Wednesday, 29 March 2017

ناچ گانے ، ڈھول تاشے اور میزک کے شرعی احکام







حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ:رسول اکرم ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:اللہ تعالی نے مجھے تمام جہانوں کے لئے رحمت اور ہدایت بنا کر بھیجا ہے۔اور مجھے منہ اور ہاتھ سے بجائے جانے والے مو سیقی اور سازوں کو مٹانے کا حکم دیا ہے۔ اوران بتوں کو مٹانے کا حکم دیا ہے جن کی زمانہ جاہلیت میں پوجا ہوتی تھی اور میرے رب نے اپنی عزت کی قسم کھا کر ارشاد فر مایا کہ:میرے بندوں میں سے جس نے شراب کا ایک گھونٹ پیا اس کو اس کے بدلے میں جہنم کا کھولتا ہوا پانی پلائوں گاخواہ اسے عذاب ہو یا بخشا جائے اور جو شخص کسی بچہ کو شراب پلائے گا اس کو بھی کھولتا ہوا پانی پلائوں گا۔اور گانے والی عورتوں کی خرید وفروخت اور گانے کی تعلیم اور تجارت اور ان کی قیمت سب حرام ہے۔(مسند امام احمد بن حنبل،جلد:۵؍ ص:۲۵۷،بحوالہ شرح صحیح مسلم سعیدی،جلد :۲؍ص:۶۷۸)

حضرت ابو مالک اشجعی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ:میری امت کے بعض لوگ شراب کا نام بدل کر پئیں گے ان کے پاس آلات موسیقی بجائے جائیں گے اور گانے والیاں ہوں گی۔اللہ تعالی ان کو زمین میں دھنسا دے گا اور ان کو بندر اور خنزیر بنادے گا۔(مصنف ابن ابی شیبہ،جلد:۸؍ص:۱۰۷)

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ:رسول اللہ ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:اللہ تعالی نے میری امت پر شراب،جوا،بانسری،طبل،اور بربط(یعنی گانے بجانے کے سامان)کو حرام کردیا ہے اور وتر کی نماز کو زیادہ کردیاہے۔(مسند امام احمد بن حنبل،جلد:۲؍ص:۱۶۵)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

قیس بن سعد بن عبادہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اکرم ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:میرے رب تبارک وتعالی نے مجھ پر شراب،طبل اور بربط (یعنی آلات موسیقی)کو حرام کردیا ہے اور غبیرا شراب سے بچو کیونکہ وہ تمام جہانوں کے شراب کا تیسرا حصہ ہے۔(مسند امام احمد بن حنبل،جلد:۳؍ص:۴۲۲)

حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اللہ ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:اس امت میں زمین میں دھسنا اور شکلوں کا مسخ ہونا اور پتھروں کا برسنا واقع ہوگا،ایک شخص نے عرض کیا کہ:یارسول اللہ ﷺ!یہ کب ہوگا؟آپ ﷺنے فر مایا کہ:جب گانے والی عورتوں اور آلات موسیقی کا رواج ہو جائے اور شرابیں پئے جائیں۔(ترمذی،حدیث :۲۲۱۲)

رسول مکرم ﷺنے ارشاد فر مایا کہ:میری امت میں کچھ ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو زنا،ریشم،شراب،اور باجوں کو حلال قرار دیں گے اور کچھ ایسے لوگ پہاڑ کے دامن میں رہیں گے کہ جب شام کو وہ اپنے بکریوں کا ریوڑ لے کر لوٹیں گے اور ان کے پاس کوئی فقیر اپنی حاجت لے کر آئے گا تو کہیں گے کہ:کل آنا۔اللہ تعالی پہاڑ گرا کر ان کوہلاک کردے گا اور دوسرے لوگوں(یعنی شراب اور باجوں وغیرہ کو حلال کرنے والوں)کو مسخ کرکے قیامت تک کے لئے بندر اور خنزیر بنادے گا۔(صحیح بخاری،ج:۲؍ص:۸۳۷)(دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

ان تمام حدیثوں سے واضح ہوا کہ ڈھول،تاشے،میوزک اور گانا بجانا ہر گز ہر گز درست نہیں ہے۔اور چونکہ فلم میں گانے بجانے کے علاوہ بے شمار برائیاں ہیں اس لئے وہ بھی سخت ناجائز وحرام اور عذاب الہی کا ذریعہ ہے ۔البتہ دف کے متعلق علماء کرام کا اتفاق ہے کہ عید،شادی اور ولیمہ وغیرہ کے موقع پربجانا درست ہے کیو نکہ حضور اکرم ﷺنے عید کے موقع پر کچھ نابالغ بچیوں کو دف بجاتے اور جنگ بعاث کا نظم گاتے ہوئے دیکھا تو آپ نے انہیں منع نہ فر مایا۔(صحیح مسلم،حدیث:۸۹۲)

اس کے علاوہ لہو ولعب کے طور پر ایسے گانے بجانے جس میں بیہودہ باتیں ، خلاف شریعت الفاظ اورشہوت انگیز جملے ہوں اس کے ناجائز ہونے میں کوئی شک ہی نہیں۔مسلمانوں کو اپنے رب سے ڈرنا چاہئے اور ان تمام تر خرافات سے انتہائی دور رہنا چاہئے۔آج کل کچھ لوگ نہایت شوق سے موسیقی کے ساتھ قوالی سنتے ہیں اور اسے سلسلہ چشتیہ کے بزرگوں کی طرف منسوب کرتے ہیں ۔ یہ نفس کا دھوکا ہے۔دف کے علاوہ ہاتھ اور منہ سے بجائے جانے والے آلات کی حرمت پر سب کا اتفاق ہے۔حضور اکرم ﷺنے اس پر شدید عذاب کی وعید سنائی جیسا کہ اوپر مکمل حوالہ کے ساتھ گزرا۔اور بزرگوں کی طرف اسے منسوب کرنا صاف جھوٹ اور ان پر غلط الزام ہے۔ان بزرگوں کی کتابوں میں صاف صاف اسے حرام وناجائز بتایا گیاہے ۔تفصیل کے لئے بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کے مرید خاص اور محبوب الہی سیدنا نظام الدین علیہ الرحمہ کے خلیفہ محمد بن مبارک بن محمد علوی کرمانی کی کتاب مستطاب’ سیر الاولیاء ‘ باب نہم در بیان وجد وسماع کا مطا لعہ کرے۔
ہاں اس میں کوئی شک نہیں کہ ان سب خرافات سے الگ ہو کر اللہ عزوجل کی شان میں حمد کے کلمات اور نبی دوجہاں ﷺکی نعت مبارکہ اور بزرگان دین کی شان میں منقبت کے اشعار اس کے علاوہ درست اورموافق شریعت اشعار ترنم کے ساتھ پڑھنا اور سننا بلا شبہ جائز ہے۔ءضروری نوٹ : آج کل نعت نبی ﷺ کو گانوں کی طرز پر اور آلات موسیقی پر پڑھا جا رہا ہے جو کہ توہین نعت بھی ہے اور توہین فرامین مصطفیٰ ﷺ بھی جس بات کو نبی ﷺ مٹانے آئے تھے اسی کو آج کل کے پیشہ ور لوگ نعت کے نام پر آگے بڑھا رھے ہیں اہل اسلام اس کا مکمل بائیکاٹ کریں اور علماء اسلام اس کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں اور حکم شرعی واضح طور پر لکھیں اللہ تعالیٰ ان ناچ گانے کی طرز پر نعت نبی ﷺ کی توہین کرنے والوں سے ہمیں بچائے آمین ۔
تبلیغ دین اور نیکی کے اس کام میں ہمارا ساتھ دیجیئے : آج دین سے دوری کے اس دور میں دین کا کام کرنا کوئی آسان بات نہیں ہے ہمیں تبلیغ دین کےلیئے قرآن کریم کی اردو عربی تفاسیر ، احادیث مبارکہ کی عربی اردو کتب اور ان کی شروحات ، کتب فقہ و تصوف اور دیگر مذاہب کی کتابوں کی اشد ضرورت ہے وسائل کی کمی کی وجہ سے اتنے مہنگی کتب خریدنا ہماری پہنچ سے باہر ہے اس سلسلہ میں آپ احباب کا تعاون چاہیئے صاحب استطاعت احباب اپنی حیثیت کے مطابق تعاون فرمائیں جن احباب نے تعاون فرمایا ان سب کا شکریہ جزاکم اللہ خیرا کثیرا۔ڈاکٹر فیض احمد چشتی اکاؤنٹ نمبر 001957900055503 حبیب بینک کیولری گراؤنڈ برانچ لاہور پاکستان ۔ موبی کیش اکاؤنٹ نمبر 03037555506 ۔

No comments:

Post a Comment

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...