Tuesday, 15 June 2021

میری امت کا اختلاف رحمت ہے

 میری امت کا اختلاف رحمت ہے

محترم قارئینِ کرام : اختلاف أمتي رحمة ۔ محدثین نے اسے حدیث کے طور پر ذکر کیا ہے جیسے نصر مقدسی نے کتاب الحجة میں ، خطابی نے غریب الحدیث میں اور امام بیہقی نے رسالة اشعریہ میں ۔ (جامع الأحادیث للسیوطی ۱:۱۲۴ حدیث نمبر: ۷۰۶ اور کشف الخفاء ۱:۶۴-۶۶ حدیث نمبر، ۱۵۳)


اختلاف امتی رحمة ۔

تجمہ : میری امت کا اختلاف رحمت ہے ۔ (کنزالعمال فی سنن الاقوال والافعال، 10: 136، الرقم: 28686)


امام ملا علی قاری رحمة اللہ علیہ نے اس حدیث کو ضعیف قرار دیا ہے ، اگر یہ حدیث صحیح بھی ہو تو اختلاف اصول میں ہرگز نہیں ہوتا ۔ ہمیشہ اختلاف فروعی چیزوں میں ہوتا ہے ، ان سب چیزوں کی منزل ایک ہی ہوتی ہے ، مگر راستے الگ الگ ہیں ۔ اس کو رحمت اس وجہ سے قرار دیا جاتا ہے کہ کوئی مسلمان جو بھی طریقہ اور راستہ اپنائے گا اسے منزل مل جائے گی اور وہ منزل ہے رضائے الہی ۔ جو طریقہ اور راستہ آسان ہو ، اس کو اختیار کرکے منزل مقصود تک پہنچنا ۔


اگر ایک ہی راستہ ہو تو اس میں مشکلات ہوتی ہیں ۔ لہذا فروعی مسائل میں اختلاف امت کے لیے رحمت ہے اور اصول میں اختلاف امت کےلیے زحمت ہے ۔


حضرت قاسم بن محمد رضی اللہ عنہ بڑے مرتبہ کے تابعی اورمدینہ کے فقہاء سبعہ میں سے ایک ہیں ۔ خاندانی شرافت میں بھی ممتاز ہیں ۔ حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کے خانوادہ سے ان کا تعلق ہے آپ فرماتے ہیں ۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے اصحاب رضی اللہ عنہم  کا اختلاف لوگوں کےلیے رحمت ہے ۔ (ادب الخلاف)


امام مالک رحمة اللہ علیہ کے نام نامی سے کون شخص ناواقف اور جاہل ہوگا ۔ نامور محدث اور ائمہ اربعہ علیہم الرّحمہ میں سے ایک ہیں ۔ان سے جب ہارون رشید نے درخواست کی اور اجازت چاہی کہ پورے اسلامی میں موطا امام اما م مالک کے مطابق عمل نافذ کر دیا جائے توانہوں نے جواب میں یہ فرمایا ۔ اے امیر المومنین علماء کا اختلاف اللہ تعالیٰ کی اس امت پر رحمت ہے ہر ایک اپنے نزدیک صحیح ثابت شدہ امر کی پیروی کرتا ہے اور ہر ایک ہدایت پر ہے اور ہر ایک کا مقصد اللہ تعالی کی رضا ہے ۔ (تاریخ بغداد)(سیر اعلام النبلاء)


امام بغوی رحمة اللہ علیہ مشہور محدث و ومفسر ہیں ان کی کتاب شرح السنۃ محتاج تعارف نہیں ہے لکھتے ہیں : اما الاختلاف فی الفروع بین العلماء فاختلاف رحمۃ اراد اللہ ان لایکون علی المومنین حرج فی الدین فذلک لایوجب الجھران والقطیعة ،لان ھذاالاختلاف کان بین اصحاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مع کونھم اخوانا موتلفین ،رحماء بینھم وتمسک بقول کل فریق منھم طائفة من اھل العلم بعدھم وکل طلب الحق وسلوک سبیل الرشد مشترکون ۔ (شرح السنۃ 1/229،چشتی)

ترجمہ : بہرحال فروعات میں علماء کے درمیان اختلاف کا واقع ہونا اللہ کی رحمت ہے۔اللہ کی مشیت اس کی متقاضی ہوئی کہ مومنین پر دین پر عمل کرنے میں کوئی حرج نہ ہو ۔ اسی لیے واجب ہے کہ فروعی اختلاف کی وجہ سے کسی کو چھوڑنا اور بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے اس لیے کہ یہ اختلاف رسول اللہ صلی اللہ علیہ و وآلہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے درمیان بھی موجود تھا اور اسی کے ساتھ وہ آپس میں ایک دوسرے کے خیرخواہ ، مہربانی کرنے والے تھے ۔ اورانہی کے اقوال سے بعد کے اہل علم نے استدلال کیاہے اوران میں سے ہر ایک حق کا جویاں ہے اور ہدایت کے راہ پر چلنے میں سبھی مشترک ہیں ۔


امام ابن قدامہ بڑے محدث اور فقیہہ ہیں ۔مذہباًحنبلی ہیں اور ان کی کتاب المغنی فقہ کی نامور کتابوں میں شمار کی جاتی ہے بطور خاص فقہ حنبلی میں اسے ممتاز مقام حاصل ہے ۔ وہ اپنی اس مایہ ناز کتاب کے مقدمہ میں لکھتے ہیں : جعل فی سلف ھذہ الامة ایٔمة من الاعلام مھد بھم قواعد الاسلام واوضح بھم المشکلات الاحکام ، اتفاقھم حجة قاطعة واختلافھم رحمة واسعة ۔

ترجمہ : اللہ نے اس امت کے متقدمین میں ایسے نامور علماء اورایٔمہ پیداکیٔے جنہوں نے اسلام کے اصول وضوابط طے کیٔے (اصول فقہ) اوران کے ذریعہ احکام کے مشکلات کوواضح کیا۔ان کا کسی مسیئلہ پر اتفاق حجت قاطعہ اوران کا اختلاف رحمت واسعہ ہے ۔ (ادب الخلاف صفحہ نمبر 12)


امام شاطبی رحمة اللہ علیہبڑے نامور فقیہ اوراصولی ہیں ۔ ان کی کتب الموافقات اور الاعتصام بہت مشہور ہیں ۔ اول الذکر کتاب مقاصد شریعت کے بیان میں اور ثانیت الذکر سنت و بدعت کے بیان میں اپنے موضوع پر فردِفرید سمجھی جاتی ہیں ۔ وہ الاعتصام میں لکھتے ہیں : ان جماعۃ من السلف الصالح جعلوا اختلاف الامۃ فی الفروع ضربا من ضروب الرحمۃ ، واذاکان من جملۃ الرحمۃ فلایمکن ان یکون صاحبہ خارجا من قسم اہل الرحمۃ ۔ (شاطبی الاعتصام (2/170،چشتی)

ترجمہ : سلف صالحین کی ایک جماعت نے فروعی مسائل میں امت کے اختلاف کو رحمت کی اقسام میں سے ایک قسم قرار دیا ہے اور جب یہ اختلاف رحمت ہے تو فروعی مسائل میں اختلاف کی وجہ سے کوئی اہل رحمت میں سے خارج نہیں ہوگا ۔

ایک دوسرے مقام پر امام شاطبی رحمة اللہ علیہ لکھتے ہیں : انانقطع بان الخلاف فی مسایٔل الاجتہاد واقع فیمن حصل لہ محض الرحمة وھم الصحابۃ ومن اتبعھم باحسان ۔ (الاعتصام)

ترجمہ : ہمارایقین جازم ہے کہ اجہتادی مسائل میں اختلاف جو کچھ واقع ہوا ہے وہ رحمت خداوندی کا تقاضاہے اور یہ اختلاف صحابہ رضی اللہ عنہم اور ان کے بعد والوں کے درمیان واقع ہوا ہے ۔


اختلاف امتی سے مراد ،’’ اختلاف مجتہدین ہے ، اس لئے کہ اس اختلاف سے بہت سے مشکل مسائل حل ہوگئے ، بہت سی دقیق باتیں جن کو کم فہم ، کم علم سمجھنے سے عاجز تھے ، ان کے لئے آسان کردیا ، مجتہدین نے قرآن وسنت میں امعان نظر کر کے بال کی کھال نکالی ، قواعد مقرر کئے ، اور ان پر جزویات متفرع کئے ، انہوں نے خلائق کے حوادث کے باوجود اس کے اختلاف کے مواقع کے بعینہٖ لکھ دیئے یا جو ان حوادث پر دلالت کرتے تھے بلکہ فقہ ان امور میں تکلم کیا ، جو بھی واقع نہیں ہوتے اس تصور سے کہ مبادا اگر ایسا موقع ہو تو مسلمان حیران نہ ہوں اور جو جزوی منصوص نہیں وہ نادر اور کمیاب ہے اور گاہے منصوص بھی ہوتا ہے ، لیکن ناظر اس کے محل سے قاصر ہے ، فہم کا قصور ہے ، ہر امر فقہ میں مذکور خواہ بمفہوم ہو یا منطوق ۔ (طحطاوی)


اگر اہلِ اسلام انصاف کریں تو حضرات مجتہد عظام اور فقہاء کرام کے احسان کی شکر گذاری سے اپنے آپ کو عاجز جانیں ۔ اللھم فارحم المجتھدین و فقھاء الدین وجزاھم عنا خیرالجزاء یا ارحم الراحمین ۔


ہمارے امام رضی اللہ عنہ کا اسم مبارک یہ ہے ، نعمان بن ثابت ، لقب امام اعظم ، کنیت ابو حنیفہ (سب باطل کو چھوڑ کر حق کی طرف جانا اس کو حنیف کہتے ہیں) اہلِ عرب کی عادت ہے ، جو چیز کسی سے زیادہ صادر ہو جائے تو اس کی اس کی کنیت بنادیتے ہیں ، گویا کہ وہ چیز اس سے پیدا ہوئی ، اور یہ شخص اس کا باپ ٹھہرا ، حضرت امام اعظم رضی اللہ عنہ باطل کو مٹانے والے ، برباد کرنے والے ، ہمیشہ حق کے تابع ، حق کے پیرو حق پر چلنے والے تھے ، گویا کہ حق امام اعظم رضی اللہ عنہ سے پیدا ہوا اور حضرت امام اعظم رضی اللہ عنہ حق کے باپ ہوئے اس لئے امام اعظم رضی اللہ عنہ کی کنیت ابو حنیفہ ہوئی ۔


حدیث "اختلاف أمتي رحمة" جس کا ترجمہ ہے کہ "میری امت کا اختلاف رحمت ہے" کا مطلب یہ ہے کہ اہلِ علم کا دین کے فروعی اَحکام میں اختلاف نبی کریم صلی اللہ علیہ و وآلہ وسلّم کی امت کے لیے رحمت ہے ۔ کیوں کہ اس کی وجہ سے لوگوں کے لیے مختلف حالات میں عمل کرنے کے لیے آسانی ہوجاتی ہے ، جیسا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دور میں اس کی کئی ایک مثالیں ملتی ہیں ، مثلاً : بنو قریظہ کا مشہور واقعہ جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو حضور صلی اللہ علیہ و وآلہ وسلّم نے وہاں پہنچ کر نماز عصر کی ادائیگی کا کہا تھا ، راستہ میں جب نماز قضا ہونے کا خدشہ ہوا تو بعض نے اصل علت کو سامنے رکھ کر راستہ ہی نماز پڑھ  لی اور بعض نے ظاہری الفاظ کو دیکھتے ہوئے نماز قضا ہوجانے دی اور وہاں پہنچ کر ہی نماز ادا کی۔  بعد میں جب حضور صلی اللہ علیہ و وآلہ وسلّم سے پوچھا گیا تو دونوں کی تصویب فرمائی ۔ اس طرح کے واقعات سے اس بات کی تائید ہوتی ہے کہ علماء کی آراء کے اختلاف کو نزاع کا باعث بنانا درست نہیں ، بلکہ اس اختلاف میں بھی امت کےلیے سہولت کے دروازے کھلتے ہیں ۔


البتہ یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ اُصولی اَحکام کے مسائل جن کا تعلق عقائد سے ہے یا اسی طرح وہ مسائل جن میں اہلِ سنت و جماعت کا اجماع ہو ، ان میں اختلاف کرنا گمراہی ہے اور اس حدیث میں ذکر کی گئی ’’رحمت‘‘ کے تحت شامل نہیں ہے ۔


(اختلاف) افتعال من الخلف وهو ما يقع من افتراق بعد اجتماع في أمر من الأمور ذكره الحراني (أمتي) أي مجتهدي أمتي في الفروع التي يسوغ الاجتهاد فيها فالكلام في الاجتهاد في الأحكام كما في تفسير القاضي قال: فالنهي مخصوص بالتفرق في الأصول لا الفروع انتهى. قال السبكي: ولا شك أن الاختلاف في الأصول ضلال وسبب كل فساد كما أشار إليه القرآن وأما ما ذهب إليه جمع من أن المراد الاختلاف في الحرف والصنائع فرده السبكي بأنه كان المناسب على هذا أن يقال اختلاف الناس رحمة إذ لا خصوص للأمة بذلك فإن كل الأمم مختلفون في الحرف والصنائع فلا بد من خصوصية قال: وما ذكره إمام الحرمين في النهاية كالحليمي من أن المراد اختلافهم في المناصب والدرجات والمراتب فلا ينساق الذهن من لفظ الاختلاف إليه (رحمة) للناس كذا هو ثابت في رواية من عزى المصنف الحديث إليه فسقطت اللفظة منه سهوا أي اختلافهم توسعة على الناس بجعل المذاهب كشرائع متعددة بعث النبي صلى الله عليه وسلم بكلها تضيق بهم الأمور من إضافة الحق الذي فرضه الله تعالى على المجتهدين دون غيرهم ولم يكلفوا ما لا طاقة لهم به توسعة في شريعتهم السمحة السهلة فاختلاف المذاهب نعمة كبيرة وفضيلة جسيمة خصت بها هذه الأمة فالمذاهب التي استنبطها أصحابه فمن بعدهم من أقواله وأفعاله على تنوعها كشرائع متعددة له وقد وعد بوقوع ذلك فوقع وهو من معجزاته صلى الله عليه وسلم أما الاجتهاد في العقائد فضلال ووبال كما تقرر والحق ما عليه أهل السنة والجماعة فقط فالحديث إنما هو في الاختلاف في الأحكام ورحمة نكرة في سياق الإثبات لا تقتضي عموماً فيكفي في صحته أن يحصل في الاختلاف رحمة ما في وقت ما في حال ما على وجه ما. وأخرج البيهقي في المدخل عن القاسم بن محمد أو عمر بن عبد العزيز لا يسرني أن أصحاب محمد لم يختلفوا لأنهم لو لم يختلفوا لم تكن رخصة ويدل لذلك ما رواه البيهقي من حديث ابن عباس مرفوعا أصحابي بمنزلة النجوم في السماء فبأيهم اقتديتم اهتديتم واختلاف أصحابي لكم رحمة قال السمهودي: واختلاف الصحابة في فتيا اختلاف الأمة وما روي من أن مالكاً لما أراده الرشيد على الذهاب معه إلى العراق وأن يحمل الناس [ص:210] على الموطأ كما حمل عثمان الناس على القرآن. فقال مالك: أما حمل الناس على الموطأ فلا سبيل إليه لأن الصحابة رضي الله تعالى عنهم افترقوا بعد موته صلى الله عليه وسلم في الأمصار فحدثوا فعند أهل كل مصر علم وقد قال صلى الله عليه وسلم: اختلاف أمتي رحمة، كالصريح في أن المراد الاختلاف في الأحكام كما نقله ابن الصلاح عن مالك من أنه قال: في اختلاف أصحاب رسول الله صلى الله عليه وسلم مخطئ ومصيب، فعليك الاجتهاد قال: وليس كما قال ناس: فيه توسعة على الأمة بالاجتهاد، إنما هو بالنسبة إلى المجتهد، لقوله: فعليك بالاجتهاد، فالمجتهد مكلف بما أداه إليه اجتهاده، فلا توسعة عليه في اختلافهم، وإنما التوسعة على المقلد، فقول الحديث: اختلاف أمتي رحمة، للناس أي لمقلديهم، ومساق قول مالك: مخطئ ومصيب إلخ إنما هو الرد على من قال: من كان أهلاً للاجتهاد له تقليد الصحابة دون غيرهم، وفي العقائد لابن قدامة الحنبلي: أن اختلاف الأئمة رحمة، واتفاقهم حجة، انتهى ۔ (فيض القدير 1 / 209،چشتی)


مطلب في حديث «اختلاف أمتي رحمة» : (قوله: من آثار الرحمة) فإن اختلاف أئمة الهدى توسعة للناس كما في أول التتارخانية، وهذا يشير إلى الحديث المشهور على ألسنة الناس، وهو «اختلاف أمتي رحمة» قال في المقاصد الحسنة: رواه البيهقي بسند منقطع عن ابن عباس - رضي الله تعالى عنهما - بلفظ: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «مهما أوتيتم من كتاب الله فالعمل به لا عذر لأحد في تركه، فإن لم يكن في كتاب الله فسنة مني ماضية، فإن لم تكن سنة مني فما قال أصحابي، إن أصحابي بمنزلة النجوم في السماء، فأيما أخذتم به اهتديتم، واختلاف أصحابي لكم رحمة» وأورده ابن الحاجب في المختصر بلفظ «اختلاف أمتي رحمة للناس» وقال منلا علي القاري: إن السيوطي قال: أخرجه نصر المقدسي في الحجة والبيهقي في الرسالة الأشعرية بغير سند، ورواه الحليمي والقاضي حسين وإمام الحرمين وغيرهم، ولعله خرج في بعض كتب الحفاظ التي لم تصل إلينا. ونقل السيوطي عن عمر بن عبد العزيز أنه كان يقول: ما سرني لو أن أصحاب محمد - صلى الله عليه وسلم - لم يختلفوا؛ لأنهم لو لم يختلفوا لم تكن رخصة. وأخرج الخطيب أن هارون الرشيد قال لمالك بن أنس: يا أبا عبد الله نكتب هذه الكتب يعني مؤلفات الإمام مالك ونفرقها في آفاق الإسلام لنحمل عليها الأمة، قال: يا أمير المؤمنين، إن اختلاف العلماء رحمة من الله تعالى على هذه الأمة، كل يتبع ما صح عنده، وكلهم على هدى، وكل يريد الله تعالى، وتمامه في [كشف الخفاء ومزيل الإلباس] لشيخ مشايخنا الشيخ إسماعيل الجراحي ۔ (الدر المختار وحاشية ابن عابدين ،رد المحتار ، 1 / 68)


قال في المقاصد : رواه البيهقي في المداخل بسند منقطع عن ابن عباس بلفظ: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "مهما أوتيتم من كتاب الله فالعمل به لا عذر لأحد في تركه، فإن لم يكن في كتاب الله فسنة مني ماضية، فإن لم تكن سنة مني فما قاله أصحابي؛ إن أصحابي بمنزلة النجوم في السماء، فأيما أخذتم به اهتديتم، واختلاف أصحابي لكم رحمة".ومن هذا الوجه أخرجه الطبراني والديلمي بلفظه وفيه ضعف, وعزاه الزركشي وابن حجر في اللآلئ لنصر المقدسي في الحجة مرفوعًا من غير بيان لسنده ولا لصاحبيه، وعزاه العراقي لآدم بن أبي إياس في كتاب العلم والحكم بغير بيان لسنده أيضًا بلفظ: اختلاف أصحابي رحمة لأمتي, وهو مرسل وضعيف.وبهذا اللفظ أيضًا ذكره البيهقي في رسالته الأشعرية بغير إسناد، وفي المدخل له عن القاسم بن محمد عن قوله: اختلاف أصحاب محمد صلى الله عليه وسلم رحمة لعباد الله. وفيه أيضًا عن عمر بن عبد العزيز أنه كان يقول: ما سرني لو أن أصحاب محمد صلى الله عليه وسلم لم يختلفوا؛ لأنهم لو لم يختلفوا لم تكن رخصة. وفيه أيضًا عن يحيى بن سعيد أنه قال: أهل العلم أهل توسعة, وما برح المفتون يختلفون فيحلل هذا ويحرم هذا، فلايعيب هذا على هذا. ثم قال في المقاصد أيضًا: قرأت بخط شيخنا، يعني الحافظ ابن حجر، أنه حديث مشهور على الألسنة، وقد أورده ابن الحاجب في المختصر في مباحث القياس بلفظ: اختلاف أمتي رحمة للناس، وكثر السؤال عنه، وزعم الكثير من الأئمة أنه لا أصل له، لكن ذكره الخطابي في غريب الحديث مستطردًا، فقال: اعترض هذا الحديث رجلان أحدهما ماجن، والآخر ملحد، وهما إسحاق الموصلي وعمرو بن بحر الجاحظ, وقالا: لو كان الاختلاف رحمة لكان الاتفاق عذابًا، ثم تشاغل الخطابي برد كلامهما، ولم يشف في عزو الحديث, لكنه أشعر بأن له أصلًا عنده، ثم قال الخطابي: والاختلاف في الدين ثلاثة أقسام:الأول:في إثبات الصانع ووحدانيته, وإنكاره كفر.والثاني:في صفاته ومشيئته، وإنكارهما بدعة. والثالث:في أحكام الفروع المحتملة وجوهًا، فهذا جعله الله رحمة وكرامة للعلماء، وهو المراد بحديث: اختلاف أمتي رحمة، انتهى ۔ (كشف الخفاء ت هنداوي 1 / 75،چشتی)


اسلام میں فقہی فروعی اختلافات کے ہزاروں نظائر ایسے موجود ہیں جو اس کے پیرو کاروں کے لئے باعث رحمت قرار دئے جاتے ہیں اور آج بھی ایسے اختلافات رحمت ہوسکتے ہیں بشرطیکہ ان کی بنیادیں اخلاص وللہیت پر استوار کی گئی ہوں اور ساتھ ہی ساتھ دلائل شرعیہ بھی ان کی پشت پناہی کرتے ہوں۔

اخلاص و للہیت کا تعلق قلبی عزائم سے ہے جن تک عام بندگان خدا کے علم و فہم کی رسائی نہیں ہوسکتی اس لیے ہمیں اپنی نظر اس امر پر مذکور رکھنی چاہیئے کہ اختلاف اگر شرعی امکانات کے حدود میں ہو تو حسن ظن سے کام لیتے ہوئے اسے اخلاص وللہیت پر ہی محمول کریں۔ فقہائے کرام کے ہزار ہا ہزار اختلافات اس کے شاہد عدل ہیں ۔

یہی وجہ ہے کہ یہ اختلافات کبھی ان کے مابین عداوت کا بیج نہ بوسکے اور ان کے دلوں کے نہاں خانے میں نفرت کی خلیج کبھی حائل نہ ہو سکی بلکہ اس کے بر خلاف وہ باہم اخوت ومحبت اور دریا دلی کے مثالی پیکر نظر آتے تھے ۔اختلاف کی دھرتی پر محبت کا یہ خو ش نما پودا،آج کے دور تشت وانتشار میں ہم سب کے لئے نمونۂ عبرت ہے ۔ لیکن کیا سارے اختلافات اسی نوعیت کے ہوتے ہیں ؟ ۔ واقعہ یہ ہے کہ ایسا نہیں ۔ بلکہ بہت سارے اختلافات ایسے بھی ہوتے ہیں جو معاصی و منکرات کے دائرے میں آنے کی وجہ سے مذموم قرار پاتے ہیں اور ان پر نکیر لازمی ہوتی ہے : اس لیے یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر کس اختلاف کو معصیت قرار دیا جائے اور کس اختلاف کو استحسان یا اباحت کے درجہ میں رکھا جائے بلفظ دیگر اختلاف کے باب میں معیار حسن وقبح و رحمت وزحمت کیا ہے ؟


آیئے اس کے بارے میں جانتے ہیں


فقیہ فقید المثال اعلیٰ حضرت امام احمد رضا رحمة اللہ علیہ انکشاف فرماتے ہیں : (علمائے کرام تصریح فرماتے ہیں کہ مسئلۂ مختلف فیہا منکر شرعی و معصیت دینی نہیں ، نہ کہ معاذ اللہ اسے ضلالت کہنا جیسا کہ داب وہابیت ہے کہ صریح جہالت وضلالت ہے ۔ اگر علماء بوجہ اختلاف متردد فیہ ٹھہرا کر واجب الترک مان لیتے تو منکر و معصیت نہ سمجھنے کے کیا معنیٰ تھے ۔ امام ابن الہمام فتح القدیر مسئلہ صلاۃ الجنازۃ فی المسجد میں فرماتے ہیں : الا نکاری الذی یجب عدم السکوت معہ ھو المنکر العاصی من قام بہٖ لاالفصول المجتھد فیھا ۔

ترجمہ : جس اختلاف پر عدم سکوت واجب ہے یہ وہ اختلاف ہے جو منکر ہوتا ہے اور اس کا مرتکب عاصی قرار پاتا ہے ، وہ مسائل نہیں جو مجتہد فیہ ہیں ۔

امام علامہ عارف باللہ سیدی عبد الغنی نابلسی قدس سرہ القدسی حدیقہ ندیہ‘فصل ثانی‘باب اول میں زیر قول ماتن رحمہ اللہ تعالیٰ’’اذاانکر علیھم بعض امور ھم المخالف للشرع الشریف‘‘ فرماتے ہیں:المراد ما ھو المجمع علیہ بین المجتھدین کالزنا وشرب الخمر والسرقۃ وترک الصلوٰۃ وما اشبہ ذلک۔ واما مالم یکن کذلک فلیس بمنکر ۔قال الامام الغزالی فی الاحیاء فی شروط المنکر :ان یکون کونہ منکرا معلوما بغیر اجتھاد ،فکل ماھو فی محل الاجتھاد فلا حسبۃفیہ فلیس للحنفی ان ینکر علی الشافعی اکلہ الضب والصنع ومتروک التسمیۃ،ولا للشافعی ان ینکرعلی الحنفی شربہ للنبیذ الذی لیس بمنکر، الی آخر ما بستہ من الکلام فی ھذا المقام۔

ترجمہ : ’’مخالف شرع امر ‘‘سے مراد وہ امر ہے جس پر مجتہدین کا اجماع ہے جیسے زنا،شراب نوشی، چوری، ترک نماز ،اور دوسرے وہ امور جو ان کے مشابہ ہیں ۔

رہے وہ امور جن پر مجتہدین کا اجماع نہیں ہے تو وہ منکر نہیں ۔چنانچہ امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ احیاء العلوم میں منکر کی شرطیں شمار کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ایک شرط یہ ہے کہ شئی کا منکر ہونا بغیر اجتہاد کے معلوم ہو کیونکہ جو امر محل اجتہاد میں ہوتا ہے اس پر کوئی محاسبہ نہیں ہوتا ۔لہٰذا حنفی کو یہ رَوا نہیں کہ شافعی پر یہ اعتراض کرے کہ وہ گوہ ،بجواور جس جانور کے ذبح پر قصدا ًبسم اللہ نہ پڑھی گئی ہو کیسے کھاتا ہے یونہی شافعی کے لئے یہ روا نہیں کہ غیر نشہ آور نبیذ پینے کی وجہ سے حنفی پر اعتراض کرے)

اسی میں ہے : ’’ انما المنکر ما وقع الاجماع علیٰ حرمتہ و النہی عنہ ‘‘ منکر محض وہ ہے جس کے حرام ہونے اور اس سے روکنے پر اجماع ہو ۔

اسی میں ہے : ’’لا ینبغی ان ینہیٰ الواعظ عما قال بہ امام من ائمۃ المسلمین بل ینبغی ان یقع النہی عما اجمع الائمۃ کلہم علیٰ تحریمہ و النہی عنہ الزنا و الربوٰ ، و الریا ، والطعن فی اولیاء اللہ تعالیٰ با الجہل فی معانی کلامہم و انکار کراماتہم بعد الموت و اعتقاد ان و لا یتہم انقطعت بموتہم و نہی الناس عن التبرک بہم الیٰ غیر ذلک من القبائح اہ مختصراً ‘‘

مختلف فیہ مسائل میں ممانعت نہ چاہئے ، منع کے لائق صرف وہ باتیں ہیں جن کی حرمت پر اجماع ہے ، جیسے زنا و ربا و ریا ، اور اولیاء اللہ کا کلام نہ سمجھ کر ان پر طعن کرنا اور بعد وصال ان کی کرامات کا منکر ہونا اور یہ سمجھنا کہ انتقال سے ان کی ولایت بھی جاتی رہی ، اور لوگوں کو ان کے مزارات کریمہ سے برکت حاصل کرنے سے منع کرنا ۔ یہ وہ باتیں ہیں جن کے حرام ہونے پر تمام امت کا اجماع ہے ۔

مقدمۂ کتاب مستطاب میں شرح مقاصد سے گزرا: ’’خلافا للمبطلین حتی ربما جعلوا الاختلاف فی فروع ایضا بدعۃ و ضلالۃ ‘‘ یعنی اہل باطل فرعی مسائل مختلف فیہا میں بھی بدعت و ضلالت کا حکم دیتے ہیں ۔

تحفۂ اثنا عشریہ شاہ عبد العزیز صاحب دہلوی میں ہے کہ : یا با وجود ایں ہمہ (اختلافات) قول جازم نمائندہ بے باک و بے احتیاط سنت و ہمیں ست شان محتاطین از علماء راسخین کہ در اجتہادیات مختلف فیہا جزم باحد الطرفین نمی کنند ۔ (حاشیہ اذاقۃ الآثام ص؍ ۱۴۴، ۱۴۵)

خاتم المحققین حجۃ الخلف حضرت مولانا مولوی نقی علی خاں صاحب قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ (والد ماجد سیدی اعلیٰ حضرت علیہ الرحمۃ و الرضوان ، جو اپنے زمانے کے عبقری فقیہ تھے) فرماتے ہیں : مسح رقبہ و نماز چاشت کے بدعت و سنت ہونے میں اختلاف ہے پھر کیا علما ء انہیں واجب الترک بتاتے ہیں فقہا صدہا جگہ بعد نقل اختلاف فعل کو جائز و مباح ٹھہراتے ہیں بلکہ علماء بحال اختلاف ایسے امور سے منع نہ کرنے کی تصریح فرماتے ہیں ۔ (اذاقۃ الآثام ص؍ ۱۴۲،چشتی)

اس مسئلۂ اختلاف کے متعلق اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ اپنے ایک فتوٰی میں ارقام فرماتے ہیں : سیدی عارف باللہ محقق نابلسی کتاب مذکور (حدیقہ ندیہ) میں فرماتے ہیں کہ اب ہمارے شہر کی جامع مسجد میں مؤذنین جمعہ کے دن (امام کی دعا پر آمین) کہتے ہیں اس کی تخریج وثبوت ہمارے مذہب یا دوسرے مسلک میں ممکن ہے تو یہ ایسا ناجائز نہیں ہے کہ اس کا انکار اس سے منع لازم ہے، منکر تو وہ ہوتا ہو جن کی حرمت اور ممانعت پر اجماع ہو ۔ (فتاویٰ رضویہ مترجم صفحہ ؍۴۸۴،۴۸۵؍ جلد ؍۸رضا اکیڈمی)

مولوی سید محمد شاہ صاحب صدر دوم ندوہ ، اعلیٰحضرت علیہ الرحمہ سے ملنے کے لئے آئے ،اس موقع پر انہوں نے اعلیٰحضرت سے کہا : ’’میری رائے یہ ہے کہ کسی کو برا نہ کہنا چاہیئے ،، اس کے جواب میں آپ نے ارشاد فرمایا : ’’بہت بجا فرمایا : جہا ں اختلافات فرعیہ ہو ں جیسے باہم حنفیہ و شافعیہ وغیرہما فرق اہل سنت میں ۔وہاں ہرگز ایک دوسرے کو برا کہنا جائز نہیں ۔اور فحش دشنام جس سے دہن آلودہ ہو کسی کو بھی نہ چاہئے ۔ (الملفوظ حصہ اول ص؍۳۹،۴۰)


فقیر سمجھتا ہے کہ ان عبارات سے یہ امر بخوبی عیاں ہوجاتا ہے کہ اختلاف کے باب میں ’’رحمت وزحمت کا معیار ‘‘ کیا ہے اس لئے ہمیں مسائل فقہیہ میں اختلاف کرنے والے کسی عالم اہل سنت سے اسی معیار کے مطابق برتائو کرنا چاہیئے ، یہی رحمت ہے اور اس سے عدول زحمت ہے ۔


نبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بالذات علمائے مجتہدین کو اور بالطبع دوسرے علماء کو اپنا جانشین و وارث قرار دیا ہے ۔ ارشاد فرمایا : اَلْعُلَمَاء وَرَثَةُ الْاَنْبِيَآء ۔ ترجمہ : علماء انبیاء کے وارث ہیں ۔ (سنن ابی دائود، کتاب العلم، 1: 317، الرقم: 3641،چشتی)


ان وارثانِ انبیاء اور حاملینِ علمی نبوی نے اللہ اور اس کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات و فرمودات میں غور و فکر کر کے ان پانچ مقاصدِ شرع کا تعین کیا ہے : ایمان کی حفاظت ، جان کی حفاظت ، نسب کی حفاظت

عقل کی حفاظت ، مال کی حفاظت ۔


نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے : مَنْ يُرِدِ اللّٰهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِی الدِّيْن ، ’’ اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ خیر کا ارادہ فرماتا ہے اسے دین کی سمجھ بوجھ عطا فرما دیتا ہے‘‘۔ (صحیح بخاری، کتاب العلم، 1: 39، الرقم: 71،چشتی)


یہاں فقہ سے مراد انہیں پانچ مقاصد کا حصول ہے ۔


مجتہدین عظام نے اپنے اپنے دور میں اپنے اپنے طور سے فقہ کی تعریف کی ہے، لیکن سب کا عطر مجموعہ اور نچوڑ جو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا رحمۃ اللہ علیہ نے ہمارے سامنے پیش کیا ہے ، وہ یہ ہے : فقہ مقصدِ شرع کے ادراک کا نام ہے ۔ (فتاویٰ رضويہ)


الفاظ بہت کم ہیں ، مگر جتنی بھی تعریفیں اس سلسلے میں کی گئیں ہیں سب کو جامع ہیں ۔ آگے فرماتے ہیں : ’’مِنْ‘‘  کا ترجمہ ’’سے‘‘ اور ’’ا ِلٰی‘‘ کا ترجمہ ’’تک‘‘ جاننے کا نام فقہ نہیں ہے ۔ (فتاویٰ رضويہ) ، یعنی جیسے قرآن میں مِنْ آیا ہے ، اِلٰی آیا ہے ، فِیْ آیا ہے ، ان کا ترجمہ جاننے کا نام فقہ نہیں ہے۔ بلکہ فقہ مقصدِ شرع کے ادراک کا نام ہے ۔ شریعت ہم سے کیا مطالبہ کرتی ہے ؟ کیا چاہتی ہے ؟ یہ جاننا ضروری ہے ۔


مثال کے طور پر زکوٰۃ و صدقات کے مصارف قرآن کریم میں آٹھ بیان کئے گئے ہیں۔ رسول کائنات صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے میں آٹھوں مصارف کو زکوٰۃ دی گئی مگر چونکہ فقہ نام ہے مقصد شرع کے ادراک کا تو صحابہ کرام نے غوروفکر کیا کہ آٹھوں مصارف میں سے ہر ایک میں زکوٰۃ کا مقصدِ شرع کیا ہے؟ اور ہر ایک میں اس کا مقصد شرع آج بھی پایا جاتا ہے یا نہیں؟ صحابہ کرام نے سمجھا کہ غیر مسلموں کو تالیف قلب کے لئے زکوٰۃ دینے کا جو مقصد تھا آج وہ مقصد باقی نہیں رہا تو انہوں نے اجماع کرلیا کہ آج زکوٰۃ کا آٹھواں مصرف مولفۃ القلوب نہیں رہا۔ اب صرف سات ہی مصارف پر زکوٰۃ کی رقم خرچ کی جائے گی۔ اب اس کے بعد اگر کوئی شخص مولفۃ القلوب کو زکوٰۃ دیتا ہے تو اس کی زکوٰۃ ادا نہیں ہوگی ۔


دوسری طرف نصِ قرآنی بظاہر صاف ہے، اللہ تعالیٰ نے قرآن میں صراحت کے ساتھ فرمایا کہ مولفۃ القلوب کو زکوۃ دی جائے گی لیکن صحابہ نے اجماع کرلیا کہ مولفۃ القلوب کو زکوٰۃ نہیں دی جائے گی، اس لئے کہ صحابہ جانتے اور سمجھتے تھے کہ مولفۃ القلوب کو زکوٰۃ دینے سے مقصود کیا ہے؟ جب تک وہ مقصد باقی رہا، ان کو زکوٰۃ دی گئی اور جب وہ مقصد باقی نہیں رہا تو مولفۃ القلوب کو زکوٰۃ دینا بند کردیا گیا۔


بالفرض اگر آج کئی مصار ف ایسے ہوں جن سے مقصدِ شرع کی تکمیل نہیں ہوتی ہے یا مقصدِ شرع کی تکمیل میں اس کی ضرورت نہیں پڑتی ہے تو سات سے چھ، چار یا تین بھی کیا جاسکتا ہے، یہ بالفرض کہہ رہا ہوں، اگرچہ واقعہ میں ایسا اب تک نہیں ہے۔ معلوم ہوا کہ فقہ درحقیقت مقصدِ شرع کے ادراک اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا نام ہے۔


تجزیہ و تحلیل کی اہمیت


آج ہم بس کتابیں پڑھ لیتے ہیں، اصولوں کا انطباق نہیں کرتے، جس کی وجہ سے اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ ہمارے متقدمین فقہا نے نصوص شرعیہ میں تجزیہ و تحلیل سے ان پانچ مقاصدِ دین، ’’ایمان، جان، عقل، نسب اور مال کی حفاظت‘‘ کو بیان کیا ۔ اس کی توضیح یہ ہے کہ : ایمان کی خاطر جان بھی جاسکتی ہے، جان کی خاطر ایمان نہیں دیا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن مجید میں اضطراری حالت میں کلمہ کفر ادا کرنے کو جائز قرار دیا گیا ہے کہ جان بچالو، اس لئے کہ کلمہ کفر کا بول دینا اور ہے، کفر کا ارتکاب کرنا اور ہے۔ ایمان و کفر کا تعلق دل سے ہے، اگر دل مطمئن ہے تو اضطراری حالت میں کلمہ کفر کا بول دینا جائز قرار دیا جائے گا۔ پس ایمان کا درجہ پہلا ہے اور جان کا درجہ دوسرا ہے۔

آپ جہاد کی مشروعیت دیکھیں، ایمان ہی کی خاطر جہاد کی مشروعیت ہوئی ہے۔ جہاد میں جانیں جاتی ہیں، جانیں لی جاتی ہیں، کیوں؟ اس لئے کہ ایمان کی حفاظت مقصود ہوتی ہے۔ پس جان کا نمبر دوسرا ہے اور ایمان کا نمبر پہلا ہے ۔ عقل کی حفاظت تیسرے نمبر پر ہے، کیوں؟ اس کو جاننے کے لئے یہ سمجھنا ہوگا کہ عقل سے مقصود کیا ہے؟ عقل سے مقصود یہ ہے کہ اگر آدمی کے پاس عقل نہ ہو تو وہ دنیا میں کچھ بھی کر گزر سکتا ہے۔ فتنے پھیلا سکتا ہے، کسی کا مال غصب کرسکتا ہے، لوٹ سکتا ہے، کچھ بھی کرسکتا ہے، تو اگر عقل سلامت رہتی ہے تو بہت سارے مفاسد سے بچا جاسکتا ہے اور بہت سے مصالح کا حصول ہوسکتا ہے ۔ اس کے بعد نسب کا درجہ ہے ۔ نسب کی حفاظت شریعت کا مقصود کیوں ہے ؟ اس لئے کہ اگر نسب محفوظ نہ ہو تو جو بچہ پیدا ہوگا اس کی کفالت و پرورش کون کرے گا ؟ اسے تعلیم کون دے گا؟ سچا پکا مسلمان کون بنائے گا؟ اسی لئے نسب کی حفاظت کا حکم دیا گیا ہے اور یہ مقصودِ شرع ہے ۔ اس کے بعد درجہ ہے مال کی حفاظت کا، کیونکہ جان کی حفاظت میں من جملہ مال کی ضرورت ہے ۔

گویا فقہائے کرام نے اپنی تلاش و جستجو کے بعد ان پانچ مقاصد کو ترتیب وار متعین فرمایا ہے اور بتایا ہے کہ فقہ سے مقصود ان پانچ مقاصد کا حصول ہے۔ جو شخص ان پانچ مقاصد کے حصول کے طریقے کا ادراک کرلے گا وہی فقیہ ہوگا ۔ فقہ یہ نہیں ہے کہ ہم نے ’’بہار شریعت‘‘ سے ایک مسئلہ یاد کرلیا اور ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ سے ایک مسئلہ یاد کرلیا اور فقیہ و مفتی بن گئے ۔ معاملہ یہ ہے کہ فقہ کا جو مقصد ہے ، جب تک اس مقصد تک پہنچا نہیں جائے گا اور اس مقصد کے مطابق عمل نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ہم فقیہ نہیں کہلائے جاسکتے ۔


فقہ ، تصوف اور کلام


فقہ نام ہے مقصد شرع کے ادراک کا اور فقہ کے ساتھ عمل بھی ہو تو وہ تصوف ہے۔ اسی لئے آپ متقدمین کے یہاں دیکھیں، جیسے امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے جو فقہ کی تعریف کی ہے، اس میں علم فقہ کے ساتھ علم کلام بھی داخل ہے اور علم تصوف بھی داخل ہے۔ گویا امام اعظم کے نزدیک مذکورہ تینوں علوم کے مجموعے کا نام فقہ ہے۔ فقیہ بھی اس زمانے میں وہی ہوتے تھے جو علم کلام، علم تصوف اور علم فقہ سے کماحقہ واقف ہوں اور نہ صرف واقف بلکہ حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کی زبان میں اس پر عامل بھی ہوں۔ گویا کوئی شخص اس وقت تک فقیہ نہیں ہوسکتا تھا، جب تک کہ وہ متکلم نہ ہو، اسی طرح وہ بھی فقیہ نہیں ہوسکتا تھا جو صوفی نہ ہو، مگر چونکہ اس زمانے میں نہ وہ قوت ارادی رہی اور نہ بلند حوصلہ رہا تو جیسے دنیاوی علوم میں ترقی ہوئی اور تخصص کے دور کا آغاز ہوا، ایسے ہی ہمارے بزرگوں نے دینی علوم میں تقسیم اور درجہ بندی شروع کردی۔ فقہ کا ایک حصہ ’’علم کلام‘‘ سے موسوم کیا گیا، ایک حصہ ’’علم تصوف‘‘ کے نام سے جانا گیا، اب اس تقسیم کے بعد جو ’’فقہ‘‘ بچا وہ فرعی و عملی احکام کو ان کے دلائل کے ساتھ جاننا ہے۔


فقہی اختلاف کے اسباب


یقینا امت محمدیہ بلکہ انسان مختلف الطبع پیدا ہوا ہے۔ اللہ نے بنی نوع آدم کو مختلف طبائع والا بنایا ہے، اسی لئے ہماری سوچ کچھ اور آپ کی سوچ کچھ اور ہے۔ آپ کی عقل کچھ کہہ رہی ہے جبکہ ہماری عقل کچھ کہہ رہی ہے۔ جب ہمارا علم آپ کے علم سے مختلف ہے تو اختلاف ہونا ناگزیر ہے ۔ اختلاف تو ہوگا اور اس اختلاف کو اللہ کے نبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رحمت قرار دیا ہے ۔


اس سلسلے میں سب سے معتبر کتاب ہمارے علماء کےلیے بھی اور ہمارے طلبہ کےلیے بھی حضرت امام شعرانی کی کتاب ’’میزان الشریعۃ الکبریٰ‘‘ ہے۔ اس کتاب کو آدمی پڑھ لے تو فکر میں بھی وسعت پیدا ہوگی اور ذہن کو بھی مضبوطی ملے گی۔ اختلاف جھگڑے کا نام نہیں بلکہ عین دین ہے۔ اسلام چاہتا ہے کہ اختلاف ہو، اس لئے کہ اگر اختلاف نہ ہو تو بسا اوقات دین پر عمل کرنا ناممکن ہوجائے۔ وہ اسلام جو قیامت تک ایک آفاقی اور متحرک مذہب ہے، اس کی بنیاد ہی اختلاف پر ہے۔ ائمہ مجتہدین کے زمانے سے پہلے صحابہ کرام کا اختلاف اس کی واضح دلیل ہے۔


اختلاف کن مسائل میں ہوتا ہے ؟


ظاہر بات ہے کہ اختلاف اسی مسئلے میں ہوگا جو قرآن میں محکم اور مفسر نہیں، کیونکہ ظاہر میں اختلاف ہوسکتا ہے، محکم اور مفسر میں اختلاف نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح حدیث متواتر میں اختلاف نہیں، مشہور میں اختلاف ہوسکتا ہے بلکہ سچی بات یہ ہے کہ تواتر میں بھی اس حیثیت سے اختلاف ہوسکتا ہے کہ وہ تواتر ہے کہ نہیں۔ مثلاً کسی قوم کے نزدیک کوئی بات تواتراً ثابت ہو اور دوسرے کے نزدیک تواتراً ثابت نہ ہو۔ حاصل یہ ہے کہ حدیث متواتر، محکم اور مفسر میں اختلاف نہیں ہوتا۔ ظاہر میں اور نص میں اختلاف ہوسکتا ہے۔ان سب کی مثالیں بھی آپ کے سامنے ہیں۔


اصول الشاشی میں پہلی مثال لفظ ’’قروء‘‘ کی آئی ہے۔ اس کا معنی امام اعظم کے نزدیک ’’حیض‘‘ ہے اور امام شافعی کے نزدیک ’’طہر‘‘ ہے۔ یہ سب کومعلوم ہے کہ کوئی حیض، طہر نہیں ہوسکتا اور کوئی طہر، حیض نہیں ہوسکتا، دونوں کے مابین تباین اور تضاد ہے۔ اس کے باوجود دو اماموں نے یہ دو متضاد معنی بیان کئے ہیں۔ ہر ایک کے پاس اپنے اپنے دلائل ہیں، ان دو میں سے کسی کو کوئی مردود نہیں کہتا۔ اسی اختلاف کو اللہ کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رحمت قرار دیا ہے۔


فقہی اختلاف رحمت ہے


اب آپ اس اختلاف کی حکمت دیکھئے : ایک مسئلہ ہمارے پاس آتا ہے کہ بعض عورتیں ایسی ہوتی ہیں جن کو پندرہ سال، اٹھارہ سال کی عمر تک یا ایک بچہ پیدا ہونے تک حیض آیا پھر اس کو کسی بیماری کی وجہ سے حیض آنا بند ہوگیا۔ اب اگر شوہر طلاق دے دے تو اسے عدت گزارنی ہے اور وہ عورت عدت گزار کر دوسری شادی کرنا چاہتی ہے کیونکہ عدت تین حیض تھی اور حیض اس کو آہی نہیں رہے تو کیا اب وہ زندگی بھر شادی نہیں کرسکتی؟ آپ غور کیجئے تو معلوم ہوگا کہ اگر فقہی اختلاف نہ ہوتو بسا اوقات دین پر عمل کرنا ممکن ہی نہیں رہ جائے گا اور دین اصلاح کے بجائے فساد کا ذریعہ بن جائے گا، اسی لئے میرے آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:اِخْتِلَافُ اُمَّتِیْ رَحْمَة۔


آدابِ اختلاف


ان ہی اختلافات کی مثال دیتے ہوئے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ جب کسی مسئلے میں دو صحابہ کے درمیان اختلاف ہو جاتا اور وہ آپس میں مباحثے کےلیے بیٹھتے اور اپنے اپنے دلائل پیش کرتے تو دیکھنے والا دیکھتا تو سمجھتا کہ اب زندگی میں ان دونوں کے درمیان کبھی کوئی ملاپ نہیں ہوگا، زندگی میں ان دونوں کے درمیان کبھی سلام و کلام نہیں ہوگا۔ وہ اپنے اپنے دلائل پیش کرتے، ان میں کسی ایک کی بات دوسرے کو سمجھ میں آجاتی تو قبول کرلیتا، اگر سمجھ میں نہ آتی تو دونوں اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہتے لیکن مجلس سے اٹھنے کے بعد ان دونوں کا انداز یہ ہوتا تھا کہ دیکھنے والا یہ سمجھتا کہ زندگی میں ان دونوں میں کبھی اختلاف ہوا ہی نہیں۔


اختلاف کے آداب میں سے یہ ایک ضروری ادب ہے کہ جب اختلاف ہو اور بحث کے میدان میں آیا جائے تو جانبین اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہیں، جب تک دوسرے کی بات ذہن قبول نہ کرلے، اس سے متفق نہ ہو، لیکن جیسے ہی اس مجلس سے اٹھے تو ایسا محسوس ہوکہ ان دونوں میں کبھی کوئی بات ہوئی ہی نہیں ہے۔ آپس میں ایک دوسرے کا احترام پہلے کی طرح کریں۔ ہمیں صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کے اختلافات اور طریقہ اختلاف سے سبق لینا چاہئے۔


صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کے بعد تابعین رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کو لیجئے، خود ائمہ مجتہدین کو دیکھئے، فقہ کی کوئی کتاب نہیں ملے گی جس میں ایک دوسرے کا رد نہ کیا جارہا ہو اور خاص کر ’ہدایہ‘ تو اسی لئے ہی لکھی گئی ہے تاکہ امام شافعی کی دلیل کو رد کیا جائے، امام مالک کی دلیل کو ناقص قرار دیا جائے، حنابلہ کی دلیل میں کمزوری دکھا کر احناف کی دلیل کو ثابت کیا جائے۔ مخالف کی دلیل کو کمزور قرار دے کر اپنے امام کی دلیل کو مضبوط قرار دینے کے ہی مقصد سے یہ کتابیں لکھی گئیں اوریہ مقصد ان کا غلط نہیں تھا۔ ان کا مقصود یہ تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ غیر مقلدیت وجود میں آجائے، اس لئے جو جس امام کی پیروی کررہا ہے، اس امام کی دلیل اس کو سب سے زیادہ مضبوط معلوم ہو تاکہ وہ اسی پر قائم رہے۔ لیکن مقلد کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی بھی حال میں وہ اپنے امام کا مسلک نہ چھوڑے۔


تبدیلی فتویٰ کی ایک مثال


فتاویٰ رضویہ کتاب الحج میں ہے کہ اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی رحمة اللہ علیہ کے سامنے یہ مسئلہ آیا کہ اس زمانے میں جو قافلے مکہ سے مدینہ اور مدینہ سے مکہ چلتے تھے، ان کا امیر حنبلی یا شافعی ہوتا تھا۔ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک حالت سفر میں عصر کی نماز، ظہر کے وقت میں اور مغرب کی نماز، عشاء کے وقت میں پڑھی جاسکتی ہے۔ یہ ادا ہی کہلائے گی، قضا نہیں کہلائے گی۔ احناف کے نزدیک عصر کی نماز، ظہر کے وقت میں نہیں ہوگی۔ اس لئے کہ سبب یعنی وقت نہیں پایا گیا۔ پس اگر سبب نہیں ہے تو مسبب یعنی نماز کا وجود کہاں سے ہوگا؟ اور مغرب کی نماز دانستہ طور پر قضا کردینا ناجائز و حرام ہے اور عشاء کے وقت میں ادا کی گئی مغرب کی نماز قضا کہلائے گی اور بغیر عذر کے ایسا کرنا درست نہیں ہے ۔ قافلہ، امام شافعی کے مذہب کے مطابق ظہر کی نماز کے وقت عصر ادا کرکے روانہ ہوجاتا تھا۔ احناف اپنے مذہب کے مطابق ظہر ہی کے وقت عصر کی نماز ادا نہیں کرتے تھے۔ پورا قافلہ پچاس افراد پر مشتمل ہوتا تھا۔ ان میں احناف کسی قافلے میں پانچ، کسی قافلے میں دس اور کسی قافلے میں پندرہ ہوتے تھے۔ گویا قافلے میں غلبہ انہی لوگوں کا ہوتا تھا۔ قافلہ اپنے معمول کے مطابق چلتا رہتا، کہیں رکتا نہیں۔ قافلہ جب بھی رکتا، اپنے منزل پر ہی رکتا۔ چاہے عصر کا وقت ہوجائے یا مغرب کا وقت ہوجائے۔ ظہر کے وقت ہی میں عصر ادا کرکے روانہ ہوتے اور مغرب کی نماز اپنے وقت پر ادا نہیں کرتے بلکہ عشاء کے وقت منزل تک پہنچ کر مغرب و عشاء کی نماز ایک ساتھ ادا کرتے۔ اس صورت میں وہاں احناف کیا کریں؟


اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا : اس قافلہ میں موجود احناف عصر کی نماز، ظہر کے وقت ہی میں ادا کرلیں اور مغرب کی نماز، عشاء کے وقت میں ادا کریں۔ اب آپ دیکھئے کہ اعلیٰ حضرت ایک طرف تو یہ لکھتے ہیں کہ جب تک وقت نہ ہو نماز ہوگی ہی نہیں اور دوسری طرف یہ فرمارہے ہیں کہ شافعی کی طرح حنفی بھی عصر کی نماز، ظہر کے وقت ہی میں ادا کرلیں ۔ معاملہ کیا تھا ؟ یہ بات آپ پر اس وقت واضح ہوگی جب آپ یہ سمجھیں کہ فقہ مقصدِ شرع کے ادراک کا نام ہے۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اس مقام پر مقاصدِ شرع کو سامنے رکھ کر حکم سنایا ہے۔ نماز سے شریعت کا مقصد اللہ کی عبادت ہے۔ وقت اصل مقصود نہیں ہے، اصل مقصود ہے اللہ کی عبادت اور اللہ کی بندگی۔ اللہ کی بندگی جو اصل مقصود ہے، اگر ہم عصر کے وقت نہیں کرسکتے تو ظہر کے وقت ہی کرلیں گے۔ مغرب کی نماز اس کے وقت میں ادا نہیں کرسکتے تو عشاء کے وقت میں ہی ادا کرلیں گے۔ اگر قافلہ چھوڑ کر کوئی نماز ادا کرنے لگے تو جان چلی جائے گی، بعض حالات میں مال چلا جائے گا، اسی لئے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے ایسا فتویٰ دیا۔


اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے فتاویٰ رضویہ میں اس فتویٰ کے ذریعے ہمارے سامنے یہ واضح فرمادیا کہ مفتی کے لئے مقصدِ شرع کا ادراک بہت ضروری ہے لیکن ہمارے مفتیان کرام اس طرح کے فتوے پڑھتے ہیں اور پھر بغیر سوچے سمجھے نقل کرتے چلے جاتے ہیں۔ بعض لوگوں نے کہا کہ یہ حکم مکہ اور مدینہ والوں کے لئے خاص ہے، جیسے عرفہ اور مزدلفہ کے لئے حکم خاص ہے۔ جبکہ ایسا نہیں ہے، اس لئے کہ عرفہ اور مزدلفہ کے حکم کی تخصیص اللہ کے نبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمائی لیکن جب تک اللہ کے نبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم مکہ اور مدینے میں رہے تو مدینہ اور مکہ والوں کے لئے یہ تخفیف و تخصیص نہیں فرمائی۔ صدر الشریعہ مولانا امجد علی اعظمی کے فتاویٰ ’’فتاویٰ امجدیہ‘‘ میں ہے کہ آپ سے پوچھا گیا کہ حضرت یہ حکم مکہ و مدینہ والوں کے لئے خاص ہے یا آج بھی ایسا ہوسکتا ہے اور کہیں بھی ہوسکتا ہے؟ صدر الشریعہ فرماتے ہیں: وہی حالات ہوں تو کہیں بھی اور آج بھی ہوسکتا ہے۔


حق کو تسلیم کرنا چاہئے


آپ کے ذہن میں ایک سوال ہوگا کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ حق آنے کے بات بھی ہم میں سے بعض افراد قبول حق کے بجائے حق سے فرار کی راہ ڈھونڈتے ہیں؟ ایسا اس لئے ہوتا ہے کہ دانستہ ہم کوئی مسئلہ بتاچکے ہوتے ہیں، کوئی رائے قائم کرچکے ہوتے ہیں، اب اس کو نبھانے کے لئے، اس کو سچ ثابت کرنے کے لئے جھوٹی سچی تعبیر میں الجھ جاتے ہیں۔ اسی طرح اگر اتفاقاً ہماری زبان سے کوئی بات نکل گئی اور وہ واقعہ کے مطابق نہیں ہے، شریعت کے مطابق نہیں ہے تو ہمیں تسلیم کرلینے میں عار کیوں محسوس ہوتا ہے؟ ہم جو تسلیم کررہے ہیں، وہ ہماری اپنی بات نہیں ہے، وہ تو اللہ و رسول کی بات ہے۔ مثلاً آپ سے ہمیں کوئی اختلاف ہوا، آپ کی بات مضبوط دلیل سے ثابت ہوگئی ، اب اگر ہم اس کو تسلیم نہ کریں تو ہم آپ کی بات سے انکار نہیں کر رہے ہیں بلکہ ہم تو شریعت کی بات کا انکار کر رہے ہیں اور اگر ہم آپ کی بات مان لیتے ہیں تو گویا شریعت ہی کی بات مانتے ہیں اور شریعت کے سامنے سر جھکانا ہی چاہئے اور ہمیں ہمہ وقت شریعت کا پابند ہونا چاہئے ۔ یہ ہمارے ایمان کی علامت ہے ۔ ہمارے لئے راہ نجات اور باعث سعادت ہے کہ شریعت کے سامنے اپنا سر جھکائے رکھیں ۔


تقلیدِ امام اور احترامِ ائمہ


یہ ایک مستقل بحث ہے کہ ہم پر تقلید کیوں واجب ہے؟ لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ تقلید ہم پر واجب ہے۔ ہم امام اعظم کے مسلک کو اپنے حق میں اپنانا واجب سمجھتے ہیں مگر اس کے معنی یہ نہیں کہ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے اگر عدت کے لئے ’طہر‘ کو شمار کرنے کے لئے کہا ہے اور امام اعظم نے ’’حیض‘‘ کو عدت قرار دیا ہے تو ہم اپنے مذہب کو حق سمجھیں اور طہر کو عدت قرار دینا باطل سمجھیں۔ ایسا نہیں ہے، وہ باطل نہیں ہے، اگر باطل ہوتا تو رحمت کیسے ہوتا؟ وہ بھی حق پر ہیں، ہم بھی حق پر ہیں۔ مگر ہمارے لئے یہ حق ہے، ان کے لئے وہ حق ہے۔


ہاں، ایک ہی شخص کے حق میں ایک چیز جائز بھی ہو اور ناجائز بھی ہو، یہ نہیں ہوسکتا۔ حنفی کے حق میں ایک چیز جائز ہے اور وہی چیز شافعی کے حق میں فرض ہے لیکن اس کے یہ معنی نہیں کہ وہ شخص مذہب امام اعظم کو ہی صحیح قرار دے رہا ہے اور امام شافعی کو غلط کہہ رہا ہے۔ ہاں! جہاں ضرورت پڑ جائے اور مقصود شرع کے مطابق مذہب شافعی ہی موافق ہو تو وہاں امام اعظم کے مسلک کے بجائے امام شافعی ہی کے مسلک کے مطابق فتویٰ دینا صحیح اور جائز ہوگا جیسا کہ وہاں عصر کی نماز یہ کہہ کر ترک کردینا کہ امام اعظم کے مسلک کے مطابق عصر کی نماز ہوگی ہی نہیں، کیونکہ وقت جو سبب ہے وہ پایا ہی نہیں گیا، لہذا ہم عصر کی نماز ادا نہیں کریں گے، یہ حماقت ہے۔ اس وقت امام شافعی کے مسلک پر عمل کرلینا ہی مقصدِ شریعت کا ادراک ہے۔ اسی لئے اعلیٰ حضرت فافضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ نے اسی کا حکم دیا ہے جو اپنے زمانے کے بہت بڑے فقیہ تھے۔


اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ سے ان کے خلفاء کا اختلاف


اختلافات کے حدود و آداب اجمالاً آپ کے سامنے آگئے ۔ اب آیئے میں بہت نیچے آجاٶں ، وہاں آجاٶں جہاں کسی کے لئے مجال دم زن نہ ہو۔ حضرت صدرالشریعہ رحمۃ اللہ علیہ مصنف ’’بہار شریعت‘‘ کے پیر و مرشد اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ ہیں اور وہ ان کے خلیفہ بھی ہیں ۔ اسی طرح حضرت صدر الافاضل رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا برہان الحق جبل پوری بھی اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے مرید و خلیفہ تھے، مذکورہ تینوں حضرات کی ایک ایک مثال آپ کے سامنے پیش کرتا ہوں۔


1۔ عورتوں کی زیارتِ قبور کا مسئلہ

حدیث پاک کنت نھیتکم عن زیارۃ القبور فزورھا اس سلسلے میں فقہائے متقدمین کے درمیان اختلافات ہیں۔ بعض لوگوں نے اس کو مطلق رکھا ہے۔ مردوں اور عورتوں کے لئے اجازت ہے۔ بعض لوگوں نے فرمایا : نہیں، صرف مردوں کے لئے اجازت ہے، عورتوں کےلیے اجازت نہیں۔


اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کا موقف یہ ہے کہ عورتوں کا مزاروں پر جانا حرام ہے۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنا مسلک اس طرح ظاہر کیا ہے : حرام، حرام حرام، یہ نہ پوچھ کہ جانے میں کیا ثواب ہے، یہ پوچھ کہ جب وہ مزار کی زیارت کے ارادے سے گھر سے قدم نکالتی ہے تو اسی وقت سے اللہ اور اس کے رسول اور اس کے فرشتے کی لعنت شروع ہوتی ہے ، جب تک کہ واپس پھر اپنے گھر میں قدم نہ رکھے۔


حضرت برہانِ ملت مولانا برہان الحق جبل پوری رحمة اللہ علیہ نے ایک بہت مفصل فتویٰ رسالے کی شکل میں لکھا کہ ’’عورتوں کا مزاروں پر جانا جائز ہے‘‘ اور اس رسالے کو اصلاح کےلیے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں پیش کیا۔ میں نے وہ رسالہ تو نہیں دیکھا لیکن اعلیٰ حضرت کی تحریر دیکھی جس میں اس کا تذکرہ ہے۔ اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں کہ برہان میاں نے عورتوں کے مزارات پر جانے کے تعلق سے جو اپنا رسالہ لکھا اور مجھے اصلاح کے لئے بھیجا، ایک مدت تک تو موقع مل ہی نہیں سکا کہ دیکھتا، بعد میں دیکھا، جہاں استدلال میں کوئی کمی تھی، اس کی تصحیح کردی۔


عورتوں کے مزارات پر جانے کو اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ جو خود حرام لکھتے اور سمجھتے ہیں، اس کے خلاف لکھنے والے کی اصلاح و تصحیح فرمائی اور اضافہ و تکمیل اور تصدیق بھی فرمائی، مگر اس کے بعد اپنا مسلک ظاہر کرتے ہوئے فرماتے ہیں: مگر بحال زمانہ میں اسے ناجائز و حرام سمجھتا ہوں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فی نفسہ جائز تھا۔ مگر اس زمانہ میں مقصد شرع کے خلاف ہورہا تھا، اس لئے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اسے ناجائز قرار دیا لیکن چونکہ فی نفسہ جائز تھا، اسی لئے ڈانٹنے اور توبہ کرانے کے بجائے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اس رسالہ کی تکمیل فرمائی۔ حالانکہ مولانا برہان الحق، اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے مرید و شاگرد تھے۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ چاہتے تو انہیں ڈانٹ سکتے تھے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔


2۔ قنوت نازلہ کب پڑھی جائے؟


حضرت صدرالافاضل مولانا نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ کو اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ سے کتنی عقیدت تھی، اس کو میں نے خود مفتی اعظم مولانا مصطفی رضا خاں بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی زبان سے سنا اور کچھ لوگوں نے لکھا بھی ہے کہ انہوں نے جب فتاویٰ رضویہ (جلد اول) کا مطالعہ کیا تو بریلی آئے اور اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ سے کہا کہ حضور ! میں ایک طرف ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ دیکھ رہا ہوں اور ایک طرف ’’شامی‘‘، تو ایسا لگتا ہے کہ ’’شامی‘‘ کسی طفل مکتب کی لکھی ہوئی ہے اور فتاویٰ رضویہ ایک حکیم عالم کی لکھی ہوئی ہے ۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: مولانا! ایسا نہیں ہے ۔ اس فقیر نے بائیس مرتبہ ’’شامی‘‘ کا بالاستیعاب مطالعہ کیا ہے تب آج یہ حال ہے ۔


اس طرح کی بات اگر آج کسی کے بارے میں کہہ دی جائے تو سننے والے بہت خوش ہوں گے کہ اس نے ’’شامی‘‘ سے مجھ کو بڑھا دیا ۔


اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کا موقف یہ ہے کہ اگر کوئی حادثہ فاجعہ ہو تو فجر کی نماز میں دعائے قنوت پڑھی جائے گی ۔ جب کہ یہ امام شافعی کا مسلک ہے۔ ہمارے یہاں ہمیشہ کے لئے نہیں ہے، صرف حادثہ فاجعہ ہو تو صحیح اور جائز ہے لیکن کب پڑھی جائے ؟ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے کہا : رکوع سے پہلے جیسے وتر میں پڑھی جاتی ہے، ویسے ہی پڑھی جائے گی۔ مگر صدرالافاضل رحمۃ اللہ علیہ نے رکوع کے بعد پڑھنے کا فتویٰ دیا ہے ۔ اب بتایئے کس کو آپ برا کہیں گے ؟ کس سے توبہ کا مطالبہ کریں گے ؟ اعلیٰ حضرت سے یا صدرالافاضل سے ؟ جیسے آداب یہاں ملحوظ رکھے جائیں گے ، وہی آداب آئندہ بھی اور آج بھی ملحوظ رہنا چاہئے ۔


3۔ دعائے قنوت کی جگہ سورہ فاتحہ


صدرالشریعہ مولانا امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب کے مطالعے سے دو مسئلے ایسے نکلے جہاں صدرالشریعہ نے اعلیٰ حضرت سے اختلاف کیا۔ ایک مسئلے میں اختلاف تو بڑا دلچسپ ہے۔ اعلیٰ حضرت سے سوال ہوا کہ کسی کو دعا قنوت یاد نہ ہو اور وتر میں دعائے قنوت پڑھنا واجب ہے، اس کی جگہ اس نے کوئی اور دعا نہیں پڑھی، سورہ فاتحہ پڑھ لی تو واجب ادا ہوا یا نہیں؟ اگر واجب ادا ہوگیا تو نماز ہوگئی اور اگر نہیں ہوا تو نماز لوٹانی چاہئے۔ اعلیٰ حضرت نے فرمایا کہ واجب ادا ہوگیا، نماز لوٹانے کی ضرورت نہیں۔ فتاویٰ امجدیہ میں اس مسئلے کے بارے میں صدرالشریعہ سے سوال ہوا۔ آپ نے فرمایا کہ واجب ادا نہیں ہوا، نماز لوٹانی ہوگی۔ مگر ہمارے علما نہ تو صدر الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ کو برا بھلا کہتے ہیں اور نہ ہی اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کو برا بھلا کہتے ہیں ۔


4۔ نمازِ چاشت کے لئے تیمم ؟


جب حضرت صدرالشریعہ رحمۃ اللہ علیہ نے بہار شریعت لکھی تو اس کے ابتدائی حصے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میںپیش کئے۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے ان کی اصلاح فرمائی اور بہار شریعت لکھنے پر صدرالشریعہ کو دعائیں دیں اور القاب سے نوازا۔ صدرالشریعہ کے بقول جہاں کہیں بھی صدرالشریعہ سے مفتیٰ بہ قول نقل کرنے میں چوک ہوئی، وہاں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اسے قلم زد فرمایا اور جو مفتیٰ بہ قول تھا اس کی طرف رہنمائی فرمائی ۔


اسی بہار شریعت میں چاشت کی نماز ، چاند گرہن کی نماز یا اس طرح کی دوسری نمازوں کے بارے میں مذکور ہے کہ اگر کسی کو یہ لگے کہ وہ جب تک وضو بنائے گا تب تک ان کا وقت ختم ہوجائے گا اور مکروہ وقت شروع ہوجائے گا، ایسے شخص کو چاہئے کہ تیمم کرکے نماز پڑھ لے، کیونکہ چاشت کی نماز ، سورج گرہن کی نماز اور چاند گرہن کی نماز فوت ہوجائے گی ۔ اس لئے اس کے حق میں یہ تیمم کےلیے عذر ہے ، اسے چاہئے کہ تیمم کر کے ان نمازوں کو ادا کرلے ۔


اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ جنہوں نے بہار شریعت (تیسرا حصہ) ملاحظہ فرمایا اور صدرالشریعہ کی تعریف و توصیف کرکے اس پر تقریظ بھی لکھی لیکن وہ خود فتاویٰ رضویہ میں اس سے پہلے لکھ چکے ہیں کہ ان نمازوں کے لئے تیمم کرنا جائز نہیں ہے۔ خود تو ناجائز لکھ رہے ہیں، صدر الشریعہ کے جائز کہنے پر ان کی تصدیق بھی فرمارہے ہیں۔ اس میں تعجب کی کیا بات ہے؟ کیونکہ اعلیٰ حضرت جانتے تھے کہ یہ فقہی فروعی مسئلہ ہے، اس میں جواز کی بھی گنجائش ہے اور عدم جواز کی بھی گنجائش ہے۔ ہمارے نزدیک قرائن کے اعتبار سے عدم جواز کو ترجیح حاصل ہورہی ہے، اسی لئے ہم نے عدم جواز کا حکم دیا ہے ۔ صدر الشریعہ کا موقف بھی صحیح ہے کیونکہ ان کے نزدیک قرائن کی روشنی میں جواز کا پہلو راجح ہے ۔


آج فقہی اختلاف پر ناراضگی کیوں ؟


میرے محترم  بھائیو ! اگر صدرالشریعہ رحمة اللہ علیہ اعلیٰ حضرت رحمة اللہ علیہ سے اختلاف کریں تو جائز ہے ، کیونکہ مسئلہ فروعی ہے ، جس میں اختلاف جائز ہے ۔ اس اختلاف کی وجہ سے کسی کو برا بھلا نہیں کہا جائے گا ، کسی کو جاہل نہیں کہا جائے گا ، کسی کو گمراہ نہیں کہا جائے گا تو آج اگر کوئی آپ سے اختلاف کرے تو آپ اس کے پیچھے کیوں پڑجاتے ہیں کہ توبہ کرو ؟ تمہاری اقتدا میں نماز نہیں ہوگی ، ایسا نہیں ، ویسا نہیں ۔ کیا فروعی مسائل میں اختلاف کا دروازہ بند ہو گیا ہے ؟ یہ نبوت تو نہیں ہے کہ نبوت کا دروازہ بند ہوگیا ہے ۔ اجتہاد کا دروازہ بند نہیں ہوا ہے ، ہاں ! واقعہ یہ ہے کہ اجتہاد کی جو شرائط ہیں ، وہ شرائط نہیں پائی جارہی ہیں ، اسی لئے کوئی مجتہد مطلق نہیں ہو پا رہا ہے ۔ یہ نہیں کہ ہو ہی نہیں سکتا ۔ ہونا تو شرعاً ممکن ہے ، میرے بھائی! جب اجتہاد کا دروازہ بند نہیں ہوا ہے تو تحقیق کا دروازہ کیوں بند کردیتے ہو ؟


معلوم ہوا کہ فقہی فروعی مسائل میں اختلاف کی آزادی ہے ۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے شاگردوں سے فرمایا تھا جب تک میری بات تمہاری سمجھ میں نہ آجائے اور جب تک تمہیں ان کی دلیل معلوم نہ ہوجائے ، دل مطمئن نہ ہوجائے اس وقت تک میرے فتوے پر نہیں بلکہ اپنے اجتہاد پر عمل کرو ۔


ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ جانیں کہ شریعت کا کسی مسئلے میں مقصد کیا ہے؟ جب تک مقصد نہیں جانیں گے ، اس وقت تک اختلاف کی حقیقت واضح نہیں ہوگی اور اس وقت تک اختلاف کرنا روا بھی نہیں ہوگا ۔ اختلاف روا جب ہی ہوگا جب مقصد آپ کے سامنے ہو کہ شریعت ہم سے کیا چاہ رہی ہے اور ہمارے اختلاف سے اس مقصد کی تکمیل ہورہی ہے یا مقصد کی تکمیل نہیں ہورہی ہے ؟ تکمیل ہورہی ہے تو اختلاف رحمت ہے اور اگر تکمیل نہیں ہورہی ہے تو اختلاف ناروا ہے ۔ جو ہم رتبہ نہیں ہیں ، ان کے لئے اپنے سے بڑے رتبہ والے کی اتباع لازم ہے ، لیکن جو ہم رتبہ ہیں ، ان کا آپس میں اختلاف کرنا جائز ہے ، اختلاف کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ، مگر یہ اختلاف اس طرح ہونا چاہئے جس کا ذکر اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے نقل فرمایا کہ جب دو صحابی رضی اللہ عنہما بحث کرتے تھے تو لگتا تھا کہ دونوں جانی دشمن ہیں ، کبھی ایک دوسرے سے نہیں ملیں گے لیکن جب ملتے تھے تو لگتا تھا کہ کبھی ان دونوں میں کوئی اختلاف ہوا ہی نہیں ہے اور نہ آئندہ ہوگا ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان ہی بزرگانِ دین کی روش پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...