خرچ کرتا ہے ۔ (مدارج النبوۃ جلد 2 صفحہ 26،چشتی)

(3) حضرت حافظ الحدیث امام ابن الجزری رحمة ﷲ علیہ کا فرمان مبارک : جب ابولہب کافر جس کی مذمت میں قرآن پاک نازل ہوا کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت کی خوشی میں جزا نیک مل گئی (عذاب میں تخفیف) تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم  کی امت کے مسلمان موحد کا کیا حال ہوگا۔ جو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت کی خوشی مناتا ہو اور حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی محبت میں حسب طاقت خرچ کرتا ہو ۔ مجھے اپنی جان کی قسم ﷲ کریم سے اس کی جزا یہ ہے کہ اس کو اپنے فضل عمیم سے جنت نعیم میں داخل فرمائے گا ۔ (مواہب لدنیہ جلد 1 صفحہ 27،چشتی)

(4) جلیل القدر محدث امام ابن جوزی رحمة ﷲ علیہ کا فرمان مبارک : جب ابولہب کافر (جس کی قرآن میں مذمت بیان کی ہے) آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت پر خوش ہونے کی وجہ سے یہ حال ہے تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی امت کے اس موحد مسلمان کا کیا کہنا جو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت پر مسرور اور خوش ہے ۔ (بیان المولد النبوی صفحہ 70،چشتی)(محمد بن وہاب نجدی کے بیٹے کی کتاب مختصر سیرۃ الرسول صفحہ 23)

ان محدثین کرام اور اسلاف علیہم الرّحمہ کے خیالات سے ثابت ہے کہ جشن ولادت منانا اسلاف کا بھی محبوب فعل رہا ہے اور یہ بات واضح ہے کہ جب کافر محمد بن عبدﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد کی خوشی مناکر فائدہ حاصل کرسکتا ہے تو مسلمان محمد رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی آمد کا جشن مناکر کیوں فائدہ حاصل نہیں کر سکتا ؟ بلکہ امام ابن الجزری علیہ الحمہ نے تو قسم اٹھا کر فرمایا ہے کہ میلاد منانے والوں کی جزا یہ ہے کہ ﷲ تعالیٰ اپنے فضل سے انہیں جنت میں داخل فرما دے گا ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان لوگوں کے شر فتنہ سے بچائے جن کے دلوں میں بغضِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم بھرا ہوا ہے آمین ۔

میلاد کو بدعت کہنے والوں سے ہمارے کچھ سوال ؟

محترم قارئینِ کرام : جو حضرات جشن عید میلادُالنّبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو بدعت کہتے اور کہتے میلاد منانا اس لیے بدعت ہے کہ یہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے بعد صحابہ کرام علیہم الرضوان نے نہیں منایا ۔ ہمارے سوالات ان سے یہ ہیں کہ جو کام دن رات معترضین حضرات فرقے کے علماء اور عوام کرتے ہیں ، وہ کام بھی تو کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور تابعین رضی اللہ عنہم نے نہیں کیے تم لوگ یہ سب کام ثواب سمجھ کر کرتے ہو یا گناہ سمجھ کر ؟ ان کا قرآن و حدیث سے ثبوت اور جواب دو : ⬇

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے تین دن مقرر کر کے اجتماع کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے توہینِ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے خلاف جھنڈوں سمیت جلوس نکالا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے اپنے نام کے ساتھ سلفی ، محمدی اور اہلحدیث لکھا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے اہلحدیث کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے عظیم الشان تقریب ختم بخاری کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے کسان کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے جہاد فی سبیل ﷲ کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے حرمتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے حرمتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے جلوس نکالے ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے تحفظ بیت المقدس کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے تحفظ قبلہ اوّل کے نام پر جلوس نکالے ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے سالانہ دعوت توحید و تجدید عزم کنونشن کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے فتح مکہ کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے مجاہد کسان کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے علماء سیمینار کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے سیرتُ النّبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کانفرنس کا انعقاد کیا ؟
کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے وارثانِ انبیاء کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے تفسیر دعوتُ القرآن کی تعارفی تقریب منعقد کی ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے ہر سال قرآن و حدیث کانفرنس کا دن مقرر کر کے انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے ہر سال شانِ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے احترام رمضان کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے تربیت حج کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے اپنے مرحومین کی طرف سے قربانی کا اشتہار دیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے مساجد کے افتتاح پر وقت مقرر کرکے تقریب منعقد کی اور پھر کھانا کھلایا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے خواتین کا تبلیغی و اصلاحی اجتماع منعقد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے نئے اسلامی سال کے موقع پر ہر سال مبارکباد پیش کی ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے علماء کانفرنس کا انعقاد کیا ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے اپنے جامعہ میں محرام الحرام کے خطبات کیے ؟

کیا کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان نے اپنے نام کے ساتھ حافظ، سلفی، محمدی اور اہلحدیث لکھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے سیرت کانفرنس کتنی بار منائی تھی ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جشن بخاری کتنی بار منایا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے دفاع پاکستان کانفرنس کتنی بار منائی تھی ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جشن نزول قرآن کتنی بار منایا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جلوس مدحِ صحابہ رضی اللہ عنہم کتنی بار نکالا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے یومِ صحابہ رضی اللہ عنہم کتنی بار منایا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نےجشنِ صد سالہ دیوبند کتنی بار منایا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے اہلحدیث کانفرنس کتنے بار منائی تھی ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم یوم احسان الٰہی ظہیر کتنی بار منایا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے یوم نانوتوی کتنی بار منایا تھی ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جہاد کانفرنس کتنی بار منائی تھی ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے یوم شھداء کتنی بار منایا تھا ؟

نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے کتنی مسجدوں کے مینار بنائے تھے ؟

یہ سعودی ڈے کہاں سے آیا ہے ؟
کیا یہ ضلالت اور بربادی کی طرف لے جانے والی بدعت نہیں ؟

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو شرک و بدعت قرار دینے والوں کےلیے سعودی ڈے کا اہتمام کس طرح ایمان اور اسلام بن جاتا ہے ؟

تمہارے یہ بڑے بڑے مدارس کہاں سے آئے ہیں ؟

کیا ان مدارس کا نصاب اور قیام کل کا کل بدعت نہیں ؟

مکہ مکرّمہ اور مدینہ منورہ کی مساجد پر لگائے گئے یہ لاکھوں کروڑوں روپیوں کے مینار اور گنبد کہاں سے آئے ہیں ؟
کیا یہ کھلی ہوئی بدعت نہیں ؟

سعودی کرنسی پر یہ گمراہ وہابی نجدی حکمرانوں کی تصاویر کہاں سے آئی ہیں ؟
کیا یہ جہنم میں لے جانے والی نجدی بدعت وہابیوں کی پیداوار نہیں ؟

یہ سعودی عرب کانام کہاں سے آیا ہے ؟
کیا یہ مقدس ترین ملک ۔ نجدیوں وہابیوں کے باپ داداوں کی ملکیت تھی جو اسے ظالم و جابر سعود نامی بدنام زمانہ غاصب حکمراں کے نام منسوب کر دیا گیا ؟

یہ وہابیوں کے اخبارات اور رسائل کہاں سے آئے ہیں ؟ کیا یہ بدعت نہیں ؟

یہ پرنٹ کیا ہوا کاغذ پر قرآن کہاں سے آیا ہے ؟
کیا اس طرح قرآن کو چھاپنے کی ہدایت اللہ و رسول (عزوجل و صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم) نےدی ہے ؟

یہ پریس سے چھپی حدیث کی کتابیں کہاں سے آئی ہیں ؟
کیا یہ حدیث کی کتابوں کا جدید انداز میں چھاپنا اور منظرعام پر لانا بدعت نہیں ؟

یہ سیرت کے جلسے اور اہلحدیث کانفرنسوں کی بدعات کا سلسلہ کہاں سے آیا ہے ؟

یہ اہل حدیث اورسلفی نام کا بدعتی فرقہ کہاں سے آیا ہے ؟

یہ شوشل میڈیا کے ذریعے وہابی فر قہ کے گمراہ کن عقائد و نظریات کی تبلیغ و اشاعت کی اجازت کہاں سے آئی ہے ؟

یہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو سعودی حکومت کے ذریعے دیے جانے والے سعودی ایوارڈ کی بدعت کہاں سے آئی ہے ؟

صد سالہ جشن جمیعت علمائے اسلام دیوبند کس دلیل سے جائز ہے ؟
کیا یہ جشن منانا بدعت و گمراہی نہیں ہے ؟

نوٹ : تمام سوالات کے جوابات قرآن و حدیث اور عمل صحابہ رضی اللہ عنہم کی روشنی میں دیے جائیں : اس لیے میلادُالنّبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم پر اعتراضات کرنے والے وہابی علماء و مبلغین اور مفتی قرآن وحدیث اور عمل صحابہ رضی اللہ عنہم سے ان باتوں کو ثابت کریں اور منکرینِ میلاد بحوالہ جواب دیں ۔ اس کے علاوہ بھی کئی ایسے کام ہیں جو کبھی صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون نے نہیں کیے مگر پوری معترضینِ میلاد کی قوم ان کاموں کو شایانِ شان طریقے سے سرانجام دیتی ہے اور کروڑوں ، اربوں روپے اس پر خرچ کرتی ہے ۔ اب ان کے مرکزی رہنماٶں کے فتوے کے مطابق یہ تمام کام بدعت نہیں ہوئے ؟ جواب دو ۔ اور اپنے کارناموں کو صحابہ کرام علیہم الرضوان اور خیر القرون کے عمل سے ثابت کرو ۔ (مزید حصّہ نمبر 18 میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...