Sunday, 17 December 2023

ایمان والدینِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حصّہ اوّل

ایمان والدینِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حصّہ اوّل

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کریمین کا وصال زمانہ فترت میں ہوا، آپ خالص توحید پرست تھے ، قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے : وَمَا كُنَّا مُعَذِّبِينَ حَتَّى نَبْعَثَ رَسُولاً ۔ (الْإِسْرَاء - بَنِيْ إِسْرَآءِيْل ، 17 : 15)
ترجمہ : اور ہم ہرگز عذاب دینے والے نہیں ہیں یہاں تک کہ ہم (اس قوم میں) کسی رسول کو بھیج لیں ۔

حضرت عیسی علیہ السلام کی نبوت ختم ہو چکی تھی ، لہذا اللہ تعالی کا یہ اصول ہے کہ جب تک اللہ تعالیٰ کسی نبی کو مبعوث نہ فرمائے اور لوگ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہوں تو جب تک کوئی نئی شریعت نہیں آتی اس وقت تک صرف توحید کا ماننا ضروری ہوتا ہے ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کے مومن ہونے پر پہلی دلیل یہ ہے کہ اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا : وَلَعَبْدٌ مُّؤْمِنٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكٍ ’’ اور یقینًا مشرک مرد سے مومن غلام بہتر ہے ۔ (الْبَقَرَة ، 2 : 221)
یہ مسئلہ قطعی ہے کہ مسلمان چاہے حسب و نسب میں کتنا ہی کمزور کیوں نہ ہو وہ اعلیٰ قوم و اولیٰ نسب والے مشرک سے بدر جہا بہتر اور افضل ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : بعثت من خير قرون بنی آدم قرنا فقرنا حتی کنت من القرن الذی کنت منه.’’مجھے ہر قرن و طبقہ میں تمام قرون آدم کے بہتر میں سے بھیجا گیا یہاں تک کہ اس قرن میں ہوا جس سے پیدا ہوا ۔ (صحيح بخاری، باب صفة النبی صلی الله عليه وآله وسلم، رقم : 3364،چشتی)

اب اس حدیث کو آیۃ مذکورہ سے ملایا جائے تو دعوی بالکل واضح ہوجائے گا۔ آیت میں فرمایا گیا ہے کہ مشرک سے مومن غلام بہتر ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد سے پتہ چلا کہ میں خیر قرون سے ہوں۔ نتیجہ ظاہر ہے کہ میں ایمان والوں کی پشت سے ہوں ۔

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:فی الارض سبعة مسلمين فصاعدا فلولا ذالک لهلکت الارض ومن عليها.’’روئے زمین پر ہر زمانے میں کم سے کم سات مسلمان رہے ہیں، ایسا نہ ہوتا تو زمین و اہل زمین سب ہلاک ہوجاتے‘‘۔(اخرجه عبدالرزاق، بسند صحيح علی شرط الشيخين)

اب ان دونوں حدیثوں کو صغریٰ، کبریٰ کے طریق پر ملایا جائے تو ان دونوں کو ملانے کے نتیجے کے طور پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کا ایمان ہی ثابت ہوتا ہے۔ اول حدیث میں صاف طور پر فرمایا گیا کہ ’’میں خیر قرون سے ہوں‘‘ اور دوسری حدیث نے بتایا کہ ’’روئے زمین پر ہمیشہ کم از کم سات مسلمان رہے ہیں‘‘ اور آیۃ مذکورہ۔ ولعبد مومن خير من مشرک، سے نتیجہ یہ نکلا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نور ہمیشہ خیر سے خیر کی طرف منتقل ہوتا رہا اور چونکہ خیر، مومن ہے، مشرک و کافر، خیر نہیں۔ لہذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ نسب مومنین سے ہے مشرکین سے نہیں۔

صغریٰ پر دلیل کی طرف امام جلیل، جلال الدین سیوطی نے ارشاد فرمایا:والمعنی ان الکافر لا اهل شرعا ان يطلق انه من خير القرون.’’شرعاً کافر ہرگز اس کا اہل نہیں ہوسکتا کہ وہ خیر قرن سے ہو‘‘۔
خیر قرن سے مومن ہی ہوسکتا ہے لہذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصول (آباء و امہات) سب مومن قرار پائے۔

اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا:اِنَّمَا الْمُشْرِکُوْنَ نَجَسٌ.’’مشرکین تو سراپا نجاست ہیں‘‘۔(التَّوْبَة، 9 : 28)

حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے:لم ازل انقل من اصلاب الطاهرين الی ارحام الطاهرات ۔ ’’میں ہمیشہ پاک مردوں کی پشتوں سے پاک بیبیوں کی طرف منتقل ہوتا رہا‘‘۔(رواه ابو نعيم فی دلائل النبوه عن ابن عباس رضی الله عنه)

ان مندرجہ بالا آیت و حدیث کو آپس میں ملایا جائے تو مطلب بالکل واضح ہوجائے گا کیونکہ قرآن عظیم نے بلاشبہ مشرکین کے نجس ہونے کا فیصلہ فرمایا اور حدیث پاک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے آباء و امہات کو طیب و طاہر فرمایا۔ مشرکین نجس ہیں کبھی طاہر نہیں ہوسکتے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصول (آباء و امہات) طاہر ہیں کبھی نجس نہیں ہوسکتے۔ پس لازمی نتیجہ یہ نکلا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و اجداد اور امہات و جدات مومن موحد تھے کبھی مشرک و کافر نہیں ہوسکتے۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میں نکاح کے ساتھ متولد ہوا نہ کہ غیر شرعی طریقہ پر اور میرا یہ نسبتی تقدس حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہو کر حضرت عبداللہ اور حضرت آمنہ رضی اللہ عنہما تک برقرار رہا۔ (اور زمانہ جاہلیت کی بد کرداریوں اور آوارگیوں کی ذرا بھر ملاوٹ میری نسبت میں نہیں پائی گئی)(السنن الکبریٰ، 7 : 190،چشتی)

اسی طرح ایک مقام پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میں پاک نسبوں سے پاک رحموں کی طرف منتقل ہوا ہوں ۔

قرآن مجید کی آیت اور احادیث سے پتہ چلا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کریمین حق پرست تھے، تو حید پرست تھے، البتہ اگر کوئی ان کو (معاذ اللہ) جہنمی کہتا ہے تو وہ خود جہنمی ہے۔ کسی مسلمان کا یہ عقیدہ نہیں ہو سکتا۔ جو ایسا کہتا ہے وہ اس کی دلیل پیش کرے، کہ کس آیت یا حدیث میں لکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کریمین رضی اللہ عنہما جہنمی ہیں۔ (نعوذ باللہ من ذلک)

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے لے کر حضرت آدم علیہ السلام تک اور حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا سے لے کر حضرت حوا علیہا السلام تک سب ہی موحد مومن ہیں ۔ آپ کے سلسلہ نسب میں کوئی مشرک یا کافر داخل نہیں ۔

اس موضوع پر آیات قرآنیہ، احادیث رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور بعض علماء ربانیین کے اقوال کی روشنی میں دلائل بیان کئے جارہے ہیں ۔ آیاتِ قرآنیہ اور احادیث نبویہ سے اس استدلال کا مقصود یہ ہے کہ جہاں ایک مومن اس حوالے سے اپنے عقیدہ کو مستحکم کرے وہاں وہ ان دلائل کو ازبر کرے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کے ایمان پر اعتراض و تنقید کرنے والوں کو کماحقہ جواب دینے کی اہلیت اپنے اندر پیدا کرسکے ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کے مومن ہونے پر پہلی دلیل یہ ہے کہ اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا : وَلَعَبْدٌ مُّؤْمِنٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكٍ ۔
ترجمہ : اور یقینًا مشرک مرد سے مومن غلام بہتر ہے ۔ (الْبَقَرَة ، 2 : 221)

یہ مسئلہ قطعی ہے کہ مسلمان چاہے حسب و نسب میں کتنا ہی کمزور کیوں نہ ہو وہ اعلیٰ قوم و اولیٰ نسب والے مشرک سے بدر جہا بہتر اور افضل ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : بعثت من خير قرون بنی آدم قرنا فقرنا حتی کنت من القرن الذی کنت منه ۔
ترجمہ : مجھے ہر قرن و طبقہ میں تمام قرون آدم کے بہتر میں سے بھیجا گیا یہاں تک کہ اس قرن میں ہوا جس سے پیدا ہوا ۔ (صحيح بخاری، باب صفة النبی صلی الله عليه وآله وسلم، رقم : 3364)

اب اس حدیث کو آیۃ مذکورہ سے ملایا جائے تو دعوی بالکل واضح ہوجائے گا ۔ آیت میں فرمایا گیا ہے کہ مشرک سے مومن غلام بہتر ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد سے پتہ چلا کہ میں خیر قرون سے ہوں۔ نتیجہ ظاہر ہے کہ میں ایمان والوں کی پشت سے ہوں ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : فی الارض سبعة مسلمين فصاعدا فلولا ذالک لهلکت الارض ومن عليها ۔
ترجمہ : روئے زمین پر ہر زمانے میں کم سے کم سات مسلمان رہے ہیں، ایسا نہ ہوتا تو زمین و اہل زمین سب ہلاک ہوجاتے ۔ (اخرجه عبدالرزاق، بسند صحيح علی شرط الشيخين،چشتی)

اب ان دونوں حدیثوں کو صغریٰ، کبریٰ کے طریق پر ملایا جائے تو ان دونوں کو ملانے کے نتیجے کے طور پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کا ایمان ہی ثابت ہوتا ہے۔ اول حدیث میں صاف طور پر فرمایا گیا کہ ’’میں خیر قرون سے ہوں‘‘ اور دوسری حدیث نے بتایا کہ ’’روئے زمین پر ہمیشہ کم از کم سات مسلمان رہے ہیں‘‘ اور آیۃ مذکورہ۔ ولعبد مومن خير من مشرک، سے نتیجہ یہ نکلا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نور ہمیشہ خیر سے خیر کی طرف منتقل ہوتا رہا اور چونکہ خیر، مومن ہے، مشرک و کافر، خیر نہیں۔ لہذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ نسب مومنین سے ہے مشرکین سے نہیں ۔

صغریٰ پر دلیل کی طرف امام جلیل، جلال الدین سیوطی نے ارشاد فرمایا : والمعنی ان الکافر لا اهل شرعا ان يطلق انه من خير القرون ۔ ’’شرعاً کافر ہرگز اس کا اہل نہیں ہوسکتا کہ وہ خیر قرن سے ہو ۔ خیر قرن سے مومن ہی ہوسکتا ہے لہذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصول (آباء و امہات) سب مومن قرار پائے ۔

اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا : اِنَّمَا الْمُشْرِکُوْنَ نَجَسٌ ۔ (التَّوْبَة، 9 : 28)
ترجمہ : مشرکین تو سراپا نجاست ہیں ۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے : لم ازل انقل من اصلاب الطاهرين الی ارحام الطاهرات (رواه ابو نعيم فی دلائل النبوه عن ابن عباس رضی الله عنه)
ترجمہ : میں ہمیشہ پاک مردوں کی پشتوں سے پاک بیبیوں کی طرف منتقل ہوتا رہا ۔
ان مندرجہ بالا آیت و حدیث کو آپس میں ملایا جائے تو مطلب بالکل واضح ہوجائے گا کیونکہ قرآن عظیم نے بلاشبہ مشرکین کے نجس ہونے کا فیصلہ فرمایا اور حدیث پاک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے آباء و امہات کو طیب و طاہر فرمایا۔ مشرکین نجس ہیں کبھی طاہر نہیں ہوسکتے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصول (آباء و امہات) طاہر ہیں کبھی نجس نہیں ہوسکتے۔ پس لازمی نتیجہ یہ نکلا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و اجداد اور امہات و جدات مومن موحد تھے کبھی مشرک و کافر نہیں ہوسکتے ۔

اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا : وَلِلَّهِ الْعِزَّةُ وَلِرَسُولِهِ وَلِلْمُؤْمِنِينَ وَلَكِنَّ الْمُنَافِقِينَ لَا يَعْلَمُونَ ۔ (الْمُنَافِقُوْن، 63 : 8)
’’حالانکہ عزّت تو صرف اللہ کےلیے اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے لیے اور مومنوں کے لیے ہے مگر منافقین (اس حقیقت کو) جانتے نہیں ہیں‘‘۔
اس آیت کریمہ میں عزت و اکرام کا ’’حصر‘‘، اللہ تعالیٰ نے مومنین میں فرمایا۔ کافر چاہے جتنی اونچی قوم کا کیوں نہ ہو وہ ذلیل ولئیم ٹھہرا۔ نبی کا کسی ذلیل ولئیم کے پشت اور نسب سے ہونا کوئی مدح نہیں حالانکہ اس آیت کریمہ کو اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام مدح میں نازل فرمایا۔ پس معلوم ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجداد اشرف تھے اور کافر و مشرک ہرگز عزت و شرف والے نہیں ہوسکتے۔ مومن موحد ہی اشرف و اکرم ہوسکتا ہے۔

کسی ذلیل و رذیل شخص کا نسب میں فخر کرنا عقلاً اور عرفاً باطل ہے لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے فضائل کریمہ کے بیان میں رجز اور مدح میں متعدد دفعہ اپنے آبائے کرام و امہات طیبات کا ذکر فرمایا۔ جنگ حنین میں جب کچھ دیر کے لئے کفار نے غلبہ پایا اور چند لوگ پناہ رسالت میں باقی رہے تو اللہ کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جلالیت طاری ہوئی اور فرمایا : انا النبی لا کذب انا ابن عبدالمطلب ۔ (صحيح بخاری باب الرکوب علی الدآبة)
’’میں نبی ہوں کچھ جھوٹ نہیں، میں عبدالمطلب کابیٹا ہوں‘‘۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ رجز پڑھتے ہوئے سواری سے نزول فرمایا۔ دست مبارک میں ایک مٹھی خاک لے کر کافروں کی طرف پھینکی ۔ وہ خاک تمام کافروں کی آنکھ میں پہنچی اور سب کے منہ پھر گئے ۔ بعض روایات میں رجز کا آخر یہ ہے کہ : انا ابن العواتک من بنی سليم ۔ ’’میں بنی سلیم سے ان چند خواتین کا بیٹا ہوں جن کا نام عاتکہ تھا‘‘۔ (الفردوسی بماثور الخطاب، ج : 1، رقم : 114،چشتی)

بعض علماء کے نزدیک نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جدات میں 9 بیبیوں کا نام عاتکہ تھا اور بعض کے نزدیک 12 خواتین کا نام عاتکہ تھا ۔ بعض روایات میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا نسب نامہ اپنے فضائل کریمہ میں 21 پشت تک بیان فرمایا کہ میں نسب میں سب سے افضل اور باپ میں سب سے افضل ہوں۔ کسی مشرک یا کافر باپ دادا پر فخر کرنا جب نہ تو عقلاً جائز ہے اور نہ ہی عرفاً تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے کیونکر ممکن ہوسکتا ہے کہ معاذ اللہ آپ مشرک یا کافر باپ دادا کے نسب پر فخر فرمائیں پس بحکم نصوص ثابت ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات مسلمین و مسلمات تھے۔

اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا : إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ أَهْلِكَ إِنَّهُ عَمَلٌ غَيْرُ صَالِحٍ ۔(هُوْد، 11 : 46)
’’اے نوح! بے شک وہ تیرے گھر والوں میں شامل نہیں کیوں کہ اس کے عمل اچھے نہ تھے‘‘۔ آیۃ کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے مومن و کافر کا نسب قطع فرما دیا۔ اور حدیث میں ہے : نحن بنو نضر بن کنانه لا منتقی من ابيينا.’’ہم نضر بن کنانہ کے بیٹے ہیں، ہم اپنے باپ سے اپنا نسب جدا نہیں کرتے‘‘۔ (رواه احمد و ابن ماجه والطبرانی وغيره)

اگر معاذ اللہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ نسب میں کوئی کافر تھا یا مشرک تو نہ صرف اس نسبت کا اعلان کرنا بلکہ ان پر فخر کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا لیکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات سب موحد مومن تھے لہذا ان پر فخر کرنا، ان کا نسب باقی رکھنا اپنی جگہ بالکل درست اور بجا ہے اور اس میں کوئی قباحت نہیں۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کعبہ بناکر دعا کی تھی : وَمِن ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّكَ.’’اور ہماری اولاد سے بھی ایک امت کو خاص اپنا تابع فرمان بنا۔‘‘۔(الْبَقَرَة، 2 : 128)
’اور ہماری اولاد سے بھی ایک امت کو خاص اپنا تابع فرمان بنا ۔ رَبَّنَا وَابْعَثْ فِيهِمْ رَسُولاً مِّنْهُمْ.’ (الْبَقَرَة، 2 : 129) ، ان میں انہی میں سے (وہ آخری اور برگزیدہ) رسول ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) مبعوث فرما‘‘۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوری ہوئی ۔ اس سے واضح طور پر معلوم ہوا کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلم جماعت سے پیدا ہوئے اور اسی بات کو ہم ثابت کررہے ہیں۔

ارشاد فرمایا : لَقَدْ جَاءَكُمْ رَسُولٌ مِّنْ أَنفُسِكُمْ ۔ ’’بے شک تمہارے پاس تم میں سے (ایک باعظمت) رسول ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) تشریف لائے‘‘۔ (التَّوْبَة ، 9 : 128)
ایک قراۃ میں اَنْفُسِکُمْ کی ’’ف‘‘ کو فتحہ (زبر) کے ساتھ پڑھا جاتا ہے یعنی اَنْفَسِکُمْ، جس کے معنی یہ ہوئے کہ تمہارے پاس یہ عظمت والے رسول نفیس ترین جماعت میں سے تشریف لائے۔ کافر چونکہ نفیس نہیں بلکہ خسیس ہیں۔ معلوم ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجداد ماجدین اور جدات طاہرات اعلیٰ قسم کے مومن تھے۔ وہ کفر و شرک کے تمام انواع سے پاک و مبراء تھے۔

اللہ رب العزت نے ارشاد فرمایا : الَّذِي يَرَاكَ حِينَ تَقُومُo وَتَقَلُّبَكَ فِي السَّاجِدِينَ ۔ ’’جو آپ کو (رات کی تنہائیوں میں بھی) دیکھتا ہے جب آپ (نمازِ تہجد کے لیے) قیام کرتے ہیں اور سجدہ گزاروں میں (بھی) آپ کا پلٹنا دیکھتا (رہتا) ہے‘‘۔ (الشُّعَرَآء، 26 : 218. 219)

امام رازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ : اس آیت کریمہ کا معنی یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نور پاک ساجدوں سے ساجدین کی طرف منتقل ہوتا رہا۔ یہ آیت اس پر دلیل ہے کہ سب آباء کرام مسلمین تھے۔ امام سیوطی، ابن حجر مکی اور علامہ زرقانی نے اس تقریر کی تائید و توثیق فرمائی ۔

ارشادفرمایا : وَلَسَوْفَ يُعْطِيكَ رَبُّكَ فَتَرْضَى ۔ ’’اور آپ کا رب عنقریب آپ کو (اتنا کچھ) عطا فرمائے گا کہ آپ راضی ہو جائیں گے‘‘۔ (الضُّحٰی ، 93 : 5)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وجاہت اجابت کا تو یہ عالم ہے کہ ان کے حق میں رب فرماتا ہے : سنرضی امتک ولا نسوک به ۔ ’’قریب ہے کہ ہم تجھے تیری امت کے بارے میں راضی کردیں گے اور تیرا دل برا نہ کریں گے‘‘۔ (رواہ مسلم)

امت کے معاملے میں تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت پروردگار رد نہ فرمائے تو کیا والدین کے بارے میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ گوارہ ہوگا کہ وہ معاذ اللہ جہنم میں رہیں ۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چچا حضرت ابو طالب رضی اللہ عنہ کے ایمان کے حوالے سے بعض لوگ اس سوچ کے حامل ہیں کہ آپ نے اسلام قبول نہ کیا تھا۔ یہ احباب اپنے موقف کی تائید میں احادیث مبارکہ پیش کرتے ہیں۔ ان کے اس اختلاف سے قطع نظر ان کی طرف سے ایمان ابو طالب رضی اللہ عنہ کی نفی میں پیش کی جانے والی احادیث سے بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کے ایمان پر استدلال کیا جا سکتا ہے۔ آیئے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں : ⏬

والدین کریمین رضی اللہ عنہما کے ایمان کے حوالے سے یہ عذر بھی معقول ہے کہ نہ تو انہیں دعوت اسلام پہنچی اور نہ ہی انہوں نے زمانہ نبوت پایا ۔ وہ دین ابراہیمی پر تھے، ان کے لئے عقیدہ توحید ہی کافی ہے۔ کسی ضعیف حدیث یا تاریخ سے ان کی طرف شرک کی نسبت ثابت نہیں۔ اللہ عزوجل فرماتا ہے : وَمَا كُنَّا مُعَذِّبِينَ حَتَّى نَبْعَثَ رَسُولاً ۔ ’’ہم ہرگز عذاب دینے والے نہیں ہیں یہاں تک کہ ہم (اس قوم میں) کسی رسول کو بھیج لیں‘‘۔ (الْإِسْرَاء - بَنِيْ إِسْرَآءِيْل ، 17 : 15) ۔ معلوم ہوا کہ جب والدین کریمین کو دعوت ہی نہیں پہنچی تو عذاب کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا بلکہ وہ حضرات دین ابراہیمی پر تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہ نے جو اشعار بوقت رحلت ارشاد فرمائے، ان سے ان کے ایمان کی دلیل ملتی ہے۔ جب والدہ ماجدہ نے اپنے فرزند جلیل سید مرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ انور پر حسرت سے نظر کی اور ان کی یتیمی کا خیال آیا تو فرمایا : ⏬

بارک الله فيک من غلام
يا انبی الذی من حرمة حمام
نجا بعون الملک المنام
فوری عدة انضرب باالسهام
بماته من الابل السوام
وان صح ماالبصرت فی المنام
فانت مبعوث الی الانام
تبعث فی الحل والحرام
تبعث فی التحقيق والاسلام
دين ابيک البر ابراهام
فاالله انهاک عن الاصنام
ان لا تو اليها مع اقوام
ترجمہ : اے لڑکے اللہ تجھ میں برکت رکھے، اے ان کے بیٹے جنہوں نے موت سے گھر سے نجات پائی۔ بڑے انعام والے بادشاہ اللہ عزوجل کی مدد سے جس صبح کو قرعہ ڈالا گیا۔ سو بلند اونٹ ان کے فدیہ میں قربان کئے گئے اگر وہ ٹھیک ٹھہرا جو میں نے خواب میں دیکھا ہے تو سارے جہاں کی طرف تو پیغمبر بنایا جائے گا جو تیرے نیکو کار باپ ابراہیم کا دین ہے۔ میں اللہ کی قسم دے کر تجھے بتوں سے منع کرتی ہوں کہ قوموں کے ساتھ ان کی دوستی نہ کرنا ۔ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کی فراق دنیا کے وقت اپنے ابن کریم کو یہ مبارک وصیت توحید و رد شرک میں فرق کے اعتبار سے آفتاب سے زیادہ روشن ہے اور اس کے ساتھ ملت ابراہیمی کا بھی پورا اقرار و ایمان ہے اور وہ بھی بیان بعثت عامہ کے ساتھ ۔

ارشاد فرمایا : اللّهُ أَعْلَمُ حَيْثُ يَجْعَلُ رِسَالَتَهُ ۔ ’’اﷲ خوب جانتا ہے کہ اسے اپنی رسالت کا محل کسے بنانا ہے‘‘۔ (الْأَنْعَام، 6 : 124)
اللہ رب العزت سب سے زیادہ معزز و محترم جگہ وضع رسالت کےلیے انتخاب فرماتا ہے لہذا کبھی کمتر قوموں اور رزیلوں میں رسالت نہیں رکھی۔ کفر و شرک سے زیادہ رذیل کونسی چیز ہوسکتی ہے اور اللہ تعالیٰ کیوں کر اس نور رسالت کو اس میں ودیعت کرے۔ کفار محلِ غضب و لعنت ہیں اور نورِ رسالت کے وضع کو محلِ رضا و رحمت درکار ہے۔ پس معلوم ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نور اصلاب طیبہ سے ارحام طاہرہ کی طرف گردش کرتا ہوا حضرت عبداللہ اور آمنہ رضی اللہ عنہما کے درمیان ظاہر ہوا۔ وہ سب کے سب کفر و شرک، الحاد و بے دینی کی آلودگیوں سے پاک و منزہ تھے ۔

قرآن پاک میں ہے کہ : إِنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ وَالْمُشْرِكِينَ فِي نَارِ جَهَنَّمَ خَالِدِينَ فِيهَا أُوْلَئِكَ هُمْ شَرُّ الْبَرِيَّةِo إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ أُوْلَئِكَ هُمْ خَيْرُ الْبَرِيَّةِ ۔
’’بے شک جو لوگ اہلِ کتاب میں سے کافر ہوگئے اور مشرکین (سب) دوزخ کی آگ میں (پڑے) ہوں گے وہ ہمیشہ اسی میں رہنے والے ہیں، یہی لوگ بد ترین مخلوق ہیں بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے وہی لوگ ساری مخلوق سے بہتر ہیں‘‘۔ (الْبَـيِّـنَة ، 98 : 6. 7)

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : انا محمد بن عبدالله بن عبدالمطلب بن هاشم بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مره بن کعب بن لؤی بن غالب بن فهر بن مالک بن نضر بن کنانه بن خزيمه بن مدرکه بن الياس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان مافترق الناس فرقتين الاجعلنی الله فی خير بهما فا خرجت من بين ابوی فلم يمسسنی شی من عهد الجاهلية وخرجت من نکاح ولم يمسنی من سفاح اخرج من آدم حتی انتهيت نکاح ابی وامی فانا خيرکم نفسا وخيرکم ابا.
ترجمہ : میں ہوں محمد بن عبداللہ بن عبدالمطلب بن ہاشم۔۔۔ (یوں اکیس پشت تک نسب نامہ مبارک بیان کرکے فرمایا) کبھی لوگ دو گروہ نہ ہوئے مگر یہ کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے بہتر گروہ میں پیدا کیا تو میں اپنے ماں باپ سے اس طرح پیدا ہوا کہ زمانہ جاہلیت کی کوئی بات مجھ تک نہ پہنچی اور میں خالص نکاح صحیح سے پیدا ہوا۔ آدم سے لے کر اپنے ابوین تک تو میرا نفس کریم سب سے افضل اور میرے باپ تم سب کے آباء سے بہتر‘‘۔
آیت مذکورہ میں رب العزت نے کفار اور مشرکین کو شرالبریہ فرمایا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اناخيرکم ابا ونفسا ’’میں تم میں سے ذات اور باپ کے اعتبار سے اچھا ہوں‘‘۔ پس یہ بات روز روشن سے بھی زیادہ عیاں اور روشن ہوگئی کہ سلسلہ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں کوئی کافر مشرک داخل نہیں ورنہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خیر اب ہونا کس طرح ثابت ہوسکتا ہے۔

علامہ جلال الدین سیوطی و دیگر محدثین فرماتے ہیں : ان آبا النبی صلی الله عليه وآله وسلم غير الانبياء وامهاته الی آدم وحوا ليس فيهم کافر لايقال فی حقه انه مختار ولا کريم ولا طاهر بل نجس وقد صدقت الا احاديث بانهم مختارون وان الآباء کرام والامهات طاهرات وايضا قال تعالی وتقلبک فی الساجدين علی احد التفاسير فيه ان المراد فننقل نوره من ساجدالی ساجد ۔
’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ نسب غیر انبیاء میں (کیونکہ جتنے انبیاء ہیں وہ تو انبیاء ہی ہیں) جس قدر آباء و امہات آدم و حوا تک ہیں ان میں کوئی کافر نہ تھا کہ کافر کو پسندیدہ، کریم یا پاک نہیں کہا جاسکتا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آباء و امہات کی نسبت حدیثوں میں تصریح کی گئی ہے کہ وہ سب پسندیدہ بارگاہ الہٰی ہیں، آباء سب معزز اور بزرگی والے ہیں، مائیں سب پاکیزہ ہیں اور آیۃ کریمہ وتقلبک فی الساجدین کی بھی ایک تفسیر یہی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نور ایک ساجد سے دوسرے ساجد کی طرف منتقل ہوتا آیا‘‘۔(الحاوی للفتاوی)

اب اس سے صاف ثابت ہورہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین ماجدین اہل جنت ہیں کیونکہ ساجد مشرک و کافر نہیں ہوتے بلکہ مومن و موحد ہی ہوتے ہیں ۔

سوال : قرآن کریم نے آزر کو ابراہیم علیہ السلام کا باپ بتایا اور وہ تو بت تراش تھے اس طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ نسب میں مشرک آگیا ؟
جواب : اس کے متعلق عرض ہے کہ مفسرین و اہل تاریخ کا اس پر اتفاق ہے کہ آزر حضرت ابراہیم علیہ السلام کا چچا تھا، باپ نہیں تھا۔ ترمذی میں حضرت ابو ہریرہ کی روایت سے حدیث موجود ہے کہ ’’آدمی کا چچا اس کے باپ کی جگہ ہوتا ہے۔ نیز قرآن کریم میں صریح آیت موجود ہے جس میں چچا کو باپ فرمایا گیا۔ نیز قرآن کریم اصطلاحات عرب کے مطابق نازل ہوا ۔

سوال : روایات سے ثابت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین زندہ کئے گئے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لائے ؟
جواب : اولاً تو اس حدیث سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کا ایمان ثابت ہوتا ہے ہے جو لوگ اب بھی ایمان کے قائل نہیں جواب تو ان کو دینا ہے، یہ حدیث ہمارے مطلوب کے خلاف نہیں۔ نیز حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کا دوبارہ زندہ کرنا اور ایمان لانا معاذاللہ اس لئے نہیں تھا کہ وہ کافر تھے ۔ ان کا کفر تو کسی ضعیف روایت سے بھی ثابت نہیں بلکہ ان کو اس لئے زندہ کیا گیا کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لاکر حضور کے شرف صحابیت سے مشرف ہوں اور خیرالامۃ میں داخل ہوجائیں۔ ان کا زندہ کرنا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانا یہ تو مزید انعام و اکرام کے لئے تھا ورنہ وہ پہلے ہی سے ملت ابراہیمی پر تھے۔ جس طرح گزشتہ قصیدہ میں ثابت ہوچکا ہے۔ ان کا اہل توحید سے ہونا ہی ان کی نجات کے لئے کافی ہے اس لئے کہ وہ تو احکام کے مکلف ہی نہیں تھے جس طرح کہ پہلے گزر چکا ہے ۔

سوال : حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو والدین کے لئے استغفار سے کیوں منع فرمایا گیا ؟
جواب : حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو استغفار سے بھی رب العزت نے اس لئے منع فرمایا کہ آپ کے والدین گنہگار تھے ہی نہیں۔ استغفار تو گناہگاروں کے لئے ہوتا ہے اور گنہگار و مجرم وہ ہے جو نبی یا رسول کی دعوت توحید و احکام سے اعراض کرے اور انکار کردے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کے لئے یہ دونوں امر ثابت نہیں ۔

سوال : فقہ اکبر کی عبارت ماتا علی الکفر ’’ان کی موت کفر پر ہوئی‘‘سے کیا مراد ہے ؟
جواب: ۱۔ اول تو یہ مسئلہ اجتہادی نہیں کہ ہم اس میں کسی امام کی پیروی یا تقلید کریں۔ جواب: ۲ ۔ دوسرا یہ کہ فقہ اکبر کی عبادت مؤل ہے یعنی ماتا علی عهد الکفر. یعنی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کا عہد کفر میں انتقال ہوا اور یہ بات مسلّم ہے اس سے کوئی انکار نہیں ۔ جواب :۳ ۔ تیسری تاویل یہ ہے کہ ماماتا علی الکفر ’’حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کا کفر پر انتقال نہیں ہوا ۔ جواب : ۴ ۔ چوتھا جواب یہ ہے کہ یہ عبارت بعض نسخوں میں سرے سے موجود ہی نہیں اس لئے ہمیں اس عبارت کی جواب دینے کی ضرورت ہی نہیں ۔

خلاصہ کلام : مسئلہ اس قدر نازک ہے کہ اگر احتیاط ہاتھ سے نکل جائے تو ایمان سے محروم ہونے کا خطرہ ہے۔ کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین ماجدین کے کفر کے متعلق (معاذاللہ) قول کرنا کوئی آسان کام ہے ۔ ارشاد فرمایا : وَالَّذِينَ يُؤْذُونَ رَسُولَ اللّهِ لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ .’’اور جو لوگ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کو (اپنی بد عقیدگی، بد گمانی اور بد زبانی کے ذریعے) اذیت پہنچاتے ہیں ان کے لیے دردناک عذاب ہے‘‘۔ (التَّوْبَة، 9 : 61)

عقلمند کو چاہیے کہ ایسی پر خطر جگہ احتیاط سے کام لے۔ حجۃ الاسلام امام غزالی احیاء العلوم میں فرماتے ہیں کہ’’ کسی مسلمان کی طرف گناہ کبیرہ کی نسبت جائز نہیں جب تک تواتر سے ثابت نہ ہو‘‘۔ کفر کی نسبت کا معاملہ تو بہت ہی دشوار ہے۔ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کے قول سے سبق لیا جائے، فرماتے ہیں : ’’اگر کسی میں ننانوے احتمالات کفر کے ہوں اور ایک ایمان کا تو اس کے لئے بھی کفر کی نسبت کرنا جائز نہیں‘‘۔ خود ساختہ مقلدین کے پاس امام کے اس ارشاد کا کیا جواب ہے هَاتُوْا بُرْهَانکُمْ اِنْ کُنْتُمْ صَادِقِيْن ۔ ’’ اگر تمہارے پاس کوئی برہان ہے اور تم سچے ہو تو وہ برھان لاؤ‘‘۔

کیا تمہارا ایمان گوارہ کرتا ہے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادنیٰ غلام جنت نعیم میں داخل ہوں اور جن کے نعلین کے تصدق جنت بنی ان کے ماں باپ دوسری جگہ (معاذ اللہ) غضب و عذاب میں مبتلا ہوں۔ کیا حضرت سیدہ آمنہ رضی اللہ عنہا، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی والدہ حضرت مریم سے بھی کم ہیں ۔ کیا یہ آپ کو پسند ہوگا کہ حضرت موسیٰ اور عیسیٰ علیہما السلام اپنی والدہ کو جنت میں دیکھیں اور محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی والدہ وہاں نظر نہ آئیں۔۔۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین ماجدین کے ناموں سے ہی پتہ چلتا ہے کہ وہ کون تھے۔ اپنا تو یہ موقف ہے کہ یہ سارا باغ ہے اور وہی اس کے مالی ہیں۔ یہ کیونکر ممکن ہے کہ مالی تو باغ کی فرحت و مسرت سے محروم ہو اور غیروں کے لئے بساط عیش و عشرت بچھا رہے ۔

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے والدین رضی اللہ عنہما کو مشرک کہنے والوں کو جواب

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اپنے جن جن آباؤ اجداد کی پشتوں سے منتقل ہوکر دنیا میں تشریف لائے وہ سب کے سب سجدہ کرنے والے مومن اورتوحید پرست تھے اُن میں سے کوئی کافر ومُشرک نہ تھا۔ القرآن:… الَّذِیْ یَرَاکَ حِیْنَ تَقُوْمُ ۔ وَتَقَلُّبَکَ فِی السّٰجِدِیْنَ ۔ اِنَّہٗ ھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ ۔
ترجمہ : جو آپ کو دیکھتا رہتا ہے جب آپ کھڑے ہوتے ہیں اور ہم تمہارا نور پاک سجدہ کرنے والوں میں دیکھ رہے ہیں بیشک وہی سب کچھ سُننے والا جاننے والا ہے ۔ (سورئہ شعراء ،آیت 218تا220، پارہ19)

ابو نعیم علیہ الرحمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ان آیات کا مفہوم اس طرح نقل کیا ہے کہ ’’تقلب‘‘ سے مُراد ’’تنقل فی الاصلاب‘‘ یعنی جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا نور یکے بعد دیگرے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے آباؤ اجداد کی پشتوں سے منتقل ہوتا ہوا حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کے پاکیزہ بطنِ مبارک اور حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کی نورانی پیشانی میں چمکا۔ لہٰذا اس آیت سے ثابت ہوا کہ سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم جن جن آباؤ اجداد کی پشتوں سے منتقل ہوکر دنیا میں تشریف لائے وہ سب کے سب (اللہ تعالیٰ) کو سجدہ کرنے والے مومن اور توحید پر ست تھے اُن میں سے کوئی بھی کافر ومشرک نہ تھا ۔ الحدیث : مسلم ، ترمذی اورمشکوٰۃ میں ہے کہ حضرت وائلہ بن الاسقعص فرماتے ہیں کہ میں نے سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے سُنا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم فرماتے ہیں کہ بے شک اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد سے کنانہ کو برگذیدہ (منتخب ) فرمایا اورکنانہ میں قریش کو اور قریش میں سے بنی ھاشم اوراس میں سے مجھ کو برگزیدہ فرمایا ۔ (دلائل النبوت، بیہقی جلد اوّل صفحہ65، سیرت حلبیہ ، جلد اوّل صفحہ43)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام سے لے کر سیّدہ آمنہ رضی اللہ عنہا اور حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ تک سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم جن جن آباؤ اجداد سے منتقل ہوکر دنیا میں تشریف لائے وہ تمام برگذیدہ اور صاحبِ ایمان تھے ۔ دلیل : حضرت ابراہیم ں کی دعا قرآن میں یوں نقل ہے ۔ القرآن:… رَبَّنَا وَابْعَثْ فِیْھِمْ رَسُوْلًا مِّنْھُمْ یَتْلُوْا عَلَیْھِمْ اٰیٰتِکَ وَیُعَلِّمُھُمُ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ وَیُزَکِّیْھِمْ ط (سورئہ بقرہ ، پارہ 1آیت129)
ترجمہ : اے ہمارے رب اُمّت مسلمہ میں سے آخری رسول بھیج کہ ان پر تیری آیت تلاوت فرمائے اورانہیں کتاب اور پختہ علم سکھائے اور اُنہیں خوب صاف ستھرا فرما دے ۔

معلوم ہوا کہ سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کےلیے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دعا فرمائی کہ اُمّتِ مسلمہ میں رسول بھیج جو گمراہ لوگوں کو خوب صاف ستھرا کر دے جو نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم لوگوں کو پاک صاف کردیں کیا وہ خود (معاذ اللہ) کسی مشرک کے بطن میں رہ سکتے ہیں لہٰذا معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اُمِّت مسلمہ میں سے تشریف لائے ۔ سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے والدین کریمین کے مومن ہونے پر علمائے اُمَّت کا اتفاق : اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضلِ بریلوی علیہ الرحمہ اپنی کتاب شمول الاسلام میں ان علمائے اُمَّت کے نام تحریر فرمائے ہیں جنہوں نے سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے والدین کریمین کے مومن ہونے پر تحریریں لکھی ہیں : ⏬

1 : امام ابو حفصل عمر ابن احمد بن شاہین بغدادی علیہ الرحمہ (المتوفی 358ھ)
2 : شیخ احمد بن علی بن ثابت بن احمد بن مہدی خطیب علی البغدادی علیہ الرحمہ (المتوفی 463ھ)
3 : حافظ الشان محدث امام ابو القاسم علی بن حسن عساکر علیہ الرحمہ (المتوفی 571ھ)
4 : امام اجل ابو القاسم عبدالرحمن بن عبدلالہ بن احمد سہیلی علیہ الرحمہ (المتوفی 581ھ)
5 : علامہ امام صالح الدین صفوی علیہ الرحمہ (المتوفی 764ھ)
6 : امام علامہ شر ف الدین مناوی علیہ الرحمہ (المتوفی 757ھ)
7 : امام فخر الدین رازی علیہ الرحمہ (مصنّف تفسیرِ کبیر) (المتوفی 606ھ)
8 : اما م جلا ل الدین سیوطی الشافعی علیہ الرحمہ (المتوفی 911ھ)
9 : امام عبدالوہاب شعرانی علیہ الرحمہ (المتوفی 1122ھ)
10 : شیخ محقق شاہ عبدالحق محدث دہلوی علیہ الرحمہ (المتوفی 1052ھ)

ان تمام علمائے اُمّت کا ایمان ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے والدین کریمین رضی اللہ عنہما مومن ، موحد اور جنتی ہیں ۔

اعتراض : مسلم شریف کی روایت کے الفاظ ’’ان ابی واباک فی النار‘‘ یعنی میرا اور تمہارا باپ دونوں جہنم میں ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے اس فرمان کا کیا مطلب ہے ؟
جواب : اس کا جواب حضرت امام جلال الدین سیوطی علیہ الرحمہ نے اپنے مقبول زمانہ رسالے ’’نشر العلمین المنیفین فی احیاء الابوین الشریفین‘‘ میں دیا ہے ۔ آپ فرماتے ہیں کہ یہاں باپ سے مراد ابو طالب ہیں ، کیونکہ اہل عرب چچا کو (ابا یعنی باپ) كهتے تھے اور یہ تمام عرب ممالک میں معمول تھا۔ قرآن مجید میں ہے : قَالُوا نَعْبُدُ إِلَـٰهَكَ وَإِلَـٰهَ آبَائِكَ إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ وَإِسْحَاقَ إِلَـٰهًا وَاحِدًا (سورۂ بقرہ، آیت 133، پارہ 1) ترجمہ: وہ بولے ہم پوجیں گے اسے جو خدا ہے آپ کا اور آپ کے آباء ابراہیم و اسمعیل و اسحاق کا ایک خدا ۔ اس آیت میں حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کو حضرت یعقوب علیہ السلام کے والد میں ذکر کیا گیا ہے یعنی ’’آباء‘‘ کہا گیا حالانکہ حضرت اسمٰعیل علیہ السلام ، حضرت یعقوب علیہ السلام کے چچا تھے ۔ امام رازی علیہ الرحمہ تفسیر کبیر جلد سوم صفحہ نمبر 37 پر فرماتے ہیں۔ آج کل بھی بعض قوموں میں چچا کو بڑے ابا کہا جاتا ہے حالانکہ وہ والد نہیں ، چچا ہوتے ہیں ۔

اہل سنت کے علماء محقیقین مثلاً امام جلال الدین سیوطی و علامہ ابن حجر ہثیمی و امام قر طبی و حافظ الشام ابن ناصرالدین و حافظ شمس الدین و مشقی،و قاضی ابو بکرابن العربی مالکی و شیخ عبدالحق محدث د ہلوی، و صاحب الاکلیل مولانا عبدالحق مہاجر مدنی و غیرہ رحمتہ اللہ علیہم کا یہی عقیدہ اور قول ہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ماں باپ دونوں یقینًا بلا شبہ مومن ہیں چنانچہ اس بارے میں حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمتہ اللہ علیہ کا ارشاد ہے کہ : حضور کے والدین کو مومن نہ ماننا یہ علماء متقدمین کا مسلک ہے لیکن علماء متاخرین نے تحقیق کے ساتھ اس مسئلہ کو ثابت کیا ہے کہ حضور کے والدین، بلکہ حضور کے تمام آباؤ اجداد حضرت آدم علیہ السلام تک سب کے سب “مومن“ ہیں۔

اور ان حضرات کے ایمان کو ثابت کرنے میں علماء متاخرین کے تین طریقے ہیں۔ اول یہ کہ حضور کے والدین اور آباؤ اجداد سب حضرت ابراہیم علیہ السلام کے دین پر تھے، لہذا “ مومن“ ہوئے۔ دوم یہ کہ یہ تمام حضرات حضور علیہ الصلوٰ ۃ والسلام کے اعلان نبوت سے پہلے ہی ایسے زمانے میں وفات پا گئے جو زمانہ “ فترت “ کہلاتا ہے۔ اور ان لوگوں تک حضور علیہ الصلوٰ ۃ والسلام کی دعوت ایمان پہنچی ہی نہیں۔ لہذا ہر گز ہر گز ان حضرات کو کافر نہیں کہا جا سکتا۔ بلکہ ان لوگوں کو مومن ہی کہا جائے گا۔ سوم یہ کہ اللہ تعالیٰ نے ان حضرات کو زندہ فرما کر ان کی قبروں سے اٹھایا اور ان لوگوں نے کلمہ پڑھ کر حضور علیہ الصلوٰ ۃ والسلام کی تصدیق کی۔

اور حضور کے والدین کو زندہ کرنے کی حدیث اگرچہ بذات خود ضعیف ہے مگر اس کی سندیں اس قدر کثیر ہیں کہ یہ حدیث “ صحیح “ اور “ حسن“ کے درجے کو پہنچ گئی ہے۔

اور یہ وہ علم ہے جو علماء متقدمین پر پوشیدہ رہ گیا جس کو حق تعالیٰ نے علماء متاخرین پر منکشف فرمایا اور اللہ تعالیٰ جس کو چاہتا ہے اپنے فضل سے اپنی رحمت کے ساتھ خاص فرما لیتا ہے۔ اور شیخ جلال الدین سیوطی رحمتہ اللہ تعالیٰ نے اس مسئلہ میں چند رسائل تصنیف کئے ہیں اور اس مسئلہ کو دلیلوں سے ثابت کیا ہے اور مخالفین کے شہبات کا جواب دیا ہے۔ ( اشعتہ اللمعات ج اول ص 718،چشتی)

اسی طرح خاتمتہ المفسرین حضرت شیخ اسماعیل حقی رحمتہ اللہ علیہ کا بیان ہے کہ ایمانِ بی بی آمنہ ( رضی اللہ عنہا )(تفسری روح البیان)

امام قرطبی نے اپنی کتاب “ تذکرہ “ میں تحریر فرمایا کہ حضرت عائشہ (رضی اللہ تعالیٰ عنہا) نے فرمایا کہ حضور علیہ الصلوٰ ۃ والسلام جب “ حجۃ الوداع “ میں ہم لوگوں کو ساتھ لے کر چلے۔ اورحجون“ کی گھاٹی پر گزرے تو رنج و غم میں ڈوبے ہوئے رونے لگے اور حضور کو روتا دیکھ کر میں بھی رونے لگی پھر حضور اپنی اُ نٹنی سے اتر پڑے اور کچھ دیر بعد میرے پاس واپس تشریف لائے تو خوش خوش مسکراتے ہوئے تشریف لائے میں نے دریافت کیا کہ یا رسول اللہ ! آپ پر میرے ماں باپ قربان ہوں، کیا بات ہے؟ کہ آپ رنج و غم میں ڈوبے ہوئے اونٹنی سے اترے اور واپس لوٹے تو شاد و فرحاں مسکراتے ہوئے تشریف فرما ہوئے تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ میں اپنی والدہ حضرت آمنہ کی قبر کے لئے گیا تھا۔ اور میں نے اللہ تعالیٰ سے سوال کیا کہ وہ ان کو زندہ فرما دے تو خدا وندی تعالیٰ نے ان کو زندہ فرما دیا اور وہ ایمان لائیں۔(تفسیر قرطبی)

اور “ الاشباہ والنظائرہ “ میں ہے کہ ہر وہ شخص جو کفر کی حالت میں مر گیا ہو اس پر لعنت کرنا جائز ہے- بجز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدین کے کیونکہ اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان دونوں کو زندہ فرمایا اور یہ دونوں ایمان لائے ۔

امام اہلسنت امام احمد رضا محدث بریلوی رحمۃ اللہ علیہ نے منکرینِ فضائلِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ردِّ بلیغ کرتے ہوئے آپ نے ایک کتاب تصنیف فرمائی ۔جس کی عبارتِ ذیل اردو ادب کا ایک بہترین جوہر پارہ اور والدینِ مصطفی جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مومن و موحد ہونے کا بیان بھی ہے… پیرایۂ اظہار وبیان پر غور کیجیے : اے چشمِ انصاف! کیا ہر تعلق ہر علاقہ میں ان پاک مبارک ناموں کا اجتماع محض اتفاقی بہ طور جزاف تھا؟… کلّا واللہ! بل کہ عنایتِ ازلی نے جان کر یہ نام رکھے… دیکھ دیکھ کر یہ لوگ چُنے… پھر محلِّ غور ہے جواس نورِ پاک کو بُرے نام والوں سے بچائے وہ اسے بُرے کام والوں میں رکھے گا؟… اور برا کام بھی کون سا ؟… معاذ اللہ ! شرک و کفر… حاشآء … اللہ اللہ !… دائیاں مسلمان… کھلائیاں مسلمان… مگر خاص جن مبارک پیٹوں میں محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے پاوں پھیلائے ؛ جن طیّب مطیّب خونوں سے اِس نورانی جسم میں ٹکڑے آئے ، معاذاللہ ! چنیں و چناں حاش للہ کیوں کر گوارا ہو؟… عخدا دیکھا نہیں قدرت سے جانا ، (امام احمدرضا بریلوی:شمول الاسلام لاصول الرسول الکرام۱۳۱۵ھ،رضا اکیڈمی ،ممبئی، ۱۹۹۸ء ،ص۳۳)

حضرت سیدہ آمنہ خاتون رضی اللہ عنہا اپنے ابنِ کریم مصطفی پیارے صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کواس دارِ فانی سے کوچ کرتے وقت نصیحت فرماتی ہیں کہ :’’ہر زندے کو مرنا ہے، اور ہر نئے کو پُرانا ہونا اور کوئی کیسا ہی بڑا ہو ایک دن فنا ہونا ہے میں مرتی ہوں اور میرا ذکر ہمیشہ خیر سے رہے گا، میں کیسی خیرِ عظیم چھوڑ چلی ہوں اور کیسا ستھرا پاکیزہ مجھ سے پیدا ہوا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ‘‘ اس موضوع کے تحت امام احمد رضامحدث بریلوی کا یہ شگفتگی،شیفتگی اور وارفتگی سے پُر ادب پارہ نشانِ خاطر ہو : یہ اُن کی فراستِ ایمانی… پیشن گوئیِ نورانی… قابلِ غور ہے کہ میں انتقال کرتی ہوں اور میرا ذکرِ خیر ہمیشہ رہے گا… عرب و عجم کی ہزاروں شاہ زادیاں… بڑی بڑی تاج والیاں خاک کا پیوند ہوئیں… جن کا نام تک کوئی نہیں جانتا… مگر اس پاک طیّبہ خاتون کے ذکرِ خیر سے مشارق و مغاربِ ارض میں محافل و مجالسِ اِنس و قدس میں زمین و آسمان گونج رہے ہیں اور ابدالآباد تک گونجیں گے… وللہ الحمد ۔ (امام احمدرضا بریلوی:شمول الاسلام لاصول الرسول الکرام۱۳۱۵ھ،رضا اکیڈمی ،ممبئی،۱۹۹۸ء صفحہ ۴۰) ۔ (مزید حصّہ دوم میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...