Monday, 11 September 2023

عقائد و نظریات حضرت سیّدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ

عقائد و نظریات حضرت سیّدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ


محترم قارئینِ کرام : فقہی طور پر حضرت سیّدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ سراج الائمہ حضرت امام اعظم ابو حنیفہ نعمان بن ثابت رضی اللہ عنہ کے مذہب پر تھے ۔ اور حضرت سیّدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ شریعت مطہرہ کے نہایت پابند تھے ۔ حضرت سیّدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب کشف المحجوب میں جابجا شریعت پر عمل پیرا رہنے کی تلقین موجود ہے ۔​

حضرت سیّدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تمام اربابِ تسلیم کے امام اور اہلِ طریقت کے پیشوا ہیں ۔ حضرت سیّد علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : حضرت سیّدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو سب کے سب تسلیم و رضا کے مسئلہ پر اپنا امام و پیشوا مانتے چلے آ رہے ہیں اور آپ تمام اربابِ تسلیم  کے امام اور اہلِ طریقت کے پیشوا ہیں ۔(کشف المحجوب مترجم صفحہ 175 مطبوعہ مکتبہ شمس و قمر بھاٹی گیٹ لاہور)

نوٹ : یاد رہے ہم اہلسنّت و جماعت کے نزدیک حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ تاجدار ولایت ہیں ہم ادنیٰ غلام ہیں حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کے اہلسنّت و جماعت حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کو بھی اپنا امام و پیشوا مانتے ہیں اور حضرت سیّدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو بھی رافضی حُبِّ حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کی آڑ میں مقامِ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا انکار و توہین کرتے ہیں اور ناصبی و خارجی حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کے مقام کا انکار و توہین کرتے ہیں ہم اہلسنّت و جماعت ناصبیوں ، خارجیوں اور رافضیوں کے ںظریات سے بری الذمہ ہیں اور ان فتنوں سے اللہ عزّ و جل کی پناہ مانگتے ہیں اللہ تعالیٰ ہمیں رافضی ، خارجی اور ناصبی فتنے کے شر سے بچائے اور جملہ اہلسنّت کو اِن کے شر سے محفوظ رکھے آمین ۔

ایمانِ ابو طالب حضرت سیّد داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی نظر میں

محترم قارئینِ کرام : خود کو پیر اور سیّد کہلا کر رافضی عقائد کو پروان چڑھانے والے پیروں و خطیبوں کےلیے حضرت سیّد علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا  پیغام پڑھیئے اور فتنوں سے بچیئے :

حضرت سیّد علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : دلائل لانے والوں میں سے ابو طالب سے بڑھ کر کوئی نہ تھا اور حقانیت کی دلیل حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے بزرگ تر کچھ نہیں ہو سکتی تھی مگر جبکہ جریانِ حکمِ شقاوت ابو طالب پر ہو چکا تھا ۔ لا محالہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ذاتِ اقدس بھی اُسے فائدہ نہ پہنچا سکی ۔ (یعنی ابو طالب ایمان کی دولت سے محروم رہے) ۔ (کشف المحجوب مترجم صفحہ نمبر 448 مطبوعہ مکتبہ شمس و قمر جامعہ حنفیہ غوثیہ بھاٹی چوک لاہور،چشتی)

استدلال میں سے ابو طالب سے بڑھ کر کوئی نہ تھا اور حقانیت کی دلیل حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے بزرگ تر کچھ نہیں ہو سکتی تھی ، ابو طالب کےلیئے چونکہ بد بختی کا حکم جاری ہو چکا تھا ۔ (توفیق الٰہی اُن کے مقدر میں نہ تھی) ۔ لا محالہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ذاتِ اقدس بھی اُسے فائدہ نہ پہنچا سکی ۔ (توفیق الٰہی اُن کے مقدر میں نہ تھی) ۔ (یعنی ابو طالب ایمان کی دولت سے محروم رہے) ۔ (کشف المحجوب مترجم قدیم صفحہ نمبر 432 مطبوعہ ناشرانِ قرآن لمیٹڈ اردو بازار لاہور)

حضرات امیر معاویہ و امام حسن رضی اللہ عنہما کے تعلقات حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی نظر میں

محترم قارئینِ کرام : حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ ( متوفی 465 ہجری) اپنی مشہور زمانہ کتاب کشف المحجوب شریف میں لکھتے ہیں کہ : امام حسین رضی اللہ عنہ کی بارگاہ میں ایک مفلس و غریب آدمی مدد کےلیے حاضر ہوا آپ نے اسے اپنے پاس بٹھا لیا اور فرمایا بیٹھ جاؤ ، ہمارا وظیفہ راستے میں ہے ، کچھ دیر بعد حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف سے ایک آدمی آپ کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور پانچ تھیلیاں دیناروں کی پیش کیں جس میں ایک ایک ہزار دینار تھے اور ساتھ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف سے معذرت بھی کی ، آپ رضی اللہ عنہ نے وہ تھیلیاں اسی طرح پاس بیٹھے سائل کو دے دیں ۔ (کشف المحجوب مترجم ، صفحہ نمبر 185 مکتبہ شمس و قمر بھاٹی چوک لاہور)

حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ نے یہ واقعہ لکھ کر بہت ساری گتھیاں سلجھادی ہیں ، جیسا کہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا امام عالی مقام امام حسین رضی اللہ عنہ کی بارگاہ میں نذرانہ پیش کرنا ، امام عالی مقام کا اسے نہ صرف قبول کرنا بلکہ اسے راہِ خدا میں خرچ بھی کرنا ، حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا پیغام میں معافی چاہنا ؛ اس واقعہ کو ذکر کرتے ہوئے حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں کوئی ایسی ویسی بات یا جملہ ذکر نہ کرنا جیسا کہ آج کل کے تفضیلی رافضی ذکر کرتے رہتے ہیں ۔ اگر حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ ویسے ہوتے جیسا کہ معاذ اللہ آج باغی طاغی ، ظالم ، فاسق ، منافق ، شرابی ، سودی ، اور دشمن اہل بیت کی گردانیں پڑھی جارہی ہیں تو حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ ایسے واقعہ کو جس سے ان ہستیوں میں محبت واضح و ثابت ہورہی ہے ذکر ہی نہ کرتے ، اسی واقعہ کے بعد اگلے صفحہ پر حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ نے یزید کے اہل بیت رضی اللہ عنہم پر مظالم کو بھی ذکر کیا مگر کہیں بھی حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا نام یا ذکر اشارةً بھی نہ کیا ، نہ مولا علی شیر خدا رضی اللہ عنہ کا ذکر کرتے ہوئے صفین و جمل کو چھیڑا ، پتہ چلا حضرت سید علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک بھی یہ ایک حساس اور الگ قسم کا مسئلہ تھا جس پر کسی قسم کی طعن وتشنیع نہیں کی جاسکتی وہ سب اصحاب رسول رضی اللہ عنہم ہیں اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نسبت کا ادب و احترام ہم سب پر واجب ہے ۔

حضرت امیر مُعاویہ رضی اللہ عنہ نے سالانہ وظائف کے علاوہ مختلف مواقع پر حضراتِ حَسَنَینِ کَرِیْمَین رضی اللہ عنہما کی خدمت میں بیش بہا نذرانے پیش کئے ، یہ بھی محبت کا ایک انداز ہے ، آپ رضی اللہ عنہ نے کبھی پانچ ہزار دینار ، کبھی تین لاکھ دِرہم تو کبھی چار لاکھ درہم حتی کہ ایک بار40 کروڑ روپے تک کا نذرانہ پیش کیا ۔ (سیراعلام النبلاء جلد 4 صفحہ 309،چشتی)(طبقات ابن سعد جلد 6 صفحہ 409)(معجم الصحابہ جلد 4 صفحہ 370)(کشف المحجوب صفحہ 77)(مراٰۃ المناجیح جلد 8 صفحہ 460)

علامہ ابن کثیر البدایہ و النہایہ میں لکھتے ہیں : حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ کے دور حکومت میں سیدنا امام حسن اور سیدنا امام حسین رضی ﷲ عنہا دونوں حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ کے پاس شام میں آیا جایا کرتے تھے اور حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ ان دونوں شہزادوں کا بہت احترام فرماتے تھے ۔ ان کی خدمت میں بہت سے عطیات اور وظائف پیش کرتے تھے اور دونوں شہزادے انہیں بخوشی قبول فرماتے تھے ۔ (البدایہ والنہایہ، جلد 8 صفحہ 158)

اسی البدایہ والنہایہ میں ہے : حضرت امیر معاویہ رضی ﷲ عنہ نے یزید سے کہا تھا کہ امام حسین رضی ﷲ عنہ کے ساتھ اچھا رویہ اختیار رکھنا فصل رحمہ و ارفق بہ (ان سے صلہ رحمی اور نرمی والا معاملہ کرنا) ۔ (البدایہ والنہایہ جلد 8 صفحہ 169)

قدوة الکاملین زبدة الواصلین سیدنا سرکار داتا گنج بخش سید علی بن عثمان ہجویری رضی اللہ تعالی عنہ کشف المحجوب شریف میں فرماتے ہیں : شیخ المشائخ حضرت یحییٰ بن معاذ رازی رحمة اللہ علیہ نے کیا خوب فرمایا ہے ، تین قسم کے لوگوں کی صحبت سے بچو ۔ ایک غافل علماء سے ۔ دوسرے مداہنت کرنے والے اور ۔ تیسرے جاہل صوفیاء سے ، غافل علماء وہ ہیں جنہوں نے دنیا کو اپنے دل کا قبلہ بنا رکھا ہے اور شریعت میں آسانی کے متلاشی رہتے ہیں ، بادشاہوں کی پرستش کرتے ، ظالموں کا دامن پکڑتے ہیں ، ان کے دروازوں کا طواف کرتے ہیں ، خلق میں عزت و جاہ کو اپنی محراب گردانتے ہیں ، اپنے غرور و تکبر اور اپنی خودپسندی پر فریفتہ ہوتے ہیں ، دانستہ اپنی باتوں میں رقت و سوز پیدا کرتے ہیں ، آئمہ و پیشواؤں کے بارے میں زبانِ طعن کرتے ہیں ، بزرگان دین کی تحقیر کرتے ہیں ، اور ان پر زیادتی کرتے ہیں ، اگر ان کے ترازو کے پلڑے میں دونوں جہاں کی نعمتیں رکھ دو تب بھی وہ اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہیں آئیں گے ، کینہ و حسد کو انہوں نے اپنا شعارِ مذہب قرار دےلیا ہے ، بھلا ان باتوں کا علم سے کیا تعلق ، علم تو ایسی صفت ہے جس سے جہل و نادانی کی باتیں ، اربابِ علم کے دلوں سے فنا ہوجاتی ہے ۔ (کشف المحجوب مترجم صفحہ نمبر ۴۷،چشتی)

جاہل عابد اور فاسق علماء نے پیٹھ توڑدی

امیرالمؤمنین مولا علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : دو شخصوں نے میری پیٹھ توڑی (یعنی وہ بلائے بے درماں ہیں) جاہل عابد اور عالم جو علانیہ بیباکانہ گناہوں کا ارتکاب کرے ۔ (فتاوی رضویہ شریف مترجم جلد ۲۱ صفحہ ۵۲۷)

بر صغیر میں قافلہ تصوف :
علم و حکمت اور طریقت و معرفت کے سرخیل الشیخ السید علی ابن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ (م 1072ء۔465ھ) لاہور میں تشریف فرما ہوئے اور ظلمت کدہ ہند میں اسلام کی شمع فروزاں کی ۔ یہیں پر آپ نے اصول شریعت ، معرفت حق ، رموز تصوف اور علم و حکمت پر مبنی اپنی معرکۃ الآراء کتاب "کشف المحجوب" تصنیف فرمائی جو کہ ایک بیش بہا گنجینہ ہے ۔ یہ معروف و معتبر تصنیف ، حضرت ابو سعید ہجویری رحمۃ اللہ علیہ جو کہ آپ کے رفیق خاص تھے ، کے تصوف اور رموز تصوف کے حوالے سے استفسارات کے ضمن میں منصہ شہود پر آئی ۔ تصوف کے موضوع پر فارسی زبان میں یہ پہلی تصنیف تھی ۔ صوفیاء کے درباروں اور علماء کی مجالس میں اس کتاب کو ایک خاص مقام حاصل ہوا ۔ برنی کے بقول حضرت نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ جن کتب کے مطالعے کے شوقین تھے ان میں کشف المحجوب سرِفہرست تھی ۔

"کشف المحجوب" جو آپ نے آغوشِ رحمت خداوندی میں بیٹھ کر لکھی ہے ۔ مسائل شریعت و طریقت اور حقیقت و معرفت کا ایک بیش بہا گنجینہ ہے اور اولیائے متقدمین کے حالات بابرکات اور ان کی مقدس تعلیمات کا بہترین خزینہ ہے نیز فارسی زبان میں تصوف و احسان پر لکھی جانے والی سب سے پہلی کتاب ہے ، اور اسے اولیاء اللہ اور صوفیاء کرام نے تصوف کی بے مثل کتاب قرار دیا ہے ۔

کشف المحجوب کاملین کےلیے رہنما ہے تو عوام کےلیے پیر کامل کی حیثیت رکھتی ہے ، چنانچہ عوام میں اس کا مطالعہ کرنے والوں کو دولتِ عرفان و ایقان حاصل ہوتی ہے اور شک و شبہات کی وادی میں بھٹکنے والے یقین کی دنیا میں آباد ہو جاتے ہیں اور اس کے باربار مطالعہ سے حجابات اٹھ کر نئے نئے انکشافات ہوتے ہیں ۔

حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کشف المحجوب کے آغاز میں ہی اس کتاب کی غرض و غایت اور وجہ تصنیف بیان فرماتے ہیں : ⬇

ابو الحسن علی بن عثمان بن ابی علی الجلابی ثم الہجویری عرض پرداز ہے کہ میں نے استخارہ کیا ، اور دل میں پیدا ہونے والی ہر خواہش سے منہ موڑ لیا ۔ اور اللہ تجھے (شیخ ابو سعید ہجویری) نیک بخت بنائے ۔ تیری درخواست پر میں نے کمر ہمت باندھ کر کتاب لکھنے کا پختہ ارادہ کر لیا ۔ میں نے اس کتاب کا نام 'کشف المحجوب' رکھا ہے ۔ الغرض تیرا مقصد پورا ہوا کہ میں نے اس کے مطابق کتاب کے ابواب کی تقسیم کی ہے ۔ میں اس کتاب کی تکمیل کےلیے اللہ کی مدد اور توفیق کا خواستگار ہوں اور اپنے اعتماد اور قوت پر بھروسہ سے برات اور بیزاری کا اظہار کرتا ہوں ۔ اللہ تعالیٰ ہی کی ذات پر میرا آسرا ہے اور وہی مددگار ہے ۔

آغازِ کلام پر استخارہ کا ذکر کر کے اسلاف کے اس معمول کی تبلیغ و ترویج بھی فرما دی کہ جس کے مطابق ہر اہم کام کرنے سے پہلے استخارہ کی صورت میں اللہ تعالیٰ سے راہنمائی طلب کی جاتی ہے ۔ تو گویا اس کتاب کو جو قبولیت حاصل ہوئی اور امت محمدیہ کےلیے جو گراں قدر خدمات اس کتاب کے سبب انجام پذیر ہوئیں وہ کسی اور کتاب کو میسر نہ آ سکیں ۔ بالخصوص حقیقی تصوف کے حوالے سے یہ کتاب مقام رفیع پر فائز نظر آتی ہے ۔ خانقاہوں اور آستانوں کو موجودہ صورتِ حال اور معاملات میں افراط و تفریط نے اس خوبصورت اور پاکیزہ دنیا کو دھندلا دیا ہے ۔ وہ آستانے جو محبتوں کے امین اور الفتوں کے نقیب تھے وہاں سے نفرتیں اور جہالتیں پروان چڑھ رہی ہیں ۔ جنہوں نے دوسروں کو سنبھالا دینا تھا وہ خود ہی ڈانواں ڈول ہیں ۔ ان حالات میں "کشف المحجوب" پورے اسلامی نظام معاشرت اور خانقاہی تصورات کو اپنے پہلو میں لیے ہوئے دنیا کو صراط مستقیم دکھا رہی ہے اور حقیقت اور معرفت کی اس راہ کو اجاگر کر رہی ہے جس کو مختلف حوالوں سے پراگندہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ اور خواجہ نظام الدین رحمۃ اللہ علیہ کے اس قول مبارک کی روشنی میں آج واقعتاً وہ "شیخ کامل" کی حیثیت اختیار کیے ہوئے ہے ۔

انہی گوناگوں اوصاف و کمالات کے سبب عشق و محبت کی دنیا کے امام مولانا عبدالرحمن جامی رحمۃ اللہ علیہ نفحات الانس میں بیان کرتے ہیں : آپ کی کنیت ابوالحسن ہے ۔ عالم و عارف تھے ۔ شیخ ابو الفضل بن حسن خُتلی رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت میں رہے ہیں ۔ آپ کشف المحجوب کے مصنف ہیں۔ جو اس فن میں معتبر و مشہور کتابوں میں ہے ، انہوں نے اس کتاب میں بہت سے لطائف و حقائق جمع کئے ہیں ۔

کشف المحجوب کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر دنیا کی تمام زبانوں میں اس کے ترجمے ہو چکے ہیں۔ انگریزی زبان میں پروفیسر نکلسن (م: 1925ء) نے کشف المحجوب کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا جو پہلی بار 1911ء میں گپ میموریل لندن نے شائع کیا ۔ 1936ء میں اس کا نظر ثانی شدہ اڈیشن شائع ہوا ۔ پروفیسر نکلسن کشف المحجوب کے بارے میں لکھتا ہے : ⬇

Kashf-ul-Mahjoob - It's object is to set forth a complete system of Sufism not to put together a great number of sayings by different Shaykhs but to discuss and explained the doctrines and practices of Sufis ۔
ترجمہ : اس (کشف المحجوب) کا مقصود یہ ہے کہ تصوف کو بطور ایک نظام کے مدون کر دیا جائے اور مختلف شیوخ کے اقوال جمع کرنے کے بجائے صوفیاء کی تعلیمات اور اشغال کی تشریح و توضیح کی جائے ۔

پنجاب یونیورسٹی کا شائع کردہ اردو دائرہ معارف اسلامیہ کے فاضل مقالہ نگار نے کشف المحجوب کے اوصاف و کمالات کو اس انداز میں قلمبند کیا ہے : کشف المحجوب میں اسلامی تصوف کا بہت بلند معیار پیش کیا گیا ہے ۔ اس میں اولیاء عظام کی کرامات اور خوارق کا بھی ذکر ہے ۔ نیز ان کے بیسیوں اقوال اور نصائح کے ساتھ اوصاف حسنہ ، صبر و قناعت ، ایثار و سخاوت ، ہمت، استغناء ، صداقت اور اخلاص کی وہ سچی تابناک مثالیں پیش کی ہیں جو ان بزرگوں کے فضل و شرف کی اصلی برہان اور اسلامی تہذیب و اخلاق کی عظمت کی دلیل ہیں ۔ مزید برآں مصنف تحقیق پسند تھے اور تحقیق کا بھی بہت بلند پایہ مجتہدانہ معیار ان کے پیش نظر تھا ۔ تمثیلات میں اخلاق و الٰہیات کے معارف بکھرے پڑے ہیں ۔ جن کی تفصیل یہاں ممکن نہیں ۔ اسی طرح جگہ جگہ نفس انسانی کی وہ کوتاہیاں بھی منظر عام پر لائے ہیں جن تک بزرگان باعمل ہی کی نگاہ پہنچ سکتی ہے ۔ (چشتی)

کشف المحجوب اپنی مضمون آفرینی اور ندرت بیان کے اعتبار سے اتنی موثر اور واضح ہے کہ کہیں پر دینی امور اور مذہبی دستور میں ابہام یا تشکیک نہیں ہے بلکہ تصوف اور شریعت کے مابین پیدا ہونے والے غلط نظریات کا تو سرے سے ہی خاتمہ کردیا ۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کشف المحجوب میں فرماتے ہیں : شریعت کا پہلا رکن کتاب اللہ ہے جیسا کہ اللہ فرماتا ہے : اس میں آیات محکمات ہیں ، جو اصل کتاب ہیں ۔ دوسرا رکن سنت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہے ۔ جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا ہے : جو کچھ تجھے رسول عطا فرمائیں اس کو لے لو اور جس سے منع فرمائیں اس سے رک جاؤ'
اور تیسرا رکن اجماع امت ہے ۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : میری امت گمراہی پر جمع نہیں ہوتی بڑے گروہ کا ساتھ اختیار کرو ۔

مذکورہ بالا فرمان سے حضرت ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کا نقطہ تحقیق واضح ہو گیا کہ آپ کن بنیادوں پر اپنے افکار و نظریات کو متعین اور مدون فرما رہے ہیں ۔ جیسا کہ پہلے ذکر کیا جا چکا ہے ، کتاب کشف المحجوب در حقیقت آپ کے ایک رفیق حضرت ابو سعید ہجویری کے چند سوالوں کے جواب میں مرتب کی گئی ہے انہوں نے حضرت شیخ سے سوالات کیے تھے کہ مجھ سے بیان فرمایئے : ⬇

(الف) طریق تصوف کی حقیقت۔
(ب) مقامات صوفیہ کی کیفیت۔
(ج) صوفیہ کے عقائد و مقالات کی تشریح۔
(د) ان کے رموز و اشارات۔
(ہ) اللہ تعالیٰ سے ان کی محبت کی نوعیت اور دلوں میں اس کے ظہور کی کیفیت و ماہیت۔
(و) محبت الٰہی کی ماہیت کی معرفت میں حائل ہونے والے حجابات عقل و نفس۔
(ز) پھر کشف حجابات کے طریقے۔ نفس کی حجابات سے بیزاری اور روح کی تسکین۔

یہاں پر ہم کتاب کے عنوانات اور ابواب کے ذریعہ انتہائی اختصار کے ساتھ کشف المحجوب کا تعارف پیش کرتے ہیں تاکہ کتاب کا ایک اجمالی سا خاکہ قاری کے ذہن میں اجاگر ہوسکے۔
1۔ باب اول
(١) اثبات علم
(٢) علم حقیقت ، ماہیت علم، علم کی اقسام ، علم شریعت ، اہل تصوف کے اقوال ۔

2 ۔ باب الفقر۔ اثبات فقر، درویش کی بزرگی، فقر و غنا سے متعلق اہل تصوف کے اقوال۔
3 ۔ التصوف: قرآن و حدیث کی روشنی میں ماہیت تصوف سے متعلق مباحث پیش کئے ہیں۔ لفظ صوفی، متصوف اور مستصوف پر گفتگو کی گئی ہے۔
4 ۔ باب مرقعہ داشتن: اس باب میں "خرقہ" اور گدڑی پہننے کے فضائل بیان ہوئے ہیں۔
5 ۔ باب فی ذکر اختلافھم فی الفقر والصفوۃ: اس باب میں فقر و صفوت کی بابت گفتگو کی گئی ہے۔
6 ۔ باب بیان الملامۃ
7 ۔ باب فی ذکر ائمتھم من الصحابۃ والتابعین ومتابعتھم: اس باب میں خلفائے راشدین اور صحابہ کرام ؓ کے فضائل اور ان کے متصوفانہ افکار و رجحانات پر گفتگو کی گئی ہے۔
8 ۔ باب فی ذکر ائمتھم من اہل البیت و اھل بیت پیغامبر۔ اس باب میں خانوادہ اہل بیت اور ائمہ اہل بیت کا تذکرہ ہے۔
9 ۔ باب ذکر اہل الفتنہ۔
10 ۔ باب فی ذکر ائمتھم من التابعین والانصار۔ ان جید ہستیوں کا تذکرہ ہے جنہوں نے علوم تصوف و روحانیت کبار صحابہ کرام سے سیکھے۔
11 ۔ باب فی ذکر ائمتھم من اتباع التابعین الی یومنا ھذا: اس باب میں 63 کے قریب ذیلی عنوانات کے ساتھ معروف تبع تابعین بزرگوں کے احوال بیان کر کے ثابت کیا گیا ہے کہ وہ سارے اصحاب صوفیانہ مشرب کے حامل تھے۔
12 ۔ باب فی ذکر ائمتھم من المتاخرین۔
13 ۔ اب فی ذکر رجال الصوفیۃ من المتاخرین علی الاختصار۔
14 ۔ باب فی فرق فرقھم و مذاھبھم و آیاتھم و مقاماتھم و حکایاتھم۔ اس میں مختلف سلاسل صوفیہ اور ان کے افکار و نظریات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
اس باب میں کشف المحجوب کے عنوان سے گیارہ حجابات کا ذکر کیا گیا ہے۔ جن میں اسلامی تعلیمات کا خاصہ اور نچوڑ بیان کر دیا گیا ہے۔
باب 15 سے 39 تک توبہ، محبت، جود و سخاوت، بھوک، مشاہدات، صحبت ، آداب صحبت، آداب قیام، آداب رفاقت سفر، سفر حضر، گفتگو و خاموشی، سوال اور ترک سوال، نکاح و تجرد، قرآن کی سماعت، شعر، خوش الحانی، سماع کے احکام، سماع کی بابت اختلافات، آداب سماع، حقیقت سماع، وجد، رقص وغیرہ پر مفصل گفتگو ہوئی ہے۔

کشف المحجوب تصوف کا ایک ایسا گلدستہ ہے جس میں متنوع پھول سجے ہیں ۔ ہر پھول کا رنگ جدا اور خوشبو منفرد ، کتاب میں مخدوم ہجویری نے ان نام نہاد صوفیاء کا تعاقب کیا ہے جو اس لبادے میں تصوف کی بدنامی اور صوفیاء کی رسوائی کا باعث بنتے ہیں ۔ یہ کتاب علم و عمل کا ایسا حسین مرقع ہے جس کی ہر دور میں ضرورت محسوس ہوتی ہے اور جادۂ حق پر چلنے کےلیے مشعل راہ کا کام دیتی ہے ۔ اس کتاب کے بالاستیعاب مطالعہ کے بعد یہ دعویٰ کیا جا سکتا ہے کہ تصوف کو سمجھنے کےلیے اسی ایک کتاب کا مطالعہ کافی ہے ۔ جس سے تصوف کے تمام گوشے پوری طرح واضح ہو جاتے ہیں اور کوئی الجھن باقی نہیں رہتی ۔

اللہ کی زمین پر جِنّ و بشر کی ہدایت کےلیے نبیوں اور رسولوں کا سلسلہ ختم المرسلین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تک جاری رہا ۔ نبیوں کے اسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہر دور میں اللہ کے دوستوں اور ولیوں کی جماعتیں سرگرمِ عمل رہتی ہیں۔ اللہ کے انھی دوستوں میں سے ایک سید علی بن عثمان الہجویری ہیں، جو غزنہ کی سرزمین میں آباد چھوٹی سی بستی ہجویر میں پیدا ہوئے۔ ابو الفضل محمد بن الحسن ختلی سے روحانی فیض حاصل کیا، اور علم وحکمت کے موتی ابوالعباس اشقاقی، ابو جعفر محمد بن المصباح الصیدلانی، ابو القاسم عبدالکریم بن ہوازن القشیری، ابو القاسم بن علی الگرگانی، محمد بن علی بسطامی اور ان جیسے دیگر علما وفقہا سے اکٹھے کیے۔ مختلف ملکوں اور بستیوں میں کسبِ علم کے لیے سفر کیا، بالآخر اپنے مرشد ابو الفضل محمد بن الحسن ختلی کے کہنے پر لاہور کو مرکز تعلیم وارشاد بنالیا۔ اس طرح سرزمین لاہور خوش نصیب ٹھیری۔

شیخ علی بن عثمان الہجویری رحمہ اللہ علیہ علم ودانائی، تقویٰ اور کشادہ دلی میں اپنی مثال آپ تھے۔ علم وحکمت میں حق کی معرفت، تقویٰ میں اعتدال پسندی اور سخاوت میں دریا دلی آپ کی پہچان بنی۔آپ کی سیرت اور خیالات کے مطالعے کے ساتھ ساتھ صدیوں سے لاکھوں مساکین اور فقرا کا آپ کے مرکزِ فیض سے روحانی ترفع حاصل کرنا اس بات کی گواہی دے رہا ہے۔

سید علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ توحید خالص، ختمِ رسالت اور اتباعِ قرآن وسنت کے علَم بردار تھے۔ آپ نورِ حق کی طرف بلانے، نور رسالت کی شمع کے گرد جمع کرنے اور نورِ قرآن سے خلقِ خدا کو روشنی دکھانے والے تھے۔ جب ہر طرف نور اور روشنی کی بات ہو تو بے یقینی کا سایہ اور شکوک وشبہات کا گردوغبار کیسے باقی رہ سکتا ہے، اس لیے ان کی ہر بات بالکل واضح اور کھلی ہے۔

اللہ کے ولی اور دوست صرف اللہ کی طرف بلاتے ہیں، اور پورے کے پورے انسان کو بلاتے ہیں، رسول کا مطیع بناتے ہیں اور ظاہر وباطن، جسم و روح، خیال اور عمل ہر بات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کی بات کرتے ہیں۔شریعت پر عمل کرنا بھی لازم قرار دیتے ہیں، اور روحانیت کے مدارج طے کرنے میں بھی رہنمائی فرماتے ہیں۔

معرفت اور شریعت: شریعت کے حوالے سے سید علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ’’لوگ اب ترکِ شریعت کو طریقت کہتے ہیں‘‘(کشف المحجوب، فصل ہفتم، صورت سوال)، اور شریعت کی وضاحت میں بغیر کسی لاگ لپٹ کے بیان کرتے ہیں: ’’شریعت کا رکن اوّل کتاب اللہ ہے، چنانچہ فرمایا گیا: مِنْہُ اٰیٰتٌ مُّحْکَمٰتٌ ہُنَّ اُمُّ الْکِتٰبِ (اٰلِ عمرٰن ۳:۷)۔ ’’اس کتاب میں محکم آیات ہیں، جن کا مقصود واضح ہے، وہی اصل کتاب ہے‘‘۔ دوسرا رکن سنّت رسول ہے، جیسا کہ ارشاد الٰہی ہے: وَمَآ اٰتٰکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ ق وَمَا نَہٰکُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوْا ج ’’رسول جو آپ کو عطا کریں وہ لے لو، اور جس بات سے منع کردیں اس سے رک جاؤ ۔ (سوتہ الحشر ۵۹:۷) ۔ تیسرا رکن اجماع اُمّت ہے، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : لا یجتمع امتی علی الضلالۃ (میری امت گمراہی پر متفق نہیں ہوسکتی) ۔ (کشف المحجوب، سید علی بن عثمان الہجویری رحمہ اللہ ، ترجمہ عبدالحکیم خان نشتر جالندھری وعلاّمہ ظہیر الدین بدایوانی)

غور فرمایئے کہ شریعت کے مصادر کا کس خوب صورتی سے ذکر کردیا۔ کوئی الجھاؤ باقی نہیں رہنے دیا ۔ قرآن، سنت اور اجماع اُمت، جب بھی ان بنیادوں پر اسلام کی عمارت استوار کی گئی ہے، ایک عالی شان، دیدہ زیب اور مستحکم عمارت وجود میں آئی ہے۔

معرفت اور شریعت کا اصل رشتہ بتاتے ہوئے اصحاب عرفان اور اصحاب شریعت کے فرق کو ختم کردیا، بلکہ اپنے زمانے کے ضروری علم کو حاصل کرنے کی بھی ترغیب دی۔ مرشد ہجویری فرماتے ہیں: ’’بندے کو خدا کے امور اور اس کی معرفت کا علم ہونا چاہیے۔ وقت کی مصلحت کا علم بھی بندے پر فرض ہے، جو علم ضرورت کے وقت اس کے کام آتا ہے۔ اس کے ظاہر وباطن کی دو قسمیں ہیں: علم اصول اور علم فروع۔ ’’علم اصول کا ظاہر ،قولی شہادت ہے اور باطن، معرفت کی تحقیق۔ علم فروع کا ظاہر دینی معاملات کی تعمیل اور باطن، نیّت کی درستی‘‘ ۔ (کشف المحجوب، معرفت و شریعت،چشتی)
پھر فرماتے ہیں : ’’شریعت کا ظاہر ، باطن کے بغیر نقصان ہے اور باطن، ظاہر کے بغیر ہوس ہے‘‘۔ گویا باطن کا ایمان اور اخلاصِ نیت سے تعلق ہے اور ظاہر کا عمل اور اطاعت سے، دونوں سے مل کر دین بنتا ہے۔

علم اور عمل لازم و ملزوم : کچھ لوگوں نے نادانی یا دانش مندی کے زعم میں علم اور عمل کو ایک دوسرے کے مقابلے میں کھڑا کردیا ہے۔ کوئی علم ومعرفت کے جھنڈے گاڑنے کی فکر میں عمل کی دنیا سے بے گانہ ہونے لگا اور کسی نے ’علموں بس کریں او یار‘ کے جملے کو اپنے لیے ڈھال بنالیا۔ سید علی الہجویری فرماتے ہیں: ’’میں نے عوام کی ایک جماعت دیکھی ہے جو علم کو عمل پر فضیلت دیتی ہے اور دوسری جماعت عمل کو علم پر، لیکن یہ دونوں باتیں غلط ہیں، کیونکہ عمل کو علم کے بغیر عمل نہیں کہہ سکتے، بلکہ عمل اُس وقت عمل بنتا ہے جب علم اس کے ساتھ ہو،تا کہ بندہ اس کے ذریعے سے ثواب کا حق دار ہوسکے۔ مثلاً نماز کو لیجیے کہ جب تک پہلے انسان کو طہارت کے ارکان، پاک پانی کی شناخت، قبلے کی پہچان، نیت کی کیفیت اور نماز کے ارکان سے آگاہی نہ ہو، نماز ہوتی ہی نہیں۔ اس لیے جب عمل اصل میں علم ہی سے حاصل ہوسکتا ہے تو کس طرح جاہل اس کو علم سے علیحدہ کرسکتا ہے۔ جو لوگ علم کو عمل پر فضیلت دیتے ہیں، وہ بھی غلطی پر ہیں، کیونکہ علم کو عمل کے بغیر علم نہیں کہہ سکتے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: نَبَذَ فَرِیْقٌ مِّنَ الَّذِینَ اُوْتُوا الْکِتٰبَ ق کِتٰبَ اللّٰہِ وَرَآءَ ظُہُوْرِہِمْ کَاَنَّہُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ ۔ (سورہ البقرہ ۲:۱۰۱) ’’اہلِ کتاب میں سے ایک فریق نے خدا کی کتاب پسِ پشت ڈال دی ، گویا وہ اسے جانتے ہی نہیں‘‘۔ اس آیت میں خدا نے بے عمل عالم کا نام علما سے خارج کردیا ہے، کیونکہ علم پڑھنا اور اسے یاد کرنا، یہ سب کچھ عمل ہی میں شامل ہے ۔ (کشف المحجوب، علم وعمل)
اس طرح شیخ نے علم اور عمل کو ایک دوسرے کےلیے لازم وملزوم کرکے حق بات کو واضح کر دیا۔

اپنی بات کو مزید تقویت دینے کےلیے سید علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ، جناب حاتم اصّم کی حکمت بھری بات بتاتے ہیں کہ حضرت حاتم اصم فرماتے ہیں : میں نے چار علم اختیار کرلیے اور دنیا کے تمام علموں سے نجات پائی۔ لوگوں نے پوچھا: وہ چار علم کون سے ہیں؟ اُنھوں نے جواب دیا: ’’پہلا یہ کہ میں نے جان لیا، میرا رزق میری قسمت میں لکھا جاچکا ہے جو زیادہ یا کم نہیں ہوسکتا، اس لیے میں زیادہ کی طلب سے بے غم ہوگیا ہوں۔ دوسرا یہ کہ میں نے جان لیا کہ مجھ پر اللہ تعالیٰ کا ایک ایسا حق ہے، جو میرے سوا کوئی ادا نہیں کرسکتا، لہٰذا میں اس کے ادا کرنے میں مصروف ہو گیا ہوں۔ تیسرا یہ کہ میں نے جان لیا کہ کوئی میری تلاش میں ہے، یعنی موت اور میں اس سے بھاگ کر کہیں نہیں جاسکتا، لہٰذا میں نے اس کا سازو سامان کرلیا ہے (یعنی نیک کام کیے جارہا ہوں)۔ چوتھا یہ کہ میں نے جان لیا ، میرا ایک آقا ہے، جو میرے حالات سے آگاہ ہے، لہٰذا مجھے اس سے شرم آئی اور میں نے ناروا کاموں سے ہاتھ اٹھا لیا۔ جب بندہ جانتا ہے کہ خدا اسے دیکھ رہا ہے تو چاہیے کہ وہ کوئی ایسا کام نہ کرے جس کے باعث قیامت میں خدا سے شرمندہ ہونا پڑے‘‘ (کشف المحجوب، علم و عمل، فصل اوّل)۔ گویا علم میں ایمان اور یقین ہے، اور عمل میں اطاعت وفرماں برداری ہے۔ علم محبوب کی پہچان ہے اور عمل محبوب کی بات ماننا، اور اپنے آپ کو اس کے سپرد کرنا ہے۔

گویا اس معلم شریعت اور شیخ طریقت نے اصل حق کی طرف لوگوں کو بلایا ہے، اور شرک وبدعات کی سب قباحتوں سے دور رہنے کی تلقین فرمائی ہے۔ اس اعتبار سے ایمان اور اطاعت میں جس قدر توجہ اور محنت ہوگی مقام عبدیت میں اتنا ہی کمال حاصل ہوگا۔ پھر عبدیت کے مقام پر فائز ہونے والا شخص روحانی کیفیت میں کَأنَّکَ تَرَاہ (گویا تو اسے دیکھ رہا ہے) کے درجے پر اور ظاہری حالت میں: فَاَکُوْنَ بَصَرُہ الَّذِیْ یُبْصِرُ بِہ وَسَمعَہ الَّذِیْ یَسْمَعُ بِہ (میں اس کی آنکھ بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے، اور اس کی سماعت بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے) بن جاتا ہے ۔ (کشف المحجوب ، تصوّف،چشتی)

شیخ علی ہجویری فرماتے ہیں : ایسے شخص کےلیے شرع کے وہ احکام جو دوسروں کے لیے مشکل ہوتے ہیں، آسان ہوجاتے ہیں۔ آپ نے حضرت حارثہ رضی اللہ عنہ کی ایک روایت نقل کی ہے: ایک بار حضرت حارثہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو حضور نے استفسار فرمایا : ’’اے حارثہ ! تونے صبح کس حال میں کی ؟ کہا : میں نے ایسے حال پر صبح کی کہ خدا پر سچا ایمان رکھنے والا ہوں ۔ فرمایا : اے حارثہ جو کچھ تو کہہ رہا ہے، اس پر غور کر، کیونکہ ہر شے کی کوئی حقیقت ہوتی ہے۔ بتا تیرے ایمان کی حقیقت کیا ہے؟ عرض کی کہ میں نے اپنے نفس کو دنیا سے منقطع کرلیا اور ہٹا لیا ہے، لہٰذا میرے لیے اِس کا پتھر، سونا، چاندی اور مٹی کا ڈھیلا سب یکساں ہیں۔ اب میں رات کو جاگتا ہوں اور دن کو پیاسا رہتا ہوں، حتیٰ کہ میرا یہ حال ہوگیا، گویا میں اپنے پروردگار کا عرش علانیہ دیکھ رہا ہوں، اور جنت والوں کو دیکھتا ہوں کہ وہاں باہم مل رہے ہیں، جہنمیوں کو دیکھتا ہوں کہ وہ باہم کشتی لڑ رہے (تکرار کر رہے ) ہیں۔ ایک روایت میں ہے کہ وہ ایک دوسرے کو شرمندہ کررہے ہیں (الحدیث)۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : تو نے اپنے اللہ کو بخوبی پہچان لیا۔ اب اس عرفان کو اپنے آپ پر لازم کرلے‘‘ ۔ (کشف المحجوب ، حقیقت تصوّف)

کتنے عظیم تھے وہ لوگ جنھوں نے اپنے رب کو اس طرح پہچانا کہ دنیا کی سب پہچانیں مدہم پڑگئیں، اور ایسا کیوں نہ ہوتا کہ معرفتِ حقیقی تو اسی بات کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ کیا ہماری دنیا بلکہ ساری کائناتوں کی کوئی چیز بھی اللہ کی قدرت، ملکیت اور حکومت سے باہر ہے، اور کیا کائنات کا ایک معمولی سا ذرّہ بھی کسی اور کی تخلیق ہے؟ جب ساری تخلیق اسی اللہ کی ہے تو خالق و مالک جسے اچھا کہہ دے وہی اچھا ہے، اس کے بتانے کے مطابق وہ مشتِ غبار جو کسی مجاہد کے گھوڑے کے پاؤں سے اٹھتا ہے، اور وہ مٹی زروجواہر سے زیادہ قیمتی ہوجاتی ہے جس پر اللہ کے کسی بندے کی پیشانی سجدے کی حالت میں پڑتی ہے، اور وہی مالک چاہے تو سونے چاندی اور زروجواہر کے انبار کو زہریلے ناگ یا جھلسا دینے والی آگ میں بدل دے جس کی زکوٰۃ ادا نہ کی گئی ہو۔

صوفی کی پہچان : اس حقیقت کو واضح کرنے کے بعد سید علی ہجویری، اللہ کے سچے دوست، ولی، یا اہلِ طریقت کی اصطلاح میں صوفی کی پہچان کے لیے سب سے پہلی مثالی شخصیت کے طور پر جس ہستی کا ذکر کرتے ہیں وہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں، جنھوں نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت کے علاوہ دل میں کسی اور محبت کو نہ پالا، جو اپنی جان، مال اور اولاد قربان کرنے کےلیے ہر وقت تیار رہتے تھے۔ سید ہجویری رحمہ اللہ رقم طراز ہیں : ’’اگر تمھارے دل میں حقیقی صوفی بننے کی آرزو ہے تو لاریب باطن کی صفائی حضرت صدیق اکبر کی صفت ہے، کیونکہ صفا سے باطن کی ایک اصل ہے اور ایک فرع۔ اس کی اصل، غیروں سے دل کا کٹ جانا ہے، اور فرع غدّار دنیا سے دل کا خالی ہوجانا ہے۔ یہ دونوں باتیں حضرت صدیق اکبر ابوبکر عبداللہ ابی قحافہ کی صفتیں ہیں، کیونکہ وہ طریقت والوں کے امام تھے۔

غیر اللہ سے آپ کے دِل کا کٹ جانا اس طرح تھا کہ جب تمام صحابہ رضی اللہ عنہم ، پیغمبر عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بارگاہ کبریا میں تشریف لے جانے (وصال پاجانے) سے دِل شکستہ ہو رہے تھے ، یہاں تک کہ جب حضرت عمر تیغ بکف فرما رہے تھے کہ جو کوئی یہ کہے گا کہ پیغمبر عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم وصال فرما گئے ہیں، میں اس کا سر قلم کردوں گا، توحضرت صدیق اکبر نے باہر تشریف لاکر بلند آواز میں فرمایا : خبردار لوگو! جو شخص محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عبادت کرتا تھا، پس بے شک محمدصلی اللہ علیہ وسلم کا تو وصال ہوگیا، اور جو شخص محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پروردگار کی عبادت کرتا تھا تو وہ زندہ ہے کبھی نہیں مرے گا۔ پھر انہوں نے یہ آیت پڑھی : وَمَا مُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوْلٌ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلُ اَفَاْءِنْ مَّاتَ اَوْ قُتِلَ انْقَلَبْتُمْ عَلآی اَعْقَابِکُمْ ۔ (اٰل عمران ۳:۱۴۴) ’’محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اللہ کے ایک رسول ہی ہیں ، حضور سے قبل بھی بہت سے رسول گزر چکے ہیں، پس کیا اگر وہ وفات پاجائیں یا شہید کردیے جائیں تو کیا تم اپنے دین سے پھر جاؤ گے؟‘‘ غرض جو فانی شے سے دل لگاتا ہے تو وہ شے فنا ہوجاتی ہے اور اس کے فنا ہوجانے پر اسے رنج ہوتا ہے، جو شخص اپنی جان حضرت باقی (اللہ تعالیٰ) کے سپرد کردیتا ہے تو جب اُس کا نفس تباہ ہوجاتا ہے (جسم سے اُس کا تعلق کٹ جاتا ہے) تو وہ بقاے دوام سے (تعلق جسم کے بغیر) باقی رہتا ہے۔ پس جس نے محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے جسم پاک کو ظاہری آنکھ سے دیکھا، جب وہ جسم پاک جہان سے اُٹھ گیا تو آنحضرت کی تعظیم بھی اس کے دل سے اُٹھ گئی۔ جس نے آپ کی روحِ پاک کو حقیقت کی آنکھ سے دیکھا، اس کےلیے آپ کا جہان سے چلا جانا، یا یہاں رہنا دونوں برابر ہیں، کیونکہ اس نے بقا کی حالت میں حضور کی بقا کو حق تعالیٰ کے واسطے سے اور فنا کی حالت میں حضور کی فنا کو اللہ ہی کی طرف سے سمجھا۔ اس نے تبدیل کیے ہوئے (جسم پاک) سے رُخ پھیر کر تبدیل کرنے والے کی طرف توجہ کی‘‘۔ (سنن ابی داؤد، حدیث ۲۰۴۱،چشتی)(مسند احمد حدیث ۵۸۲۷)(مجموعہ الفتاویٰ ابن تیمیہ جلد ۱۱ صفحہ ۱۹۵)

جناب سید علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ نے ایک ہی فقرے میں کتنی باتوں کو نکھار کر رکھ دیا ہے : ’’اہلِ ایمان صرف اور صرف اللہ کی عبادت کرتے ہیں، کسی بندے کی عبادت نہیں کرتے‘‘۔ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے محبت اور آپ کی اطاعت کرتے ہیں، عبادت نہیں، اور محبت واطاعت کےلیے آپ کا نظر میں ہونا یا نہ ہونا برابر ہے۔ اہلِ محبت کےلیے زمان و مکان کی قید، اور حاضر وناظر کی شرط کوئی معنی نہیں رکھتی۔ اللہ کا ولی تبدیل کیے ہوئے جسمِ اطہر سے رخ ہٹا کر تبدیل کرنے والے کی طرف توجہ کرتا ہے اور کسی ہستی کے ظاہر ہونے یا غائب ہونے کا معاملہ اللہ رب العزت کے ہاتھ میں ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے محبت کا تقاضا ہے کہ اللہ سے محبت کی جائے، اور اللہ سے محبت کا طریقہ یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے محبت کی جائے۔

سید علی ہجویری رحمہ اللہ علیہ نے سیدنا ابوبکر کے بعد خلفاے راشدین ، اہلِ بیت رسول ، اصحابِ صفّہ ، تابعین رضی اللہ عنہم اور پھر علما، فقہا ، مجاہدین اور فقرا علیہم الرحمہ کی زندگیوں کو اہلِ تصوف کےلیے مشعلِ راہ بنایا ہے، جن میں جناب عمر بن خطاب، عثمان غنی ، علی بن ابی طالب و حسین سے لے کر سعید بن المسیّب ، ابو حنیفہ ، عبداللہ بن مبارک ، معروف کرخی ، امام شافعی ، احمد بن حنبل تک، اور جناب جنید بغدادی سے لے کر شام، عراق، فارس، غزنی اور ماوراء النہر کے صوفیا کا ذکر کیا گیا ہے ۔ ان سب نفوس قدسیہ کی زندگیوں کا مخلصانہ اور غیر متعصّبانہ جائزہ لیا جائے تو شریعت، طریقت اور تصوّف کی ساری الجھنیں دُور ہوجاتی ہیں۔

تصوف کے حوالے سے سید ہجویری نے تین طرح کے افراد کا ذکر کیا ہے ۔ ایک کو وہ صوفی کہتے ہیں، دوسرے کو متصوّف، اور تیسرے کو مستصوف کا نام دیا ہے اور پھر تینوں کا تعارف اس طرح کروایا : ⬇

1 ۔ صوفی وہ ہے جو اپنی ذات سے فانی اور ذاتِ حق کے ساتھ باقی ہو اور طبعی تقاضوں سے آزاد ہو کر حقیقتِ باطن سے پیوستہ ہو ۔

2 ۔ متصوف وہ ہے جو ریاضت ومجاہدے سے اس مقام (صوفی) کی جستجو میں غرق ہو اور ہر امر میں صوفیاے عظام کا طریقِ زیست ملحوظِ خاطر رکھتا ہو ۔

3 ۔ مستصوف وہ ہے جو مال ومتاع اور جاہ وامارت کی نگہداشت کےلیے اپنے آپ کو صوفیا کی طرح بنائے رکھنے میں مشغول ہو اور ان دونوں مقاموں سے مطلق آگاہ نہ ہو ۔ (کشف المحجوب، تصوّف کی حقیقت، باب سوئم، فصل اوّل،چشتی)

گویا وہ شخص جو دولت، عزّت وشہرت اور زیادہ سے زیادہ مادی سہولتیں جمع کرنے میں لگا ہوا ہے، شریعت کے احکام کی پابندی نہ کرتا ہو، اور اپنی ظاہری بودوباش اور شکل وصورت سے صوفی بننے کا فریب کر رہا ہو، وہ اللہ کا ولی نہیں ہوسکتا ہے۔

فقر اور غنا : جہاں بھی اولیا اور اتقیا کا ذکر ملتا ہے وہیں فقر، دنیا کے مال ومتاع سے بے رغبتی، اور اکثر اوقات تنگ دستی والی زندگی کی صورت دکھائی دیتی ہے، جس کی وجہ سے ایک اور اختلاف نے اہلِ ایمان کو الجھن میں مبتلا کردیا۔ بعض نے کہا دنیا میں موجود سب نعمتیں اللہ کی بنائی ہوئی ہیں، ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اپنے حالات اور زمانے کے حساب سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں اختیار کرنا ضروری ہے۔ اس کے بغیر انسانی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، اور دین اسلام کا مقصد قطعاً یہ نہیں ہوسکتا کہ وہ اپنے ماننے والوں کو پس ماندہ، دنیا سے بے زار، اور تنگ دست رکھے۔ بعض لوگ دنیا کی نعمتوں سے بے رغبتی کو روحانیت اور تقویٰ کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں۔

شیخ علی الہجویری نے اس الجھن کو بڑے اچھے طریقے سے حل کیا اور اس حوالے سے اپنے استاد ابو القاسم القشیری کی بات سے راستہ سمجھایا ہے:’’میں نے استاد ابو القاسم قشیری سے سُنا ہے، وہ فرماتے تھے: لوگوں نے فقروغنا کے باب میں خیالات کا اظہار کیا ہے، اور ہر ایک نے اپنے لیے کوئی نہ کوئی بات اختیار کرلی ہے۔ میں وہ بات اختیار کرتا ہوں، جو حق تعالیٰ میرے لیے پسند فرمائے اور اس میں میری نگہداشت رکھے۔ اگر وہ مجھے مال دار کردے تو غفلت نہ کروں، اور اگر فقیر بنا دے تو حرص نہ کروں۔ غنا نعمت ہے اور اس میں غفلت ، آفت، فقر نعمت ہے اور اس میں غرض آفت۔ یہ تمام باتیں حقیقت میں اچھی ہیں، اگرچہ معاملے اور روش میں اختلاف ہے۔ ذاتِ حق تعالیٰ کے سوا تمام چیزیں دل سے نکال دینے کا نام ہی فقر ہے اور غیراللہ میں دل کے مشغول نہ ہونے کا نام غنا۔ جب ماسوا سے فراغت مل گئی تو فقر غنا سے افضل ہوگیا اور غنا فقر سے فروتر۔ غنا مال ومتاع کی زیادتی اور فقر مال ومتاع کی کمی کا نام نہیں، کیونکہ دُنیا کا سارا مال واسباب خُدا کی ملکیت ہے۔ جب طالب حق نے ملکیت ترک کردی اور سمجھ لیا کہ یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کا ہے تو شرکت درمیان سے جاتی رہی اور طالب دونوں ناموں سے فارغ ہوگیا‘‘۔ (کشف المحجوب، فقروغنا)

درحقیقت فقر وغنا کا تعلق مال ودولت کی کثرت اور قلّت سے نہیں ہے، بلکہ مال وجاہ کی چاہت اور بے رغبتی سے ہے۔فقر کی منزل پہ وہی پہنچ سکتا ہے جس کے دل میں صرف اللہ ورسول کی محبت رچ بس رہی ہے۔ ایسا شخص اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت میں مال کماتا ہے اور اللہ کی چاہت میں مال خرچ کردیتا ہے، اور قربت الٰہی میں مال ودولت کما کر خرچ کرنا بے دست و پا بیٹھے رہنے سے زیادہ افضل ہے۔ اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے الکاسب حبیب اللّٰہ (محنت سے کمانے والا اللہ کا حبیب ہے)کہہ کر اللہ کے دوستوں کی نشان دہی کردی ہے، لیکن مال کی محبت میں گرفتار ہو کر اللہ ورسول کو فراموش کرنا غفلت ہے، اور غافل لوگ جانوروں سے بھی کم تر ہیں۔ اُولٰٓءِکَ کَالْاَنْعَامِ بَلْ ھُمْ اَضَلُّ اُولٰٓءِکَ ھُمُ الْغٰفِلُوْنَ (الاعراف ۷:۱۷۹)

توحید کامل پر یقین : سید علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ انتہائی متوازن شخصیت کے حامل تھے۔ دین اسلام کی وضاحت میں اعتدال کا راستہ اپنایا، لیکن اعتدال میں اصول دین پر ہرگز مداہنت سے کام نہیں لیا۔ روحانیت اور دنیا وآخرت میں کامیابی کے لیے سب سے پہلی بنیاد ہی توحید کو رکھا، اور توحید بھی توحید خالص، ذات، صفات اور اختیارات کے شرک سے پاک۔ توحید کے حوالے سے ایک فقرے میں سارے نظری، فکری، کلامی الجھاؤ کا مسکت اور مطمئن کردینے والا جواب دے دیا ۔ فرماتے ہیں : جب بندہ خدا کو پہچان لے تو اس کی وحدانیت کے متعلق یہ عقیدہ رکھتا ہے کہ خدا ایک ہے، جو وصل وفصل قبول نہیں کرتا، یعنی نہ کوئی شے اس سے جڑ سکتی ہے اور نہ جدا ہوسکتی ہے۔ دوئی اس میں جائز نہیں۔ اس کی یکتائی عددی نہیں کہ دوسرے عدد کے اثبات سے دو کی صورت اختیار کرلے، اور وہ ان دونوں میں سے ایک ہو، جس سے اس کی وحدت عددی اور اعداد کا ثابت کرنا بے نہایت ہو جائے ۔ وہ جوہر بھی نہیں کہ اس کا وجود اپنے جیسے جواہر کے بغیر درست نہ ہو ۔ وہ طبعی بھی نہیں کہ ہلنے اور ٹھیرنے کا مقامِ آغاز ہو ۔ وہ روح بھی نہیں کہ عدم کا حاجت مند ہو ۔ وہ جسم بھی نہیں کہ اجزا سے ترکیب پائے ۔ وہ کسی شے میں حلول نہیں کرتا کہ اشیا کی قسم میں سے ہو ۔ کسی شے سے اس کا جوڑ نہیں کہ وہ شے کا ایک حصہ ہو ۔ وہ تمام غلطیوں سے مبرّا ، اور سب خرابیوں سے پاک اور کُل عیبوں سے بالاتر ہے ۔ اس کا کوئی مشابہ نہیں کہ اپنے مشابہ کے ساتھ دو ہو ۔ اس کا کوئی فرزند نہیں کہ اس کی نسل اس کی متقاضی ہو ۔ اس کی ذات و صفات پر تبدیلی جائز نہیں کہ اس کا وجود اس تبدیلی کے باعث بدل جائے ، یا بدلے ہوئے حکم میں ہو جائے ۔ (کشف المحجوب ، توحید کا ثبوت،چشتی)

توحید کامل پر یقین رکھنے والا مومن بن جاتا ہے۔ شیخ علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ ایمان کے بعد کے مراحل کا تذکرہ انتہائی واضح انداز میں کرتے ہیں جس پر اگر غور کر لیا جائے تو دیگر بہت سی اُلجھنوں کا ازالہ ہو جاتا ہے۔ شیخ فرماتے ہیں: ’’ایمان ومعرفت کی انتہا محبت ہے، اور محبت کی نشانی عبادت ہے۔ کیونکہ جب دل ، محبت اور مشاہدے کا مقام ہے، آنکھ دیدار کا، اور جان عبرت کا، تو بدن کو لازم ہے کہ خدا کا حکم نہ چھوڑے، جو شخص خدا کا حکم چھوڑ دے اسے معرفت الٰہی کا کچھ پتا نہیں ہوتا۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ عبادت وعمل کی یہ زحمت اسی وقت تک ہے جب تک تونے خدا کو نہیں پہچانا، جب تونے اسے پہچان لیا تو عبادت بدن سے غائب ہوگئی، حالانکہ یہ بھاری غلطی ہے‘‘۔ (کشف المحجوب، ایمان کی حقیقت)

محبت اور عبادت کے اس حسین امتزاج سے عبارت دینِ حنیف کی مکمل تصویر پیش کرنے کے لیے انھوں نے مختلف عنوانات کے تحت تشریح وتوضیح کی ہے۔ آدابِ زندگی، حسنِ معاشرت، اور روحانیت کے راستے پر چلنے کے لیے ضروری مجاہدوں اور ریاضتوں کی وضاحت انتہائی انوکھے اور نادر انداز میں فرمائی۔ آپ کی تشریحات عام فقہی موشگافیوں اور الجھا دینے والی کلامی بحثوں سے پاک ہیں۔ طہارت کے ضمن میں وضو کاتذکرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’جب ہاتھ دھوئے تو ضروری ہے کہ دنیا کی محبت سے ہاتھ دھو ڈالے۔ جب منہ میں پانی ڈالے تو ضروری ہے کہ اپنا منہ غیر کے ذکر سے خالی کردے۔ جب چہرہ دھوئے تو واجب ہے کہ نفس کی پسندیدہ چیزوں سے روگرداں ہوجائے۔ جب سر کا مسح کرے تو لازم ہے کہ اپنے کام اللہ کو سونپ دے ۔ (کشف المحجوب، طہارت) ۔ اسی طرح پوری تفصیل سے طہارت کی اصل غرض وغایت کا ذکر فرماتے ہیں ۔

قیامِ شریعت : جناب داتا علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ شریعت مطہرہ کو زمین پر غالب ونافذ کرنے کے حوالے سے ایک اچھوتی اور نادر بات تحریر کرتے ہیں ۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم معراج کی مختلف منزلیں طے کرتے ہوئے تجلیاتِ رب کے انتہائی قریب ہوگئے، اور انھیں مشاہدے کا عظیم الشان مقام حاصل ہوگیا، جو کسی بھی بندے کےلیے اعلیٰ ترین مقام ہے، تو آپ نے انتہاے شوق سے بے اختیار ہو کر عرض کی مجھے پھر دنیا کے مصیبت خانے میں نہ لے جا، طبع اور ہواے نفس کی قید میں نہ ڈال۔ فرمان صادر ہوا: ہمارا حکم ایسا ہی ہے کہ آپ دنیا میں قیام شریعت کےلیے واپس جائیں ، تاکہ جو کچھ ہم نے آپ کو عالم ملکوت میں مرحمت کیا ہے، وہاں دنیا میں مرحمت کریں۔ چنانچہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دنیا میں تشریف لائے تو جب بھی آپ کا دل مشتاقِ معراج ہوتا تو فرماتے : أرِحنَا یَابِلَال بالصّلوۃ ’’اے بلال ہمیں نماز سے راحت پہنچا‘‘۔(کشف المحجوب، نماز)

گویا آپ کا دنیا میں آنا قیام شریعت یا معروف اصطلاح میں اقامت دین ہے۔ اور آپ نے اپنا یہ مشن مکمل کیا اور پھر اسے قیامت تک جاری رکھنے کے لیے اُمّت کی ذمہ داری بنادیا۔ اس عظیم راستے پر چلنے کے لیے دنیا میں رہتے ہوئے بھی حرص وطمع اور غیر اللہ سے امیدیں لگانا اور نت نئی آرزوؤں کے بخار میں مبتلا رہنا درست نہیں ہے۔ سید ہجویری ایک درویش کی بات بتاتے ہیں کہ بادشاہ نے ایک درویش سے کہا مانگو جو مانگتے ہو۔ درویش نے کہا: میں اپنے غلاموں سے کچھ نہیں مانگتا۔ بادشاہ نے کہا :یہ کیا بات ہوئی؟ درویش نے کہا: میرے دو غلام ہیں: ایک حرص اور دوسرا آرزو، جب کہ یہ دونوں تمھارے آقا ۔ میں نے جنھیں اپنا غلام بنارکھا ہے ان سے مانگنا کیسا ؟

یہ بات کہنے اور لکھنے میں جس قدر آسان ہے، عمل میں اسی قدر مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مال ودولت کی فراوانی کے بجاے فقر کو پسند فرمایا۔ آپ اکثر یہ دعا فرمایا کرتے تھے : اَللّٰہُمَّ اَحْیِینِیْ مِسْکِیْناً وَاَمِتْنِیْ مِسْکِیْناً، وَاحْشُرْنِیْ فِیْ زُمْرَۃِ الْمَسَاکِیْنَ ، اے اللہ مجھے مسکینی میں زندہ رکھ، مسکینی میں وفات دے، اور قیامت کے روز مسکینوں کے گروہ میں اٹھا۔

آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم یہ بھی فرمایا کرتے تھے کہ قیامت کے روز اللہ تعالیٰ فرمائے گا : ’’میرے دوستو میرے قریب آجاؤ۔ فرشتے پوچھیں گے یااللہ! آپ کے دوست کون ہیں ؟ اللہ فرمائے گا: فقرا اور مساکین‘‘۔ (کشف المحجوب ، فقر)

ایمان و آزمایش اور ملامت : خیال رہے کہ یہ فقر میلے کچیلے کپڑے پہننے کا نام نہیں ہے، بلکہ غیر اللہ سے آرزویں اور امیدیں توڑ کر اللہ سے امیدیں وابستہ کرنا، اور پھر سادہ زندگی کو اختیار کرتے ہوئے اسراف وتبذیر سے بچنے کا نام فقر ہے۔ سید صاحب کی تحریروں میں یہ بات بالکل واضح اور نمایاں دکھائی دیتی ہے۔ ایمان، محبت، عبادت اور اقامتِ دین کے راستے پر چلنا یقیناً مشکل ترین عمل ہے ۔ اس راستے پر مسافر کو ذہنی، بدنی اور مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان مشکل مرحلوں میں سب سے مشکل مرحلہ مختلف قسم کے الزامات اور تہمتوں کا سامنا کرنا ہے ۔

داتا علی ہجویری رحمہ اللہ علیہ نے اسی حال کو ملامت کا نام دیا ہے، اور فرقہ ملامتیہ کی غیر شرعی اور غیر انسانی حرکات کی مذمت فرمائی ہے۔ آپ فرماتے ہیں : مردانِ خدا سارے جہان میں مخلوق کی ملامت سے مخصوص ہیں۔ بالخصوص اس اُمّت کے بزرگ اور خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جو مردانِ خدا کے پیشوا وامام اور عاشقانِ الٰہی کے پیش رو تھے ۔ جب تک حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر برہان حق (نبوت) ظاہر نہ ہوئی تھی اور وحی الٰہی کا نزول نہ ہوا تھا ،آپ تمام لوگوں کے نزدیک نیک نام اور بزرگ تھے۔ لیکن جب خُدا نے آپ کو محبوبیت (رسالت) کے خلعت سے مزیّن کیا تو لوگوں نے زبانِ ملامت دراز کی ۔ ایک جماعت نے کہا: وہ کاہن (نجومی) ہیں، دوسری نے شاعر، تیسری نے دیوانہ اور چوتھی نے جھوٹا قرار دیا۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے مومنوں کی تعریف میں فرمایا: وَلَا یَخَافُونَ لَوْمَۃَ لَآءِمٍ ط ذٰلِکَ فَضْلُ اللّٰہِ یُؤْتِیْہِ مَنْ یَّشَآءُ ط وَاللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیمٌ ۔ (وہ ملامت کرنے والوں کی ملامت سے نہیں ڈرتے۔ یہ خدا کا فضل ہے جسے وہ چاہتا ہے عطا کرتا ہے۔ اور اللہ بہت وسعت والا ہے، اسے ہر چیز کا علم ہے ۔ (سورہ المائدہ ۵:۵۴) ۔ اللہ کا دستور یوں ہی چلا آتا ہے کہ جو اس کا حال بیان کرتا ہے، وہ ساری دنیا کی ملامت کا ہدف بن جاتا ہے‘‘۔ (کشف المحجوب، ملامت، باب ۶)
مسئلہ ملامت کی وضاحت کرتے ہوئے ایک اور مقام پر رقم طراز ہیں: ایمان وآزمایش کے عمل کو مسلسل جاری رکھنے کے لیے اللہ رب العزت نے انسانوں کے اندر ملامت کرنے والا نفس رکھ دیا ہے، تا کہ وہ انھیں ان کے افعال پر ملامت کرتا رہے۔ اگر ان سے کوئی لغزش ہوجاتی ہے تو وہ اس لغزش پر اپنے آپ کو ملامت کرتے، اور اگر وہ کوئی نیکی کرتے ہیں تو اس میں کمی رہ جانے پر اپنی ذات کو ہدفِ ملامت بناتے ہیں۔ یہ خدا کی راہ میں ایک قوی اصل ہے، کیونکہ کوئی بلا اور بدنصیبی اس سے سخت تر نہیں، کہ ایک شخص اپنی خوبیوں پر غرور کرنے لگے ۔ (کشف المحجوب ملامت ، باب ۶،چشتی)

سید علی الہجویری رحمہ اللہ علیہ کی ساری باتیں دیدہ زیب، چمن زار کی مانند ہیں۔ گھومتے رہو، سیر کرتے رہو، نہ آنکھیں تھکتی ہیں اور نہ پاؤں دُکھتے ہیں، اور دل کا حال یہ ہے کہ مزید اور مزید کی تمنا کیے جا رہا ہے۔

کیسے عظیم لوگ تھے جنھوں نے پورے اخلاص کے ساتھ اپنے رب کو راضی کرنے کی کوشش کی، اور ساری زندگی اسی راہ میں کھپا دی۔ دنیا میں رہے لیکن دنیا والوں سے کچھ نہ چاہا، بلکہ ان کے لیے مادی وروحانی فیض عام کرتے رہے۔ یہی سبب ہے کہ صدیاں گزر گئیں لیکن وہ نہیں گزرے۔ خلقِ خدا کے دلوں میں ان کی عقیدت واحترام اور زبانوں پر محبت کے تذکرے ہیں لیکن وہ لوگ جنھوں نے شریعت وطریقت کو ریا کاری اور دنیا جمع کرنے کا ذریعے بنالیا ہے، انھیں وقتی آسایش اور مصنوعی احترام تو مل جاتا ہے، لیکن نہ انھیں خلقِ خدا کی سچی محبت نصیب ہوتی ہے اور نہ ان کے چشمۂ روحانی سے ہدایت کا پانی جاری ہوتا ہے۔

تصوف کے جھوٹے مدعی : مرشدِ حق سید ہجویری رحمہ اللہ علیہ ایسے ہی لوگوں کے بارے میں تحریر فرماتے ہیں : ’’اس دور میں یہ علمِ طریقت وتصوف درحقیقت کُہنہ وفرسودہ ہوچکا ہے، بالخصوص ہمارے ملک میں کہ تمام لوگ ہوا و ہوس میں گرفتار ہیں اور رضاے الٰہی کی راہ سے بھٹکے ہوئے ہیں۔ زمانے کے عالموں اور وقت کے مدعیوں کے لیے اس طریقت سے اختلاف کی صورت پیدا ہوگئی ہے۔ لہٰذا اس شے کے حصول کی خاطر ہمت پیدا کرو کہ برگزیدگان درگاہِ خداوندی کے سوا جملہ اہلِ وقت کا ہاتھ اس کے حاصل کرنے سے کوتاہ ہے اور سب اہلِ ارادت کی مُراد اس سے کٹ چکی ہے۔ خُدا کے چند برگزیدہ بندوں کے سوا تمام خاص وعام نے حقیقت کو ترک کرکے صرف اس کی عبادت کو کافی سمجھ لیا ہے اور دل و جان سے اس کے حجاب کے خریدار بن گئے ہیں۔ کام تحقیق سے خارج ہو کر تقلید میں پڑگیا ہے۔ تحقیقِ حق نے ان سے چہرہ چھپا لیا ہے۔ عوام اس امر پر اکتفا کرتے ہیں کہ ہم حق شناس ہیں۔ خواص اس پر شاد ہیں کہ دل میں اس کی تمنا، قلب میں احساس اور سینے میں اس (طریقت) کی جانب ذوق وشوق رکھتے ہیں۔ وہ بطورِ شغل کہتے ہیں کہ یہ دیدار الٰہی کا شوق اور عشق کا سوز ہے۔ تصوف کے جھوٹے مدّعی دعویٰ کے باوصف حقائق معلوم کرنے سے قاصر رہ گئے ہیں اور مرید مجاہدے سے دست کش ہو کر ظنِ فاسد کو مشاہدہ کہنے لگے۔ اس سے قبل بھی میں نے طریقت و تصوف کے موضوع پر متعدد کتابیں تالیف کی تھیں، جو سب کی سب ضائع ہو گئیں۔ تصوّف کے جھوٹے مدعیوں نے ان میں سے بعض نکات لوگوں کو فریب دینے کی غرض سے چُن لیے اور باقی کو دھو کر تلف کردیا، کیونکہ جس کے دِل پر مُہر ہو، اس کے نزدیک حسد و انکار کا سرمایہ بھی نعمتِ الٰہی ہوتا ہے ۔ ایک اور گروہ نے ان کا مطالعہ بھی نہیں کیا ۔ دوسرے گروہ نے ان حصوں کا مطالعہ کیا ، مگر مطلب سے بے بہرہ رہے اور محض عبارت پر اکتفا کیا تاکہ اسے تحریر میں لاکر رَٹ لیں ، اور کہیں کہ ہم تصوّف اور معرفت کے علم کی تشریح کر رہے ہیں ۔ (کشف المحجوب دیباچہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...