Tuesday, 15 June 2021

مولودِ کعبہ حصہ اول

 مولودِ کعبہ حصہ اول

محترم قارئینِ کرام : ہم نے کچھ عرص قبل حضرت مولا رضی اللہ عنہ کے متعلق بعض اہلِ سنت کی کتابوں کے حوالے سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے خانہ کعبہ میں پیدا ہونے پر ایک مضمون لکھا تھا جس میں مکمل دیانتداری کے ساتھ تمام حوالہ جات بمعہ اسکینز پیش کیے تھے (اِس مضمون میں اُن حوالہ جات پر بھی تحقیق پیش کی جاۓ گی ان شاء اللہ) ساتھ ہی وعدہ کیا تھا کہ وقت ملتے ہی دوسرا موقف جو اہلسنت کا ہے وہ پیش کرینگے مصروفیات و مشکلات نے یوں گھیرا کہ جمع شدہ مواد مختلف اوراق میں بھکرا رہا یوں دو سے تجن سال کا عرصہ گذر گیا ۔ اب احباب کے بار بار اسرار پر اِن مالی مشکل حالات و پریشانیوں میں گھرے ہونے کے باوجود ان حوالہ جات و موقف کو پیش کیا جا رہا ہے اہلِ علم سے گذارش ہے اختلاف آپ کا حق ہے کیجیے مگر دلاٸل کے ساتھ اور جہاں کہیں غلطی پاٸیں تو فقیر کو آگاہ فرماٸیں جزکم اللہ خیرا آمین ۔
پہلی بات یہ ہے کہ جن کتابوں میں اس کو ذکر کیا گیا تو وہاں صیغہ تمریض جیسے قِیْل ، رُوِیَ وغیرہ کے ساتھ ذکر کیا گیا لہٰذا یہ بات معتبر نہیں ۔
دوسری بات یہ ہے کہ صرف شہرت کی وجہ سے سند اور معتبر مآخذ کے ذکر کے بغیر لکھ دیا گیا لہٰذا جب تک معتبر ماخذ نہیں مل جاتا تب تک یہ بات قابلِ قبول نہیں ہے ۔
تیسری بات یہ ہے کہ جنہوں نے ماخذ بیان کیا ہے,وہ یا تو شیعوں کی کتب ہیں یا ایسے شیعوں کی طرف مائل حضرات کی کتب ہیں جنہوں نے بہت ساری شیعی روایات کو بغیر تحقیق و تنقیح کے نقل کر دیا جیسے امام ذہبی , ملا علی قاری اور شاہ ولی اللہ محدث دہلوی علیہم الرّحمہ نے مستدرک للحاکم کے حوالے سے اور بعض نے مروج الذہب اور فضول المھمہ کے حوالے سے نقل کیا ہے ۔
حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کو مولودِ کعبہ سمجھنا ایسا کمزور گمان ہے جس کے ثبوت پر کوئی صحیح دلیل نہیں کیونکہ آپ کرم اللہ وجہہ الکریم اپنے والد حضرت ابوطالب کے مکان شعبِ بنی ہاشم کے اندر پیدا ہوئے جس مکان کو لوگ مولدِ علی رضی اللہ عنہ کے نام سے یاد کیا کرتے تھے اور اس مکان کے دروازے پر یہ عبارت لکھی ہوئی تھی : ھذا مولد امیر المؤمنین علی ابن ابی طالب ، یعنی یہ حضرت امیر المومنین علی بن ابوطالب کرم اللہ وجہہ الکریم کی ولادت گاہ ہے ۔ اور اہلِ مکہ بھی اس پر بغیر اختلاف کے متفق تھے ۔ نیز آپ کرم اللہ وجہہ الکریم کی ولادت گاہ پر ایک قبہ بنا ہوا تھا جس کو نجدیوں نے دیگر مقامات مقدسہ کے ساتھ گرادیا ۔
امام مسلم بن حجاج قشیری رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں : ولد حکیم ابن حزام فی جوف الکعبہ ۔
ترجمہ : حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے ۔ (صحیح مسلم کتاب البیوع باب الصدق فی البیع والبیان)
امام بدر الدین عینی حنفی رحمۃ اللہ تعالی علیہ تحریر فرماتے ہیں : حکیم بن حزام ولد فی بطن الکعبۃ ۔
ترجمہ : حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ تعالی عنہ خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہوئے ۔ (عمدۃالقاری شرح صحیح بخاری جلد 13 صفحہ 142 دارالکتب العلمیہ بیروت،چشتی)
امام ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ تعالی تحریر فرماتے ہیں : وحکی الزبیر بن بکار ان حکیما ولد فی جوف الکعبہ ۔
ترجمہ : حضرت زبیر بن بکار رضی اللہ عنہ نے حکایۃً بیان کیا کہ حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ کی ولادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی ۔ (الاصابہ فی تمییز الصحابہ جلد 2 صفحہ 98 دار الکتب العلمیہ بیروت)
امام جلال الدین سیوطی شافعی رحمۃاللہ تعالی علیہ تحریر فرماتے ہیں : حکیم بن حزام بن خویلد بن اسد وکان مولدہ فی جوف الکعبہ۔
ترجمہ : حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ بن خویلد بن اسد. اور آپ کی ولادت گاہ خانہ کعبہ کے اندر تھی ۔ (تدریب الراوی فی شرح تقریب النواوی صفحہ 355 دارالکتاب العربی بیروت)
امام جلال الدین سیوطی شافعی رحمۃاللہ تعالی علیہ مزید اسی کتاب کے اگلے صفحہ پر تحریر فرماتے ہیں : قال الزبیر بن بکار کان مولد حکیم بن حزام فی جوف الکعبہ قال شیخ الاسلام ولایعرف ذلک لغیرہ ۔
ترجمہ : حضرت زبیر بن بکار رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ کی ولادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی , شیخ الاسلام فرماتے ہیں کہ وہ اس بات کو (خانہ کعبہ کے اندر پیدا ہونے کو) حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ کے علاوہ کیلیے نہیں جانتے ۔ (تدریب الراوی فی شرح تقریب النواوی صفحہ 356 دارالکتاب العربی بیروت)
امام ابو ذکریا محی الدین یحی بن شرف نووی رحمۃ اللہ تعالی علیہ تحریر فرماتے ہیں : ولد حکیم بن حزام فی جوف الکعبۃ ولایعرف احد ولد فیھا غیرہ ۔
ترجمہ : حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ کی ولادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی اور ان کے علاوہ کوئی ایسا شخص معلوم نہیں ہے جس کی ولادت خانہ کعبہ کے اندر ہوئی ہو ۔ (تہذیب الاسماءواللغات حرف الحاء جلد اول صفحہ 409 دار فیحاءالبیروت)
ایک شیعہ عالم نے بھی لکھا ہے کہ : محدثین صرف حکیم بن حزام (رضی اللہ عنہ) کو ہی مولودِ کعبہ سمجھتے ہیں ۔ (شرح نہج البلاغہ جلد اول صفحہ 14 دارالجبل بیروت)
البتہ خانہ کعبہ کے اندر صرف حضرت حکیم بن حزام رضی اللہُ عنہ کی ولادت ہوئی ہے , آپ رضی اللہ عنہ کے علاوہ کسی کی بھی ولادت خانہ کعبہ کے اندر نہیں ہوئی ۔
امام حافظ ابو عمر خلیفہ بن خیاط رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں : ولد علی بمکۃ فی شعب بنی ھاشم ۔
ترجمہ : حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ولادت مکہ میں شعب بنی ہاشم میں ہوئی ۔ (تاریخ خلیفہ بن خیاط صفحہ 199 دار حلبیۃ الریاض،چشتی)
امام حافظ ابوالقاسم علی بن حسن رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں : ولد علی بمکۃ فی شعب بنی ھاشم ۔
ترجمہ : حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ولادت مکہ میں شعب بنی ہاشم میں ہوئی ۔ (تاریخ دمشق الکبیر جلد 45 صفحہ 448 دار احیاء التراث العربی بیروت)
حضرت سیدنا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں جو یہ بات بیان کی جاتی ہے کہ آپ کی ولادت کعبہ شریف میں ہوئی یہ قول اہل علم کے نزدیک ضعیف ہے البتہ ام المؤمنین، حضرت سیدہ خدیجتہ الکبریٰ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے بھتیجے سیدنا حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ کی ولادت کعبہ میں ہوئی ۔ آپ کے علاوہ کوئی بھی کعبہ میں پیدا نہیں ہوا ۔
مام ابو زکریا محی الدین یحیٰ بن شرف النووی رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں : ولد حکیم بن حزام فی جوف الکعبتہ ولا یعرف احد ولد فیھا غیرہ واما ما روی ان علی بن ابی طالب ولد فیھا فضعیف عند العلماء ۔
ترجمہ : صرف حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ کی ولادت جوف کعبہ میں ہوئی آپ کے علاوہ کوئی بھی کعبہ میں پیدا نہیں ہوا اور جو یہ کہا جاتا ہے کہ حضرت سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ بھی کعبہ میں پیدا ہوئے یہ بات علماء کے نزدیک ضعیف ہے ۔ (تهذیب الاسماء واللغات، حرف الحاء،ج 1.ص 409.رقم 127۔دارالفیحاء بیروت)
امام سیوطی رحمة الله عليه کا بھی قول ہے : قال الزبیر بن بکار کان مولد حکیم فی جوف الکعبتہ ‛‛ قال الشیخ الاسلام ولا یعرف ذٰلک لغیرہ طما وقع فی مستدرک الحاکم من ان علیًا ولد فیھ ضعیف ۔
ترجمہ : زبیر بن بکار کہتے ہیں حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ کعبہ میں پیدا ہوئے اور شیخ الاسلام امام نووی رحمة الله عليه فرماتے ہیں آپ کے علاوہ کوئی بھی کعبہ میں پیدا نہیں ہوا جو مستدرک حاکم میں حضرت علی رضی الله عنه کو مولود کعبہ لکھا ہے یہ ضعیف ہے ۔ (تدریب الراوی فی شرح تقریب النوٰوی ، النوع الستون ، التواریخ والوفیات، ص 356 ،دارالکتاب العربی بیروت،چشتی)
امام ابن عبدالبر نے لکھا ہے کہ حکیم رضی اللہ عنہ کی ولادت کعبہ کے اندر ہوئی تھی۔ ان کے علاوہ کوئی دوسرا شخص کعبہ کے اندر پیدا نہیں ہوا۔ سیدنا علی بن ابوطالب رضی اللہ عنہ کے متعلق جو ایسا دعویٰ کیا جاتا ہے وہ اہل علم کے نزدیک ضعیف ہے۔ (الاستیعاب بمعرفة الاصحاب 363/1)
مصطفیٰ بن محمد بن عبدالعلوی رقم طراز ہیں کہ حکیم رضی اللہ عنہ کی ولادت کعبہ کے اندر ہوئی، کوئی دوسرا شخص اس خصوصیت میں ان کا شریک نہیں ۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے متعلق ایسا دعویٰ اہل علم کے نزدیک ضعیف ہے ۔ (عنوان النجابة فی معرفة الصحابة من مات بالمدینة من الصحابة، ص: 63)
صدرالشریعہ حضرت علاّمہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ تحریر فرماتے ہیں : مکانِ ولادت اقدس حضور انور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم و مکان حضرت خدیجہ الکبریٰ رضی اللہُ عنہا و مکان ولادتِ علی رضی اللہ عنہ و جبلِ ثور و غارِ حرا و مسجد الجن و مسجد جبل ابی قبیس وغیرہا مکانِ متبرکہ کی زیارت سے بھی مشرف ہو ۔ (بہار شریعت جلد اول حصہ 6 صفحہ 1150مکتبۃ المدینہ کراچی)۔(مزید حصّہ دوم میں ان شاء اللہ)۔(طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...