Thursday, 13 October 2022

خطبات و مقالاتِ فیض میلادُ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم حصّہ نمبر 31

خطبات و مقالاتِ فیض میلادُ النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم حصّہ نمبر 31
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت کا دن امت مسلمہ کےلیے یوم عید ہے ۔ عید کی دو قسمیں ہوتی ہیں ۔ ایک ہے عید شرعی اور عید واجب اور دوسری عید فرحت ، عید مسرت اور عید تشکر ہے ۔ یہ مستحب اور مستحسن ہوتی ہے ۔ بعض لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ میلادُالنَّبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے دن کو عید کہنا یا سمجھنا اس لیے درست نہیں کہ اسلام میں عیدیں صرف دو ہیں اور وہ ہے عیدالفطر اور عیدالاضحی ۔ ان دو عیدوں کے ہوتے ہوئے بعض احباب کسی تیسری عید کو عید کہنا بھی جائز نہیں سمجھتے ۔ اس کی وضاحت صحاح ستہ کی کتب احادیث سنن ابی داٶد سنن نسائی اور سنن ابن ماجہ میں حدیث ہے ۔ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما حدیث کے راوی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جمعہ کے دن کے بارے میں فرمایا : يوم عيد جعله الله للمسلمين ۔ (سنن ابن ماجه جلد 1 صفحہ 349 ، حديث 1098)
ترجمہ : اللہ نے اسے مسلمانوں کےلیے عید مقرر کیا ہے ۔

اب سوال پیدا ہوتا ہے صرف دو عیدیں کہنے کا تصور کہاں گیا ؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے اپنی زبان مبارک سے فرمایا : جمعہ کا دن بھی ہماری عید ہے اس سے معلوم ہوا دو عیدوں کے علاوہ بھی اسلام میں عید کا تصور ہے ۔ وہ دو عیدیں واجب ہیں ۔ وہ عیدیں احکام اور مناسک کی ہیں اور یہ عید تعلق اور محبت کی ہے ۔ یہ فرحت اور مسرت کی عید ہے ۔ اس لیے فقیر نے اس کو عید فرحت ، عید مسرت اور عید تشکر کا نام دیا اور وہ دو عیدیں عید شرعی ہیں اور واجب ہیں ۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جمعہ کو ہماری عید کا دن کیوں فرمایا ؟ اس کا جواب بھی حدیث پاک میں ہے ۔ یہ بھی سنن ابی داٶد کی حدیث ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : ان يوم الجمعة من افضل الايام ۔ (صحيح ابن خزيمه جلد 3 صفحہ 115 حديث1728،چشتی)
ترجمہ ?: بے شک جمعہ کا دن تمام دنوں سے افضل دن ہے ۔
عرض کیا گیا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم یہ سب دنوں سے افضل کیسے ہوگیا ؟ فرمایا : فی خلق آدم ، اس لیے کہ اس دن آدم علیہ السلام کی ولادت ہوئی تھی ۔ آپ کے ماں باپ نہیں تھے ۔ آپ کی پہلی تخلیق عمل میں آئی ۔ (ولادت بمعنیٰ پیدائش) ۔ فرمایا : جمعہ سب دنوں سے افضل اس لیے ہے کہ یہ حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش کا دن ہے ۔ یہ بات حدیث پاک سے طے ہے تو دوستو ! جو دن سیدنا آدم علیہ السلام کی پیدائش کا ہو وہ تو ہو جائے یومِ عید اور افضل الایام اور جو دن ولادتِ مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا ہو اس پر کتنے جمعے قربان ہو جائیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی پیدائش جمعہ کو عید بنادے ۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اور آدم علیہ السلام کی بھی ایک نسبت اور تعلق ہے وہ یہ ہے : سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے سیدنا عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے روایت کیا ہے کہ آدم علیہ السلام جب جنت سے زمین پر اتار دیے گئے تو طویل مدت تک آپ گریہ و بکا میں رہے پھر آپ نے ایک روز اللہ کے حضور دعا کی اور جب توبہ کےلیے ہاتھ اٹھائے تو عرض کیا : اللهم مغفرلی وتقبل توبة بحق محمد نبی آخرالزمان ۔ (المستدرک، علی الصحيحين جلد 2 صفحہ 272 حديث 4228)
ترجمہ : اے اللہ مجھے معاف کردے اور میری توبہ قبول کر (حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم) جو سب سے آخری نبی تشریف لانے والے ہیں ان کے صدقے اور وسیلے سے معاف کردے ۔
جب آپ نے یہ دعا کی تو اللہ رب العزت نے فرمایا : اے آدم ! توبہ تو قبول کرلوں گا ، معاف بھی کردوں گا مگر یہ بتا تمہیں میرے اس محبوب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی خبر کیسے ہوئی ؟ تو آدم علیہ السلام نے عرض کیا باری تعالیٰ ! جب تو نے مجھے پیدا کیا اور جنت میں رکھا تو میں نے اپنا سر اٹھا کر جنت کو دیکھا تو میں نے عرش کے ہر پائے پر اور جنت کے ہر درخت ہر ہر پتے اور محلات پر اور جنت کے ہر دروازے پر یہ لکھا دیکھا تھا ۔ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ۔ میں اس دن سمجھ گیا تھا یہ کوئی خدا کا بڑا ہی محبوب ہے کہ جنت کے ایک ایک پتے پر جس کا نام ہے اور اسے اللہ تعالیٰ نے اپنے نام کے ساتھ جوڑ کر لکھ رکھا ہے ۔ سو میں نے اس دن جان لیا تھا اور آج وہ جاننا میرے کام آگیا ۔ اس کا واسطہ دے کر تجھ سے معافی مانگی ۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے وسیلے سے معافی عطا فرمادی ۔ یہ آدم علیہ السلام کا حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے تعلق ہے ایک نسبت ہے اور پھر حضرت حوا علیہا السلام جب پیدا ہوئیں تو اللہ نے چاہا کہ آدم و حوا کے درمیان نسبت زوجیت قائم کر دی جائے ۔ حضرت حوا کو آدم علیہ السلام کی بیوی بنادیا جائے تو فرمایا تمہارا آپس میں نکاح کرتے ہیں ۔ نکاح ہوا تو آدم علیہ السلام نے عرض کیا باری تعالیٰ نکاح کے وقت حوا کو میں مہر کیا ادا کروں ؟ اللہ پاک نے فرمایا : تم دونوں مل کر محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم پر بیس مرتبہ درود پڑھ لو ۔ حضرت آدم علیہ السلام اور حوا علیہا السلام نے مل کر بیس مرتبہ درود پڑھا ۔ اس مہر سے عقد اور نکاح ہوا اور حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم پر درود و سلام کے نتیجے میں اس عقد سے ہم سارے پیدا ہوئے ۔ یہ ساری کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کے مہر کی اولاد ہے ۔ سب نبی ولی سب انسان اولاد ہیں اس نکاح کی جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام سے منعقد ہوا ۔ اگر ہم اولاد ہی درود و سلام والے نکاح کی ہوں تو اس درود و سلام سے دوری ہمیں زیب نہیں دیتی ۔ یہ آدم علیہ السلام کا نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سے تعلق ہے ۔ سمجھانا مقصود یہ ہے جن کے توسل سے آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہو ۔ ان کی پیدائش کا دن افضل الایام اور یوم العید ہو جائے اور جس دن نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی ولادت ہو ۔ اس دن کی عظمت اور افضلیت کا عالم کیا ہو گا ۔ اس لیے کل جمعوں اور کل افضل دنوں کی فضیلتیں یومِ میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی فضیلت پر قربان ہو جاتی ہیں ۔ آپ اس میلاد پاک کی خوشیاں منارہے ہیں ۔ اس میلاد کے جشن منارہے ہیں ۔ جمعہ چونکہ پیدائش آدم علیہ السلام کا دن ہے ۔ اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : فاکثروا عليه من الصلوة فی ۔ (القول البديع جلد 1 صفحہ 158، 159،چشتی)
ترجمہ : جمعہ کے دن مجھ پر کثرت سے درود و سلام پڑھا کرو ۔

پیدائش حضرت آدم علیہ السلام کی ہے اور درود و سلام مجھ پر کثرت سے پڑھا کرو ۔ اس لیے جب مجھ پر کثرت سے درود و سلام پڑھو گے ۔ اس سے میرا سینہ ٹھنڈا ہوگا بلکہ یہ ٹھنڈک آدم علیہ السلام تک جائے گی ۔ جن کا نکاح درود و سلام سے منعقد ہوا ۔ گویا کل نبیوں کے سینے ٹھنڈے ہو جائیں گے ۔ اب جمعہ کی الگ سے کوئی فضیلت نہ تھی ۔ اس کی فضیلت حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش کی نسبت سے بنی باقی فضیلتیں اس نسبت سے بعد میں ایڈ ہوئیں ۔ حضرت آدم علیہ السلام کے اس دن کو اللہ پاک جشن منوا رہا ہے ۔ اس دن منبر سجادیے جاتے ہیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا جمعہ کا دن ہو تو نہایا کرو ۔ یہ آدم علیہ السلام کے میلاد کا دن ہے ۔ جس کے پاس خوشبو ہے وہ خوشبو لگایا کرے اور سج دھج کے مسجدوں میں اس طرح آیا کرو ۔ پھر مسجد میں اجتماع ہو، منبر پر کھڑے ہو کر خطبے ہوں ۔ سب کاروبار ، معاش اور روزگار بند کردیے جائیں ساری کائنات میں اللہ رب العزت نے اپنے پیغمبر کی ولادت کا اہتمام کروایا ہے ۔ اس دن کے بارے میں فرمایا کہ اس دن بطور خاص جو مجھ پر درود و سلام پڑھتا ہے ۔ اس کا درود و سلام براہِ راست مجھ تک پہنچتا ہے ۔

یہاں ایک سوال ذہن میں آتا ہے کہ پھر درود و سلام پہنچانے کےلیے فرشتہ کیوں مقرر کر رکھا ہے ؟ وہ فرشتہ اس لیے مقرر نہیں کر رکھا کہ حضور تک پہنچتا نہیں ہے اور صرف اسی کے ذریعے پہنچ سکتا ہے نہیں بلکہ پہنچتا تو یہ براہِ راست ہے مگر بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کا ادب ہے کہ کوئی ادب کے ساتھ پیش کرے ۔ یہ اسی طرح مقرر کر رکھا ہے ۔ جس طرح رب تعالیٰ نے اپنے لیے دو فرشتے مقرر کر رکھے ہیں ۔ جیسے آپ کا ہر عمل اللہ تعالیٰ براہِ راست دیکھتا ہے مگر براہِ راست دیکھنے کے باوجود دو فرشتے مقرر کر رکھے ہیں جو نامہ اعمال اللہ تعالیٰ کو پہنچاتے ہیں اور پیش کرتے ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بارگاہ جب بڑی ہوتی ہے تو اس کے آداب دربار یہ ہوتے ہیں کہ ہرکارے پیش کرتے ہیں ۔

اسی طرح ساری کائنات کے درود و سلام آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم خود سنتے ہیں ۔ مگر ادبِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ ہے خدام پیش کریں ۔ اللہ نے جو قانون اپنے محبوب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کےلیے بنا رکھا ہے ۔ وہی قانون اپنے لیے بنا رکھا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کو بھی نامہ اعمال فرشتے پیش کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کو پیش کرنے کےلیے دو فرشتے ہیں ۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کو پیش کرنے کےلیے ایک ہے ۔ اب کیا کہیں گے اگر وہ دو فرشتوں کے پہنچانے کے باوجود وہ دیکھتا ہے تو اسی طرح ایک کے فرشتے کے پہنچانے کے باوجود مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم سنتے ہیں ۔ ان فرشتوں کے مقرر کرنے کا مطلب سننے نہ سننے سے نہیں بلکہ اس کا تعلق آدابِ بارگاہ سے ہے کہ کوئی ادب سے پیش کرے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے فرمایا : وما من احد يسلم علی الا رد الله علی روحي حتی ارد عليه السلام ۔ (سنن ابو داؤد جلد 2 صفحہ 175 حدیث 2041،چشتی)

مشرق سے مغرب تک اس کائنات میں کوئی شخص ایسا نہیں جو مجھ پر سلام پڑھے اور میں اس کا جواب نہ دوں ۔ فرمایا : جو شخص مجھ پر سلام پڑھتا ہے ۔ (الا رد اللہ علی روحی) اللہ نے میری روح مجھ میں واپس لوٹادی ہوئی ہے (حتی ارد علیہ السلام) حتی کہ میں اس کے سلام کا خود جواب دیتا ہوں ۔ حدیث صحیح سے ثابت ہوا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم ہر ایک کے سلام کا جواب دیتے ہیں ۔ اب کوئی سن لیتے ہیں کوئی نہیں سنتے ہیں ۔

حضرت عبدالرحمن جامی علیہ الرحمہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ میں 17 مرتبہ حاضر ہوئے اور آخری بار جب سلام عرض کرکے پلٹے تو اندر سے آواز آتی تھی خوش روی جامی باز آید خوش رہنا اور اگلی بار پھر آنا ۔ جب سترھویں بار حاضری دی سلام عرض کیا : جواب آیا جامی خوش رہنا حضرت جامی رو پڑے ۔ خدام نے عرض کیا : حضرت رو کیوں رہے ہیں ، کہنے لگے : یہ میری آخری حاضری تھی کیونکہ جب میں نے اگلی بار آنا ہوتا تھا ۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم فرماتے تھے کہ پھر آنا اب صرف خوش رہنا کی دعا کی ہے ۔ پلٹ کے آنا نہیں فرمایا پھر حضرت جامی گئے اور بعد میں وفات پا گئے ۔ ایسے لوگ بھی ہیں جو آج بھی ہیں اور قیامت تک ہوں گے کہ وہ نماز میں تشہد کے وقت جب نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ میں سلام عرض کرتے اور کہتے ’’السلام علیک ایھا النبی ورحمۃ اللہ وبرکاتہ‘‘ تو اللہ تعالیٰ کی عزت کی قسم ! سلام عرض کر کے اس وقت تک اگلا کلمہ نہیں پڑھتے تھے جب تک نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بارگاہ سے جواب نہیں آتا تھا ۔ یہ تو تعلق کی بات ہے ۔ اگر ہم نہ سن سکیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم نے جواب نہیں دیا ۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں انبیاء کرام علیہم السلام کے میلاد کا ذکر کیا ۔ میلاد کہتے ہیں ولادت کو اور جس دن نبی کی ولادت ہوئی وہ یوم میلاد ہے ۔ سورہ مریم کو پڑھیں حضرت یحییٰ علیہ السلام کےلیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا : وَسَلٰمٌ عَلَيْهِ يَوْمَ وُلِدَ وَيَوْمَ يَمُوْتُ وَيَوْمَ يُبْعَثُ حَيًّا ۔ (سورہ مريم ، 19: 15)
ترجمہ : اور یحییٰ پر سلام ہو ان کے میلاد کے دن اور ان کی وفات کے دن اور جس دن وہ زندہ اٹھائے جائیں گے ۔

مذکورہ آیت کریمہ کے مطابق اللہ تعالیٰ نے پیغمبر علیہالسلام کی ساری زندگی میں سے تین خاص دنوں کو سلامتی کےلیے چن لیا ۔ کیا ان تین دنوں کے علاوہ اللہ رب العزت اپنے نبی کی زندگی میں سلامتی نہیں بھیجتا ۔ وہ تو ہر روز بھیجتا ہے پھر جب پیغمبر کی زندگی کے ہر دن وہ سلامتی ، رحمت اور اپنی برکت بھیجتا ہے ۔ تو پھر ان تین دنوں کے انتخاب کا کیا مطلب ہوا ۔ مطلب یہ ہوا کہ اللہ رب العزت نے اعلان کر دیا ہے ۔ یوں تو پیغمبر کی زندگی کا ہر دن میری سلامتی کا دن ہے ۔ مگر ان سب دنوں میں خصوصیت کا دن ہے جس دن میرے پیغمبر کا میلاد ہوا ۔

اگر بعض لوگوں کے ذہن میں خیال آئے ۔ ولادت کا دن آپ کیوں مناتے ہیں ؟ کیونکہ Birthday تو انگریزوں نے بنا رکھا ہے ۔ لہٰذا اس کی کوئی اہمیت اسلام میں نہیں ہے ۔ اگر کسی کے ذہن میں نادانی اور کم علمی کے باعث یہ خیال آئے تو اسے دور کرلینا چاہیے کیونکہ پیدائش کے دن کی اہمیت تو اللہ عزوجل نے مقرر کی ہے ۔ جیسے مذکورہ آیت میں فرمایا گیا : سلام علیہ یوم ولد ‘‘ سلام ہوا میرا اس دن جس دن (یحییٰ علیہ السلام) کا میلاد ہوا ۔

پھر کوئی یہ کہے کہ چلو میلاد تو ثابت ہوا پھر آپ وفات کا دن بھی مناتے ہو ؟ اس کا بھی جواب یہ ہے کہ ہم کیا کریں اللہ تعالیٰ نے اس کی اہمیت بھی قرآن میں مقرر کردی ہے ۔ جیسے فرمایا : ’’یوم یموت‘‘ (اور اس دن بھی سلام ہو جس دن ان کی وفات ہوئی) ۔ گویا اللہ والوں کےلیے دو دن خاص ہو گئے ۔ ایک میلاد کا دن ایک وفات کا دن ۔ اب اسی سورہ مریم میں آگے سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے کلام ہیں ۔ آپ خود باری تعالیٰ کی بارگاہ میں عرض کرتے ہیں : وَالسَّلٰمُ عَلَيَ يَوْمَ وُلِدْتُّ وَيَوْمَ اَمُوْتُ وَيَوْمَ اُبْعَثُ حَيًّا ۔ (سورہ مريم ، 19: 33)
ترجمہ : اور مجھ پر سلام ہو میرے میلاد کے دن ، اور میری وفات کے دن، اور جس دن میں زندہ اٹھایا جاؤں گا ۔

فرمایا : سلام ہو مجھ پر جس دن میرا میلاد ہوا ۔ اللہ نے فرمایا سلام ہو یحییٰ پر جس دن اس کا میلاد ہوا ۔ گویا پیغمبر کے میلاد کے دن سلام پڑھنا ، اللہ عزوجل کی سنت ہو گئی کیونکہ اللہ تعالیٰ خود سلام بھیج رہا ہے ۔ (سلام علیہ یوم ولد) اور پھر اگلی آیت میں پیغمبر کے یوم میلاد پر سلام پڑھنا پیغمبر کی اپنی سنت بھی ہوئی کیونکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اپنے بارے میں فرمایا : السلام علی یوم ولدت سلام ہو مجھ پر جس دن میرا میلاد ہوا ۔ گویا میلاد کے دن نبیوں پر سلام پڑھنا خدا کی بھی سنت ہے ۔ انبیاء کی بھی سنت ہے ۔ جب دوسرے نبیوں کی بات تھی تو ان کے میلاد اور ولادت کا ذکر اللہ رب العزت نے صرف سلام سے کیا اور جب میلاد کے دن کی اپنے حبیب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کی بات آئی تو فرمایا : ان کی ولادت کے دن الصلوۃ والسلام پڑھتا ہوں۔ اپنے محبوب کی زندگی کا ہر دن یوم ولادت بنادیا ۔ یہ فرما کر کہ : اِنَّ ﷲَ وَمَلٰٓئِکَتَهُ يُصَلُّوْنَ عَلَی النَّبِیِّ ۔ (سورہ الاحزاب ، 33: 56)
ترجمہ : بے شک اللہ اور ا س کے (سب) فرشتے نبی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم) پر درود بھیجتے رہتے ہیں ۔

کیونکہ محبوب کا ہر دن یومِ میلاد ہے ۔ باری تعالیٰ نے دیگر انبیاء پر ان کی ولادت کے دن سلام پڑھا تھا جبکہ اپنے محبوب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم کے ولادت کے دن کی قسم اٹھاتا ہے ۔ فرمایا : لَآ اُقْسِمُ بِهٰذَا الْبَلَدِ ۔ وَ اَنْتَ حِلٌّم بِهٰذَا الْبَلَدِ ۔ وَوَالِدٍ وَّ مَا وَلَدَ ۔ (سورہ البلد ، 90: 1-3)
ترجمہ : میں اس شہر (مکہ) کی قَسم اٹھاتا ہوں ۔ اس لیے کہ آپ اس شہر میں تشریف فرما ہیں ۔ (اے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم آپ کے) والد (آدم یا ابراہیم) کی قَسم اور (ان کی) قَسم جن کی ولادت ہوئی ۔

میلاد کے سلسلے میں یہ تیسری آیت جس میں فرمایا : میں اس شہر مکہ کی قسم کھاتا ہوں ۔ باری تعالیٰ کیوں ؟ اس لیے کہ وَ اَنْتَ حِلٌّم بِہٰذَا الْبَلَدِ ۔ اے حبیب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم اس شہر مکہ کی قسم اس لیے اٹھاتا ہوں کہ آپ کی جائے سکونت ہے ۔ اس لیے تو قسم اٹھاتا ہوں ۔ دوسرا فرمایا : ما ولد ، کہ تیرا شہر سکونت ہی نہیں یہ تیرا شہر ولادت بھی ہے ۔ لہٰذا اس مکہ شہر کی قسم اٹھاتا ہوں ۔ دو نسبتوں سے تیرا شہر سکونت ہے اور تیرا شہر ولادت ہے ۔ شہر سکونت کی قسم اٹھا کر اگلی آیت میں اپنے حبیب کے نسب کی بھی قسم اٹھائی گئی اور فرمایا کہ دیگر انبیاء کی قسم اٹھائی جو اپنی کی ذات تک محدود تھی مگر اے حبیب قسم ہے ہر اس ولد کی جو آدم علیہ السلام سے اسماعیل تک تیرے آباٶ اجداد کی نسل میں آیا ۔ جس جس کی پشت میں تیرا نور منتقل ہوتا چلا گیا اور تیرے آباٶ اجداد میں جس جس کو بھی تیرے ساتھ نسبت اور ولدیت عطا ہوئی ۔ محبوب تیرے ساتھ اس نسبت رکھنے پر تیرے ہر والد کی قسم ۔ کسی نے کہا ولد سے مراد حضرت ابراہیم ہیں ۔ فقیر نے کہا کوئی اعتراض نہیں کسی نے کہا اس سے مراد حضرت آدم ہیں فقیر نے کہا اس میں کوئی اعتراض نہیں ۔ کوئی کہتا ہے اس سے مراد حضرت اسماعیل ہیں ۔ فقیر چشتی کہتا ہے اس میں بھی کوئی اعتراض نہیں ۔ کوئی کہتا ہے حضرت عبداللہ ہیں فقیر کہتا ہے اس میں بھی کوئی اعتراض نہیں ۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے جو تنوین کے ساتھ فرمایا وولد یہ تنوین دو فائدے دے رہی ہے ۔ تکریم کا بھی اور عموم بھی کہ محبوب تیرے آباٶ اجداد کا ہر فرد لائق تعظیم ہے ۔ یہ تنوین دوسرا فائدہ عموم کا دے رہی ہے کہ حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے حضرت آدم علیہ السلام تک سب کی قسم ! یعنی میرے محبوب کے والد کی قسم ۔ بتانا یہ مقصود ہے کہ وہ والد کسی اور کا نہیں وہ والد تو میرے محبوب کا ہی ہے ۔ خواہ حقیقی والد کرلیں خواہ دادا کرلیں خواہ پردادا کرلیں خواہ شکر دادا کرلیں 40 پشت اوپر کرلیں یا 70 پشت اوپر کرلیں پھر بھی کسی اور کے والد کی قسم نہیں ، قسم ہے تو والدِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہے ۔ کوئی اگر یہ کہے کہ اس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والد کا کہاں ذکر ہے ؟ تو فقیر کہتا ہے کہ اچھا چلو آپ بتادیں پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والد کی نہیں تو کس کے والد کی قسم اٹھائی جارہی ہے ۔ کیا اللہ تعالیٰ عام لوگوں کے والدوں کی قسم اٹھاتا پھرتا ہے ۔ وہ تو اپنے مکہ شہر کی بھی اپنے کعبہ کی وجہ سے قسم نہیں اٹھاتا ۔ اس نے کہا کہ میں شہر مکہ کی قسم اس لیے نہیں اٹھائی کہ میرا گھر ہے بلکہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر کی وجہ سے اٹھائی ہے ۔ فرمایا : حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس مکہ شہر میں دو گھر ہیں ۔ حرم آٶ تو میرا گھر ہے اور سارا جہاں میرے گھر کے طواف کےلیے آتا ہے ۔ جبکہ صحنِ کعبہ سے نکل کر سوقُ الیل میں آمنہ رضی اللہ عنہا کی گلی میں چلے جاٶ وہاں تیرا گھر ہے ۔ میرے محبوب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلّم میں نے مکہ کی قسم اٹھائی ہے ۔ گھر میرا بھی یہیں تھا مگر اپنے گھر کی وجہ سے نہیں بلکہ ’’وانت حل بھذا البلد‘‘ بلکہ اس لیے کہ تیرا گھر اس شہر میں ہے ۔ اب وہ شہر کی قسم تو اٹھا رہا ہے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر کی وجہ سے تو یہاں کس کے والد کی قسم اٹھا رہا ہے ۔ اب (نعوذ باللہ) اللہ کا اپنا والد تو ہے نہیں کیونکہ لم یلد ولم یولد ۔ (الاخلاص، 112: 3) ’’نہ اس سے کوئی پیدا ہوا اور نہ وہ پیدا کیا گیا ہے‘‘۔ نہ اس کا والد ہے نہ اس کی اولاد ہے ۔ نہ باپ نہ بیٹا لہٰذا اگر کوئی انکار کرے کہ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مراد نہیں ہیں تو پھر اس سے پوچھ لو کہ کس کے والد کی قسم ہے کیونکہ اگر قسم ہوتی سیدنا اسماعیل علیہ السلام کی تو سیدھا نام لے لیا جاتا کہ قسم ہے اسماعیل کی یا قسم ہے ابراہیم کی یا قسم ہے موسیٰ کی یا قسم ہے آدم کی ۔ اگر ان کی قسم ان کی وجہ سے ہوتی تو ان کا نام لیتے ان کا والد کیوں کہا جاتا اور والد کوئی ہوتا کیونکر ہے جس کا کوئی بیٹا ہی نہ ہو ۔ کوئی اس کو والد کہتا ہے ؟ والد کون بناتا ہے ۔ جیسے ماں باپ کی طرف سے بیٹا بنا۔ بیوی کی نسبت سے شوہر بنا ۔ بہنوں کی نسبت سے بھائی بنا ۔ پھوپھی کی وجہ سے بھتیجا کہلایا ۔ خالہ کی نسبت سے بھانجا کہلایا۔ اسی طرح باپ بیٹے کی وجہ سے کہلایا ۔ بیٹا ہوا تو والد ہوا ۔ ولد ہو تو والد ہوتا ہے لہذا کسی نبی کا نام لے کر نہیں فرمایا بلکہ فرمایا : ’’ووالد‘‘ اور قسم ہے کسی والد کی ۔

اب ہمیں تو عمر بھر والدِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے علاوہ کوئی اور نظر نہ آیا خواہ اس سے مراد حضرت ابراہیم علیہ السلام ہی کیوں نہ ہوں کیونکہ وہ والد تو مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہیں اور اس میں ایک اشارہ بھی ہے کہ جب ابراہیم علیہ السلام نے کعبہ تعمیر کر لیا ۔ جوں جوں دیواریں اونچی ہونے لگیں تو ایک پتھر اٹھا کر لے آئے اور اس پتھر پر کھڑے ہو گئے تو ساتھ ساتھ پتھر بھی اونچا ہوتا چلا گیا ۔ سیدنا اسماعیل علیہ السلام ساتھ ساتھ تعمیر کا سامان مہیا کرتے رہے جب کعبہ تعمیر ہو گیا تو جس پتھر پر کھڑے تھے وہاں آپ کے دونوں قدم اس کے سینے پر ثبت ہوگئے اور نقش ہو گئے ۔ اب اسی پتھر پر کھڑے تھے کعبہ کی تعمیر مکمل کرلی تھی تو بارگاہ الہٰی سے عرض کیا : رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا ط اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِيْعُ الْعَلِيْمُ ۔ (سورہ البقرة، 2: 127)
ترجمہ : کہ اے ہمارے رب ! تو ہم سے (یہ خدمت) قبول فرما لے، بے شک تو خوب سننے والا خوب جاننے والا ہے ۔

وَاِذْ يَرْفَعُ اِبْرٰهيمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَيْتِ وَاِسْمٰعِيْلُ ۔ (سورہ البقرة، 2: 127)
ترجمہ : اور (یاد کرو) جب ابراہیم اور اسماعیل (علیہما السلام) خانہ کعبہ کی بنیادیں اٹھا رہے تھے (تو دونوں دعا کر رہے تھے) ۔

ہم نے دیواریں کھڑی کرلی ہیں لہٰذا ہماری محنت اور مزدوری قبول فرما ۔ اور تجھ سے اور کچھ نہیں مانگتے بس ایک ہی اجرت مانگتے ہیں اور اس مزدوری میں وہ عطا کر دے ۔ پتھر پر کھڑے دعا کر رہے ہیں ۔ فرمایا : ابراہیم کیا مانگتے ہو ۔ عرض کی : رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَکَ وَمِنْ ذُرِّيَتِنَآ اُمَّةً مُّسْلِمَةً لَکَ ۔ (البقرة، 2: 128)
ترجمہ : اے ہمارے رب ! ہم دونوں کو اپنے حکم کے سامنے جھکنے والا بنا اور ہماری اولاد سے بھی ایک امت کو خاص اپنا تابع فرمان بنا ۔

باری تعالیٰ جو امت مسلمہ آنی ہے وہ ہماری نسل سے پیدا کر ۔ باری تعالیٰ نے فرمایا ٹھیک ہے ۔ اصل چاہتے کیا ہو ؟ پھر عرض کی : رَبَّنَا وَابْعَثْ فِيْهِمْ رَسُوْلًا مِّنْهُمْ يَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰيٰتِکَ وَيُعَلِّمُهُمُ الْکِتٰبَ وَالْحِکْمَةَ وَيُزَکِّيْهِمْ ط اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِيْزُ الْحَکِيْمُ ۔ (البقرة، 2: 129)
ترجمہ : اے ہمارے رب ! ان میں انہی میں سے (وہ آخری اور برگزیدہ) رسول (صلی اللہ وعلیہ وآلہ وسلم) مبعوث فرما جو ان پر تیری آیتیں تلاوت فرمائے اور انہیں کتاب اور حکمت کی تعلیم دے (کر دانائے راز بنا دے) اور ان (کے نفوس و قلوب) کو خوب پاک صاف کر دے، بے شک تو ہی غالب حکمت والا ہے ۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام نے عرض کی باری تعالیٰ تو اس کعبہ کی تعمیر پر کوئی اجرت یا مزدوری اگر دینا چاہتا ہے تو یہ مزدوری دے دے کہ مجھے اس محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا باپ بنادے اور میری نسل اور ذریت سے اس نبی آخرالزماں کو پیدا کر دے ۔ لہٰذا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کعبہ کی تعمیر کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا والد ہونا اجرت میں مانگا کہ مجھے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا والد کر دے ۔ (فقیر کو تو یہ لگتا ہے اور یہ بات کسی کی سمجھ میں آئی ہو یا نہ آئی ہو ۔ کسی نے ان دو نکتوں کو جوڑ کر لکھا ہو یا نہ لکھا ہو ۔ مگر فقیر چشتی کے فہم و ادراک اور معرفت میں یہی نقش ہے) کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے فرمایا کہ باری تعالیٰ تیرے کعبے کی مزدوری کی اگر کوئی اجرت بنتی ہے تو یہ دے دے کہ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا والد کر دے اور میری نسل میں محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو پیدا کر دے ۔ اللہ تعالیٰ نے قبول کر لیا اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی نسل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگئے ۔ جب پیدا ہو گئے تو یہ اس دعا کا جواب ہے کہ ’’ووالد و ما ولد‘‘ قسم ہے اس والد کی جو دعا مانگ کر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا والد بنا جو میرا کعبہ تعمیر کرکے اس تعمیر کعبہ پر اجرت مانگ کر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا والد بنا تھا ۔ لہذا والد کی قسم ولد کی وجہ سے ہی ہے ولد کہتے ہیں جس کا میلاد ہوا ۔ فرمایا اس والد کی قسم جس نے مزدوری میں والد ہونا مانگا اور اس محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی قسم جس کا میلاد ہوا اور اس نے ابراہیم علیہ السلام کو والد بنا دیا ۔ اس سے معلوم ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت سے والد کی قسم اٹھائی گئی ۔ آپ نے دیکھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلادِ پاک کا تذکرہ اللہ رب العزت نے کتنے حُسِین پیرائے میں کیا ۔ (مزید حصّہ نمبر 32 میں ان شاء اللہ) ۔ (طالبِ دعا و دعا گو ڈاکٹر فیض احمد چشتی)

No comments:

Post a Comment

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ

حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تاریخِ ولادت و وصال اور جنازہ محترم قارئینِ کرام : کچھ حضرات حضرت سیدہ فاطمة الزہرا رضی اللہ عنہا کے یو...