Saturday, 23 April 2022

علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ اور غلامی

علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ اور غلامی
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
محترم قارئینِ کرام : علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ عمر بھر غلامی کے خلاف سرگرمِ جہاد رہے ۔ غلامی کی دو اقسام ہیں ۔ ایک جسمانی غلامی اور دوسری ذہنی غلامی۔ان دونوں غلامیوں کی تین وجوہات ہوتی ہیں۔ غربت، جنگ اور جہالت ۔ آزادی انسان کا بنیادی حق ہے اور انسان کی سب سے بڑی قوت اس کی ذہنی و فکری آزادی ہے ۔ جب انسان ذہنی طور پر آزاد ہو تو وہ ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کر سکتا ہے اور جسمانی طور پر غلام لیکن ذہنی طور پر آزاد قوم بہت جلد جسمانی آزادی حاصل کر لیتی ہے۔لیکن ذہنی غلامی میں مبتلا قوم اپنے آپ کو غلام ہی نہیں سمجھتی اس لیے آزادی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔
ہمارا سب سے بڑا المیہ ہم نے اپنے اپنے مسالک ، اکابرین،جاگیرداروں اور وڈیرے ہیں ۔ ہمارے ہاں دلائل کی بجائے شخصیات کی بنیاد پر حق و باطل کا فیصلہ کیا جاتا ہے ۔
ہمدردی کی نسل سے تعلق رکھتی یہ غلامی اْس غلام کی دوہری کمر کی طرح ہے جو پنجرے میں پڑے پڑے ٹیڑھی ہو جاتی ہے اور پنجرے سے باہر نکلنے پر بھی ہم آہستہ آہستہ سیدھی ہوتی کمر کو پھر سے ٹیڑھا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم دوہری کمر کے عادی ہو چکے ہیں ۔ (چشتی)

تقسیم برصغیر پاک و ہند میں ہم نے انگریزوں سے جسمانی آزادی تو حاصل کر لی لیکن ذہنی طور پر ہم اب بھی غلام ہیں ۔ ہمارے تعلیمی نظام سے لے کر ہمارے رہن سہن ، ہماری سوچ سب انگریزوں اور ہندووں کے غلام ہیں ۔ ہمارے معاشرے میں متعدد گھرانوں کی بیٹیاں صرف اس وجہ سے شادی کے بندھن میں بندھنے سے گریزاں ہے کہ ان کے ماں باپ اْن کے جہیز کا بندوبست نہیں کر پاتے۔یہ لعنت بھی ہماری ثقافت کا حصہ بن چکی ہے جبکہ حقیقی معنوں میں جہیز کی لعنت کا ہمارے دین اور ثقافت سے دور دور تک کا واسطہ نہیں ، لیکن کیا کریں صاحب ہم بھی برصغیر پاک و ہند کی سر زمین پر پروان چڑھے ہیں تو پھر ہندووں کی یہ روایات اپنانا ہماری زندگی کا لازمی جزو بن گیا ہے ۔
ایک دوسرا پہلو اس نوجوان طبقے کا ہے جو اپنی تعلیم مکمل کرنے سے پہلے ہی یہ فیصلہ کر لیتے کہ ہمیں کس کا غلام بننا ہے ، خود کو کتنی قیمت پر بیچنا ہے اور غلامی کا طوق ہمارے گلے میں نہ ڈالا گیا تو پھر اپنی ڈگری ، تعلیمی اداروں اور حکومت کو کیسے لعن طعن کرنا ہے یا غلامی نے ہمیں نہ قبول کیا تو ہم موت کو قبول کر لیں گے ۔ (چشتی)

ہماری عوام ، ہمارے حکمران سب ہی انگلش کو اپنی زبان سمجھتے ہیں اور ہمارا المیہ یہ ہے کہ جب کوئی اردو میں بات کرے تو اُسے جاہل سمجھا جاتا ہے کیونکہ ہم تو ذہنی غلام ہیں ۔ ذہنی غلامی سے آزادی حاصل کرنا ابھی تک انسانیت کا خواب ہے ۔ حکومتوں نے اپنی پالیسوں کے ذریعے ، بزنس مین نے کاروباری پالیسی کے ذریعے ، ذرائع ابلاغ نے ٹی وی ریڈیو اخبارات رسائل اور دیگر ذرائع ابلاغ بشمول انٹرنیٹ کے ذریعے ذہنی غلامی کو نہ نسبت کم کرنے کے اور زیادہ کیا ۔ انسان کی سوچ ، طرز عمل اور انداز کو توڑ مروڑ کر اپنا مطیع کیا گیا ہے ۔ایک آزاد انسان جس کی سوچ بھی آزاد ہونی چاہیے مگر اس کی سوچ کو مختلف طریقوں ، زاویوں اور حربوں سے قید کیا گیا ۔ آزادی انسان کا پیدائشی حق ہے ۔ آزاد سوچ انسان کا پیدائشی حق ہے ۔ آزادی کو سمجھیں اور آزادی کی قدر کریں ۔ اپنے معاشرے کو محکومیت سے نجات دلانے کے لیے ہمت کریں ۔ جہاں آزادی کو چاہے انفرادی ہو یا اجتماعی ، خطرے میں دیکھیں تو انسانیت کی خاطر آزادی اور اس کے متوالوں کا بلا جھجک دفاع کریں ۔ ہمیں احساس کمتری کو ترک کرکے اپنا محاسبہ کرنا ہو گا ۔ (چشتی)

دوسروں کی بجائے اپنی برائیوں کو دور کر کے زندگی کے داخلی اور خارجی انتشار میں راستے خود تلاش کرنا ہونگے ، ہر دلکش اور رجحان بن جانے والی چیز کو اپنی راہ نجات سمجھنے کی بجائے اْس کی حقیقی قدروقیمت معلوم کرنا ہوگی ۔ ہمیں اپنی افضل ترین امت ہونے اور زرخرید غلام ہونے میں فرق معلوم ہونا چاہیے ۔ ہم میں اتنی اخلاقی جرات ہونی چاہیے کہ جب ہمارے حقوق کی پامالی کی جائے تو اس کے خلاف احتجاجاََ کھڑے ہو سکیں ۔

اشرف المخلوقات کی حیثیت سے علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ انسان کی عظمت اسی میں پاتے ہیں کہ خدا کے سوا وہ کسی کے سامنے سر نہ جھکائے اور نہ کسی ذہنی و عملی غلامی میں مبتلا ہو ۔ چنانچہ ’’پیامِ مشرق‘‘ میں غلامی کے عنوان سے ایک نظم میں علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ غلامی کو قبول کرنے والے اور آزادی جیسی نعمتِ عظمیٰ کو مطلق العنان حکمرانوں کے قدموں میں ڈال دینے والے بے بصر انسانوں کو کتوں سے بھی بدتر قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں نے کسی کتے کو کتے کے آگے سر جھکاتے ہوئے نہیں دیکھا : ⬇

آدم از بے بصری بند گئی آدم کرد
گوہرے داشت ولے نذرِ قباد و جم کرد
یعنی از خوئے غلامی زِسگان خوار تر است
من ندیدم کہ سگے پیشِ سگے سر خم کرد

اور ’’ارمغان حجاز‘‘ میں اس لعنت کو موت سے بد تر گردانتے ہیں ۔ ملا زادہ ضیغم لولابی کشمیری کے حوالے سے کہتے ہیں : ⬇

موت ہے اک سخت تر جس کا غلامی ہے نام
مکر و فنِ خواجگی کاش سمجھتا غلام
شرعِ ملوکانہ میں جدّتِ احکام دیکھ
صور کا غوغا حلال، حشر کی لذّت حرام
اے کے غلامی سے ہے روح تیری مضمحل
سینۂ بے سوز میں ڈھونڈ خودی کا مقام

علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ غلاموں کی نظر اور بصیرت کو ناقابلِ اعتماد قرار دیتے ہیں : ⬇

غلامی کیا ہے ؟ ذوقِ حسن و زیبائی سے محرومی
جسے زیبا کہیں آزاد بندے ہے وہی زیبا
بھروسہ کر نہیں سکتے غلاموں کی بصیرت پر
کہ دنیا میں فقط مردانِ حر کی آنکھ ہے بینا

علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ کے نزدیک غلام بے ضمیر ہوتا ہے ۔ وہ دور آزادی میںجس چیز کو غیرت و حمیت کے صریحاً منافی سمجھتا ہے غلامی کے زیر اثر اسی کو دل و جان سے قبول کر لیتا ہے : ⬇

جادوئے محمود کی تاثیر سے چشم ایاز
دیکھتی ہے حلقہ گردن میں سازِ دلبری
تھا جو ناخوب بتدریج وہی خوب ہوا
کہ غلامی میں بدل جاتا ہے قوموں کا ضمیر

’’زبور عجم‘‘ میں ’’دَر بیانِ فنونِ لطیفۂ غلاماں‘‘ کے عنوان سے ایک نظم ہے ۔ اس میں غلاموں کی موسیقی ، مصوری اور تصورِ مذہب پر اپنے مخصوص پر سوز ، مگر بے لاگ انداز میں اظہارِ خیال فرمایا ہے ۔ موسیقی کا پوسٹ مارٹم یوں کرتے ہیں : ⬇

مرگ ہا اندر فنون بندگی
من چہ گویم از فسونِ بندگی
نغمہ او خالی از نارِ حیات
ہمچو سیل افتد بدبوارِ حیات
از نئے او آشکارا رازِ او
مرگِ یک شہر است اندر سازِ او
الخدر ایں نغمۂ موت است و بس
نیستی در کسوتِ صوت است و بس

میں تمھیں کیا بتائوں کہ غلامی کا جادو کیا ہے اس کے فنون میں بھی موت کے سوا کچھ نہیں ۔ اس کا نغمہ زندگی کی حرارت سے خالی ہے اور اس کا سیلاب زندگی کی دیوار کو ڈھا دیتا ہے ۔ اس کا ساز آبادیوں کو موت کی نیند سلا دیتا ہے ۔ اس لیے غلام کے نغمہ موت سے دور رہ اور اپنے آپ کو تباہ ہونے سے بچا لے ۔ (چشتی)

غلاموں کی مصوری پر تبصرہ کرتے ہوئے رقم طراز ہیں : ⬇

در غلامی تن زِ جاں گرد تہی
از تنِ بے جاں چہ امیدِ بہی
ذوق ایجاد و نمو از دل رود
آدمی از خویشتن غافل رود
جبرئیلے را اگر سازی غلام
بر فتد از گنبدِ آئینہ فام
کیشِ او تقلید و کارش آزری ست
ندرت اندر مذہبِ او کافری ست

یعنی ’’غلامی میں جسم روح سے خالی ہو جاتے ہیں ، اور جسمِ بے روح سے کیا امید کی جا سکتی ہے ؟ دل سے ذوقِ ایجاد و ترقی رخصت ہو جاتا ہے حتیٰ کہ آدمی اپنے آپ سے غافل ہو جاتاہے ۔ جبرائیل اگر (خدا کے سوا کسی اور کی) غلامی اختیار کر لے تو اسے آسمان کی بلندیوں سے نیچے گرادیا جائے ۔ ایک غلام تقلید پرست اور بت گر ہوتا ہے ۔ اور اس کے نزدیک ہر نئی بات کفر ہوتی ہے ۔ (چشتی)

علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ حالتِ غلامی میں مذہب اور عبادت و ریاضت کو تضیعِ اوقات سمجھتے ہیں ۔ ان کے نزدیک غلامی میں مذہب اور عشق میں دوری ہو جاتی ہے ۔ عشق زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہوتا، قول و فعل میں تضاد پیدا ہو جاتا ہے ۔ غلام دین اور عقل تک کا سودا کر لیتا ہے اور وہ جسمانی آسائش کی خاطر روح کے تقاضوں کو پسِ پشت ڈال دیتا ہے اگر چہ غلام خدا کا نام لیتا ہے، مگر دراصل وہ اقتدار کا پجاری ہوتاہے ۔ ا س کے مذہبی عقائد بہت محدود ہوتے ہیں اور اس کا ذہن اندھیروں کی آماجگاہ بنا رہتا ہے۔ زندگی اس کے لیے مصیبت اور موت ہمہ وقت اس کے جلو میں رہتی ہے ۔ اشعار ملاحظہ ہوں : ⬇

در غلامی عشق و مذہب را فراق
انگبینِ زندگانی بد مذاق
در غلامی عشق جز گفتار نیست
کارِ ما گفتارِ ما را یار نیست
دین و دانش را غلام ارزاں دہد
تابدن را زندہ دارد جاں دہد
گرچہ بر لب ہائے اور نام خداست
قبلہ او طاقتِ فرمانروا ست
مذہبِ او تنگ چوں آفاقِ او
از عشا تاریک تر اشراقِ او
زندگی بارِ گراں بردوشِ او
مرگِ او پروردہ آغوشِ او

آگے چل کر غلامی کی چند در چند برائیوں کی جانب مزید اشارہ کرتے ہیں : ⬇

از غلامے ذوقِ دیدارے مجوے
از غلامے جانِ بیدار مجوے
دیدۂ او محنت دیدن نبرد
در جہاں خورد و گراں خوابیدہ و مرد
تا غلام از خویش گردد نا امید
آرزو از سینہ گردد ناپدید

’’پس چہ باید کرد‘‘ میں تو اس ضمن میں ان کا لہجہ بہت ہی تلخ ہو جاتا ہے۔ غلامی کی مذمت کرتے ہوئے کہتے ہیں ۔

از غلامے لذتِ ایمان مجو
گرچہ باشد حافظِ قرآن مجو
مومن است و پیشۂ او آزری ست
دین و عرفانش سراپا کافری ست

یعنی ’’اگر ایک غلام حافظِ قرآن بھی ہو تو اس سے لذتِ ایمان کی توقع نہ کرو ۔ وہ کہنے کو تو مسلمان ہے ، مگر دراصل وہ بت گر ہے اور اس کا دین اور عقل سراپا کفر ہے ۔

علاّمہ اقبال علیہ الرحمہ تادمِ رحلت غلامی کے خلاف جد جہد میں مصروف رہے اور یہ جنگ دراصل بالواسطہ طور پر سامراجی طاقت کے خلاف تھی ۔ صاف ترغیب تھی کہ استعمار کے خلاف اٹھ کھڑے ہو، غلامی کی زنجیریں کاٹ دو اور ظالم افرنگیوں کا تختہ الٹ دو چنانچہ ایک مکتوب میں بھی غلامی کی یوں مذمت کرتے ہیں : ⬇

غلام قوم مادیات کو روحانیات پر مقدم سمجھنے پر مجبور ہو جاتی ہے اور جب انسان میں خوئے غلامی راسخ ہو جاتی ہے تو وہ ہر ایسی تعلیم سے بیزاری کے بہانے تلاش کرتا ہے جس کا مقصد قوتِ نفس اور روحِ انسانی کا ترفع ہو ۔

سید نیازی مرحوم ’’اقبال کے حضور‘‘ میں ان کا یہ مقولہ نقل کرتے ہیں : غلامی بہت بڑی لعنت ہے۔ غلامی زبان سے وہ کچھ بھی کہلوا دیتی ہے جو انسان نہیں کہنا چاہتا۔ دانستہ بھی اور نا دانستہ بھی ۔ (مغرب پر اقبال کی تنقید‘‘۔ انتخاب: ڈاکٹر عبدالغنی فاروق) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیدارِ الٰہی محترم قارئینِ کرام : : شب معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالی کے دیدار پر...