Thursday, 14 July 2022

قضائے حاجت کے آداب

قضائے حاجت کے آداب

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

محترم قارئینِ کرام : ہڈی ‘ لید ‘ گوبر ‘ کوئلہ اور کھانے کی چیز سے استنجاء کرنا جائز نہیں ۔ صحیح حدیث میں ثابت ہے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا ‘ لید اور ہڈی سے استنجاء مت کرو کیونکہ یہ تمہارے جنات بھائیوں کی خوراک  ہے ۔ (ترمذي 1\11)(نسائي 1\16)(المشكواة 1\42)


حضرت سیدنا ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ روایت کرتے ہیں  کہ نبی کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے مجھے حکم فرمایا کہ میرے لئے پتھر تلاش کرو تاکہ میں  اس سے استنجا ء کروں لیکن ہڈی اور لید مت لانا ۔ میں  نے آپ کی خدمت میں  وہ پتھر پیش کردئیے جو میں  نے پلّے باندھ رکھے تھے ۔ جب آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم فارغ ہوگئے تو میں  نے عرض کی، ہڈی اورلید  سے منع کرنے میں  کیا حکمت ہے، آپ  صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا، یہ دونوں  چیز یں  جنات کی خوراک ہیں ، میرے پاس نصیبین ایک شہرکا نام ہے کے جنوں  کا ایک وفد آیاتھا ۔ وہ بہت نیک جن تھے ، انہوں  نے مجھ سے خوراک مانگی تو میں  نے اللہ تعالیٰ سے ان کیلئے دعا کی کہ یہ جس ہڈی اور لید کے پاس جب بھی گزریں  اسی پر اپنی غذا موجود پائیں ۔ (صَحَیْحُ الْبُخَارِی ، کتاب مناقب الانصار ، باب ذکر الجن وقول ...الخ ، الحدیث۳۸۶۰ ، ج۲ ، ص۵۷۶)


حضرت سیدنا جابر بن عبداللہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ روایت کرتے ہیں کہ ہم نبی کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کی خدمت اقدس میں  حاضر تھے کہ ایک سانپ بارگاہ رسالت میں حاضر ہوا اور اپنا منہ نبی کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کے کان مبارک کے قریب لے جاکر کچھ عرض کی ۔ نبی اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا  ٹھیک ہے ۔ اس کے بعد وہ لوٹ گیا حضرت جابر رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کہتے ہیں  کہ میں  نے نبی کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم سے اس کے بارے میں  پوچھا تو فرمایا کہ’’ یہ ایک جن تھا جس نے مجھ سے یہ درخواست کی کہ آپ اپنی امت کو حکم فرمائیے کہ وہ لید اور بوسیدہ ہڈیوں سے استنجاء نہ کیا کریں  کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان میں  ہمارا رزق رکھا ہے ۔ (آکام المرجان فی احکام الجان ، الباب الحادی عشر فی ان الجن یاکلون ویشربون  صفحہ ۳۲)


جس ہڈی کو جنات لیتے ہیں  اس پر انہیں  گوشت ملتا ہے اور جس لید گوبر کو لیتے ہیں  وہ دانہ یا پھل بن جاتا ہے اس لئے یہ اشکال وارد ہی نہیں  ہوتا کہ گوبر تو ناپاک ہے اس کا کھانا جنات کے لئے کیسے جائز ہے،  کیونکہ ماہیت بدلنے سے ناپاک چیز پاک ہوجاتی ہے ۔ (نزھۃ القاری شرح بخاری جلد نمبر ۷ صفحہ نمبر ۲۰۱،چشتی)


حضرت ابن مسعود رضی اللہعنہ سے فرماتے ہیں کہ جب جنات کا وفد نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضرہوا تو عرض کیا یارسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اپنی امت کو منع فرما دیں کہ ہڈی گوبر یا کوئلہ سے استنجاء نہ کریں کیونکہ اس میں ﷲ نے ہماری روزی کی ہے تب ہم کو اس سے رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے منع فرما دیا ۔ (سنن ابوداؤد)


اپنے اور اپنی قوم کی طرف سے ایمان لانے کےلیے جنات کے ایمان کا واقعہ کئی بار ہوا ہے ، ان میں سے ایک موقعہ پر حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ تھے اسی بار یہ حکم فرمایا گیا ۔


پہلے کہا جا چکا ہے کہ کوئلہ اور ہڈیاں جنات کی خوراک ہیں اور گوبر ان کے جانوروں کی ، لہذا حدیث پر یہ اعتراض نہیں کہ مؤمن جن گندا گوبر کیوں کھاتے ہیں اور نہ یہ اعتراض کہ جب وہ گندا گوبر کھالیتے ہیں تو انہیں انسان کی گندگی بھی کھالینی چاہیے کیونکہ ان کے جانور کی غذا یہ گندگی نہیں ہے ۔


ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت وہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا ’میں تمہارے لیے بچے کے باپ کی طرح ہوں جب تم قضائے حا جت کےلیے جاؤ تو قبلے کی طرف نہ منہ کرو اور نہ پیٹھ پھیرو ۔ (استنجاء کرنے کے لیے) تین پتھروں کا اور لید و ہڈی سے منع فرمایا ۔ اور داہنے ہاتھ سے استنجاء کرنے  سے بھی منع فرمایا ۔ (ابن ماجہ1\114)(دارمی 1\138)(مشكوٰة 1\42)-


رویفع بن ثابت رضی اللہ عنہ کی مرفوع حدیث میں ہے ’’ جس نے جانوروں کی لید و گوبر سے استنجاء کیا تو محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اس سے بیزار  ہیں ۔ (ابوداؤد1\6) (مشكوٰة 1\43)


اور امام ابوداؤد ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی رویت لائے ہیں کہ جنوں کا وفد کے پاس آیا تو انہوں نے آپ سے کہا ’ اپنی امت کو لید ’ ہڈی اور کو ئلے سے استنجاء کرنے سے منع فرما دیں ۔ اللہ تعالیٰ نے  اس میں ہماری ورزی رکھی ہے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ہمیں اس سے منع فرمایا ۔ اور کپڑا قابل احترام ہے اس سے بھی استنجاء کرنا جائز نہیں یہ مال کا  ضیاع ہے اور اضاعت مال سے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے منع فرمایا ہے ۔


اور جب جنوں کے طعام  کے ساتھ استنجاء کرنا حرام ہے تو انسانوں کے کھانے کے ساتھ بطریق اولیٰ حرام ہے ۔ اور ٹشو پیپر جو اس مقصد کےلیے تیار کیے گئے ہیں استنجاء کرنا جائز ہے ۔ البتہ نفع بخش کا غذات کے ساتھ جائز نہیں اس سے اضاعت مال  ہے ۔ اورچونکہ کاغذوں پر قرآن وسنت اور علوم نافعہ لکھے جاتے ہیں اس لیے ان کے ساتھ استنجاء کرنا سوء ادب ہے ۔


عن سلمان رضي الله عنه قال : قيل له : قد عَلَّمَكُمْ نَبِيُّكُم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم كل شيء حتى الخِرَاءَةَ ، قال : فقال : أجَل لقد نَهَانا أن نَستقبل القِبْلَة لِغَائِطٍ ، أو بَول ، أو أن نَسْتَنْجِيَ باليمين ، أو أن نَسْتَنْجِيَ بِأَقَلَّ من ثلاثة أحْجَار ، أو أن نَسْتَنْجِيَ بِرَجِيعٍ أَو بِعَظْمٍ ۔

شرح حديث : حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے پوچھا گیا : قد عَلَّمَكُمْ نَبِيُّكُم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم كل شيء حتى الخِرَاءَةَ ۔

ترجمہ : حضرت سلمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے کہا گیا کہ تمہارے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تمہیں ہر چیز سکھاتے ہیں ، حتیٰ کہ قضائے حاجت کا طریقہ بھی سکھاتے ہیں ۔ حضرت سلمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا : جی ہاں ۔ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بول و براز کے وقت قبلہ رُخ ہونے سے روکا ہے ، اسی طرح داہنے ہاتھ سے استنجا کرنے ، تین سے کم پتھروں کے استعمال کرنے اور گوبر اور ہڈی سے استنجا کرنے سے بھی روکا ہے ۔


یعنی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اپنے صحابہ کو بیت الخلا میں داخل ہونے سے لے کر باہر نکلنے تک ، قضاے حاجت کے آداب سکھلاتے ہیں ۔ اسی میں سے قضاے حاجت کے وقت قبلے کی طرف رُخ اور پیٹھ کرنا اور داہنے ہاتھ، گوبر اور ہڈی سے استنجا کرنے سے منع کرنا ہے ۔ قال : أجَل : لقد نَهَانا أن نَستقبل القِبْلَة لِغَائِطٍ ، أو بَول " یعنی ہاں ! ہمیں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بول و براز کے وقت قبلہ رُخ ہونے سے منع فرمایا کہ قضاے حاجت کے وقت قبلے کی طرف رُخ بھی نہیں کرنا چاہیے اور پیٹھ بھی ۔ اس لیے کہ یہ نماز وغیرہ میں مسلمانوں کا قبلہ ہے ۔ یہ سب سے محترم جہت ہے ، اس کی عزت اور تکریم ضروری ہے ۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : وَمَنْ يُعَظِّمْ حُرُمَاتِ اللَّهِ فَهُوَ خَيْرٌ لَهُ عِنْدَ رَبِّه ۔ (سورہ الحج:30) " أو أن نَسْتَنْجِيَ باليَمِين" یعنی داہنے ہاتھ سے استنجا کرنا بھی ممنوع ہے ۔ اس لیے کہ داہنا ہاتھ پاکیزہ ، محترم اور اچھے کاموں میں استعمال ہوتا ہے۔ جن کاموں میں ذلت اور توہین کا پہلو ہوتا ہے ، جیسے پاخانہ صاف کرنا تو یہ بائیں ہاتھ کے کام ہیں۔ دوسری حدیث کے الفاظ ہیں : ولا يَتَمَسح من الخلاء بيمنيه “ اور نہ دائیں ہاتھ سے استنجا کرے ۔ " أو أن نَسْتَنْجِيَ بِأَقَلَّ من ثلاثة أحْجَار " یعنی تین سے کم پتھر استنجا میں استعمال کرنا بھی ممنوع ہے ، اگرچہ صفائی اس سے کم سے بھی حاصل ہو جائے ۔ اس لیے کہ اکثر تین سے کم پتھروں سے پاکی حاصل نہیں ہوتی ، تین پتھروں کی قید اس وقت ہے جب پتھروں کے بعد پانی استعمال نہ کیا جارہا ہو ۔ اگر پتھروں کے بعد پانی کا استعمال بھی ہو ، تو تین پتھروں سے کم پر بھی اکتفا کرسکتے ہیں ۔ اس لیے کہ اس وقت یہاں پتھروں سے مقصود نجاست کا کم کرنا ہے ، مکمل طہارت حاصل کرنا نہیں ۔ " أوأن نَسْتَنْجِيَ بِرَجِيعٍ " ۔ گوبر سے استنجا کرنا بھی ممنوع ہے ۔ اس لیے کہ یہ جنات کے جانوروں کی غذا ہے ، جیسا کہ صحیح مسلم کی روایت میں صراحت ہے کہ جنات کا ایک وفد آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس آیا اور آپ سے کھانے کا مطالبہ کیا ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : تمہارے لیے ہر وہ ہڈی ہے ، جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہو اور وہ تمہارے ہاتھوں میں آجائے ، اس پر پہلے سے زیادہ گوشت آجاتا ہے اور ہر مینگنی یا لید تمھارے جانوروں کا چارہ ہے ۔ " أَو بِعَظْمٍ " ہڈیوں سے استنجا کرنا بھی شریعت میں ممنوع ہے ۔ اس لیے کہ یہ جنات کی خوراک ہے ۔ جیسے کہ گزشتہ حدیث میں ہے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : ان سے استنجا نہ کیا کرو ؛ کیونکہ یہ تمہارے جن بھائیوں کی خوراک ہے ۔ اس طرح ، حدیث میں اس بات کی صراحت ہے کہ ہڈیوں سے استنجا نہ کرنے کی حکمت یہ ہے کہ انھیں گندہ نہ کیا جاۓ ؛ تاکہ انہیں بطور غذا استعمال کرنے والوں کو دشواری نہ ہو ۔ کیوں کہ جب انہیں نجاست صاف کرنے کےلیے استعمال کیا جاۓ گا ، ان کی غذا خراب ہو جاۓ گی ۔


نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ہمیں سب کچھ ہی سکھلایا ہے ، اور استنجے سے متعلق بھی ضروری ہدایات دی ہیں “ ۔ یہ تاریخی کلمات حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے ان مشرکین کے جواب میں ارشاد فرمائے تھے جو بطورِ استہزاء اور طنز کہہ رہے تھے کہ ” تمہارے نبی تو تمہیں پیشاب پاخانہ کرنے کے طریقے بھی سکھاتے ہیں ۔ حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے مزید یہ بھی ارشاد فرمایا کہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے کہ پاخانہ یا پیشاب کے وقت ہم قبلہ کی طرف رُخ کریں یا یہ کہ ہم داہنے ہاتھ سے استنجا کریں، یا یہ کہ ہم استنجے میں تین پتھرون سے کم استعمال کریں، یا یہ کہ ہم کسی چوپائے (اونٹ، گھوڑے یا بیل وغیرہ) کے فضلے (گوبر اور لید وغیرہ) یا ہڈی سے استنجا کریں ۔ (صحیح مسلم، کتاب الطھارة، باب الاستطابة، رقم الحدیث:۲۶۲،بیت الأفکار)


حدیثِ مبارکہ سے مستفاد امور


علامہ طیبی علیہ الرحمہ اس حدیث کے ضمن میں لکھتے ہیں ، کہ حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے حکمت سے بھر پورجواب دیا، آپ نے اس کے استہزاء کی کوئی پروا نہ کی اورایسا جواب دیا جو ایک شیخ اپنے مرید کی راہنمائی کرتے ہوئے دیتا ہے، یعنی : اس استہزاء کرنے والے کو یہ فرمایا کہ ”یہ کوئی قابل استہزاء بات نہیں ہے بلکہ یہ تو ایک اٹل حقیقت اور قابلِ اعزاز بات ہے،اور جب ایسا ہے تو تم پر لازم ہے کہ ہٹ دھرمی چھوڑو اور صراط مستقیم کو اختیار کرو، یہ صراطِ مستقیم تمہارے باطن اور ظاہر کو پلیدگیوں اور نجاستوں سے پاک کر دے گا ۔ (فتح الملہم، کتاب الطھارہ، باب الاستطابة،۲/۱۱۵، مکتبہ دار العلوم کراچی)


مندرجہ بالا حدیثِ مبارکہ میں پیشاب پاخانہ کرنے سے متعلق چار ہدایات ارشاد فرمائی ہیں : ⬇


قضائے حاجت کے وقت کس طرف منہ کیا جائے ؟


پہلی ہدایت قضائے حاجت کے وقت اس طرح بیٹھا جائے کہ قبلے کی طرف نہ منہ ہو اور نہ ہی پیٹھ۔ یہ حکم قبلہ کے ادب و احترام اور تقدس کی خاطر تھا کہ کوئی بھی ذی شعور انسان جو لطیف اور روحانی حقیقتوں کا ادراک کرنے والا ہو وہ اس موقعہ پر کسی مقدس اور محترم چیز کی طرف منہ یا پشت کرنے کو بے ادبی شمار کرتے ہوئے اس طرز کے اپنانے سے گریز کرے گا ۔


استنجاء کس ہاتھ سے کیا جائے ؟


دوسری ہدایت یہ دی گئی کہ اس عمل کے لیے اپنا دایاں ہاتھ استعمال نہ کیا جائے،اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر فوقیت دی ہے، اس ہاتھ کو اعلی،محترم ، مقدس، صاف ستھرے اور نفیس کاموں کے لیے تو استعمال کیاجا سکتا ہے ،گھٹیا اور رذیل کاموں کے لیے نہیں؛ چناں چہ ! دائیں ہاتھ کے شرف و احترام کی وجہ سے استنجا کرتے ہوئے استعمال نہیں کیا جائے گا ۔


کتنے ڈھیلوں سے استنجاء کیا جائے ؟


تیسری ہدایت یہ کی گئی ہے کہ استنجے کےلیے کم از کم تین ڈھیلوں کو استعمال کیا جائے، اس کی وجہ یہ تھی کہ عام طور پر صفائی تین پتھروں سے کم میں پوری طرح نہیں ہوتی؛اس لیے حکم دیا گیا کہ تین پتھر استعمال کر کے اچھی طرح اور مکمل صفائی کی جائے؛ چنانچہ اگر کسی شخص کی صفائی تین پتھروں سے حاصل نہ ہو تو اس کےلیے ضروری ہے کہ وہ تین سے زائد پتھر استعمال کرے تاکہ کامل صفائی ہو جائے۔نیز حدیثِ مذکور میں پتھر کا ذکر کیا گیا ہے، یہ اس زمانے میں ملنے والی عام چیز کی وجہ سے تھا، موجودہ دور میں شہروں میں بنے ہوئے پختہ بیت الخلاء میں ٹوائلٹ پیپر استعمال کیا جائے تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں؛اسی طرح ہر وہ پاک چیز جس سے صفائی کا مقصد حاصل ہو سکتاہو اور اس کا استعمال اس کام کےلیے موضوع بھی ہو اور جسم کے لیے نقصان دہ بھی نہ ہو ۔


جانوروں کے فضلات سے استنجاء کرنے کا حکم


چوتھی ہدایت یہ دی گئی ہے کہ استنجا کےلیے کسی جانور کی گری پڑی ہڈی یا ان کے فضلے (لید، گوبر وغیرہ) کو استعمال نہ کیا جائے، دراصل اس طرح زمانہٴ جاہلیت میں کر لیا جاتا تھا ؛ حالانکہ یہ فطرتِ سلیمہ کے خلاف ہے۔احادیثِ مبارکہ میں متفرق طور پر قضائے حاجت سے متعلق بہت سے احکامات مذکور ہیں ، نیز! فقہاء کرام نے ان احادیث کی روشنی میں بہت سے مسائل کتبِ فقہ میں ذکر کیے ہیں، ذیل میں قضائے حاجت سے متعلق مختلف اہم مسائل نقل کیے جاتے ہیں؛ تاکہ ہم اپنا یہ عمل بھی شریعت کے مطابق انجام دے سکیں ۔


 قضائے حاجت سے قبل کی مسنون دعا


حضر ت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ”حاجت کے ان مقامات میں خبیث مخلوق شیاطین وغیرہ رہتے ہیں، پس تم میں سے جب کوئی بیت الخلاء جائے تو چاہیے کہ پہلے یہ دعا پڑھے ، أَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الْخُبُثِ وَ الْخَبائِثِ “ ترجمہ : میں اللہ کی پناہ لیتا ہوں خبیث جنوں اور خبیث جنّیوں سے ۔ (سنن أبي داوٴد، کتاب الطھارة، باب ما یقول الرجل إذا دخل الخلاء، رقم الحدیث: ۶،۱/۳،دار ابن الحزم)


اس دعا کی برکت سے انسان شریر جنات کے اثرات سے محفوظ ہو جاتا ہے؛ کیوں کہ یہ گندی جگہیں جنات و شیاطین کا مسکن ہوتی ہیں اور یہ مخلوق ان جگہوں پر آکر فراغت حاصل کرنے والوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتی ہے؛ اسی لیے سرکارِ کل عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی طرف سے اس بات کی تعلیم دی گئی کہ جب تم قضائے حاجت کےلیے ایسی جگہوں پر جاٶ تو ان کے شرور سے بچنے کےلیے اللہ کی پنا میں آ جایا کرو ؛ چنانچہ روایات میں آتا ہے کہ اس دعا کے پڑھنے والا شریر جن اورشریر جنّیوں کے اثرات سے محفوظ ہو جاتا ہے ۔


قضائے حاجت کے بعد کی دعا


حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب بھی قضائے حاجت سے فارغ ہوتے تو ”غُفْرَانَکَ“ کہتے تھے ۔ ترجمہ : اے اللہ میں تجھ سے اپنے گناہوں کی معافی چاہتا ہوں ۔ (السنن الکبریٰ للنسائي، کتاب الطھارة، ما یقول إذا خرج من الخلاء، رقم الحدیث: ۹۸۲۵، موٴسسة الرسالة،چشتی)


ایک دوسری روایت میں آتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب قضائے حاجت سے فارغ ہوتے تھے تو یہ دعا پڑھتے تھے: اَلْحَمْدُ لِلہِ الَّذِيْ أَذْھَبَ عَنِّيْ الْأَذیٰ وعَافَانِيْ ۔ (سنن کبریٰ ۹۸۲۵) ترجمہ : تمام تعریفیں اس اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں، جس نے مجھ سے گندگی دور کی اور مجھے تکلیف سے عافیت دی۔ یہ دعا بڑی اہمیت کی حامل ہے؛ اس لیے کہ انسان جو کچھ بھی کھاتا ہے ، اس کا ایک حصہ جسم کےلیے تقویت کا باعث بنتا ہے، اور ایک حصہ بہ طورِ فضلہ جسم سے خارج ہو جاتا ہے، اس غذا کا جسم سے خارج ہونا اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے،اگر یہ فُضلہ جسم سے نہ نکلے توانسان بیماریوں میں مبتلا ہوجائے،اس دعا میں اللہ کی اس نعمت پر شکر ادا کرنا ہے، کہ اس نے ہمیں اس گندگی سے نجات دی،اس کو ”أَذْھَبَ عَنِّيْ الْأَذی“سے تعبیر کیا،اسی کے مناسب ”غُفْرانَکَ“ کے ساتھ کی جانے والی دعا ہے ، حکمت اور مقصد اس دعا کا یہ ہے کہ اے اللہ جیسے تو نے میرے جسم سے زائد فضلات کو دور کر کے مجھے گندگی سے نجات عطا فرمائی اور مجھے عافیت جیسی عظیم نعمت نصیب فرمائی ، ایسے ہی تو میرے باطن کو صاف فرمادے اور میرے گناہوں کی مغفرت فرما۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نے ہم پر ایک اور انعام کیا کہ اس نے جسم سے ساری کی ساری غذا نہیں نکال دی، اگر ایسا ہو جاتا تو ہم زندہ ہی نہ رہتے، اس نعمت کے شکر کو ”وعَافَانِيْ“ سے تعبیر کیا گیا ہے ۔


فقہاء کرام نے لکھا ہے کہ ان دونوں دعاوٴں ”غُفْرَانَکَ“ اور ”اَلْحَمْدُ لِلہِ الَّذِيْ أَذْھَبَ عَنِّيْ الْأَذیٰ وعَافَانِيْ“ کو جمع کر کے پڑھا جائے؛البتہ اگر کسی کو دوسری دعا نہ آتی ہو تو پھر صرف ”غُفْرَانَکَ“ پڑھ لے ۔


بیت الخلاء اور غسل خانہ اکٹھا ہونے کی صورت میں دعائیں کس جگہ پڑھی جائیں ؟


آج کل گھروں میں باتھ روم ، حمام ، واش بیسن وغیرہ اکٹھے بنے ہوتے ہیں ، اس صورت میں جب قضائے حاجت کےلیے ان جگہوں میں داخل ہو تو غسل خانے میں داخل ہونے سے پہلے دعا پڑھے، اور جب فارغ ہو کر کے نکلے تو نکلنے کے بعد دعا پڑھے ۔


نیز ! اگر قضائے حاجت کسی میدان ، جنگل یا صحراء وغیرہ میں کرنی پڑے تو اس صورت میں قضائے حاجت سے پہلے پڑھی جانے والی دعا ستر کھولنے سے قبل پڑھے اور قضائے حاجت کے بعد پڑھی جانے والی دعا ستر چھپالینے کے بعد پڑھے ۔  (ردالمحتار کتاب الطھارة، مطلب: في دلالة المفھوم، ۱/۲۲۷، دار عالم الکتب)


اسی کی طرف حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ کی ایک روایت میں بھی اشارہ موجود ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس دعا کے پڑھنے کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ ”جب تم بیت الخلاء میں داخل ہو، یا داخل ہونے کا ارادہ کرو تو یہ دعا پڑھ لو ۔ (السنن الکبریٰ للنسائي، کتاب الطھارة، ما یقول إذا دخل في الخلاء، رقم الحدیث: ۹۸۲۳، ۹/۳۵،موٴسسة الرسالة،چشتی)


البتہ ! اس جگہ ایک بات پیش نظر رہنی چاہییے کہ اوپر ذکر کردہ لفظِ ”بیت الخلاء“ سے مراد زمانہ ماضی کے وہ بیت الخلاء ہیں ، جہاں قضائے حاجت کر لینے کے بعد گندگی و نجاست پڑی رہتی تھی ، بعدمیں اسے اکٹھا کر کے دور جنگل وغیرہ میں جا کر پھینکا جاتا تھا ، موجودہ دور کے پختہ اور سنگ مر مر کے بنے ہوئے بیت الخلاء اس مفہوم سے بالا تر ہیں، پس اگراس قسم کے بیت الخلاء میں گندگی وغیرہ پھیلی ہوئی نہ ہو تواس میں دعا ستر کھولنے سے قبل پڑلی جائے، اس کی بھی گنجائش ہے؛ کیوں کہ ان بیت الخلاوٴں میں دعا پڑھنے کی صورت میں وہ خرابی نہیں ہے جو گندگی والے بیت الخلاء میں لازم آتی تھی؛لیکن اس صورت میں بھی بہتر یہی ہے کہ دعا بیت الخلاء سے باہر پڑھ کے داخل ہوا جائے ۔


 بیت الخلاء میں زبان سے کلمہ پڑھنے اور قرآنِ پاک کی تلاوت کا حکم : ⬇


 بیت الخلاء میں زبان سے کلمہ پڑھنا ،کوئی ذکر کرنا ،قرآنِ پاک کی تلاوت کرنا یا اندر جاکر مسنون دعا پڑھنا جائز نہیں ؛ البتہ دل ہی دل میں ذکر کرنایا چھینک وغیرہ کے جواب میں دل میں ہی ”الحمد للہ“ کہنا جائز ہے ۔ (الفتاوی العالمگیریہ، کتاب الطھارة، الفصل الثالث في الاستنجاء: ۱/۵۰، رشیدیہ)


بیت الخلاء میں لفظِ ”اللہ “ اور حروفِ مقطعات والی انگوٹھی یا لاکٹ پہن کے جانے کا حکم


بیت الخلاء میں ایسی انگوٹھی یا لاکٹ پہن کے جانا ، جس پر لفظِ اللہ یا حروفِ مقطعات لکھے ہوں جائز نہیں ہے ، ایسی انگوٹھی یا لاکٹ باہر رکھ کے پھر داخل ہونا چاہیے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا عمل نقل کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے تھے تو اپنی انگوٹھی اتار کر باہر ہی رکھ دیتے تھے ۔ (سنن أبي داوٴد، کتاب الطھارة، باب ما یقول الرجل إذا دخل الخلاء، رقم الحدیث: ۶، ۱/۳،دار ابن الحزم)


اگر یہ چیزیں کسی چیز میں لپٹی ہوئی ہوں یا جیب میں ہوں یا لاکٹ گریبان میں قمیص کے نیچے چھپا ہوا ہو توان کے ساتھ بیت الخلاء میں جانے کی گنجائش ہے ؛ لیکن بہتر پھر بھی یہی ہے کہ یہ اشیاء باہر رکھ کے اندر جائیں ۔


کن چیزوں سے استنجاء کرنا جائز ہے اور کن سے ناجائز ؟


کاغذ ، کھانے کی چیز ، گوشت ، درخت کے پتوں ، نجس اشیاء ، ہڈی ، لید ، گوبر ، شیشہ ، پختہ اینٹ ، کوئلہ ، ٹھیکری ، بال اور اسی طرح دائیں ہاتھ سے استنجاء کرنا جائز نہیں ، اس کے علاوہ ہرایسی چیز جوقابلِ احترام نہ ہو ، خوراک نہ ہو ، جسم کے لیے نقصان دہ بھی نہ ہواور قیمتی بھی نہ ہو تو اس سے استنجا کرنا جائز ہے ۔ (الفتاویٰ الھندیة، کتاب الطھارة، صفة الاستنجاء بالماء، ۱/۵۵، دار الکتب العلمیة،چشتی)


 ڈھیلوں سے استنجاء کرنے کا حکم


اگر کوئی شخص پانی سے استنجاء کرنے کے بجائے صرف ڈھیلوں سے استنجاء کرنا چاہے تو اس سلسلے میں تفصیل یہ ہے کہ اگرنجاست مخرج سے تجاوز کرجائے اور زائد کی مقدار ایک درہم سے زائد نہ ہو، تو بغیر دھوئے صرف ڈھیلے کے استعمال کرنے سے طہارت حاصل ہو جائے گی ۔


لیکن مخرج سے تجاوز کرنے والی نجاست اگر درہم کی مقدار سے زائد ہو تو اسے بلا عُذر دھوئے بغیر چھوڑدینا اور اسی طرح نماز پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے اور اگر بقدرِ درہم یا اس سے کم ہو تو مکروہِ تنزیہی ہے ۔ (رد المحتار: کتاب الطھارة، باب الأنجاس:۱/۵۲۲، دار عالم الکتب،چشتی)


دیر تک قطرے آنے والوں کے لیے طہارت کا طریقہ


اگر پیشاب کرنے کے بعد کسی کو قطرے آنے کا مرض ہو تو اسے چاہیے کہ پہلے ڈھیلے یا ٹوائلٹ پیپر سے اچھی طرح خشک کر لے،حتی کہ پیشاب کی نالی کو خالی کرنے کی اپنی مقدور بھر کوشش کر لے ، اس کے بعدپانی سے استنجاء کرے ۔  (ردالمحتار ، کتاب الطھارة، باب الأنجاس، مطلب في الفرق بین الاستبراء والاستسقاء والاستنجاء:۱/۵۵۸، دارعالم الکتب)


پردے کی عدم موجودگی میں صرف ڈھیلوں کے استعمال کا حکم


اگر کوئی شخص کسی ایسی جگہ ہو جہاں پردے کے ساتھ استنجاء کرنا ممکن نہ ہو تو وہاں قضائے حاجت کے بعد صرف ڈھیلوں یا ٹوائلٹ پیپر کے ساتھ استنجاء کرنے پر اکتفاء کرے، ایسی جگہ پر دوسروں کے سامنے ستر کھول کر پانی سے استنجاء کرنا جائز نہیں۔ (الفتاویٰ الھندیة، کتاب الطھارة، صفة الاستنجاء بالماء، ۱/۵۵، دار الکتب العلمیة)


شلّ ہاتھ والا استنجاء کیسے کرے ؟


اگر کسی شخص کا بایاں ہاتھ شل ہو اور وہ اپنے بائیں ہاتھ سے استنجاء کرنے پر قادر نہ ہو؛ تو دائیں ہاتھ سے استنجاء کرے اور اگر دایاں ہاتھ بھی شل ہو تو پھر ایسے شخص کے لیے حکم یہ ہے کہ کوئی دوسرا شخص (اپنی نظروں کی حفاظت کرتے ہوئے) پانی ڈالے اور اگر کوئی ایسا شخص بھی نہ ہو تو ایسے شخص سے استنجاء معاف ہے ۔ (الفتاویٰ الھندیة، کتاب الطھارة، صفة الاستنجاء بالماء، ۱/۵۵، دار الکتب العلمیة)


مریض آدمی کےلیے استنجاء کا حکم


ایسا مریض جو وضو کرنے پر قادر نہ ہو؛لیکن اس کی بیوی موجود ہو تو وہ اسے استنجاء اور وضو کرائے اوراگر اس کی بیوی نہ ہو؛ لیکن بیٹا یا بھائی موجود ہو تواس کا بیٹا یا بھائی اس مریض کو وضو کرائے۔ اسی طرح کوئی عورت مریضہ ہواور اس کا شوہر بھی ہو تو اس کا شوہر اپنی بیوی کو بوقت ضرورت وضو بھی کروائے گا اور استنجاء بھی کروائے گااور اگر اس کا شوہر نہ ہو؛ لیکن اس کی بیٹی یا بہن موجود ہوں تو وہ وضو کرائیں ۔ (الفتاویٰ الھندیة، کتاب الطھارة، صفة الاستنجاء بالماء، ۱/۵۵، دار الکتب العلمیة)


قضائے حاجت کے وقت باتیں کرنااور ایک دوسرے کے ستر کو دیکھنا


حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : دو آدمی قضاء حاجت کرتے ہوئے آپس میں باتیں نہ کریں کہ دونوں ایک دوسرے کے ستر کو دیکھ رہے ہوں؛ کیوں کہ اللہ تعالیٰ اس بات پر ناراض ہوتے ہیں ۔ (سنن ابن ماجة، کتاب الطھارة، باب النھي عن الاجتماع علیٰ الخلاء والحدیث عندہ، رقم الحدیث:۳۴۲، ۱/۷۸،مکتبة المعارف،الریاض،چشتی)


انسانی شرافت سے بہت دور اور بڑی بد تہذیی کی بات ہے کہ دو افراد ننگے ہو کر ایک دوسرے کے سامنے اپنی حاجت سے فارغ ہوں اور اس سے بھی بڑی بے حیائی یہ ہے کہ اس دوران وہ دونوں آپس میں بات چیت بھی کرتے رہیں،یہ امر شرعاً جائز نہیں ہے ۔


ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے کا حکم


اگر کسی جگہ پانی کھڑا ہو تو اس میں پیشاب کرنا جائز نہیں ہے؛ اس لیے کہ اس پانی کو بہت سے کاموں میں استعمال کیا جانا ممکن ہے، حدیث پاک میں آتا ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : تم میں سے کوئی ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب نہ کرے ۔ (سنن ابن ماجة، کتاب الطھارة، باب النھي عن البول في الماء الراکد، رقم الحدیث:۳۴۴، ۱/ ۷۸،مکتبة المعارف، الریاض،چشتی)


کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کا حکم


آج کل جدید تہذیب کے دلدادے، مغربیت کی تقلید میں کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کو جدیدیت ، تہذیب اور اسلوب زندگی شمار کرتے ہیں، اس عمل کے لیے نہ بیٹھنے کو ضروری خیال کرتے ہیں اور نہ ہی پانی سے استنجاء کرنے کو کوئی اہمیت دیتے ہیں، اب تو باقاعدہ ہر جگہ پیشاب کے لیے دیواروں میں ایسی جگہیں بنائی جاتی ہیں، جہاں کھڑے ہو کر پیشاب کرنا ممکن ہوتا ہے، اور ایسے بیت الخلاء ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشن، رُوٹ کی بڑی بسوں کے اڈوں اور سعودیہ میں حاجیوں کے لیے تیار کی جانے والی رہائش گاہوں میں تیار کیے گئے ہوتے ہیں؛حالاں کہ کھڑے ہو کر استنجا کرنا شرعاً ممنوع ہے، اس فعل کے مرتکب اپنے کپڑوں کو بھی پاک نہیں رکھ سکتے اور اپنے بدن کو بھی نہیں ۔


حضرت عمر رضی اللہ عنہ ارشاد فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایک بار (ابتدائے اسلام میں جب مجھے مسئلے کا علم نہیں تھا) مجھے کھڑے ہو کر پیشاب کرتے ہوئے دیکھ لیا، تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : اے عمر ! کھڑے ہو کر پیشاب مت کر “ ، حضرت عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اس کے بعد میں نے (کبھی) کھڑے ہو کر پیشاب نہیں کیا ۔ (سنن ابن ماجة، کتاب الطھارة، باب في البول قاعداً، رقم الحدیث:۳۰۸، ۱/۱۹۶،چشتی)


در حقیقت یہ دشمنانِ اسلام کی سازش ہے ، کہ مسلمانوں کو ان کے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مبارک سنتوں سے اتنا دور کر دیا جائے کہ وہ اپنے ہی مسلم معاشرے میں اپنے نبی کی اتباع میں عار محسوس کریں ۔


ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود اپنی ذات سنت طریقے کے مطابق کرلیں ، اور اپنی اولاد بالخصوص نابالغ اولاد کی نگرانی کریں ، کہ کہیں کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کی عادی تو نہیں بن رہی ہیں یا وہ پیشاب کرنے کے بعد استنجا لیتی ہے یا نہیں ؟ ! اور اگر ایسا محسوس ہو تو فوراً مناسب تنبیہ کریں ۔


پیشاب کی چھینٹوں سے نہ بچنے کا وبال


کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کی صورت میں کپڑوں پر یا بدن پر چھینٹوں کا گرنا ایک یقینی امر ہے، دیکھنے کے اعتبار سے تو یہ چھوٹا اور معمولی عمل ہے ؛ لیکن جزا کے اعتبار سے پیشاب کی چھینٹوں سے اپنے آپ کو نہ بچانا بہت بڑے وبال کا سبب ہے ۔


حضرت ابو بکرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ایک بار نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دو قبروں کے پاس سے گذرے تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ان دونوں کو عذاب ہو رہا ہے اور ان دونوں کو عذاب کوئی بڑے بڑے اور مشکل کاموں کی وجہ سے نہیں ہو رہا ؛ بلکہ ان میں سے ایک کو پیشاب کی چھینٹوں سے نہ بچنے کی وجہ سے عذاب ہو رہا ہے اور دوسرے کو غیبت کرنے کی وجہ سے ۔ (سنن ابن ماجة، کتاب الطھارة، باب: التشدید في البول، رقم الحدیث: ۳۴۹، ۱/۲۱۹، دار المعرفة، بیروت،چشتی)


اس لیے پیشاب کرنے کے بعد بہتر یہ ہے کہ پہلے کسی ڈھیلے یا ٹشو پیپر وغیرہ سے قطرات کو خشک کریں ، اس کے بعد پانی کا استعمال کریں ۔ اس طریقے سے مثانہ اور پیشاب کی نالی اچھی طرح خالی ہو جاتی ہے ، فارغ ہونے کے بعد قطرے وغیرہ ٹپکنے سے امن رہتا ہے ۔


قبلہ کی طرف منہ یا پشت کر کے پیشاب کرنے کاحکم


قضائے حاجت کے احکام میں سے ایک حکم یہ بھی ہے کہ اس عمل کے دوران قبلے کی طرف نہ منہ کیا جائے اور نہ ہی پُشت، ایسا کرنا مکروہِ تحریمی ہے، چاہے قضائے حاجت کا وقت ہو یا (ننگے ہو کر) غسل کرنے کی حالت ہو ، شہر میں ہو یا دیہات میں ، جنگل میں ہو یا صحرا میں ، تمام صورتوں میں یہی حکم ہے ۔


حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : کہ جب تم میں سے کوئی پیشاب کرنے کے لیے آئے تو قبلے کی طرف نہ چہرہ کرے اور نہ ہی پشت کرے ۔ (صحیح البخاری، کتاب الوضوء، باب لا یستقبل القبلة بغائط أو بولٍ، رقم الحدیث: ۱۴۴، ۱/۶۸، المکتبة السلفیة)


قبلے کی طرف بنے ہوئے بیت الخلاء کا حکم


اگر کسی گھر میں بیت الخلاء قبلہ ُرو بنا ہوا ہو یا اس طرح بنا ہو کہ قبلہ کی طرف پُشت ہوتا ہو تو اہلِ خانہ پر ٹھیک سمت میں بیت الخلاء بنانا واجب ہے ، البتہ اگر اُس بیت الخلاء میں اپنا رُخ قبلہ کی طرف سے پھیر کر بیٹھے تو جائز ہے ۔ (الفتاویٰ الھندیة، کتاب الطھارة، صفة الاستنجاء بالماء، ۱/۵۵، دار الکتب العلمیة،چشتی)


دودھ پیتے بچوں کے لیے استقبال قبلہ کا حکم


والدہ یا ہر ایسا شخص جو بچوں کو قضائے حاجت کروائے ، اس کےلیے ان بچوں کو لے کر قبلہ کی طرف رکھ کر کے بیٹھنا یا قبلہ کی طرف پشت کر کے بیٹھنا جائز نہیں ، بلکہ وہ بھی شمالاً یا جنوباً بیٹھ کے قضائے حاجت کروائیں ۔ (رد المحتار مع الدر المختار، کتاب الطھارة، باب الأنجاس: ۱/۵۵۵، دار عالم الکتب،چشتی)


مریض کےلیے استقبال قبلہ اور استدبار قبلہ کا حکم


جو شخص مرض کی وجہ سے خود اپنا رُخ بدلنے پر قادر نہ ہو تو اس شخص کے تیمار دار قضائے حاجت کے وقت اس کو ایسے طریقے سے اٹھائیں یا لٹائیں کہ بہ وقت قضائے حاجت اس کا رُخ یا پیٹھ قبلہ کی طرف نہ ہو ، اسی طرح ہسپتالوں میں بھی انتظامیہ کو چاہیے کہ مریضوں کے بیڈ / بستر قبلہ رُ خ پر حتیٰ الوسع بچھانے سے گُریز کریں ۔


بیت الخلاء جاتے ہوئے سر ڈھانپنا


بیت الخلاء جاتے ہوئے سر ڈھانپ کے جانا بھی سنت ہے، جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بیت الخلاء میں داخل ہوتے تھے تو اپنے سر کو ڈھانپ لیتے تھے ۔ (السنن الکبریٰ للبیہقي،کتاب الطھارة، باب تغطیة الرأس عند دخول الخلاء، رقم الحدیث: ۴۶۴،۱/۹۶،دائرة المعارف دکن،چشتی)


پیشاب پاخانہ کی طرف دیکھنے کی ممانعت


 اپنے بول و براز کی طرف دیکھنا خلاف ادب ہے ، علامہ طحطاوی علیہ الرحمہ نے لکھا ہے کہ یہ نسیان کو پیدا کرتا ہے ۔ (کتاب الطہارة: ۱/۳۱، دارالکتب العلمیة)


قضائے حاجت کے بعد زمین پر ہاتھ ملنے کا حکم


حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ” نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے جب استنجاء کر لیا تو اپنے ہاتھوں کو زمین پر رگڑا ۔ (سنن الترمذي، کتاب الطھارة، باب: دلک الید بالأرض بعد الاستنجاء، رقم الحدیث:۵۰، دارالسلام)


موجودہ دور میں اس عمل پر قادر شخص کےلیے یہ عمل بھی مسنون ہو گا ، بصورت دیگر صابن وغیرہ سے ہاتھوں کو دھو لینا بھی اس کا قائم مقام ہو جائے گا ۔


استنجا کے بعد ہاتھ دھونے کا حکم


استنجاء کرنے کے بعد اگر ظنِ غالب ہو کہ ہاتھ صاف ہوگئے ہیں اور بدبو وغیرہ بھی ختم ہو گئی ہے تو مزید صفائی کےلیے ہاتھ دھونا مسنون ہے ؛ لیکن ضروری نہیں ہے ، مطلب یہ کہ اگر یہ شخص ہاتھ نہ دھوئے تو عند اللہ مجرم نہیں ہو گا ۔ (الفتاویٰ الھندیة، کتاب الطھارة، صفة الاستنجاء بالماء، ۱/۵۵، دار الکتب العلمیة)


جن جگہوں میں استنجاء کرنا مکروہ ہے


جن جگہوں میں استنجاء کرنا مکروہ ہے وہ درج ذیل ہیں : پانی میں، حوض یا چشمے کے کنارے ، پھل دار درخت کے نیچے ، کھیتی میں ، ہر ایسے سایہ میں جہاں لوگ بیٹھتے ہوں ، مساجد اور عید گاہ کے پہلو میں ، قبرستان میں اور مسلمانوں کی گذرگاہ میں ، سورج یا چاند کی طرف منہ کر کے، ڈھلوان (نیچے والی سطح) میں بیٹھ کے اوپر کی جانب پیشاب کرنا ، ہوا کے رُخ پر پیشاب کرنا ، چوہے ، سانپ یا چیونٹی کے بل میں پیشاب کرنا۔غرض جس جگہ سے بھی لوگوں کا نفع وابستہ ہو اور وہاں ناپاکی یا گندگی ان کےلیے تکلیف دِہ ہو یا اس عمل کی وجہ سے خود اس کو کسی ضرر پہنچنے کا اندیشہ ہو ، وہاں پیشاب پاخانہ کرنا جائز نہیں ہے ۔ (البحر الرائق، کتاب الطھارة، باب الانجاس، ۱/ ۶۵۲، دارالکتب العلمیة،چشتی)


قضائے حاجت کا مفصل طریقہ


جب کوئی شخص بیت الخلاء میں جانے کا ارادہ کرے، تو اس کے لیے مناسب ہے کہ ایسے وقت میں ہی چلا جائے جب اس پر قضائے حاجت کا بہت زیادہ تقاضا نہ ہو ؛ بلکہ یہ شخص اس حالت کے طاری ہونے سے پہلے پہلے ہی بیت الخلاء میں داخل ہو جائے ، اس دوران یہ شخص اپنے ساتھ کوئی ایسی چیزجس پر اللہ کا نام (یا قرآنِ پاک کی آیت وغیرہ لکھی ہوئی) ہو ، نہ لے جائے ، اور ننگے سر بھی نہ جائے، جب دروازے کے پاس پہنچ جائے تو بیت الخلاء میں داخل ہونے والی دعا پڑھنے سے قبل ”بسم اللہ الرحمن الرحیم“ پڑھے ، پھر دعائے ماثورہ ”اَللّٰھُمَّ إِنِّيْ أَعُوْذُبِکَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ“ پڑھے، پھر بایاں پاوٴں اندر داخل کرے،پھر زمین کے قریب ہوکر ستر کھولے، پھر اپنے پاٶں کو قدرے کشادہ کر کے اس طرح بیٹھے کہ اس کے بدن کا زیادہ وزن بائیں پاوٴں پر ہو ، اس حالت میں یہ شخص اُخروی امور (مثلاً : علم دین ، فقہ وغیرہ) کے بارے میں نہ سوچے، کوئی شخص اِس کو سلام کرے تو اُسے جواب نہ دے، موٴذن کی آواز اس کے کانوں میں پڑے تو اُس کا جواب نہ دے، اس حالت میں اس کو چھینک آئے تو ”الحمد للہ“ نہ کہے، اپنے اعضائے مستورہ کی طرف نظر نہ کرے، بدن سے نکلنے والی گندگی کی طرف بھی نہ دیکھے، پاخانہ پر تھوک، ناک کی رینٹھ، اور بلغم وغیرہ نہ تھوکے، بہت زیادہ دیر تک وہاں نہ بیٹھے، آسمان کی طرف نہ دیکھے، بلکہ معتدل کیفیت کے ساتھ رہے، پھر جسم سے خارج ہونے والی نجاست کوپانی ڈال کر اچھی طرح بہا دے، پھر جب فارغ ہو جائے تو شرمگاہ کے نیچے کی جانب موجود رَگ پر اپنی انگلی پھیر کے اُسے اچھی طرح پیشاب کے قطروں سے خالی کر دے، پھر تین پتھروں سے اپنے عضو سے نجاست دور کرے، پھر فارغ ہو کے سیدھا کھڑا ہو نے سے پہلے پہلے اپنے ستر عورت کو چھپالے ، پھر اپنا دایاں پاٶں بیت الخلاء سے باہر نکال کر قضائے حاجت کے بعد کی دعا پڑھے ۔ ” غُفْرَانَکَ ، اَلْحَمْدُ لِلہِ الَّذِيْ أَذْھَبَ عَنِّيْ الْأَذیٰ وعَافَانِيْ “ ۔ (ردالمحتار مع الدرالمختار،کتاب الطھارة، باب الأنجاس: ۱/۹۵۵، دارعالم الکتب،چشتی)


قضائے حاجت کے وقت کی احتیاطیں


تکمیل عبادات کےلیے چونکہ طہارتِ کاملہ ضروری ہے ؛ اس لیے قضائے حاجت سے فراغت پر استنجاء کرتے وقت مبالغے کی حد تک اپنے آپ کو پیشاب کے قطروں اور ناپاکی سے بچانا ضروری ہے، بالخصوص موجودہ دور میں جب کہ پختہ بیت الخلاء اور پانی سے استنجاء کرنے کا معمول عام ہو چکا ہے، احتیاط لازم ہے ۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ جیسے ہی بیت الخلاء میں داخل ہو ، اسی وقت ٹونٹی کھول کے پانی کے ہونے یا نہ ہونے کا اندازہ کرلے ، اس کے علاوہ بیٹ الخلاء میں ٹشوپیپر بھی ضرور رکھنے چاہئیں ؛ تا کہ بوقت ضرورت ان کو استعمال کیا جا سکے ۔


جن مقامات میں ٹونٹیوں کی حالت معلوم نہ ہو وہاں لوٹے کو اوپر اٹھا کر ٹونٹی کے قریب کر کے پانی بھریں ، پھر نیچے رکھ دیں ، اسی طرح پیشاب کرنے میں احتیاط اس طرح برتی جائے کہ پیشاب فلش میں سامنے کی ٹھوس جگہ میں قوت سے نہ ٹکرائے ؛ کیوں کہ اس صورت میں اسی قوت کے ساتھ چھینٹیں اڑنے کا قوی امکان ہوتا ہے ، اس سے حفاظت اسی صورت میں ممکن ہے کہ پیشاب فلش کی سائڈوں میں گرے نہ کہ سامنے والے حصے میں ۔


آخر میں اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں دین کے اس اہم اور عظیم الشان حکم کو نہایت کامل اور احسن طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر مفتی فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...